Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • یمنی فورسز کا حوثیوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ

    یمنی فورسز کا حوثیوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ

    یمنی حکومتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنوب مغربی صوبے عدالی میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر ڈرون حملے کیے جس میں بھاری جانی نقصان ہوا اور فوجی سازوسامان تباہ کردیا گیا ہے، یہ کارروائی حوثیوں کی طرف سے سرکاری کیمپوں اور رہائشی علاقوں پر کیے گئے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی-

    میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی لیڈرشپ کونسل کے رکن عبدالرحمان المحرامی کی سربراہی میں جنوبی مسلح افواج نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ یمنی فورسز نے شمالی عدالی میں باب غلق، الفخر اور مارس کے محاذوں پر حوثیوں کے ٹھکانوں، فوجی بیرکوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا،حملوں میں حوثی بیرکوں، خندقوں، سرنگوں اور فوجیوں کے ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ فوجی گاڑیوں اور آلات کو بھی نقصان پہنچا، یہ حملے حوثی فوجیوں کی نقل و حرکت اور اگلے مورچوں پر کمک کے جواب میں کیے گئے تھے اور ان کا مقصد کسی بھی ایسی سرگرمی کا مقابلہ کرنا تھا جو عد دالی میں ان کی پوزیشنوں کو خطرہ لاحق ہو۔

    حوثی باغیوں نے مارب اور حضرموت میں سرکاری فوجی کیمپوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا تھایمنی فوج نے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے اہلکاروں یا شہریوں پر ہونے والے ہر حملے کا موثر اور ضروری عسکری کارروائی کے ساتھ جواب دیتی رہے گی۔

    دوسری جانب حوثیوں نے فوری طور پر ان دعوؤں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے-

  • چین میں طوفان ڈولفن : 16 سو سے زائد پروازیں منسوخ، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

    چین میں طوفان ڈولفن : 16 سو سے زائد پروازیں منسوخ، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

    چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والے شدید سمندری طوفان ڈولفن کے پیش نظر بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

    چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے اتوار کی صبح طوفان ڈولفن کے حوالے سے سرخ الرٹ جاری کیا، جو ملک میں سمندری طوفان کے لیے سب سے شدید نوعیت کی وارننگ ہے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی رات یا پیر کے روز چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرائے گا، اس دوران ہواؤں کی رفتار 162 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

    ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق شنگھائی کے ہونگ چیاؤ اور پوڈونگ ایئرپورٹس پر اتوار کو تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ پڑوسی صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کے ایئرپورٹ پر بھی اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی 270 پروازیں منسوخ کی گئیں،ژی جیانگ کے شہر تائی ژو میں ہفتے کی شام تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ شنگھائی کے حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں سے 30 ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا گیا ہے،صوبہ فوجیان میں بھی ہفتے کی شام تک تقریباً 99 ہزار افراد کو خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا طوفان کے باعث ژی جیانگ اور فوجیان میں 200 سے زائد فیری روٹس پر سروس معطل کردی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے ژی جیانگ کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں غیر معمولی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، جہاں بعض مقامات پر 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے شنگھائی، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی، وسطی و جنوبی انہوئی اور صوبہ جیانگ سو کے بیشتر علاقوں میں بھی پیر تک شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ طوفانی ہوائیں ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان کا سبب بن سکتی ہیں محکمہ موسمیات کے مطابق چین میں داخل ہونے کے بعد طوفان کی شدت بتدریج کم ہونے اور اس کے اندرونِ ملک منتقل ہونے کا امکان ہے۔

    طوفان ڈولفن کے بیرونی حصے ہفتے سے ہی شمالی تائیوان کو متاثر کررہے ہیں، جہاں دارالحکومت تائی پے سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث درجنوں فیری سروسز معطل جبکہ 180 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں،اس سے قبل طوفان ڈولفن جاپان کے جنوبی صوبے اوکیناوا سے گزرا، جہاں طوفان کے باعث سات افراد زخمی ہوئے جبکہ 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی متاثر ہوئی، اوکیناوا الیکٹرک پاور کمپنی کے مطابق اتوار کی دوپہر تک 5 ہزار 290 گھرانے بجلی سے محروم تھے۔

  • مکہ  دفاعی معاہدےمیں ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک کو  شامل کیاجائے،حافظ نعیم الرحمان

    مکہ دفاعی معاہدےمیں ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک کو شامل کیاجائے،حافظ نعیم الرحمان

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مکہ میں طے پانے والے دفاعی معاہدےمیں ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو مل کر ایک طاقتور دفاعی نیٹ ورک تشکیل دینا چاہیے اس اتحاد کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے تاکہ امتِ مسلمہ کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بالخصوص جنوبی اضلاع میں امن کی صورتحال تشویشناک ہے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے،انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، جبکہ اسلام آباد کو بھی کابل کے ساتھ افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل حل کرنے اور سرحدی تجارت کو فروغ دینے کی ہدایت کی،نیشنل ایکشن پلان کا مقصد صرف سیکیورٹی اقدامات نہیں بلکہ روزگار اور تعلیم کی فراہمی بھی تھا۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا، آئی پی پیز مافیا اور نااہل حکومت کے خلاف جماعت اسلامی 16 اگست کو چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بیک وقت احتجاجی دھرنے دے گی، جن کے تحت پنجاب میں وزیراعلیٰ ہاؤس جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں گورنر ہاؤسز کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

  • جھارکھنڈ پیپر لیک اسکینڈل: طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کر گیا

    جھارکھنڈ پیپر لیک اسکینڈل: طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کر گیا

    بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں بھرتی امتحانات میں اصلاحات کے لیے جاری احتجاج کے دوران 2024 کے جے ایس ایس سی-سی جی ایل (JSSC-CGL) پیپر لیک کیس کی سی آئی ڈی رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 21 اور 22 ستمبر 2024 کو منعقد ہونے والے اس امتحان کے سوالات واٹس ایپ پر لیک کیے گئے جبکہ رقم ادا کرنے والے امیدواروں کو ہزار باغ، جمشید پور، پٹنہ، مغربی بنگال اور نیپال تک جوابات فراہم کیے گئے امتحان کے دوران انٹرنیٹ کی معطلی کے باوجود پیپر لیک گینگ نے لینڈ لائن فونز کے ذریعے جوابات بول کر لکھوائے۔

    ایک امیدوار جیت کمار نے بتایا کہ امتحان سے قبل ہی 120 سوالات کے صحیح جوابات کاغذی صورت میں موصول ہو چکے تھے، جس کی ٹائم اسٹیمپ والی تصاویری ثبوت بھی عدالت میں جمع کرائے گئے ہیں مارچ 2025 میں سی آئی ڈی نے اپنی رپورٹ مکمل کرتے ہوئے 150 میں سے 120 سوالات کے لیک ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    تاہم، ریاستی حکومت نے سی آئی ڈی کی ابتدائی رپورٹ کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے ایک دوسری ‘ایس آئی ٹی’ (SIT) تشکیل دی جس نے پیپر لیک کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے امتحانات کو شفاف قرار دے دیابعد ازاں جے پی ایس سی (JPSC) امتحانات میں بھی اسی نوعیت کا پیپر لیک ہونے پر طلبہ کا غصہ بھڑک اٹھا اور ریاست گیر احتجاج شروع ہو گیا۔

    طلبہ رہنما دیویندر ناتھ مہتو کی قیادت میں رانچی کے جے پال سنگھ منڈا اسٹیڈیم میں دھرنا 16ویں روز میں داخل ہو چکا ہے حکومت اور طلبہ کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے متعدد ادوار بے نتیجہ رہے ہیں، تاہم جھارکھنڈ کی وزیر دیپیکا سنگھ نے تسلیم کیا کہ طلبہ کے تحفظات درست ہیں اور حکومت جلد اس کا ممکنہ حل نکال لے گی۔

    دوسری،جانب،جمعہ کے روز ریاستی اسمبلی کی جانب احتجاجی مارچ کے دوران آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AISA) کی صدر نیہا بورا پر سیاہی پھینک دی گئی –

    پولیس کے مطابق سیاہی پھینکنے والے شخص کی شناخت امر ناتھ پانڈے کے نام سے ہوئی ہے، جسے حراست میں لے کر دھرووا پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اس کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی کیونکہ کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔

    ہٹیا کے ڈی ایس پی نیرج کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ امر ناتھ پانڈے کو شناخت کرلیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ ان کے مطابق رسمی شکایت موصول نہ ہونے کے باعث ابھی مقدمہ درج نہیں کیا گیا،یہ واقعہ برسا چوک کے قریب اس وقت پیش آیا جب بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں AISA اور AISF کے کارکن اور دیگر مظاہرین اسمبلی کی جانب مارچ کررہے تھے۔

    نیہا بورا نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاہی پھینکے جانے سے خوفزدہ نہیں ہوں گی دہلی میں احتجاج کے دوران وہ پیلٹ گن کی فائرنگ اور پولیس کے لاٹھی چارج کا سامنا کرچکی ہیں، کیا سیاہی پھینکنے سے ملک بھر کے طلبہ اور نوجوانوں کے غصے کو دبایا جاسکتا ہے، بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ عناصر طلبہ تحریک کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دائیں بازو اور بی جے پی کے ارکان، جو جے پال سنگھ اسٹیڈیم سے طلبہ تحریک چلانے کا دعویٰ کرتے ہیں، انہیں بتانا چاہیے کہ جب طلبہ کے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاجی مارچ کیا جارہا تھا تو تشدد کا سہارا لینے کی ضرورت کیوں پیش آئی،یہ واقعہ انہیں دہلی کی طلبہ تحریک میں شرکت کے بدلے انتقامی کارروائی کے طور پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں ان کے دعوے کے مطابق مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا پڑا تھا،نیہا بورا نے دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کے دوران مبینہ طور پر 23 روزہ بھوک ہڑتال بھی کی تھی۔

    ایک اور اسٹوڈنٹ لیڈر شیوانی نے کہا کہ مظاہرین پرامن مارچ کررہے تھے کہ اچانک ایک شخص ہجوم سے نکلا اور نیہا بورا پر سیاہی پھینک دی،انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ شخص کو بی جے پی کی پشت پناہی حاصل ہے۔

    دوسری جانب بی جے پی ترجمان پرتل شاہ دیو نے واقعے سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی احتجاج کے دوران اس طرح کی کسی سرگرمی کی حمایت نہیں کرتی۔ تاہم ان کے بقول بادی النظر میں یہ واقعہ ایک ’پہلے سے طے شدہ ڈراما‘ معلوم ہوتا ہے، کیونکہ AISA کی بنیادی تنظیم حکمران اتحاد کا حصہ ہے اور نہا بورا کے گرد خود مظاہرین سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار موجود تھے۔

    CPI (ML) لبریشن کے ریاستی سیکریٹری منوج بھکت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی سے وابستہ افراد نے AISA کی قومی صدر پر حملے کی کوشش کی اور ان پر سیاہی پھینکی، انہوں نے جھارکھنڈ پولیس سے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    حراست میں لیے گئے شخص نے میڈیا سے گفتگو میں نیہا بورا پر الزام لگایا کہ وہ عمر خالد کی حامی ہیں اور اسی وجہ سے وہ انہیں پسند نہیں کرتا اس نے نیہا بورا کو ’ملک دشمن‘ بھی قرار دیا۔

    واضح رہے کہ کارکن عمر خالد کو ستمبر 2020 میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (UAPA) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا ان پر فروری 2020 میں دہلی میں ہونے والے فسادات کے مبینہ منصوبہ سازوں میں شامل ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جن میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

  • سہہ فریقی دفاعی معاہدےسےبھارت پریشان، پاکستان کے لیے اہم دفاعی پیش رفت قرار دیا

    سہہ فریقی دفاعی معاہدےسےبھارت پریشان، پاکستان کے لیے اہم دفاعی پیش رفت قرار دیا

    پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کو بھارتی میڈیا نے پاکستان کے لیے اہم دفاعی پیش رفت قرار دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہےانڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دفاعی انضمام، مشترکہ فوجی مشقیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پاکستان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ دفاعی پیداوار سے پاکستان کی دفاعی تیاری مزید مضبوط ہوسکتی ہےسعودی عرب کی مالی معاونت اور ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی پاکستان کے اہم اسٹریٹجک مفاد میں ہے، جبکہ ترکیہ کی ٹیکنالوجی، سعودی عرب کے وسائل اور پاکستان کی آپریشنل صلاحیتیں مل کر ایک مؤثر دفاعی امتزاج تشکیل دے سکتی ہیں،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون خطے میں اہم پیش رفت ہے، جس کے اثرات بھارت کے لیے ایک چیلنج بن سکتے ہیں-

  • سابق امریکی صدر جو بائیڈن کا پروسٹیٹ کینسر  پھیل گیا

    سابق امریکی صدر جو بائیڈن کا پروسٹیٹ کینسر پھیل گیا

    سابق امریکی صدر جو بائیڈن کا پروسٹیٹ کینسر ہڈیوں سے آگے بھی پھیل گیا ہے اور بیماری انتہائی تکلیف دہ ہے۔

    سابق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو میں والد کی صحت سے متعلق بتایا ہے ہنٹر بائیڈن نے بی بی سی کے پروگرام ’’نیوز نائٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینسر پھیل چکا ہے اور ہڈیوں سمیت دیگر حصوں تک بھی سرایت کر گیا ہےبیماری انتہائی تکلیف دہ اور کئی حوالوں سے جسمانی طور پر کمزور کردینے والی ہے۔

    83 سالہ جو بائیڈن کے ترجمان نے ہفتے کے روز ہنٹر بائیڈن کے انٹرویو پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا،جو بائیڈن نے مئی 2025 میں وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے تقریباً 4 ماہ بعد انکشاف کیا تھا کہ انہیں پروسٹیٹ کینسر کی ایک ’’جارحانہ قسم‘‘ کی تشخیص ہوئی ہے، جو اس وقت ان کی ہڈیوں تک پھیل چکا تھا۔

    اکتوبر 2025 میں بائیڈن کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سابق صدر کینسر کے علاج کے لیے ریڈی ایشن تھراپی اور ہارمون تھراپی کروا رہے ہیں،جو بائیڈن 2020 کے صدارتی انتخاب میں کامیابی کے وقت امریکا کے سب سے معمر صدر تھے 2021 سے 2025 تک ان کے صدارتی دور میں ان کی جسمانی صحت اور ذہنی صلاحیت بھی زیر بحث رہی۔

    جو بائیڈن نے رواں سال جون میں شکاگو میں سابق صدر باراک اوباما کی صدارتی لائبریری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی بائیڈن 2009 سے 2017 تک باراک اوباما کے نائب صدر بھی رہے، جو بائیڈن کی صدارتی یادداشتوں پر مشتمل کتاب 17 نومبر کو شائع ہونے والی ہے۔

  • ضمانت کے لیے  چیف جسٹس پر کالا جادو کرنے والا گرفتار

    ضمانت کے لیے چیف جسٹس پر کالا جادو کرنے والا گرفتار

    ضمانت کے لیےبھارتی چیف جسٹس پر کالا جادو کرنے والےشخص کوپولیس نےحراست میں لےلیا-

    بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر بلاسپور کی پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی ہے جس نے اپنے رشتے دار کی کورٹ سے ضمانت کروانے کے لیے ہائی کورٹ کے چیف جج کی تصویر کا استعمال کرتے ہوئے کالا جادو اور تانترک عمل کیا، اس شخص نے یہ سب ایک ویڈیو دیکھ کر کیا تاکہ وہ اپنے رشتے دار کو جیل سے باہر نکال سکے۔

    یہ واقعہ دیوری نامی گاؤں میں اس وقت سامنے آیا جب جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات دیہاتیوں نے شمشان گھاٹ میں چار لوگوں کو مشکوک اور عجیب و غریب حرکتیں کرتے دیکھا لوگوں کو شک ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی،پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی دیہاتیوں کو دیکھ کر تین افراد موقع سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ریشی کیش کمار نامی ایک شخص کو دیہاتیوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر کالے جادو میں استعمال ہونے والی کئی چیزیں برآمد کر لیں ان میں ایک مچھلی، لیموں، سندور اور چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رمیش سنہا کی تصویر شامل تھی اس کے علاوہ ایک تصویر چاقو مارنے کے کیس میں گرفتار ملزم پرریانشو بولے کی تھی اور دوسری تصویر اسی کیس کے متاثرہ شخص کی تھی۔

    پولیس تفتیش کے دوران ریشی کیش نے بتایا کہ اس کا رشتہ دار پرریانشو بولے ایک بندے کو چاقو مارنے کے جرم میں جیل میں بند ہے اس کیس کے ایک ملزم کو تو ضمانت مل گئی تھی لیکن باقی ملزمان کی ضمانتیں ابھی عدالت میں زیر سماعت تھیں،اس نے ایک تانترک کی ویڈیو دیکھی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایسا عمل کرنے سے کورٹ سے ضمانت مل جاتی ہے اس ویڈیو سے متاثر ہو کر وہ اپنے تین دوستوں کے ساتھ رات کو شمشان گھاٹ چلا گیا۔

    اس واقعے پر بات کرتے ہوئے بلاسپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجنیش سنگھ نے کہا کہ جادو ٹونہ کرنے سے کسی کو کبھی ضمانت نہیں مل سکتی اور مجرموں کو چاہیے کہ وہ جادو ٹونے کے بجائے خود کو سدھارنے کی کوشش کریں ایسے وہم اور خرافات پر عمل کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،معاملے کی مزید چھان بین اور تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اس عمل میں شامل دیگر افراد کون تھے اور انہوں نے یہ قدم کس مقصد سے اٹھایا۔

  • یمنی حوثیوں  نے سعودی تیل کمپنی آرامکو پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

    یمنی حوثیوں نے سعودی تیل کمپنی آرامکو پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

    یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے صوبے جیزان میں واقع دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی ’سعودی آرامکو‘ کی ایک تنصیب پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

    حوثی گروپ کے ماتحت کام کرنے والے المسیرہ ٹی وی کے مطابق، باغیوں نے ایک باقاعدہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آرامکو کی اس تنصیب کو ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے یمن کے صوبوں صعدہ اور حجہ پر کیے گئے ڈرون حملوں کا جواب ہے۔

    دوسری جانب، سعودی عرب کی وزارتِ توانائی نے تصدیق کی ہے کہ بحیرہ احمر کے ساحل پر یمن کی سرحد کے قریب واقع جیزان کی آرامکو ریفائنری کی ایک تنصیب میں صبح صادق کے وقت آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے بجھا دیا ہےاس واقعے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    اگرچہ سعودی وزارتِ توانائی نے اپنے بیان میں آگ لگنے کی اصل وجہ نہیں بتائی، لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہو،اس سے قبل بھی ایران نواز حوثی باغی جیزان میں سعودی تیل کی تنصیبات پر حملوں کے دعوے کرتے رہے ہیں، جبکہ سعودی حکام ان حملوں کا ذمہ دار عراق میں موجود ایران نواز عسکریت پسندوں کو بھی ٹھہراتے ہیں۔

    ’رائٹرز‘ نے ایک مشاورتی فرم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حوثیوں کے ایک پچھلے حملے کے بعد، جس میں پلانٹ کے گیسی فکیشن کمپلیکس اور ٹینکوں کو نقصان پہنچا تھا، آرامکو نے 27 جولائی کو جیزان میں واقع روزانہ چار لاکھ بیرل تیل صاف کرنے والی اپنی اس اہم ریفائنری کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔

    سعودی وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان تمام خلاف ورزیوں کے خلاف ایک مضبوط اور دوٹوک موقف اختیار کرے جو خطے کے امن و استحکام، عالمی تجارت اور بحری سفر کے تحفظ کو خطرے میں ڈال رہی ہیں اور یمن میں امن کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

    اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے اعلامیے میں یمن کی قانونی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی اجازت کے بغیر3 جولائی کو صنعا ایئرپورٹ اور 13 جولائی کو حدیدہ ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2216 کے تحت یمن میں حوثیوں سمیت کسی بھی ایسے فرد یا تنظیم کو ہتھیاروں کی فراہمی، فروخت یا منتقلی پر مکمل پابندی عائد ہے جس پر اقوامِ متحدہ نے پابندیاں لگا رکھی ہیں۔

  • آپریشن ردالفتنہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 15 خوارج ہلاک

    آپریشن ردالفتنہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 15 خوارج ہلاک

    سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کے خلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا-

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مستونگ، بولان، واشک اور آواران سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں،اس کے علاوہ سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں بھی متعدد آپریشن کیے گئے،ان کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں خوارج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور ان کی نقل و حرکت بھی محدود ہوگئی ہے،سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

  • ہاکی ورلڈ کپ 2026 :قومی ہاکی ٹیم نیدرلینڈ روانہ

    ہاکی ورلڈ کپ 2026 :قومی ہاکی ٹیم نیدرلینڈ روانہ

    قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیدرلینڈز اور بیلجیم کے لیے روانہ ہوگئی۔

    ہاکی ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیم میں کھیلا جائے گا ،پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل کھلاڑیوں کو 2 کروڑ روپے کا الاؤنس بھی جاری کردیا ہے فارن ڈیلی الاؤنس کی رقم کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی ہے،پی ایچ ایف انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کو مالی خدشات سے آزاد رکھ کر کارکردگی پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

    پی ایچ ایف کے مطابق قومی ٹیم کے تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور کوچز کے سفر، رہائش اور طعام کے انتظامات بھی مکمل ہیں،پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور کوچز کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے جبکہ ٹیم کی روانگی سے قبل تمام مالی اور انتظامی امور بھی مکمل کرلیے گئے ہیں،قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی اور کامیابی کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