Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • غیر ملکیوں کا انخلا: پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں کابل روانہ ہوں گی

    غیر ملکیوں کا انخلا: پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں کابل روانہ ہوں گی

    افغانستان میں پھنسے غیرملکی مسافروں کو پاکستان لانے کے لئے قومی ائیرلائن پی آئی اے کی 2 خصوصی پروازیں آج کابل جائیں گی۔

    باغی ٹی وی : پی آئی اے کا کابل فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہورہا ہے جس کیلئے پی آئی اے کے 2 طیارے آج اسلام آباد سے کابل کیلئے روانہ ہوں گے۔ترجمان پی آئی اے عبدﷲ اے خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں افغان اتھارٹیز اور کابل ایئر پورٹ انتظامیہ سے بات چیت ہوگئی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے توقع ظاہر کی کہ یہ دونوں طیارے مسافروں کو لے کر جمعے کو ہی وطن واپس آجائیں گے۔

    کینیڈا نے بھی کابل میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ دو فوجی طیاروں کے مدد سے کابل میں پھنسےکینیڈین،افغان اور دیگر افراد کو نکالا جائے گا لوگوں کے انخلا کے لیے کینیڈین فوجی کابل میں موجود ہیں۔

    دوسری جانب امریکی ترجمان دفتر خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر6 ہزار افراد انخلا کے لئے موجود ہیں۔14اگست سے اب تک 7 ہزار افراد کو نکال چکے ہیں۔ لوگوں کا ائیرپورٹ نہ پہنچ پانا، قابل تشویش بات ہے

    واضح رہے کہ مغربی دنیا کے متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو کابل سے نکالنے کیلئے پاکستان سے رابطہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ نے عملے کے 500 سے زائد افراد کو کابل سے نکالنے کے لیے پاکستان سے درخواست کی ہے۔

    پاکستان نے افغانستان سے پہنچنے والے غیر ملکیوں کو آن آرائیول ویزا کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس خصوصی مشن کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی اب تک 3 پروازیں کابل سے اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔

  • جامشورو: مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی، مین ٹریک بند کر دیا گیا

    جامشورو: مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی، مین ٹریک بند کر دیا گیا

    سندھ کے ضلع جامشورو میں کوٹری اسٹیشن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس حادثے کا شکار ہو گئی –

    باغی ٹی وی : ریلوے حکام کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے کراچی جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی ٹرین کی کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تاہم اس حادثے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کے لیے عملے کو طلب کیا گیا ہے اور جلد ٹریک بحال کردیا جائے گا۔ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد کراچی کا مین ٹریک مکمل بند ہوگیا ہے اور مسافر ٹرینوں کی روانگی بند کردی گئی ہے۔

    بعد ازاں ریلوے کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ علامہ اقبال ایکسپریس کوٹری ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوتے ہوئے ڈی ریل ہوگئی۔دو کوچز پلیٹ فارم نمبر 2 میں داخل ہوتے وقت 6 بجکر 50 منٹ پر ڈی ریل ہو ئیں اس ڈی ریلیمنٹ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علامہ اقبال ایکسپریس باقی بوگیوں کے ساتھ 8 بجکر10 منٹ پر کوٹری ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہو گئی۔ اپ اینڈ ڈاﺅن کے دونوں ٹریکس کلیر ہیں۔ تمام ٹرینیں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔

  • جوبائیڈن کو افغانستان میں طالبان خطرے سے متعلق آگاہ کیا تھا       امریکی جریدے کا انکشاف

    جوبائیڈن کو افغانستان میں طالبان خطرے سے متعلق آگاہ کیا تھا امریکی جریدے کا انکشاف

    امریکی محکمہ خارجہ نے جوبائیڈن کو افغانستان پر طالبان کے قبضے سے متعلق آگاہ کیا تھا امریکی جریدے کا دعویٰ-

    باغی ٹی وی : امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق طالبان کے کابل پر قبضے سے ایک ماہ پہلے 13 جولائی کو ایک درجن کے قریب سفارت کاروں نے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کو میمو لکھا-

    میمو میں تجویز کیا گیا تھا کہ امریکی محکمہ خارجہ کو طالبان کے خلاف سخت رد عمل دینا چاہیے۔ سفارت کاروں نے میمو میں بتایا کہ طالبان افغان علاقوں پر تیزی سے قابض ہو رہے ہیں۔

    امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ سفارتکاروں نے میمو میں افغانستان سے امریکیوں کے فوری انخلا کی تجویز بھی دی تھی-

    8 جولائی کو جو بائیڈن نے کہا تھا طالبان کا افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کا کوئی امکان نہیں، امریکی صدر نے افغانستان میں افراتفری پیدا ہونے کے امکان کو بھی مسترد کیا تھا۔

  • جی ایم سید کے بیٹے سید امیر حیدر شاہ انتقال کر گئے

    جی ایم سید کے بیٹے سید امیر حیدر شاہ انتقال کر گئے

    غلام مرتضٰی شاہ باالمعروف جی ایم سید کے بیٹے سید امیر حیدر شاہ کورونا کے باعث انتقال کر گئے-

    باغی ٹی وی : امیر حیدر شاہ قوم پرست رہنما کے طور پر مشہور تھے سندھ کی سیاست میں امیر حیدر شاہ کا کردار نمایاں رہا۔ مرحوم امیر حیدر شاہ سابق رُکن قومی اسمبلی تھے۔

    امیر حیدر شاہ کورونا کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، نماز جنازہ آبائی گاؤں سن میں ادا کی جائے گی، ان کی عمر 89 برس تھی۔

    سندھ کی سیاست میں جی ایم سید کا اہم کردار رہا ہے، پاکستان کے قیام کی قرارداد جی ایم سید نے سندھ اسمبلی سے پاس کروائی تھی۔ جی ایم سید نے پاکستان کی حمایت سے مخالفت تک کا سفر کیا اور سندھودیش کا نعرہ لگا یا۔ سندھ کی تاریخ جی ایم سید کے بغیر ادھوری ہے۔ اب جیئے سندھ کی سیاست سندھ میں دم توڑ چکی ہے اس کے اکثر کارکنان یا ہمدرد کنارہ کش زندگی گزار رہے ہیں یا جیئے سندھ کی نرسری میں پلنے والے اکثر لیڈر تھک ہار کر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز یا پی ٹی آئی میں شامل ہوچکے ہیں اور اکثر کو یہ ارمان ہے کہ ہم نے اپنی زندگی کے سنہرے دن ایک ایسے خواب کی تعبیر تلاش کرنے میں گزارے جس کا حقیقت سے دور تک کا تعلق نہیں۔

    جی ایم سید کے خاندان نے کبھی بھی جیئے سندھ کی سیاست کو اون نہیں کیا باقی جی ایم سید کی سالگرہ اور برسی پر ہر دھڑے کو پروگرام کرنے کا خرچہ دیتے ہیں۔ جی ایم سید کے دو بیٹے امداد محمد شاہ اور سید امیر حیدر کی اولاد بھی تتربتر کا شکار ہے –

  • پاکستان کے ساتھ اتحاد کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا       افغان وفد

    پاکستان کے ساتھ اتحاد کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا افغان وفد

    پاکستان میں موجود افغان وفد نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اتحاد کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق افغان وفد کا کہنا تھا کہ اب تک طالبان نے جو کچھ کہا وہ صرف الفاظ تھے، ان کے عمل سے فرق پڑے گا، جنگی طور پر قبضہ لوگوں پر حکمرانی کے برابر نہیں ہے۔

