Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • سعودی حکومت نے مسلمانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

    سعودی حکومت نے مسلمانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

    سعودی عرب کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کل یعنی اتوار 25 جولائی سے عمرہ زائرین کو پرمٹ جاری کرنا شروع کردیئے جائیں گے۔

    باغی ٹی وی : سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمرہ پرمٹ اعتمرنا اور توکلنا موبائل ایپ کے ذریعے جاری کیے جائیں گے، سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی اور سعودی شہری عمرہ پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ عمرہ کے پرمٹ صرف ان لوگوں کو جاری کیے جائیں گے جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا رکھی ہوگی۔

    عرب میڈیا کے مطابق نائب وزیر حج کا کہنا ہے کہ یومیہ 20 ہزار عمرہ زائرین کو اجازت نامے جاری کیے جائیں گے عمرہ زائرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

    عمرہ زائرین کو 25 جولائی سے عمرے کی اجازت دی جائے گی سعودی نائب وزیر حج

  • شہباز گل کا نواز شریف کی افغان نیشنل سیکیورٹی چیف اور وزیر مملکت سے ملاقات پر رد عمل

    شہباز گل کا نواز شریف کی افغان نیشنل سیکیورٹی چیف اور وزیر مملکت سے ملاقات پر رد عمل

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے نواز شریف کی افغان نیشنل سیکیورٹی چیف اور وزیر مملکت سے ملاقات پر رد عمل دیا ہے-

    باغی ٹی وی : شہباز گل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کو گندی گالی دینے والے شخص سے نواز شریف کی ملاقات تازہ ڈویلپمنٹ ہے کیا اس سے واضح نہیں ہو جاتا کہ نواز شریف کا ایجنڈا کیا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ افغان وزیر میاں نواز شریف کے لئے مودی کا خاص پیغام لائے ہیں پاکستان کو گالی دینے والے شخص کی اور نواز شریف کی”باہمی دلچسپی” کے اموراسکے علاوہ ہو بھی کیا سکتےہیں-

    شہباز گل نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے قوم اور فوج اسکے چپے چپے کی محافظ ہے،پاک فوج کے خلاف زہر اگلنے اور مودی سے جھپیاں ڈالنے والے شخص کو ایک بار پھر کشمیریوں کے جذبات سے نہیں کھیلنے دیں گے۔

    شہباز گل نے کہا کہ باوثوق زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس ملاقات میں مسٹر محب میاں نواز کے لئے مودی کا خاص پیغام لائے۔ کشمیر کے الیکشن کے نتائج کو متنازعہ بنایا جائے گا۔ تا کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے الیکشنوں کو ایک سا دیکھایا جائے۔میاں-محب-مودی ، ملاقات اسی منافقانہ ایجنڈا پر ہوئی ہے-

    اس سے قبل شہباز گل نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گیلپ پاکستان کا سروے چھانگا مانگا سیاست کے پروردہ چہروں کے منہ پر تمانچہ ہے
    تقریباً%67نے عمران خان کو بطور رہنما پسند کیا تقریباً%44لوگوں کے مطابق 25جولائی21 کو پی ٹی آئی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی%53عوام کے مطابق الیکشنز آزادانہ ہوں گے-

    انہوں نے کہا تھا کہ انتخابات سے قبل نااہل لیگ نے بھارت نواز بیانیہ بیچنے کی کوشش کی اور اب انتخابات میں متوقع دھاندلی کا پرانا چورن بیچنے کی کانام کوشش کی، پہلے جیت کا جشن اور بعد میں دھاندلی کا رونا ن لیگ کا پرانا وطیرہ ہے جسے گیلپ کے سروے نے بری طرح بے نقاب کیا-

  • سی ویو پر پھنسے والا جہاز شہریوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بن گیا

    سی ویو پر پھنسے والا جہاز شہریوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بن گیا

    کراچی کے ساحل پر سپلائی جہاز 50 گھنٹوں سے پھنسا ہوا ہے، سپلائی شپ عملہ اتارنے ہانگ کانگ سے پاکستان پہنچا تھا تاہم اب جہاز شہریوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بن گیا ہے-

    باغی ٹی وی : گزشتہ روز کراچی سی ویو پر غیر ملکی جہاز ریت میں پھنس گیا تھا۔جس کو شہریوں نے اپنے لیے تفریح کا ذریعہ بنا لیا۔کراچی سی ویو پر پھنسے جہاز کو دیکھنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں آ رہے ہیں۔

    بحری جہاز گزشتہ روز کو ساحل ریت میں آ دھنسا تھا جس پر کنٹینرز لدے ہوئے تھے۔تا ہم جہاز کی انتظامیہ نے جہاز کو ریسکیو کرنے کے لیے کوئی باضابطہ درخواست جنع نہیں کرائی جس کی وجہ سے کوئی ایکشن نہیں لیا جا سکا

    کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے جہاز کو نکالنے طاقتور سالویج ٹگ استعمال کرنا ہوں گے، تاہم جہاز کی مالک کمپنی نے ریسکیو کرنے کی ابھی تک باضابطہ درخواست نہیں کی، اور جہاز کی آمد کی اطلاع بھی کے پی ٹی کو نہیں دی گئی تھی، اس لئے کے پی ٹی کے ٹگ پورٹ آپریشن چھوڑ کر پھنسے ہوئے جہاز کو ریسکیو نہیں کرسکتے۔

    کے پی ٹی کے حکام نے بتایا یہ جہاز سنگاپور سے 18 جولائی کو کریو کی تبدیلی کے لئے آیا تھا۔تاہم خراب موسم ہونے کی وجہ سے اس کاجہا زکا لنگر الگ ہو کر گم ہو گیا تھا جس کی وجہ سے انجن کمزور ہو گیا اور سمندری لہروں کا مقابلہ نہ کر سکا اور بالاآخر ساحل سمند ریت پر آ کر دھنس گیا۔

