Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • پہلی مسلم  سپر ہیرو لڑکی کی ویب سیریز "مس مارول” کا ٹیزر جاری

    پہلی مسلم سپر ہیرو لڑکی کی ویب سیریز "مس مارول” کا ٹیزر جاری

    مارول اسٹوڈیو نے اپنی ویب سیریز ’مس مارول‘ کا مختصر ٹیزر جاری کردیا-

    باغی ٹی وی : پہلی مسلم خاتون سُپر ہیرو سیریزکے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب کیا گیا ہے مارول اسٹوڈیو کی جانب سے شیئر کیے گئے ٹیزر میں ریاست نیو جرسی کی ایمان ولانی کو پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو کے طور پر دکھایا گیا ہے 16 سالہ ایمان ولانی نے سپر ہیرو سیریز میں پاکستانی نژاد کردار کمالہ خان کا روپ دھارا ہے۔
    https://www.youtube.com/watch?v=xrWvQZqcXOI
    مختصر دورانیے کے ٹیزر میں مرکزی کردار کا پس منظر بھی دکھایا گیا ہے جب کہ ٹیزر میں مسلمان نماز پڑھتے ہوئے بھی نظر آرہے ہیں ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ سُپر ہیرو ’کمالہ خان‘ کس طرح مختلف صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہیں جو مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کرتی ہیں اور دنیا کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

    ویب سیریز کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا رسمی اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم مارول اسٹوڈیونے کچھ عرصہ قبل ویب سیریزمس مارول کو 2022 کے موسم سرما میں پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    پاکستانی اداکارہ نمرہ بُچہ ہالی وڈ میں ڈیبیو کے لئے تیار

    مس مارول ’’کمالہ خان‘‘ کے کردار کو 2014 میں متعارف کیا گیا تھا اور 2015 میں اس سیریز نے بہترین گرافک اسٹوری کے لیے ہیوگو ایوارڈ اپنے نام کیا یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ویب سیریز کی کہانی نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم لڑکی کے گرد گھومے گی ’مس مارول‘ نامی ویب سیریز میں متعدد پاکستانی اداکار، فلم ساز اور دیگر تکنیکی افراد بھی اپنی صلاحتیں استعمال کرتے دکھائی دیں گے ٹی وی سیریز کے مرکزی کردار کا مسلمان اور خصوصاً پاکستانی ہونے کی وجہ سے اس کردار میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

    مارول اسٹوڈیو کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات پاکستانی ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اور ان کے ساتھ مزید 3 نامور ہدایت کارعدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن دیں گی۔ یہ ٹی وی سیریز اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈرنی پلس پر پیش کی جائے گی’مس مارول‘ میں پاکستانی اداکارہ ثنا بچہ بھی نظر آئیں گی ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔

  • دنیا کا سب سے بڑا اور مہنگا ایکوریم عوام کیلئے کھول دیا گیا

    دنیا کا سب سے بڑا اور مہنگا ایکوریم عوام کیلئے کھول دیا گیا

    ابوظہبی میں دنیا کے سب سے بڑے اور مہنگے ایکوریم کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ایکوریم کی سیر کرنے میں سیاحوں کو دو گھنٹے تک کا وقت لگے گا۔

    باغی ٹی وی : برطانوی خبررساں ادارے "روئٹرز” کے مطابق 25 ملین لیٹر پانی میں 68 ہزار سمندری حیات رکھی جائیں گی جس میں شارک، اسکولز آف فش، منٹاریز اور سمندری کچھوے شامل ہیں۔


    نیشنل ایکوریم ابوظہبی میں دنیا کا سب سے بڑا سات میٹر لمبا سانپ رکھا گیا ہے۔ سُپر اسنیک نامی اژدھے کا وزن 115 کلو گرام ہے جب کہ اس کی عمر 14 سال بتائی گئی ہےیہ سانپ ایک بہترین تیراک ہے، اس کی مرغوب غذاؤں میں بطخیں اور خرگوش شامل ہیں ریٹیکولیٹڈ پائتھن نامی سانپ کو پکڑنے کے لیے 12 افراد پر مشتمل ٹیم مرتب کی گئی اور اسے ابوظہبی کے القانہ میں نیشنل ایکوریم (ٹی این اے) میں رکھا گیا ہے۔

    یو اے ای: ایکوریم میں دنیا کا سب سے بڑا سانپ

    جنوب مشرقی ایشیا کا رہنے والا یہ ریٹیکولیٹڈ پائتھن دنیا کا سب سے لمبا سانپ ہے اگرچہ یہ غیر زہریلا ہے، لیکن وہ اپنے شکار کو اردگرد لپیٹ کر مارتے ہیں پائتھن کے جبڑے بہت لچکدار ہوتے ہیں جو بڑے بڑے سے شکار کو باآسانی نگل لیتے ہیں سانپ کی رکھوالی کے لیے موجود افراد کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ سانپ ہم سے مانوس ہے مگر اس کے باوجود ہمیں بہت احتیاط سے اس کے نزدیک جانا پڑتا ہے۔

    پروجیکٹ کےسی ای او محمد عبداللّٰہ الزابی نے کا کہنا ہے کہ ان کا ادارہ اس سی ورلڈ پارکس کی تعمیر پر نہایت خوش ہے یہ آئندہ نسل کا میرین لائف پارک ہوگا جبکہ امارات میں یہ آبی حیات کے ایک بڑے تحقیقی مرکز اور جانوروں کی نگہداشت کرنے والے ادارے کے طور پر بھی کام کرے گا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عالمی سیاحتی مقام میں مقبوبلیت حاصل کرنے کے لیے یہ ایکیوریم ایک اہم کردار ادا کرے گا۔

  • وفاقی وزیر فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی

    وفاقی وزیر فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی

    الیکشن کمیشن کے خلاف بیانات سے متعلق کیس کی سماعت ،وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور الیکشن کمیشن کے متعلق اپنے بیانات پر معذرت کرلی ہے۔

    باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے خلاف بیانات پر وفاقی وزیر فوادچودھر ی کو طلبی کا نوٹس جاری ہواتھا الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے الیکشن کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن میری وضاحت کو مثبت انداز میں لے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کے حیثیت سے میں جو بھی بات کرتا ہوں وہ حکومت اور کابینہ کی پالیسی ہوتی ہے، وہ میری ذاتی رائے نہیں ہوتی۔

    ان کا کہنا تھا میں الیکشن کمیشن کو بتایا کہ جو بات کرتا ہوں بطور وزیر اطلاعات کرتا ہوں، میں وفاقی کابینہ کی نمائندگی کرتا ہوں۔ امید ہے الیکشن کمیشن میری باتوں کو مثبت لے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ ایک وکیل ہیں اور جج اور اداروں کا احترام کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کااجلاس کل طلب کرلیاگیاہے ای وی ایم کا معاملہ پی ٹی آئی کا نہیں قومی ایجنڈا ہے بل تمام اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاس کرارہے ہیں انتخابی اصلاحات ضروری ہیں، اپوزیشن تجاویز دیں، کھلے دل سے قبول کر لیں گے-

    وفاقی وزیر کا سابق چیف جسٹس کے بیانات کے معاملے پر کہنا تھا کہ نوازشریف یا مریم نوازکی عدالت پیشی ہوتی ہے کوئی نہ کوئی معاملہ اٹھایاجاتاہےن لیگ نے عدالتوں کے خلاف ایک مہم شروع کی ہےعدالتوں پر حملہ ن لیگ کی روایات کاحصہ ہےگزشتہ روز جعلی حلف نامہ سامنے آیا جس کی فیس شریف فیملی نے اداکی سابق جج لندن میں نواز شریف کے خرچے پر رہ رہے ہیں-

    واضح رہے کہ حکومت نے بالآخر بدھ کے روز پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا تاکہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز (ای وی ایمز) کے استعمال سے متعلق بل سمیت متنازع بلز منظور کرائے جاسکیں۔

