Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • احمد پور شرقیہ: ہمسایوں کی زیادتیوں سے بزرگ اخبار فروش اور بیٹی کی زندگی اجیرن

    احمد پور شرقیہ: ہمسایوں کی زیادتیوں سے بزرگ اخبار فروش اور بیٹی کی زندگی اجیرن

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )احمد پور شرقیہ میں ہمسایوں کی زیادتیوں سے بزرگ اخبار فروش اور بیٹی کی زندگی اجیرن

    تفصیل کے مطابق احمدپور شرقیہ میں چالیس سال سے عوام کی بے لوث خدمت کرنے والے بزرگ اخبار فروش حسین علی اور ان کی حافظہ عالمہ بیٹی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ملحقہ ہمسایوں کی جانب سے آئے دن تنگی اور چادر چار دیواری کی پامالی کے باعث وہ انصاف کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

    حسین علی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے السعودیہ پمپ کے پیچھے کالونی میں پلاٹ خرید کر مکان بنایا ہے جہاں وہ اپنی بیٹی اور ذہنی طور پر مفلوج بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ تاہم ہمسایوں کی جانب سے ان کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ جب پولیس ہیلپ لائن پر کال کی جاتی ہے تو وہ کوئی کارروائی کیے بغیر واپس چلی جاتی ہے اور کہتی ہے کہ سماجی شخصیت کرن زاہد انصاری نے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    حسین علی نے بتایا کہ گزشتہ روز ان کے گھر کا دروازہ کھٹکا کر مرد و خواتین نے انہیں اور ان کی بیٹی کو تھپڑ اور مکوں کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، جس کے نتیجے میں ان کی بیٹی کے دونوں بازو چھلنی ہو گئے۔ دونوں طرف سے پولیس کو مدد کے لئے کال کی گئی لیکن کرن زاہد انصاری کی مداخلت پر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

    بزرگ اخبار فروش حسین علی نے وزیر اعلی پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور اسد سرفراز سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور اخبار نویسوں سے درخواست کی ہے کہ ان کی آواز ایوانوں تک پہنچائیں تاکہ وہ سکون سے اپنی باقی زندگی گزار سکیں۔

  • گوجرہ: مسجد علی المرتضیٰ کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب ہوئی

    گوجرہ: مسجد علی المرتضیٰ کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب ہوئی

    گوجرہ (باغی ٹی وی نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) مرکزی جمعیت اہلحدیث تحصیل گوجرہ کے سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالقادر عثمان، امیر حافظ محمد اسلم جٹ، ناظم اعلیٰ میاں محمد افضل اور اہلحدیث یوتھ فورس تحصیل گوجرہ کے صدر حافظ عمران شاکر نے کہا ہے کہ مسجدیں تعمیر کرنا ایک بڑی سعادت ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے مساجد کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات چک نمبر 349 ج ب میں نئی مسجد علی المرتضیٰ ؓ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    مقررین نے کہا کہ مساجد کی تعمیر کے ذریعے اللہ کے گھروں کو آباد کرنا بہت بڑا اجر ہے۔ تمام مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس نیک کام میں حصہ لیں تاکہ مسجد کی تعمیر مکمل ہو سکے۔ اس موقع پر قاری محمد ذکریا، قاری محمد افضل، محمد سعید، محمد شفیق، مولانا عدنان افضل، مولانا کاشف سعید، مولانا ارشد ظہیر، اور چوہدری غلام رسول گجر بھی موجود تھے۔

    مقررین نے مزید کہا کہ جب انسان خلوص اور سچائی کے ساتھ، نیکی کی بنیاد پر کوئی کام کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈال دیتے ہیں اور اس کے کام میں مدد کرتے ہیں۔ اخلاص کے ساتھ کیے گئے کام دیر پا معاشرتی اثرات رکھتے ہیں اور یہی کام حقیقی طور پر کامیاب ہوتے ہیں۔

  • رحیم یار خان: کچے میں پولیس آپریشن، 2 مغوی بازیاب، خطرناک ڈاکو ہلاک

    رحیم یار خان: کچے میں پولیس آپریشن، 2 مغوی بازیاب، خطرناک ڈاکو ہلاک

    رحیم یار خان(باغی ٹی وی رپورٹ) کچے میں پولیس آپریشن، 2 مغوی بازیاب، خطرناک ڈاکو ہلاک

