Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • میرپورخاص: پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری

    میرپورخاص: پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری

    میرپورخاص(باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص میں پولیس کی جانب سے منشیات فروش عناصر اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی میرپورخاص رینج زبیر دریشک اور ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کی ہدایت پر انچارج سی آئی اے رحیم کھوسو کی سربراہی میں مختلف پولیس ٹیمیں متحرک ہیں۔

    پہلی بڑی کارروائی میں ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کامران ہالیپوٹو اور سی آئی اے کے ایس آئی پی اقبال جٹ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے PCB گراؤنڈ کے قریب خفیہ اطلاع پر کامیاب چھاپا مارا، جس میں عامر خان عرف سلیمان میرانی کو ٹیوٹا کرولا کار اور بڑی مقدار میں منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 6600 سفینہ گٹکا ساشے اور 69000 آداب گٹکا پیکٹ برآمد ہوئے۔ اس کے خلاف گٹکا ممانعت ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ فرار ہونے والے ملزم نعیم عرف نما عباسی کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری کامیاب کارروائی میں پولیس ٹیم نے KFC موڑ کے قریب بھی کامیاب کارروائی کی، جس میں منشیات فروش محمد حسن کو 1400 رائل کنگ گٹکا ساشے اور اے پی وی وین سمیت گرفتار کیا گیا۔ اس کے خلاف بھی گٹکا ممانعت ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    تیسری کارروائی ،گزشتہ دنوں رتن آباد سیم نالہ کے قریب سے چھینی گئی 125 موٹرسائیکل کو برآمد کرنے میں پولیس نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ ایس ایچ او اولڈ میرپور انسپکٹر اکبر چنہ نے انتھک محنت کے بعد موٹرسائیکل HEN-4895 برآمد کی اور اسے اصل مالک محمد متین کے حوالے کیا۔ اس موقع پر موٹر سائیکل مالک نے پولیس کی محنت کو سراہا اور ایس ایس پی میرپورخاص اور ایس ایچ او اولڈ میرپور کا شکریہ ادا کیا۔

    پولیس کی جانب سے جاری ان کارروائیوں نے علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف سخت پیغام دیا ہے اور عوام نے بھی پولیس کے ان اقدامات کو سراہا ہے۔ مزید کارروائیاں جاری ہیں تاکہ علاقے کو منشیات اور جرائم سے پاک کیا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازیخان: شہر کو سرسبز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

    ڈیرہ غازیخان: شہر کو سرسبز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد عثمان خالد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈیرہ غازیخان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ پارکوں کی حالت کو بہتر بنا کر شہریوں کو پرسکون اور خوشگوار قدرتی ماحول فراہم کیا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی بریفنگ کے دوران کہی، جس میں ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے چوہدری مسعود ارشد نے اتھارٹی کے امور، مستقبل کے منصوبوں اور شہر کی خوبصورتی میں بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے اہم چوراہوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ وہاں کی لائٹس کو درست حالت میں رکھا جائے گا، اور خراب لائٹس کو تبدیل کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید ہدایت دی کہ شہر کے اہم مقامات پر رنگ و روغن کیا جائے اور نرسریوں میں موسم سرما کے مطابق پودوں کی پنیری تیار کی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور پی ایچ اے کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ثناء محمد بھی موجود تھے۔

  • ٹھٹھہ: خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں تین روزہ بریسٹ کینسر سمپوزیم کا انعقادکیا گیا

    ٹھٹھہ: خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں تین روزہ بریسٹ کینسر سمپوزیم کا انعقادکیا گیا

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں کی رپورٹ) لیاقت انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ سائنسز ٹھٹھہ اور سول ہسپتال ٹھٹھہ کے سرجری ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے سول ہسپتال میں خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں تین روزہ بریسٹ کینسر سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔

    سمپوزیم کے پہلے دن او پی ڈی قائم کی گئی جہاں چھاتی کے کینسر میں مبتلا خواتین کا مفت علاج کیا گیا اور الٹراساؤنڈ سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ بھی مفت فراہم کیے گئے۔