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ذرائع کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسنے والا جہاز 10 سال پرانا ہے اوراسے نقصان نہیں ہوا ہے کم گہرے پانی کے ٹگ جہاز کو نکال سکتے ہیں، تاہم پاکستان کے پاس کم گہرے پانی کے ٹگ پشرر نہیں ہیں جہاز کے مالک کو ٹگ پشرر کا انتظام کرنا ہو گا، عالمی قوانین کے تحت یہ جہاز کے مالک کی ذمے داری ہے۔

    کے پی ٹی ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنے میں تاحال ناکام، جہازکے طویل عرصے تک پھنسے رہنے کا امکان

  • آسان تراکیب کے ساتھ عید کے مزیدار پکوان

    آسان تراکیب کے ساتھ عید کے مزیدار پکوان

    گرلڈ مٹن چانپیں بنانے کا طریقہ

    جزائے ترکیبی مقدار
    مٹن چانپیں 1کلو
    دہی ½ کپ
    پیاز (گرائنڈ کئے ہوئے) ¼ کپ
    ادرک لہسن کا پیسٹ 2کھانے کے چمچ
    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) 1½ کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 1½ کھانے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    خشک دھنیا پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    کچری پاؤڈر (گوشت گلانے کے لئے) 2کھانے کے چمچ
    لیموں کا رس 3کھانے کے چمچ
    گھی 2کھانے کے چمچ

    سجاوٹ کے لئے:
    پیاز کے ٹکڑے 8سے10ٹکڑے
    لیموں کے قتلے 6سے 8 عدد
    لیموں کا رس 2کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ 1چائے کا چمچ

    طریقہ کار:
    مٹن کی چانپوں پر لیموں کا رس، نمک اور کچری پاؤڈر اچھی طرح ملیں اور دو گھنٹے کے لئے ایک طرف رکھ دیں۔ بڑے پیالے میں گھی کے علاوہ تمام اجزائے ترکیبی ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں مٹن کی چانپیں ڈال کر 2گھنٹے کے لئے میری نیٹ کریں۔ لوہے کی سلاخوں پر مٹن کی 4یا5چانپیں پرو دیں اورکوئلوں کی انگیٹھی پر پکائیں۔ ان پر گھی لگاتے رہیں یہا ں تک کہ وہ مکمل طورپر پک جائیں۔ لیموں اورچاٹ مصالحہ چھڑکیں، پیاز اور لیموں کے قتلوں سے سجائیں اوراپنی پسند کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ انگیٹھی پر چانپوں کو پکاتے وقت تیل بجائے گھی استعمال کریں کیونکہ تیل تیزی سے جل جاتا ہے اور کڑوا ذائقہ دیتا ہے۔

    مٹن کھویا کباب

    اجزائے ترکیبی مقدار
    مٹن کا قیمہ 1کلو
    کھویا 1کپ
    دنبے کی چربی (قیمہ کی ہوئی) 100گرام
    پیاز (باریک کٹے اور نچڑے ہوئے) 1کپ
    ادرک (باریک کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    لہسن (باریک کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) 1کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 2کھانے کے چمچ
    ہلدی پاؤڈر ½چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر 1کھانے کا چمچ
    سوڈا بائی کاربونیٹ ½کھانے کا چمچ

    سجاوٹ کے لئے:

    پیاز (قتلوں میں کٹے ہوئے) 12سے 15 ٹکڑے
    چاٹ مصالحہ 2چائے کے چمچ

    طریقہ کار:
    ایک پیالے میں مٹن کا قیمہ لیں اس میں سوائے سوڈا بائی کاربونیٹ کے تمام اجزا شامل کریں۔ اچھی طرح مکس کرکے آدھے گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ سوڈا بائی کاربونیٹ پکانے سے تھوڑی دیر قبل شامل کریں۔ 1×1 سینٹی میٹر کی چوکور سلاخوں پر گیلے ہاتھوں سے 50گرام مکسچر لپیٹ دیں۔ 10سے 12 سینٹی میٹر لمبا کباب بنالیں۔ یہ ½سینٹی میٹر موٹا ہونا چاہئے اسی طرح تمام کباب تیار کرلیں۔ کوئلوں کی انگیٹھی پر گھما کر پکائیں۔ جب چاروں طرف سے پک جائے تو اسے اتار لیں۔ چاٹ مصالحہ چھڑکیں اور دھنیے سے سچائیں۔ پودینے کی چٹنی سے پیش کریں۔ آپ مٹن کی بجائے بیف یا چکن کا قیمہ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

    شامی کباب

    اجزائے ترکیبی(الف) مقدار
    بیف یا مٹن قیمہ ½کلو
    دال چنا (بھگوئی ہوئی) آدھا کپ
    پیاز (موٹا کٹا ہوا) آدھا کپ
    ادرک (موٹا کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    لہسن (موٹا کٹا ہو) 1کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    ثابت لال مرچ 4سے 5عدد
    سوکھا دھنیا پاؤڈر آدھا کھانے کا چمچ

    اجزائے ترکیبی(ب) :
    آلو (ابلے اور پسے ہوئے) آدھا کپ
    تیل (تلنے کیلئے) آدھا کپ
    ادرک (باریک کٹا ہوا) 1چائے کا چمچ
    سبز مرچ (باریک کٹی ہوئی) 1چائے کا چمچ
    ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) 2چائے کا چمچ
    SNP گرم مصالحہ پاؤڈر 1چائے کا چمچ

    سجاوٹ کے لئے :
    ٹماٹر (سلائس میں کٹے ہوئے) 8سے 10عدد
    تازہ سرخ اور سبز مرچیں 6سے 8ٹکڑے
    ہرا دھنیا ایک چھوٹ گٹھی