    تفصیل کے مطابق رحیم یار خان پولیس نے کچے کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران دو ماہ سے مغوی دو شہریوں آصف اور بلال کو بازیاب کروا لیا جبکہ خطرناک ڈاکو نادر کوش کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق دونوں مغویان کو 26 ستمبر کو ہنی ٹریپ کے ذریعے صادق آباد سے اغوا کیا گیا تھا، اور پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران انہیں بازیاب کر لیا۔

    ہلاک ڈاکو کی شناخت نادر کوش کے نام سے ہوئی جو اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملے اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ نادر کوش پولیس کی طرف سے مطلوب تھا اور بھونگ میں پولیس کانسٹیبل اکبر گوپانگ کی شہادت اور سب انسپکٹر رانا رمضان پر حملے کا بھی مرکزی ملزم تھا۔

    پولیس کے مطابق آپریشن سندھ کے موضع پکا چانڈیہ سے متصل سرحدی علاقے میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ پولیس کے چھاپے کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس کی کارروائی میں نادر کوش اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ اس کے ساتھی فصل کماد میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    پولیس نے دونوں مغویان آصف اور بلال کو کماد کے کھیت سے محبوس حالت میں بازیاب کیا، جہاں ڈاکوؤں نے انہیں ہاتھ پاؤں باندھ کر رکھا تھا۔ اس کامیاب آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کچے میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

  • اٹک: بلال فارمیسی کی فوارہ چوک پر نئی برانچ کا افتتاح

    اٹک: بلال فارمیسی کی فوارہ چوک پر نئی برانچ کا افتتاح

    اٹک (باغی ٹی وی رپورٹ)اٹک میں بلال فارمیسی کی نئی برانچ فوارہ چوک پر کھولی گئی، جس کی افتتاحی تقریب میں مرکزی جامع مسجد کے خطیب مفتی مسعود صاحب نے خصوصی دعائیہ کلمات ادا کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ رزق حلال عین عبادت ہے اور سچا و ایماندار تاجر دنیا و آخرت میں کامیاب ہوتا ہے۔ مفتی مسعود نے مزید کہا کہ اگر تاجر یہ نیت کرے کہ وہ رزق حلال کمائے گا اور اس کے ذریعے اللہ کی مخلوق کی خدمت کرے گا، تو یہ ایک دینی عمل بن جاتا ہے۔

    اس موقع پر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر شیخ محمد عدنان صدیقی، شیخ بابر صدیقی، شیخ محمد بلال صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ محمد عدنان صدیقی نے کہا کہ بلال فارمیسی کی نئی برانچ عوام کے اعتماد پر پوری اترے گی اور یہاں ادویات، سرجیکل آئٹمز اور معیاری کاسمیٹکس کی مکمل ورائٹی دستیاب ہوگی۔

    افتتاحی تقریب میں اٹک کے عوامی و سماجی حلقوں اور کیمسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی رہنماؤں نے صدیقی برادران کو بلال فارمیسی کی نئی برانچ کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔

  • سیالکوٹ :ڈپٹی کمشنر کا گورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی سکول میں سولر سسٹم کا افتتاح

    سیالکوٹ :ڈپٹی کمشنر کا گورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی سکول میں سولر سسٹم کا افتتاح

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیٍف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر کا گورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی سکول میں سولر سسٹم کا افتتاح،طالبات میں تدریسی سامان کی تقسیم

    سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے گورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی سکول میں 8 میگاواٹ کے سولر پینل سسٹم کا افتتاح کیا اور طالبات میں اسکول یونیفارم، جوتے، اور تدریسی سامان تقسیم کیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں طالبات کی جانب سے تلاوت، نعت، ملی نغمے، اور ٹیبلو پیش کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے طالبات اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں اور صبر و نظم و ضبط کے ساتھ کامیابی کی راہ ہموار کریں۔

    انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دیں تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ تقریب میں سکول کونسل کی جانب سے لگائے گئے سولر سسٹم کی افادیت کو بھی اجاگر کیا گیا، جو تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    تقریب کے اختتام پر 75 طالبات کو یونیفارم، جوتے اور دیگر تدریسی سامان فراہم کیا گیا، جس پر طالبات اور والدین نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

  • سیالکوٹ: 4 سالہ بچے پر مقدمے کا جھوٹ بے نقاب، قبضہ مافیا کی چال ناکام

    سیالکوٹ: 4 سالہ بچے پر مقدمے کا جھوٹ بے نقاب، قبضہ مافیا کی چال ناکام

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) 4 سالہ بچے پر مقدمے کا جھوٹ بے نقاب، قبضہ مافیا کی چال ناکام،پولیس کے خلاف سازش کرنے والوں کی حقیقت سامنے آگئی، باغی ٹی وی نے ویڈیو کے ذریعے مقدمے کی اصل حقیقت بے نقاب کردی

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کے تھانہ صدر کے علاقے رتہ آرائیاں میں درج مقدمے کی حقیقت سامنے آگئی، جہاں 4 سالہ بچے پر مقدمے کا ڈرامہ مخالفین کی جانب سے پولیس کے خلاف سازش ثابت ہوا۔

    باغی ٹی وی نے واقعے کی اصل ویڈیو حاصل کرلی، جس میں واضح طور پر 50 سالہ ملزم عبدالرحمن عرف بھولا کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پلاٹ پر قبضے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    قبضہ مافیا نے پولیس کو بدنام کرنے کے لیے 4 سالہ بچے عبدالرحمن کو عدالت میں پیش کرکے یہ تاثر دیا کہ پولیس نے کم عمر بچے پر مقدمہ درج کیا ہے۔ اس واقعے کو سوشل میڈیا پر وائرل کرکے منفی پروپیگنڈا کیا گیا، تاہم باغی ٹی وی کی تحقیق سے یہ سازش بے نقاب ہوگئی۔

    پولیس کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے والے عناصر کی کوششیں ناکام ہو گئیں، اور مقدمے کی حقیقت سامنے آ گئی۔

  • لنڈی کوتل:طورخم مزدوروں کا احتجاج، پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

    لنڈی کوتل:طورخم مزدوروں کا احتجاج، پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)طورخم مزدوروں کا احتجاج، پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

    لنڈی کوتل بازار کے باچا خان چوک میں طورخم بارڈر کے مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سیاسی رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوں، تاجروں اور مزدوروں کے مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے طورخم بارڈر پر مزدوروں پر عائد پابندیاں ختم کرنے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے بچوں کے لیے حلال روزگار کما سکیں۔

    احتجاج میں جمعیت علمائے اسلام کے مفتی محمد اعجاز شینواری، تحصیل کونسل کے ڈپٹی چیئرمین ولی محمد شینواری، چیئرمین عبدالرؤف شینواری اور مزدور رہنماؤں حضرت سلام شینواری، فرمان شینواری، اشرف گل تڑون، مولانا رحمت اللہ ناصح، قاری جہاد شاہ آفریدی سمیت عوامی نیشنل پارٹی کے عبدالجبار آفریدی اور دیگر قائدین نے بھی شرکت کی۔

    مظاہرین نے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ طورخم بارڈر پر مزدوروں کے مسائل حل کیے جائیں تاکہ ان کی معاشی مشکلات کم ہو سکیں۔

  • لنڈی کوتل: چیف کلکٹر کا دورہ طورخم، تجارتی مسائل پر بات چیت

    لنڈی کوتل: چیف کلکٹر کا دورہ طورخم، تجارتی مسائل پر بات چیت

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)چیف کلکٹر خیبر پختونخوا اپریزمنٹ خواجہ خرم نعیم نے طورخم بارڈر کے کسٹم اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔

    طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حاجی مجیب شینواری، ٹرانسپورٹ یونین کے صدر حاجی عظیم اللہ شینواری، سابق صدر اور سینئر کسٹم ایجنٹ حاجی ایمل شینواری سمیت دیگر نمایاں افراد نے ملاقات میں حصہ لیا۔

