Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • یومِ آزادی:حکومتِ سندھ کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان

    یومِ آزادی:حکومتِ سندھ کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان

    حکومتِ سندھ کی جانب سے یومِ آزادیٔ،پر عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

    حکومتِ سندھ نے یومِ آزادیٔ پاکستان کے موقع پر 14 اگست 2026 بروز جمعہ صوبے بھر میں عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہےاس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کے دوران صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر مکمل طور پر بند رہیں گے، سرکاری محکموں کےساتھ،ساتھ تمام کارپوریشنز اور لوکل کونسلز کے دفاتر بھی اس دن بند رہیں گے اور معمول کا دفتری کام معطل رہے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق عام تعطیل کا یہ فیصلہ قومی دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے کیا گیا ہے، تاہم وہ تمام ادارے جو عوام کو انتہائی ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں، وہ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • بالی ووڈ کے 73 سالہ فلمساز  جنسی زیادتی اور بلیک میلنگ  کیس میں گرفتار

    بالی ووڈ کے 73 سالہ فلمساز جنسی زیادتی اور بلیک میلنگ کیس میں گرفتار

    ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے 73 سالہ فلم ساز شکیل نورانی کو جنسی زیادتی اور بلیک میلنگ کے کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔

    انڈیا ٹوڈے کے مطابق فلم ساز شکیل نورانی گزشتہ تقریباً 40 دنوں سے پولیس کو چکمہ دے کر فرار تھے، جنہیں بالآخر مہاراشٹر کے ضلع ستارہ کے ایک فارم ہاؤس سے کافی تلاش کے بعد حراست میں لیا گیا،یہ کارروائی ایک 33 سالہ اداکارہ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد عمل میں آئی ہے۔

    پولیس میں جمع کرائی گئی شکایت کے مطابق اداکارہ کا شکیل نورانی سے پہلا رابطہ 2016 میں ہوا تھا،اداکارہ نے الزام لگایا ہے کہ فلم ساز نے ان کا سالوں تک بار بار جنسی استحصال کیا،شکیل نورانی نے انہیں نشہ آور ادویات دیں اور قابل اعتراض حالات میں ان کی ویڈیوز ریکارڈ کیں، شکیل نورانی ان ویڈیوز کو عام کرنے کی دھمکی دے کر انہیں بلیک میل کرتے رہے اور ان مبینہ واقعات کے نتیجے میں ان کا حمل بھی ضائع ہو گیا تھا۔

    کیس درج ہونے کے بعد پولیس نے فلم ساز شکیل نورانی کی تلاش شروع کی اور مسلسل چھاپے مارنے کے بعد انہیں ریاست مہاراشٹرکے ضلع ستارا سے گرفتار کر لیا،ڈپٹی کمشنر آف پولیس سندیپ گھگے نے شکیل نورانی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ہے اور قانون کے مطابق معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، شکیل نورانی کے خلاف بھارتیہ نَیائے سنہیتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ان کے وکیل نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہےاس وقت فلم ساز شکیل نورانی پولیس تحویل میں ہیں پولیس معاملے کے تمام پہلوؤں کی تحقیق کر رہی ہے، جبکہ تمام الزامات کا عدالت میں ثابت ہونا ابھی باقی ہے۔

  • آزاد کشمیر کے عوام اپنا مینڈیٹ منتخب نمائندوں کو دے چکے ہیں، رانا ثنا اللہ

    آزاد کشمیر کے عوام اپنا مینڈیٹ منتخب نمائندوں کو دے چکے ہیں، رانا ثنا اللہ

    وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیز تھری کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگا اور عوام کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل حل کرے گی۔

    وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت نے دھرنا دینے والوں کو مناسب وقت دیا، تاہم ان کا بنیادی مقصد عوام کو حقِ رائے دہی سے روکنا تھا جو پورا نہیں ہوسکا، آزاد کشمیر کے عوام اپنا مینڈیٹ منتخب نمائندوں کو دے چکے ہیں، فیز تھری کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگا اور عوام کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل حل کرے گی۔

    رانا ثنااللہ نے احتجاج کرنے والوں سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاج ختم کردیں خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے ذریعے نمائندے اسمبلی میں آسکتے ہیں اور منتخب حکومت جائز مطالبات اور دستیاب وسائل کے مطابق اقدامات کرے گی،انہوں نے خبردار کیا کہ ہتھیار اٹھانے، عوام کو ورغلانے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، آزاد کشمیر کو نقصان پہنچانے یا سبوتاژ کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنے اقدامات کا حساب دینا ہوگا۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران بعض مقامات پر پولنگ کا عمل متاثر کرنے اور ووٹرز سے شناختی کارڈ وغیرہ چھیننے کی کوشش کی گئی، جس پر کیو آر ایف کے جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کرلیاحلقہ نیلی کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاالقمر کے کارکنوں نے مزاحمت کرتے ہوئے صورتحال سنبھال لی، حلقہ دیرپورٹ کے گاڑھا کوٹ میں ایک اہم پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا، معمولی نوعیت کے چند واقعات کے علاوہ کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور مجموعی طور پر انتخابی عمل جاری رہا۔

  • اسحاق ڈار کا عالمی رہنماؤں سے رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے پر بریفنگ

    اسحاق ڈار کا عالمی رہنماؤں سے رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے پر بریفنگ

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمہوریہ کانگو کے صدر فیلکس انتونین تشیسکیدی تشیلومبو اور گنی بساؤ کے سابق صدر جنرل عمرو سیسوکو ایمبالو سے گزشتہ رات مشترکہ ٹیلی فونک گفتگو کی۔

    اسحاق ڈار نے انہیں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی تفصیلات اور اس کی اہمیت سے آگاہ کیا،نائب وزیراعظم نے کہا کہ معاہدہ اسٹریٹجک تعاون کے فروغ اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

    اسحاق ڈار اور صدر تشیسکیدی نے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ سطح کے روابط سمیت باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا،نائب وزیراعظم نے صدر تشیسکیدی اور عوامِ کانگو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

  • مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

    مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے ایران کو کوئی خطرہ نہیں۔

    اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، جب تک معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی رہے گی ، امریکا سے کوئی بات نہیں ہو گی، آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان مثبت مذاکرات ہوئے، تیسری قوت مداخلت نہ کرے تو آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکتا ہے، امریکا مشرق وسطی میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے،معاہدے کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں بمباری کی، اسرائیل خطے میں اشتعال انگیزی پھیلا رہا ہے ، ایران ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کو احساس ہو چکا ہے کہ سکیورٹی ایسی چیز نہیں جسے جھوٹوں سے خریدا جا سکے، خطے کی جغرافیائی اور تاریخی حقیقتوں کو مدنظر رکھنے اور خطرات کی درست نشاندہی کرنے والا جامع منصوبہ علاقائی سلامتی کے فروغ اور صہیونی دشمن اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عدم استحکام اور مبینہ زیادتیوں کی روک تھام میں مددگار ہو سکتا ہے۔

    اسماعیل بقائی نے ایران، لبنان اور فلسطین میں شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کاہ کہ 2 سال میں ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کئی صحافی شہید ہو گئے ہیں۔

    اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا تھا کہ کہ امریکا سے عبوری معاہدے کی خلاف ورزی تک بات چیت نہیں ہو گی،تہران اور مسقط کے درمیان معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، تاہم معاہدے کے باوجود آبنائے ہرمز کو فوری طور پر دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔

  • عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی مارکیٹ میں مسلسل بلند رہنے کے بعد سونے کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے بعد 4,322.28 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی، گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت 7 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی،اس کے علاوہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 4,381.60 ڈالر فی اونس پر آ گئے،دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ سلور کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے بعد 63.45 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.1 فیصد کمی کے بعد 1,742.50 ڈالر جبکہ پیلاڈیم کی قیمت 1.1 فیصد کمی کے بعد 1,362.97 ڈالر فی اونس ہو گئی۔

    مارکیٹ ماہرین کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کمانے کے لیے سونے کی کچھ مقدار فروخت کیے جانے کے باعث قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کمی فی الحال مارکیٹ کے رجحان میں کسی بڑی تبدیلی کی نشاندہی نہیں کرتی۔

  • سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں  اضافہ انتہائی خوش آئند ہے،وزیراعظم

    سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ انتہائی خوش آئند ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جولائی 2026 میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ جولائی 2026 میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد اضافہ انتہائی خوش آئند ہے، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر بھی ترسیلات زر میں 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں مسلسل مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے، سمندر پار پاکستانی پاکستان کے قومی معاشی دھارے کا نہایت قیمتی حصہ ہیں اور ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات ملکی معیشت کے لیے اہم معاونت فراہم کرتی ہیں۔

    پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے۔ جون 2026 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 3 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا، جس کے مقابلے میں جولائی میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ہوا۔

    واضح،رہےکہ،بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے جولائی 2026 میں پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں سمندر پار پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے۔ جون 2026 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 3 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا، جس کے مقابلے میں جولائی میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ہوا۔

    اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں پاکستان کو 3 ارب 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں جولائی 2026 کی ترسیلاتِ زر میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    جولائی میں سعودی عرب پاکستانی ترسیلاتِ زر کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جہاں مقیم پاکستانیوں نے 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر وطن بھیجے۔ سعودی عرب سے آنے والی رقوم میں ماہانہ بنیادوں پر تقریباً 10 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد اضافہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پاکستان منتقل ہوئےیورپی یونین کے ممالک سے بھی جولائی کے دوران مجموعی طور پر 46 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشین ہم منصب  جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشین ہم منصب جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے طبی عمل سے گزرنے پر ان کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی ملائیشین وزیراعظم کی اچھی صحت اور تندرستی کے لیے دعاگو ہیں،انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انور ابراہیم کو جلد صحتیابی عطا فرمائے اور انہیں دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی توفیق دے۔

    واضح-رہےکہ،ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اپنی 79ویں سالگرہ کے موقع پر ڈاکٹروں کے مشورے سے طبی معائنے اور مخصوص طبی عمل (میڈیکل پروسیجر) سے گزر رہے ہیں وہ دو دن تک طبی نگرانی میں رہیں گے،ماضی میں انہیں کندھے اور کمر کے مسائل رہے ہیں،سرکاری بیان کے مطابق وہ جلد اپنے روزمرہ کے سرکاری امور پر واپس آجائیں گے۔

  • میر رضا قتل کیس : پہرہ دینا ہوگا ورنہ جس طرح پہلے مک مکا ہوا تھا دوبارہ بھی ہو سکتا ہے، خواجہ آصف

    میر رضا قتل کیس : پہرہ دینا ہوگا ورنہ جس طرح پہلے مک مکا ہوا تھا دوبارہ بھی ہو سکتا ہے، خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے میر رضا کیس میں حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا جس طرح کے نتائج سامنے آ رہے ہیں اس سے ثابت ہو رہا ہے کہ پورا سسٹم کمپرومائزڈ تھا۔

    سوشل میڈیاسائٹ ایکس پرخواجہ آصف نے لکھا کہ آپ جس طرح اس کیس پر فوکس کر رہے ہیں اس کے نتائج اور حقائق سامنے آرہے ہیں پورا سسٹم کمپرومائزڈ تھا، اب بھی پہرہ دینا ہوگا ورنہ جس طرح پہلے مک مکا ہوا تھا دوبارہ بھی ہو سکتا ہے، جن لوگوں نے معاملے کو چھپانے کی کوشش کی ان کو بھی بے نقاب ہونا ہوگا۔

    دوسری جانب حکومت سندھ نے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کا کہنا تھا حکومت چاہتی ہے کہ میر رضا کی فیملی کو انصاف ملے، معاملے کی تحقیقات کے لیے نئی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے اور متضاد رپورٹس کےمعاملےکافیصلہ کمیشن یا عدالت پر چھوڑیں گے۔

    واضح رہے کہ میر رضا 28 جولائی کو فیروز آباد سے لاپتہ ہوئے تھے اور ان کی لاش انتیس جولائی کو گلستانِ جوہر سے ملی تھی پولیس نے شروع میں اسے خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی، لیکن مقتول کے والد میر حسین اور ان کے وکیل جبران ناصر نے موجودہ تفتیشی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے قتل قرار دیا۔

    عدالت کے حکم پر قبر کشائی کے بعد جب آٹھ رکنی میڈیکل بورڈ نے دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی، تو اس میں تصدیق ہوئی کہ میر رضا کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات تھے، ان کی پسلیاں، دانت اور کھوپڑی ٹوٹی ہوئی تھی اور گولی پیچھے کی جانب سے لگی تھی۔ اس رپورٹ کے بعد پولیس نے مقدمے میں اغوا کی دفعہ کے ساتھ قتل کی دفعہ 302 بھی شامل کر لی ہے۔

    تفتیشی ٹیم اب میر رضا کے موبائل فون کا ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے، جس کے مطابق انہوں نے موت سے قبل علی اور اپنے دوست عبداللہ سے فون پر بات کی تھی اور ان کے فون پر آخری آٹھ پیغامات بھی موصول ہوئے تھے جن کا جواب نہیں دیا گیا تھا۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، اہم سرغنہ سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، اہم سرغنہ سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی ایک بڑی کارروائی میں اہم سرغنہ سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی جانب سے آپریشن ردالفتنۃ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کیخلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں جاری ہیں،تازہ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف پنجگور کے علاقے سرکینی، چھیدگی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، جس میں اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت5 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پنجگور کےعلاقے سرکینی ،چھیدگی میں دہشت گردوں کی موجود گی کی خفیہ اطلاعات پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغواء اور دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث تھے ، علاقےمیں فتنۃ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔

    سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