    پہلے دن عوامی آگاہی مہم کے تحت او پی ڈی سے سرجیکل وارڈ تک ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر سرجن ڈاکٹر صغریٰ پروین عقیلی نے کہا کہ ایشیا میں چھاتی کا کینسر خواتین میں دوسرے نمبر پر عام ہے اور اگر بروقت تشخیص ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کی سرجری کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے غلط تصورات کو دور کرنا ضروری ہے۔

    ٹھٹھہ لمس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سرور قریشی نے کہا کہ ہمارے روایتی نظام اور لاعلمی کی وجہ سے اس بیماری کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے لیے آنے والی خواتین میں سے 33 فیصد چھاتی کے کینسر میں مبتلا پائی جاتی ہیں۔

    سرجن ڈاکٹر معشوق خواجہ نے کہا کہ اس بیماری سے نمٹنے کے لیے بروقت تشخیص اور علاج نہایت ضروری ہیں۔ باشعور طبقے کو آگے آکر اس مہم میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہم اس مہلک بیماری کو شکست دے سکیں۔

    سمپوزیم کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور متاثرہ خواتین کو بروقت علاج فراہم کرنا ہے، تاکہ اس خطرناک بیماری پر قابو پایا جا سکے۔

  • تنگوانی: مسافر کوچ پر ڈاکوؤں کا حملہ، ایک مسافرجاں بحق،5 زخمی

    تنگوانی: مسافر کوچ پر ڈاکوؤں کا حملہ، ایک مسافرجاں بحق،5 زخمی

    تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) کرم پور کے نزدیک تھانہ ناپر کوٹ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر نامعلوم ڈاکوؤں نے کراچی سے کندھ کوٹ جانے والی مسافر کوچ پر حملہ کر دیا۔ ڈاکوؤں نے کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

    واقعے کے بعد مقتول کے ورثاء نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈس ہائی وے کو بلاک کر دیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پیدا ہوا۔

    مقامی انتظامیہ اور پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی۔ عوامی حلقوں نے امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: کچے کے ڈاکوؤں نے بزرگ شہری کو اغواء کر کرلیا،بہیمانہ تشدد ،مغوی کی ویڈیو بنا کر تاوان کا مطالبہ

    اوکاڑہ: کچے کے ڈاکوؤں نے بزرگ شہری کو اغواء کر کرلیا،بہیمانہ تشدد ،مغوی کی ویڈیو بنا کر تاوان کا مطالبہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)کچے کے ڈاکوؤں نے بزرگ شہری کو اغواء کر کرلیا،بہیمانہ تشدد ،مغوی کی ویڈیو بنا کر تاوان کا مطالبہ

    تفصیل کے مطابق حویلی لکھا کے علاقے میں کچے کے ڈاکوؤں کی ظلم و بربریت کی ایک نئی داستان سامنے آئی ہے۔ ان ڈاکوؤں نے نہ صرف ایک بزرگ شہری لیاقت علی کو اغوا کیا بلکہ انہیں برہنہ کر کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ اس دوران ڈاکوؤں نے مغوی کی ویڈیو بنا کر ان کے ورثاء کو بھیجی اور ایک کروڑ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا۔

    یہ واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر چکا ہے۔ مغوی کے بھانجے کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم اب تک مغوی کی بازیابی نہیں ہو سکی۔ علاقے کے لوگ اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    ورثاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے فوری نوٹس لینے اور مغوی کی جلد از جلد بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ علاقے کے لوگ چاہتے ہیں کہ پولیس اس معاملے میں فوری اور مؤثر کارروائی کرکے ڈاکوؤں کو گرفتار کرے تاکہ علاقے میں امن و امان بحال ہو سکے۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، سرکاری ہتھیار اور ذاتی سامان چھین کر فرار

    تنگوانی: ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، سرکاری ہتھیار اور ذاتی سامان چھین کر فرار

    تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، سرکاری ہتھیار اور ذاتی سامان چھین کر فرار

    تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے ڈیرہ سر کی حدود میں واقع سیفل اسٹاپ پولیس چوکی پر حملہ کر کے پولیس اہلکاروں سے سرکاری ہتھیار چھین لیے۔ حملے میں ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار اسد گجرانی اور ممتاز گاجانی سے سرکاری ہتھیار، موبائل فون، اور ذاتی اسکوٹر چھین کر فرار ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق حملے کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیرہ سرکی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔ تاہم عوام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے صرف رسمی کارروائی کے طور پر موبائلز کی نقل و حرکت دکھائی گئی اور حقیقت میں کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔

    عوام نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس خود محفوظ نہیں ہے تو عوام کی حفاظت کا کیا حال ہو گا؟ اس واقعے نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے، اور عوام میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

  • میرپورخاص: ایس ایس پی نے 1122 ہیڈکوارٹر کا دورہ کرکے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا

    میرپورخاص: ایس ایس پی نے 1122 ہیڈکوارٹر کا دورہ کرکے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا

    میرپورخاص(باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار نے 1122 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میرپورخاص کا دورہ کیا۔ ریسکیو 1122 کے CLO فیاض سموں نے ان کا استقبال کی جبکہ ایس ایس پی میرپورخاص کو اہلکاروں کی جانب سے سلامی دی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے ہیڈکوارٹر کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں ریسکیو آلات اور ہنگامی صورتحال میں استعمال ہونے والی جدید تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    دورے کے دوران ڈی ایس پی (UT) طلال خان، انچارج ڈی آئی بی جواد دل اور متعلقہ ایس ایچ او بھی ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار کے ہمراہ موجود تھے۔ اس دورے کا مقصد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور ان کے جدید آلات کی افادیت کا جائزہ لینا تھا۔

  • خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا آغاز، کھیلوں کی دنیا میں ضلع خیبر کا اہم قدم

    خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا آغاز، کھیلوں کی دنیا میں ضلع خیبر کا اہم قدم

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے عوامی ایجنڈا کے تحت محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ خیبر کے تعاون سے خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے۔ فیسٹیول میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب حمزہ بابا سپورٹس گراؤنڈ جبکہ فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ہائی اسکول گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔

    افتتاحی تقاریب میں اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل عدنان ممتاز، تحصیلدار لنڈیکوتل حاجی تیمور آفریدی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر راہد گل ملاگوری، جنرل سیکریٹری خیبر سپورٹس کلب کلیم اللہ شینواری اور منظور شینواری نے شرکت کی۔ اس موقع پر کرکٹ اور فٹبال کے کھلاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔

    فیسٹیول کا افتتاح 10 اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے اور یہ 15 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس میں تحصیل لنڈیکوتل، باڑہ، جمرود اور ملاگوری کے علاقوں میں ولی بال، فٹ بال اور کرکٹ کے میچز منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں مجموعی طور پر 54 ٹیمیں اور 612 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل عدنان ممتاز نے افتتاحی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر سپورٹس فیسٹیول کا مقصد علاقے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر ہمیشہ سے کھیلوں کی دنیا میں زرخیز رہا ہے اور یہاں کے کئی کھلاڑی نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راہد گل ملاگوری نے کہا کہ محکمہ کھیل کی جانب سے اس قسم کے سپورٹس میلوں کا مقصد نوجوانوں کو منشیات جیسی لعنت سے بچانا اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ اپنے علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کر سکیں۔

    ادھرباڑہ میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا آغاز منڈی کس گراؤنڈ میں کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر باڑہ شہاب الدین اور تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی نے تقریب کے مہمانانِ خصوصی کے طور پر ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی افراد، نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شہاب الدین نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول کا مقصد علاقے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے، جس سے نہ صرف ان کی جسمانی و ذہنی صحت میں بہتری آئے گی بلکہ وہ معاشرتی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکیں گے۔

    تقریب کے اختتام پر شرکاء نے خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ خیبر کا شکریہ ادا کیا۔

  • دُکی: کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کا حملہ، 20 کان کن جاں بحق، 7 زخمی

    دُکی: کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کا حملہ، 20 کان کن جاں بحق، 7 زخمی

    کوئٹہ(باغی ٹی وی رپورٹ)بلوچستان کے علاقے دکی میں رات گئے مقامی کوئلہ کانوں پر ہونے والے مسلح حملے میں 20 کان کن جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ دکی کے ڈسٹرکٹ چیرمین حاجی خیر اللہ کی کوئلہ کانوں پر پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے نہ صرف راکٹ اور دستی بموں سے حملہ کیا بلکہ اندھا دھند فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں موقع پر موجود کان کن جاں بحق ہوگئے۔ زخمی افراد کو فوری طور پر دکی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے لورالائی کے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    جاں بحق ہونے والے کان کنوں کا تعلق مختلف علاقوں جیسے پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، مسلم باغ، موسیٰ خیل، کچلاک اور افغانستان سے تھا۔ اس سانحے میں نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہوا بلکہ حملہ آوروں نے کوئلہ کانوں کی مشینری کو بھی نشانہ بنایا اور تقریباً دس کوئلہ کانوں کی مشینری جلا دی جس سے بھاری مالی نقصان ہوا۔

    حملے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ تاہم ابھی تک کسی گروہ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

    دکی میں کوئلہ کانیں بلوچستان کی معیشت کے لیے اہم ہیں لیکن ان پر ہونے والے حملے کان کنوں اور مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔ اس واقعے نے کان کنوں کے اہل خانہ کو غم میں مبتلا کردیا ہے جبکہ علاقے کے لوگ سیکیورٹی کی عدم دستیابی اور انتظامیہ کی ناکامی پر سخت نالاں ہیں۔

    کوئلہ کان کے مالک حاجی خیر اللہ نے بتایا کہ مسلح افراد نے دس کوئلہ کانوں کی مشینری کو بھی جلا دیا ہے۔انہوں نے اس واقعے کو کان کنوں اور ان کی مشینری پر ایک منظم حملہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ حکومتی اور سیکیورٹی ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور مزید سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    یہ حملہ نہ صرف انسانی جانوں کا نقصان ہے بلکہ اس سے علاقے میں کوئلہ کی صنعت پر بھی سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ کان کنوں کو پہلے ہی مشکل حالات میں کام کرنا پڑتا ہے اور اس حملے کے بعد ان کی زندگی اور روزگار مزید خطرے میں پڑ گئے ہیں۔

  • سیالکوٹ:تحریکِ انصاف کے رہنما حامد باجوہ اور شفقت ملہی ایک ماہ کے لیے جیل منتقل

    سیالکوٹ:تحریکِ انصاف کے رہنما حامد باجوہ اور شفقت ملہی ایک ماہ کے لیے جیل منتقل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو)تحصیل پسرور سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے رہنما حامد باجوہ اور شفقت ملہی کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے حکم پر ایک ماہ کے لیے ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    ڈی سی گوجرانوالہ نے ان کے خلاف ڈی ٹینشن آرڈرز جاری کیے، جس میں کہا گیا کہ سی سی پی او گوجرانوالہ، ایس ایچ او صدر کامونکی، اور ایس ایچ او سٹی کامونکی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دونوں رہنما کامونکی میں کارکنوں کو ٹریفک میں خلل ڈالنے، خطرناک نعرے لگانے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ترغیب دے رہے تھے۔

    ان الزامات کے پیش نظر، امن و امان کی صورتِ حال خراب ہونے کے خدشے کے باعث انہیں ایک ماہ کے لیے جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ حامد باجوہ اور شفقت ملہی لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل ہونے کے لیے جا رہے تھے، جب پولیس نے انہیں کامونکی میں حراست میں لے لیا۔

    اس دوران پی ٹی آئی کے رہنما اور پی پی 48 سے امیدوار چودھری احسن عباس ایڈووکیٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ڈی سی گوجرانوالہ کے ان ڈی ٹینشن آرڈرز کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