Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف:چنی گوٹھ کے قریب تیز رفتار بس نے کار کو روند ڈالا ,کار سوار 3 افراد جاں بحق

    اوچ شریف:چنی گوٹھ کے قریب تیز رفتار بس نے کار کو روند ڈالا ,کار سوار 3 افراد جاں بحق

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) چنی گوٹھ کے قریب تیز رفتار بس نے کار کو روند ڈالا ,کار سوار 3 افراد جاں بحق
    تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں چنی گوٹھ کے قریب تیز رفتار بس نے کار کو روند ڈالا،اس حادثہ میں کار سوار 3 افراد موقع پر جاں بحق

    ریسکیو ذرائع کے مطابق بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا،حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں چنی گوٹھ اسپتال منتقل کردی گئیں
    جاں بحق افراد کی شناخت معراج ، اقبال اور نواز کے نام سے ہوئی ہے ،جاں بحق ہونے والے افراد چنی گوٹھ کے علاقہ جندو پیر کے رہائشی تھے

    اوچ شریف پولیس نے بس کو تحویل میں لیکر کارروائی کا آغاز کردیا ،

  • سیالکوٹ:  5 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیاگیا

    سیالکوٹ: 5 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیاگیا

    سیالکوٹ ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرشاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن ر شاہ میر نے آج 2 اکتوبر سے ضلع بھر میں پانچ روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیاگیا
    تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)شاہ میر نے کہا کہ 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم 6 اکتوبر تک جاری رہے گی،مہم کے دوران 6ماہ سے ایک سال تک اور ایک سال سے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو بالترتیب نیلے اور سرخ کور میں وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے

    انہوں نے کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 2676 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر133بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں اور 69ٹرانزٹ/رومنگ ٹیمیں لاری اڈوں اہم چوکوں اور بازاروں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گی

    مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مقامی حکام کے علاوہ129 یوسی مانیٹرنگ آفیسرز اور 536ایریا انچارجز مہم کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے ضلع سیالکوٹ میں 954 جھونپڑیوں خانہ بدوشوں اور افغان بستیوں میں مقیم 11ہزار 6 رجسٹرڈ بچوں کو بھی کور کیا جائے گا

  • ننکانہ : مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتما م فری لانسنگ ، ویب ڈیزائنگ کے بارے آگاہی پروگرم منعقد کیا گیا

    ننکانہ : مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتما م فری لانسنگ ، ویب ڈیزائنگ کے بارے آگاہی پروگرم منعقد کیا گیا

    ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی( نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتما م فری لانسنگ ، ویب ڈیزائنگ کے بارے آگاہی پروگرم منعقد کیا گیا
    تفصیل کے مطابق ضلعی سیکرٹریٹ میں مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتمام تنظیمی و مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں فری لانسنگ اور ویب ڈیزائنگ بارے آگاہی پروگرم کا انعقادکیا گیا جس کی صدارت امیر حمزہ فنانس سیکرٹری ننکانہ صاحب،رضا شاہ صدر پی پی 134 انفارمیشن سیکرٹری احتشام اور انجینئر علی احمد صدر یوتھ لیگ ننکانہ صاحب موجود تھے –

    انجینئر علی احمد نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا مایوسی کو ختم کرکے امید کی کرن کو روشن کیا جائے اور نوجوانوں کے اندر بیروزگاری کو ختم کرنے کے حوالے سے ننکانہ صاحب میں فری لا نسنگ اور ویب ڈیزائنگ کے تین ماہ کے کورس کرائے جائیں گے ، جس کو سیکھ کر لوگ اپنا رزگار کما سکتے ہیں

  • خاتون ڈاکٹر پر چھری سے حملہ

    خاتون ڈاکٹر پر چھری سے حملہ

    چندی گڑھ ،باغٍی ٹی وی (این این آئی) بھارتی ریاست پنجاب کے دارالحکومت چندیگڑھ میں ہندو انتہاپسندوں کی تنظیم گائو رکھشادل اورپولیس نے ملکر ایک مسلمان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ نئی دہلی میں خاتون ڈاکٹر پر چھری سے حملہ،ملزم موقع سے فرار ہوگیا

    کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گائو رکھشادل اورپولیس نے یہ چھاپہ چندیگڑھ کے علاقے اندراکالونی میں مارا اورچھاپے کے دوران گائے کا گوشت سٹوراورفروخت کرنے پر مذکورہ گھر کا فریج ضبط کرلیا۔چھاپے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے ۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نام نہاد گائو رکھشادل کے کارکن پولیس کی موجودگی میں مذکورہ گھر سے فریج لے کر جارہے ہیں۔ دریں اثنا بھارت کے شہر دہلی میں نامعلوم شخص نے خاتون ڈاکٹر پر چھریوں سے کئی مرتبہ وار کر کے زخمی کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے 40 سالہ ڈاکٹر پر کلینک کی عمارت میں سیڑھیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں اور ان کا علاج جاری ہے۔

    بھارتی پولیس کے مطابق خاتون عمارت کے گرانڈ فلور پر کلینک چلاتی ہیں جبکہ پہلی منزل پر ان کی رہائش بھی ہے۔ بھارتی پولیس کے مطابق ملزم حملے کے بعد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔واقعے کا مقدمہ اقدامِ قتل کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کا نہیں لگتا۔

  • سرگودھا : رات کے وقت کروڑوں روپے مالیتی’9’ایکڑ سرکاریزمین پر قبضہ

    سرگودھا : رات کے وقت کروڑوں روپے مالیتی’9’ایکڑ سرکاریزمین پر قبضہ

    سرگودھ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) رات کے وقت کروڑوں روپے مالیتی’9’ایکڑ سرکاریزمین پر قبضہ ،سرگودھا کے چک نمبر71شمالی میں گورنمنٹ پولٹری فارم سے ملحقہ فاطمہ جناح کالونی کے قریب واقع کروڑوں روپے کی9ایکڑ سرکاری اراضی پرقبضہ مافیا کی جانب سے راتوں رات قبضہ کرکے پختہ تعمیرات قائم کرنے کا انکشاف ہواہے،

    ضلعی انتظامیہ کے علم میں ہونے کے باوجود لگ بھگ16کروڑ روپے مالیت کا یہ رقبہ واگذار کروانے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ذرائع کے مطابق قبضہ مافیا میں شامل افراد کا تعلق قریبی آبادی سے ہے جنہوں نے محکمہ مال کی مبینہ ملی بھگت سے راتوں رات پلاٹوں کی کٹنگ کی اورتیزی سے پختہ تعمیرات بھی شروع کر رکھی ہیں ،

    باعث تشویش امر یہ ہے کہ اہل علاقہ اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا اور محکمہ مال کے دیگر افسران کو متذکرہ سرکاری رقبہ پر ناجائز قبضہ کی نشاندہی کر چکے ہیں ، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے مورخہ 16ستمبر2023کو فیلڈ عملے اورپولیس کے ہمراہ موقع کا ملاحظہ کیا اور ناجائز قابضین کو روکنے کےلئے لاﺅڈ سپیکر پر اعلانات کروائے گئے کہ اگر سرکاری رقبضہ سے تعمیراتی میٹریل نہ اٹھوایا گیا تو ہر چیز ضبط کر لی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ رقبہ واگذار کروانے اورقانونی کارروائی کے بھی احکامات جاری کئے تاہم صورتحال کے برعکس سرکاری عملہ کی جانب سے عملی طور پر کوئی خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گئے اور نہ ہی رقبہ واگزار کروانے کےلئے کوئی کوشش کی گئی ،

