Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف:قدرت کا نایاب شاہکار، بکری کے 2منہ اور چار آنکھوں والے  بچے کی پیدائش

    اوچ شریف:قدرت کا نایاب شاہکار، بکری کے 2منہ اور چار آنکھوں والے بچے کی پیدائش

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)قدرت کا نایاب شاہکار، بکری کے 2منہ اور چار آنکھوں والے بچے کی پیدائش

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے نوشہرہ جدید میں کسان جام حنیف کے گھر اللہ کی قدرت کا ایک منفرد کرشمہ سامنے آیا۔ ان کی بکری نے ایک بکرے کو جنم دیا جس کے دو منہ، دو زبانیں اور چار آنکھیں ہیں، جبکہ اس کا دھڑ ایک ہے۔ یہ عجیب و غریب منظر دیکھ کر اہلِ علاقہ حیرت میں مبتلا ہو گئے اور اللہ کی قدرت پر عش عش کر اٹھے۔

    یہ واقعہ پورے علاقے میں چرچا کا موضوع بنا ہوا ہے اور لوگ اسے اللہ تعالیٰ کی قدرت کا ایک عظیم شاہکار قرار دے رہے ہیں۔ علاقہ کے لوگ بڑی تعداد میں کسان جام حنیف کے گھر جمع ہو رہے ہیں اور اس نایاب مخلوق کو دیکھنے کے لیے آ رہے ہیں۔

  • ڈومیسٹک ٹورازم / گھریلو سیاحت کا فروغ، ذرائع آمدن میں اضافہ اور ضلع راجن پور کا کوہ ماڑی

    ڈومیسٹک ٹورازم / گھریلو سیاحت کا فروغ، ذرائع آمدن میں اضافہ اور ضلع راجن پور کا کوہ ماڑی

    ڈومیسٹک ٹورازم / گھریلو سیاحت کا فروغ، ذرائع آمدن میں اضافہ اور ضلع راجن پور کا کوہ ماڑی

    تحریر: ملک خلیل الرحمن واسنی، حاجی پور شریف

    ضلع راجن پور کا علاقہ پچادھ، جو کوہ سلیمان کے قبائلی دامن میں واقع ہے، پنجاب اور بلوچستان کے بارڈر کے درمیان اسلام آباد کے مری اور ڈی جی خان کے فورٹ منرو کی طرز پر قدرتی حسن اور ٹھنڈک سے بھرپور ایک تاریخی و ثقافتی مقام ہے۔ یہ خطہ ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا، حالانکہ سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے 2021 میں یہاں کروڑوں روپے کے فنڈز مختص کیے تھے تاکہ کوہ ماڑی کی ترقی اور تعمیرات کی جا سکیں۔ مگر بدقسمتی سے 2024 تک یہاں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی۔ پورا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے اور علاقے میں بنیادی سہولتوں کا شدید فقدان ہے، جبکہ لوگ جدید دور کے باوجود پتھر کے دور کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

    حکومت کی جانب سے وسائل اور آمدنی میں اضافے کی بات کی جاتی ہے، مگر اگر تھوڑی سی توجہ، محنت، ایمانداری اور خلوص نیت سے کام کیا جائے تو بہت کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور حکومتی اشتراک سے نہ صرف حکومت کی آمدنی میں اضافہ ممکن ہے، بلکہ یہاں کے عوام کی زندگی اور معاشی ترقی میں بھی بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔ یہ علاقہ تمام قبائل کا ہے، چاہے وہ لغاری، مزاری، دریشک، گورچانی سردار ہوں یا دیگر مقامی قبائل، ترقی سب کی مشترکہ کوشش ہے، نہ کہ صرف کسی ایک قبیلے یا فرد کی۔

    سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی اس علاقے کی پسماندگی پر بات کی تھی، مگر ان کے دور میں کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اس کے بعد سے بھی حکومتوں میں تبدیلیاں آئیں، مگر کوہ ماڑی کی حالت میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔ حالانکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حکومتی اتحادی، ایم پی اے تمن گورچانی، اور دیگر منتخب نمائندگان موجود ہیں، جنہوں نے اس علاقے کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں کی ہیں۔ پھر بھی کوہ ماڑی کو تحصیل یا سیاحتی مقام کا درجہ نہیں مل سکا، نہ ہی یہاں کیڈٹ کالج کا قیام عمل میں آیا، حالانکہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    حال ہی میں شفقت اللہ مشتاق ڈپٹی کمشنر ضلع راجن پور نے کوہ ماڑی کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اگر کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے یا کوہ ماڑی ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے تو یہ علاقہ بھی ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔ قدرتی حسن، آبشاروں، جھیلوں، پہاڑوں کی بلند و بالا چوٹیوں اور خوبصورت مناظرات سے مالا مال یہ علاقے گھریلو سیاحت کے لیے بہترین ہیں۔

