Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گوجرہ: صحت مند معاشرہ خوشحال پنجاب کے تحت تین روزہ ہیلتھ کیمپ کا آغاز

    گوجرہ: صحت مند معاشرہ خوشحال پنجاب کے تحت تین روزہ ہیلتھ کیمپ کا آغاز

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "صحت مند معاشرہ، خوشحال پنجاب” کے تحت معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ تحصیل ہیڈکوارٹر گوجرہ میں تین روزہ سکریننگ ہیلتھ کیمپ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بنیادی طبی سہولیات اور صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ کامران اشرف نے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور مریضوں سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر وسیم، ڈاکٹر شہزاد بخاری، نرسز، اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود تھے۔

    ایم ایس ڈاکٹر وسیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کے معائنے کے لیے کیمپ کا حصہ بنیں۔ کیمپ میں 9 بنیادی صحت خدمات، بشمول کلینیکل معائنہ، ہیمٹولوجیکل سکریننگ، پھیپھڑوں کی صحت، حاملہ خواتین کی ویکسی نیشن، اور بچوں کی صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

    یہ کیمپ 22 نومبر تک جاری رہے گا، جس کا مقصد عوام کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا اور بنیادی بیماریوں کی بروقت تشخیص کو یقینی بنانا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال کی کینٹین میں لوٹ مار، انتظامیہ خاموش، ادارے ناکام

    ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال کی کینٹین میں لوٹ مار، انتظامیہ خاموش، ادارے ناکام

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) ٹیچنگ ہسپتال کی کینٹین میں لوٹ مار، انتظامیہ خاموش، ادارے ناکام

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال میں کینٹین کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ کنٹین میں من مانے داموں پر مصنوعات اشیاء فروخت کی جارہی ہیں، کم معیار کی اشیا مہنگی قیمتوں پر بیچ رہی ہے اور مختلف برانڈز کی نقل کر کے عوام کو دھوکہ دیاجارہاہے۔ اس سب کے باوجود مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اس مسئلے پر خاموش ہیں، جس کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

    کینٹین کے ٹھیکے میں ایک حصہ دار نے خود کو محفوظ سمجھتے ہوئے کہا کہ "میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا” اور یہ دعوی کیا کہ اس نے تمام متعلقہ افراد کو راضی کر لیا ہے۔ اس نے میڈیا کو کنٹرول کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کاروبار کو تحفظ دینے کے لیے ایک بڑے میڈیا گروپ کو جائن کیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ حکومتی اداروں کی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر بدعنوانیوں کو بلا روک ٹوک جاری رکھے ہوئے ہے۔

    یہ خبر بھی پڑھیں

    ڈیرہ غازیخان:ٹیچنگ ہسپتال میں آپریشن کے بعد انفیکشنزمیں خطرناک اضافہ،مریض مرنے لگے
    ڈیرہ غازی خان: ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش
    ڈیرہ غازیخان: ٹیچنگ ہسپتال میں سروس ڈیلوری کا بحران، مریض شدید مشکلات کا شکار
    ڈیرہ غازی خان: ہسپتال کا عملہ معصوم ہے، شکایات کیسی؟۔ ایم ایس / کیا پورا شہر جھوٹا ہے؟۔ مہر فدا
    ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال میں ملنے والے کٹے سر کا معمہ حل نہ ہوسکا، سیکیورٹی اہلکار کہاں لے گئے؟

    ٹیچنگ ہسپتال کی کینٹین کا ٹھیکہ ایک ایسی کمپنی کو دیا گیا ہے جس کے خلاف مختلف شکایات سامنے آ چکی ہیں۔ کمپنی نے کینٹین میں ایسی اشیا فراہم کرنا شروع کی ہیں جو مارکیٹ میں دستیاب معیاری اشیا کے مقابلے میں نہ صرف کم معیار کی ہیں بلکہ ان کی قیمتیں بھی بہت زیادہ ہیں۔ مثال کے طور پر 20 روپے کا بسکٹ 40 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے اور 80 سے 100 روپے تک کی بوتلیں مارکیٹ ریٹ سے مہنگی فروخت کی جا رہی ہیں۔ہسپتال کنٹین کے ٹھیکیدار نے کم معیار کی اشیا بیچنے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ مختلف برانڈز کی نقل کر کے انہیں اصلی بنا کر فروخت کیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ میں موجود اصلی برانڈز کی جگہ مقامی طور پر تیار شدہ غیر معیاری مصنوعات بیچنے کا عمل جاری ہے، جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    اس تمام صورتحال پر ہسپتال کی انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور اس مسئلے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ مقامی حکام جیسے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی اس معاملے پر کچھ نہیں کر رہے۔ ان اداروں نے اپنے دفاتر تک محدود رہتے ہوئے اس مسئلے پر توجہ نہیں دی جبکہ عوام اس لوٹ مار کا شکار ہو کر سخت پریشانی میں ہیں۔

    عوام کامطالبہ ہے کہ بتایا جائے کہ ہسپتال کی کینٹین کا ٹھیکہ کس کمپنی کو دیا گیا ہے اور اس کمپنی کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟ہسپتال کی انتظامیہ نے اس غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے کیا ردعمل ظاہر کیا ہے؟پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اس مسئلے پر کیا اقدامات کر رہے ہیں؟

    عوام نے اس سلسلے میں کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سے فوری کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کینٹین میں اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، معیار کو بہتر بنایا جائے اور صفائی ستھرائی کے حالات میں بھی بہتری لائی جائے۔

  • اوچ شریف: سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

    اوچ شریف: سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

    اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگار، حبیب خان) پیٹرولنگ پولیس کی بروقت کارروائی، سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری گرفتار

    تفصیل کے مطابق پیٹرولنگ پولیس پنجند چوکی نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزم نعمان اشرف کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی اے ایس آئی ملک عاصم ریاض کی قیادت میں انجام دی گئی، جس میں ملزم کو ناکہ بندی کے دوران حراست میں لیا گیا۔

    ملزم نعمان اشرف کئی سنگین مقدمات میں قانون کو مطلوب تھا اور طویل عرصے سے فرار تھا۔ پیٹرولنگ پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور بالآخر ناکہ بندی کے دوران اسے گرفتار کر لیا۔

    اس کامیابی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے ایس آئی ملک عاصم ریاض نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

    علاقے کے عوام اور پولیس افسران نے پیٹرولنگ پولیس کی اس کامیابی کو سراہا اور امن و امان کی بہتری کے لیے ان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

  • اوچ شریف: انڈسٹریز میں فائر سیفٹی بہتر بنانے کے لیے ریسکیو ٹیم کی حاجی ایوب عاربی سے ملاقات

    اوچ شریف: انڈسٹریز میں فائر سیفٹی بہتر بنانے کے لیے ریسکیو ٹیم کی حاجی ایوب عاربی سے ملاقات

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین کی ہدایت پر ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد رفیق کی نگرانی میں ریسکیو ٹیم نے حاجی فیض انڈسٹری اور عاربی پیٹرولیم سروسز کے چیئرمین حاجی محمد ایوب عاربی سے ایک اہم ملاقات کی۔

    ریسکیو اسٹاف ممبر محمد قاسم (LFR) اور ٹیم نے انڈسٹریز میں فائر سیفٹی اور حفاظتی تدابیر پر تفصیلی گفتگو کی۔ فائر سیفٹی کے بنیادی اصول، ایمرجنسی رسپانس، اور حادثات سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے انڈسٹریز میں ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی حکمت عملی شیئر کی، اور فوری ردعمل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

    چیئرمین حاجی محمد ایوب عاربی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریز میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کی تربیت نہایت اہم ہے۔ اس سے نہ صرف حادثات کی روک تھام ممکن ہو گی بلکہ ملازمین میں حفاظتی شعور بھی اجاگر ہو گا۔

    ریسکیو ٹیم نے یقین دہانی کرائی کہ انڈسٹریز میں فائر سیفٹی کے مکمل سروے کیے جائیں گے اور حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹریننگ سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ حاجی ایوب عاربی نے مکمل تعاون کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیت انڈسٹریز کے حفاظتی معیار کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔

    یہ اقدام انڈسٹریز کی سطح پر حفاظتی تدابیر کو مضبوط بنانے اور ایمرجنسی حالات میں مؤثر ردعمل کی تیاری کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