    جبکہ اس سے قبل قانون سازی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے پیر کو حکومتی اتحادیوں، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل-ق) کا اجلاس طلب کیا تھا۔

  • امریکی اور چینی صدور کے درمیان پہلی ورچوئل ملاقات، دونوں رہنماوں کا تعاون بڑھانے پر اتفاق

    امریکی اور چینی صدور کے درمیان پہلی ورچوئل ملاقات، دونوں رہنماوں کا تعاون بڑھانے پر اتفاق

    امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان پہلی ورچوئل ملاقات میں دونوں رہنماوں نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

    باغی ٹی وی :غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں صدور کے درمیان ملاقات خوشگوار رہی اور دونوں نے گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے کو سلام کیا۔ چینی صدر نے کہا کہ وہ اپنے “پرانے دوست” بائیڈن کو دیکھ کر خوش ہیں۔

    امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ بطور قائدین ذمہ داری ہے کہ دونوں ممالک تنازعات کی طرف نہ جائیں ہم دونوں نےہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ بہت ایمانداری اور صاف گوئی سے بات چیت کی ہے، ہم نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ دوسرے کیا سوچ رہے ہیں شاید مجھے زیادہ باضابطہ طور پر بات شروع کرنی چاہیے حالانکہ میں اور آپ کبھی بھی ایک دوسرے کے ساتھ اتنے رسمی نہیں رہے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ دونوں ممالک کو رابطے اور تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے چینی صدر نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے ساتھ مل کر چلنے پر زور دیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور کوویڈ 19 جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے مضبوط چین امریکہ تعلقات کی ضرورت ہے۔

    صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ انسان ایک گلوبل ویلج میں رہتے ہیں اور ہمیں مل کر متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ چین اور امریکہ کو رابطے اور تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے انہوں نے امریکی صدر سے کہا کہ چین اور امریکہ کے تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کے لیے میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔

    امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ہمیں یقینی بنانا ہو گا کہ ہمارے ممالک کے درمیان مقابلہ کسی تنازع کی طرف نہ جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اب تمام ممالک کو یکساں اصولوں کے مطابق چلنا ہوگا۔ امریکہ ہمیشہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے مفادات کے لیے کھڑا رہتا ہے۔

    امریکی صدر نے اتحادیوں کے مفادات کی بات کرتے ہوئے تائیوان مسئلے کی طرف اشارہ کیا ہے گزشتہ عرصے سے امریکہ اور چین کے درمیان تناو بڑھنے کی وجہ تائیوان کا معاملہ رہا ہے امریکی صدر نے چین کو وارننگ دی تھی کہ اگر اس نے تائیوان پر حملہ کیا تو امریکہ بھر پور جوابی کارروائی کرے گا۔

    وائٹ ہاوس سے امریکی اور چینی صدور کی ملاقات کا شیڈول جاری

    یاد رہے کہ چین اور امریکی صدور کے درمیان انتہائی اہم ملاقات ایسے وقت پرہوئی ہے جب دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تائیوان، تجارت اور انسانی حقوق جیسے مسائل پر تناؤ بڑھ رہا ہے-

    واضح رہے کہ امریکہ اور چین میں طویل سرد مہری کے بعد ستمبر میں صدر جابائیڈن اور صدر شی جن پنگ میں پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا ۔ دونوں رہنماوں نے مسائل کے حل کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا تھا۔

    وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا صدر شی جن پنگ نے تائیوان سے متعلق معاہدے کی پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    چینی صدر نے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر تعاون جاری رکھیں گے چین سے متعلق امریکی پالیسی نے سنگین مشکلات پیدا کی ہیں دونوں صدور نے تنازع کی طرف جانے والے راستے سے دور رہنے پر زور دیاتھا۔

    خیال رہے کہ تائیوان نے چینی طیاروں کی در اندازی پر فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے حملے کا خطرہ محسوس ہو رہا ہے چند روز قبل 38 چینی فوجی طیاروں نے تائیوان کی دفاعی زون میں پروازیں کی تھیں، جو بیجنگ کی طرف سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا تائیوان کی وزارت دفاع کے مطابق ان طیاروں میں ایٹمی صلاحیت رکھنے والے بمبار طیارے بھی شامل تھے، جو دو مرحلوں میں تائیوان کی فضائی دفاعی شناختی زون میں داخل ہوئے جبکہ تائیوان کی جانب سے اپنے جیٹ طیاروں اور میزائل سسٹم کے ساتھ اپنا دفاع کیا گیا۔

    چینی صدر شی جن پنگ کا رتبہ ماؤزے تنگ کے برابر قرار

    فضائی دفاعی شناختی زون کسی بھی ملک کے علاقے اور فضائی حدود سے باہر کا علاقہ ہوتا ہے لیکن یہاں آنے والے غیر ملکی طیاروں کو شناخت، نگرانی اور قومی سلامتی کے مفاد میں کنٹرول کیا جاتا ہے چین اور تائیوان 1940 کی دہائی میں خانہ جنگی کے دوران تقسیم ہوئے لیکن بیجنگ کا اصرار ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اس جزیرے کو کسی وقت طاقت کے ذریعے دوبارہ حاصل کیا جائے گا۔

  • فلسطین سے اظہار یکجہتی: جنوبی افریقہ کا اسرائیل میں مس یونیورس تقریب کا بائیکاٹ

    فلسطین سے اظہار یکجہتی: جنوبی افریقہ کا اسرائیل میں مس یونیورس تقریب کا بائیکاٹ

    جنوبی افریقہ کی حکومت نے اسرائیل میں منعقد ہونے والے ’مس یونیورس‘ مقابلے میں مس جنوبی افریقہ کی شرکت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔

    باغی ٹی وی :غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقی حکومت نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آئندہ ماہ دسمبر میں اسرائیل میں ہونے والے ’مس یونیورس‘ کے مقابلوں سے خود کو الگ کیا ہےاسرائیلی اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق جنوبی افریقی حکومت نے 14 نومبر کو اپنے اعلان میں واضح کیا کہ وہ مقابلہ حسن سے الگ ہو رہی ہے

    جنوبی افریقہ کی حکومت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مس جنوبی افریقہ کے اس مقابلے میں شرکت کے فیصلے سے حکومت کا کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے حکومت کے مطابق انہوں نے جنوبی افریقہ کی ’مس یونیورس‘ انتظامیہ کو سمجھانے کی کوشش کی مگر انتظامیہ نے ان کی تجاویز نہیں مانیں، جس کے بعد حکومت خود کو مقابلوں سے الگ کر رہی ہے۔

    وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی عوام بھی ‘مس یونیورس‘ مقابلے میں شرکت کرنے والی حسینہ سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کر رہی ہے اور حکومت سمجھتی ہے کہ ان کا اسرائیل جانا ان کی مقبولیت کو کم کر سکتا ہے۔

    حکومت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے جانے کے دستاویزی اور مستند ثبوت موجود ہیں، حکومت کسی طرح بھی نسل پرست ریاست کی حمایت نہیں کرے گی۔

    جنوبی افریقی حکومت نے واضح کیا کہ اب ’مس یونیورس‘ مقابلوں میں شرکت کرنے والی ان کے ملک کی تنظیم کو حکومتی حمایت حاصل نہیں ہوگی اور ان کی شرکت کو حکومتی پالیسی کا حصہ نہ سمجھا جائے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ’مس یونیورس‘ انتظامیہ کے مطابق اسرائیل میں ہونے والے مقابلے میں کوئی بھی سیاسی ایونٹ نہیں ہوگا، اس لیے اس کا بائیکاٹ کرنا درست نہیں منتظمین کی جانب سے حکومتی تجویز نہ ماننے پر جنوبی افریقی حکومت نے خود کو مقابلوں سے الگ کرلیا۔

    عام طور پر ہر ملک کی مقابلہ حسن کروانے والی انتظامیہ کو حکومت کی حمایت حاصل ہوتی ہے اور حکومتیں ایسے مقابلوں کو پروان بھی چڑھاتی ہیں تاہم اب جنوبی افریقی حکومت ’مس یونیورس‘ کے آئندہ ماہ اسرائیل میں ہونے والے مقابلے کے دوران اپنے ملک کی انتظامیہ کی حمایت نہیں کرے گی۔

    ’مس یونیورس‘ کا 70 واں سالانہ مقابلہ آئندہ ماہ یعنی دسمبر کی 12 تاریخ کو اسرائیل کے شہر ایلات میں ہونے والا ہے جس میں 70 سے زائد ممالک کی حسینائیں اعزاز جیتنے کے لیے مد مقابل ہوں گی جبکہ جنوبی افریقہ میں بہت شدت کے ساتھ یہ مطالبہ ہو رہا تھا کہ اسرائیل میں انعقاد کی وجہ سے ‘مس جنوبی افریقہ’ کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔

  • روس کا خلا میں میزائل سے سیٹلائٹ تباہ کرنے کا تجربہ،امریکا کی شدید مذمت

    روس کا خلا میں میزائل سے سیٹلائٹ تباہ کرنے کا تجربہ،امریکا کی شدید مذمت

    روس نے خلا میں اپنے سیٹلائٹ کو میزائل سے تباہ کرنے کا تجربہ کیا ہے جس پر امریکا کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے اسے لاپرواہی اور خطرناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس رویے کو “برداشت نہیں کرے گا”۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے پیر کے روز روس کے اینٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی مفادات کو خطرے میں ڈالنا قرار دیا ہے یو ایس اسپیس کمانڈ کے مطابق تجربے کے باعث بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود عملے کے ارکان کو حفاظت کے لیے خلائی جہاز میں گھسنا پڑا۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے روسی اقدام کو غیرذمہ دارانہ اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تجربے سے سیٹلائٹ کے پندرہ سو سے زائد بڑے اور لاکھوں چھوٹے ٹکڑے خلا میں بکھر گئے ہیں جو تمام ملکوں کے مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔

    امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ زمین سے کئے گئے اس میزائل حملے سے متعلق امریکا کو پیشگی اطلاعات نہیں دی گئی تھیں جس پر اتحادیوں سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے –

    دوسری جانب ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ روس جو صلاحیت حاصل کرنا چاہتا ہے اسے دیگر ممالک کی سلامتی کے لیے خطرے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

    دوسری جانب روس نے بھارت کو ایس-400 ایئرڈیفنس میزائل سسٹم کی فراہمی شروع کردی جبکہ امریکا کی جانب سے بھارت پر پابندی کے خطرات موجود ہیں۔

    ذرائع کے مطابق روس کی ملیٹری کوآپریشن ایجنسی کے سربراہ دیمتری شوگایوف نے بتایا کہ روس نے بھارت کے لیے میزائل سسٹم کی فراہمی شروع کردی ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کے 2017 کے قانون کے تحت بھارت پر روس سے میزائل نظام خریدنے پر پابندی کے خطرات اور تحفظات ہیں کیونکہ مذکورہ قانون کا مقصد ممالک کو روسی ملیٹری ہتھیاروں کی خریداری سے روکنا ہے۔

    اس حوالے سے یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ انٹرفیکس نے دبئی میں ایرواسپیس ٹریڈ شو میں موجود دیمتری شگایوف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘پہلی کھیپ شروع کی گئی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ایس-400 نظام کا پہلا یونٹ بھارت میں رواں برس کے آخر میں پہنچے گا بھارت اور روس کے درمیان 5.5 ارب ڈالر مالیٹ کے ایئرمیزائل نظام کا معاہدہ 2018 میں طے پاگیا تھا، جس کے حوالے سے بھارت کا مؤقف ہے کہ اس کو چین سےخطرات ہیں اور دفاع کی ضرورت ہے۔

    بھارت کو امریکا کی جانب سے کاؤنٹرنگ امریکاز ایڈورسیریز تھرو سینگشنز ایکٹ (کاسٹا) کے تحت پابندیوں کا سامنا ہے، جس کے تحت روس کو جنوبی کوریا اور ایران کے ساتھ مخالف قرار دیا گیا۔روس کو یوکرین کے خلاف کارروائی، 2016 میں امریکی انتخابات میں مداخلت اور شام کی مدد کرنے پر اس قانون کے تحت مخالف ملک میں شامل کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب بھارت کا کہنا تھا کہ اس کا امریکا اور روس دونوں کے اسٹریٹجک شراکت داری ہے جبکہ واشنگٹن نے نئی دہلی کو باور کرایا تھا کہ کاسٹا سے استثنیٰ ملنا ممکن نہیں ہے-

  • ہردیک پانڈیا کی ایئرپورٹ کسٹمز کے ذریعہ ‘5 کروڑ روپے کی گھڑی ضبط کرنے’ پر وضاحت

    ہردیک پانڈیا کی ایئرپورٹ کسٹمز کے ذریعہ ‘5 کروڑ روپے کی گھڑی ضبط کرنے’ پر وضاحت

    کرکٹر ہردیک پانڈیا نے منگل کے روز ان خبروں کی تردید کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دبئی سے واپسی پر ممبئی ائیر پورٹ پر ان کے پاس سے 5 کروڑ مالیت کی دو رسٹ واچ ضبط کی گئیں-

    باغی ٹی وی : بھارتی خبررساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق منگل کو خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اتوار کی رات کو کسٹم ڈپارٹمنٹ نے دو گھڑیاں ضبط کیں کیونکہ مسٹر پانڈیا کے پاس مبینہ طور پر ان کا بل نہیں تھا۔


    ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے، مسٹر پانڈیا نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ "میں رضاکارانہ طور پر ممبئی ائیر پورٹ کے کسٹم کاؤنٹر پر اپنے ذریعہ لائے گئے سامان کو چیک کروانے اور مطلوبہ کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے گیا تھا ممبئی ائیر پورٹ پر کسٹم کے سامنے میری چیکنگ کے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط تاثرات پھیل رہے ہیں اور میں اس کے بارے میں وضاحت کرنا چاہوں گا کہ کیا ہوا۔”

    بھارتی کرکٹر نے کہا کہ "میں نے رضاکارانہ طور پر ان تمام اشیاء کا اعلان کیا تھا جو میں نے دبئی سے قانونی طور پر خریدی تھیں اور جو بھی ڈیوٹی ادا کرنے کی ضرورت تھی وہ ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ میں ڈیوٹی کے لیے مناسب تشخیص کر رہا ہوں جس کی ادائیگی کی میں نے پہلے ہی تصدیق کر دی ہے-

    ہردیک پانڈیا نے مزید کہا کہ "سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کے مطابق گھڑی کی قیمت تقریباً 1.5 کروڑ روپے ہے نہ کہ 5 کروڑ روپے۔ میں ملک کا ایک قانون پسند شہری ہوں اور میں تمام سرکاری اداروں کا احترام کرتا ہوں۔ ممبئی کے کسٹم ڈپارٹمنٹ سے تعاون اور میں نے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور اس معاملے کو کلیئر کرانے کے لیے جو بھی جائز دستاویزات درکار ہوں وہ انہیں فراہم کروں گا۔ میرے خلاف قانونی حدود کو پار کرنے کے تمام الزامات بالکل بے بنیاد ہیں۔”

    واضح رہے کہ ہردیک پانڈیا ٹی 20 ورلڈ کپ سے فارغ ہونے کے بعد دبئی سے بھارت واپس آرہے تھے اے این آئی کے مطابق، ہردیک پانڈیا کے بھائی، کرکٹر کرونل پانڈیا کو بھی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ سال نامعلوم سونا اور دیگر قیمتی اشیاء رکھنے کے شبہ میں روکا گیا تھا۔

  • شیخوپورہ: اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی،ایک بچہ جاں بحق متعدد زخمی

    شیخوپورہ: اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی،ایک بچہ جاں بحق متعدد زخمی

    پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں سریانوالا کے قریب اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی ہے۔

    باغی ٹی وی : حادثے میں ایک طالبہ جاں بحق اور5 بچے زخمی ہوگئے ہیں ریسکیوذرائع کے مطابق زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے حادثے کے بعد اہل علاقہ اور راہگیروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    متعدد بچوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد دی گئی زخمی بچوں کے والدین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے ایک ٹریفک حادثے کے باعث تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ایک شخص زخمی ہوا ہے ٹریفک حادثہ شکرپڑیاں کے قریب اسلام آباد ایکسپریس وے پر پیش آیا ہے جہاں تین گاڑیاں یکے بعد دیگرے ٹکرائی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ٹریفک حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے جنہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تین نوجوانوں نے دم توڑ دیا۔

    اسپتال کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ چوتھے زخمی شخص کو ڈاکٹروں کی ٹیم طبی امداد فراہم کر رہی ہے۔

    پولیس کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق ایک تیز رفتار کار پہلے الٹ گئی تھی جس سے دو دیگر گاڑیاں ٹکرائیں ٹریفک حادثے کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں-

  • کورونا وبا: گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 216 کیسز رپورٹ،6 اموات

    کورونا وبا: گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 216 کیسز رپورٹ،6 اموات

    پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے-

    باغی ٹی وی : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 33ہزار435ورونا ٹیسٹ کیے گئے مزید216 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 80 ہزار92 جبکہ مجموعی اموات کی تعداد28ہزار 618ہو گئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 0.64 فیصد رہی۔

    سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 73ہزار250، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 79 ہزار190، پنجاب میں 4 لاکھ 41 ہزار965،اسلام آباد میں ایک لاکھ 7 ہزار364، بلوچستان میں 33 ہزار408، آزاد کشمیر میں 34 ہزار514 اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار401 ہو گئی ہے۔

    کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 12 ہزار 980افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار604، خیبرپختونخوا 5 ہزار801، اسلام آباد 948، گلگت بلتستان 186، بلوچستان میں 358 اور آزاد کشمیر میں 741 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں

  • عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی ﷺ کی سیرت پر عمل کرنا ہے     وزیراعظم عمران خان

    عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی ﷺ کی سیرت پر عمل کرنا ہے وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت رحمت للعالمین اتھارٹی کا جائزہ اجلاس ہوا اجلاس میں وزیر اعظم کو اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق مذکورہ اجلاس میں وفاقی وزیر نورالحق قادری، شفقت محمود، اعجاز اکرم، خالد مسعود و دیگر نے شرکت کی جب کہ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ اتھارٹی کے لیے جامع میڈیا پلان آئندہ ہفتے پیش کر دیا جائے گا اور اسلامو فوبیا کا سدباب کرنے کے لیے سفارتخانوں کو آن بورڈ لیا جائے گا-

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید طریقہ کار سے نوجوانوں اوربچوں اور نوجوانوں کی سیرت طیبہ کی روشنی میں کردار سازی پر توجہ دی جائے گی نصاب میں سیرت طیبہ کی روشنی میں اخلاقیات کی تدریس شامل کی جائے گی جبکہ اسلام اور سائنس میں ہم آہنگی اجاگر کرنے کے لیے تحقیق اور اقدامات بھی اتھارٹی کے مقاصد میں شامل ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ اصول پسندی اور اخلاقیات کا عملی نمونہ تھی جبکہ میثاق مدینہ انسانی حقوق کا محافظ تھا اسلامی معاشرہ اپنے دور کا سب سے جدت پسند معاشرہ تھا صوفیائے کرام نے سیرت کی روشنی میں مقامی لوگوں کو ان کی زبان میں دین کی تعلیمات دیں اور مذہبی تہواروں کو کردار سازی کا ذریعہ بنانے پر زور دیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جامعات میں تحقیق اور غورو فکر سے سیرت کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا پاکستان کا ہر شہری عاشقِ رسولﷺ ہے اور عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی ﷺ کی سیرت پر عمل کرنا ہے۔

    وزیرِ اعظم نے اتھارٹی سے متعلق تمام اقدامات کو جلد عملی جامع پہنانے کی ہدایات جاری کیں۔