    افغان وفد نے کہا کہ دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقاتیں کیں، پاکستانی حکام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    واضح رہے کہ امارات اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ مام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں مگر مداخلت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے طالبان کسی بھی ملک کے خلاف دشمنی کے جذبات نہیں رکھتےافغان عوام طالبان کے ساتھ مل کر کام کریں اور ایک متنوع نظام بنانے میں مدد کریں۔

  • افغانستان کی صورتحال پر نیٹو کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا

    افغانستان کی صورتحال پر نیٹو کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا

    افغانستان کی صورتحال سے متعلق نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ طالبان کے افغانستان پر مکمل قبضے اور موجودہ صورتِ حال پر گفتگو کے لیے نیٹو کی جانب سے اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

    نیٹو کی جانب سے ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار سے اب تک کابل ایئرپورٹ کے اندر اور اطراف میں 12 افراد ہلاک ہوئے

    دوسری جانب جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے افغانستان کے معاملے پر متحد ہو جائیں، اس سے پہلے کہ مسئلہ مزید سنگین ہوجائے۔

    روئٹرز کے مطابق برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینک راب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جی سیون کے وزرا عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ سب ایک مقصد کے لیے متحد ہو جائیں تاکہ افغانستان کے بحران کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے افغانستان کے بحران کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی کوشش کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ جی سیون کی قیادت اس وقت برطانیہ کے پاس ہے۔ جی سیون ممالک میں امریکہ، اٹلی، فرانس، جرمنی، جاپان، برطانیہ اور کینیڈا شامل ہیں۔

  • تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں مگر مداخلت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے ترجمان طالبان

    امارات اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح ﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں مگر مداخلت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب میں ذبیح ﷲ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان کسی بھی ملک کے خلاف دشمنی کے جذبات نہیں رکھتےافغان عوام طالبان کے ساتھ مل کر کام کریں اور ایک متنوع نظام بنانے میں مدد کریں۔

    قبل ازیں ذبیح اللّٰہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم نے ابھی تک کسی ملک سے تجارت کرنے سے متعلق بات نہیں کی ہے۔

    علاوہ ازیں طالبان کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کے انخلا میں غیر ملکی افواج کی مدد کے وعدے کی پاسداری کر رہے ہیں، غیر ملکیوں کے ساتھ افغانوں کو بھی ملک چھوڑنے کے لیے محفوظ راستہ دے رہے ہیں۔

    دوسری جانب امریکی فوج کی انتہائی حساس بائیو میٹرک دیوائسز کو طالبان نے قبضے میں لے لیا ہے۔ یہ بات مؤقر جریدے سی این ای ٹی نے بتائی ہے سی این ای ٹی کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کو اس بات کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں کہ ان ڈیوائسزمیں موجود حساس ترین معلومات کو اس کے مخالفین اسی کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں۔

    جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا اور امریکی فوج کی بائیو میٹرک ڈیوائسز کو طالبان کے قبضے میں گئے ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے ان بائیو میٹرک ڈیوائسز میں امریکی فوجیوں اور مقامی افغانوں کا انتہائی حساس ترین ڈیٹا موجود ہے۔

    امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ بائیو میٹرک ڈیوائسز سے طالبان امریکہ کے ساتھ کام کرنے والے افغانوں کی نشاندہی کر کے انہیں انتقام کا نشانہ بھی بنا سکتے ہیں امریکی حکام کے مطابق طالبان بائیو میٹرک ڈیوائسز کا ڈیٹا خود چیک کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں لیکن کوئی پڑوسی ملک یا اس کی انٹیلی جنس اس ضمن میں ان کی مدد کرسکتی ہے۔

    امریکہ عالمی جنگوں میں ایسی بائیومیٹرک ڈیوائسز استعمال کرتا رہا ہے اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن میں بھی امریکہ نے بائیو میٹرک معلومات سے مدد لی تھی۔

