Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • اسٹیج اداکارہ دعا چوہدری کا تھانے پر دھاوا،ساتھیوں کو چھڑا کر لے گئیں

    اسٹیج اداکارہ دعا چوہدری کا تھانے پر دھاوا،ساتھیوں کو چھڑا کر لے گئیں

    لاہور: اسٹیج اداکارہ دعا چوہدری ملزموں کو تھانے سے چھڑا کر لے گئی-

    باغی ٹی وی: گرین ٹاؤن میں اسٹیج اداکارہ دعا چوہدری کے گھر سالگرہ کے فنکشن کے دوران ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر پولیس نے ریڈ کیا اور 2 افراد عدنان اور عبداللّٰہ کوحراست میں لیا جس کے بعد دعا چوہدری نے اپنے ساتھیوں سمیت تھانے پر دھاوا بولا، اہلکاروں کی وردی پھاڑ دی اور تشدد بھی کیا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی

    پولیس کے مطابق اہل علاقہ ساؤنڈ سسٹم کے شور سے پریشان تھے، 15پر اطلاع پر ڈانسر دعا چوہدری کی سالگرہ کی تقریب پر چھاپہ مارا تاہم نفری کی کمی اور خاتون اہلکارکی عدم دستیابی کے باعث حملہ آوروں کو نہ پکڑا جا سکا، پولیس نے تھانہ گرین ٹاون میں 7 خواتین اور 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق دعا چوہدری نے فضا، کائنات، سحر اور دو ساتھیوں کے ہمراہ تھانے پر ہلہ بولا۔

  • پریانکا کی طلاق کی خبروں پر والدہ کا بیان سامنے آگیا

    پریانکا کی طلاق کی خبروں پر والدہ کا بیان سامنے آگیا

    بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے اپنی بیٹی اور داماد نِک جونس کی طلاق کی خبروں کی تردید کی ہے-

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے بیٹی کی طلاق کی خبروں پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ سب بکواس ہے، افواہیں مت پھیلائیں پریانکا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے نِک جونس کا نام ہٹا دیا ہے لیکن وہ دونوں ابھی بھی ایک ساتھ ہیں اور محبت بھری زندگی گُزار رہے ہیں پریانکا کا سوشل میڈیا سے نک جونس کے نام کوہٹانے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ نک کواپنی زندگی سے بھی نکالنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

    دوسری جانب طلاق کی خبروں پر پریانکا چوپڑا اور نِک جونس ابھی تک خاموش ہیں، دونوں کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    پریانکا اور نک جونس کی طلاق ہو گئی؟

    واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے وضاحت فراہم کیے بغیر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنے نام سے نِک جونس کا نام ہٹا دیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی ہے۔

    پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے یکم دسمبر2018 کو ہندواور 2 دسمبر 2018کو عیسائی طرزِ عمل کی شادی کی تھی اور جب سے دونوں لو برڈز کی طرح کھلے عام اظہار محبت کرتے رہتے ہیں، حال ہی میں انہوں اپنے پہلے گھر میں پہلی دیوالی کی خوشیاں منائی تھیں پریانکا نے اس یادگار لمحے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’ ہمارے پہلے گھر میں ہماری ایک ساتھ پہلی دیوالی۔ اور یہ ہمیشہ خاص رہے گی۔ اور ان تمام افراد کا شکریہ جنہوں نے اس شام کو ہمارےلیے خاص بنایا، آپ سب میرے لیے فرشتے ہیں-

  • اگر ہم نے حلف نامے یا آڈیو بنائی ہے تو ہمیں بالکل سزا دیں      شاہد خاقان عباسی

    اگر ہم نے حلف نامے یا آڈیو بنائی ہے تو ہمیں بالکل سزا دیں شاہد خاقان عباسی

    سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سازش کے تحت سزا دی گئی، اگر حلف نامے میں کی گئی بات درست ہے تو ثاقب نثار کو سزا دیں، اگر غلط ہے تو رانا شمیم کو سزا دیں۔

    باغی ٹی وی: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے جو سزا دلوائی کیا اسے ختم نہیں کیا جا سکتا؟ ثاقب نثار نے نواز شریف، مریم نواز کو سزا دلوائی، یہ سزا کم از کم اب تو ختم کر دیں۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیئے، انصاف کے لیے کس کے پاس جاؤں گا؟ اگر ہم نے حلف نامے یا آڈیو بنائی ہے تو ہمیں بالکل سزا دیں، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ آواز سابق چیف جسٹس کی نہیں۔

    سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیئے، معاملات عدالت میں آئین کے مطابق ہونے چاہئیں، سفارشات پر نہیں ہونے چاہئیں حکومت اپنا رشتہ آڈیو سے قائم کرنا چاہتی ہے، آڈیو میں ملک کے اس وقت کے چیف جسٹس کہہ رہے ہیں کہ انہیں حکم ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سزا دینی ہے۔

    ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے حکم کس کو دیا کچھ معلوم نہیں، آپ فارنزک کروائیں لیکن ہمیں انصاف چاہیئے نیب آرڈیننس ہونا ہی نہیں چاہیئے تھا اور حکومت غلط آرڈیننس لے کر آئی ہے، چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا جا رہا ہے۔

    شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کی تباہی میں نیب کا بڑا حصہ ہے، نیب سے سوال ہے کہ کتنے سیاستدانوں کو شاملِ تفتیش کیا اور کتنی رقم برآمد کی؟ ملک میں عدل کے نظام کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

    دوسری جانب فواد چوہدری کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ نوازاینڈ کمپنی جعلی ویڈیوز،لیکس اورگیمزسے باہرآکرالزامات کا جواب میرٹ پردے یہ ڈرامے مکمل طورپرفلاپ ہوچکے ہیں جیل نہیں جانا توپیسے واپس کریں یہ مختصرحل ہے جس کوپیچیدہ بنا کرنکلنا چاہتے ہیں۔

    قبل ازیں فواد چودھری کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہنا تھا کہ جب بھی مریم اورنوازشریف کےمقدمات چلتےہیں توکوئی لیک آجاتی ہے سب کچھ آجاتاہےلیکن رسیدیں نہیں آتیں یہ نہ پارلیمان کےسامنےثبوت دےسکےنہ سپریم کورٹ میں پیش کرسکے-

    انہوں نے کہا کہ اگران کےپاس کوئی ثبوت ہوتےتوپیش کرتے عمران خان نے40سال پرانی رسیدیں عدالت کےسامنے پیش کیں ٹیپ ہےیا کوئی اورمعاملہ،قوم صرف یہ سمجھتی ہےکہ رسیدیں آنی چاہیئں کیلبری فونٹ کی دستاویزپیش کی گئی جوجعلی ثابت ہوئی آئین پاکستان نے اِن دو اداروں کوتحفظ دیا ہےاپوزیشن عد لیہ اورفوج کےخلاف مہم چلانا بند کرے-

  • محکمہ لیبر کا خواتین فیکٹری ورکرز کو اسکوٹی موٹر سائیکلیں دینے کا اعلان

    محکمہ لیبر کا خواتین فیکٹری ورکرز کو اسکوٹی موٹر سائیکلیں دینے کا اعلان

    لاہور: پنجاب میں خواتین فیکٹری ملازمین کو محکمہ لیبر اسکوٹی موٹر سائیکلیں دے گا۔

    باغی ٹی وی :نجی خبررساں ادارے کے مطابق سیکرٹری لیبر لیاقت علی چٹھہ نے گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈی جی لیبر فیصل ظہور،ڈپٹی سیکرٹری راؤ زاہد سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔

    سیکرٹری لیبر کے مطابق اجلاس میں سالانہ 100 خواتین فیکٹری ورکرز کو اسکوٹی موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے اجلاس میں ورکرز ویلفیئر اسکولوں میں اساتذہ کی 304 خالی اسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ بھی کیا گیا اور کمپیوٹر ٹیچرز کی 8 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی۔

    سیکرٹری لیبر لیاقت علی نے تمام طلباء کو اسکول یونیفارم کی مد میں گرانٹ فوری ادا کرنے کا حکم دیا اور گورننگ باڈی نے 70 ملین روپے کی لاگت سے ویلفیئر اسکولوں کیلئے فرنیچر خریدنے اور ٹیوٹا کے تعلیمی اداروں میں مزدوروں کے بچوں کو تکنیکی تعلیم مہیا کرنے کی منظوری بھی دی محکمہ لیبر ٹیوٹا کے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی فیس ادا کرے گا۔

    سیکرٹری لیبر نے کہا کہ گوجرانوالہ میں جعلی کاغذات کی مدد سے ڈیتھ گرانٹ کے لئے 10 کیسز دائر کئے گئے، جس پر محکمہ کے 3 ملازمین اور 2 لیبر لیڈرز کے خلاف گرانٹ کی جعلی کیسز پر ایف ائی آر درج کروائی گئی ہے۔