    یاد رہے کہ قبل ازیں بھی اسی قریبی رقبے پر قبضہ کیا گیا تھاجس پر پٹواری کی مدعیت میں بعض ناجائز قابضین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا مگر اس کے بعد چپ سادھ لی گئی ،جس کے باعث قبضہ مافیا کے حوصلے بلند ہو گئے اور لوگ قریبی سرکاری رقبے پراب روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ مزید ناجائز قبضے کر کے پلاٹ بنانے میں مصروف ہیں،

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں باضابطہ درخواستیں دے چکے ہیں جن میں سرکاری رقبہ پر ناجائز قبضے فوری طور پر روکنے کی استدعا کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل اور مشینری فراہم کرنے بھی پیش کش کی گئی ،مگر کوئی ایکشن نہیں لیاجا رہا،ناجائز قبضوں یہ سلسلہ کچھ عرصہ سے بغیر کسی وقفہ کے جاری ہے،

    دن دیہاڑے تعمیرات قائم کی جا رہی ہیں اگر اسی طرح قبضے ہوتے رہے تو چند روز میں سارے کا سارا سرکاری رقبہ مافیا کے زیر تسلط آ جائے گااہل علاقہ نے کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے سرکاری رقبہ واگذار کروا کر یہاں پارک یا گراﺅنڈ بنانے کی استدعا کی ہے ۔

  • سرگودھا : مرکزی مسلم لیگ کا مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن منعقد ہوا

    سرگودھا : مرکزی مسلم لیگ کا مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن منعقد ہوا

    سرگودھا،باغی ٹی وی( نامہ نگارملک شاہنواز جالپ سے ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن کے بعد پاکستان مرکزی مسلم لیگ رہنما پروفیسر حافظ مسعود کمال الدین نے عبدالحنان کوآرڈینیٹر NA-85 اور رائے منیر احمد کھرل امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ PP-78 کے ہمراہ پریس کانفرنس میں این 85 سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مرکزی مسلم لیگ پورے پاکستان میں ہر حلقہ سے الیکشن میں بھرپور شرکت کریں گی ہمارا مشن نظریہ پاکستان کو زندہ کرنا ہے جس مقصد کے لئے پاکستان حاصل کیا گیاملک پاکستان جس مرحلے اور مقام پر ہے ہمیں اس وقت زیادہ سے زیادہ ضرورت اس امر کی ہیں کہ ہم محاذ آرائی کے بجائے ملک کے اندر اتحاد امت کاماحول پیدا کریں اور اتحاد امت کا سبق دیں،پاکستان اس وقت انتہائی مشکلات کا شکار ہے جس میں نفرتوں،عداوتیں اور آپس کے اختلافات اتنے ہوچکے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو اتحاد کی طرف لے کر جایا جائے،

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا اتحاد امت نعرہ بھی ہے اور مشن بھی یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم لوگوں کا دل جیتے گے ہم خدمت انسانیت کا مشن لے کر نکلے ہیں اور پاکستان کے اندر ایک ایسی سیاست کو رواج دینا چاہتے ہیں جس کی بنیاد لوگوں کی خدمت ہو،ذاتی مفادات نہ ہوں،ایسے لوگوں کو سامنے لایا جائے جو ایثار اور قربانی کا جذبہ رکھتے ہو ں اور اپنے مفادات کو بھول کر ملکی مفادات کو سامنے رکھیں،

    ہم مرکزی مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے خدمت کا کام کررہے ہیں ہم وہ نہیں ہے کہ ہمیں حکومت ملے گی تو خدمت کریں گے،ہم لوگوں کے اندر خدمت کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں، جس میں ہر وہ شخص ہمارے ساتھ شامل ہو جس کو اللہ نے وسائل دیئے ہو ں ،اس امر میں ہمارے ساتھ شریک ہو اور ہمارا یہ خدمت کا مشن پورے ملک میں جاری ہے