    طریقہ کار :
    ایک برتن میں حصہ الف کے اجزائے ترکیبی ڈال دیں تین کپ پانی ڈال کر اس وقت تک پکائیں جب تک قیمہ نرم ہو جائے پانی خشک ہوجائے اور مکسچر بالکل خشک کرلیں۔ اب اس آمیزے کو ٹھنڈا کرکے فوڈ پروسیسر میں پیس لیں۔ ایک بڑے پیالے میں یہ آمیزہ ڈالیں اور حصہ ب کے اجزائے ترکیبی ڈال دیں (تیل نہ ڈالیں) اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب 30سے 40گرام کے کباب تیار کرلیں۔ اب آدھے گھنٹے کے لئے کبابوں کو فریج میں رکھ دیں۔ اب گولڈن براؤن ہونے تک تیل میں فرائی کریں۔ سجاوٹ کے لئے کبابوں کے ایک طرف کٹے ہوئے ٹماٹر، لال اور ہری کٹی ہوئی مرچیں اورکٹا ہوا دھنیا چھڑک دیں۔ اب پودینے اور دہی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ آپ بیف کی جگہ مٹن اور چکن کا قیمہ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

    مٹن یخنی

    اجزائے ترکیبی مقدار
    مٹن کی ہڈیاں ایک کلو
    ادرک (کترا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    ٹماٹر (کترے ہوئے) آدھاکپ
    ہرا دھنیا (کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    کالی مر چ (ثابت) 6سے 8 دانے
    لونگ 2سے 3عدد
    دار چینی ایک ٹکڑا
    سوکھا دھنیا 1چائے کا چمچ
    سجاوٹ کے لئے:
    ہرا دھنیا ایک کھانے کا چمچ

    طریقہ کار:
    ایک بڑے برتن میں دو لیٹر پانی ڈالیں اس میں مٹن کی ہڈیاں شامل کرکے 2منٹ تک پکائیں اور پانی پھینک دیں اور ہڈیاں الگ نکال لیں۔ اب تین لیٹر پانی شامل کرکے مٹن کی ہڈیاں دوبارہ ایک گھنٹے کے لئے ہلکی آنچ پر ابالیں۔ اب اس پر آیا ہو فالتو جھاگ اور گھی اتار دیں اور صاف یخنی الگ کریں۔ اب باقی تمام مصالحے شامل کرکے مزید ایک گھنٹہ درمیانی آنچ پر ابالیں۔اب ململ کے کپڑے سے اسے چھان لیں۔ اسے دوبارہ ابالیں تیز ابال آنے تک کچھ منٹ پکائیں۔ مٹن یخنی تیارہے۔ سجاوٹ کیلئے اس پر کٹا ہوا ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ آپ اسی طریقے سے بیف، چکن یہاں تک کہ بٹیروں کی یخنی بھی بنا سکتے ہیں۔

    کوکٹیل کباب

    اجزائے ترکیبی مقدار

    چکن (کیوبز کی شکل میں)۔آدھا کلو

    ادرک لہسن( پیسٹ)۔ ایک چائے کا چمچ

    تلی ہوئی پیاز۔ 2سے3چائے کے چمچ

    نمک۔ ایک چائے کا چمچ

    پسا دھنیہ۔آدھا چائے کا چمچ

    سرخ مرچ (کٹی ہوئی)۔آدھا چائے کا چمچ

    گرم مسالہ۔ آدھا چائے کا چمچ

    پسا زیرہ۔آدھا چائے کا چمچ

    ہلدی پاؤڈر۔آدھا چائے کا چمچ

    چنے کا پاؤڈر۔ ایک سے دو چائے کے چمچ

    پسا ہرا دھنیہ۔ 2 چائے کے چمچ

    چیڈر چیز (کدو کش کی ہوئی )۔ 4 چائے کے چمچ

    تیل۔ 2 چائے کے چمچ

    ترکیب:

    ایک چوپر میں چکن، ادرک لہسن کا پیسٹ، تلی ہوئی پیاز،نمک، دھنیہ، کٹی لال مرچ، گرم مسالہ پاؤڈر، زیرہ، ہلدی، چنے کا پاؤڈر اور ہرا دھنیہ ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔اس قیمے میں چیڈر چیز شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور 30 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ہاتھوں میں تھوڑا سا تیل لگائیں اور قیمے کو سیخ کباب کی شکل دے دیں۔آخر میں کباب کو ہلکی آنچ پر تیل میں پکا لیں اور گھر والوں کو کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

    بہاری پلاؤ

    اجزائے ترکیبی مقدار

    بیف یا مٹن ۔ ایک کلو (گوشت کے سو لہ ٹکڑے)

    ادرک لہسن پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ

    کُٹی ہری مرچیں۔ بیس عدد

    پیاز ۔دو عدد (پسے ہوئے)

    خشخاش۔ ایک کھانے کا چمچ

    دہی ۔ایک کپ

    کُٹی کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

    ہری الائچی۔ چار عدد

    دار چینی ۔ایک ٹکڑا

    لونگ ۔چھ عدد

    تیز پات ۔ایک عدد

    زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

    چاول ۔آدھا کلو (تیس منٹ کےلئے بھگو دیں)

    تیل ۔آدھا کپ

    نمک ۔حسبِ ذائقہ

    ترکیب:

    گوشت کو ادرک لہسن پیسٹ، پسی ہری مرچ، پسے پیاز، خشخاش اور دہی کے ساتھ ایک گھنٹہ میرینیٹ کریں۔ تیل گرم کرکے اُس میں پسے پیاز، کُٹی کالی مرچ، ہری الائچی، لونگ، تیز پات، اور زیرہ ڈال کر پانچ سے سات منٹ پکائیں تاکہ پیاز کا کچا پن ختم ہو جائے۔

    پھر میرینیٹ چکن ڈال کر دو سے تین منٹ پکا کر ڈھک دیں اور بیس منٹ کےلئے پکائیں کہ چکن گل جائے اور تیل اوپر آجائے۔ اب دو کپ پانی ڈالیں جب اُبال آنے لگے تو چاول ڈال دیںاور ساتھ نمک ڈالیں (نمک چکھ لیں) اگر ضرورت ہو۔ اِسے پکنے دیں یہاں تک کہ پانی خشک ہو جائے اور چاول تین چوتھائی پک جائیں۔ ہلکی آنچ پر دس منٹ دم دیں کہ چاول مکمل تیار ہو جائیں۔ رائتہ کے ساتھ پیش کریں۔

    دنبے کا گوشت

    قربانی کے جانور کا تو ہر گوشت ہی مزیدار بنتا ہے مگر دنبے کا گوشت بہت کم ہی ترکیبوں سے پکایا جاتا ہے، یہ سب جانوروں کے گوشت میں لذیذ قرار دیا ہے اسی لیے اسے پکانا بھی مشکل ہوتا ہے –

    دنبے کی روسٹڈ ران

    اجزائے ترکیبی مقدار

    دنبے کی ران۔ ایک عدد

    پپیتا پیسٹ۔ چار کھانے کے چمچ

    گرم مسالہ۔ دو کھانے کے چمچ

    ﴾لال مرچ۔ دو کھانے کے چمچ ﴿کٹی ہوئی

    ادرک لہسن کا پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ

    نمک ۔حسب ذائقہ

    دہی۔ دو سو پچاس گرام

    سومک ۔دو کھانے کے چمچ

    تیل۔ آدھا کپ

    جائفل۔ آدھا کھانے کا چمچ

    ترکیب:

    پہلے ران پر پپیتا پیسٹ لگاکر رکھ دیں۔ پھر اس کے بعد تمام اجزاء سے ران کو میرینیٹ کرکے اسٹر کر لیں۔پھر اس کو اوون میں بیس منٹ پکائیں۔ جب تیار ہوجائے تو پیش کریں۔

    دنبے کی نمکین کڑاہی

    اجزائے ترکیبی مقدار

    دنبے کی ران کا گوشت۔ ایک کلو

    نمک۔ حسبِ ذائقہ

    ہری مرچ۔ چار سے پانچ عدد (کٹی ہوئی)

    کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

    ٹماٹر۔ چار سے پانچ عدد (کٹے ہوئے)

    چربی ۔حسبِ ضرورت

    ترکیب:

    ایک کڑاہی میں چربی ڈال کر اسے پگھلا لیں۔ اب اس میں گوشت اور نمک ڈال کر بیس سے پچیس منٹ کے لئے ڈھانپ کر پکنے کے لئے رکھ دیں پھر اس میں ہری مرچیں اور ٹماٹر ڈال کر مزید دس منٹ تک ڈھانپ کر پکائیں۔ اب اس کے اوپر کالی مرچ چھڑک کر مکس کردیں۔

    چنا دنبہ چانپ

    اجزائے ترکیبی مقدار

    دنبے کی چانپیں۔ایک کلو

    کابلی چنے۔دو سو پچاس گرام

    دہی۔دو سو پچاس گرام

    ہری مرچیں۔دس عدد

    ٹماٹر۔تین عدد (چوپ کر لیں)

    پیاز۔تین عدد (چوپ کر لیں)

    کُٹا اور بُھنا ہوا سفید زیرہ۔ایک چائے کا چمچ

    کُٹی ہوئی لال مرچ۔دو کھانے کے چمچ

    کلونجی۔آدھا چائے کا چمچ

    سوڈا ۔ایک چائے کا چمچ

    پسی ہوئی ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

    لہسن۔تین کھانے کے چمچ (چوپ کر لیں)

    ادرک۔دو کھانے کے چمچ (چوپ کر لیں)

    ہرا دھنیا۔آدھی گڈی (چوپ کر لیں)

    تیل۔تین کھانے کے چمچ

    نمک۔حسب ذائقہ

    ترکیب:

    کابلی چنوں کو سوڈے کے ساتھ رات بھر کے لیے بھگو دیں اور پھر نرم اُبال لیں۔ ایک پیالے میں دہی، لہسن، ادرک، ہلدی، لال مرچ، زیرہ اور نمک ملا کر چانپوں پر لگائیں اور کم از کم ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز گلابی کر لیں۔ اب اس میں ٹماٹر اور چانپوں کا آمیزہ شامل کر دیں۔
    چانپوں کو علیحدہ ہونے تک بھونیں اور دو پیالی پانی ڈال کر چانپیں گلنے تک پکائیں۔دیگچی میں اُبلے ہوئے چنے ڈال کر پندرہ منٹ مزید پکائیں۔ جب پانی خشک ہونے لگے تو اس میں ثابت ہری مرچیں اور کلونجی شامل کر کے ملا لیں مسالہ خشک ہو جائے تو ڈش میں نکالیں اور ہرے دھنیے سے سجا کر پیش کریں۔

    اسمو کڈ لیمب جوش

    اجزائے ترکیبی مقدار

    دنبے کا گوشت ۔1کلو

    دہی۔ آدھا کپ

    تیل۔حسبِ ضرورت

    پیاز(براؤن کر لیں)۔ دو عدد

    لہسن، ادرک پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

    کریم۔1 کپ

    بادام پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

    نمک ۔حسبِ ذائقہ

    لال مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

    ہلدی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

    دھنیا پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

    زیرہ پاؤڈر ۔ایک چائے کا چمچ

    لونگ ۔چار عدد

    جائفل۔ تھوڑا سا

    الائچی۔ 3-4عدد

    گرم مسالہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

    ترکیب:

    پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں گوشت، لہسن، ادرک پیسٹ، کریم، بادام پیسٹ، نمک، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، لونگ، جائفل ، الائچی، گرم مسالہ پاؤڈر اور دو کپ پانی ڈال کر گوشت گلنے تک پکائیں۔اب دہی اور پیاز کو گرائنڈکر کے اس میں شامل کر یں گوشت کو بھونیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو کوئلہ کا دھواں دے دیں مزیدار سموکڈلیمب جوش تیارہے سرونگ ڈش میں نکال کر شیرمال کے ساتھ گرم گرم پیش کر یں۔

    سوڈانی لیمب کباب

    اجزائے ترکیبی مقدار

    دنبے کا قیمہ۔ 1 کلو

    کالی مرچیں۔ کُٹی ہوئی 1 کھانے کا چمچ

    انڈے (پھینٹ لیں)۔ 2 عدد

    دہی۔ 2 کھانے کے چمچ

    نمک۔ حسبِ ذائقہ

    دھنیا پاؤڈر۔ 2 چائے کے چمچ

    زیرہ۔ 1 کھانے کا چمچ

    گرم مسالہ پاؤڈر۔ 2/1کھانے کا چمچ

    ہری مرچیں (چوپ کرلیں)۔ 4 عدد

    تیل۔ فرائنگ کیلئے

    ترکیب:

    چوپر میں قیمہ، کالی مرچیں، انڈے، نمک،دھنیا پاؤڈر،زیرہ،گرم مسالہ پاؤڈر اور ہری مرچیں ڈال کر چوپ کر کے پیالے میں نکال لیں اس میں دہی بھی مکس کر کے ایک گھنٹہ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔کڑاہی میں تیل گرم کریں اور قیمہ کے بیضوی،لمبے یا کسی بھی شیپ میں کباب بنا کر فرائی کریں گولڈن براؤن ہونے پر نکال لیں اور سوس کے ساتھ پیش کریں۔

    سعودی کبسہ

    اجزائے ترکیبی مقدار

    دنبے کا گوشت۔آدھا کلو

    چاول۔آدھا کلو

    کٹی شملہ مرچ۔ایک عدد

    کٹی گاجر۔دو عدد

    کٹی پیاز۔دو عدد

    ٹماٹر۔چار عدد

    تیل۔آدھا کپ

    چلغوزے۔ایک چوتھائی کپ

    نمک۔ایک چائے کا چمچ

    باریک کٹا لہسن۔ایک کھانے کا چمچ

    کُٹا سفید زیرہ۔آدھا چائے کا چمچ

    کُٹا دھنیا۔آدھا چائے کا چمچ

    کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ

    اسپائس مکس کے اجزا ء:

    زعفران۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

    پسی الائچی۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

    پسی دار چینی۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

    گرم مسالہ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

    سفید مرچ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

    سوس کے اجزاء:

    اسٹاک کیوبز۔آدھا

    ٹماٹر۔ایک کپ

    پانی۔ایک کپ

    کٹی پیاز۔آدھا کپ

    باریک کٹا لہسن۔ایک چائے کا چمچ

    ٹماٹر کا پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

    مکھن۔ایک کھانے کا چمچ

    نمک۔آدھا چائے کا چمچ

    کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ

    ترکیب:

    ایک برتن میں تیل گرم کریں۔ اس میں دنبے کا گوشت ڈال کر دس منٹ تک بھونیں کہ گولڈن براؤن ہو جائےاب اس میں چار کپ پانی ڈالیں اور ڈھک کر 45 منٹ پکائیں۔ یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔ اب یخنی کو نکال کر علیحدہ رکھ دیں۔ساتھ ہی چاولوں کو پانی میں پندرہ منٹ کے لیے بھگو دیں۔ اب ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں باریک کٹا لہسن، کٹی پیاز، کٹی گاجر، کٹی شملہ مرچ، ایک چمچ نمک، کالی مرچ، کُٹا سفید زیرہ اور کُٹا دھنیا شامل کریں ساتھ ہی اس میں چار پسے ٹماٹر اور کبسہ اسپائس بھی ڈال دیں۔ سب چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں اور پانچ منٹ تک پکائیں۔اب اس میں بھیگے ہوئے چاول، اُبلا ہوا گوشت اور یخنی شامل کر کے ڈھک کر درمیانی آنچ پر پندرہ منٹ پکائیں، یہاں تک کہ چاول گل جائیں سوس بنانے کے لیے ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں کٹی پیاز، باریک کٹا لہسن اور ایک کپ ٹماٹر ڈال کر فرائی کریں ساتھ ہی اس میں ٹماٹر کا پیسٹ، نمک، کالی مرچ، آدھا اسٹاک کیوبز اور ایک کپ پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر گاڑھا ہو جانے تک پکائیںسعودی کبسہ پیش کرنے کے لیے ایک بڑی پلیٹ میں تیار شدہ چاول اور گوشت ڈالیں، اُوپر سے چلغوزے ڈال کر سجائیں اور تیار شدہ سوس کے ساتھ پیش کریں۔

  • سعودی عرب: پہلی بار مسجدالحرام کے اندر خواتین سیکیورٹی گارڈ تعینات

    سعودی عرب: پہلی بار مسجدالحرام کے اندر خواتین سیکیورٹی گارڈ تعینات

    سعودی عرب میں رواں سال اپریل کے بعد سے درجنوں خواتین فوجی سیکیورٹی خدمات کا حصہ بن چکی ہیں جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی خدمات اور دیگر انتظامات کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔

    باغی ٹی وی : عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اپنے مرحوم والد کے کیریئر سے متاثر ہوکر مونا نے سعودی خواتین فوج کے پہلے گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا جہاں وہ حج اور دیگر ارکان حج کو محفوظ بنانے میں مدد فراہم کررہی ہیں۔

    مونا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کے ساتھ ساتھ اللہ کے مہمانوں (حجاج کرام) کی دل و جان سے خدمت کرے گی۔

    سعودی عرب میں رواں سال اپریل کے بعد سے درجنوں خواتین فوجی سیکیورٹی خدمات کا حصہ بن چکی ہیں جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی خدمات اور دیگر انتظامات کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔ جہاں اب سیکڑوں حاجی حج کے لیے جمع ہیں۔

    ایک فوجی خاکی وردی میں ملبوس، ہپ لمبی جیکٹ ، ڈھیلے پتلون، اپنے بالوں کو ڈھاکے اور سر پر سعودی ملٹری کے لوگو کے ساتھ مونا مکہ مکرمہ میں اپنی خدمت کے دوران پرجوش نظر آرہی ہے۔

    مونا نے کہا کہ ’’میں اپنے مرحوم والد کے سفر کو مکمل کرنے کے لئے اپنے قدیم ترین اور عظیم ترین مقام مکہ کی عظیم الشان مسجد میں کھڑی ہوں۔ نمازیوں کی خدمت کرنا ایک بہت ہی عمدہ اور معزز کام ہے‘‘۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قدامت پسند مسلم مملکت کو جدید بنانے اور اس کی ہمہ جہتی ترقی کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہےکئی نئے منصوبے بنائے ہیں اسی دوران ملک بھر میں سماجی اور معاشی اصلاحات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ ویژن 2030 کے ضمن میں خواتین کی فوج میں شرکت کو بھی اسی نقطہ نظر سے دیکھا جارہا ہے۔

    اس اصلاحی منصوبے کے تحت جسے ویژن 2030 کے نام سے جانا جاتا ہے، سعودی شہزادہ نے خواتین پر ڈرائیونگ پابندی ختم کردی۔ بالغ خواتین کو سرپرستوں کی اجازت کے بغیر سفر کرنے کی اجازت دی اور انہیں خاندانی معاملات پر زیادہ کنٹرول فراہم کیا۔ لیکن اصلاحاتی منصوبے کے ساتھ ہی حقوق نسواں کی کارکنوں سمیت اختلاف رائے کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔

    سعودی عرب نے اپنے دوسرے شہریوں اور باشندوں کو لگاتار دوسرے سال حج پر پابندی عائد کردی ہے جس کے باعث لاکھوں دوسرے عازمین حج کو کورون وائرس وبائی بیماری وجہ سے روکا گیا ہے۔

    ایک اور خاتون اہلکارثمر نے کہا کہ ان کے اہل خانہ نے نفسیات کی تعلیم کے بعد انہیں فوج میں شامل ہونے کی ترغیب دی ہے۔

    انہوں نے کہا یہ ہمارے لئے ایک بہت بڑا کارنامہ ہے اور سب سے زیادہ رحم کرنے والے ، دین ، ​​ملک اور خدا کے مہمانوں کی خدمت کرنا سب سے بڑا فخر ہے۔

  • فلاحی مقاصد کیلئے تیار کی گئی مہنگی ترین موم بتی ،قیمت کتنے لاکھ؟

    فلاحی مقاصد کیلئے تیار کی گئی مہنگی ترین موم بتی ،قیمت کتنے لاکھ؟

    دنیا کی سب سے مہنگی موم بتی فروخت کیلئے پیش کر دی گئی ہے جس کی قیمت 2021 برطانوی پاؤنڈ ہے جو قریباً چار لاکھ 40 ہزار روپے پاکستانی روپے بنتی ہے ۔

    باغی ٹی وی : فلیمنگ کریپ نامی کمپنی کی تیار کردہ موم بتی 30 گھنٹے تک مسلسل جل سکتی ہے ، سمیلز لائک کیپٹلزم نامی موم بتی جب جلتی ہے تو اس سے خالص چمڑے کے بتوے اور کرنسی نوٹوں کے جلنے کی بو آتی ہے جو سرمایہ دارانہ نظام کا احساس دلاتی ہے ۔

    اس کو بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ ہم اس سے حاصل ہونے والی تمام رقم بے گھر برطانوی لوگوں کی امداد پر خرچ کریں گے ، گویا یہ مہنگی ترین شے فلاحی مقصد کیلئے تیار کی گئی ہے ۔

    فلیمنگ کریپ کے مالک اولیوربور کا کہنا ہے کہ خوشبودار موم بتیوں کے بہت سے برانڈ ہیں جن کی قیمت ایک ہزار پونڈ تک ہوتی ہے تاہم اسے بیچنے والے اس ہوشربا قیمت کی کوئی وضاحت نہیں کرسکتے لیکن ہم اس رقم کو فلاحی کاموں میں استعمال کرتے ہیں۔

    اولیور نے کہا کہ تمام موم بتیاں ہاتھوں سے تیار کی جاتی ہیں جس کی تیاری میں جنون اور محبت نمایاں ہے۔ ’اس طرح ہم ایک معیاری شے تو دے ہی رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کی ہرممکن مدد بھی کررہے ہیں-

  • ترک حکومت نے جنگل میں پہلی لائبریری کھول دی

    ترک حکومت نے جنگل میں پہلی لائبریری کھول دی

    ترک حکومت کی جانب سے جنگل میں پہلی لائبریری کھول دی گئی۔

    باغی ٹی وی : ترکی اردو کے مطابق جنگلوں میں جن درختوں کی نشونما رک گئی تھی ان میں کتابوں کے فیکس بنا کر یہاں لائبریری کھولی گئی ہے حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی اس لائبریری میں دو ہزار کے قریب کتابیں موجود ہیں –

    بچوں،نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد اس لائیبریری سے استفادہ حاصل کر رہی ہے ان کا کہنا ہے کہ اس طرح ہریالی کے درمیان بیٹھ کر کتابیں پڑھنے ک الگ ہی مزہ ہے۔

    ترکی لائبریریوں کو فروغ دینے کے لیے پہلے بھی کئی اقدامات کر چکا ہے ترکی میں اس سے قبل کچھ عرصہ پہلے پارک میں اوپن لائبریری کھولیں گئی تھی جسے لوگوں نے بہت پسند کیا تھا۔