  • کراچی :چڑیا گھر کے جانوروں کا کھانا بند ،شیراور بندر سمیت کئی جانورلاغر

    کراچی :چڑیا گھر کے جانوروں کا کھانا بند ،شیراور بندر سمیت کئی جانورلاغر

    کراچی چڑیا گھر میں ٹھیکیدار نے پیسوں کی ادائیگی نہ ہونے پر جانوروں کو مزید کھانا دینا بند کردیا ہے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں ٹھیکیدار نے پیسوں کی عدم ادائیگی پر جانوروں کو کھانا دینا بند کردیا ہے، مناسب غذا نہ ملنے کے باعث شیر اور بندر سمیت کئی جانور لاغر ہوگئے-

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت صرف چند دنوں کی خوراک موجود ہے صورتحال یہ ہی رہی تو جانوروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق چڑیا گھر میں خوراک دینے والے ٹھیکیدار نے 22 نومبر سے خوراک دینا بند کردی ہے، ٹھیکدار نے چڑیا گھر پر نوٹس چسپاں کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جانوروں کو خوراک دینے کی ذمہ داری کے ایم سی کی ہوگی۔

    اس ضمن میں ٹھیکیدار کا کہنا ہے اسے چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے چار ماہ سے رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس کے باعث وہ کھانا فراہم نہیں کررہے۔

    دوسری جانب ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ جانوروں کےلئے مناسب خوراک موجود ہے۔

  • لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور ہوائی فائرنگ کرنے پر مشہور ٹک ٹاکر گرفتار

    لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور ہوائی فائرنگ کرنے پر مشہور ٹک ٹاکر گرفتار

    پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے پر مشہور ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا۔

    باغی ٹی وی :لاہور کے علاقے مصطفی آباد میں پولیس نے کارروائی کے دوران پرائیویٹ ڈالے میں سے ہوائی فائرنگ کرنے والے مشہور ٹک ٹاکر علی اکبر عرف علی بابا کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کرلی ہیں۔

    ایس پی کینٹ کے مطابق ٹک ٹاکر علی اکبر عرف علی بابا لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کر رہا تھا، ہوائی فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا اور مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے ٹک ٹاک پر لگائی گئی پابندی رواں ماہ ہٹادی ہے، پی ٹی اے کے مطابق پابندی ٹک ٹاک کی غیراخلاقی مواد کو کنٹرول کرنے کی یقین دہائی پر ہٹائی گئی پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک نےغیرقانونی مواد اپ لوڈ کرنے والے اکاؤنٹس بلاک کرنے کی بھی یقین دہائی کرائی ہے، مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ملک میں ٹک ٹاک ایپ 20 جولائی 2021 سے بند تھی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 30 جولائی 2021 کو انتظامیہ کے عدم تعاون پر ملک بھر میں ٹک ٹاک بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں اکتوبر میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پابندی کو اظہار رائے کے خلاف قرار دیتے ہوئے پی ٹی اے سے جواب طلب کیا تھا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا تھا کہ پی ٹی اے نے پابندی کیوں لگائی؟ آئندہ سماعت پرمطمئن کیا جائےعدالت نے ریمارکس میں کہا جو ہدایت کی تھی اس کا جواب موجود نہیں، پی ٹی اے نے پشاور اور سندھ ہائی کورٹ میں بیان حلفی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹک ٹاک پرایک فیصد مواد قابل اعتراض ہوتا ہے۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے تھے کہ متوسط طبقہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے اس پلیٹ فارم سے کمائی کررہا ہے، اس کے باوجود ٹک ٹاک کو بلاک کیا گیا، کسی ایکسپرٹس سے رائے لی گئی ؟اٹارنی جنرل نے بتایا تھاکہ وہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے، پلیٹ فارم کو بلاک کرنا آئین میں دئیے گئے حقوق کی خلاف ورزی ہے-

  • ڈرامے فلاپ ہوچکے، نوازاینڈ کمپنی جعلی ویڈیوز،لیکس اورگیمزسے باہرآکرالزامات کا جواب میرٹ پردے     فواد چودھری

    ڈرامے فلاپ ہوچکے، نوازاینڈ کمپنی جعلی ویڈیوز،لیکس اورگیمزسے باہرآکرالزامات کا جواب میرٹ پردے فواد چودھری

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ نوازاینڈ کمپنی کے ڈرامے فلاپ ہوچکے ہیں۔

    وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ نوازاینڈ کمپنی جعلی ویڈیوز،لیکس اورگیمزسے باہرآکرالزامات کا جواب میرٹ پردے یہ ڈرامے مکمل طورپرفلاپ ہوچکے ہیں جیل نہیں جانا توپیسے واپس کریں یہ مختصرحل ہے جس کوپیچیدہ بنا کرنکلنا چاہتے ہیں۔