  • بجلی چور کون ؟

    بجلی چور کون ؟

    بجلی چور کون ؟
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
    نگران حکومت نے بجلی چوروں کیخلاف کارروائی اور ڈیفالٹرسے بل وصولی کے لیے آپریشن کا آغاز کیا ہے،اس اپریشن کا عوام کوفائدہ ملے نہ ملے لیکن واپڈا ملازمین کیلئے کرپشن کرنے کاایک نیا دروازہ ضرورکھل گیا ہے جوشہری بجلی چور ی میں ملوث ہی نہیں ہے اگراس شہری کابل کم ہے تواسے کہا جاتا ہے کہ تمہارابل کیوں کم ہے ،لازمی بات ہے کہ تم بجلی چوری کرتے ہو،یہ نہیں دیکھا جاتا کہ اس شہری نے کتنی رقم خرچ کرکے سولرسسٹم لگایا ہے یا اس کے گھرمیں ایک پنکھا یا بلب کے علاوہ کوئی اورالیکٹرونکس اشیاء موجود ہے یا نہیں،اس کے برعکس شہری سے بھاری رشوت کاتقاضاکیا جاتا ہے،اگرشہری ان واپڈا ملازمین کی ڈیمانڈ پوری نہ کرے تو بھاری ڈٹیکشن بل کے ساتھ بجلی چوری کی ایف آئی آراس شہری کامقدربن جاتی ہے ،بجلی چوری کے علاقوں میں جہاں ان واپڈاملازمین کی خدمت کی جاتی ہے وہاں کارروائی سے قبل واپڈااہلکارفون کردیتے ہیں ،اس طرح جو اصل بجلی چورہیں وہ بچ جاتے ہیں ،پکڑاانہیں جارہا ہے جوپہلے ہی مہنگی بجلی کے بھاری بل ادا کررہے ہیں ۔بجلی چورکل بھی محفوظ تھے اور آج بھی اسی طرح سکون سے بجلی چوری کررہے ہیں ،جب تک کئی عرصے سے ایک ہی جگہ تعینات ایل ایس یا لائن مینوں کے دوردرازتبادلے نہیں ہوں گے اس وقت تک متعلقہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او زکا بجلی چوری پر قابوپاناممکن ہے۔

    ایک خبرکے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو نے چیئرمین نیپرا وسیم مختار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا پورے پاکستان کو نچاتا ہے اور آئے روز عوام پر تین، تین چار، چار روپے کے ٹیکے لگاتا ہے۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے سوال کیا کہ چیئرمین نیپرا کمیٹی میں آکر سامنا کیوں نہیں کرتے؟کسی فورم پر آتے ہوئے نیپرا کی ٹانگیں کانپتی ہیں،انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیئرمین نیپرا جب ایڈیشنل سیکرٹری پاور تھے تب انہوں نے کوٹ ادو پاور پلانٹ کو غیر قانونی توسیع دی۔انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی توسیع کے باعث ملکی خزانے پر 151 ارب روپے کا بوجھ پڑا،چیئرمین قائمہ کمیٹی نے داسو اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن کے ٹھیکے کی انکوائری بند کرنے کیلئے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی طرف سے سینیٹ پر دباؤ ڈالنے کا بھی الزام لگایا۔

    دوسری طرف ایک انگریزی اخبار نے سٹوری شائع کی ہے جس کے مطابق توانائی کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ سامنے آیاہے پاورڈویژن کے مطابق پاکستان میں بجلی کی کل پیداوار 48000 میگاواٹ ہے جبکہ اس کی ترسیل 26000 میگاواٹ سے زیادہ نہیں ہے لیکن اس نے صارفین کا لوڈ 175247 میگاواٹ ظاہر کیا ہے اور ان سے دھوکہ دہی سے بھاری رقوم وصول کی ہیں۔

    اس فراڈ کاانکشاف کراچی سے تعلق رکھنے والے ایسوسی ایٹ انجینئر(الیکٹریکل)انیل ممتاز نے اپنی دستاویزکے ذریعے کیا ہے جواس نے18 ستمبر 2023 کو چیئرمین نیپرا اوراس کے ارکان، وفاقی سیکرٹری توانائی و پاور ڈویژن اسلام آبادکے علاوہ مختلف اداروں کو بھیجیں، جن میں اس نے حکومت کے پاور سیکٹر حکام کے جرم کو بے نقاب کیا ۔

    ملک بھر میں بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے کے بعد سے عوام کا احتجاج جاری ہے اور مختلف مقامات میں اجتماعی طور پر بجلی بلوں کو جلایا بھی گیا ہے اور مظاہرین کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واپڈا ملازمین اور دیگر اہم سیاسی شخصیات کو مفت ملنے والی بجلی کا سلسلہ بندکیا جائے کیوں کہ عوام اب اس بوجھ کوبرداشت نہیں کر سکتے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں وزیراعظم، صدر، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز، وفاقی وزرا، چیئرمین نیب ، گورنر اسٹیٹ بینک، سینئر بیوروکریٹ اور سرکاری عہدوں پر فائز اعلی افسران کو ماہانہ بجلی مفت دی جاتی ہے جس کی تفصیل کچھ یوں ہے صدر مملکت کی تنخواہ اور دیگر مراعات سے متعلق ایکٹ Presidents Salary, Allowances and Privileges Act 1975 کے مطابق صدر کو لامحدود بجلی یونٹس فراہم کیے جائیں گے جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی صدر ماہانہ 2000 یونٹس مفت استعمال کرسکیں گے۔صدر کے انتقال کے بعد صدر کی زوجہ کو بھی بجلی کے 2000 یونٹس مفت فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کو بھی لامحدود مفت بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

    سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر ججز کو دوران ملازمت 2000 بجلی یونٹ استعمال کرنے کا اختیار ہے جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان ججز کو 2000 یونٹس بجلی مفت فراہم کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ ججز کو بھی ماہانہ 800 بجلی یونٹ مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔چیئرمین نیب کو بھی سپریم کورٹ کے ججز کے مساوی بجلی یونٹس مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ دیگر اداروں کی طرح گورنر اسٹیٹ بینک کو لامحدود بجلی مفت فراہم کی جاتی ہے اور اس کی رقم اسٹیٹ بینک ادا کرتا ہے۔ سرکاری اداروں کے افسران کو بجلی مفت فراہم کی جاتی ہے تاہم ادارہ اس بل کی رقم واپڈا کو ادا کر دیتا ہے۔

    واپڈا ملازمین اور بجلی پیدا کرنے اور ترسیل کا کام کرنے والوں کو بھاری یونٹس مفت میں فراہم کیے جاتے ہیں،وزارت توانائی کی جانب سے سینیٹ کمیٹی میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ایک لاکھ 89 ہزار واپڈا ملازمین کو ایک سال میں 34 کروڑ بجلی کے یونٹ مفت فراہم کیے گئے، اس طرح انہوں نے 8 ارب روپے کی بجلی مفت استعمال کی۔واپڈاکے 16سکیل والے افسر کو ماہانہ 300 یونٹ، 17سکیل والے کو ماہانہ 450 یونٹ، 18 سکیل والے کو 600 یونٹ، 19سکیل والے کو ماہانہ 880 یونٹ، 20سکیل والے کو 1100 یونٹ جبکہ 21 اور 22سکیل والے واپڈا افسر کو ماہانہ 1300 بجلی یونٹ مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ تمام افسران کو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پہلے کی طرح ملنے والے یونٹس مفت فراہم کئے جاتے ہیں۔

