Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • بجلی فی یونٹ مزید مہنگی

    بجلی فی یونٹ مزید مہنگی

    اسلام آباد: بجلی فی یونٹ مزید مہنگی کر دی گئی-

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بجلی فی یونٹ 28 پیسے مہنگی کی گئی ہے، جس کا اطلاق فروری کے ماہانہ بلوں میں کیا جائے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا،اہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس فیصلے سے مستثنی قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث ان صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں دسمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی۔ نیپرا نے اس درخواست کا جائزہ لینے کے بعد 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

  • اسلام آباد خودکش دھماکا:کینیڈا اور یورپی یونین سمیت دیگر کی مذمت

    اسلام آباد خودکش دھماکا:کینیڈا اور یورپی یونین سمیت دیگر کی مذمت

    سعودی عرب کینیڈا اور یورپی یونین سمیت دیگر ممالک کے سفرا نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے-

    اسلام آباد میں جمعہ کی نماز کے دوران امام بارگاہ پر ہونے والے ہولناک حملے کی سعودی وزارت خارجہ نے سخت مذمت کرتے ہوئے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے، شہریوں کو خوفزدہ کرنے اور معصوم شہریوں کا خون بہانے کی ہر کوشش کو مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا کہا کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشتگردی، انتہاپسندی اور تشدد کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے سعودی عرب نے شہدا کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

    امام بارگاہ پر ہونے والے ہولناک حملے پر برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے انہوں نے شہدا اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کے لیے دعائیں کیں اور اس پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔

    یورپی یونین نے اسلام آباد خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں ہونے والے ہولناک خودکش حملے کی خبر سن کر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے، یورپی یونین ہر قسم کی دہشتگردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی سخت مذمت کرتی ہے،ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

    سویڈن کی پاکستان میں سفیر الیگزینڈرا برگ وون لنڈے نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہونے والے حملے کی ہولناک خبر پر ہمیں گہرا دکھ ہوا ہے، ہماری گہری تعزیت اور ہمدردیاں شہدا، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ اسلام آباد خود کش دھماکے کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا، جس میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوگئےآج کینیڈا کے عوام پاکستان کے عوام، شہداء، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو اپنی دعاؤں اور خیالات میں یاد رکھے ہوئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی اسلام آباد میں خودکش حملے کی شدید مذمت

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی مسجد و امام بارگاہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے انتونیو گوتریس نے شہریوں اور عبادت گاہوں پر حملے کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے اور ذمہ داروں کو شناخت کر کے انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔

    انتونیو گوتریس نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

    دوسری جانب اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک بھر میں وسیع کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ حکام نے اس واقعے میں ملوث افراد کی جلد گرفتاری اور ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق، خودکش بمبار یاسر ولد بہادر خان کے اہلِ خانہ اور معاونین کی اہم گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں بمبار کے بہنوئی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے بھائی کو پشاور سے حراست میں لیا گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور اپنے بہنوئی سے بھی رابطے میں تھاایک اہم سہولت کار کو نوشہرہ میں ہلاک کر دیا گیا، جب کہ سب سے اہم گرفتاری بمبار کی والدہ کو اسلام آباد کے پوش سیکٹر کے گھر سے گرفتار کر کے تفتیش کے لیے منتقل کیا گیا-

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترلائی، اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے وزیرِ اعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    وزیرِ اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داران کے فوری تعین کی ہدایت کی اور کہا کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور وزیر صحت کو خود علاج معالجے کی نگرانی کرنے کا حکم دیا۔

    خودکش دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں ذرائع کے مطابق دھماکے میں چار سے چھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، جبکہ خودکش حملے میں بال بیرنگ کی مقدار غیر معمولی طور پر زیادہ تھی، جس سے جانی نقصان زیادہ ہوا۔

    ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملہ آور نےامام بارگاہ میں داخل ہونے سے قبل فائرنگ کی تھی اور بعد ازاں ہال میں جا کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا خودکش بمبار نے راستے میں دو گولیاں چلائیں جبکہ اندر داخل ہو کر چھ فائر کیے تھے واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے تمام گولیوں کے خول اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔

    تحقیقات کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے نیشنل فرانزک ایجنسی اور نادرا کی مدد بھی حاصل کر لی گئی ہے، تاکہ حملہ آور کی شناخت اور واقعے سے جڑے دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے قانون نافذ کرنے والے ادارے سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں،حملے کی منصوبہ بندی، سہولت کاری اور بارودی مواد کی فراہمی سے متعلق پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور 170 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، جن میں سے 29 کی حالت تشویشناک ہے۔

  • سپارکو نے خلائی سفر سے متعلق ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا

    سپارکو نے خلائی سفر سے متعلق ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا

    سپارکو نے خلائی مشن کیلئے امیدواروں کے انتخاب کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی اسکریننگ کے بعد دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، دونوں امیدواروں نے چین کے آسٹروناٹس سینٹر (ACC) میں بین الاقوامی انسانی خلائی پرواز کے معیارات کے مطابق جامع طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی جائزے مکمل کیے۔

    دونوں امیدوار 2ماہ کے لیے چینی آسٹروناٹس سینٹر میں خلائی مسافر کی تربیت حاصل کریں گے، تربیت کی تکمیل کے بعد، اکتوبر، نومبر میں خلائی مشن کے لئے ایک امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا، خلائی مشن پاکستانی خلاباز کو لیکر چینی خلائی اسٹیشن سےروانہ ہوگا دو طرفہ "خلائی تعاون کےمعاہدے” پر فروری 2025 میں دستخط ہوئے تھےوزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں سپیس وژن کے تحت اقدا ما ت کئے گئے ہیں، اس تاریخی اقدام کے مطابق چین کی حکو مت نے اپنے خلاباز پروگرام میں پاکستان کو پہلے غیر ملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا۔

  • ٹرمپ کی اوباما جوڑے سے متعلق تضحیک آمیز ویڈیو شیئر، امریکا میں شدید ردِعمل

    ٹرمپ کی اوباما جوڑے سے متعلق تضحیک آمیز ویڈیو شیئر، امریکا میں شدید ردِعمل

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سابق صدر بارک اوباما اور سابق خاتونِ اول مشعل اوباما سے متعلق ایک تضحیک آمیز ویڈیو شیئر کیے جانے پر امریکا میں شدید ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔

    ویڈیو کو نسل پرستانہ قرار دیتے ہوئے مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں نے اس کی سخت مذمت کی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی شب اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہ مختصر ویڈیو شیئرکی، جس میں بارک اوباما اورمشعل اوباما کو جنگل میں بندروں کے روپ میں دکھایا گیا ہےویڈیو کے اختتام پر اوباما جوڑے کی اصل تصاویر کو بندروں کے جسموں پر فِٹ کیا گیا، جسے سیاہ فام افراد کے خلاف توہین آمیز اور نسل پرستانہ تصور قرار دیا جا رہا ہے۔

    ویڈیو میں 2020 کے صدارتی انتخابات سے متعلق بے بنیاد الزامات بھی شامل ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ووٹنگ مشینوں کے ذریعے انتخابی نتائج چرائے گئے پس منظر میں چند لمحوں کے لیے گانا ’’دی لائن سلیپس ٹونائٹ‘‘ بھی سنائی دیتا ہے۔

    ری پبلکن سینیٹر ٹِم اسکاٹ، جو امریکی سینیٹ میں واحد سیاہ فام ری پبلکن ہیں نے ویڈیو کو کھلے الفاظ میں نسل پرستانہ قرار دیتے ہوئے صدرٹرمپ سے فوری طور پر پوسٹ ہٹانے کا مطالبہ کیا انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وائٹ ہاؤس سے اس سے زیادہ توہین آمیز مواد انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے اس تنقید کو ’’جعلی غصہ‘‘ قرار دیتے ہوئے صدر کے اقدام کا دفاع کیا ہے،لیکن ویڈیو کے وائرل ہونے کے 12 گھنٹے بعد اسے حذف کر دیا۔

    جمعہ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: ’’میں نے کوئی غلطی نہیں کی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نے عملے کے کسی رکن کی طرف سے پوسٹ کرنے سے پہلے ویڈیو کا آغاز ہی دیکھا تھا اور مجھے نہیں معلوم تھا کہ اس میں اوباما کی تصویر کشی ہے۔

    متعدد ریپبلکن سینیٹرز کی جانب سے شدید تنقید کے بعد ٹرمپ کے ٹروتھ سوشل اکاؤنٹ سے پوسٹ ہٹا دی گئی۔

    جیسے ہی تنقید بڑھ رہی تھی، وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ پوسٹ کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اوباما کے کلپ کو ایک منٹ طویل ویڈیو کے آخر میں شامل کیا گیا تھا جس میں 2020 کے صدارتی انتخابات کے دوران مشی گن میں ووٹنگ کی سازش کے دعوے شامل تھے۔

    ٹرمپ کی اوبامہ پر تنقید کرنے کی ایک تاریخ ہے جو صدر کے طور پر ان کی پہلی مدت سے پہلے کی ہے۔ اس نے باقاعدگی سے یہ جھوٹ پھیلایا کہ ہوائی میں پیدا ہونے والا اوباما دراصل کینیا میں پیدا ہوا تھا اور اس لیے وہ صدر بننے کے لیے نااہل تھا۔

    این اے اے سی پی کے قومی صدر ڈیرک جانسن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو "صاف نسل پرست، نفرت انگیز اور سراسر حقیر ہے۔”

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، ِاسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، پشاور میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    دیر، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد، باجوڑ، اورکزئی، خیبر، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیر ستان میں بارش ہو گی،صوبے کے بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

  • صائم ایوب پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

    صائم ایوب پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

    پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز سیالکوٹ اسٹالینز اور حیدرآباد نے اپنی ریٹینشنز کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں فرنچائزز کو ہر کیٹیگری میں ایک ایک کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت تھی،حیدرآباد نے صائم ایوب کو پلاٹینم کیٹیگری میں 12 کروڑ 60 لاکھ روپے میں ریٹین کیا جس کے بعد صائم ایوب پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ عثمان خان کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں 4 کروڑ 62 لاکھ روپے، عاکف جاوید کو گولڈ کیٹیگری میں ایک کروڑ 96 لاکھ روپے اور معاذ صداقت کو ایمرجنگ کیٹیگری میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے میں ریٹین کیا۔

    سیالکوٹ اسٹالینز نے محمد نواز کو پلاٹینم کیٹیگری میں 6 کروڑ 16 لاکھ روپے، سلمان مرزا کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں 3 کروڑ 92 لاکھ، احمد دانیال کو گولڈ کیٹیگری میں 2 کروڑ 24 لاکھ اور سعد مسعود کو ایمرجنگ کیٹیگری میں 84 لاکھ روپے میں ریٹین کیا ہے۔

  • تائیوان کو اسلحے کی فروخت: امریکی صدر  کا چین کا متوقع دورہ خطرے میں پڑ سکتا ہے

    تائیوان کو اسلحے کی فروخت: امریکی صدر کا چین کا متوقع دورہ خطرے میں پڑ سکتا ہے

    چین نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ تائیوان کو اسلحے کی فروخت سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کا متوقع دورہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ممکنہ طور پر تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ تائیوان کو بیچنے کا منصوبہ بنایا ہے جس میں اہم دفاعی نظام شامل ہیں۔

    چین نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فروخت بیجنگ،واشنگٹن تعلقات میں سنجیدہ رکاوٹ بن سکتی ہے، خاص طور پر صدر ٹرمپ کے اپریل میں بیجنگ جانے والے دورے کے تناظر میں،تائیوان کے حوالے سے امریکا کو “احتیاط سے کام لینے” کی ضرورت ہے ورنہ دوطرفہ تعلقات میں مشکلات پیدا ہوں گی۔

    صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ٹرمپ کو فون پر خبردار کیا ہے کہ اسلحے کی فروخت جیسے اقدامات تعلقات پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں،چین تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے اور کسی بھی غیر ملکی اسلحے کی فروخت کو اس کی خودمختاری پر برا اثر اور امن کیلئے خطرہ تصور کرتا ہے۔

  • بسنت نہیں مناؤں گی،مگر پتنگ تھیم کلیکشن،ماریہ بی پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید،منافق قرار دیا

    بسنت نہیں مناؤں گی،مگر پتنگ تھیم کلیکشن،ماریہ بی پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید،منافق قرار دیا

    ماریہ بی سوشل میڈیا پر اس وقت تنقید کی زد میں آگئیں جب انہوں نے بسنت کا بائیکاٹ کرنے کے اعلان کے بعد تہوار کی مناسبت سے بچوں کا لباس متعارف کرایا- ۔

    ماریہ بی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بن گئی ہیں جب بسنت نہ منانے کے بیان کے بعد انہوں نے پتنگ تھیمڈ بچوں کے ملبوسات لانچ کیےحالیہ پوسٹس میں، ڈیزائنر نے کائٹ کلب کے عنوان سے اپنی آنے والی بچوں کے لباس کی لائن کو فروغ دیا، بہار سمر کلیکشن ’26، ایک ایسا مجموعہ جس کی برانڈنگ نمایاں طور پر پتنگوں کا حوالہ دیتی ہے – بسنت کی مرکزی علامت۔ اسی وقت ماریہ بی نے اعلان کیا تھا کہ وہ تہوار نہیں منائیں گی۔

    ماریہ بی نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ بسنت نہیں منا رہیں اور دوستوں سے درخواست کی ہے کہ دعوتیں بھیجنا بند کریں ان کے مطابق یہ خوشی کا موقع نہیں بلکہ غور و فکر اور افسوس کا وقت ہے، کیونکہ ہم اپنی انسانیت اور اقدار کھو چکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ جشن منانے سے پہلے خود احتسابی ضروری ہے۔

    انٹرنیٹ صارفین نے اس تضاد کو کھلی منافقت قرار دیتے ہوئے سخت ردِعمل دیا ہے ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر بسنت سے اصولی اختلاف ہے تو اس سے جڑی تھیم پر بزنس کرنا کیسے درست ہو سکتا ہے؟ یہ معاملہ مختلف پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث ہے، جہاں کچھ لوگ اسے صرف ایک تجارتی حکمتِ عملی جبکہ دیگر اسے بیانیے اور عمل کے درمیان واضح فرق قرار دے رہے ہیں۔

  • ڈی-8 رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفد کی تاریخی پونچھ ہاؤس میں آمد

    ڈی-8 رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفد کی تاریخی پونچھ ہاؤس میں آمد

    لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ڈی-8 رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفد کا تاریخی پونچھ ہاؤس میں پرتپاک استقبال کیا۔

    ڈی-8 مندوبین میں بنگلہ دیش، مصر، ایران، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائجیریا، ترکی اور آذربائیجان کے نمائندے شامل تھے جنہوں نے پنجاب کے ثقافتی حسن اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کے اقدامات کو سراہا،بسنت کی رنگا رنگ ثقافتی تقریب میں ڈی-8 مندوبین پتنگ بازی اور مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی اور دیگر ملکی و غیر ملکی وفود بھی موجود تھے۔

    دو روزہ قیام کے دوران وفد نے واہگہ بارڈر، شالامار باغ، مزار اقبال، بادشاہی مسجد، حضوری باغ اور شاہی قلعہ کا دورہ کیا، دوروں کے دوران وفد کو تاریخی و ثقافتی اہمیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، مندوبین نے پنجاب کی مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت اور مستقبل کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی، وفد نے دورے کے اختتام پر باہمی خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ثقافتی روابط، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کا اعادہ کیا۔

  • اسلام آباد امام بارگاہ خودکش حملہ آور کا بہنوئی کراچی سے، والدہ اسلام آباد سے گرفتار

    اسلام آباد امام بارگاہ خودکش حملہ آور کا بہنوئی کراچی سے، والدہ اسلام آباد سے گرفتار

    اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک بھر میں وسیع کارروائیاں شروع کر دی ہیں –

    رپورٹس کے مطابق، خودکش بمبار یاسر ولد بہادر خان کے اہلِ خانہ اور معاونین کی اہم گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں، بمبار کے بہنوئی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے بھائی کو پشاور سے حراست میں لیا گیا،ایک اہم سہولت کار کو نوشہرہ میں ہلاک کر دیا گیا، جب کہ سب سے اہم گرفتاری بمبار کی والدہ کو اسلام آباد کے پوش سیکٹر کے گھر سے گرفتار کر کے تفتیش کے لیے منتقل کیا گیایہ کارروائیاں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کو ختم کرنے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کی جا رہی ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات آئندہ سامنے آئیں گی۔

    دوسری جانب امام بارگاہ پر خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 15 شہدا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،13 شہداء کی نماز جنازہ جی نائن امام بارگاہ میں ادا کی گئی جس میں وفاقی وزراء طارق فضل چودھری، سردار محمد یوسف، راجہ خرم نواز، آئی جی اسلام آباد سمیت بڑی تعداد میں شہریوں اور تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی۔

    جنازہ گاہ کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، شہداء کے نماز جنازہ سیکرٹری جنرل نفاذ فقہ جعفریہ، امام جامعہ مسجد خدیجۃ الکبری علامہ بشارت نے پڑھائی۔ نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو تدفین کیلئے روانہ کردیے گئے دو شہدا کی نماز جنازہ امام بارگاہ جامع صادق میں ادا کی گئی جس میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی شرکت کی۔، آغا شیخ محمد شفا نجفی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں کی امام بارگاہ و مسجد جامعہ خدیجۃ الکبری میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش بم دھماکے میں 32 افراد شہید اور 162 زخمی ہوگئے تھے جن مین سے 29 کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

    اسلام آباد بم دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، شہداء کی تعداد 33 ہوگئی

    ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ پر ہونے والے خودکش حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص اسپتال میں دم توڑ گیا جس کے بعد شہادتوں کی تعداد 33 ہو گئی،اسپتال ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال میں دھماکے کے بعد کل 149 افراد لائے گئے تھے جن میں 121 زخمی اور 28 لاشیں شامل تھیں۔

    رات بھر طبی امداد کے بعد زخمیوں کی تعداد 64 رہ گئی ہے جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک اور 9 افراد آئی سی یو میں ہیں،زخمیوں کا علاج سرجیکل وارڈ 1 اور سرجیکل وارڈ 4 میں جاری ہے، جبکہ پولی کلینک اسپتال میں 13 زخمی زیر علاج ہیں۔