Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سکھر :پولیس کی کارروائیاں، قتل، شراب فروشی اور اشتہاری ملزمان گرفتار

    سکھر :پولیس کی کارروائیاں، قتل، شراب فروشی اور اشتہاری ملزمان گرفتار

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ کے احکامات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں۔

    ضلع خیرپور کے تھانہ شہید مرتضیٰ میرانی کی حدود میں قتل کے مقدمہ نمبر 368/2024 میں مطلوب مرکزی ملزم رجب علی جلبانی کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس پر شکیل احمد، حاتم، اور غلام اکبر کاندڑو کے قتل کا الزام تھا۔

    ایک اور کارروائی میں تھانہ فیض گنج کی حدود سے قتل کے مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم رسول بخش چانگ کو آلہ قتل (پستول) سمیت گرفتار کر لیا گیا، جبکہ تفتیش جاری ہے۔

    ضلع سکھر کے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں سنیپ چیکنگ کے دوران ملزم اقرار چوہان کو گرفتار کرتے ہوئے شراب کے 264 بوتلوں پر مشتمل 9 کارٹنز برآمد کیے گئے۔ ملزم کے خلاف 3/4 PEHO کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ضلع گھوٹکی کے تھانہ یارو لونڈ کی حدود میں اقدام قتل کے مقدمات 18/2022 اور 11/2023 میں مطلوب اشتہاری ملزم اللہ ورایو بوزدار کو بھی گرفتار کیا گیا۔

    ڈی آئی جی سکھر نے ان کامیاب کارروائیوں میں حصہ لینے والی پولیس ٹیموں کے لیے سی سی سیکنڈ سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

  • میہڑ: امام بارگاہ سے تشدد شدہ لاش برآمد، ایک بے ہوش زخمی ہسپتال منتقل

    میہڑ: امام بارگاہ سے تشدد شدہ لاش برآمد، ایک بے ہوش زخمی ہسپتال منتقل

    میہڑ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ) میہڑ کے نواحی علاقے بوتھرو میں ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں امام بارگاہ کے اندر سے ایک شخص کی تشدد شدہ لاش برآمد ہوئی، جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی حالت میں بے ہوشی کے عالم میں پایا گیا۔ دونوں افراد کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔

    ڈاکٹروں کے مطابق قتل ہونے والے شخص پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ مقتول کی شناخت کاشف عرف پپن کے نام سے کی گئی ہے۔ زخمی شخص جس کا نام مہران ڈھر بتایا جا رہا ہے کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے اسے لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، یہ واقعہ ذاتی دشمنی یا کسی دیرینہ تنازعے کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم مزید معلومات کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

    علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • سیالکوٹ: ختم نبوت کانفرنس میں اتحاد امت اور ملکی استحکام پر زور

    سیالکوٹ: ختم نبوت کانفرنس میں اتحاد امت اور ملکی استحکام پر زور

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام عظیم الشان ختم نبوت و استحکام پاکستان کانفرنس ججے سائیاں میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں مختلف رہنماؤں نے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت، دینی تعلیمات پر عمل اور ملکی استحکام پر روشنی ڈالی۔

    پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما غلام مرتضیٰ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کی بنیاد ہے، اور اس کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی محبت ایمان کا حصہ ہے اور ان کی سنتوں پر عمل سے ہماری دنیا و آخرت سنور سکتی ہے۔

    ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ افضال دتے شاہی نے کہا کہ امت کو نبی کریم ﷺ کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنا ہوگا۔ انہوں نے امت کے مسائل کا سبب اللہ کے احکامات اور سنت رسول ﷺ سے دوری کو قرار دیا۔

    دیگر رہنماؤں چوہدری راشد گجر، ملک عامر اقبال قادری، سرفراز قادری، اور مفتی علامہ سمر عباس نے بھی خطاب کیا اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ پر اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن میں فوج کا کردار ناقابل فراموش ہے اور قوم ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • پی ٹی آئی کے انتقامی سیاست کے الزامات بے بنیاد: سردار شاہ محمد ناصر

    پی ٹی آئی کے انتقامی سیاست کے الزامات بے بنیاد: سردار شاہ محمد ناصر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے رہنما سردار شاہ محمد ناصر نے تحریک انصاف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف آمرانہ ہتھکنڈے استعمال کرنے والی جماعت آج خود کو مظلوم ظاہر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کو ان کے جرائم کی سزا دی جا رہی ہے، اور ان کی رہائی کسی احتجاج سے ممکن نہیں۔

    یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنماؤں حاجی محمد عارف چوہدری، سردار امجد گورسی، اور چوہدری وسیم اصغر سے ملاقات کے دوران کہی۔ سردار شاہ محمد ناصر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اتحادی حکومت کی کامیاب مثال قائم کر رہی ہیں، جبکہ تحریک انصاف کا غیر ملکی حمایت پر انحصار بے سود ثابت ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ آزاد ہے اور آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے تمام انتقامی کاروائیوں کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    انہوں نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دی جائے

  • خیبر: منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی افیون اور چرس برآمد

    خیبر: منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی افیون اور چرس برآمد

    خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) خیبر کے دور افتادہ علاقے تودہ میلہ چورا خوڑ میں علی مسجد پولیس نے انٹیلی جنس بیس کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ پولیس نے 38 کلوگرام افیون اور 122 کلوگرام چرس قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، اور ان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ ایک بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ ملک کے دیگر حصوں میں منشیات سپلائی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ایس ایچ او علی مسجد غفار خان اور ایڈشنل ایس ایچ اوز نصیب خان اور آفتاب خان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کی۔ تاہم، اسمگلروں نے پولیس کو دیکھتے ہی پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے منشیات کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    پکڑی گئی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے قوم سے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے تعاون سے علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک کر کے دم لیں گے۔

  • ڈسکہ:انجمن خدمت خلق  ماہانہ اجلاس،اہم معاملات پر بحث، نئے عہدیداروں کو خوش آمدید

    ڈسکہ:انجمن خدمت خلق ماہانہ اجلاس،اہم معاملات پر بحث، نئے عہدیداروں کو خوش آمدید

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 748 واں ماہانہ اجلاس زیر صدارت میاں سعید احمد صراف، صدر انجمن، زچہ بچہ ہسپتال پسرور روڈ ڈسکہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا ایوب خان نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول ﷺ حافظ عبد الغفار نے پیش کی۔

    جنرل سیکرٹری محمد انور مغل ایڈووکیٹ نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے ماہ ستمبر 2024 کے آمدن و اخراجات کی رپورٹ پیش کی، جسے منظوری دی گئی۔ سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ اجلاس کی شائع شدہ خبریں پڑھ کر سنائیں۔

    اجلاس میں حاجی ضرار احمد کی والدہ، خان عباس خان کے بہنوئی، ریاض احمد وڑائچ کی ہمشیرہ اور سہیل سلمان کی عزیزہ کی وفات پر دعائے مغفرت کی گئی۔ نو منتخب عہدیداروں اور ایگزیکٹو ممبران محمد اطہر لون اور چوہدری محمد افضل کو بھی خوش آمدید کہا گیا۔

    ممبران نے اسرائیل کی فلسطین میں مسلمانوں پر جارحیت کی شدید مذمت کی، اور شہر ڈسکہ میں چوری و ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں پر انتظامیہ سے امن و امان کے قیام کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں پولیو کی مہم کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی اور عوام سے اپیل کی گئی کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

    مولانا ایوب خان ثاقب کی دعا کے ساتھ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

  • گوجر خان: سوئی گیس دھماکے کا زخمی اور ٹرین حادثے میں نوجوان جاں بحق

    گوجر خان: سوئی گیس دھماکے کا زخمی اور ٹرین حادثے میں نوجوان جاں بحق

    گوجر خان (باغی ٹی وی،نامہ نگار شیخ ساجد قیوم) بدھ کی صبح راولپنڈی سے لاہور جانے والی تیز رفتار ایکسپریس ٹرین کی زد میں آ کر 18 سالہ نوجوان تجمل حسین ولد نذر حسین، جو وارڈ نمبر 15 کا رہائشی تھا، موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ اس حادثے نے علاقے میں غم کی لہر دوڑا دی۔

    دوسری جانب منگل کی صبح کوٹ سیداں گوجر خان میں سوئی گیس دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا سید پرویز شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ یہ واقعہ بھی علاقے میں خوف اور افسوس کا باعث بن گیا۔

  • ننکانہ: تعلیم میں بہتری و شفافیت،ریجنل ڈائریکٹر اوپن یونیورسٹی کی سی ای او ایجوکیشن سے ملاقات