    گزشتہ روز وفاقی وزیر فواد چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا تھا کہ جب بھی مریم اورنوازشریف کےمقدمات چلتےہیں توکوئی لیک آجاتی ہے سب کچھ آجاتاہےلیکن رسیدیں نہیں آتیں یہ نہ پارلیمان کےسامنےثبوت دےسکےنہ سپریم کورٹ میں پیش کرسکے-

    انہوں نے کہا تھا کہ اگران کےپاس کوئی ثبوت ہوتےتوپیش کرتے عمران خان نے40سال پرانی رسیدیں عدالت کےسامنے پیش کیں ٹیپ ہےیا کوئی اورمعاملہ،قوم صرف یہ سمجھتی ہےکہ رسیدیں آنی چاہیئں کیلبری فونٹ کی دستاویزپیش کی گئی جوجعلی ثابت ہوئی آئین پاکستان نے اِن دو اداروں کوتحفظ دیا ہےاپوزیشن عد لیہ اورفوج کےخلاف مہم چلانا بند کرے-


    دوسری جانب فواد چوہدری نے بھارتی پائلٹ ابھینندن سے متعلق طنزیہ ٹوئٹ میں کہا کہ بھارتی ایوان صدرمیں مزاحیہ فلم کے سین کی شوٹنگ ہوئی۔ایوارڈ لیتے وقت ابھی نندن کے دماغ میں چل رہا تھا مجھے کہاں لے جارہے ہومیں نے کیا کیا۔

  • سری نگر:دہشتگردی کی مالی معاونت کے الزام میں کشمیری رہنما خرم جاوید گرفتار

    سری نگر:دہشتگردی کی مالی معاونت کے الزام میں کشمیری رہنما خرم جاوید گرفتار

    سری نگر: بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی نے دہشتگردی کی مالی معاونت کے الزام میں کشمیری رہنما خرم جاوید کوگرفتارکرلیا۔

    باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے سرینگرمیں کشمیریوں کے حقوق کے لئے آوازاٹھانے والے خرم پرویز کے گھراوردفترپرچھاپہ مارا اوردہشتگردوں کی مالی معاونت کے الزام میں خرم پرویز کوگرفتارکرلیا –

    این آئی اے نے گرفتاری کے دوران خرم پرویز کا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ان کے موبائل فون کے ساتھ چند کتابیں بھی ضبط کر لیں اور کہا کہ یہ ‘دہشت گردی کی فنڈنگ’ کا معاملہ ہے۔

    این آئی اے نے گرفتاری یا چھاپے کے بارے میں فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم وارنٹ گرفتاری سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کی مختلف دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا این آئی اے کے افسران نے جے کے سی سی ایس کے دفاتر کی 14 گھنٹے سے زیادہ تلاشی لی۔


    انسانی حقوق کے محافظوں کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ میری لالر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پریشان کن خبریں سن رہی ہوں کہ خرم پرویز کو آج کشمیر میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر دہشت گردی سے متعلق جرائم کے الزام میں بھارت میں حکام کی طرف سے فرد جرم عائد کیے جانے کا خطرہ ہے وہ دہشت گرد نہیں ہیں، وہ انسانی حقوق کے محافظ ہیں‘۔

    واضح رہے کہ 42 سالہ خرم پرویز متنازع علاقے میں بڑے پیمانے پر قابل احترام انسانی حقوق کے گروپ، جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی (جے کے سی سی ایس) کے پروگرام کوآرڈینیٹر اور ایشین فیڈریشن اگینسٹ انوولنٹری ڈسپیئرنس (اے فی اے ڈی) کے چیئرپرسن ہیں این آئی اے نے گزشتہ سال اکتوبر میں بھی خرم پرویز کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارا تھا اور ریسرچ کا مواد، موبائل فون اور کمپیوٹر ہارڈ ڈرائیوز ضبط کی تھیں۔

    خیال رہے کہ انسانی حقوق کا گروپ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے خطے میں تشدد کی نگرانی کر رہا ہے اور متعدد رپورٹس میں تشدد، ماورائے عدالت قتل اور غیر نشان زدہ اجتماعی قبروں سمیت بھارتی حکومتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر رہا ہے۔

