Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • ملک بھر میں کورونا کے مزید 400 کیسز رپورٹ

    ملک بھر میں کورونا کے مزید 400 کیسز رپورٹ

    پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید11افراد جاں بحق ہوگئے-

    باغی ٹی وی : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 42 ہزار373 کورونا ٹیسٹ کیے گئے مزید 400 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 77 ہزار560 جبکہ مجموعی اموات کی تعداد28ہزار 558 ہو گئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 0.94 فیصد رہی۔

    سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 72ہزار213، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 78 ہزار687، پنجاب میں 4 لاکھ 41 ہزار257،اسلام آباد میں ایک لاکھ 7 ہزار169، بلوچستان میں 33 ہزار345، آزاد کشمیر میں 34 ہزار495 اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار394 ہو گئی ہے۔

    کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 12 ہزار 954 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار598، خیبرپختونخوا 5 ہزار774، اسلام آباد 947، گلگت بلتستان 186، بلوچستان میں 358 اور آزاد کشمیر میں 741 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • سکول میں آگ لگنے سے 26 بچے ہلاک ،4 کی حالت تشویشناک

    سکول میں آگ لگنے سے 26 بچے ہلاک ،4 کی حالت تشویشناک

    نائیجر کے علاقے میں سکول میں آگ لگنے سے 26 بچے ہلاک ہو گئے ہیں، ہلاک بچوں کی عمریں 5 سے 6 سال کے درمیان ہیں۔

    باغی ٹی وی : "خلیج ٹائمز” کے مطابق آگ لگنے سے 13 بچے زخمی ہیں جبکہ 4 کی حالت تشویش ناک ہے مراڈی شہر کے میئر چائبو ابو بکر نے مقامی میڈیا کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آگ سے بچ جانے والے درجنوں بچے شدید جھلس گئے اور ان کا علاج جاری ہے۔

    خلیج ٹایمز کے مطابق مقامی گورنر نے اے ایف پی کو بتایا کہ جنوبی نائجر میں کم از کم 26 اسکول کے بچے اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کے کلاس روم جو بھوسے اور لکڑی سے بنے ہوئے تھے میں آگ کی لپیٹ میں آگئے۔

    نائیجر، جو دنیا کے غریب ترین ممالک میں سے ایک ہے، نے کلاس رومز کے طور پر کام کرنے کے لیے ہزاروں بھوسے اور لکڑی کے شیڈ بنا کر اسکول کی عمارتوں کی کمی کو دور کرنے کی کوشش کی ہے، بعض اوقات بچے زمین پر بیٹھتے ہیں یہ سکولز اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کیے ہیں۔

    انتہائی آتش گیر کلاس رومز میں آگ لگنا عام بات ہے لیکن شاذ و نادر ہی جانی نقصان ہوتا ہے تاہم، اپریل میں نیامی کے محنت کش طبقے کے ضلع میں اسکول میں آگ لگنے سے 20 اسکول کے بچے جھلس گئے تھے۔

    نائجر ٹیچرز یونین کے سیکرٹری جنرل اسوفو آرزیکا نے اے ایف پی کو بتایا کہ پیر کو لگنے والی آگ نے مراڈی کے اسکول کو "تباہ” کر دیا تھا۔

    آتش زدگی کے واقعات پہلے بھی رپورٹ ہو چکے ہیں، لیکن بچوں کی اتنی بڑی تعداد میں اموات پہلی بار ہوئی ہیں آرزیکا نے کہا کہ ان کی یونین نے نیامی میں آگ لگنے کے بعد حکام کو بھوسے اور لکڑی کے کلاس رومز کے خطرے سے آگاہ کر دیا تھا۔

    مقامی ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ بچوں کو بھوسوں کی کلاسز میں پڑھانا زیادہ خطرناک ہے، اس سے اچھا انہیں کھلی فضا میں درخت کے نیچے ہی پڑھا لیا جائے۔

    صدر محمد بازوم نے حال ہی میں لکڑی کے ڈھانچے کو تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

  • سربراہ  عالمی بینک کا افغانستان کی روکی گئی امداد بحال کرنے سے انکار

    سربراہ عالمی بینک کا افغانستان کی روکی گئی امداد بحال کرنے سے انکار

    سربراہ عالمی بینک نے افغانستان کی روکی گئی امداد بحال کرنے کا امکان رد کر دیا ہے کہا کہ افغانستان کی تباہ حال معیشت میں کام کرنے کا تصور نہیں کرسکتے۔

    باغی ٹی وی : عالمی بینک نے طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد افغانستان کی امداد روک دی تھی ، 2002 کے بعد عالمی بینک کے افغانستان میں 5.3 ارب ڈالر کے کئی ترقیاتی منصوبے چل رہے تھے، دو سری جانب آئی ایم ایف بھی افغانستان کی امداد معطل کر چکا ہے، جبکہ امریکا کہ جانب سے طالبان کو افغانستان کے 9 ارب ڈالر کے ذخائر کی رسائی بھی روک دی گئی۔

    کام کے بدلے گندم، طالبان کا بھوک اور بے روزگاری سے نمٹنے کے لئے نیا پروگرام

    سربراہ عالمی بینک ڈیوڈ میلپاس نے کہا کہ انہوں نے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں سے بھی ملاقات کی ہے جو اب بھی ملک میں کام کر رہی ہیں طالبان کی حکومت کو بین الاقوامی طور پر تسلیم نہ کرنے کے باوجود، امریکہ نے انسانی امداد کی اجازت دینے کے لیے افغانستان پر اپنی پابندیوں میں کچھ نرمی برتی تھی۔

    طالبان نے امریکہ سے 9 ارب ڈالر سے زائد کے افغان مرکزی بینک کے ذخائر پر پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    جس پر امریکی نائب وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ طالبان کے خلاف امریکی پابندیوں کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاہم ساتھ ہی ساتھ افغان عوام کو جائز طریقے سے انسانی امداد کو پہنچانے کے راستے بھی تلاش کرنے ہیں۔

    امریکا کا افغانستان کے لئے 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان

    واضح رہے کہ طالبان حکومت کے نامزد کردہ اقوام متحدہ کے مستقل مندوب سہیل شاہین نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے لیے افغانستان کے لیے پہلے سے منظور شدہ فنڈز فوری فراہم کیا جائے افغانستان کو خراب موسم کا سامنا ہے جس کو درست کرنے کے لیے بڑے کام کرنا ہوں گے افغانستان میں موسمیاتی تبدیلی کے منصوبے گرین کلائمنٹ فنڈ، یو این ڈی پی اور افغان ایڈ کی مالی اعانت سے مکمل ہونے ہیں تعطل کے شکار ان منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کیا جانا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ان منصوبوں کی بحالی سے ایک طرف تو آب و ہوا کو تبدیل کرنے میں مدد ملے گی تو دوسری طرف روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے سہیل شاہین نے یقین دہانی کرائی کہ امارت اسلامیہ افغانستان این جی اوز اور خیراتی اداروں کو کام کرنے کے لیے تحفظ اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    عالمی قوتیں موسمیاتی تبدیلی کے لیے منظور شدہ فنڈز فراہم کریں طالبان رہنما

  • آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں     چیف جسٹس

    آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں چیف جسٹس

    چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے یہ بات کرک کی تحصیل بانڈہ ٹیری میں ہونے والی دیوالی کی تقریب میں شرکت اور ہندوؤں کے مذہبی پیشوا پرم ہنس مہاراج کی سمادھی کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے مندر میں منعقد ہونے والی دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقدس جگہ کو نقصان پہنچانے کا کسی کو اختیار نہیں ہے انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سپریم کورٹ تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔

    اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری اگر کسی کو سیکھنی ہے تو سپریم کورٹ آف پاکستان سے سیکھے۔

    رمیش کمار نے کہا کہ جس طرح یہاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ذمہ داری نبھائی ہے اس کی دنیا میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی ہے۔

    واضح رہے کہ کرک میں مندر جلانے کے واقعے ہر بھی سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھاازخود نوٹس کی سماعت پر ریمارکس دیےتھے کہ جن لوگوں نے مندر کو جلایا ان سے پیسے ریکور کریں اور مندر کی تعمیر کے لیے مولوی شریف سے پیسے ریکور کیے جائیں۔

    چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کرک میں مندر جلائے جانے سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت کی جس سلسلے میں آئی جی کے پی ثناءاللہ عباسی اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے تھے چیف سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ کے پی حکومت ہندو سمادھی کو ازسر نو تعمیر کرے گی اور اس کا خرچہ بھی برداشت کرے گی۔

    عدالت نے حکم دیا تھا کہ مندروں اور گوردواروں کی زمینوں سے تجاوزات ختم کی جائیں۔

  • شاعرمشرق کا 144واں یوم پیدائش،مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب

    شاعرمشرق کا 144واں یوم پیدائش،مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب

    شاعر مشرق علامہ اقبال کا 144 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔

    باغی ٹی وی : لاہور میں مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور مزار کی اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور عامر اقبال خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا ہے، جس میں شاعر مشرق کی تحریک پاکستان کیلئے جدوجہد کو بھرپواز انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلوں اور مباحثوں کا اہتمام کیا گیا ہے-

    مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح بیدار کرنے والے شاعر مشرق علامہ اقبال کا یوم ولادت 9 نومبر کو پورے پاکستان میں منایا جاتا ہے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف مفکر، شاعر، مصنف، قانون دان، سیاست دان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔

    علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزاد ریاست کے خیال کو جنم دیا تھا، ان کے الفاظ میں یہ طاقت تھی کہ انہوں نے امّت مسلمہ کو ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے اور آزادی کے لیے قدم آگے بڑھانے کی ترغیب دی۔

    ہو صداقت کے لیے جس دل میں مرنے کی تڑپ

    پہلے اپنے پیکر خاکی میں جاں پیدا کرے

    علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا اور اپنی شاعری سے مسلمانوں کو بیدار کیا اُن کے افکار اور سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نا صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔

    مفکر پاکستان نے شاہین کے تصور اور خودی کا فلسفہ پیش کیا، فرقہ واریت، نظریاتی انتہا پسندی اور نئے اجتماعی گروہوں کی تشکیل جیسے معاملات پر اقبال کی سوچ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

    یوم اقبال کے موقع پر ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تقاریری مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں جس میں اقبال کے کلام اور ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

    اردو اور فارسی کے عظیم شاعر علامہ اقبال نے ‘سارے جہاں سے اچھا’ اور ‘لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری’ جیسے شہرہ آفاق ترانے لکھے جب کہ شکوہ اور جواب شکوہ جیسی نظموں نے خوب داد سمیٹی۔

    علامہ اقبال کی اردو اور فارسی زبانوں میں تصانیف کے مجموعات میں بال جبریل، بانگ درا، اسرار خودی، ضرب کلیم، جاوید نامہ، رموز بے خودی، پیام مشرق، زبور عجم، پس چہ باید کرد اے اقوامِ شرق اور ارمغان حجاز شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پائی۔

  • مذاکرات اور جنگ بندی کے حوالے سے ٹی ٹی پی کا اعلامیہ جاری

    مذاکرات اور جنگ بندی کے حوالے سے ٹی ٹی پی کا اعلامیہ جاری

    مذاکرات کے حوالےسے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) نے اعلامیہ جاری کیا ہے-

    باغی ٹی وی : کچھ دیر قبل ٹی ٹی پی کے بیان میں کہا گیا تھا کہ“مذاکرات اور جنگ بندی کے حوالے سے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی قیادت کا اجلاس جاری ہے۔ ملاقات کے بعد باضابطہ بیان جاری کیا جائے گا تاہم اب اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے-

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ حقیقت ہے کہ مذاکرات جنگ کا حصہ ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کا انکار نہیں کر سکتی لہذا تحریک طالبان ایسے مذاکرات کے لئے تیا ہے جس سے ملک بھر میں دیرپا امن قائم ہو سکے اور ہمارے پاکستانیوں کو ایک طرف امن کی باہریں میسر ہوں اور دوسری طرف پاکستان کے حصول کا مقصد بھی حاصل ہو سکے-

    ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے اہم نکات :

    پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا فواد چوہدری

    1: ترجمان تحریک طالبان پاکستان محمد خراسانی کے مطابق فریقین نے مذاکراتی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا یے یہ کمیٹیاں آئندہ لائحہ عمل اور فریقین کے مطالبات پر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گی –

    2: فریقین کی طرف سے 1 ماہ یعنی 9 نومبر سے 9 دسمبر تک فائر بندی ہو گی جس میں فریقین کی رضامندی سے مزید توسیع بھی کی جائے گی-

    3:فریقین پر فائر بندی کا لحاظ رکھنا ضروری ہے-

    4: امارات اسلامیہ افغانستان موجودہ مذاکراتی عمل میں تحریک طالبان پاکستان اور حکومت پاکستان کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہی ہے –

    تحریک لبیک پاکستان پر پابندی ہٹادی گئی, وزارت داخلہ نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا

  • مختلف ممالک میں "ٹوئٹر” کی سروس میں تعطل، صارفین پریشان

    مختلف ممالک میں "ٹوئٹر” کی سروس میں تعطل، صارفین پریشان

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ کی سروسز میں تعطل کے سبب صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر کی سروسز میں تعطل مختلف ممالک میں آیا ہے ٹوئٹر کی سروسز میں تعطل پاکستانی وقت کے مطابق شب گیارہ بجے آیا ٹوئٹر سروسز برطانیہ، سوئزر لینڈ، واشنگٹن اور نیویارک میں زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔

    امریکہ میں ٹوئٹر صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم ’ٹوئٹر‘ کی جانب سے تاحال اس ضمن میں مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

    دوسری جانب گوگل، فیس بُک اور انسٹاگرام کی طرز پر ٹوئٹر نے بھی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کےلیے پیسہ کمانے کے مواقع متعارف کروا دیئے ہیں مطلب یہ کہ اب آپ بھی دنیا کے سب سے بڑے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم سے پیسہ کما سکتے ہیں، بشرطیکہ ٹوئٹر پر آپ کے چاہنے والوں یعنی ’’فالوورز‘‘ کی تعداد زیادہ ہو۔
    https://twitter.com/SuperFollows/status/1433128787210739717?s=20
    فی الحال ٹوئٹر پر پیسہ کمانے یا ’’مونیٹائزیشن‘‘ کےلیے چند ایک پروگرام ہی موجود ہیں جو حالیہ چند مہینوں کے دوران آزمائشی طور پر شروع کیے گئے ہیں۔
    اگرچہ ان کا دائرہ کار ابھی صرف امریکا تک محدود ہے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دوسرے ملکوں میں رہنے والے بھی ان سے مستفید ہوسکیں گے ٹوئٹر سے پیسہ کمانے کےلیے ایسا ہی ایک پروگرام ’’سپر فالوز‘‘ کہلاتا ہے جو اس سال یکم ستمبر سے شروع کیا گیا ہے۔

    اگر کسی ٹوئٹر صارف کی عمر 18 سال سے زیادہ ہو، اس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ تین ماہ یا اس سے پرانا ہو، اس کے فالوورز کی تعداد کم از کم دس ہزار ہو اور وہ پورے مہینے میں 25 یا زیادہ ٹویٹس کرتا ہو تو وہ اس پروگرام سے پیسہ کما سکتا ہے۔

    اس کے تحت آپ اپنی کچھ ٹویٹس کو دیکھنے کا معاوضہ وصول کرتے ہیں، یعنی آپ کے فالوورز میں سے صرف وہی فرد ان ٹویٹس کو دیکھ سکے گا جو آپ کو ماہانہ فیس دے گا یہ فیس 2.99 ڈالر، 4.99 ڈالر، یا 9.99 ڈالر ماہانہ ہوسکتی ہے۔

    ٹوئٹر بلاگ کے مطابق، اگر اس پروگرام کے ذریعے آپ کی آمدنی 50 ہزار ڈالر سے کم ہے تو ٹوئٹر اس میں سے صرف 3 فیصد حصہ رکھے گا، لیکن اگر یہ 50 ہزار ڈالر یا اس سے زیادہ ہے تو پھر ٹوئٹر کا حصہ 20 فیصد ہوجائے گا۔

    البتہ یہ پروگرام فی الحال صرف آئی او ایس (آئی فون) صارفین کےلیے ہے جو امریکی شہری ہوں۔ لہذا انہیں ’’سپر فالوز‘‘ پروگرام سے ہونے والی آمدنی میں ایپل کے ’’ایپ اسٹور‘‘ کو بھی حصہ دینا پڑے گا جو 33 فیصد تک ہوسکتا ہے یعنی اس پروگرام سے پیسہ کمانے والوں کو عملاً اپنی کمائی ہوئی رقم کا صرف 65 فیصد حصہ ہی ملے گا۔

    اگر یہ ’’سپر فالوز‘‘ پروگرام اپنے اس ابتدائی اور آزمائشی مرحلے میں کامیاب رہا تو اسے اینڈروئیڈ کے علاوہ دوسرے ملکوں کےلیے بھی شروع کردیا جائے گا۔

  • بھارتی کسانوں نے اکشے کمار کی نئی فلم کی نمائش روک دی

    بھارتی کسانوں نے اکشے کمار کی نئی فلم کی نمائش روک دی

    نئی دہلی: بھارتی کسانوں نے بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار اوراداکارہ کترینہ کیف کی فلم کی نمائش روک دی۔

    باغی ٹی وی :بھارتی کسانوں کا مودی کے خلاف اب بھی احتجاج جاری ہے اور بھارت کے کئی معروف اور شوبز شخصیات نے بھی اس احتجاج کی حمایت کی ہے تاہم اکشے کمار کی جانب سے کسانوں کی حمایت کے لیے کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کسانوں نے مودی کے کالے قانون کے خلاف احتجاج کی حمایت نہ کرنے پر اکشے کمار کی فلم "سوریا ونشی” کی نمائش پنجاب میں روک دی ہے کسانوں نے ہوشیار پور کے 5 مقامی سینما گھروں کے مالکان سے فلم کی نمائش نہ کرنے پر زور دیا ہے ان میں سے کچھ نے سینما گھروں کے باہر لگائے گئے فلم کے پوسٹر پھاڑ دیے اور کہا کہ وہ اداکار کے احتجاج کی حمایت نہ کرنے پر ان کی مخالفت کر رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے سینما مالکان کو دھمکی دی گئی ہے کہ جب تک زراعت کے لیے بنائے گئے نئے قوانین کو منسوخ نہیں کیا جاتا اس وقت تک فلم کی نمائش نہیں ہونے دیں گے۔

    بھارتی کسان یونین (کادیاں) کے کارکنوں نے، تنظیم کے ضلع صدر سوارن ڈھاگہ کی قیادت میں، فلم کی نمائش کے خلاف مقامی شہید ادھم سنگھ پارک سے سوارن سینما تک ایک مظاہرہ اور احتجاجی مارچ کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر سے سیکڑوں کسان دہلی کی سرحدوں پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور حکومت سے تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں – کسانوں کی پیداوار تجارت اور کامرس (فروغ اور سہولت) ایکٹ، 2020؛ کسانوں کا (امپاورمنٹ اور پروٹیکشن) پرائس ایشورنس اور فارم سروسز ایکٹ، 2020 پر معاہدہ؛ اور ضروری اشیاء (ترمیمی) ایکٹ، 2020 –

  • ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ویرات کوہلی کا بیان

    ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ویرات کوہلی کا بیان

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ چیزوں کو ٹھیک طرح سے سامنے رکھنا ہو گا ، یہ میرے لیے اپنا ورک لوڈ کم کرنے کا صحیح وقت ہے ۔

    باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق بھارتی سابق کہتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ چھ سات سال سے بہت زیادہ کرکٹ کھیل رہا ہوں ،جب بھی آپ کھیلنے کے لیے میدان میں جاتے ہیں تو یہ آپ کے اندر سے بہت کچھ نکال لیتا ہے۔

    ورلڈ کپ میں نمیبیا سے جیت کے بعد ویرات کوہلی نے کہا کہ یہ بہت زبردست تھا اور میرے لیے اعزاز کی بات ہے ،ہم ایک ٹیم کے طرح بہت اچھا کھیلے ۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اس ورلڈ کپ میں آگے نہیں جا سکے لیکن ہم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہت میچ جیتے ہیں اور ایک ساتھ کھیل کر لطف اندوز ہوئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم پہلے دو میچوں میں صرف دو اوور اپنی توقعات کے مطابق کھیل لیتے تو چیزیں مختلف ہوتیں ۔

    ویرات کوہلی نے کہا کہ جیسے میں پہلے کہہ چکا ہوں ، ہم اتنی بہادری سے نہیں کھیلے،ہم وہ ٹیم نہیں ہیں جو ٹاس کا بہانہ بنائیں ۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل انڈین چینل سٹار سپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے روی شاستری نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے انڈین ٹیم بائیو سکیور ببل میں ہے، پورا سٹاف اور ٹیم ذہنی طور پر تھکاوٹ کا شکار ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آئی پی ایل کے درمیان زیادہ لمبا وقفہ ہونا چاہیے تھا تاکہ کھلاڑیوں کو آرام کا موقع مل سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل اور ورلڈ کپ میں وقفہ کوئی بہانہ نہیں ہے، ہماری ٹیم ہارنے سے خوفزدہ نہیں ہے، جیت کی کوشش میں آپ یقیناً ہارتے بھی ہیں زند گی میں یہ نہیں ہوتا کہ آپ نے کیا کامیابیاں حاصل کیں بلکہ کبھی یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ آپ نے کن خامیوں پر قابو پایا۔