    ملاقات کے دوران بارڈر پر گیٹ ان اور گیٹ آؤٹ کی موجودہ صورتحال، گاڑیوں کی کلیئرنس کے معاملات اور کسٹم ایجنٹس کو پیش آنے والے چیلنجز پر گفتگو کی گئی۔ چیف کلکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی اور کسٹم حکام عملی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ بارڈر پر تجارت کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

    کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس نے چیف کلکٹر کے دورے کو سراہتے ہوئے ان کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ تجارت کی بہتری اور مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔

  • اوچ شریف: موٹروے ریسٹ ایریا میں فائرنگ، ٹرک ڈرائیور قتل، مسافر زخمی

    اوچ شریف: موٹروے ریسٹ ایریا میں فائرنگ، ٹرک ڈرائیور قتل، مسافر زخمی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) موٹروے ریسٹ ایریا میں فائرنگ، ٹرک ڈرائیور قتل، مسافر زخمی

    اوچ شریف کے جھانگڑا ریسٹ ایریا میں ذاتی دشمنی کی بنا پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مسافر ٹرک ڈرائیور محمد عمران کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، جبکہ اس کے ساتھ بیٹھا ایک دوسرا شخص شدید زخمی ہوگیا۔ٹرک ڈرائیور ملتان سے سامان لے کر کراچی جا رہاتھا

    پولیس کے مطابق 36 سالہ محمد عمران جو میانوالی کا رہائشی تھا اپنے ساتھی کے ساتھ جھانگڑا ریسٹ ایریا میں آرام کے لیے رکا ہوا تھا۔ اسی دوران ایک حملہ آور نے ذاتی دشمنی کی بنا پر ٹرک ڈرائیور محمد عمران پرفائرنگ کر دی اور ساتھ بیٹھے ایک اور مسافر کو بھی گولی لگ گئی ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ساتھ والا مسافر زخمی تھا جسے FWOنے ریسکیو کے پہنچنے سے پہلے ہی آر ایچ سی اوچ شریف لے گئی موٹروے پولیس موقع پر موجود ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور مقامی تھانے کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ شواہد اکٹھے کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق قتل کی وجہ ذاتی دشمنی ہے، تاہم مزید حقائق تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔

  • دراہمہ:مبینہ پولیس مقابلہ،سنگین جرائم میں مطلوب ڈاکو شفیع کمہارہلاک

    دراہمہ:مبینہ پولیس مقابلہ،سنگین جرائم میں مطلوب ڈاکو شفیع کمہارہلاک

    دراہمہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدعلی بروہی) پولیس مقابلے میں سنگین جرائم میں مطلوب ڈاکو ہلاک، شہری کے قاتل کا خاتمہ

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ دراہمہ کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا جو کئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت محمد زبیر ولد شفیع محمد کمہار سکنہ کوٹھہ میر شاہ صدر دینے نام سے ہوئی۔

    پولیس کے مطابق 12 نومبر کو یہ ڈاکو دوران واردات مزاحمت پر ایک معصوم شہری کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے جرم میں ملوث تھا۔ اس کے خلاف قتل، ڈکیتی، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج تھے۔

    ڈیرہ غازیخان پولیس کی پریس ریلیز کے مطابق تھانہ دراہمہ پولیس معمول کے گشت اور انسدادِ جرائم کے لیے ٹھیڑی روڈ پر موجود تھی جب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد نے اچانک پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی، جس کے دوران ایک ڈاکو شدید زخمی ہوگیا۔

    زخمی ڈاکو کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور ہنڈا CG125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جو چند روز قبل تھانہ دراہمہ کی حدود سے چھینی گئی تھی۔ زخمی ڈاکو نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والا ڈاکو محمد زبیر خطرناک جرائم پیشہ تھا اور مقدمہ نمبر 1010/24 کے تحت قتل (دفعہ 302)، ڈکیتی (دفعہ 397) اور اقدامِ قتل (دفعہ 324) جیسے مقدمات میں مطلوب تھا۔ یہ ڈاکو عوام کے لیے خوف کی علامت بنا ہوا تھا اور مختلف وارداتوں میں ملوث رہا تھا۔

    ڈیرہ غازی خان پولیس نے اس کارروائی کو انسدادِ جرائم کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان قائم رکھنا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ موقع سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