    ننکانہ: تعلیم میں بہتری و شفافیت،ریجنل ڈائریکٹر اوپن یونیورسٹی کی سی ای او ایجوکیشن سے ملاقات

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) معیارِ تعلیم اور شفافیت کے لیے ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سی ای او ایجوکیشن سے ملاقات

    ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی شیخوپورہ، فیاض خان صحرائی نے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب، ڈاکٹر محمد قیوم احمد خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد ضلع میں معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانا اور امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

    ریجنل ڈائریکٹر فیاض خان صحرائی نے بعد ازاں گورنمنٹ گورو نانک ہائر سیکنڈری اسکول اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور امیدواروں کے مسائل سن کر ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • ٹھٹھہ: پولیس کریک ڈاؤن، 22 منشیات فروش اور گٹکا سپلائر گرفتار

    ٹھٹھہ: پولیس کریک ڈاؤن، 22 منشیات فروش اور گٹکا سپلائر گرفتار

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں )ٹھٹھہ پولیس نے منشیات فروشوں اور گٹکا سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کارروائی کے دوران 19 گٹکا فروشوں اور انڈین گٹکا سپلائرز سمیت 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مجموعی طور پر 22 ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    اس کارروائی کے دوران 9770 پیکٹ انڈین عاداب گٹکا، 4650 پیکٹ گٹکا ماوا، 103 کلو گٹکا مٹیریل، 40 ساشے تمباکو پتی، 510 گرام چرس، 40 بیگز دیسی شراب، ایک ڈاٹسن پک اپ اور ایک سوزوکی پک اپ بھی برآمد کی گئی۔ ٹھٹھہ پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر کی گئی اس کارروائی کا مقصد منشیات فروشوں، گٹکا سپلائرز اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے دائرے میں لانا تھا۔

    آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات کے تحت یہ کریک ڈاؤن کیا گیا۔ مختلف تھانوں بشمول ٹھٹھہ، مکلی، کینجھر، جھمپیر، گاڑہو، گھوڑاباڑی، دہابیجی، گھارو، ساکرو، کیٹی بندر اور سی آئی اے ٹھٹھہ پولیس نے مربوط کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران گرفتار کیے جانے والے ملزمان میں کریم بخش نوتیار، حبیب گندرو، حاجن لغاری، گل حسن عرف گل ماچھی، رحیم شاہ پٹھان، اکرم کھیو، عبد الطیف ملاح، محمد عثمان خاصخیلی، اختر شاہ پٹھان، سفیع اللہ شاہ پٹھان، منصور حسین جوکھیو، طیب کنبھار، محمد جمن سوڈھو، وحید شاہ، شاہین حسین بہاری شیخ، عامر علی راجپوت، حفیظ عرف سھنو جوکھیو، عبد المجید کنبھار اور دلدار خاصخیلی شامل ہیں۔ منشیات فروشوں میں منظور جاکھرو، سرفراز شاہ اور شاہد ملاح شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان کے خلاف گٹکا ایکٹ، نارکوٹکس ایکٹ اور منشیات آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ٹھٹھہ پولیس کی یہ کارروائی عوامی سلامتی اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کے لیے جاری رہے گی۔

  • سیالکوٹ: ضلع بھر میں ہفت روزہ صحت کیمپ کا آغاز

    سیالکوٹ: ضلع بھر میں ہفت روزہ صحت کیمپ کا آغاز

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)ضلع بھر میں ہفت روزہ صحت کیمپ کا آغاز

    سیالکوٹ میں پانچ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں، چھ دیہی مراکز صحت، تین بنیادی مراکز صحت اور ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں ہفتہ صحت کیمپ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے مراد پور بی ایچ یو میں میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا اور کہا کہ ان صحت کیمپوں کا مقصد وزیر اعلیٰ پنجاب کے صحت کے فروغ کے انقلابی پروگرام کے تحت شہریوں کو طبی معائنہ، علاج، رجسٹریشن، ہیماٹولوجیکل اسکریننگ، شوگر ٹیسٹ، پھپھڑوں کی صحت اور ٹی بی اسکریننگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    کیمپ میں حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن کے ساتھ مریضوں کو طبی مشاورت اور مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام کو اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ یہ صحت کیمپ سمبڑیال، پسرور، ڈسکہ، چونڈہ، کوٹلی لوہاراں اور مختلف دیہی مراکز میں جاری رہیں گے۔