    اگر شفقت اللہ مشتاق ڈپٹی کمشنر ضلع راجن پور ذاتی طور پر اس منصوبے میں دلچسپی لیں تو ضلع راجن پور کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکتا ہے۔ ماڑی کیڈٹ کالج کا قیام، سیاحتی مقام کا درجہ، اور یہاں ایک بہترین سینی ٹوریم کا قیام بھی ممکن ہو سکتا ہے، جو کہ نہ صرف لوگوں کی خدمت بلکہ ایک نیک عمل بھی ہوگا۔ اس کے علاوہ، اندرون ملک اور بیرون ملک سے سیاحوں کی آمد کو بھی فروغ ملے گا، اور اس علاقے کے عوام کی معاشی حالت میں بہتری آ سکتی ہے۔ یہ اقدام ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، ان شاء اللہ
    جو کہ مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔

  • میرپورخاص: جرائم کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا

    میرپورخاص: جرائم کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگار سیدشاہزیب شاہ) جرائم کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، سخت اقدامات کا اعلان

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی میرپورخاص رینج محمد زبیر دریشک کی زیرِ صدارت ڈی آئی جی آفس میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میرپورخاص کے ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، سی آئی اے انچارج، 15 مددگار اور دیگر پولیس افسران و عملہ نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانا اور پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔

    ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اجلاس کے دوران منشیات، گٹکا، آرگنائزڈ کرائم، اور دیگر سماجی جرائم کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ گٹکا اور منشیات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے حساس علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھانے، ناکہ بندی کے قیام اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کے احکامات بھی دیے گئے۔

    ڈی آئی جی نے قتل اور سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری پر زور دیا اور اشتہاری و روپوش ملزمان کو جلد از جلد پکڑنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگیٹڈ مجرموں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت ایکشن جاری رہے گا۔

    اجلاس میں پولیس فورس کی تربیت، شفاف پوسٹنگ اور افسران کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی بھی ہدایت دی گئی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ تحقیقات کے لیے مختص بجٹ کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، ایف آئی آر کے مناسب اندراج اور ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کو فعال بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    انہوں نے کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ تمام افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔ ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

  • میرپورخاص: 24 نومبر دھرنے کی تیاریوں پر پی ٹی آئی کا اجلاس

    میرپورخاص: 24 نومبر دھرنے کی تیاریوں پر پی ٹی آئی کا اجلاس

    میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) پاکستان تحریک انصاف میرپور خاص کے انصاف ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت پی ٹی آئی میرپور خاص کے ڈویژنل صدر آفتاب حسین قریشی نے کی۔ اجلاس کا مقصد 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کے انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینا تھا۔ اس موقع پر دھرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کارکنان کو متحرک کرنے اور ان کی بھرپور شرکت یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

    آفتاب حسین قریشی نے کہا کہ یہ دھرنا عوامی حقوق کے تحفظ اور حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان کو نہ صرف دھرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے بلکہ عوام کو اس تحریک کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے بھی سرگرم رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت عوامی حقوق کے لیے کھڑے ہونے کا ہے اور ہر کارکن کو اس مقصد کے لیے اپنے کردار کو نبھانا ہوگا۔

    اجلاس میں پی ٹی آئی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ان میں سندھ وومن جنرل سیکرٹری کنول اعجاز، ڈویژن ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ اعجاز احمد رندھاوا، ڈسٹرکٹ صدر احسان جروار، جنرل سیکرٹری عزیز لغاری، لیبر ونگ کے ڈویژن صدر حمید راجپوت، تعلقہ حسین بخش مری کے صدر امان اللہ دل، جنرل سیکرٹری سہیل گدی، تعلقہ کوٹ غلام محمد کے صدر علی رضا قائمخانی، تعلقہ سندھڑی کے صدر اسد ہالیپوٹو اور جنرل سیکرٹری مراد کیریو شامل تھے۔

    اس موقع پر سابقہ دونوں ٹاؤنز کے عہدیداران، مختلف تعلقوں اور یوسیز کے عہدیداران، لیبر ونگ اور دیگر ونگز کے عہدیداران سمیت پی ٹی آئی کے ٹائیگرز، سپورٹرز اور کارکنان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے دھرنے میں بھرپور شرکت اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کا عزم کیا۔

