Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • آئین، جمہوریت اور پاکستان: ایک بے لاگ احتساب،تجزیہ :شہزاد قریشی

    آئین، جمہوریت اور پاکستان: ایک بے لاگ احتساب،تجزیہ :شہزاد قریشی

    آئین، جمہوریت اور پاکستان: ایک بے لاگ احتساب

    پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ایک بنیادی سوال برسوں سے جواب مانگ رہا ہے:کیا اس ملک میں کبھی آئین پر حقیقی معنوں میں عمل ہوا ہے؟آئین کسی بھی ریاست میں عوامی حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مستقبل کی منصوبہ بندی کا ضامن ہوتا ہے۔ مگر اگر پاکستان کے زمینی حقائق کا جائزہ لیا جائے تو آئین اور عملی سیاست کے درمیان ایک گہری خلیج صاف نظر آتی ہے۔ آبادی میں مسلسل اضافہ، پانی کی شدید قلت اور توانائی کے بحرا ن جیسے مسائل دہائیوں سے ہمارے سامنے ہیں، مگر فوجی ادوار کے بعد کسی منتخب حکومت نے بڑے آبی ذخائر یا طویل المدتی منصوبہ بندی کو قومی ترجیح کیوں نہ بنایا؟

    آج پاکستان کی اکثریت بجلی، گیس، صاف پانی، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، حالانکہ یہ تمام حقوق آئین میں واضح طور پر درج ہیں۔ سوال یہ نہیں کہ مسائل کیوں ہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ جن جماعتوں نے بار بار اقتدار حاصل کیا، انہوں نے ان آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کیا کردار ادا کیا؟

    پاکستانی سیاست میں آئین اور جمہوریت زیادہ تر نعروں تک محدود رہے ہیں ہر انتخابی مہم میں عوام کو بہتر مستقبل کے خواب دکھائے گئے، مگر اقتدار میں آنے کے بعد ترجیحات بدل گئیں احتساب، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی فلاح کے بجائے طاقت، اختیار اور سیاسی بقا مرکزِ توجہ بنی رہی اگر یہ واقعی آئین کی جنگ ہوتی تو آج عام پاکستانی بنیادی سہولتوں کے لیے دربدر نہ ہوتا۔

    میری نسل کے لوگ اس تلخ حقیقت کے عینی شاہد ہیں کہ کس طرح قوم کو دہائیوں تک بلند بانگ، مگر کھوکھلے نعروں کے سہارے رکھا گیا اسی لیے آج نوجوانوں کے نام ایک سنجیدہ پیغام ضروری ہے: سیاستدانوں اور مذہبی جماعتوں کے دعوؤں کو صرف الفاظ کی بنیاد پر قبول نہ کریں، بلکہ ان کے ماضی، ان کی کارکردگی اور ان کے فیصلوں کو کسوٹی بنائیں۔

    یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کی بقا میں سب سے زیادہ مسلسل قربانیاں ریاستی اداروں، بالخصوص پاک فوج نے دی ہیں، جو اپنے آئینی عہد کے تحت ملک اور عوام کے تحفظ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں اس کے برعکس سیاسی نظام اب تک ایسا فریم ورک فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے جو عوامی مفاد کو ذاتی یا جماعتی مفاد پر ترجیح دے سکے۔

    دنیا کی مستحکم جمہوریتیں، چاہے وہ یورپ میں ہوں یا امریکہ میں، مضبوط اداروں، شفاف احتساب اور عوامی فلاح کو بنیاد بناتی ہیں وہاں جمہوریت ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک نظام ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں جمہوریت اکثر ایک سیاسی کاروبار کی شکل اختیار کر چکی ہے، جہاں اقتدار عوامی خدمت کے بجائے ذاتی دولت اور اثر و رسوخ میں اضافے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔

    آج کا نوجوان اگر واقعی پاکستان کا مستقبل سنوارنا چاہتا ہے تو اسے تاریخ کا غیرجانبدار مطالعہ کرنا ہوگا، دعوؤں کے بجائے نتائج کو دیکھنا ہوگا، اور آئین کو صرف ایک مقدس دستاویز نہیں بلکہ قابلِ عمل سماجی معاہدہ بنانے کا مطالبہ کرنا ہوگا یہ وقت جذباتی نعروں کا نہیں، سنجیدہ سوالات کا ہےکیونکہ جب تک آئین کو عوامی مفاد کے ساتھ جوڑا نہیں جاتا، جمہوریت محض ایک خواب اور سیاست محض اقتدار کی جنگ ہی رہے گی۔

  • عروسی لباس پٔرلاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے کرائے پر لینا زیادہ بہتر آپشن ہے،لائبہ خان

    عروسی لباس پٔرلاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے کرائے پر لینا زیادہ بہتر آپشن ہے،لائبہ خان

    حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی خوبرو اداکارہ لائبہ خان نے مستقبل کی دلہنوں کو اہم مشور ہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عروسی لباس پٔرلاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے کرائے پر لینا زیادہ بہتر آپشن ہے-

    اداکارہ لائبہ خان کا کہنا ہے کہ مستقبل کی دلہنوں کو مہنگے عروسی لباس پر غیر ضروری اخراجات کے بجائے سونے کے زیورات میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینی چاہیے،عروسی لباس عموماً صرف ایک بار پہنا جاتا ہے، اس لیے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے اسے کرائے پر لینا زیادہ بہتر آپشن ہے مہنگے کپڑوں کے مقابلے میں سونے کے زیورات نہ صرف شادی کے بعد بھی کام آتے ہیں بلکہ مستقبل میں ایک قیمتی اثاثہ بھی ثابت ہوتے ہیں۔

    showbiz

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچپن سے شادی کا شوق ضرور تھا مگر وقت کے ساتھ یہ احساس ہوا کہ شادی محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے جو زندگی کو مکمل طور پر بدل دیتی ہےشادی سے پہلے ذہنی طور پر تیار ہونا بے حد ضروری ہے، اگر انسان خود کو شادی کی ذمہ داریوں کیلئے تیار محسوس نہ کرے تو صرف خواہش کے تحت یہ فیصلہ نہیں کرنا چاہیے شادی کے بعد آنے والی ذمہ داریوں کو سمجھنا اور نبھانے کی صلاحیت ہونا لازمی ہے وہ کافی عرصے سے شادی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہی تھیں اور جب انہیں لگا کہ یہ بالکل درست وقت ہے تو انہوں نے گھر والوں سے بات کی اور شادی کا فیصلہ کرلیا۔

    showbiz

  • خواجہ آصف سرکاری دورے  پر سعودی عرب پہنچ گئے

    خواجہ آصف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض:وزیر دفاع خواجہ آصف سعودی حکومت کی باضابطہ دعوت پر سرکاری دورے کے لیے ریاض پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کریں گے۔

    ریاض ایئرپورٹ پر سعودی حکام اور سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر نے وزیر دفاع کا استقبال کیا،دورے کے دوران خواجہ آصف کی اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گاذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • اسلام آباد خودکش دھماکا: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی شدید مذمت

    اسلام آباد خودکش دھماکا: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی شدید مذمت

    وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کو انتہائی افسوسناک، ظالمانہ اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔

    یہ مذمتی بیان صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق، ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے جاری کیا گیاوفاق المدارس کے قائدین نے واضح کیا کہ بے گناہ انسانوں کی جان لینا اور خون بہانا اسلام اور انسانیت دونوں کے سراسر خلاف ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور مدارس جیسے مقدس مقامات پر حملے کرنے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں،اس نوعیت کی خونریز کاررو ائیاں پاکستان کو عدم استحکام، انتشار اور خوف و ہراس کی طرف دھکیلنے کی دانستہ کوشش ہیں، جن کا مقصد قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ہے۔

    وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ اس دلخراش واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کار نیٹ ورک کا سراغ لگا کر انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو،ملک بھر کی تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مدارس کو فوری طور پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے، تاکہ عبادت گاہوں کو دہشت گردی سے محفوظ بنایا جا سکے۔

  • افغان طالبان پہلے سے زیادہ ناقابلِ اعتماد ہو چکے ہیں،عالمی تجزیہ کار

    افغان طالبان پہلے سے زیادہ ناقابلِ اعتماد ہو چکے ہیں،عالمی تجزیہ کار

    عالمی تجزیہ کاروں نے افغانستان میں قائم طالبان حکومت کو خطے اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیا ہے۔

    افغان جریدے افغان انٹرنیشنل کے مطابق مختلف بین الاقوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت نہ صرف ناقابلِ اعتماد ہے بلکہ اس کی پالیسیاں خطے میں عدم استحکام کو بڑھا سکتی ہیں عالمی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ موجودہ طالبان حکومت غیر مستحکم بنیادوں پر قائم ہے اور اس کا اقتدار وقتی نوعیت کا ہو سکتا ہے۔

    سینئر روسی تجزیہ کاروں کے مطابق طالبان کی حکمرانی کا انداز غیر پائیدار ہے، جس کے باعث افغانستان میں عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہےطالبان کی پالیسیاں داخلی عدم استحکام کی عکاس ہیں جبکہ روسی محقق آندرے سرینکو کا کہنا ہے کہ طالبان کی سوچ اور طرزِ عمل میں بنیادی تبدیلی نہیں آئی بلکہ وہ پہلے سے زیادہ ناقابلِ اعتماد ہو چکے ہیں۔

    سینٹر فار کنٹیمپریری ایرانی اسٹڈیز کے ڈائریکٹر رجب سفاروف نے کہا ہے کہ طالبان کا خراب سیاسی طرزِ عمل زیادہ عرصے تک اقتدار کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے گا، طالبان ایک ایسے ماحول میں پروان چڑھے ہیں جہاں انتہا پسندانہ اقدامات کو فروغ دیا جاتا رہا ہے۔

    عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر طالبان کی موجودہ پالیسیاں جاری رہیں تو افغانستان پورے خطے میں عدم استحکام اور دہشت گردی کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے، جس سے عالمی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

  • محسن نقوی کی شہید کیپٹن عباس کی رہائش گاہ آمد

    محسن نقوی کی شہید کیپٹن عباس کی رہائش گاہ آمد

    پشاور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ لنڈی کوتل، ضلع خیبر کا دورہ کیا،اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کے والد اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا وزیر داخلہ نے شہید کیپٹن عباس کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

    اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آپ جیسے پرعزم والد کا حوصلہ ہی قوم کے جذبے کو مزید مضبوط کرتا ہے، آپ کے بلند عزم کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے شہید کیپٹن عباس کے والد نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، وطن کے لیے ہر بیٹا حاضر ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے دورے کے دوران قبائلی عمائدین و مشران سے بھی ملاقات کی قبائلی عمائدین اور مشران نے مسلح افواج کا ہر قیمت پر ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ شہید کیپٹن عباس کے نقشِ قدم پر چلیں گے دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور وطن کی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

  • سلمان خان اور رنبیر کپور کی آر ایس ایس کی 100 سالہ تقریب میں شرکت، ویڈیو وائرل

    سلمان خان اور رنبیر کپور کی آر ایس ایس کی 100 سالہ تقریب میں شرکت، ویڈیو وائرل

    ممبئی میں ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے 100 سال کے سفر سے متعلق منعقدہ تقریب اس وقت سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بن گئی جب بالی ووڈ کے دو سپر اسٹارز نظر آئے اور ان کی ویڈیو وائرل ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس کا یہ پروگرام ‘سنگھ کے 100 سالہ سفر: نئے افق’ کے عنوان سے دو روزہ لیکچر سیریز کا حصہ ہے جو آر ایس ایس کی 100 سالہ تقریبات کے تحت منعقد کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد سخت گیر تنظیم کے طویل سفر پر غور کرنا اور مستقبل کے حوالے سے اس کے وژن کو اجاگر کرنا ہے۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سلمان خان اور رنبیر کپور کو ایک ایسے اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا جہاں انہیں دیکھنے کی توقع نہیں کی جا رہی تھی، یہ مناظر تیزی سے وائرل ہو گئے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نئی بحث چھڑ گئی، ویڈیو صرف اس وجہ سے توجہ کا مرکز نہیں بنی کہ وہاں بڑے ستارے موجود تھے بلکہ تقریب کی نوعیت نے بھی سب کی توجہ کھینچ لی کہ آخر ایسی کیا وجہ تھی کہ ان بڑے ستاروں کو ایک ہی مقام پر اکٹھا کر دیا ہے۔

    سلمان خان کی جانب سے 7 فروری کو آر ایس ایس کی ویکھان مالا تقریب میں شرکت پر حیرت کا اظہار کیا گیا جبکہ اجتماع میں 900 سے زائد مشہور شخصیات، سائنس دانوں، صنعت کاروں، فن کاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد نے شرکت کی،رنبیر کپور بھی اس تقریب میں فلم ساز سبھاش گھائے اور سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے چیئرمین پرسون جوشی کے ساتھ موجود تھے ۔

    بھارتی میڈیا نے بتایا کہ دو روزہ پروگرام کا آغاز 7 فروری کو ہوا اور یہ 8 فروری کو ممبئی کے نہرو سینٹر آڈیٹوریم میں اختتام پذیر ہوگا، اس میں آر ایس ایس کے سینئر رہنماؤں سمیت دیگر شخصیات شریک ہوں گی اور وہ سماجی، ثقافتی اور قومی موضوعات پر عوام سے خطاب کریں گی آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگو ت نے بھی پروگرام میں خطاب کیا اور اپنی تنظیم کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

    واضح رہے کہ سلمان خان حب الوطنی پر مبنی ریلیز ہونے والی فلم ‘بیٹل آف گالوان’ میں مرکزی کردار ادا کرنے جا رہے ہیں، جس کے ہدایت کاری اپوروا لکھیا ہیں اور رپورٹ کے مطابق یہ فلم 17 اپریل 2026 کو ریلیز ہوگی،جبکہ رنبیر کپور نیتیش تیواری کی فلم رامائن پارٹ ون میں بھگوان رام کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو دیوالی 2026 کے موقع پر ریلیز کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا ہے، اس علاوہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار میں بھی جلوہ گر ہوں گے، جو 2026 میں ہی سینما گھروں کی زینت بننے کا امکان ہے۔

  • ایران سے مذاکرات : نیتن یاہو اور ٹرمپ کی واشنگٹن میں بدھ کو اہم ملاقات

    ایران سے مذاکرات : نیتن یاہو اور ٹرمپ کی واشنگٹن میں بدھ کو اہم ملاقات

    ایران سے متعلق صورتحال پر مشاورت کے لیے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات آئندہ بدھ کو واشنگٹن میں متوقع ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نیتن یاہو بدھ کے روز امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچیں گے جہاں وہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے ملاقات کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا نیتن یاہو کی رائے ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے کسی بھی مذاکرات میں اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ معاملہ خطے کی سلامتی کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ ایران نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے مذاکرات کے دوران امریکا کی جانب سے یورینیم افزودگی روکنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔ علاقائی سفارتکاروں کے مطابق مسقط میں ہونے والے مذاکرات میں ایران کی میزائل صلاحیتوں پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ایران، امر یکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی سفارتی سرگرمیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

  • وزیراعظم نے  وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں اقوامِ متحدہ، برطانیہ، افغانستان، یورپ اور دیگر اہم ممالک میں نئی تعیناتیاں شامل ہیں۔

    وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کو پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں مستقل نمائندہ (جنیوا) مقرر کر دیا گیا ہے ان کی تقرری کو ایک اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے اس رد و بدل کے تحت کیپٹن (ر) عثمان ٹِیپو کو پاکستان کا نیا ہائی کمشنر برائے برطانیہ نامزد کیا گیا ہے وہ ڈاکٹر فیصل کی جگہ ذمہ داریاں سنبھا لیں گے، جو ستمبر میں متوقع طور پر موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس عہدے کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔

    وزیراعظم کی منظوری سے بلال احمد کو جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے مشن سے سعودی عرب تعینات کر دیا گیا احمد فاروق کو واپس اسلام آباد طلب کر لیا گیا جبکہ مدثر ٹِیپو کو ایران سے ازبکستان منتقل کیا گیا جبکہ ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی کو پاکستان کے سفیر برائے افغانستان،عبیدالرحمٰن نظامانی کو سفیر برائے سویڈن، سلمان (وز یراعظم آفس سے) کو سفیر برائے جرمنی اور ثانیہ افضل قاضی کو سفیر برائے تھائی لینڈ مقرر کیا گیا ہے،اسی طرح عاصم علی خان کو سفیر برائے نارو ے ،سرا ج احمد خان کو قونصل جنرل، لاس اینجلس ،اسد شہزاد کو سفیر برائے یوگنڈا اور محمد فیصل ابڑو کو قونصل جنرل، مونٹریال تعینات کیا گیا ہے-

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خلیل ہاشمی (سفیر برائے چین)، علی جاوید (سفیر برائے اٹلی)، جبکہ عامر آفتاب قریشی (سفیر برائے یونان) کو مدت ملازمت میں توسیع دیدی گئی ہے۔

  • سعودی  فلائی ناس اور شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان نئی ایئرلائن  کے قیام کا معاہدہ

    سعودی فلائی ناس اور شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان نئی ایئرلائن کے قیام کا معاہدہ

    فلائی ناس اور شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان نئی ایئرلائن ‘فلائی ناس شام’ کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا نئی ایئرلائن کی پروازوں کا آغاز 2026 کی چوتھی سہ ماہی میں متوقع ہے-

    یہ معاہدہ سعودی عرب اور شام کے درمیان دوطرفہ تعاون اور اسٹریٹجک سرمایہ کا ری کے فریم ورک کے تحت طے پایاجس میں سعودی وزارتِ سرمایہ کاری اور شامی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اینڈ ایئر ٹرانسپورٹ نے ہم آہنگی کی۔

    نئی ایئرلائن ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر قائم کی جائے گی، جس میں 51 فیصد شیئر شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور 49 فیصد فلائی ناس کے پاس ہوں گے کمپنی منظور شدہ ضوابط اور اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کے مطابق کمرشل پروازیں چلائے گی، جبکہ تمام لائسنسنگ اور آپریشنل مراحل متعلقہ اداروں کے تعاون سے مکمل کیے جائیں گےفلائی ناس شام مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ کے متعدد مقامات کے لیے پروازیں چلائے گی، جس کا مقصد شام سے اور شام کے لیے فضائی آمدورفت کو فروغ دینا اور علاقائی و بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

    سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا کہ یہ اقدام معیاری سرحد پار سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا حصہ ہے ان کے مطابق ہوا بازی کا شعبہ معا شی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور یہ شراکت داری دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور علاقائی استحکام کو تقویت دے گی۔

    شامی سول ایوی ایشن کے سربراہ عمر حصاری نے کہا کہ یہ منصوبہ شام کے فضائی شعبے کی جدید بنیادوں پر ازسرنو تعمیر کی قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہےفلائی ناس اس وقت ریاض، جدہ اور دمام سے دمشق کے لیے ہفتہ وار 23 پروازیں چلا رہی ہے اور 2025 میں دمشق کے لیے شیڈول پروازیں بحال کرنے والی پہلی سعودی ایئرلائن بنی تھی۔