  • ایمنسٹی انٹرنیشنل کا پاکستان سے جبری گمشدگیاں ختم کرنے کا مطالبہ

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کا پاکستان سے جبری گمشدگیاں ختم کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد: انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیر کے روز پاکستانی حکام پر زور دیا کہ وہ مشتبہ عسکریت پسندوں کو کئی برس تک بغیر مقدمہ چلائے جبری طور پر لاپتا کرنا بند کریں یہ ایک مکروہ عمل ہے-

    باغی ٹی وی: نجی خبر رساں ادارے ڈان کے مطابق ’زندہ بھوت‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ میں انسانی حقوق گروپ نے گمشدہ افراد کے اہل خانہ کو اپنے زیر حراست رشتہ داروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں درپیش مشکلات کو بیان کیا ہے۔

    اس میں کہا گیا کہ امریکا کی زیر قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک سینکڑوں پاکستانی حقوق کے محافظ، کارکن، طلبہ اور صحافی لاپتا ہو چکے ہیں ایسے ہی حراست میں لیے گئے افراد میں ادریس خٹک بھی تھے جو 2019 میں ملک کے شمال مغرب میں سفر کے دوران لاپتا ہو گئے تھے کئی ہفتوں بعد حکام نے تسلیم کیا کہ وہ غداری کے غیر متعینہ الزامات کے تحت حراست میں لیے گئےادریس خٹک لاپتا ہونے سے پہلے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کے لیے کام کرتے تھے۔

    جبری گمشدگی ایک ظالمانہ عمل ہے جس نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان میں سینکڑوں خاندانوں کو ناقابل تلافی تکلیف دی ہے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کے قائم مقام جنوبی ایشیا کے محقق ریحاب ماہور نے کہا کہ اپنے پیاروں کو کھونے اور ان کے ٹھکانے یا حفاظت کے بارے میں طویل عرصے تک لاعلم رہنے والے خاندان اور دیگر افراد کے لیے خرابی صحت اور مالی مسائل کا باعث بھی بنتا ہے۔

    انہوں نے زیر حراست افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام لاپتا افراد کے بارے میں ان کے اہلخانہ کو آگاہ کریں گروپ نے اس طرح کے جبری گمشدگیوں سے منسلک اہلکاروں پر بھی مقدمہ چلانے کی اپیل کی۔

    حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا جو ایسے الزامات کی متعدد مرتبہ تردید کرتی آئی ہے۔

    اس ضمن میں کہا مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ زیادہ تر لاپتا افراد حالیہ برسوں میں عسکریت پسند گروپوں میں شمولیت کے لیے افغانستان گئے تھےاگرچہ عدالت کی منظوری کے بغیر حراست میں لینے کی ممانعت ہے تاہم حکام نے نجی طور پر اعتراف کیا ہے کہ خفیہ ایجنسیاں حراستی مراکز میں غیر متعینہ تعداد میں مشتبہ افراد کو روک رہی ہیں-

  • لاہور:سسر اور دو سالوں کا قاتل گرفتار

    لاہور:سسر اور دو سالوں کا قاتل گرفتار

    لاہور:پولیس نے تہرے قتل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    باغی ٹی وی :تہرے قتل کا مرکزی ملزم شاہ زیب عرف باؤ گجر مغلپورہ پولیس کے شکنجے میں آگیا ایس پی سول لائنز رضا صفدر کاظمی کی قیادت میں مغلپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا شاہ زیب نے رواں ماہ 15 نومبرکو قبل سسر حامد شاہ اور 2 سالوں فاروق شاہ عمر 27 سال اور 23 سالہ شاہ رخ عمرکو قتل کیا تھا-

    ایس پی رضا صفدر کاظمی کے مطابق مرکزی ملزم شاہ زیب عرف باؤ گجر کا اپنی بیوی کے ساتھ گھریلو تنازعہ چل رہا تھا، جس پر اس نے سسر اور دو سالوں کا قتل کیا تھا۔ ایس پی رضا صفدر کاظمی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

    داماد نے فائرنگ سے سسر اور 2 سالوں کو قتل کر دیا

    مقتولین کا تعلق شالیمار لنک روڈ پر رام گڑھ بازار سے ہے مقتولین میں 50 سالہ سید حامد، 25 سالہ فرخ شاہ اور شاہ رخ شامل ہیں پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ دیرینہ دشمنی اور گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ ہے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ں ملزم شاہزیب کو مقتولین کے گھر کی طرف جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ سسر اور دو برادر نسبتی کو قتل کرنے کے بعد ملزم دوڑ کر فرار ہو رہا ہے۔ ملزم نے اکیلے پیدل آ کر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگیا تھا تاہم اب پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے-