Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • امریکا میں فوڈ فیسٹیول کے دوران  فائرنگ، 3 افراد ہلاک

    امریکا میں فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ، 3 افراد ہلاک

    امریکی شہر سیئٹل میں مشہور سیاحتی مقام اسپیس نیڈل کے قریب فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق واقعہ اتوار کو پیش آیا جب شہر کے سیئٹل سینٹر میں سالانہ ”بائٹ آف سیئٹل“ فوڈ فیسٹیول جاری تھا،شہر سیئٹل فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ فائرنگ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے ہوئی، واقعے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑ گیا،چار زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال جانے سے انکار کردیا۔

    سیئٹل کی میئر کیٹی ولسن نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہےمیں سیئٹل پولیس کے ان اہلکاروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔

    سیئٹل پولیس کے اسسٹنٹ چیف ٹائرون ڈیوس کے مطابق ایک دوسرا مشتبہ شخص جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا ہے جسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں مشتبہ افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھےواقعے کے دوران کئی افراد نے اپنی جان بچانے کے لیے اسپیس نیڈل کے اندر پناہ لی زخمیوں میں ایک دو سالہ بچہ بھی شامل ہے –

    سیئٹل پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں،اس کے علاوہ پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق ویڈیوز یا معلومات موجود ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔

    واشنگٹن کے گورنر باب فرگوسن اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بے مقصد تشدد قرار دیاگورنر باب فرگوسن نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ میری دعائیں متاثرین کے خاندانوں اور ان امدادی کارکنوں کے ساتھ ہیں جو لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

  • سیلابی ریلے سے ریلوے پل بہہ گیا، لاہور تا فیصل آباد ٹرین آپریشن معطل

    سیلابی ریلے سے ریلوے پل بہہ گیا، لاہور تا فیصل آباد ٹرین آپریشن معطل

    لاہور: قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے پل کو نقصان پہنچنے سے لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے انفرا اسٹرکچر متاثر ہوا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور اور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی۔

    ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر، ریلوے لاہور ڈویژن کے مطابق 41 اپ/42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا،قراقرم 42 ڈاوُن کے مسافروں کو فیصل آباد سے آج ملت ایکسپریس 18 ڈاوُن میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا،جبکہ،لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو آج براستہ وزیر آباد، لالہ موسی چلایا جائے گا۔

    دوسری جانب 111 اپ/112 ڈاؤن بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے،ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے، انفرا اسٹرکچر کی بحالی مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں، صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید پیش رفت سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

  • کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یوم شہادت

    کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یوم شہادت

    کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یوم شہادت آج منایا جایا رہا ہے ۔

    کیپٹن محمد سرور نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے تلپترہ سیکٹر میں دشمن کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیاکیپٹن سرور دشمن کی مضبوط دفاعی پوزیشن پر حملے کی قیادت کر رہے تھے شدید فائرنگ کے باوجود انہوں نے اپنی بٹالین کو آگے بڑھایا اور دشمن کے مورچوں کو خاموش کرانے کی کوشش کے دوران شہید ہوئے،ان کی غیر معمولی بہادری، جرات اور قیادت کے اعتراف میں انہیں بعد ازاں پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر عطا کیا گیا، اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے شہید بنے۔

    صدر ، وزیراعظم ،فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر) کے یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    صدرِ مملکت آصف زرداری نے کیپٹن محمد سرور شہید کو 78 ویں یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن سرور شہید نے آزادیٔ کشمیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض، شجاعت اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی،کیپٹن سرور شہید نے قومی تاریخ میں ایسا باب رقم کیا جسے آنے والی نسلیں ہمیشہ احترام اور فخر کے ساتھ یاد کرتی رہیں گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کیپٹن محمد سرور شہید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کے دوران دشمن کا مقابلہ کیا،کیپٹن محمد سرور شہید کو وطن کی خاطر قربانی کے اعزاز میں نشان حیدر سے نوازا گیا، کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں، کیپٹن محمد سرور شہید نے ثابت کیا کہ دفاع وطن میں قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، کیپٹن محمد سرور شہید کا جذبہ حب الوطنی آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہے،پوری قوم کو کیپٹن سرور شہید سمیت تمام بہادر شہداء پر فخر ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا میں کیپٹن محمد سرور شہید نے کشمیر کی آزادی کیلئے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے پہلے نشان حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپوت بنے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنے جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری، شاندار عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا،کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال قربانی جرات، استقامت اور وطن سے بے لوث وابستگی کی ہمیشہ زندہ رہنے والی علامت ہے، کیپٹن محمد سرور کی قربانی ، استقامت اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ان کی عظیم میراث کو انتہائی احترام اور عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں۔

    کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یومِ شہادت قومی عقیدت اور عسکری وقار سے منایا گیا
    سنگھوری مزار پر پاک فوج کی سلامی، پھولوں کی چادر اور فاتحہ خوانی میجر جنرل عاصم کی شرکت شہید کی قربانی قومی عزم کی علامت قرار
    سروسز چیفس کا کیپٹن محمد سرور شہید کو بھرپور خراجِ عقیدت شہداء کی قربانیوں کو قومی استحکام، جرات اور حب الوطنی کا ابدی استعارہ قرار دیا
    گوجرخان (قمرشہزاد) پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کے اعزاز یافتہ عظیم سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یومِ شہادت اتوار کے روز ان کے آبائی گاؤں سنگھوری، گوجرخان میں انتہائی عقیدت، قومی جذبے اور عسکری وقار کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ مرکزی دعائیہ تقریب میں پاک فوج، سول انتظامیہ، معزز شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے اس عظیم ہیرو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی 19 ڈویژن منگلا کے میجر جنرل عاصم تھے، جنہوں نے کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ قومی ہیرو کی بے مثال قربانی کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا درخشاں باب قرار دیا گیا۔ تقریب سے خطاب اور اظہارِ خیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران تلپترا، آزاد کشمیر کے محاذ پر دشمن کے خلاف جرات، استقامت اور بے مثال بہادری کی داستان رقم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی لازوال قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر سے نوازا گیا، جو وطن سے وفا، غیر متزلزل عزم اور بے خوف قیادت کی ابدی علامت ہے۔ یومِ شہادت کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی اپنے الگ الگ پیغامات میں کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کی بنیاد ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی، افواجِ پاکستان کی سربلندی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • امریکی اور صہیونی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا،مجتبیٰ خامنہ ای

    امریکی اور صہیونی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا،مجتبیٰ خامنہ ای

    ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی اور صہیونی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا-

    سپریم لیڈر نے حزب اللہ کے خط کے جواب میں لکھا کہ حزب اللہ اسرائیل کے خلاف مضبوط چٹان کی طرح ہے، ایران نے لبنانی جنگجوؤں کا دفاع اپنی اسٹریٹجک پالیسی کا حصہ بنا لیا ہے، امریکی اور صہیونی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ حزب اللہ کی ثابت قدمی دنیا بھر کی آزاد اقوام کیلئے ایک متاثر کن پیغام بن گئی ہے، عالمی تکبر و غلبہ کے خلاف جدوجہد کرنے والی اقوام کیلئے حزب اللہ مثال بن چکی ہے۔

    دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر کے فوجی مشیر میجر جنرل یحییٰ رحیم صفوی نے کہا ہے کہ ایران کے دشمن سیاسی اور معاشی دباؤ کے ذریعے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، مشکل حالات کے باوجود ایرانی قوم کی مزاحمتی طاقت میں اضافہ ہوا ہےدباؤ اور پابندیوں کے باوجود سائنس، ٹیکنالوجی، طب اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں ایران نے نمایاں ترقی کی ہے۔

    اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ پیغامات کا فعال تبادلہ جاری ہے ، واشنگٹن ماضی میں مذاکرات میں دھوکا دے چکا ہےپاکستان اور قطر سمیت ثالث ممالک تہران اور واشنگٹن کے درمیان پیغامات کے تبادلے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں لیکن ایران کی ترجیح اب بھی حملوں کے جواب میں اپنی خودمختاری کا دفاع کرنا ہے۔

  • بدخشان میں طالبان مخالف مسلح کارروائیوں میں تیزی

    بدخشان میں طالبان مخالف مسلح کارروائیوں میں تیزی

    افغانستان کے صوبہ بدخشان میں طالبان مخالف مسلح کارروائیوں میں تیزی ،مختلف اضلاع میں جھڑپوں کے بعد سیکیورٹی صورتحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔

    طالبان مخالف مسلح گروپ افغانستان فریڈم فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے کابل سے بدخشان جانے والے طالبان کے ایک فوجی قافلے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 طالبان اہلکار ہلاک جبکہ 6 سے زائد زخمی ہوئے-

    ایکس پر جاری تنظیم کے بیان کے مطابق، اس کے جنگجوؤں نے کابل سے شمالی سالنگ تک طالبان کے فوجی قافلے کی نقل و حرکت پر نظر رکھی، یہ قافلہ بدخشان میں تعیناتی کے لیے اضافی نفری اور فوجی سازوسامان منتقل کر رہا تھا۔

    افغانستان فریڈم فرنٹ نے مزید دعویٰ کیا کہ ہفتے کے روز ضلع زیباک میں اس کے جنگجوؤں نے طالبان کے 2 فوجی ڈرون مار گرائے، جبکہ جمعہ کے روز اسی ضلع میں طالبان کے ہیلی کاپٹروں کو لینڈنگ کیے بغیر واپس جانے پر مجبور کر دیا گیا۔

    دوسری جانب سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت ایک جائز حکومت نہیں، اور اس کے خلاف سیاسی و عسکری مزاحمت مزید منظم ہوگی، جو بالآخر طالبان کے اقتدار کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔

  • بین الاقوامی ٹیسٹ میچز:جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی

    بین الاقوامی ٹیسٹ میچز:جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی

    جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 4 بین الاقوامی ٹیسٹ میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

    وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کے دورے سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کو نئی تقویت ملے گی اور قومی کھیل کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوگی-

    وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیشرفت ہے اس دورے سے پاکستان کے پرامن اور محفوظ تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کی اسپورٹس سفارتکاری اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، حکومت پاکستان کی جانب سے جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دورہ کامیاب اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 15 سے 30 اگست تک ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں روانگی سے قبل کوریا کے ساتھ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی،عالمی درجہ بندی میں پاکستان 12ویں اور کوریا 20ویں نمبر پر ہے،انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈکپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم 8 سال بعد شرکت کر رہی ہے۔

    شیڈول کے مطابق ہاکی کا عالمی کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا۔ جس میں پاکستان اور بھارت سمیت ہاکی کی بہترین ٹیموں کے درمیان ایک ٹرافی کے لیے 15 روز تک میدانوں میں جنگ جاری رہے گی،گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز ہفتہ 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کریں گے یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا،قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر 17 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گی یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا،روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ بدھ 19 اگست کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔

  • کالعدم بی ایل ایف نے آوران میں خاتون کو اغوا کے بعد قتل کردیا

    کالعدم بی ایل ایف نے آوران میں خاتون کو اغوا کے بعد قتل کردیا

    کالعدم بی ایل ایف نے آوران میں خاتون کو اغوا کے بعد قتل کردیا-

    روبینہ نامی خاتون کو 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب ضلع آوران سے طور پر اغوا کیا گیا، جبکہ ان کی مسخ شدہ لاش 25 جولائی کو علاقے کبری کور نالہ سے برآمد ہوئی،خاتون،کے مبینہ اغوا، تشدد اور قتل کے واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے مختلف بیانات میں اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) پر عائد کی گئی ہے۔

    مقتولہ کے والد نے کہا کہ ان کی بیٹی کو اکبر ولد غنی نے کالعدم بی ایل ایف کے ارکان کے ساتھ مل کر اغوا کیا، مسلح افراد نے ان کی بیٹی کو کئی روز تک یرغمال رکھا، اس دوران اس پر تشدد کیا اور بعد ازاں اسے قتل کرکے لاش پھینک دی،اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ بلوچستان کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش بھی ہیں خواتین کو نشانہ بنانا بلوچ معاشرتی روایات اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔

  • پینٹاگون نےایران جنگ میں   ہلاک اور زخمی امریکی فوجیوں کی تفصیلات جاری کردیں

    پینٹاگون نےایران جنگ میں ہلاک اور زخمی امریکی فوجیوں کی تفصیلات جاری کردیں

    امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں جانی نقصان کے شفاف اعداد و شمار پر اعتراضات کے بعد پینٹاگون نے اپنے مرکزی ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے،گزشتہ ہفتے ڈیٹا میں غیر متوقع کمی اور شفافیت کی کمی پر پیدا ہونے والے سوالات کے بعد ہفتے کے روز ڈسکاس (ڈی سی اے ایس) کے نظام میں 140 سے زائد مزید زخمی امریکی اہلکاروں کا اندراج کیا گیا ہے اور پچھلے ہفتے ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے 4 فوجیوں کے نام بھی شامل کر دیے گئے ہیں۔

    پینٹاگون کے ان نئے اعداد و شمار کے مطابق، 28 فروری کو ایران کے خلاف جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 624 تک پہنچ گئی ہے، جو کہ پچھلے ہفتے سامنے آنے والے 482 زخمیوں کے ہندسے میں نمایاں اضافہ ہے۔

    پینٹاگون کے نظام میں کی جانے والی ان تبدیلیوں اور ایرانی حملوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد کم دکھائے جانے پر امریکی قانون سازوں اور میڈیا نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھااس معاملے پر سینیٹ کی مسلح خدمات کی کمیٹی کے بارہ ڈیموکریٹک ارکان نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو خط لکھ کر اس گڑبڑ کی وجوہات طلب کی تھیں۔

    تنازع بڑھنے پر دفاعی شعبے کے قائم مقام پریس سیکرٹری جوئیل والڈیز نے وضاحت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ”ویب سائٹ پر اعداد و شمار میں یہ کمی صرف عارضی فنی خرابیوں کا نتیجہ تھی“۔

    تاہم، ڈیٹا میں جانی نقصان کی ایک نئی کیٹیگری کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جس میں7 جولائی سے شروع ہونے والے غیر ملکی آپریشنز کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں، لیکن پینٹاگون کی جانب سے اس نئی کیٹیگری کی مکمل وضاحت تاحال فراہم نہیں کی گئی،7 جولائی کی یہ تاریخ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کانگریس کو بھیجے گئے اس نوٹس سے ملتی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے ساتھ ایک نیا تنازع شروع ہوا ہے۔

    امریکی آئین کے تحت وار پاورز ایکٹ کے مطابق صدر کو 60دنوں کے اندر ملٹری آپریشنز کے لیے کانگریس سے اجازت لینا ہوتی ہے، تاہم موجودہ انتظامیہ نے اپریل میں ہونے والی جنگ بندی کو بنیاد بنا کر اس وقت کی گنتی دوبارہ شروع کی ہے۔

    انتظامیہ کی اس منطق پر اپوزیشن اور بعض حکومتی ارکان کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہےاس حوالے سے ہاؤس کی سماعت کے دوران ریپبلکن سینیٹر لیزا مرکووسکی نے وزیر دفاع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”مجھے شدید تشویش ہے کہ انتظامیہ اس وقفے کے بہانے کانگریس کی آئینی منظوری کو نظر انداز کر رہی ہے اور قانونی ضرورت سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے-

  • عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرگئیں

    عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرگئیں

    امریکا اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر حملے روکنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آگئیں۔

    امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی قیمت تقریباً ساڑھے 4 ڈالر فی بیرل کم ہونے کے بعد 84 ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئی، جو حالیہ دنوں کی بڑی یومیہ کمیوں میں شمار کی جا رہی ہےاسی طرح برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت بھی 4.86 فیصد کمی کے بعد 92 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مربان خام تیل کی قیمت میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی مربان آئل 9.44 فیصد سستا ہو کر 97 ڈالر فی بیرل پر آ گیا، جسے خلیجی منڈی میں ایک نمایاں تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

    توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید کم ہوتی ہے اور خطے میں امن برقرار رہتا ہے تو آئندہ دنوں میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آ سکتا ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت کی صورت میں قیمتوں کا رخ دوبارہ تبدیل ہو سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق عالمی معیشت، ایندھن کی طلب، اوپیک پلس کی پیداوار اور جغرافیائی سیاسی حالات آئندہ ہفتوں میں تیل کی قیمتوں کا تعین کرنے والے اہم عوامل رہیں گے، جبکہ سرمایہ کار خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

  • ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

    ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

    محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، بعض مقامات پر پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ راولپنڈی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی حفاظت کے لیے ندی نالوں میں نہانے پر پابندی بھی عائد کر دی ہے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے لاہور میں بارش کے باوجود موسم میں حبس برقرار ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 28 جولائی تک ایسی بارشوں کا امکان نہیں جو بڑے پیمانے پر سیلاب کا سبب بنیں، تاہم 29 جولائی سے مون سون کا ایک نیا اور زیادہ وسیع سلسلہ بالائی دریائی کیچمنٹ ایریاز، اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو اپنی لپیٹ میں لے گا، جس سے بارشوں کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

    ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عمر عباس میلہ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی ندی نالوں میں اچانک سیلاب اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

    انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 کے سخت نفاذ کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ عوام کو خطرناک مقامات پر جانے سے روکا جا سکے۔ صوبائی پالیسی کے تحت بارشوں یا سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہےپشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، خیبر، کرم، کوہاٹ، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں اور شمالی وزیرستان میں بارش کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور، چراٹ، کالام، مالم جبہ، دیر اور پٹن میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ پٹن میں 14 ملی میٹر، چراٹ میں 7 ملی میٹر، کالام، دیر اور مالم جبہ میں 5،5 ملی میٹر جبکہ پشاور میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی، پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 13 اور کالام میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور قلات میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں 27، ژوب میں 35، سبی میں 39، تربت میں 42، نوکنڈی میں 45، چمن میں 38، جبکہ ساحلی علاقوں گوادر میں 31 اور جیوانی میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    اُدھر کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ مطلع جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی بھی متوقع ہے۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق مجموعی طور پر دریاؤں کی صورتحال قابو میں ہے، اگرچہ دریائے چناب اور راوی کے بعض مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول سے زیادہ ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہے، جبکہ دریائے سندھ میں تربیلا، دریائے کابل میں نوشہرہ اور دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

    ڈویژن نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مرالہ کے مقام پر دریائے چناب اور بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی سطح نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ دریائے راوی پر سدھنائی کا مقام بلند وارننگ کی حد کے سب سے قریب ہے اسی طرح آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