Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • چترال :خاوند کی موت کا سن کر خاتون نے دریامیں چھلانگ لگاکر زندگی کاخاتمہ کرلیا

    چترال :خاوند کی موت کا سن کر خاتون نے دریامیں چھلانگ لگاکر زندگی کاخاتمہ کرلیا

    چترال،باغی ٹی وی (نامہ نگارگل حماد فاروقی )خاوند کی موت کا سن کر خاتون نے دریامیں چھلانگ لگاکر زندگی کاخاتمہ کرلیا
    چترال کے علاقے کوغذی میں برکت اللہ نامی ایک شحص دل کا مریض تھا۔اور کافی عرصے سے زیر علاج تھا ۔ آج برکت اللہ اپنے کھیت میں معمول کے مطابق کام کررہا تھا کہ اچانک اسے دل کا دورہ پڑ گیا اور موقع ہی پر جاں بحق ہوا۔ جب اس کی بیوی کو اس کی موت کا خبر ملی تو وہ یہ صدمہ برداشت نہ کرسکی اور اس نے جاکر دریائے چترال میں چھلانگ لگاکر زندگی کا حاتمہ کرلی۔

    ریسکیو ٹیم کو جب اطلاع ملی تو انہوں نے خاتون کی تلاش شروع کی۔ اور ریسکیو کے غوطہ خور ٹیم نے جگہ جگہ دریا میں اسے ڈھونڈا ۔ تاہم خاتون کی لاش چترال ٹاون کے علاقے جوٹی لشٹ کے قریب ہی دریا سے برآمد کرکے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال پوسٹ مارٹم کیلئے لے جایا گیا۔

    آزاد ذرائع کے مطابق برکت اللہ کی بیوی کو مرگی کا مرض لاحق تھا، خاتون کی لاش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالہ کردیا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق نماز عصر کے بعد میاں بیوی دونوں کا نماز جنازہ کوغذی گاؤں میں ادا کیاگیا

    برکت اللہ کے دو بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں جبکہ تین بیٹیوں کی شادی بھِی ہوچکی ہیں۔ اس کا ایک بیٹا چترال سکاوٹس میں ملازم ہے جبکہ ایک بیٹا سعودی عرب میں محنت مزدوری کررہا ہے۔ ایک ہی گھر سے بیک وقت دو جنازوں کی نکلنے پر علاقے کی فضاء نہایت سوگوار ہے اور لوگ ان کی المناک موت پر افسردہ ہیں۔

  • میرپورخاص:محمودآباد تھانہ کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائی

    میرپورخاص:محمودآباد تھانہ کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائی

    میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ )ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری کے احکامات کی روشنی میں محمودآباد تھانہ کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ،
    ایس ایچ اوتھانہ محمودآباد کامران ہالیپوٹو کی متعلقہ تھانے کی حدود علی ٹالپر ٹاؤن خفیہ اطلاع پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی، ملزم وزیر ولد لیموں ماچھی گرفتار، ملزم کے قبضے سے 9mm پسٹل اور 4 عدد زندہ راؤند برآمد.

    ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 68/2023 زیر دفعہ 23ia سندھ آرمز ایکٹ، محمودآباد تھانے میں درج، ملزم سے مزید تفتیش جاری

  • میرپورخاص:ہمارا اپنے بیٹے سے کوئی تعلق نہیں ہے پولیس بلاوجہ ہمیں تنگ کررہی ہے

    میرپورخاص:ہمارا اپنے بیٹے سے کوئی تعلق نہیں ہے پولیس بلاوجہ ہمیں تنگ کررہی ہے

    میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) فرار ملزم کے اہل خانہ کا میرپورخاص پولیس نے جینا دوبھر کردیا ، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوۓ خواتین پر پولیس کا تشدد ، ہمارا بیٹے سے اب ہمارا کوئی تعلق نہیں،مگر پھر بھی پولیس ہمیں بلا وجہ ذہنی اذیت دے رہی ہے ہمیں اس اذیت سے چھٹکارا دلایا جائے، ڈی آئی جی میرپورخاص، ایس ایس پی سے متاثرہ خاندان کی میں پریس کانفرنس کرتے ہوۓ اپیل ۔

    تفصیلات کے مطابق میرپورخاص محمود آباد انڑ چوک کے رہائشی زوہیب انڑ اپنی دل کے مریض والدہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوۓ کہا کہ میرے بیٹے ملزم جاوید انڑ سے اب ہمارا تعلق نہیں ہے مگر پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوۓ میری بیٹیوں پر تشدد کیا، پولیس کی جانب سے ہمیں دھمکیاں دی گئیں کہ ہم جاوید کو پیش کریں ،ہمیں بالکل نہیں معلوم کے جاوید انڑ کہا ہے اور نہ ہی اب ہمارا اس سے تعلق ہے ،

    زوہیب انڑ اور ان کی والدہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ کچھ دن قبل ایس ایچ او وومین مومل لغاری نے میری بیمار والدہ کے ساتھ بدتمیزی کی دھکے دیئے اور گالم گلوچ کی ،کونسا قانون اجازت دیتا ہے کہ کسی بیمار خاتون کے ساتھ اس طریقے سے پیش آیا جاۓ ،بیمار خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میرے بیٹے سے میرا کوئی تعلق نہیں،

    اس کی اولاد سے میرا تعلق کوئی ختم نہیں کرسکتا میرے پوتا پوتی 13 سالہ علیشا ، 10 سالہ عریشا ، 10 سالہ عبدالرحمان کو میرے بیٹے جاوید انڑ کی سالی ناہید پروین زبردستی گھر سے لے گئی اور ہمیں بچوں سے ملنے نہیں دیتی انھوں نے میرے پوتا پوتی کو اپنے گھر میں تالے میں قید کیا ہوا ہے ان کی تعلیم تباہ ہورہی ہے انہیں پڑھائی نہیں کرنے دی جارہی اگر ہم ان سے ملنے جاتے ہیں تو ہمیں پولیس کے نام کی دھمکی دی جاتی ہے،

    میری ڈی آئی جی میرپورخاص ، ایس ایس پی میرپورخاص سے گذارش ہے کہ ہمیں اس ذہنی تکلیف سے نجات دلائی جاۓ اور پولیس کی جانب سے ہمیں ہراساں کرنے کا نوٹس لیا جاۓ اور میرے پوتا پوتیوں کو ناہید پروین نامی خاتون سے آزاد کروا کر ہمارے حوالے کیا جاۓ تاکہ ہم انکا بہتر خیال رکھ سکیں

  • میہڑ :یوسی منگوانی کے سیلاب متاثرین کا انڈس ہائی وے پر دھرنا،انڈس ہائی وے مکمل بند

    میہڑ :یوسی منگوانی کے سیلاب متاثرین کا انڈس ہائی وے پر دھرنا،انڈس ہائی وے مکمل بند

    میہڑ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ)یوسی منگوانی کے سیلاب متاثرین کا انڈس ہائی وے پر دھرنا،انڈس ہائی وے مکمل بند
    یونین کونسل منگوانی کے سیلاب متاثرین بے یارومددگار ہوکر انڈس ہائی وے پر نکل آئے ،سیلاب متاثرین نے رکاوٹیں ڈال کر انڈس ہائی وے کو مکمل بلاک کر دیا اور ڈی سی دادو اور مختیارکار میہڑ کے خلاف سخت نعرے بازی کی،

    متاثرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ دیگر سیلاب متاثر یونین کونسل کوراشن اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں مگر ہماری یونین کونسل کو سیاسی بنیادوں کی وجہ سے نظر انداز کیا جارہاہے ،ایک تو سیلاب نے مکمل تباہ کردیا ہے دوسری طرف حکومت راشن نا دیکر کر بھوک اور بدحالی سےمارنا چاہ رہے

    متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ یونین کونسل منگوانی کے سیلاب متاثرین کو بھوک اور بدحالی سے بچایا جائے.

  • تنگوانی : دن دیہاڑے ڈکیتی کی 2 وارداتیں

    تنگوانی : دن دیہاڑے ڈکیتی کی 2 وارداتیں

    تنگوانی باغی ٹی وی (نامہ نگار منصور بلوچ )دن دیہاڑے ڈکیتی کی 2 وارداتیں،ڈاکوؤں کا مزاحمت پرتشدد،موبائل فون،نقدی ،موٹرسائیکل چھین کرفرار
    پہلی واردات تنگوانی کے قریب انڑ اسٹاپ پپ ڈاکوؤں نے جمال تھانے کی حدود میں ذوالفقار بھلکانی سے ڈاکوؤں نےموٹرسائیکل چھینے لگے تواس نےمزاحمت کی تو اسے گولی مارکر تشدد کرکے موبائل فون ،نقدی اور دیگر سامان،موٹرسائیکل سمیت چھین کر فرار ہوگئے