  • سیالکوٹ: ایئرپورٹ سے 28 ہزار درہم کی سمگلنگ ناکام، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: ایئرپورٹ سے 28 ہزار درہم کی سمگلنگ ناکام، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سمبڑیال سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 28 ہزار یو اے ای درہم کی غیر قانونی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ دوران چیکنگ انٹی نارکوٹکس فورس نے دبئی جانے والے ایک مسافر کی تلاشی کے دوران یہ کرنسی برآمد کی۔ مشتبہ مسافر کی شناخت محمد ارشد ولد محمد منشاء کے نام سے ہوئی، جو ضلع سیالکوٹ کے قصبہ ہڈالی کا رہائشی ہے۔

    مسافر کو ایئرپورٹ پر انٹی نارکوٹکس فورس کے حکام نے مشکوک حرکات کے باعث روک کر تلاشی لی، جس دوران 28 ہزار درہم برآمد ہوئے۔ فوراً کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا گیا اور برآمد شدہ کرنسی سمیت پاکستان کسٹمز کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    کسٹمز حکام نے ملزم کو اپنی تحویل میں لے کر محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کارروائی کو قانونی اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے تاکہ غیر قانونی طور پر کرنسی کی سمگلنگ کو روکا جا سکے۔

  • گوجرہ: بار ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ مہمان خصوصی

    گوجرہ: بار ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ مہمان خصوصی

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) بار ایسوسی ایشن گوجرہ کی سالانہ تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار تھے، جبکہ صدارت صدر بار چوہدری اعجاز اختر کہوجہ ایڈووکیٹ نے کی۔ نقابت کے فرائض جنرل سیکرٹری اسد بشیر ایڈووکیٹ اور سابق صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ شیخ محمد جاوید ایڈووکیٹ نے انجام دیے۔ تقریب میں ڈویژن بھر سے وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران مہمان خصوصی ڈی پی او عبادت نثار نے اپنے خطاب میں بار اور پولیس کے درمیان ہم آہنگی کو معاشرتی مسائل کے حل کے لیے اہم قرار دیا اور گوجرہ بار کے عہدیداران و ممبران کی پولیس کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ گوجرہ بار نے ہمیشہ مثبت سوچ کو فروغ دیا ہے۔

    اس موقع پر سابق اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نعمان علی ڈوگر کو بار ایسوسی ایشن کے ساتھ بہترین تعاون پر اعزازی سوینئر بھی دیا گیا۔ تقریب میں ایم پی ایز چوہدری اسد زمان چیمہ اور چوہدری احسن احسان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

  • اوچ شریف: تیز رفتار ہائی ایس  کی زد میں آ کر چار سالہ بچہ جاں بحق

    اوچ شریف: تیز رفتار ہائی ایس کی زد میں آ کر چار سالہ بچہ جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف قومی شاہراہ پر سپاہی والی ہٹی کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں چار سالہ محمد ایاز نامی بچہ سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ہائی ایس کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیل کے مطابق بچہ قومی شاہراہ عبور کر رہا تھا کہ اچانک ایک تیز رفتار ہائی ایس نے اسے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ مقامی افراد نے فوراً بچے کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی محمد ایاز کے والدین پر غشی طاری ہو گئی اور پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ اہل علاقہ اور رشتہ داروں نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

    حادثے کے بعد مقامی افراد نے تیز رفتار گاڑیوں کی سڑک پر بے ہنگم حرکتوں اور حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہ پر حفاظتی تدابیر کو مزید سخت کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: نیا پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چھپارستم نکلا

    اوچ شریف: نیا پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چھپارستم نکلا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار، حبیب خان) اوچ شریف میں پرائس کنٹرول کے نئے مجسٹریٹ عمران حیدر سیال کی تعیناتی کے بعد کرپشن اور اقرباء پروری کے سنگین الزامات سامنے آ رہے ہیں۔ انکشافات کے مطابق پرائس مجسٹریٹ عمران حیدر نے تعیناتی کے فوری بعد اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے بااثر سرمایہ داروں اور د کانداروں کے ساتھ خصوصی رعایتیں دینا شروع کر دیں جبکہ غریب دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جانے لگے۔

    شہریوں اور تاجروں کے مطابق نئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے اپنی تعیناتی کے بعد چھوٹے دکانداروں کے ساتھ امتیازی سلوک کا سلسلہ شروع کیا۔ جب کہ بااثر اور سرمایہ دار د کانداروں کو مختلف دھندوں میں کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، غریب د کانداروں کو معمولی قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اس امتیازی سلوک کی وجہ سے ان کی روزی روٹی متاثر ہو رہی ہے اور ان کی کاروباری حالت بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

