Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • ٹرمپ کاایک بار پھر 2020 کے انتخابات میں چینی مداخلت کا دعویٰ، تحقیقات کا حکم

    ٹرمپ کاایک بار پھر 2020 کے انتخابات میں چینی مداخلت کا دعویٰ، تحقیقات کا حکم

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی اور چینی مداخلت کے الزامات دہراتے ہوئےمعاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    وائٹ ہاؤس سے جمعرات کی شب قوم سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر یہ دعویٰ کیا کہ 2020 کا صدارتی انتخاب، جس میں انہیں جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، شفاف نہیں تھا، چین نے انتخابات سے قبل 22 کروڑ امریکی ووٹرز کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی، جسے انہوں نے ’انتخابی ڈیٹا سے متعلق تاریخ کی سب سے بڑی دراندازی‘ قرار دیا،تاہم انہوں نے اپنے دعووں کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا، جبکہ ماضی میں متعدد عدالتیں 2020 کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات مسترد کر چکی ہیں۔

    ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکی انتخابات میں مبینہ چینی مداخلت کی تحقیقات کا حکم دے رہے ہیں اور ایسی انٹیلیجنس دستاویزات کو بھی منظرعام پر لائیں گے جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ ان سے ووٹنگ سسٹم کی سنگین کمزوریاں بے نقاب ہوتی ہیں،صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ اگر چین نے ووٹرز کے ڈیٹا تک رسائی حاصل بھی کی تو اس سے اس وقت کے ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو انتخاب جیتنے میں کس طرح مدد ملی۔

    ٹرمپ نے امریکی انتخابی نظام کو ’انتہائی ناقص‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام ہیرا پھیری اور بدعنوانی کے خطرات سے دوچار ہے، لیکن انہوں نے ووٹوں میں ردوبدل یا انتخابی نتائج تبدیل کیے جانے کے حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، قومی انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر اور ایف بی آئی کو ان الزامات کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے تاکہ مبینہ ڈیٹا چوری کی نوعیت اور دائرہ کار کا تعین کیا جا سکے۔

    خطاب کے ساتھ ہی وائٹ ہاؤس نے ایک ویب سائٹ بھی جاری کی، جس پر مختلف تحقیقاتی فائلوں، انٹیلیجنس تجزیوں اور سرکاری خط و کتابت کے منتخب حصے بغیر مکمل سیاق و سباق کے شائع کیے گئے،ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ دستاویزات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ امریکی انتخابی نظام ہیرا پھیری اور بدعنوانی کے خطرات سے محفوظ نہیں، وفاقی حکام ان ریاستوں کو بھی مطلع کر رہے ہیں جن کے انتخابی ڈیٹا کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ گزشتہ کئی برسوں سے 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کا دعویٰ کرتے رہے ہیں، تاہم امریکی عدالتیں درجنوں مقدمات میں بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی کے شواہد نہ ملنے کی بنیاد پر ان الزامات کو مسترد کر چکی ہیں۔

  • ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے اجتماعی عزم اور مسلسل عملی اقدامات کی ضرورت ہے،وزیراعظم ،صدر

    ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے اجتماعی عزم اور مسلسل عملی اقدامات کی ضرورت ہے،وزیراعظم ،صدر

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات جاری کئے ہیں-

    صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک قابلِ علاج اور قابلِ روک تھام بیماری ہے، تاہم بروقت تشخیص اور علاج انتہائی ضروری ہے، پاکستان دنیا میں ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے اس بیماری کے خاتمے کے لیے اجتماعی عزم اور مسلسل عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ غیر محفوظ طبی اور تجارتی طریقوں کے خلاف مؤثر قانون کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی بنیاد ہیں، وزیراعظم کے قومی پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ، تشخیص اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور محدود وسائل کے باوجود حکومت اس قومی مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے عزم کی تجدید کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کئی دہائیوں سے ہیپاٹائٹس سی جیسے سنگین عوامی صحت کے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے معیاری اسکریننگ، تشخیص اور علاج تک ہر شہری کی مساوی رسائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے 2025 میں وزیراعظم قومی پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائٹس سی شروع کیا، جس کے تحت لاکھوں پاکستانیوں کو مفت اسکریننگ، تصدیقی ٹیسٹ اور مؤثر علاج فراہم کیا جا رہا ہے اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں اس پروگرام کے تحت خدمات کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ دور دراز علاقوں تک رسائی کے لیے موبائل اسکریننگ سروس بھی شروع کر دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے غیر معیاری سرنجوں کی تیاری، تقسیم اور دوبارہ استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے، جبکہ اسپتالوں اور طبی مراکز میں انفیکشن سے بچاؤ کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد اور غفلت برتنے والوں کے خلاف مؤثر احتساب کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے عوام پر زور دیا کہ وہ بروقت ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کرائیں، اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کو بھی ٹیسٹ کرانے کی ترغیب دیں اور محفوظ طبی و حفظانِ صحت کے اصول اپنائیں، کیونکہ جلد تشخیص اور فوری علاج سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

    انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں، لیبارٹری ماہرین اور فرنٹ لائن طبی عملے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد، سائنسی ترقی، عوامی تعاون اور مسلسل کوششوں سے پاکستان 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا قومی اور عالمی ہدف حاصل کر سکتا ہے۔

  • مون سون کی شدید بارشیں:پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

    مون سون کی شدید بارشیں:پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

    لاہور: حکومت پنجاب نے مون سون کی شدید بارشوں، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے بارش کے پانی میں نہانے، آبی ذخائر میں تیراکی اور بغیر اجازت کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے ڈیموں، نہروں، دریاؤں، جھیلوں اور تالابوں میں نہانے اور تیراکی پر مکمل پابندی ہو گی،اس کے علاوہ گلی محلوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہےبغیر اجازت جھیلوں اور دریاؤں میں کشتی رانی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام پابندیاں دفعہ 144 کے تحت آئندہ دو ماہ تک نافذ العمل رہیں گی۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد مون سون کے دوران ممکنہ اربن فلڈنگ، تیز بہاؤ اور آبی حادثات سے شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے، صوبے کے مختلف آبی ذخائر میں پانی کی بلند سطح کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • قائداعظم نامی شہری کا شناختی کارڈ بلاک،پشاور ہائیکورٹ کا بڑا حکم جاری

    قائداعظم نامی شہری کا شناختی کارڈ بلاک،پشاور ہائیکورٹ کا بڑا حکم جاری

    پشاور ہائیکورٹ نے قائداعظم نامی شہری درخواست گزار کی دبئی سے ڈی پورٹیشن روک دی۔

    پشاور ہائیکورٹ میں قائداعظم نامی شہری کا شناختی کارڈ بلاک کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی ،سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس عنایت اللہ خان نے کی،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزار کا پاکستان اور دبئی میں کاروبار ہے، درخواست گزار کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔

    اس موقع پر ڈائریکٹر لیگل نادرا کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کا شناختی کارڈ مشکوک ہونے کی بنیاد پر بلاک کیا گیا ہے،عدالت نے آئندہ سماعت تک درخواست گزار کی دبئی سے ڈی پورٹیشن روکتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نادرا بورڈ کے سامنے پیش ہو جائیں پھر اس کیس کا فیصلہ کریں گے۔

    دوسری جانب خیبرپختونخوا میں افغان باشندوں سے جڑے 60 ہزار سے زائد مشکوک قومی شناختی کارڈز کا انکشاف ہوا ہے ، نادرا نےواپس جانے والے افغان مہاجرین کے شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال شروع کردی،واپس جانے والے ہر افغان مہاجر کے بائیو میٹرک،اے سی ار اور پی او ار کارڈ کی سکیننگ جاری ہے،افغان مہاجرین کوفیملی ٹری میں شامل کرنے والےمقامی باشندوں کی تلاش بھی جاری ہے،ایک سال کے دوران،جعل سازی میں ملوث 300 سے زائد نادرا اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوئی،اہلکاروں کے کئی کیس خود پکڑ کر ایف ائی اے کے حوالے کے گئے۔

  • نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف

    نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف

    نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف،ہواہے-

    پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سکول ایجوکیشن نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ 10 دن کے اندر اندر تمام نجی اسکولوں میں 10 فیصد مفت تعلیم یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے-

    اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ قانون کے باوجود 10 فیصد مفت تعلیم کی شرط پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا، کمیٹی ارکان نے تجویز دی کہ محکمہ خود مستحق بچوں کو نجی اسکولوں میں داخل کروائے اور صرف اسکولوں کے فراہم کردہ ڈیٹا پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ خود تصدیق کا نظام بنایا جائے،سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے مطابق اس حوالے سے تمام نجی اسکولوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا تاکہ قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے-

    دوسری جانب لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 213 نجی اسکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سمری ارسال کر دی،رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جبکہ احکامات پر عمل نہ کرنے والے مزید تعلیمی اداروں کو بھی سیل کیا جائے گا۔

    سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے کہا کہ 744 نجی اسکولوں کو رجسٹریشن کرانے کے لیے پہلے ہی حتمی وارننگ جاری کی جا چکی ہے، تاہم متعدد اداروں نے تاحال قانونی تقاضے پورے نہیں کیے، رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور تمام تعلیمی اداروں کو متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

  • آزاد کشمیرالیکشنز: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار

    آزاد کشمیرالیکشنز: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار

    الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا رپوٹس پر کوٹلی میں دو پریزائیڈنگ افسران کیخلاف سخت نوٹس لیا۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے جس پر الیکشن کمیشن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ان،کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی،الیکشن کمیشن نے دونوں پریزائیڈنگ افسران کو گرفتار کروا کر حوالات بند کروا دیا، دونوں پریزائیڈنگ آفیسران کو الیکشن کمیشن نے ملازمت سے بھی معطل کردیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، گرفتار پریزائیڈنگ افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، انتخابی عمل میں غفلت یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • پنجاب میں بجلی کی لٹکتی تاروں کو مرحلہ وار زیرزمین منتقل کیا جا رہا ہے،عظمیٰ بخاری

    پنجاب میں بجلی کی لٹکتی تاروں کو مرحلہ وار زیرزمین منتقل کیا جا رہا ہے،عظمیٰ بخاری

    پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مون سون کے دوران بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی،پنجاب میں بجلی کی لٹکتی تاروں کو مرحلہ وار زیرزمین منتقل کیا جا رہا ہے-

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ صوبے بھر میں 189 کلومیٹر واٹر ڈرینز تعمیر کیے جا رہے ہیں، 27 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ 59 ڈسپوزل اسٹیشنز کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے، واسا کو 969 نئی مشینیں فراہم کی گئی ہیں جو پنجاب کے تمام اضلاع میں فعال ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر ہمسایہ اضلاع سے بھی مشینری فراہم کی جاتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 450 ملی میٹر جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی غیر معمولی بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم متعلقہ اداروں نے بروقت نکاسیٔ آب کو یقینی بنایا اور انڈر پاسز سمیت اہم شاہراہوں کو جلد کلیئر کر دیا گیاوزیراعلیٰ مریم نواز مون سون کی صورتحال کی خود نگرانی کرتی رہیں اور ہر علاقے کی رپورٹ باقاعدگی سے انہیں پیش کی جاتی رہی-

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ستھرا پنجاب، واسا اور ضلعی انتظامیہ مون سون کے دوران مسلسل فیلڈ میں متحرک رہی، جبکہ دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے،پنجاب میں بجلی کی لٹکتی تاروں کو مرحلہ وار زیرزمین منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تحت بازاروں، گلیوں اور چوراہوں کی بہتری پر بھی کام جاری ہےانڈر گراؤنڈ وائرنگ کا منصوبہ حکومت پنجاب اپنے وسائل سے مکمل کر رہی ہے۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کو بجلی کے کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رکھیں اور کمزور چھتوں و خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں،’محفوظ چھت پروگرام‘ کے تحت اہل افراد کو گھر کی نئی منزل کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر سیاحوں کو پیشگی آگاہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ہر ضلع میں فلڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ بارش اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔

    آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے عوام نے احتجاج کی کالز مسترد کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی،مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی بڑی تعداد اور لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں اپنی کارکردگی، منشور اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر ووٹ مانگا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گرین بس، لیپ ٹاپ، اسکالرشپ، اپنا گھر، فنی تربیت اور روزگار کے منصوبوں کو عوامی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور آزاد کشمیر کے عوام بھی پنجاب طرز کی ترقی اور سہولیات کے خواہاں ہیں سیاسی جماعتوں کو الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی اور منشور کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنا چاہیے۔

  • غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے امریکا اس میں برابر کا شریک ہے،سینیٹر برنی سینڈرز

    غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے امریکا اس میں برابر کا شریک ہے،سینیٹر برنی سینڈرز

    امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے امریکا اس میں برابر کا شریک ہے۔

    سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل کو اربوں ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی، اسرائیل پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات ہونے کے باوجود امریکا نے اس کی مدد کی،جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائیاں کیں اور پیش قدمی جاری رکھی،اسرائیل نے غزہ کے تقریباً 70 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کیا ہے ، امریکی عوام اسرائیل کو فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    سینیٹر برنی سینڈرز نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس عوامی رائے کا احترام کرے اور اسرائیل کو فوجی امداد فوری طور پر روک دےجنگ بندی کے نو ماہ بعد بھی فلسطینی عوام کی مشکلات ختم نہیں ہوئیں، غزہ کے 92 فیصد رہائشی مکانات تباہ یا شدید متاثر ہو چکے ہیں، غزہ کی 70 فیصد آبادی مناسب رہائش کی سہولت سے محروم ہے غزہ کے 91 فیصد بچوں کو باقاعدہ تعلیم تک رسائی حاصل نہیں ، علاوہ ازیں غزہ میں 70 فیصد کم عمر بچے غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں،جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں متعدد نئی فوجی چوکیاں قائم کی ہیں۔ اسرائیلی حکومت غزہ پر مستقل قبضے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

  • گمراہ کن بھارتی بیانات  زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں  کر سکتے ، خواجہ آصف

    گمراہ کن بھارتی بیانات زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے ، خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے جموں و کشمیر سے متعلق گمراہ کن اور جھوٹے بھارتی بیانیہ پر شدید ردعمل دیاہے-

    ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہےایسے بیانات قانونی حقائق کو سیاسی پروپیگنڈے اور دھونس کے ذریعے مسخ کرنے کی ایک اور ناکام بھارتی کوشش ہے، گمراہ کن بھارتی بیانات نہ تو زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ خطہ کے امن میں کوئی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ہےبھارت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اس کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں، حقیقت یہ ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کی سب سے بڑی سرپرست ریاست اور عدم استحکام کا بنیادی محرک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیانات ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی بحران اور مودی حکومت کیخلاف عوامی بے چینی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،بھارت اپنے جارحانہ توسیع پسندانہ عزائم کے ذریعے پورے خطے کو یرغمال بنائے ہوئے ہے، بھارت کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی خطے میں بین الریاستی تصادم کی شدت اور خطرات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے،پاکستان امن اور مذاکرات کی اپنی پالیسی پر قائم ہے، پاکستان کا اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے عزم غیر متزلزل ہے۔

  • عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

    عالمی منڈی میں پیر کو سونے کی قیمت میں ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ہو گیا۔

    اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 4,110.56 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچر ایک فیصد کے اضافے کے بعد 4,112.10 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا،دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 2.8 فیصد بڑھ کر 59.81 ڈالر، پلاٹینم 2.6 فیصد اضافے سے 1,629.15 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 2.1 فیصد بڑھ کر 1,269.43 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گئی ہے امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد قیمت 84 ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئی، جو حالیہ دنوں کی بڑی یومیہ کمی میں شمار کی جا رہی ہے برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت بھی 4.86 فیصد کمی کے بعد 92 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مربان خام تیل کی قیمت میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔مربان آئل 9.44 فیصد سستا ہو کر 97 ڈالر فی بیرل پر آ گیا، جسے خلیجی منڈی میں نمایاں تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

    توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید کم ہوتی ہے اور خطے میں امن برقرار رہتا ہے تو آئندہ دنوں میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آ سکتا ہے تاہم مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت کی صورت میں قیمتوں کا رخ دوبارہ تبدیل ہو سکتا ہے۔