    دوسری واردات جمال تھانے ہی کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر ویکسینیٹر خدابخش نندوانی سے سرکاری موٹرسائیکل اور موبائل روک رقم چھین کر فرار ہوگئے،ویکسی نیشن کے دوران ویکسینیٹر سے ہونے والی ڈکیتی پرایس وی سلطان احمد کوسو کا ایس ایس پی کشمور سے مطالبہ ہے کہ جلد از جلد موٹرسائیکل ریکور کرائی جائے ،اگر موٹرسائیکل اور دیگر سامان ریکور نہ ہوا تو ہمیں بچوں کو پولیو ویکسین پلانے میں بڑی مشکلات کا سامناہوگا اور ملازمین ویکسینیٹروں سے روز اس طرح کے واقعات پیش آتے رہیں گے تو کیسے فیلڈ میں جائینگے.

  • ڈیرہ غازیخان:تحصیل ٹرائیبل ایریا کے تمام ہسپتالوں میں ملیریا ٹیسٹ فری ہوں گے

    ڈیرہ غازیخان:تحصیل ٹرائیبل ایریا کے تمام ہسپتالوں میں ملیریا ٹیسٹ فری ہوں گے

    ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی( نامہ نگارشہزادخان)تحصیل ٹرائیبل ایریا کے تمام ہسپتالوں میں ملیریا ٹیسٹ فری ہوں گے
    حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈیرہ غازیخان ہمہ وقت کوشاں ہے،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی ہدایت پر کوہ سلیمان کے پہاڑی خطہ میں رہائش پذیر افراد کو ملیریا سے بچانے کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے،

    اس حوالے سے قبائلی علاقہ تحصیل کوہ سلیمان میں ملیریا کے ٹیسٹ اور علاج کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ادریس لغاری نے2000 ملیریا کٹس فراہم کر دی ہیں،کٹس کی دستیابی کے بعد اب تحصیل ٹرائیبل ایریا کے تمام ہسپتالوں میں ملیریا ٹیسٹ فری ہوں گے،

    سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے ملیریا کی ادویات کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ مینجر پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی عابد علی کو کٹس کی فراہمی کے ساتھ قبائلیوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنیکی ہدایات بھی دی ہیں۔

  • گوجرہ :بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ  کے خلاف  شہری سراپا احتجاج بن گئے

    گوجرہ :بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے

    گوجرہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار عبدالرحمن جٹ کی رپورٹ)گوجرہ میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشااضافہ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے سمندری روڈ بائی پاس پر محلہ اسلام پورہ کےلوگوں نے ٹائر جلا کر روڈ کو بلاک کر دیا۔

    مظاہرین نے حکومت اور واپڈا کےخلاف شدید نعرہ بازی کی، شہریوں کے مطابق ان کے گھروں کو واپڈاکی جانب سے اضافہ کے ساتھ بھجوائے گئے بل عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہے جو جمع کرانے کی ان میں سکت نہیں ہے

    ایک بزرگ شہری کاکہنا تھا کہ گذشتہ ماہ 45 ہزار روپے بل جمع کرایا اس مہینے کا پھر 37 ہزار روپے بل آگیا ہے ،گھر میں صرف ایک پنکھا اوربلب جلتا ہے ،اس بزرگ نے سوال کیا اگرایک بلب اور پبکھے کابل 37یا 45 ہزارہوسکتا ہے جومفت کی بجلی چلارہے ہیں ان کے تو پھر لاکھوں روپے بل بنتا ہوگا،انہیں کس کھاتے اور قانون کے تحت مفت بجلی دی جارہی ہے.

    شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی بند کی جائے ورنہ وہ سڑکوں پر نکلنے پرمجبور ہونگے عوام پر رحم کھایا جائے اور اضافی ٹیکسزختم کئے جائیں-

  • سول نافرمانی اور لوٹ مارکاخدشہ

    سول نافرمانی اور لوٹ مارکاخدشہ

      سول نافرمانی اور لوٹ مارکاخدشہ
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
    انٹرنیشنل نیوزایجنسی رائٹرزکی رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں بدترین معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ستائے لوگوں نے دکانوں میں لوٹ مار شروع کر دی ہے ،مقامی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں پورے ملک میں لوٹ مار کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے، لوٹ مار کے خوف سے کچھ دکانداروں نے دکانیں بند کردیں اور کچھ دکانداروں نے حفاظت کے لیے ہتھیار رکھ لیے ہیں،واضح رہے کہ ارجنٹائن میں آئی ایم ایف کے معاشی پروگرام سے کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی نے اشیائے ضروریہ کو مزید مہنگا کر دیا ہے جس کے باعث ارجنٹائن کے عوام ان دنوں معاشی بحران اور سو فیصد سے زیادہ مہنگائی اوربے روزگاری کاشکارہیں اوران کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے ،جس سے ارجنٹائن میں لوٹ مار،چھیناجھپٹی عروج پر پہنچ گئی ،جسے وہاں کی پولیس کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،