  • جاوتری کے صحت پر اثرات

    جاوتری کے صحت پر اثرات

    جاوتری کا شمار گرم مسالے میں کیا جاتا ہےماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق جاوتری وٹامن اے، بی1، بی 2، کیلشیم ، میگنیشم ، فاسفورس، میگنیز اور زنک جیسے کئی معدنیات سے لبریز جز ہے اسے بر صغیر پاک و ہند میں کھانے کی تیاری جیسے کہ میٹھی غذائیں، گوشت، سبزیوں، چٹنیوں، پلاؤ اور چند مشروبات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے-

    اس کی فصل ملیشیا، انڈونیشیا، سری لنکا اور بھارت میں ہوتی ہے جبکہ اس کی تھوڑی سی زیادتی بھی کھانے کو کڑوا اور زہریلا بنا سکتی ہے۔

    اچار کھانے کے حیران کن طبی فوائد

    ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق اسے ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 1 سے 3 گرام تک استعمال کیا جا سکتا ہے-

    ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق جاوتری کڑوی ہونے کے سبب یہ خون کی صفائی اور دل کی بیماریوں میں معاون ثابت ہوتی ہےخوا تین کے متعدد پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے بے حد مفید ہےجاوتری کے استعمال کے نتیجے میں معدے کی صحت اور کارکردگی بہتر ہوتی ہے ، نظام ہاضمہ تیز ہوتا ہے ۔

    جاوتری کو سانسوں اور منہ کی بد بو ختم کرنے کے لیے بھی کھایا جا سکتا ہےبلڈ پریشر اور شوگر کو متوازن بناتی ہے مثانے اور اس کے مکمل نظام کے انفیکشن کا خاتمہ کرتی ہے جائفل جاوتری کا استعمال گلے میں خراشوں، کھانسی کے علاج اور گلے درد اور دمے کا علاج بھی کرتی ہے جاوتری اپھار کا بھی بہترین علاج ہے۔

    ماحول دوست سبزی گوار کی پھلی کے حیرت انگیز فوائد

    پیاس کی شدت کو کم کرتی ہے، بچوں میں پیٹ کے کیڑے کی شکایت کو دور کرتی ہے جائفل جاوتری کا پیسٹ بنا کر جوڑوں پر لگانے سے درد ختم ہو جاتا ہے اور بڑے اور بچوں کے قوت مدافعت کے نظام کو مضبوط بناتی ہے۔

    دوسری جانب جائفل اگر ضرورت سے زیادہ استعمال کر لی جائے تو اس کے بہت برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جیسے کہ متلی، پیٹ درد، سانس کا پھولنا اور دورے پڑنا جائفل سے بدہضمی کی شکایت بھی پیدا ہو سکتی ہےجاوتری ذہنی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے، اس مسالے کو ذہنی صحت کے لیے منفی قرار دیا جاتا ہے۔

  • شاہ رخ خان کی بیٹی سہاناخان فلموں میں  جلوے دکھانے کے لئے تیا ر

    شاہ رخ خان کی بیٹی سہاناخان فلموں میں جلوے دکھانے کے لئے تیا ر

    بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی بیٹی سہاناخان فلموں میں جلوے دکھانے کے لئے تیا رہیں-

    باغی ٹی وی : شاہ رخ خان متعدد انٹرویوز میں بتاچکے ہیں کہ ان کی بیٹی سہانا خان کو اداکاری کا بے حد شوق ہے اور وہ اداکارہ بننا چاہتی ہیں تاہم اب معروف ہدایت کارہ زویا اختر اپنے نئے پراجیکٹ میں سہانا کو بالی ووڈ میں لانچ کرنے جارہی ہیں جو کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایت کارہ زویا اختر ان دنوں اپنی نئی آنے والی عالمی شہرت یافتہ مزاحیہ ناول آرچی سے ماخوذ فلم پر کام کررہی ہیں، ناول کی کہانی ایک نوعمر لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جس میں زویا اختر سہانا کو مرکزی کردار کی حیثیت میں کاسٹ کرنا چاہتی ہیں۔

    دنیا میں موجود ایشوریا رائے بچن کی ہمشکل 6 خواتین

    زویا اختر کی فلم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے جبکہ شاہ رخ خان نے ابھی اسکرپٹ کے لیے ہاں کرنی ہے، اگر یہ فلم سہانا خان کو مل جاتی ہے تو یہ ان کا شوبز کی دنیا میں باقاعدہ پہلا قدم ہوگا۔

    واضح رہے کہ سہانا خان اس سے قبل شارٹ فلمز میں جلوہ گرہوچکی ہیں-

    شلپا شیٹھی اور ان کی والدہ پر کروڑوں روپے فراڈ کے مقدمات درج

  • افغانستان میں طالبان کی فتح کے بعد مختلف دلچسپ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

    افغانستان میں طالبان کی فتح کے بعد مختلف دلچسپ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

    کابل: افغانستان میں طالبان کی فتح کے بعد مختلف دلچسپ ویڈیوز سامنے آرہی ہیں جن میں طالبان کہیں جھولے جھول رہے ہیں تو کہیں سیلفیاں لی جارہی ہیں۔

    افغانستان میں جنگوں سے چور نوجوان طالبان کے اندر کا چھپا بچہ باہر آگیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوگئیں جس میں طالبان تفریحی پارکس میں ڈوجنگ کار سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔


    سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ ان میں سے کتنے ہی نوجوان طالبان کا بچپن امریکا کی چھیڑی گئی ہولناک جنگ کی نذر ہوگیا، دنیا کو افغان عوام کے دکھوں کو سمجھنا اور ان کا مداوا کرنا چاہیے۔
    https://twitter.com/gtmco/status/1427640450383548424?s=20
    https://twitter.com/wanderer8678/status/1427614967147159555?s=20


    ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں طالبان جم میں موجود ایکسرسائز مشینوں پر ورزش کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کسی نے اس جم کو امریکی فوج کا خالی کیا گیا جم قرار دیا تو کسی نے صدارتی محل کا جم کہا۔
    https://twitter.com/amnahshah/status/1427706280001556487?s=20
    ایک ویڈیوسامنے آئی جس میں طالبان جمپنگ کر تے ہوئے لطف اندوز ہو رہے ہیں-


    ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک کی رونقیں بحال ہورہی ہیں۔ بازار کھلے ہیں اور جگمگا رہے ہیں جہاں خریدار بھی موجود ہیں۔ طالبان عہدے داروں نے جب بازار کا دورہ کیا تو شہریوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔
    https://twitter.com/yayasser227/status/1426629745043722242?s=20
    طالبان کی اپنے سخت دشمن اور شمالی اتحاد کے کمانڈر عبدالرشید دوستم کے محل پر قبضے کے بعد اس میں ناشتے اور کھانے پینے کی ویڈیو بھی سامنے آئی۔


    افغانستان جیسے غریب اور پسماندہ علاقے میں دوستم کے محل نما گھر اور قیمتی سامان کو دیکھنے کے بعد اس کے شاہانہ طرز زندگی سے متعلق سوالات بھی پیدا ہوئے-


    افغان جنگ میں فتح کے نتیجے میں امریکا اور افغان فوج کا چھوڑا گیا اسلحہ اور عسکری ساز و سامان بھی طالبان کے ہاتھ لگا۔ ان میں امریکی ہیلی کاپٹرز بھی شامل ہیں جو افغان حکومت کو دیے گئے تھے۔اس حوالے سے سوالات پیدا ہوئے کہ کیا طالبان ان ہیلی کاپٹرز اور جنگی طیاروں کو اڑانا بھی جانتے ہیں۔ تو ایک ویڈیو سامنے آگئی جس میں طالبان اسلحے کے ساتھ جنگجو ہیلی کاپٹر میں سفر کررہے ہیں-

    خیال رہے کہ طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا ہے جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے ہیں طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عام معافی کا اعلان کیا ہے اور عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرے۔