Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ:فارن سروسز سپیشلا ئزڈ ڈپلومیٹک  کورس کے44ویں وفد کا   چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

    سیالکوٹ:فارن سروسز سپیشلا ئزڈ ڈپلومیٹک کورس کے44ویں وفد کا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے)فارن سروسز سپیشلا ئزڈ ڈپلومیٹک کورس کے44ویں وفد نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک، نائب صدر عامر مجید شیخ اور ویمن چیمبر لبنا تبسم نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

    سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے سرکاری افسران کی صلاحیتوں اور انکے کام کی استعداد کو بڑھانے کے لیے غیر متزلزل عزم پر معزز شرکاء کو خراج تحسین پیش کیا۔

    ایس سی سی آئی کے صدر جناب عبدالغفور ملک نے مضبوط اقتصادی تعلقات کی تعمیر اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی مصروفیات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ سیالکوٹ کی تاجر برادری اور سفارتی دستوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی راہ ہموار کرے گا، جو بالآخر خطے کی اقتصادی خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ اس گروپ سے تعلق رکھنے والے ہمارے قابل افسران حکومتی مشینری کے ذریعے موثر کام کے لیے اپنے آپ کو پوری طرح وقف کر دیں گے، ان کا غیر متزلزل عزم بلاشبہ اپنے اپنے کرداروں میں بہتر نتائج دے گا، خواہ وہ وفاقی، صوبائی یا ضلعی سطح پر ہوں کیونکہ سب کا مقصد ملک کی ترقی اور شہریوں کی بھلائی ہے۔

    صدر ایس سی سی آئی عبدالغفور ملک کا کہنا تھا کہ ترقی کے حصول کے لیے تجارت اور صنعت کو بہتر بنانے میں آپ افسران کا کردار انتہائی اہم ہے، ضروری تربیت حاصل کرکے اپنے علم اور صلاحیتوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرکے آپ ہمارے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی سی آئی حکومتی حکام کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں بہت اہمیت رکھتا ہے اور ہم نے ہمیشہ خود کو حکومت کی ایک ٹیم سمجھا ہے تاکہ معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ٹیلنٹ سے بھرا شہر ہے جو صنعتکاروں کے ایک طبقے کی نمائندگی کرتا ہے، جنہوں نے برآمدات کی طرف اپنی جبلت اور بہترین نتائج حاصل کرنے کی خواہش کے ذریعے سیالکوٹ کو پاکستان کا واحد برآمدی شہر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں قائم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے سالانہ 2.5 بلین امریکی ڈالر کا زرمبادلہ کما رہے ہیں۔

    یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سیالکوٹ ضلع سب سے زیادہ محنت کش شہر ہے اور ملک میں اس کی فی کس آمدنی بھی بہت بہتر ہے۔ صدر ایس سی سی آئی نے کہا کہ سیالکوٹ میں فٹ بال، فیلڈ ہاکی اسٹکس، کرکٹ گیئر اور باکسنگ گلوز کا استعمال اولمپکس اور ورلڈ کپ سمیت بین الاقوامی کھیلوں میں ہوتا ہے،اس شہر نے فیفا ورلڈ کپ کے لیے آفیشل میچ بال کی تیاری میں مشہور ترین کا درجہ حاصل کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 قطر کی آفیشل میچ بال "الریحلا ” کو فخر کے ساتھ یہاں سیالکوٹ میں تیار کیا گیا تھا، اس کے علاوہ گزشتہ ورلڈ کپ کے فٹ بال بھی اسی شہر سے تیار کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کا تذکرہ بڑے فخر کے ساتھ کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہم ایکسی لینس ماڈل کو جاری رکھیں گے اور ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کرنے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک صدی پر محیط تاریخ سے جراحی کے آلات کی تیاری میں ہنرمند دستکاری کی وراثت نے ہمیں اعلیٰ معیار کے سرجیکل آلات تیار کرنے کے قابل بنایا ہے جو دنیا کے 140 سے زائد ممالک کو برآمد کیے جاتے ہیں اور جنہیں طبی ماہرین، سرجنز، بیوٹیشنز اور ڈینٹسٹ مکمل اعتماد کے ساتھ استعمال کرتے ہیں، اس کے علاوہ چمڑے کی مصنوعات اور ٹیکسٹائل ، کھیلوں کے لباس میں بھی سیالکوٹ کو معیار اور انداز میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں مسابقتی برتری حاصل ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے فارن سروس کے افسران کو خطے میں صنعتی ترقی اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایس سی سی آئی کی جانب سے شروع کیے گئے مختلف اقدامات اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد کو ون ونڈو آپریشن سسٹم سے متعارف کرایا گیا، جو کاروباری عمل کو ہموار کرتا ہے اور مقامی کاروباریوں کے لیے کارکردگی کو بڑھاتا ہے۔

    افسران نے نئے افتتاح شدہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کاروباری برادری کو دستیاب معاون خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس دورے نے فارن سروس کے افسران کو ایس سی سی آئی کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع فراہم کیا، جس سے وہ سیالکوٹ میں کاروباری اداروں کو درپیش چیلنجوں اور مواقع کے بارے میں بصیرت حاصل کر سکیں۔

    بات چیت میں بین الاقوامی تجارت، برآمدی مواقع اور اقتصادی سفارت کاری کو فروغ دینے میں ایس سی سی آئی کے کردار سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔

    ڈائریکٹر فارن افئیرز اکیڈمی ارسلان میر نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ اس دورے کا مقصدکاروباری برادری کے ساتھ بات چیت کرنا ہے کیونکہ اس ٹریننگ کے بعد ان میں سے زیادہ تر پالیسی سازی کی نشستوں پر فائز ہوں گے اور وہ پالیسی سازی کے عمل میں شامل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم انہیں ایکسپوژر دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ کاروباری برادری کے مسائل کی نشاندہی کریں اور پھر پالیسی سازی کے دوران ان کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر سیالکوٹ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے اور ملکی برآمدات میں جس طرح اپنا کردار ادا کر رہا ہے وہ بہت اچھا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ کے بڑے منصوبوں کے قیام پر سیالکوٹ کے برآمد کنند گان کے جذبے کو بھی سراہا۔

  • سیالکوٹ میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے

    سیالکوٹ میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) حکومت پنجاب اور لاہور ہائیکورٹ کے احکامات اور ہدایات کے مطابق ضلع سیالکوٹ میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے،

    ضلع سیالکوٹ کے پلاسٹک اینڈ پیکنگ میٹریل کے کاروبار سے وابستہ افراد کو واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ شاپر بیگز کو ہر گز فروخت نہ کریں اور اس کو بنوانے کیلئے دیئے جانے والے پیشگی آرڈر کو کینسل کیا جائے۔

    یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے 5 جون کے بعد ضلع سیالکوٹ میں شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی کی بابت کئے جانے والی اقدامات اور کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ ماحولیات اور انڈسٹریز کے مقامی حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری انڈسٹری پرائسسز، ویٹ اینڈ میئر کو ہدایت کی کہ وہ انجمن تاجران، اور ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور پرائس مجسٹریٹس کے تمام دودھ فروش، تندوروں، بیکریوں اور جنرل اسٹورز پر شاپنگ بیگ کے استعمال کی ممانعت کے بارے میں نوٹس لگائیں جس پر صارفین کو بھی اپیل کی جائے کہ وہ دودھ، روٹی کیلئے گھر سے برتن، کپڑے یا کاغذ کا تھیلا لائیں۔

    انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز ماحول کیلئے زہر قاتل بن چکا ہے اور ماحول کو شاپر بیگ سے پاک کرنے کیلئے ہر شہری اور بالخصوص تاجر کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات مقصود ربانی بٹ نے بتایا کہ تمام پلاسٹک اینڈ پیکنگ میٹریل کی شاپس پر نوٹس آویزاں کر دیئے گئے ہیں اور پلاسٹک ایسوسی ایشن نے یقین دہانہ کروائی ہے کہ وہ اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے ملنے والی ہدایات پر مکمل عمل کریں گے۔

  • ڈیرہ غازیخان:مظلوم کو انصاف فراہم کرنے ,جرائم کی روک تھام کیلئے میڈیا کا اہم کردار ہے۔ڈی پی او

    ڈیرہ غازیخان:مظلوم کو انصاف فراہم کرنے ,جرائم کی روک تھام کیلئے میڈیا کا اہم کردار ہے۔ڈی پی او

    ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبرکی رپورٹ)ریجنل پریس کلب ڈیرہ غازیخان کے وفد کی صدر ریجنل پریس کلب شہباز احمد زہر بلوچ کی زیرقیادت ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سید علی سے اہم میٹنگ ۔مظلوم کو انصاف فراہم کرنے ۔جرائم کی روک تھام اور پولیس اور میڈیا کے کے تعلق کو مزید تقویت دینے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ۔

    پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ جراٸم کی نشاندہی کرنے میں میڈیا نے ہمیشہ اپنا کردار بھرپور ادا کیا۔ یہ بات ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سید علی نے میڈیا سے تعارفی میٹنگ کے دوران کہی۔

    انہوں نے کہا کہ مظلوم کی دادرسی اور غریب کو انصاف کی فراہمی میرا مشن ہے اور میں ہر غریب آدمی کے ساتھ کھڑا ہوں تاکہ بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہو۔ ڈی پی او سید علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایت پر عوام الناس کا تحفظ ڈسٹرکٹ پولیس ڈیرہ غازیخان کی اولین ترجیح ہے ۔

    کسی اچھے اور نیک کام کے لۓ میرے دروازے عوام الناس کے لۓ ہر وقت کھلے ہیں۔ عوام الناس کے تحفظ کے لۓ جس حد تک ممکن ہو گا ڈسٹرکٹ پولیس میری نگرانی میں اپنا بھر پورکردار ادا کرے گی۔

    اس موقع پر تمام صحافیوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ پورا میڈیا جراٸم کی روک تھام اور اس کے خاتمے کے لۓ پولیس کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں گے جبکہ میڈیا اپنا POSITIVE کردار ادا کرتے ہوۓ ڈسٹرکٹ پولیس ڈیرہ غازیخان کے ہمیشہ ساتھ رہے گا۔

  • قصور : ڈی ایچ کیو ہسپتال، رات کے وقت ڈلیوری کرنے سے انکار،زچہ درد سے تڑپتی رہی،عملے کی ورثاء کو دھمکیاں

    قصور : ڈی ایچ کیو ہسپتال، رات کے وقت ڈلیوری کرنے سے انکار،زچہ درد سے تڑپتی رہی،عملے کی ورثاء کو دھمکیاں

    قصور ،باغی ٹی وی (بیوروچیف غنی محمود)ڈی ایچ کیو ہسپتال میں رات کے وقت ڈلیوری کرنے سے انکار،مریضہ درد سے تڑپتی رہی،عملے کی ورثاء کو دھمکیاں اورگارڈز بلا کر ڈرایا دھمکایا

    تفصیلات کے مطابق قصور ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور میں اندھیر نگری چوپٹ راج قائم ہے،عملہ ہسپتال اپنی مان مانیاں کر رہا ہے چاہے مریضوں کی جان ہی کیوں نا چلی جائے ان کو پرواہ نہیں ہے

    گزشتہ رات حیدر مغل نامی شہری ڈلیوری کے لئے اپنی بیگم کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور میں لے کر گیا تو عملہ نے جواب دیا کہ ہم رات کے وقت ڈلیوری نہیں کرتے حالانکہ مریضہ درد سے چلا رہی تھی تاہم باوجود منت سماجت کے بات نا سنی گئی تو خاتون کے ساتھ آئی عورت نے ویڈیو بنانا شروع کر دی جس میں ہسپتال کا عملہ عورت سے بدتمیزی سے بات کر رہا ہے اور گارڈز کو بلا کر ڈرا دھمکا رہا ہے

    ویڈیو دیکھنے کیلئے لنک پر کلک کریں
    https://x.com/DrMustafa983/status/1798738017240416743

    واضع رہے کہ ویڈیو میں بدتمیزی کرنے والی ڈاکٹر کی اس سے پہلے بھی کئی بار شکایت اعلی حکام تک پہنچی ہے مگر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی،ویڈیو سوشل میڈیا پہ وائرل ہو گئی ہے

    اہلیان قصور نے وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس کی اپیل کی ہے

  • سیالکوٹ ایک تاریخی اور قدیمی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید روایات کا امین شہر ہے,ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ ایک تاریخی اور قدیمی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید روایات کا امین شہر ہے,ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض سے) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کے زیر اہتمام 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں شریک افسران کا ڈی سی آفس کا دورہ، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے افسران کو ضلع سیالکوٹ کی ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ ایک تاریخی اور قدیمی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید روایات کا امین شہر ہے، برآمدات کے اعتبار سے ملک تیسرا بڑا شہر ہے جس کی فی کس آمدن اور شرح خواندگی ملک میں سر فہرست ہے۔ جس کا سارا کریڈٹ اس سٹی آف انٹر پرائز کے لوگوں کو جاتا ہے جو اپنی مدد آپ کے تحت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کے بزنس ماڈل کو پنجاب اور ملک کے دوسرے اضلاع پر اپلائی کیا جائے تو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ زرمبادلہ کا حل ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی مردم خیز مٹی نے جہاں اقبال، فیض، امجد اسلام اور ظہیر عباس جیسے نامور سپوتوں کو جنم دیا ہے وہیں پر یہاں کے ہنر مندوں کے ہاتھوں سے تیار ہونے والے آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کٹلری، کھیلوں کا سامان اور گارمنٹس کی دنیا بھر میں مانک ہے اور سالانہ 3 سے 4 بلین ڈالرز کی ایکسپورٹ اس بات کا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ میں پہلا ڈرائی پورٹ، ائیر پورٹ اور ائیر لائن کا کریڈٹ بھی سیالکوٹ کی کمیونٹی کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1998 اور 2008 میں سٹی پیکج کے نام سے یہاں کے باسیوں نے حکومت سے میچنگ گرانٹ کی مد میں شہر کی اہم شاہراہوں کو تعمیر کرکے ایک مثال قائم کی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ سیالکوٹ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے بھی مثالی شہر ہے یہاں 7 لاکھ کے قریب مسیحی بستے ہیں جبکہ سکھ اور ہندو مت کے ماننے والے بھی موجود ہیں اور ان کے مابین مذہبی رواداری اور ہم آہنگی قابل تعریف ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے اصل معمار ہیں، محنتی اور فرض شناس اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کیلئے ڈسٹرکٹ لیول پر بیسٹ ٹیچر ایوارڈ کا اجراء کیا گیا ہے جبکہ 10 سکولوں میں فری کوچنگ سنٹرز میں 3 ہزار بچوں کو فری کو چنگ دی جارہی ہے اور گزشتہ سال جن پانچ سرکاری سکولوں میں فری کوچنگ دی گئی وہاں کے بچوں نے بورڈ کے امتحانات میں بہتر اور حوصلہ افزائی نتائج دیئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کچہری کی ایمن آباد روڈ پر شفٹنگ کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے جبکہ شہر میں ذرائع آمدورفت کو تیز کرنے کیلئے رنگ روڈ کے پراجیکٹ پر بھی کام شروع کردیا گیا جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کی تکمیل کے بعد سیالکوٹ سے کھاریاں موٹر وے کی تعمیر جاری ہے۔

    نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کے زیر اہتمام ایس ایم سی کورس میں شامل 18 افسران شریک تھے۔ جنہوں نے انتظامیہ اور ڈیپارٹمنٹ کے مینجمنٹ اور درپیش چیلنجز کے بارے میں سوالات کئے جس کے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران نے جوابات دیئے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کی بریفنگ پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے حکام اور افسران نے شکریہ ادا کیا اور این آئی ایم کی جانب سے یادگاری سووینیر پیش کیا۔

  • سیالکوٹ میں گولی چلنے سے نوجوان ہلاک،ڈی جی خان میں لڑکا نہرمیں نہاتے ہوئے ڈوب گیا

    سیالکوٹ میں گولی چلنے سے نوجوان ہلاک،ڈی جی خان میں لڑکا نہرمیں نہاتے ہوئے ڈوب گیا

    سیالکوٹ سےباغی ٹی وی کے بیوروچیف شاہد ریاض کی رپورٹ کے مطابق پسٹل کی صفائی کرتے ہوئے گولی لگنے سے نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھا،یہ واقعہ پسرورکے علاقہ سلانکے میں پسٹل کی صفائی کے دوران گولی لگنے سے 17 سالہ نوجوان جاں بحق ،ریسکیو 1122 نے خضر نامی نوجوان کی نعش ہسپتال منتقل کردی، واقع تھانہ سبز پیر کی حدود میں پیش آیا،

    کوٹ مبارک سے امداداللہ تھہیم کی رپورٹ کے مطابق ڈی جی خان کینال میں نہاتے ہوئے 17 سالہ نوجوان مشتاق احمد ولد مصطفی قوم جیانی بیروٹھ والہ گزشتہ روز ڈوب گیاتھا، جسے 24 گھنٹے کے بعد ریسکیو 1122 اور مقامی غوطہ خوروں نے ان تھک محنت کرتے ہوئےلاش کوتلاش کرلیا جبکہ مقامی پولیس تھانہ کوٹ مبارک کی ٹیم بھی موجود تھی، عوام کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

    یادرہے کہ ڈی جی کینال بہت بڑی اور خاصی گہری اور چوڑی ہے ۔

  • سیالکوٹ: 22 سالہ لڑکی کی نہر میں چھلانگ لگا کرخودکشی کرلی، ایک خاتون کو پولیس بچالیا۔

    سیالکوٹ: 22 سالہ لڑکی کی نہر میں چھلانگ لگا کرخودکشی کرلی، ایک خاتون کو پولیس بچالیا۔

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے)تھانہ ہیڈ مرالہ پولیس نے خاتون کی خودکشی کی کوشش ناکام بنا دی،دوسرے واقعہ میں 22 سالہ لڑکی نے سمبڑیال نہر میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا

    تفصیلات کے مطابق تھانہ ہیڈ مرالہ پولیس موبائل کو دوران گشت اطلاع موصول ہوئی کہ ایک عورت نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کررہی ہے، اطلاع پاکر پولیس موبائل پوری موقع پر پہنچی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے عورت کو بچا لیا اور بحفاظت تھانہ میں لے گئے۔

    بعد دریافت پتا چلا کہ 4 بچوں کی ماں سلمٰی بی بی نامی خاتون نے گھریلو نا چاقی کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکرنہر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کرنے کی کوشش کی جوکہ پولیس نے معززین علاقہ کی موجودگی میں میاں بیوی کے درمیان صلح کرا دی

    جبکہ دوسرے واقعہ نیں 22 سالہ لڑکی نے سمبڑیال نہر میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ،اگوکی کے علاقہ کوٹ ماناں کے رہائشی شوکت مسیح کا کہنا ہے کہ اسکی 22 سالہ بیٹی ہما اپنے بھائی کے ساتھ میڈیسن لینے گئی تھی سمبڑیال نہر کے کنارے پانی پینے کے بہانے موٹرسائیکل رکوا کر نہر میں چھلانگ لگا دی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے لاش کی تلاش شروع کر دی ہے

  • گوجرانوالہ :وزیر خوراک پنجاب ان ایکشن، جعلسازی کرنے والے سنیکس یونٹ پر چھاپہ

    گوجرانوالہ :وزیر خوراک پنجاب ان ایکشن، جعلسازی کرنے والے سنیکس یونٹ پر چھاپہ

    گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی س(نامہ نگار محمدرمضان نوشاہی )وزیر خوراک پنجاب ان ایکشن، جعلسازی کرنے والے سنیکس یونٹ پر چھاپہ

    وزیرخوراک اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کا کنگنی والا میں واقع سنیکس یونٹ پر چھاپہ،1000لٹر کھلا اور ناقص آئل، 210 کلو ممنوعہ فلیور اور ایکسپائر اجزاء تلف، 5لاکھ جرمانہ عائد

    وزیر خوراک پنجاب نے بتایا کہ سپلائی کے لیے تیار اشیاء پر تاریخ اجراء اور تنسیخ موجود ناتھی،صفائی کے بدترین حالات، کاکروچز، چھکلیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔ برآمد شدہ ناقص آئل میں پاپڑ اور سنیکس فرائی کر کے پیک کیے جارہے تھے۔

    وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کاکہنا تھاکہ خوراک کی تیاری میں نان فوڈ گریڈ اشیاء کا استعمال اور پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزیاں کی جارہی تھی۔ ناقص آئل سے تیار اشیاء خورونوش کا استعمال دل کے عارضے میں مبتلا کرتا ہے۔

    ان کاکہناتھاکہ سنیکس اور گولیاں ٹافیاں بچوں کی پسندیدہ اشیاء ہیں، ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،خوراک کی تیاری میں مضر صحت ممنوعہ اجزاء کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں۔ملاوٹ سے تیار اشیاء سستے داموں مارکیٹ میں سپلائی کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے،خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل پر کڑی نگرانی کی جائے، جعلسازی کے خاتمے کے لیے جامع پلان تیار کیا جارہا ہے۔

  • میرپورماتھیلو: صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس کا ایک ملزم گرفتار

    میرپورماتھیلو: صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس کا ایک ملزم گرفتار

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)پولیس نے مقتول صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس کا ایک ملزم گرفتارکرلیا۔دوسری طرف شہید صحافی نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا

    میرپور ماتھیلو میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے صحافی کے قتل کیس میں ملوث ایک ملزم کو پولیس نے یارو لوند کے علاقے سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے صحافی کے قتل میں استعمال موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی جب کہ ملزم کو تفتیش کےلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیاہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد ہی نصراللہ گڈانی قتل کیس میں ملوث دیگرملزمان کو بھی گرفتار کرلیں گے۔

    یاد رہے کہ میرپور ماتھیلو سے تعلق رکھنے والے صحافی نصراللہ گڈانی پر 21 مئی کو فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

    دوسری طرف شہید صحافی نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا ، صحافیوں اور سول سوسائٹی اور شہریوں نے ایس ایس پی آفس کے سامنے قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا

    دھرنا شہید نصر اللہ گڈانی کی والدہ بچوں اور شہید نصر اللہ گڈانی پریس کلب کے صدر کی قیادت میں دیا گیا ہے ، دھرنے کے باعث سندھ اور پنجاب کی طرف جانب والی ٹریفک مکمل معطل ہو گئی، مسافر سخت پریشان ، مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

    مظاہرین کاکہناتھاکہ 16 دن ہو گئے ہیں ابھی تک حملہ آورا دہشتگرد گرفتار نہیں کیئے گئے ہیں، پولیس پر اعتماد نہیں ہے جے آئی ٹی بھی بے سود ثابت ہوئی اس لئے عدالتی کمیشن بنایا جائے ، قاتلوں اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کیا جائے

  • تنگوانی: خسرہ کی وباء ایک بچہ جاں بحق،متعدد مبتلا، محکمہ صحت منظرسے غائب

    تنگوانی: خسرہ کی وباء ایک بچہ جاں بحق،متعدد مبتلا، محکمہ صحت منظرسے غائب

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنصوربلوچ)خسرہ کی وباء ایک بچہ جاں بحق،متعدد مبتلا، محکمہ صحت منظرسے غائب

    تنگوانی اور گرد و نواح میں خسرہ وبائی بیماری نے تباہی مچا دی ہے کئی بچے اس وبائی بیماری میں مبتلا ہیں جبکہ کئی بچے اس وبائی بیماری کی وجہ موت کا شکار ہوچکے ہیں ،گذشتہ روز تنگوانی کے قریب گاؤں کھنڈو خان نندوانی میں چھ سالہ بچہ اسد اللہ ولد سہنو نندوانی خسرہ میں مبتلا ہوکر جاں بحق ہوگیا ہے

    یہ خطرناک وبائی بیماری پورے علاقہ میں پھیل چکی ہے ،شہریوں نے انتظامیہ سے درخواست ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

    واضح رہے کہ خسرہ انتہائی متعدی اور ممکنہ طور پر شدید بیماری ہے جو بخار، سرخ دانوں، کھانسی اور آنکھوں کی سرخی اور آنکھوں سے پانی بہنے کا باعث بنتی ہے۔ یہ بنیادی طور پر خسرے سے متاثرہ شخص کے کھانسنے یا چھینکنے کے بعد ہوا کے ذریعے پھیلتی ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق خسرے کی علامات متاثرہ ماحول میں رہنے کے سات سے 21 دن بعد نمودار ہوتی ہیں۔ خسرہ دانے نکلنے کے اندازاً چار دن پہلے سے لے کر دانے نکلنے کے چار دن بعد تک متعدی ہوتا ہے۔