    پاکستان میں بھی آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ساتھ ہی مہنگائی سے متعلق خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت سے متعلق فورکاسٹ رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ میں آئی ایم ایف نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 25.9 فیصد رہنے کا امکان ہے۔مالی سال 2023 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 29.6 فی صد رہی، مالی سال 2022 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 12.1 فی صد تھی، آئندہ مالی سال میں پاکستان کی معیشت پست شرح نمو کا شکار رہے گی۔فورکاسٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 2023میں 8-5فیصدرہی ہے جبکہ گذشتہ سال 2022میں بے روزگاری کی شرح 6.2 فی صد تھی۔

    اس وقت پاکستان میں اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے بہت دورجاچکی ہیں،آٹا،گھی ،چینی ،دالیں اور پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں بدستور ہوشربااضافہ،سبزیاں اور پھل بھی عوام کی قوت خرید سے باہرہوگئے ہیں،عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں نگران حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے،مارکیٹ ریٹ کے برعکس آفیسران ائرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر فرضی ریٹ لسٹیں بناکراپنے ایجنٹوں کے ذریعے 10سے20روپے فی کاپی کے حساب سے مارکیٹ میں دکانداروں کوفروخت کرتے ہیں ،مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ ریٹ لسٹ اورمارکیٹ میں اشیاء کے نرخوں میں زمین وآسمان کافرق ہوتا ہے ۔زندگی بچانے والی ادویات اتنامہنگی ہوگئی ہیں کہ غریب عوام تڑپ تڑپ کرموت کے منہ میں جارہے ہیں،اشرافیہ ہے کہ ان کے جسم پرجوں تک نہیں رینگتی،وہ عوام کی تکالیف سے بے نیاز ہوکرادویات اور دوسری ضروریات زندگی کی قیمتوں میں من چاہااضافہ کردیتے ہیں اورجب جی کرے تمام اہم چیزیں بلیک میں فروخت کرنے کیلئے مارکیٹ سے غائب کرکے ذخیرہ اندوزی کرلیتے ہیں۔

    آئی ایم ایف کی شرائظ پورے کرنے کیلئے حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کردیاجس سے عوام کی کمرٹوٹ گئی، پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ سے اشیاء کی قیمتوں میں بڑااضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔دوسری طرف نگران حکومت نے آئی ایم ایف کوراضی کرنے کیلئے عوام پر بجلی کاایٹم بم گرادیا ہے ،بجلی کے بل اتنا زیادہ بڑھائے گئے کہ کئی شہریوں نے بھاری بل دیکھ کرخودکشیاں کرلیں،اس وقت ناجائز بجلی بلوں کے خلاف پورے پاکستان میں عوام سراپا احتجاج ہیں لیکن غیرمنتخب ارباب اختیار و نگران حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ،اس سے قطع نظرنگران حکومت عوام کو بجلی کے نرخوں میں ریلیف دیتی ہے یا نہیں

    سوشل میڈیا پرمختلف پوسٹیں اوراعداد وشماردیکھنے کومل رہے ہیں ایک پوسٹ کے مطابق واپڈا کے 48 ہزار آفیسران 1 لاکھ 5 ہزار ملازمین سالانہ 39 کروڑ 10 لاکھ فری یونٹ اور 5 ارب 25 کروڑ روپے کی سالانہ مفت بجلی استعمال کرتے ہیں،جس کاخمیازہ عوام کوبھاری بلوں کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے ۔پاکستان کی تمام کچہریوں میں وکلاء چیمبرز،عدالتیں ،ججز اورکچہری کاپوراسسٹم مفت کی بجلی پر چلتا ہے ہاں کچہری میں کچھ ایسے وکلاء بھی موجود ہیں جنہوں نے اپنے چیمبرکیلئے بجلی کے میٹرلگوائے ہوئے ہیں جوماہانہ بل بھی جمع کراتے جن کی تعداد آٹے میں نمک کے برابرہے ،

    بی بی سی اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ کی جانب سے 2021 میں شائع ہونے والی ایک مشترکہ رپورٹ میں بیان کیا گیا ہے کہ کیسے پاکستان کے امرا، جاگیردار، سیاسی قائدین اور فوج کو ملنے والے معاشی مراعات پاکستان کی معیشت میں 17 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافی خرچے کا باعث بنتے ہیں۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکنامکس(پائیڈ) اور اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کے مختلف اداروں کے افسران کو اکثر ماہانہ تنخواہ کے ساتھ کئی مراعات ملتی ہیں جن میں مفت بجلی بھی شامل ہیں
    رپورٹ کے مطابق عدلیہ کے ایک ہائی کورٹ کے جج کو اپنی ملازمت کے دوران مفت گھر ملتا ہے، جس کا کرایہ حکومت دیتی ہے جبکہ بجلی کا بِل اور سرکاری گاڑی بھی حکومتی کھاتے میں آتے ہیں۔پائیڈ کی رپورٹ کے مطابق اگر جج اپنے گھر میں رہتے ہیں تو ان کے گھر کا اضافی خرچہ، جو دستاویزات میں تقریبا 65 ہزار روپے ماہانہ رقم بتائی جاتی ہے، مختص کردی جاتی ہے۔اور اس کے علاوہ دیگر اخراجات بھی اسی کھاتے میں اضافی کے نام سے شامل کر دیے جاتے ہیں جو حکومت بھرتی ہے

    پائیڈ کی رپورٹ کے مطابق اسی طرح بجلی کے اداروں میں کام کرنے والے اعلی افسران کو مفت بجلی دی جاتی ہے۔ جبکہ اس کے علاوہ مفت ٹیلیفون، مفت پٹرول اور مفت گھر بھی دیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کی ایک اجلاس میں پاور ڈویژن کو 16 سے 22 گریڈ کے سرکاری افسران کو مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کمیٹی چیئرمین نور عالم خان نے کہا تھا کہ اس اقدام سے سالانہ نو ارب روپے کی بچت ہو گی تاہم اس تجویز پر عمل نہیں ہو سکا۔

    اب سوشل میڈیا پرمسلسل سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ ایک سکول ٹیچراپنی سواری،بجلی کے بل کے ساتھ اپنے گھرکے تمام اخراجات ملنے والی اپنی تنخواہ سے کرت اہے تو پھر پاکستان کے بڑے اداروں کے افسران کو ملنے والی بجلی اور دیگرآسائشیں مفت کیوں؟

    عوام مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ تمام گورنمنٹ ملازمین اور بشمول واپڈا ملازمین ،کچہریوں ،عدالتوں کودی جانے والی مفت بجلی بند کی جائے اور 500 یونٹ کاٹیرف 10 روپے یونٹ رکھا جائے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا فراڈ ختم کیا جائے ۔

    اگر پاکستان کے مقتدر حلقوں نے عوام میں پائی جانے والی بے چینی،احتجاج اوران کی آہ وزاری پرتوجہ نہ دی تو پاکستان کی اشرافیہ اورایلیٹ کلاس اپنے گھروں میں سکون سے نہیں رہ پائیں گے، مقتدرحلقوں کو سری لنکا کے حالات کو بھی مدنظررکھنا چاہئے،جب کی وہاں عوام ظالم حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پرنکلی تو پوری دنیا نے دیکھا کہ وہاں کے حکمرانوں کے خلاف عوام کاغیض وغضب کیساتھا۔

    ارجنٹائن نے بھی آئی ایم ایف قرض پروگرام پر عملدرآمد کرنے کیلئے بے جا ٹیکس لگائے جس سے مہنگا ئی میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا اور عوام کی قوت خرید ختم ہوگئی تو پھر ارجنٹائن میں بدترین معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ستائے لوگوں نے دکانوں میں لوٹ مار شروع کر دی ۔

    آخرمیں ارباب اختیار سے عرض ہے کہ پاکستان کو سری لنکایا پھرارجنٹائن نہ بننے دیں ،عوام کے مطالبات جائز ہیں ان پر کان دھریں ایلیٹ کلاس یا اشرافیہ کی عوام کی سسکتی زندگی کی قیمت پر عیاشیاں بند کی جائیں ،مفت بجلی سمیت تمام اضافی مراعات واپس لی جائیں کیونکہ اس وقت پاکستان کسی بھی قسم کے ایڈونچریاکسی افراتفری کامتحمل نہیں ہوسکتا،اگراقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے طاقتور لوگوں نے عوام کی بے چینی کافوری ادراک نہ کیا توملک دشمن عناصر بھی تاک میں بیٹھے ہیں وہ ان حالات کا بھرپو رفائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے ،خدانخواستہ اگرعوام نے سول نافرمانی شروع کردی اور لوٹ مارافراتفری پیدا ہوگئی تو عوام کے غصے سے اشرافیہ نہیں بچ پائے گی،اب بھی وقت ہے کہ عوام کی آواز سنیں اوران کے مسائل حل کریں ،کہیں ایسا نہ ہو کہ پھر دیرہوجائے۔