    ایک اوررپورٹ کے مطابق سرکاری ملازمین کی جانب سے سالانہ 34 کروڑ یونٹ مفت بجلی استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے، پاور ڈویژن نے گریڈ 17 سے 21 تک کے سرکاری افسران کی مفت بجلی کے خاتمہ کی تجویز کا جھانسہ دے کر بڑی واردات چھپا لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 ہزار ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے سے بڑا فرق نہیں پڑے گا بلکہ ٹیرف میں بڑے فرق کے لیے تمام ملازمین کی مفت بجلی سہولت ختم کرنا ضروری ہے۔دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ گریڈ 17 سے 21 کے 15 ہزار 971 ملازمین ماہانہ 70 لاکھ یونٹس مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔ اسکے مقابلے میں گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین 33 کروڑیونٹ ماہانہ مفت بجلی استعمال کررہے ہیں جن کی تعداد 1 لاکھ 73 ہزار200 ہے، یہ سرکاری ملازمین سالانہ 10 ارب کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔دستاویز کے مطابق گریڈ 17 تا 21 کے ملازمین سالانہ 1 ارب 25 کروڑکی بجلی مفت استعمال کر رہے ہیں جبکہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین ماہانہ 76 کروڑ 43 لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔

    اس وقت عوام میں بہت زیادہ بے چینی پائی جاتی ہے،عوام کا کہنا ہے کہ جو حکومتی ادارے بل ادا نہیں کرتے ان کیخلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے،عوامی حلقوں کی طرف مسلسل سوال اٹھایاجارہا ہے کہ عام شہری کی بجلی چوری توواپڈااوردوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کودکھائی دیتی ہے اُن کے خلاف بھرپورطاقت سے کارروائیاں جاری ہیں لیکن ضلع کچہریوں میں جہاں ڈائریکٹ کنڈے لگے ہوئے ہیں وہ اعلیٰ آفیسران اور قانون نافذکرنے والے اداروں کو کیوں دکھائی نہیں دیتے ،وہاں ایکشن کیوں نہیں لیاجاتا۔

    حکومت کے ارباب اختیارسے دردمندانہ اپیل ہے کہ عام صارفین کو ریلیف دیں تاکہ وہ بل ادا کرسکیں ،کنڈا لگانے والوں سے زیادہ سرکاری ملازمین بجلی چوری کرتے ہیںان کے خلاف بھی بھرپورکارروائی عمل میں لائی جائے، اگریکطرفہ غریبوںکے خلاف کریک ڈائون ہوگا تو وہ جرائم کی طرف جائیں گے جس سے انتشار پھیلے گا۔

  • سیالکوٹ:ڈپٹی کمشنر کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال اور ڈسکہ کا اچانک دورہ

    سیالکوٹ:ڈپٹی کمشنر کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال اور ڈسکہ کا اچانک دورہ

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال اور ڈسکہ کا اچانک دورہ
    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال اور ڈسکہ کا اچانک دورہ ، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، سٹاف کی حاضری ، مریضوں کی دی جانے والی طبی سہولیات ، ادویات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹر اور سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ علاج کی غرض سے آنے والے شہریوں سے اخلاق سے پیش آئیں اور ان کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ وہ او پی ڈی میں مریضوں کے بیٹھنے کیلئے نشستوں کا اضافہ کریں اور پرانے بینچز اور چیئرکو مرمت اور رنگ کروائیں ۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس سے ان کے مسائل بھی سنیں اور ان کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔

    ڈپٹی کمشنر سمبڑیال میں تحصیل کمپلیکس اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر کا بھی معائنہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنرنے ڈسکہ میں جوڈیشنل کمپلیکس کے سامنے نہر پر زیر تعمیر پل کا بھی معائنہ کیا اور مواصلات کے حکام کو تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

  • میرپور خاص:ایم کیو ایم کے زیراہتمام سانحہ 30 ستمبر شہداء حیدرآبادکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی

    میرپور خاص:ایم کیو ایم کے زیراہتمام سانحہ 30 ستمبر شہداء حیدرآبادکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی

    میرپور خاص، باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ )ایم کیو ایم میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے زیراہتمام سانحہ 30 ستمبر شہداء حیدرآباد کے ایصال ثواب کیلیئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی۔ جس میں رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر احمد کمالی،انچارج STC سلیم رزاق،اراکین STC شفیق احمد،جاوید آرائیں،ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم،جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز،اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی،منتخب بلدیاتی نمائندے،یوسیز کے ذمہ داران اور کارکنان موجود تھے۔
    اس موقع پر سانحہ 30ستمبر کے شہداء کے ایصال ثواب و بلند درجات۔تحریک کی سربلندی اور ملکی استحکام کیلیئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،

    یاد رہے کہ سانحہ 30 ستمبر 1988 حیدرآباد پاکستان کی تاریخ کا نہایت افسوسناک واقعہ ہے، آج سے 35سال قبل حیدرآباد اور لطیف آباد سمیت دیگر مقامات پر جس طرح قوم پرست جماعتوں کے دہشت گردوں نے اسسلحہ سے لیس ہوکر مہاجر آبادیوں میں قتل و غارت گری کی تھی جس کے نتیجے میں سینکڑوں مرد و خواتین اور بچوں کو بڑی بے دردی کے ساتھ شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا گیا تھا جو آج بھی معزوری کی زندگی گزار رہے ہیں ،یہ سانحہ درندگی کی بدترین مثال ہے

  • اوچ شریف:گذشتہ روز جشن عید ملادالنبیﷺعقیدت و احترام سے منایاگیا

    اوچ شریف:گذشتہ روز جشن عید ملادالنبیﷺعقیدت و احترام سے منایاگیا

    اوچ شریف,باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) اوچشریف شہر میں انجمن فیضان مصطفی کے سرپرست جماعت اہلسنت کے صدر و ضلعی امن کمیٹی کے ممبر حاجی غلام یسین سومرو کی سربراہی میں دعوت اسلامی اور انجمن طلباء اسلام کے مشترکہ تعاون سے شہر جبکہ اوچ بخاری میں ولی عہد چیف آف سادات و متوقع امیدوار چیئرمین مخدومزادہ سید حسنات مزمل بخاری ، مخدومزادہ سید علی حیدر بخاری اور مخدومزادہ سید وقاص رضا بخاری کی قیادت میں مخدوم پور اور محمد پور سمیت گردونواح کوٹلہ رحمت شاہ ، بختیاری و دیگر علاقوں سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر موٹرسائیکلوں ، رکشوں ، کاروں ، ٹریکٹرٹرالیوں چھوٹے بڑے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں مرکزی جلسہ گاہ کینال ریسٹ ہاؤس اوچشریف کے گراءونڈ میں پہنچے

    جس میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد شریک ہوئی جنہوں نے حبیب خدا حضور پاک نبی اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں لکھے نعروں کے پلے کارڈ ، بینر اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے اور درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے جہاں پر مخادیم سمیت دیگر شخصیات دیگر مہمانان کے ہمراہ حاجی غلام یسین سومرو اور چوہدری محمد فیاض سعیدی کے علاوہ دیگر شہر و گردونواح کے معززین و عمائدین علاقہ سمیت مختلف علاقوں سے آنے والے جلوسوں کے سربراہان کی دستار بندی کراتے ہوئے اعزازی شیلڈ تقسیم کی اور ملک و قوم کے استحکام ، بہتری ، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی

    جبکہ اس موقع پر پولیس تھانہ اوچشریف کے انچارج ایس ایچ او مسلم ضیاء کی سربراہی میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے قبل ازیں گزشتہ سے پیوستہ رات شہر کے مرکزی معروف چوک الشمس میں میلاد النبی کی بابرکت محفل جمیعت علمائے اسلام اور اہلسنت والجماعت کے سربراہان کی سر پرستی میں منعقد ہوئیں اس موقع پر چوک کے علاوہ قریبی پولیس تھانہ اوچشریف کی عمارت اور میونسپل کمیٹی کی عمارت سمیت دیگر سرکاری و نجی عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں کے برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا