Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • مدرسہ میں استاد کا تشدد: 4 سالہ طالبعلم کی آنکھ ضائع ہو گئی

    مدرسہ میں استاد کا تشدد: 4 سالہ طالبعلم کی آنکھ ضائع ہو گئی

    لودھراں: صوبہ پنجاب کے ضلع لودھراں میں مدرسے کے طالبعلم کی آنکھ استاد کے تشدد سے ضائع ہو گئی ہے۔ طالبعلم کی عمر صرف چار سال ہے۔

    باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹ کے مطابق لودھراں کے ایک مدرسے میں چار سالہ طالبعلم کو استاد نے سبق یاد نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی۔

    رپورٹ کے مطابق طالبعلم کی حالت خراب ہوتا دیکھ کر مدرسے کا استاد فرار ہو گیا۔ والدین کی شکایت پر علاقہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ضلعی پولیس افسر کی ہدایت پر تھانہ کہروڑ میں استاد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے والدین کی مدعیت میں درج کی جانے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رند جادہ میں قائم مدرسے میں ان کا چار سالہ بیٹا تعلیم حاصل کرتا ہے جہاں کے استاد نے سبق یاد نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    درج ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے دوران تشدد استاد کا ڈنڈا بچے کی آنکھ میں لگا جس کی وجہ سے اس کی آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔

    دوسری جانب ویڈیو سیکنڈل کے مرکزی ملزم مفتی عزیز الرحمان کو عدالت پیش کیا گیا تھا مدرسے کے طالب علم سے بدفعلی کے الزام میں گرفتار مفتی عزیر الرحمان کیخلاف کیس پر سماعت ہوئی کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ رانا راشد نے کیس پر سماعت کی پولیس کیجانب سے مفتی عزیز الرحمان کو جیل سے لا کر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے مقدمہ کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔

    عدالت مفتی عزیز الرحمان اور اس کے پانچ بیٹوں کے خلاف فرد جرم عائد کر چکی ہے مفتی عزیز الرحمان کے بیٹے الطاف الرحمان ، عتیق الرحمان ٫ عطا الرحمان ٫ وسیع الرحمان اور لطیف الرحمان مقدمہ میں ملوث ہیں ان کا ساتھی ملزم عبد اللہ بھی مقدمہ میں ملوث ہے، مفتی عزیر الرحمان کے بیٹے بھی پیش ہوئے، مفتی عزیز الرحمان کے بیٹوں پر مدعی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے

    مفتی عزیز الرحمان کو پولیس نے میانوالی سے گرفتار کیا تھا اور وہ اب جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں دوران تفتیش گرفتار مفتی عزیز الرحمان نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرلیا دورانِ تفتیش مفتی عزیز الرحمان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میری ہی ہے جو صابر شاہ نے چھپ کربنائی طالبعلم صابر کو پاس کرنے کا جھانسہ دیکر اپنی ہوس کانشانہ بنایا ویڈیووائرل ہونے کے بعد خوف کا شکار ہوگیا تھا بیٹوں نے صابر شاہ کو دھمکی دی تھی اور اسے اس بات کو آگے کسی کو بتانے سے روکا تھا لیکن ویڈیو وائرل ہو گئی

    پاکستان کے مدارس میں زیادتی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے. ان واقعات سے مدارس کی ساکھ بری طرح سے متاثر ہوگئی ہے. ہر آنے والے دن بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں مسلسل اضافے کی وجہ سے معاشرے کا ہر فرد پریشان ہے-

  • شاہ سلمان کی جمعرات کو ملک بھر میں نماز استسقاء ادا کرنے کا تاکید

    شاہ سلمان کی جمعرات کو ملک بھر میں نماز استسقاء ادا کرنے کا تاکید

    خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ملک بھر میں نماز استسقاء ادا کرنے کی ہدایت کی ہے-

    باغی ٹی وی : "العربیہ” کے مطابو شاہ سلمان نے سُنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم تازہ کرنے اور باران رحمت کے حصول کے لیے جمعرات 29 ربیع الاول 1443ھ کو ملک بھر میں نماز استستقاء کی ادائی کی تاکید کی ہے۔

    سعودی حکومت نے بڑی پابندی عائد کر دی

    اس ضمن میں شاہی دیوان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے تاکید کی گئی ہے کہ ملک بھر میں جمعرات کے روز نماز استستقاء کا اہتمام کرتے ہوئے سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو تازہ کیا جائے اور اللہ سے باران رحمت کے لیے دعائیں کی جائیں۔

    سونے کا لالچ: سعودی شہری جان گنوا بیٹھا

    بیان میں مزید کہا گیا کہ توبہ واستغفار ،ذکر اذکار،صدقات وخیرات، نوافل کا اہتمام، رجوع اللہ اور زیادہ سے زیادہ عبادت کی جائے تاکہ اللہ کی رحمت کے نزول کے دروازے کھل سکیں خادم الحرمین الشریفین نے اللہ سے دعا کی ہے کہ وہ اپنے بندوں پر خصوصی فضل وکرم فرماتے ہوئے رحمت کی بارش نازل فرمائے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت بعض علاقوں میں کئی ماہ سے موسم خشک ہے اور لوگ بارش کو ترس گئے ہیں۔

    جدہ میں صدیوں پرانا آرٹ کا نمونہ دریافت

  • بعد از مرگ بھارتی اداکار پنیت راج کمار کی آنکھیں نابینا افراد کو عطیہ کر دی گئیں

    بعد از مرگ بھارتی اداکار پنیت راج کمار کی آنکھیں نابینا افراد کو عطیہ کر دی گئیں

    چند روز قبل انتقال کرنے والے ساؤتھ انڈین اداکار پنیت راج کمار کی نابینا افراد کو عطیہ کردی گئیں۔

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زندگی میں سماجی کاموں میں پیش پیش رہنے والے آنجہانی اداکار کی آنکھوں سے 4 افراد کی بینائی واپس آئی جن میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں تاہم اسپتال انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اداکار کی آنکھیں ایڈوانس ٹیکنالوجی کے تحت چار افراد کو عطیہ کی گئیں، اس تکنیک کے تحت آنکھ کے کورنیا کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جس کے بعد اس کا ہر حصہ مختلف مریضوں کو عطیہ کردیا جاتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو کے آنکھوں کے اسپتال ‘نارایانا نیتھرالیا’ کے چیئرمین ڈاکٹر بھجنگ شیٹی نے بتایا کہ یہ تکنیک ریاست کرناٹکا میں پہلی بار استعمال کی گئی جس میں آنکھوں کو بیک وقت چار لوگوں کو عطیہ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پنیت راج کمار کو جمعہ کے روز دل کا دورہ پڑا تھا جس کےباعث انہیں فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکےاداکار پنیت راج کمار جِم میں ورزش کے دوران اچانک گرپڑے جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں آئی سی یو منتقل کیا تاہم وہ دم توڑ گئے46 سالہ پنیت راج کمار ساؤتھ انڈین فلموں کے معروف اداکار تھے اور انہیں پاور اسٹار کے نام سے جانا جاتا تھا۔

  • خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں جعلی پیر گرفتار

    خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں جعلی پیر گرفتار

    لاہور: پولیس نے خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔

    باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ غازی آباد کی پولیس نے خاتون کی درخواست پر عارف بابا کے نام سے معروف جعلی پیر کو مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    ایس پی کینٹ عیسٰی سکھیرا کا کہنا ہے کہ خاتون کے مطابق وہ ملزم عارف بابا کے پاس تعویز لینے آئی تو ملزم نے اسے زیاد تی کا نشانہ بنایا، خاتون کی درخواست پر ملزم کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    لاہور: ڈیڑھ ماہ تک عورت کومبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والا جعلی پیرگرفتار

    واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں لاہور کے علاقہ ساندہ میں ڈیڑھ ماہ تک عورت کومبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے جعلی پیر کو گرفتار کیا گیا تھا متاثرہ خاتون کی شادی ضلع شیخوپورہ میں ہوئی تھی جو گھریلو نا چاکی پر جعلی پیر نوید کے پاس تعویذ کرانے آئی تو ملزم ورغلا کرعورت کو ڈیڑھ ماہ تک زیادتی کا نشانہ بناتارہا۔

    ایس ایچ او ساندہ شیخ خالد فاروق کا کہنا تھا کہ عاصمہ بی بی کے گھر والے اپنے تئیں خاتون کو تلاش کرتے رہے نہ ملنے پر ساندہ پولیس سے رابطہ کیا تھا ایس پی اویس شفیق کا کہنا تھا کہ ساندہ پولیس نے کارروائی کرکے جعلی پیر کوگرفتار کر لیا تھا-

  • حضور ﷺ کی عزت و ناموس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے ، ہم حضور ﷺ کی گستاخی کیسے برداشت کر سکتے ہیں؟   اسلام آباد ہائی کورٹ

    حضور ﷺ کی عزت و ناموس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے ، ہم حضور ﷺ کی گستاخی کیسے برداشت کر سکتے ہیں؟ اسلام آباد ہائی کورٹ

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف کیس پر سماعت ہوئی –

    باغی ٹی وی : دوران سماعت عدالت نے پوچھا کہ ایف آئی اے کو گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف کتنی درخواستیں موصول ہوئیں؟ ایف آئی اے گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث مجرمان کے خلاف کاروائی میں کیوں تاخیر کررہی ہے۔

    جس پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ پٹیشنرز کی جانب سے کل 17 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2 درخواستوں پر ایف آئی اے نے کا ر روائی کی اور باقی درخواستوں پر انکوائری ختم کردی کیونکہ ان درخواستوں میں دیئے گئے سوشل میڈیا لنکس بلاک ہو گئے تھے، لنکس بلاک ہوجائیں تو ہم مجرمان کی شناخت نہیں کر سکتے۔

    جس پر عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے کے ایک افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ لنکس بلاک ہونے کے باوجود بھی مجرمان کی شناخت ہوسکتی ہے۔ ایف آئی اے کی نیت ہو تو سب کچھ ہوسکتا ہے،اصل مسئلہ نیت کا ہے۔

    سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر،عدالت نے اہم شخصیت کو طلب کر لیا

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے لنکس بلاک ہونے پر درخواستوں پر انکوائری ختم کرنے کا بیان درست نہیں، عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو تمام درخواستوں کا اوریجنل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا تھا، ایف آئی اے درخواستیں گم کر چکی ہے، اس لئے لنکس بلاک ہونے پر انکوائری ختم کرنے کا بیان دے کر عدالت کو گمراہ کر رہی ہے۔

    جسٹس عامر فاروق نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ درخواستوں کا اوریجنل ریکارڈ کہاں ہے، جو ریکارڈ آپ نے پیش کیا ہے، وہ اوریجنل نہیں ہے، آپ کو پٹیشنرز کو نہیں عدالت کو مطمئن کرنا ہے،تمام درخواستوں کا اوریجنل ریکارڈ عدالت میں پیش کریں۔

    گستاخانہ مواد کی تشہیر کو کب تک نہیں روکا جا سکتا ؟ ڈی جی پی ٹی اے کا عدالت میں اظہار بے بسی

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر اس کیس کے پٹیشنرز کو ہراساں کیا جارہا ہے، پٹیشنر شیراز احمد فاروقی کے گھر پولیس نے چھاپے مارے،حافظ احتشام احمد کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے، جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ہم آرڈر میں لکھوا دیتے ہیں کہ پٹیشنرز کو کوئی ہراساں نہ کرے۔

    جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ حضور ﷺ کی عزت و ناموس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، جہاں پر مغربی ممالک کا اپنے ملک کا یا اپنے مذہب کا سوال ہو، وہاں مغرب ممالک بھی سخت کاروائی کرتے ہیں، وہ اپنے ملک کے مفاد یا اپنے مذہب کے خلاف کچھ نہیں برداشت کرتے تو ہم حضور ﷺ کی گستاخی کیسے برداشت کر سکتے ہیں، ہمارے ملک میں سوشل میڈیا پر خرافات کا سمندر ہے،سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد کے خاتمے کے لئے قوانین کا سختی سے نفاذ کیا جائے۔

    سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد،تیرہ ویب سائٹس بلاک ہوئیں تو باقی کا کیا بنا؟ عدالت

  • نیب آرڈیننس میں ترمیم احتساب کی آڑ میں سراسر سیاسی انتقام ہے     شہباز شریف

    نیب آرڈیننس میں ترمیم احتساب کی آڑ میں سراسر سیاسی انتقام ہے شہباز شریف

    شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم شیطانی ذہنیت کا واضح مظہر ہے –

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم احتساب کی آڑ میں سراسر سیاسی انتقام ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ اپوزیشن کو نشانہ بنانے کےلیے ہے عمران خان نے نیب آرڈیننس میں تیسری ترمیم سے خود کو اوراپنی حکومت کو این آر او دیا ہے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کےرہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت جتنی بھی چوری کرلےاسےمعافی ہے یہ صرف ایک آرڈیننس کی مارہیں نئےآرڈیننس کےتحت چیئرمین نیب تاحیات ہوں گے اور انہیں ہٹانے کا اختیار صدر مملکت کو دے دیا گیا ہے صدرمملکت کسی وقت بھی چیئرمین نیب کونکال سکتےہیں حکومت جتنی بھی چوری کرلےاسےمعافی ہے۔یہ صرف ایک آرڈیننس کی مارہیں۔ روز اول سے کہا کہ نیب آرڈیننس بدنیتی پرمبنی ہے یہ آرڈیننس 10منٹ میں بنا کر سامنے لے آتے ہیں قانون سے نہ کھیلا جائے ، حکومت کے لیے مشکل پیدا ہو جائےگی کہہ دیں نیب آرڈیننس صرف مسلم لیگ ن کے لیے ہے عوام کوبتائیں ن لیگ نےکیا کرپشن کی ہے۔

    خیال رہے کہ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی منظوری سے تیسرا نیب ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق 6 اکتوبر سے ہوگا چیئرمین نیب کوہٹانے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل سے واپس لے کر صدر مملکت کو دے دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے6 اکتوبرکے آرڈیننس میں چیئرمین نیب کو ہٹانے کا اختیارسپریم جوڈیشل کونسل کو دیا تھا جوڈیشل کونسل نے اٹارنی جنرل کو چیئرمین نیب کو ہٹانے کے طریقہ کارپروضاحت کی ہدایت کی تھی۔

    پی ٹی آئی حکومت صرف ایک آرڈیننس کی مار ہے شاہد خاقان عباسی

    نئے ترمیمی آرڈیننس کے تحت سابق صدرآصف علی زرداری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اپوزیشن لیڈرشہبازشریف اورمریم نواز کوکوئی ریلیف نہیں مل سکے گا پہلے سے قائم تمام منی لانڈرنگ کے کیسز ویسے ہی چلیں گے دھوکہ اور فراڈ کے کیسز واپس نیب کے حوالے کردیئے گئے ہیں جعلی اکاؤنٹس کے پرانے مقدمات آرڈیننس کے تحت جاری رہ سکیں گے۔

    ترمیمی آرڈیننس کے متن میں درج ہے کہ الیکٹرانک ڈیوائسز کی تنصیب تک پرانے طریقے سے شہادتیں قلمبند کی جائیں گی، زر ضمانت کے تعین کا اختیار بھی عدالت کو دے دیا گیا ہےعوام سے فراڈ، دھوکہ دہی کے نجی افراد کے معاملات اور مضاربہ کیسز بھی واپس نیب کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ چھ اکتوبرسے پہلے کے فراڈ کے تمام مقدمات بھی نیب سن سکے گا۔

  • پاکستان کا بھارت کی بلائی گئی سلامتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    پاکستان کا بھارت کی بلائی گئی سلامتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے بلائی گئی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا انہوں نے کہا کہ بھارت کا کردار امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا ہے ، ایسے میں وہ قیام امن کے لیے کام کیسے کرسکتا ہے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت امن تباہ کرنے والا ہے، یہ امن قائم کرنے کے لئے کچھ نہیں کرسکتا بھارت اگر آگے چلنے کو تیار ہے تو پاکستان خیر مقدم کرے گا لیکن اگے بڑھنے کے لیے پہلے حالات سازگار کرنا ہوں گے کشمیر میں کیے اقدا مات ختم ہونے تک بات نہیں ہوسکتی دنیا کے تمام ممالک نے بھارت کے رویئے پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں ، وزیر اعظم عمران خان بار بار یہ بات کرتے ہیں کہ پاکستان جغرافیائی معاشی ضابطوں میں اپنے آپ کو منتقل کررہا ہے-

    دفتر خارجہ میں معید یوسف نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ازبکستان کے مشیر قومی سلامتی 3 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں ، آج صبح پاکستان اور ازبکستان نے قومی سلامتی کے حوالے سے مشترکہ پروٹوکولز پر دستخط کیے ہیں دونوں ممالک سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے ازبک وفد وزیر اعظم ، وزیر خارجہ اور جی ایچ کیو میں بھی ملاقاتیں کرے گا ازبک مشیر قومی سلامتی کل طور خم سرحد کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر رزاق داود بھی ہمراہ ہوں گے۔

    مشیر قومی سلامتی نے بتایا کہ ازبکستان اور پاکستان کے مابین دستخط ہونے والے پروٹوکولز میں منشیات و دہشت گردی کے انسداد، اینٹی منشیات فورس و دیگر معاملات پر بات چیت ہوگی. ازبکستان کے ساتھ پہلے ہی اچھے دفاعی تعلقات موجود ہیں ، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن اس پروٹوکول کی مرکزی اساس ہوگا ۔

    معید یوسف نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک کے منصوبے پر کام جاری ہے ، وسطی ایشیا کے ساتھ ہمارے اس طرح کے رابطے نہیں رہے جس طرح ہونے چاہیے تھے اس حوالے سے وزیر اعظم اور ازبک صدر نے گزشتہ روز فون پر بات بھی کی ہے ، افغانستان پر پاکستان اور ازبکستان کا موقف ایک ہے کہ اس وقت افغانستان پر ایک تعمیری بات چیت کی جائے تاکہ وہاں کوئی انسانی المیہ جنم نہ لے دہائیوں سےافغانستان جنگ کی حالت میں ہے۔ افغانستان میں لوگوں کی انسانی بنیادو ں پر امداد کی جائے افغانستان میں انسانی بحران پیداہوسکتا ہے-

    انہوں نے کہا پاکستان پر الزام دیا جاتا ہے کہ ہم افغانستان کی حمایت میں بول رہے ہیں۔ افغانستان کی 40سال کی صورتحال کا اثر پاکستان پر براہ راست مرتب ہوا۔ ہم دہشتگردی کے سب سے بڑِے متاثر ہیں ، ہماری سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان میں امن ہو ہمارے پاس افغانستان سے قطع نظر کا کوئی آپشن نہیں ہے۔

    معید یوسف نے بتایا کہ ازبکستان بحیرہ عرب تک راہداری کا خواہاں ہے۔ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان ٹرین منصوبے پر بھی کام ہورہا ہے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور ازبکستان ملکر کام کررہے ہیں۔

    پاکستان کی جغرافیائی اہمیت زیادہ ہے۔ ہمارے ازبکستان اورسینٹرل ایشیا سے وہ تعلقات نہیں رہے جو ہونے چاہیے تھے۔ سینٹرل ایشیا کےممالک میں ازبکستان اہم کردارادا کرتا ہے۔

  • پی ٹی آئی حکومت صرف ایک آرڈیننس کی مار ہے    شاہد خاقان عباسی

    پی ٹی آئی حکومت صرف ایک آرڈیننس کی مار ہے شاہد خاقان عباسی

    مسلم لیگ ن کےرہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت جتنی بھی چوری کرلےاسےمعافی ہے یہ صرف ایک آرڈیننس کی مارہیں-

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ نئےآرڈیننس کےتحت چیئرمین نیب تاحیات ہوں گے اور انہیں ہٹانے کا اختیار صدر مملکت کو دے دیا گیا ہے صدرمملکت کسی وقت بھی چیئرمین نیب کونکال سکتےہیں۔

    تیل اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا وزیر خزانہ شوکت ترین

    شاہد خاقان نے کہا کہ حکومت جتنی بھی چوری کرلےاسےمعافی ہے۔یہ صرف ایک آرڈیننس کی مارہیں۔ روز اول سے کہا کہ نیب آرڈیننس بدنیتی پرمبنی ہے یہ آرڈیننس 10منٹ میں بنا کر سامنے لے آتے ہیں قانون سے نہ کھیلا جائے ، حکومت کے لیے مشکل پیدا ہو جائےگی کہہ دیں نیب آرڈیننس صرف مسلم لیگ ن کے لیے ہے عوام کوبتائیں ن لیگ نےکیا کرپشن کی ہے۔

    ہولی فیملی اسپتال سے نومولود بچے کا اغوا ،مقدمہ درج،تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی

    سابق وزیر اعظم نے ٹی ایل پی سے کیے گئے معاہدے کو عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ایک جماعت کوکالعدم قرار دیا پھر پیر پکڑ کر معافیاں مانگی گئیں ،کالعدم جماعت سے کیاگیا معاہدہ کیسے ہوا عوام کے سامنے کیوں نہیں آیا؟-

    قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرٹوں کے نمبرز میں چُھپے دلچسپ رازوں سے پردہ اٹھ گیا

    ان کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی سے عوام پریشان ہیں۔ ہرطرف مسائل ہی مسائل ہیں ، حکومت کیا کررہی ہے؟حکومت کی کرپشن عوام کےگھروں تک پہنچ گئی 120روپےکلوچینی میں سے 70 عمران خان اوروزراکی جیب میں جارہےہیں براڈشیٹ میں کس نےکس کوپیسےدیئے،کوئی نہیں جانتا نیب پراسیکیوٹراورملازمین کٹہرے میں ہوں گے۔

    چیف الیکشن کمشنر کا نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ،خواتین و اقلیتوں کی رجسٹریشن پر…

  • کوئٹہ: موٹر سائیکل میں نصب دھما کہ ، 12 افراد زخمی

    کوئٹہ: موٹر سائیکل میں نصب دھما کہ ، 12 افراد زخمی

    کوئٹہ: خاران میں موٹر سائیکل میں نصب دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    باغی ٹی وی : خاران پولیس کے مطابق دھماکا چیف چوک کے قریب ہوا، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا دھماکے کے بعد زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں دھماکے میں ایک گاڑی اور قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    بلوچستان کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے خاران میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی گئی ہے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔

    پنجگور میں دھماکہ،2 افراد جاں بحق

    وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل 31 اکتوبرکو بلوچستان کے ضلع پنجگور کے ایک بازار میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 2 افراد جاں بحق ہو ئے تھے پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے پنجگور دھماکے کی مذمت کی تھی انہوں نے دھماکے میں 2 افراد کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کا مقصد بے چینی اور بد امنی پیدا کرنا ہے۔

  • ملک میں بڑھتے بریسٹ کینسرکے کیسز،سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا

    ملک میں بڑھتے بریسٹ کینسرکے کیسز،سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا

    سپریم کورٹ نے ملک میں بریسٹ کینسر کے بڑھتے کیسز کا نوٹس لے لیا ہے۔

    باغی ٹی وی : عدالت نے نوٹس کسی کی شکایت پر نہیں بلکہ دل کے مریضوں کیلئے سٹنٹس پر لیے گئے ازخودنوٹس کی سماعت کے دوران لیا اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اسپتالوں میں بریسٹ کینسر کے علاج اور ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری اسپتال میں میموگرافی اور بریسٹ کینسر کے علاج کی سہولت نہیں۔سرکاری اسپتالوں میں علاج کیلئے خواتین کے پردے کا انتظام اور ماہرین پر مشتمل عملے میں خواتین بھی شامل ہوں بھی یقینی بنایا جائے-

    چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ خواتین میں بریسٹ کینسر کے ابتدائی اسٹیج پر تشخیص کیلئے کوئی انتطامات نہیں صرف صاحب حیثیت خواتین ہی مہنگا علاج کروا پاتی ہیں اکثریت نجی اسپتالوں سے مہنگا علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتیں خواتین معاشرے کا 50 فیصد حصہ ہیں چھاتی کا کینسر خواتین کو بہت تیزی سے متاثر کر رہا ہے ملک کی 50 فیصد آبادی کو چھاتی کے کینسر سے بچانا ہوگا۔

    عدالت نے تمام وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز صحت کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہےعدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر تمام سیکرٹریز اپنے علاقوں میں چھاتی کے کینسر کے علاج سے متعلق جواب دیں سپریم کورٹ نے چھاتی کے کینسر سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت ایک ماہ تک ملتوی کر دی۔