  • چونیاں :مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب زدگان کے لئے امدادی کیمپ لگا دیئے

    چونیاں :مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب زدگان کے لئے امدادی کیمپ لگا دیئے

    چونیاں،باغی ٹی وی (نامہ نگارمیاں عددیل اشرف) مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب زدگان کے لئے امدادی کیمپ لگا دیئے
    کھانا، ادویات، خشک راشن اور جانوروں کے لئے چارہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے مرکزی رہنماء حافظ سیف اللہ خالد کا صحافیوں کے ہمراہ امدادی کیمپوں کا دورہ

    دریائے ستلج میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ضلع قصور کے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اربوں روپے کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں مرکزی مسلم لیگ طرف سے ضلع قصور کی حدود میں چار امدادی کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں گزشتہ روز مرکزی رہنماء حافظ سیف اللہ قصوری نے سینئر صحافیوں،صابر چوہدری،مہر محمد اسماعیل جاوید، اعظم چوہدری، عبدالغفور اور حافظ وحید اشرف کے ہمراہ امدادی کیمپوں کا دورہ کیا اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا معائنہ کیا امدادی کیمپوں میں سیلاب زدگان کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگوں کے لئے کھانا، ادویات اور خشک راشن تقسیم کیا جا رہا ہے جانوروں کے لئے چارہ بھی مہیاء کیا جا رہا ہے

    حافظ سیف اللہ قصوری نے اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تربیت یافتہ کارکن اپنی ذاتی کشتیوں کے ذریعے ہزاروں افراد کو ریسکیو کر چکے ہیں اور سیلاب میں گھرے ہوئے اپنے بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ خاطر خواہ انتظامات نہ کر رہی ہے، سرکاری وسائل کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے بیوروکریسی خوف خدا کرتے ہوئے بوگس کاروائیاں کرنے اور جعلی بل منظور کروانے کی بجائے ایمانداری سے حقداروں پر ان کا حق پہنچانے کی کوشش کرے

    اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ پاکستان کے دیگر راہنما اور کارکنان بھی موجود تھے

  • چونیاں: شہری  بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئے

    چونیاں: شہری بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئے

    چونیاں،باغی ٹی وی (نامہ میاں عدیل اشرف) شہری بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئے،ایک تو مہنگی بجلی اوپر سے اووربلنگ شہری بلبلا اٹھے واپڈا بل اب صرف بل نہیں رہا بلکہ باقاعدہ ڈکیتی بن چکا ہے ،بجلی کے بلوں کے ذریعے حکومتی لوٹ کھسوٹ منظور نہیں مراعات یافتہ طبقے کی خاطر غریبوں، مزدوروں، دیہاڑی داروں اور سفید پوشوں کا معاشی استحصال بند ہونا چاہئے

    بجلی 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کر کے عوام کے اوپر مزید مہنگائی کا بم گرا دیا جس کے خلاف چونیاں مستووال کے شہریوں نے ‏پرامن احتجاجی ریلی جامعہ مسجد سے لے کر کیپٹن صہیب اشرف شہید چوک تک نکالی ،شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بلوں میں اوور چارجز فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا

    چونیاں کے شہری اور کسان مہنگائی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف سراپا احتجاج ،شہریوں نے پرامن احتجاجی ریلی نکالی جس میں صحافی تاجر برادری اور کسانوں نے بھرپور شرکت کی ریلی جامعہ مسجد مستووال سے ہوتی ہوئی کیپٹن صہیب اشرف شہید چوک پہنچی، مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عام آدمی کے لئے ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہے ،

    معاشی بدحالی کے اس دور میں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ، کمائی نصف اور مہنگائی ڈبل ہو چکی جس سے مزدور کسان تاجر اور سول سوسائٹی پر زندگی کا دائرہ تنگ ہوتا جا رہا ہے ،نگران حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور عوام کو ریلیف دیا جائے،احتجاجی ریلی میں شہریوں نے حکومت وقت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ظالم حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے

    شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ائے روز بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیا جائے تاکہ عام آدمی کی زندگی اسان طریقے سے گزر سکے۔