  • اوچ شریف: سہ روزہ مفت صحت کیمپ میں طبی معائنے اور سہولیات کی فراہمی جاری

    اوچ شریف: سہ روزہ مفت صحت کیمپ میں طبی معائنے اور سہولیات کی فراہمی جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) حکومت پنجاب کی جانب سے صحت کے فروغ کے لیے آر ایچ سی ہسپتال اوچ شریف میں 20 سے 22 نومبر تک سہ روزہ مفت صحت کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کیمپ کے تحت شہریوں کو مفت طبی معائنہ، تشخیصی ٹیسٹ، اور ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

    مریضوں کے لیے مفت ہیپاٹائٹس، شوگر، اور ملیریا کی اسکریننگ۔حاملہ خواتین اور بچوں کی مفت ویکسینیشن۔چھوٹے بچوں، خواتین، اور بڑوں کا مفت طبی معائنہ۔

    ایم ایس آر ایچ سی ڈاکٹر رانا ارشد کے مطابق، کیمپ کے پہلے روز 259 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ اسکریننگ کے دوران 3 مریض ہیپاٹائٹس بی، 22 ہیپاٹائٹس سی، اور 13 ملیریا کے کیسز مثبت پائے گئے، جب کہ 13 مریضوں کے پی سی آر سیمپل مزید تشخیص کے لیے بھجوائے گئے ہیں۔

    ڈاکٹر رانا ارشد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کیمپ میں بروقت شرکت کر کے اپنی صحت کا معائنہ کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں تمام طبی عملہ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک موجود رہے گا تاکہ شہری ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایات پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ میں 22 نومبر تک جاری رہنے والا مفت صحت کیمپ عوامی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اس انقلابی اقدام کا مقصد بیماریوں کی بروقت تشخیص اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔

    میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر عارف غوری نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ایک نادر موقع ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کیمپ میں آ کر اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کا مفت معائنہ کروائیں تاکہ بہتر صحت کی سہولیات سے استفادہ کر سکیں

  • اوکاڑہ: پروبیشن آفیسر خاور وحید کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار کا انعقاد

    اوکاڑہ: پروبیشن آفیسر خاور وحید کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار کا انعقاد

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) پروبیشن آفیسر ضلع اوکاڑہ خاور وحید کی زیر نگرانی ای لائبریری اوکاڑہ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد معاشرتی اصلاح اور پروبیشنرز کی فلاح و بہبود کے لیے شعور اجاگر کرنا تھا۔

    محمد شفیق، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اوکاڑہ، نے ووٹر ایجوکیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہری الیکشن کے دن ووٹ ڈال کر اپنے قومی فریضے کی انجام دہی یقینی بنائیں۔ انہوں نے خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے پر زور دیتے ہوئے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

    میڈم انساءاکرم، کلینیکل سائیکالوجسٹ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، نے پروبیشنرز کے ذہنی صحت کے مسائل اور غصہ کنٹرول کرنے کی تکنیکوں پر جامع گفتگو کی۔

    پروبیشن آفیسر خاور وحید نے سیمینار کے اختتام پر کہا کہ پروبیشنرز کی اصلاح اور معاشرے کی بہتری کے لیے ایسے پروگرامز کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ ایک پرامن اور بہتر سماج تشکیل دیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: خواتین انٹرپرینیورز کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک کا سیمینار،سیدہ نوشین گیلانی کی شرکت

    سیالکوٹ: خواتین انٹرپرینیورز کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک کا سیمینار،سیدہ نوشین گیلانی کی شرکت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین گیلانی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سیالکوٹ میں منعقدہ "خواتین کا کاروباری دن” کے سیمینار میں شرکت کی۔ تقریب میں ویمن چیمبر سیالکوٹ، سیالکوٹ چیمبر، بزنس فسیلیٹیشن سینٹر، یونیورسٹیز، کمرشل بینکوں، اور کاروباری خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    سیدہ نوشین گیلانی نے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ قرضے لینے والوں میں خواتین انٹرپرینیورز کا حصہ محض 10 فیصد ہے، جب کہ بینک اکاؤنٹس میں ان کی شمولیت 26 فیصد تک محدود ہے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کی خواتین کے لیے مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کو سراہا۔

    اسسٹنٹ چیف مینیجر نے ویمن انٹرپرینیورز کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اختراع، معاشی ترقی، اور سماجی تبدیلی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ خواتین کو فنانس، مارکیٹ تک رسائی، اور رہنمائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن ان مشکلات کے باوجود پاکستانی خواتین نے زراعت، ٹیکنالوجی، اور مینوفیکچرنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    اسٹیٹ بینک نے 24 برانچوں کے ذریعے 50 سے زائد سیشنز کا انعقاد کیا، جس میں 1500 سے زائد کاروباری خواتین کو فنانسنگ مواقع کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مالیاتی اداروں کو اختراعی اور شمولیتی حکمت عملی اپنانے کی ترغیب دی گئی، اور یو این ویمن اور یو ایس ایڈ جیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

    تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین انٹرپرینیورز اور بینکوں کو ایوارڈز پیش کیے گئے۔ گورنر نے کہا کہ یہ خواتین آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ بنیں گی اور اسٹیٹ بینک شمولیتی مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جو خواتین کو مزید بااختیار بنائے گا۔

  • سیالکوٹ: تیز رفتار کارالٹ گئی، تین افراد شدید زخمی

    سیالکوٹ: تیز رفتار کارالٹ گئی، تین افراد شدید زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کوٹلی سید امیر کے علاقے سیدپور روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کارالٹ گئی،اس حادثے میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہنڈا سٹی کار (LEA-3240) کوبے چک کی جانب سے آ رہی تھی کہ پنجاب کالج کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ ذیشان ولد ملک غلام، 17 سالہ ابراہیم ولد بلال، اور 21 سالہ حیدر ولد شوکت شامل ہیں، جو آپس میں قریبی دوست تھے۔

    ریسکیو 1122 نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں علامہ اقبال میموریل اسپتال سیالکوٹ منتقل کر دیا۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: کم اجرت دینے والے اداروں کے خلاف لیبر ڈیپارٹمنٹ متحرک

    ڈیرہ غازی خان: کم اجرت دینے والے اداروں کے خلاف لیبر ڈیپارٹمنٹ متحرک

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نامہ نگار شہزاد خان) لیبر ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ غازی خان نے کم اجرت دینے والے پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں، کاٹن فیکٹریز، فلور ملز اور دیگر اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    لیبر آفیسر محمد عقیل نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور حکومت کے ویژن کے مطابق تمام ورکرز کی کم از کم اجرت کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے موجودہ حالات میں غریب ورکروں اور سیکیورٹی گارڈز کی اجرت کے تحفظ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صنعتی ادارے، فلور ملز، کاٹن فیکٹریز، پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیاں، دکانیں، بھٹہ مالکان اور رائس ملز مالکان اپنے ورکرز کو 8 گھنٹے کی ڈیوٹی پر پابند رکھیں اور کم از کم ماہانہ اجرت 37 ہزار روپے ادا کریں۔

    اگر کوئی ادارہ یا کمپنی کم اجرت دیتے ہوئے پکڑی گئی تو ان کے خلاف فیکٹری شاپ ایکٹ کے تحت چالان کیا جائے گا۔ لیبر آفیسر نے تمام صنعتی اور تجارتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ادارے بروقت لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ کرائیں۔

    یہ اقدام غریب ورکرز کے معاشی تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کے حقوق کی فراہمی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: سول لائن پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن

    ڈیرہ غازی خان: سول لائن پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نامہ نگارشہزاد خان) سول لائن پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے اپنے اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ حساس مقامات پر سفید لباس میں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ منشیات فروشوں اور قبحہ خانوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

    ایس ایچ او تھانہ سول لائن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تمام کارروائیاں ڈی پی او سید علی کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے کچہری روڈ اور ٹیچنگ اسپتال جیسے حساس مقامات پر سفید لباس میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔

    ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ علاقے میں منشیات فروشوں اور قبحہ خانوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے بلکہ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا بھی ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ایسے افراد جو معصوم شہریوں کا نقصان کرتے ہیں، انہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی۔ سول لائن پولیس عوام کی حفاظت اور امن و امان کی بحالی کے لیے دن رات سرگرم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

    عوام نے پولیس کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کارروائیوں سے علاقے میں جرائم کی شرح میں کمی آئے گی اور شہری محفوظ ماحول میں اپنی زندگی بسر کر سکیں گے۔