Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تنگوانی: صحافی منصور بلوچ کو لوٹنے کی کوشش، ایک فون کال پر پولیس نے ملزمان چھوڑ دیئے

    تنگوانی: صحافی منصور بلوچ کو لوٹنے کی کوشش، ایک فون کال پر پولیس نے ملزمان چھوڑ دیئے

    تنگوانی (باغی ٹی وی رپورٹ) تنگوانی کے قریب مسلح افرادنے مقامی صحافی منصور بلوچ کو نشانہ بناتے ہوئے ان سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر مسلح افراد نے صحافی پر تشدد کیا اور انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق جب منصور بلوچ تنگوانی سے اپنے گھر جا رہے تھے تو ٹھل،کندھ کوٹ روڈ پر نئوں روڈ اسٹاپ کے قریب انہیں مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا۔ ڈاکوؤں نے منصور بلوچ کو روکنے کے بعد ان سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔

    جب صحافی نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے ان پر تشدد کیا تاہم اس دوران ایک ڈاکو کا نقاب اتر گیا جس سے ڈاکو کی شناخت ظاہر ہو گئی۔ اس کے بعد تمام ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے۔

    صحافی منصور بلوچ نے فوری طور پر15 پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ تاہم بعد میں ایک "بڑے آدمی” کے فون پر پولیس نے ملزمان کو چھوڑ دیا۔ اس واقعے کے بعد پولیس کی کارکردگی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

    صحافی منصور بلوچ نے ایس ایس پی کشمور سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کو دوبارہ گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس کی طرف پکڑے گئے ملزمان کو ایک فون کال پر چھوڑ دینے اور عدم کارروائی سے صحافی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

  • سیالکوٹ: چاچا کرکٹ اور سماجی شخصیات کا جی آر ڈی ہسپتال گھوئنیکی کا دورہ

    سیالکوٹ: چاچا کرکٹ اور سماجی شخصیات کا جی آر ڈی ہسپتال گھوئنیکی کا دورہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) بین الاقوامی شہرت یافتہ صوفی عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ، سماجی رہنما مرزا عبدالشکور، چوہدری محمد یونس پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول گھوئنیکی دانش اور زاہد شریف نے خصوصی طور پر جی آر ڈی ہسپتال گھوئنیکی کا دورہ کیا۔

    دورے کے دوران معزز مہمانوں نے ہسپتال میں جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ اپنی مدد آپ کے تحت کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے ان تمام افراد کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی استطاعت کے مطابق اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

    مہمانوں نے ہسپتال کی انتظامیہ اور معاونین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • سیالکوٹ: منشیات فروشوں کا پولیس سے ٹاکرا، فائرنگ سے ساتھی زخمی، اسلحہ و منشیات برآمد

    سیالکوٹ: منشیات فروشوں کا پولیس سے ٹاکرا، فائرنگ سے ساتھی زخمی، اسلحہ و منشیات برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) تھانہ سول لائن پولیس کا منشیات فروشوں سے ٹاکرا ہوا، جس کے دوران تعاقب کے دوران ملزم کی فائرنگ سے اس کا اپنا ساتھی زخمی ہو گیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس پارٹی تھانہ سول لائن نے دورانِ گشت دو مشتبہ افراد محمد ارشد اور سلیم رضا کو موٹر سائیکل پر دارہ ارائیاں کی جانب سے آتے ہوئے دیکھا۔ مشکوک سمجھتے ہوئے انہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن دونوں ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگنے لگے۔

    پولیس کے تعاقب کرنے پر ملزمان نے اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کر دی لیکن محمد ارشد کی فائرنگ سے اس کا اپنا ساتھی سلیم رضا زخمی ہو کر زمین پر گر گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی ملزم اور بھاگنے والے دوسرے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ملزمان کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے دو 30 بور پستول اور چرس برآمد ہوئی۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف پہلے بھی مختلف تھانوں میں اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • میہڑ: دبئی شادی ہال کی وراثت پر دو گروپوں میں تصادم، 6 افراد زخمی

    میہڑ: دبئی شادی ہال کی وراثت پر دو گروپوں میں تصادم، 6 افراد زخمی

    میہڑ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار، منظور علی جوئیہ) دبئی شادی ہال کی وراثت پر دو گروپوں میں تصادم، 6 افراد زخمی

    دبئی شادی ہال کی وراثت کے تنازع پر میہڑ کورٹ میں پیشی کے دوران مہیسر برادری کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ کورٹ کے احاطے میں ہونے والے اس تصادم میں ڈنڈے اور اینٹیں چلنے سے نواب مہیسر، محبوب مہیسر، لیاقت مہیسر سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    جھگڑے کے دوران کورٹ اور کچہری کا ماحول میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا اور پیشی پر موجود دیگر افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔

    پولیس کی بھاری نفری کو فوری طور پر طلب کر کے دونوں گروپوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: سڑک پر ملنے والی لاش اشتہاری مجرم کی نکلی

    سیالکوٹ: سڑک پر ملنے والی لاش اشتہاری مجرم کی نکلی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) سڑک پر ملنے والی لاش اشتہاری مجرم کی نکلی

    تفصیلات کے مطابق تھانہ پھلورہ کے علاقے میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس کی ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی۔ شہری شوکت نے پکار 15 پر اطلاع دی تھی کہ سہیووال کے قریب ایک نامعلوم شخص کی لاش سڑک پر پڑی ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ پھلورہ اور SDPO پسرور نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم گاڑی نے مقتول کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

    لاش کی تلاشی کے دوران مقتول کے موبائل فون اور شناختی کارڈ سے اس کی شناخت شہاب السلام ولد عبدالسلام رہائشی محلہ قصاباں کلاس والا، تحصیل پسرور کے نام سے ہوئی۔

    مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ مقتول مختلف تھانوں کو قتل (302) اور انسدادِ دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرم تھا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کا پوسٹ مارٹم شروع کر ادیا ہے جبکہ فرانزک ٹیمیں موقع سے شواہد اکٹھا کر رہی ہیں۔

    پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ حادثے کے اصل محرکات اور مجرموں کا پتہ لگایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ:  ٹریفک حادثات،ایک جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی

    سیالکوٹ: ٹریفک حادثات،ایک جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    تھانہ سول لائن کے علاقہ خادم علی روڈ پر تیز رفتارکار نےپیدل سڑک پار کرنے والے 52 سالہ شخص کو ٹکر مار دی جس کی شناخت ناصر طور کے نام سے ہوئی ہے جو موقع پر ہی جانبحق ہو گیا جس کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منقتل کر دیا گیا ہے

    اسی طرح کنگرہ روڈ بھلور سٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں ایک کوسٹر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں 32 سالہ مہوش اور اس کی 3 سالہ بیٹی زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ایک اورحادثہ ڈھوڈا روڈ کے قریب پیش آیا جہاں سڑک کنارے چلتا ہوا کتا اچانک سڑک کے درمیان آ گیا، جس سے موٹرسائیکل سوار سنبھل نہ سکا اور گر گیا۔ اس حادثے میں 80 سالہ خاتون سلیمان بی بی زخمی ہو گئیں۔

    فقیرانوالی سٹاپ پسرور میں گوجرانوالہ روڈ پر ایک تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 80 سالہ غلام علی زخمی ہوا۔

    چونڈہ روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کی آپس میں ٹکر کے نتیجے میں 25 سالہ شیراز زخمی ہوگیا۔

    پسرور نارووال پھاٹک کے قریب 35 سالہ تنویر موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ رکشہ سے ٹکرا کر زخمی ہوگیا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر پسرور ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • پاکستان کے لیجنڈری اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے

    پاکستان کے لیجنڈری اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے

    سیالکوٹ(بیورورپورٹ)پاکستان ٹی وی، اسٹیج اور فلم کے لیجنڈری اداکار عابد کشمیری لاہور میں انتقال کر گئے وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ان کی عمر 74 برس تھی۔

    عابد کشمیری 4 مئی 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور 70 کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کیا۔ وہ تین دہائی سے زائد وقت تک اس پیشے سے وابستہ رہے اور کافی عرصے سے ٹی وی اسکرین سے غائب تھے۔

    اداکار کی بیٹی کا کہنا ہے کہ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    واضح رہے کہ عابد کشمیری نے سینکڑوی ٹی وی ڈراموں کے علاوہ درجنوں فلموں اور اسٹیج ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    اپنی بے ساختہ مزاحیہ اداکاری کے باعث انہوں نے طویل عرصے تک شائقین کے دلوں پر راج کیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں سورج کے ساتھ ساتھ سمیت درجنوں ڈرامے شامل ہیں۔1988 میں انہیں فلم ’’بازار حسن‘‘ پر بہترین مزاحیہ اداکار کا نگار ایوارڈ دیا گیا تھا۔

    جبکہ ان کی مشہور فلموں میں جیتے ہیں شان سے اور آہٹ بھی شامل ہیں۔ان کے ٹی وی ڈراموں کی بھی ایک طویل فہرست ہے جن میں لوہاری گیٹ، سورج کے ساتھ ساتھ، تیسرا کنارہ اور اپنے لوگ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں، ڈرامہ سمندر میں عابد کشمیری کا کردار گلوبادشاہ بہت مقبول ہوا تھا۔

  • سیالکوٹ:ایف بی آر میں جشنِ عید میلاد النبی  ﷺکی محفل منعقد ہوئی

    سیالکوٹ:ایف بی آر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺکی محفل منعقد ہوئی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض سے)فیڈرل ریونیو الائنس ایمپلائز یونین (ایف بی آر) کے زیر اہتمام سالانہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کی پروقار محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ ڈاکٹر سلیمان مصباحی نے خصوصی خطاب کیا جبکہ حافظ محبوب عالم، محمد وسیم خاکسار، فاروق نیازی، فراز راجہ ایڈووکیٹ اور دیگر نعت خوانوں نے رسول کریم ﷺ کی شان میں نعت خوانی کی اور عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

    محفل میلاد میں ایڈیشنل کمشنر عمرآن شمسی، ڈی سی ہیڈکوارٹرز اسماعیل دانش، ڈپٹی کمشنر غفران سید، سید نصر اقبال، ملک اصغر، چوہدری آصف، چوہدری سلیم اللہ شہاب، محمد اکبر خان (جنرل سیکرٹری)، اے سی عمر مہتاب، صدر سیالکوٹ ٹیکس بار ایسوسی ایشن عاطف ملک، جنرل سیکرٹری ٹیکس بار عثمان رضا، دیانت علی، ملک یوسف، انسپکٹر محمد عمران، محبوب صدیق، یاسین، طاقب علی ایڈووکیٹ، اے سی زاہد بھٹی سمیت انکم ٹیکس دفتر کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔

    علامہ ڈاکٹر سلیمان مصباحی نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نبی کریم ﷺ کے اخلاق اور تعلیمات کو اپنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی پاک ﷺ کی ذات دنیا کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے اور ان کی آمد سے دنیا کے اندھیرے اور گمراہی ہمیشہ کے لیے ختم ہو گئی۔

    انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نبی آخرالزمان ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت کی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ محفل میلاد کا اختتام دعا کے ساتھ کیا گیا، جس میں شرکاء نے ملک و قوم کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔

  • سیالکوٹ:نیوٹک اور پاکستان گلوز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا تعاون مستحکم کرنے پر زور

    سیالکوٹ:نیوٹک اور پاکستان گلوز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا تعاون مستحکم کرنے پر زور

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی یوروچیف شاہد ریاض)نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹک) کی ڈائریکٹر جنرل پنجاب، آصفہ مقبول، نے پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی جی ایم ای اے) کا دورہ کیا اور دونوں اداروں کے درمیان ہنر مند افرادی قوت کی ترقی کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس دورے کا مقصد صنعتی شعبے اور تکنیکی تربیت کے اداروں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا اور ہنر مند افرادی قوت کی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرنا تھا۔

    دورے کے دوران پی جی ایم ای اے کے چیئرمین انس راحیل برلاس، سینئر وائس چیئرمین مطلوب احمد قریشی اور وائس چیئرمین عطاء اللہ نے ڈی جی نیوٹک آصفہ مقبول کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرمین انس راحیل برلاس نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور نیوٹک ہنر مند افرادی قوت کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن نیوٹک کے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرے گی۔

    ڈی جی نیوٹک آصفہ مقبول نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹک پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹک نہ صرف فنی تربیت فراہم کر رہا ہے بلکہ تربیت حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں کو وظائف بھی دے رہا ہے تاکہ وہ اپنی تربیت کے دوران مالی مشکلات کا شکار نہ ہوں اور اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیوٹک جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اداروں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروا رہا ہے تاکہ یہاں سے عملی طور پر سیکھنے کے بعد ہمارے نوجوان مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نیوٹک فنی تربیت کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کو جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔

    چیئرمین انس راحیل برلاس نے نیوٹک کے ساتھ اپنے ادارے کی وابستگی کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ نیوٹک کے ساتھ تعاون سے ہم ہنر مند افرادی قوت کی کمی کو پورا کر سکتے ہیں جو کہ ملکی صنعت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فنی تربیت اور صنعتی ترقی میں نیوٹک کا کردار بہت اہم ہے اور ہم اس کے ساتھ مزید اقدامات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

    اس دورے کا مقصد ہنر مند افرادی قوت کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے دونوں اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانا تھا تاکہ پاکستانی صنعتیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں اور ملک کی معاشی ترقی میں اضافہ ہو۔

  • اوچ شریف :سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 30 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کی جانب سے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 30 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔

    ان ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بستی مشتاق خان، بستی عبدالغنی خان، بستی عبدالعزیز خان نائچ اور اوچ شریف حسینی چوک سے حلیم پور تک کی سڑکوں کو بہتر بنانا ہے۔

    مخدوم سید عامر علی شاہ نے کہا کہ تمام پیپر ورک مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ ماہ سے ان سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع ہونے کی توقع ہے۔ اس منصوبے سے علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی، جس سے حادثات کی شرح میں بھی کمی کا امکان ہے۔

    علاقہ مکینوں نے اس ترقیاتی اقدام کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبہ ان کے لیے طویل مدت سے درپیش مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    حاجی عبدالمالک اعوان اور مہر خادم حسین کی قیادت میں مقامی رہائشیوں نے ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے۔