    سبزی منڈی میں بھی صورتحال غیر معمولی ہے جہاں پرائس کنٹرول کمیٹی غیر فعال ہونے کے باعث آڑھتی من مرضی کر رہے ہیں۔ سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیاء کی خرید و فروخت بغیر بولی کے ہو رہی ہے جو نہ صرف تاجروں کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ شہریوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ اس عدم مساوات کی وجہ سے ان کی روزگار متاثر ہو رہی ہے اور وہ شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

    مقامی ذرائع کے مطابق بااثر اور طاقتور تاجر اپنے بڑے وئیر ہاؤسز، گودام اور اسٹورز میں ضروریات زندگی کے آئٹمز کو وسیع پیمانے پر اسٹاک کر کے مارکیٹ میں عارضی قلت پیدا کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے مصنوعی مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ صورتحال عوام کی پریشانی کا سبب بن رہی ہے اور بازاروں میں مہنگائی کو مزید بڑھا رہی ہے۔

    پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال کی خاموشی اس صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ تاجروں اور عوام نے اس بارے میں شکایات درج کرائیں لیکن متعلقہ مجسٹریٹ نے ان کی کوئی سنوائی نہیں کی۔ مقامی شہریوں نے میڈیا کو بتایا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو غریب تاجروں کے لیے مزید مشکلات بڑھ سکتی ہیں اور عوام میں انتظامیہ کے حوالے سے عدم اعتماد کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔

    دوسری طرف جب پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال سے ان الزامات کے حوالے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔ شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ رویہ جاری رہا تو اس سے نہ صرف کاروباری ماحول خراب ہو گا بلکہ عوام کا اعتماد بھی متاثر ہو گا۔

    مقامی تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کرپشن اور امتیازی سلوک کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ کاروباری ماحول کی بہتری ہو سکے اور غریب دکانداروں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنا کاروبار بلا خوف و خطر چلا سکیں۔

  • سرگودھا:  کچہری کے باہر فائرنگ اور خنجر سے حملہ، ایک جاں بحق،2خواتین سمیت 4 زخمی

    سرگودھا: کچہری کے باہر فائرنگ اور خنجر سے حملہ، ایک جاں بحق،2خواتین سمیت 4 زخمی

    سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگارشاہنوازجالپ) ضلع کچہری کے باہر موٹر سائیکل سوار دو افراد نے پیشی کے لیے آنے والی فیملی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ گاؤں 73 چک بلوچاں والے سے تعلق رکھنے والی فیملی پر پیش آیا، جب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور ایک نوجوان نے خنجر سے بھی حملہ کیا۔

    گولی لگنے سے 40 سالہ اعجاز موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 65 سالہ نذر، 55 سالہ شمیم، 40 سالہ عمر دراز اور 38 سالہ کوثر پروین زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق مرنے اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی فیملی سے ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ کی ناکہ بندی کر لی ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کا دفتر بھی اس مقام کے قریب واقع ہے، جہاں یہ حملہ ہوا، اور اس علاقے میں وکلا اور عدالتوں میں پیشی کے لیے آنے والوں کا بھی رش رہتا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، تاہم معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

  • میرپور ماتھیلو : درجنوں مقدمات میں ملوث بدنام مجرم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا

    میرپور ماتھیلو : درجنوں مقدمات میں ملوث بدنام مجرم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) درجنوں مقدمات میں ملوث بدنام مجرم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا

    ضلع گھوٹکی میں تعینات ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کو جرم ترک کرکے خود کو قانون کے حوالے کرنے کی رعایت کی پیشکش کے بعد جرائم کی دنیا میں مشہور درجنوں مقدمات میں ملوث مجرم محمد نواز عرف نوازو سمیجو نے خود کو پولیس کے سامنے پیش کردیا۔

    گھوٹکی میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے نواز عرف نوازو سمیجو کے خلاف اغواء برائے تاوان، قتل، ڈکیتی، چوری اور پولیس مقابلوں سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔ نوازو سمیجو نے ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو عبدالقادر سومرو کے روبرو سرنڈر کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی کے پیغام اور پولیس کے سخت اقدامات کے باعث اس نے جرم کی دنیا چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ضلع گھوٹکی میں پولیس کی مجرموں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جبکہ مزید جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری متوقع ہے۔