  • پاکستان افغانستان کے سیاسی حل میں اپنا کردار نبھانے کے لیے پرعزم ہے      معید یوسف

    پاکستان افغانستان کے سیاسی حل میں اپنا کردار نبھانے کے لیے پرعزم ہے معید یوسف

    وزیرِ اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے سیاسی حل میں اپنا کردار نبھانے کے لیے پرعزم ہے-

    باغی ٹی وی : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے سیاسی حل میں اپنا کردار نبھانے کے لیے پرعزم ہے وزیر اعظم اسی سلسلے میں افغان صدر سے ملاقات پر راضی ہوئے۔


    معید یوسف نے کہا کہ بعض افغان عہدیداروں کے نفرت انگیز بیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے کابل میں کچھ توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف ورزی اور نفرت انگیز بیانات جو بدقسمتی سے ہمارے افغان بھائیوں اور بہنوں پران کے اعلی عہدیداروں کی حیثیت سے ان پر عائد کردیئے جاتے ہیں اور اپنی ناکامیوں سے توجہ مبذول کروانے کے لئے باہمی تعلقات کو خراب کرنے کی مستقل کوشش کر رہے ہیں۔

    معید یوسف نے کہا کہ یہ بیانات افغان حکومت کی اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے دیئے جا رہے ہیں احمقانہ بیانات سے افغانستان کو روز شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے افغانوں کو یقین دلایا جائے کہ ہر افغان شہری ان افراد کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں-

    انہوں نے کہا کہ ہم مٹھی بھر نفرت انگیز کرداروں کو امن اور استحکام کے للئےتمام افغانیوں کی پاکستان کی حمایت پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے-

  • افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد زندگی کیسی ہو گی؟

    افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد زندگی کیسی ہو گی؟

    افغانستان میں جاری جنگ کے 20 سال گزرنے کے بعد امریکی اور نیٹو افواج اب ملک چھوڑ رہی ہیں لیکن ان کے جانے کے بعد سے طالبان نے ملک بھر کے مختلف حصوں پر دوبارہ قبضہ کرنا شروع کر دیا ہے اس حوالے سے بی بی سی اردو نے ایک رپورٹ جاری کی ہے-

    باغی ٹی وی : برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کے مطابق افغان طالبان نے 1996 میں افغانستان پر قبضہ کر لیا تھا اور اگلے پانچ برس تک ملک پر ان کی حکمرانی قائم رہی۔

    رپورٹ کے مطابق نائن الیون کے واقعے کے بعد امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا اور طالبان کو شکست دے دی اس کے بعد ملک میں جمہوری نظام کے تحت انتخابات ہوئے اور نیا آئین بنایا گیا لیکن طالبان شکست کے باوجود ختم نہ کیے جا سکے اور وہ مسلسل چھوٹے پیمانے پر جھڑپیں اور حملے کرتے رہے، جس نے افغان، امریکی اور نیٹو افواج کو مصروف رکھا۔

    لیکن اب جبکہ امریکی افواج ملک سے جا رہی ہیں تو طالبان نے دوبارہ اپنے پنجے گاڑنے شروع کر دیئے ہیں اور جگہ جگہ ‘شریعت’ کا نظام لاگو کرنا شروع کر دیا ہے۔

    اس حوالے سے بی بی سی افغان سروس نے ملک کے مختلف حصوں میں 19 جولائی تک کی صورتحال کی تصدیق کی تاکہ یہ جان سکیں کہ ملک کے کس کس حصے پر حکومت کا قبضہ ہے اور کہا پر طالبان کا۔

    تاہم رپورٹ کے مطابق امریکی اور ناٹو افواج کے جانے کے بعد طالبان تیزی سے ملک کے دیگر علاقوں پر قبضہ کر رہے ہیں البتہ چند علاقے ایسے ہیں جہاں پر اس وقت لڑائی جاری ہے اور طالبان کی وہاں کثیر تعداد میں موجودگی ہے۔

    لیکن زمینی صورتحال تیزی سے تبدیل بھی ہو رہی ہے اور ملک کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں تک رسائی ممکن نہیں ہے جس کے باعث خبروں کی تصدیق کرنا مشکل ہے۔

    تاہم یہ واضح ہے کہ طالبان کی پیشرفت تیزی سے جاری ہے اور اب اندازہ ہے کہ ملک کے ایک تہائی حصے پر ان کا کنٹرول ہے۔

    افغانستان میں جاری اس 20 سالہ جنگ کے نتیجے میں نہ صرف افغانستان میں بلکہ ان کے پڑوس میں پاکستان میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں جنگجو، عام شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔

    اس سال کے پہلے تین مہینوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں ‘واضح اضافہ’ ہوا ہے جس کے بارے میں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ خود ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) کا استعمال اور ٹارگٹڈ کلنگ ہے گذشتہ سال افغانستان میں ہونے والی ہلاکتوں میں سے 43 فیصد اموات خواتین اور بچوں کی تھیں۔

    برسوں سے جاری جنگ کے باعث لاکھوں کی تعداد میں لوگ وطن چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں اور جن میں سے بہتوں نے افغانستان کے پڑوسی ممالک میں پناہ لی ہے اور کئی دیگر ممالک میں منتقل ہونے اور پناہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ایک بڑی اکثریت بے گھر ہو چکی ہے اور ملک کے لاکھوں افراد غربت اور افلاس کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    صرف گذشتہ برس چار لاکھ سے زیادہ لوگ افغانستان میں جاری جھڑپوں کی نتیجے میں اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ 2012 سے لے کر اب تک 50 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں اور دوبارہ اپنے گھر نہیں جا سکے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق دنیا بھر میں بے گھر ہونے والوں میں تیسری سب سے بڑی تعداد افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث افغانستان کے قومی وسائل پر مزید بوجھ بڑھا ہے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن لگائے جانے کے بعد لوگوں کے لیے ذریعہ معاش تک رسائی بھی مشکل ہوئی ہے۔

    اقوام متحدہ کے امدادی امور کے ادارے کے مطابق ملک بھر کی 30 فیصد آبادی اس وقت غذائی قلت کے بحران کا سامنا کر رہی ہے۔

    طالبان کے دور حکمرانی میں خواتین کے حقوق مکمل طور پر سلب کر لیے گئے تھے اور 1999 میں پورے ملک میں ایک بھی بچی سیکنڈری سکول میں داخل نہیں تھی جبکہ پرائمری سکولوں میں صرف نو ہزار بچیوں کی رجسٹریشن تھی۔

    طالبان کی حکومت جانے کے بعد اگلے دو برسوں میں بڑی تعداد میں بچیوں نے سکولوں میں داخلہ لیا اور 2003 میں یہ تعداد 24 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اس وقت افغانستان میں قریباً 35 لاکھ طالبات سکول میں ہیں جبکہ ملک میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں طلبا میں سے ایک تہائی تعداد طالبات کی ہے۔

    تاہم یونیسف کے مطابق ابھی بھی ملک میں 37 لاکھ کے قریب بچے سکول نہیں جاتے اور اس میں سے 60 فیصد بچیاں ہیں، اور اس کی وجہ ملک میں جاری لڑائی اور خواتین اساتذہ کی اور وسائل کی کمی ہے۔

    طالبان کا اس بارے میں موقف ہے کہ وہ خواتین کی تعلیم کے خلاف نہیں ہیں لیکن انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق جن جن علاقوں میں طالبان کا قبضہ ہے وہاں بہت کم تعداد میں بچیوں کو سکول جانے کی اجازت ملتی ہے۔

    طالبان کی حکومت جانے کے بعد اگلی دو دہائیوں میں خواتین کا عوامی امور میں عمل دخل بڑھ گیا ہے اور اب وہ سیاسی عہدوں پر بھی فائز ہیں اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی مصروف ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 2019 تک ملک میں ایک ہزار خواتین کے اپنے کاروبار تھے۔

    افغانستان کا آئین کہتا ہے کہ پارلیمان کے ایوان زیریں میں کم از کم 27 فیصد خواتین ممبران ہونی چاہیے جس کے تحت پارلیمان کی 249 میں سے 69 فیصد نشستیں خواتین کی ہیں۔

    ملک بھر میں موبائل فونز اور انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آبادی کا 22 فیصد یعنی 86 لاکھ سے زیادہ افراد کے پاس جنوری 2021 تک انٹرنیٹ کی رسائی ممکن تھی اور لاکھوں کی تعداد میں افغان سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔

    موبائل فون کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور 68 فیصد آبادی کے پاس اپنے موبائل ہیں لیکن اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سروس کا معیار بہت اچھا نہیں ہے۔

    افغانستان میں ابھی بھی اکثریت بینک اکاؤنٹس کے بغیر ہے اور اعداد و شمار کے مطابق 80 فیصد سے زیادہ بالغ افراد کے پاس بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق اس کی وجہ ملکی حالات کے علاوہ سماجی اور مذہبی عقائد ہیں اور اس کے علاوہ لوگوں کا مالیاتی اداروں پر اعتماد نہیں ہے اور نہ ہی مالیاتی امور کے بارے میں آگاہی۔

    لیکن ورلڈ بینک کا یہ بھی اندازہ ہے کہ اس حوالے سے شروع کیے جانے والے نئے منصوبوں کے تحت اگلے پانچ برسوں میں افغانستان میں بینک اکاؤنٹس رکھنے والے بالغ افراد کی تعداد دگنی ہو سکتی ہے۔

    افغانستان دنیا میں پوست کی پیداوار کرنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور برطانوی حکام کے مطابق برطانیہ میں پہنچنے والی 95 فیصد ہیروئن افغانستان سے آتی ہے۔

    اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پوست کی کاشت گذشتہ 20 سالوں میں تیزی سے بڑھی ہے اور ملک کے 34 میں سے صرف 12 صوبے ایسے ہیں جہاں پوست کی کاشت نہیں ہوتی حالانکہ کسانوں کو بار بار ترغیب دی گئی ہے کہ وہ پوست کی فصل چھوڑ کر دیگر فصلوں پر توجہ دیں۔

    طالبان نے اپنے دور حکومت کے آخری سال میں ملک بھر میں پوست کی کاشت پر پابندی عائد کی تھی لیکن وہ بہت کم وقت تک قائم رہی کیونکہ پوست کی فصل ان کے لیے اور اس سے جڑے ہوئے افراد کے لیے لاکھوں کروڑں ڈالر کی آمدنی لاتی تھی-

    کہا جاتا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور نوکری کے دیگر ذرائع نہ ہونے کے باعث پوست کی کاشت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

  • صبا قمر نے شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی

    صبا قمر نے شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی

    پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے مداحوں کے روز روز سواالات سے تنگ آ کر آخر کار اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی ہے-

    باغی ٹی وی : صبا قمر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس ضمن میں ایک سٹوری شیئر کی جس میں لوگوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کہ آپ نے اب تک شادی کیوں نہیں کی کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ہر کوئی مجھ سے یہی پوچھتا ہے کہ آپ اب تک سنگل کیوں ہیں چار دن کی توجہ کے چکر میں روز روز کی ٹینشن مجھے نہیں چاہیے۔

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں اداکارہ نے عظیم خان نامی بلاگر سے شادی کرنے کی تصدیق کی تھی تاہم بعد ازاں شادی سے انکار کر دیا تھا۔

    واضح رہے کہ صبا قمر نے اپنی اداکاری کا آغاز ’میں عورت ہوں‘ سے کیا تھا۔ صبا قمر پاکستانی فلم انڈسٹری کے علاوہ بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