    خیال رہے کہ بھارت کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں آج اپنا آخری میچ نمیبیا کے خلاف جیتا ہے تاہم پھر بھی بھارت کی ٹیم ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہو چکی ہے اور سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے اور اس میچ کے بعد روی شاستری کی بطور ہیڈ کوچ چھٹی ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ کپتان ویرات کوہلی بھی ٹیم کی قیادت سے فارغ ہو جائیں گے۔

  • کوئٹہ سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال: اب کوئی ڈاکٹر بائیکاٹ کرے گا تو اس کی نوکری چلی جائے گی    عدالت

    کوئٹہ سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال: اب کوئی ڈاکٹر بائیکاٹ کرے گا تو اس کی نوکری چلی جائے گی عدالت

    کوئٹہ سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال،طبی سہولیات سے متعلق کیس کی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عبداللہ بلوچ نے کیس کی سماعت کی،سماعت کے موقع پر ینگ ڈاکٹرز کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے چیف جسٹس نے ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں سےاستفسار کیا کہ آج آپ نے پھر جلوس کیوں نکالا؟چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیوں غلط کام کرتے ہیں؟-

    جس پر نمائندہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہمارے ایک ڈاکٹر کو قتل کیا گیا اس پر ریلی نکالی،چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ کیا ڈاکٹر کو سرکار نے مارا ؟نظام کو چلنے دیں آپ میں سے کوئی آئی جی یا ڈی آئی جی پولیس سے ملا چیف جسٹس نے ینگ ڈاکٹر کو ہڑتال اور ریلیاں نہ نکالنے کی ہدایت کردی-

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اب کوئی بائیکاٹ کرے گا تو اس کی نوکری چلی جائے گی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی ہوگی،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے کہا کہ پیرامیڈکس کو اپنے آپ سے الگ رکھیں-

    دوران سماعت محکمہ صحت کے حکام نے اپنے اقدامات کی تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرادی،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی مسائل سے متعلق تحریری جواب جمع کرا دیا،درخواست پر مزید سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی گئی-

    بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ جام کمال نے کہا کہ حکومت کیلئے میری نیک تمنائیں ہیں جہاں ہماری ضرورت ہوگی ساتھ دیں گےمیں کہوں گا نئی کابینہ جلد از جلد بنائیں اور مسائل کے حل کو ڈسکس کریں، میری پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے سوشل میڈیا پرچلنے والی خبروں میں صداقت نہیں-

    جام کمال نے کہا کہ ہم بلوچستان عوامی پارٹی کے ممبر ہیں اسی ہی میں رہیں گے پارٹی کے اندر کام کرینگے ذمہ داریوں کو آگے لیجائیں گے، بلوچستان عوامی پارٹی نے ساڑھے تین سال میں بہت کام کیاہے، پارٹی اور حکومت کے حوالے سے بھی بہت کام کیا ہے، میرا ٹویٹ بہت مشہور ہوا جس میں پارٹی صدرات سے ہٹ جانے کی خواہیش ظاہر کی تھی، پارٹی کے سارے لوگ آئے اور اُنہوں نے فیصلہ واپس لینے کو کہا تھا-

    دوسری جانب وزیراعلئ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ شہر میں بدترین ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا وزیراعلئ نے ایس ایس پی ٹریفک پولیس کو ٹریفک نظام کی بہتری کے لیۓ فوری طور پر موثر اقدامات کی ہدایت دی –

    وزیراعلئ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام گھنٹوں گھنٹوں بے ہنگم ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں مریض ایمرجنسی میں بروقت اسپتالوں تک نہیں پہنچ پاتےاگر کوئی سڑک کسی وجہ سے ٹریفک کے لیۓ بند ہو جاتی ہے تو فوری طور پر متبادل راستہ دیا ئے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیۓ ٹریفک انجئیرنگ کا شعبہ قائم کیا جائے شہر میں ٹریفک جام کو ختم کرنے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیۓ لائحہ عمل بنایا جائے وزیراعلئ نے ٹریفک نظام کی بہتری کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس طلب کر لیا-