Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس میں اہم پیشرفت

    اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس میں اہم پیشرفت

    لاہور کے علاقے اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے-

    باغی ٹی وی : انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس کی سماعت کی،عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے اور کیس ٹرائل کے لیے کورٹ سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

    پولیس نے ملزمان التمش ثقلین ، ندیم ،محمد علی عرف چاند بٹ ، ملک خرم شہزاد اور عادل سرور کو گناہ گار قرار دے دیا،دوسری طرف پولیس نے ملزمان خالد محمود خالد ، علیم الدین اور علامہ ثاقب علی کو بے گناہ قرار دیا، ملزمان کے خلاف تھانہ اچھرہ میں خاتون کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں لاہور کے علاقے اچھرہ میں شوہر کے ساتھ شاپنگ کے لیے آنے والی خاتون کو ان کے لباس کے باعث مشتعل ہجوم نے گھیر لیا تھا، ہجوم نے خاتون کو مقدس الفاظ کی توہین کے شبے میں گھیرا تھا خاتون نے جو لباس پہنا ہوا تھا اس پر عربی رسم الخط میں لفظ ”حلوہ“ تحریر تھا۔

    خاتون کو ہجوم کی جانب سے گھیرے جانے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی گلبرگ شہربانو نقوی فوری طور پر موقع پر پہنچی تھیں اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر خاتون کو مشتعل ہجوم کے درمیان سے نکال کر لے گئی تھیں۔

  • ملائکہ اروڑا کا اپنے والد کی مبینہ خودکشی کے بعد پہلا بیان سامنے آ گیا

    ملائکہ اروڑا کا اپنے والد کی مبینہ خودکشی کے بعد پہلا بیان سامنے آ گیا

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا کا اپنے والد کی مبینہ خودکشی کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا ہے-

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق ملائکہ اروڑا کے والد نے بدھ کی صبح اپنے اپارٹمنٹ کی چھت سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی تھی،سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے اپنے انسٹا گرام اکاونٹ پر ملائکہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ، انہیں اپنے والد انیل مہتا کی موت کااعلان کرتے ہوئے بہت دکھ ہورہا ہے۔

    اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ ایک نرم مزاج، جان نثار کرنے والے نانا، پیار کرنے والے شوہراور ہمارے بہترین دوست تھے، ہماری فیملی اس بڑے نقصان پر گہرے صدمے سے دوچار ہے۔ہم میڈیا سے پرائیویسی برقرار رکھنے کی درخواست کرتے ہیں،دوسری جانب ملائکہ اروڑا کے والد کی مبینہ خود کشی پر بھارتی پولیس کا اہم بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بیان جاری کرتے ہوئے انیل اروڑا کی خودکشی پر اپنے شکوک وشبہات ظاہر کیے ہیں، خودکشی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی سوسائیڈ نوٹ ملا ہےانیل اروڑا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادیا گیا ہے، اور پولیس ہر پہلو سے تفشیش کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائکہ اروڑا اپنے والد کی خود کشی کے وقت گھر پر موجود نہیں تھی، خبر سنتے ہی وہ پونے سے فورا گھر پہنچ گئیں انیل اروڑا نے اپنے پسماندگان میں دوبیٹیاں، اداکارہ ملائیکہ اروڑا، امریتا اروڑا اور سابقہ اہلیہ جوائس پولی کارپ چھوڑے ہیں۔

  • بنگلہ دیش میں اذان اور نماز کے اوقات کار کے دوران پوجا اور موسیقی سے گریز کرنے پر زور

    بنگلہ دیش میں اذان اور نماز کے اوقات کار کے دوران پوجا اور موسیقی سے گریز کرنے پر زور

    ڈھاکا:بنگلہ دیش کی نئی عبوری حکومت نے ہندو برادری پراذان اور نماز کے اوقات کار کے دوران درگا پوجا سے متعلق سرگرمیوں بالخصوص موسیقی سے گریز کرنے پر زور دیا ہے-

    باغی ٹی وی : ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق امور داخلہ کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد جہانگیر عالم چودھری نے کہا کہ پوجا کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسیقی کے آلات اور ساؤنڈ سسٹم کو بند رکھیں اور انہوں نے اس پر اتفاق کیا ہے نماز کی ادائیگی کے دوران اس طرح کی سرگرمیاں بند ہونے کی ضرورت ہے، اور اذان سے پانچ منٹ قبل وقفے پر عمل کرنا ہوگا،انہوں نے یہ اعلان ملک میں ہندو برادری کے سب سے بڑے مذہبی تہوار درگا پوجا سے قبل ملک میں امن و امان کی صورتحال پر ایک اجلاس کے بعد کیا۔

    محمد جہانگیر نے کہا کہ رواں سال ملک بھر میں کل 32,666 پوجا منڈپ بنائے جائیں گے، ان میں سے 157 منڈپ ڈھاکہ ساؤتھ سٹی میں اور 88 نارتھ سٹی کارپوریشنز میں ہوں گے، ہم نے پوجا منڈپوں پر چوبیس گھنٹے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے طریقہ پر تبادلہ خیال کیا ہے، بغیر کسی رکاوٹ کے پوجا منانے اور شرپسندوں کی شرپسند سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

  • حماس   امریکی مذاکرات میں نئے شرائط کے بغیر فوری جنگ بندی کیلئے تیار

    حماس امریکی مذاکرات میں نئے شرائط کے بغیر فوری جنگ بندی کیلئے تیار

    فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس غزہ میں جنگ بندی کیلئے ہونے والے مذاکرات کے نتیجے وہ نئے شرائط کے بغیر فوری جنگ بندی کی رضا مندی کیلئے تیار ہے-

    باغی ٹی وی : عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے تجویز کیے گئے پچھلے پرپوزل کے تحت کسی بھی نئے شرائط کے بغیر غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے تیار ہیں،حماس کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کے سربراہ خلیل الحیا نے دوحا میں قطر کے وزیراعظم سمیت دیگر ثالثوں سے ملاقات میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور جنگ بندی کیلئے اپنی رضامندی سے آگاہ کردیا ہے،حماس رہنما اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ امریکا کواسرائیل پر اپنےمطالبات کو واپس لینے کیلئےدباؤ ڈالناچاہیے۔

    امریکا کا کہنا تھا کہ حماس کے نئے مطالبات کی وجہ کسی معاہدے تک پہنچنا مشکل نظرآتاہے، وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ حماس مذاکرات کی میز پر آئےگایا نہیں،اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ اس وقت حماس کے ساتھ مذاکرات معطل ہیں، رواں ہفتے پیشرفت کی امید کم ہے۔

    یاد رہے کہ غزہ میں گزشتہ 11 ماہ سے جاری حماس اسرائیل لڑائی میں جنگ بندی کیلئے ہونے والے مذاکرات کسی ڈیل پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے تھے امریکی ڈیل کے تحت حماس کی جانب سے فوری جنگ بندی کیلئے پہلے ہی رضامندی ظاہر کردی گئی تھی تاہم مذاکرات کے دوران آخری لمحے میں اسرائیلی وفد نے اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے مصر سے ملحقہ غزہ کے بارڈر فلاڈیلفی کوریڈور کا کنٹرول اپنے پاس رکھنے کی شرط پیش کردی تھی، جسے قبول کرنے سے حماس نے انکار کردیا تھا۔

    امریکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اور سی آئی اے کے ڈائریکٹڑ ولیم برنز کا کہنا تھا کہ اگلے ایک چند روز میں جنگ بندی کی مذاکرات کیلئے تفصیلی تجاویز تیار کر لی جائیں گی تاکہ کسی معاہدے تک پہنچا جا سکے،امریکا کی جانب سے تجویز کیے گئے پچھلے پرپوزل میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں تین مراحل میں جنگ بندی جیسے شرائط پر اتفاق ہو چکا تھا۔

  • پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    لاہور: ملک میں پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

    باغی ٹی وی : عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں پیٹرول 12 روپے لیٹر سستا ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، انڈسٹری ذرائع کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 12 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے تک کم ہونے کا تخمینہ ہے،حتمی قیمت کا تعین 12 تا 14 ستمبر کی عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے مطابق ہونے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ قبل ازیں 31 اگست کو وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی تھی نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1.86 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی تھی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.32 روپے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2.15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی ،اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2.97 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔

  • عمران خان کا ممکنہ ملٹری حراست اور ٹرائل ، اٹارنی جنرل آفس سے وضاحت طلب

    عمران خان کا ممکنہ ملٹری حراست اور ٹرائل ، اٹارنی جنرل آفس سے وضاحت طلب

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ممکنہ ملٹری حراست اور ٹرائل روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت جاری ہے –

    باغی ٹی وی : اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اعتراضات کے ساتھ عمران خان کی ممکنہ ملٹری حراست اور ٹرائل روکنے درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے اٹارنی جنرل آفس سے وضاحت طلب کرلی جبکہ کمرہ عدالت میں موجود اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ کو روسٹرم پر طلب کرلیا گیا۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اٹارنی جنرل آفس سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کیا جائے، آپ کہہ رہے ہیں کہ کوئی کیس نہیں لیکن آگے ہو سکتا ہے؟ جس پر عمران خان کے وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ یہ سیاست ہے، جس پر وکیل بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈی جی کی طرف سے بیان آیا ہےجج نے کہا کہ وہ بھی سیاست ہے، جس پر عمران خان کے وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا کہ اعلیٰ حکومتی اور فوجی عہدیداروں کی طرف سے بیانات دیے گئے۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا،دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ کو درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کردی۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ وزراء کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل کی دھمکی دی گئی، عمران خان ایک سویلین ہیں، سویلین کا ملٹری ٹرائل درخواست گزار اور عدالت کے لیے باعثِ فکر ہے، درخواست گزار کے وکیل کہتے ہیں کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے بیان آیا ہے، اگر ایسا ہے تو فیڈریشن کی طرف سے واضح مؤقف آنا چاہیئے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج نے مزید کہا کہ آج ہم کہہ دیں کہ ابھی کچھ نہیں کل آپ ملٹری ٹرائل کا آرڈر لے آئیں پھر کیا ہوگا؟ وفاقی حکومت سے ہدایات لے کر پیر کو عدالت کو واضح آگاہ کریں، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ میری استدعا ہے کہ پہلے درخواست پر عائد اعتراضات کا فیصلہ کر لیا جائے۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ میں درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر رہا ہوں، سپریم کورٹ کا فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل سے متعلق فیصلہ موجود ہے، جواب دیں کہ کیا عمران کے ملٹری ٹرائل کا معاملہ زیرغور ہے؟ اگر ایسا کچھ نہ ہوا تو درخواست غیرموثر ہو جائے گی اور اگر ایسا کچھ زیرغور ہوا تو پھر ہم اس کیس کو سن کر فیصلہ کریں گے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے 16 ستمبر تک وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی ممکنہ ملٹری حراست اور ٹرائل روکنے کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کردی تھی بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ 9 اور 10 مئی کے مقدمات کےلیے فوجی تحویل میں دینے کی خبریں زیر گردش ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کو سویلین کورٹس کے دائرہ اختیار میں رکھنے اور فوجی تحویل میں دینے سے روکنے کے احکامات دیے جائیں درخواست میں وفاق کو بذریعہ وزارت قانون، وزارت داخلہ اور وزارت دفاع جبکہ آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب پولیس، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔

    رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر اعتراضات عائد کردیے گئے تھے کہ کسی مخصوص ایف آئی آر کا حوالہ دیے بغیر عمومی ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے؟ درخواست کے ساتھ کوئی آرڈر یا دستاویز نہیں لگائی گئی۔ پنجاب کے مقدمات پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟آخری اعتراض یہ تھا کہ ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہوتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہوسکتی ہے؟

  • میجر عزیز بھٹی شہید  کا 59 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے،مسلح افواج کا خراج عقیدت

    میجر عزیز بھٹی شہید کا 59 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے،مسلح افواج کا خراج عقیدت

    1965 کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر) کا 59 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے-

    باغی ٹی وی : میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی جنگ میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا، جس پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج پاکستان نے میجر راجہ عزیز بھٹی کو ان کی 59ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جبکہ گجرات میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، میجر جنرل محمد شمریز نے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور سلامی دی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی فرض شناسی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان کے بہادرانہ اقدامات نے بے شمار لوگوں کو بہادری اور قربانی کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج میجر عزیز بھٹی کی یاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کی وراثت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو کہ جوانوں کی نسلوں کو عزت اور وقار کے ساتھ ملک کا دفاع کرنے کی تحریک اور ترغیب دیتا ہے ہم اپنے شہداء کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کی قربانیوں کا خمیازہ ہمت اور لچک کے ساتھ برداشت کیا،آئیے پاکستان کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے میجر عزیز بھٹی، نشان حیدر اور اپنے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں۔

  • رحیم یار خان : قومی اسمبلی کے حلقہ 171 پر پولنگ کا عمل جاری

    رحیم یار خان : قومی اسمبلی کے حلقہ 171 پر پولنگ کا عمل جاری

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

    باغی ٹی وی : پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، حلقہ این اے 171 سے پیپلزپارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین اور پی ٹی آئی کے حسان مصطفیٰ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے جبکہ اس حلقے سے4 دیگر آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں،حلقے میں 301 پولنگ اسٹیشن ہیں جن کی سکیورٹی کیلئے 2700 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

    واضح رہے یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے ممتاز مصطفیٰ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی اور اس حلقے میں کُل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 26 ہزار 973 ہے۔

  • وائلڈ لائف نے مونال اور لامونتانا ریسٹورنٹس کا قبضہ حاصل کر لیا

    وائلڈ لائف نے مونال اور لامونتانا ریسٹورنٹس کا قبضہ حاصل کر لیا

    اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے مونال اور لامونتانا ریسٹورنٹس کا قبضہ حاصل کر لیا۔

    باغی ٹی وی : وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق مونال اور لامونتانا ریسٹورنٹس کا قبضہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حاصل کیاگیا، فیصلے کے تحت محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ نے مونال اور لامونتانا کو سیل کردیا ہے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سےدونوں ریسٹورنٹس سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا سپریم کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ 11 ستمبر سے وائلڈ لائف بورڈ مونال کا کنٹرول سنبھالے، سی ڈی اے اور پولیس کی مدد سے قبضہ لیا جائے، ریسٹورنٹس کو جانے والے راستے بیریئر لگا کر بند کیے جائیں،وائلڈ لائف کو ڈسٹرب کیے بغیر ریسٹورنٹس کی عمارات گرا دی جائیں، ریسٹورنٹس کی جگہ کو کیسے استعمال میں لانا ہے اس حوالے سے وائلڈ لائف ماہرین سے رائے لی جائے، ساتھ ہی ماہرین سے رائے لی جائے کیا وہاں پانی کیلئے مصنوعی جھیل بنائی جا سکتی ہے۔

    ایک آئی پی پی نے بجلی کی قیمت میں کمی کر دی

    سیاسی بحران کی اصل وجہ نام نہاد مقبول بیانیہ ہے،مصطفیٰ کمال

  • امیر بالاج قتل کیس: طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول  اشتہاری قرار

    امیر بالاج قتل کیس: طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول اشتہاری قرار

    لاہور:امیر بالاج قتل کیس میں طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول کو اشتہاری قرار دیا گیا-

    باغی ٹی وی: لاہورکی سیشن کورٹ نے امیر بالاج قتل کیس کا چالان سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج اسد حفیظ کی عدالت میں بھیجا گیا، عدالت نے کیس میں ملزم ہارون اور سہیل محمود کو حاضری کے لیے طلب کرلیا جبکہ چالان میں طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

    احسن شاہ اور مظفر کے ہلاک ہونے کی رپورٹ بھی چالان کے ساتھ منسلک کر دی گئی مجموعی طور پر تین ملزمان اور امیر بالاج کے بھائی امیر مصعب سمیت 36 گواہوں کو نامزد کیا گیا چوہنگ پولیس نے امیر بالاج کے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا ہے پولیس کے مطابق میر بالاج کے قتل کے بعد لاہور میں گینگ وار کا نیا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس میں اب تک ٹیپو ٹرکاں والا، احسن شاہ اور جاوید عرف طیفی بٹ کو فائرنگ کر کے قتل کیا جا چکا ہے۔

    واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کر دیا تھا۔