Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • داعش کا دہشت گرد شریف اللہ امریکی عدالت پیش

    داعش کا دہشت گرد شریف اللہ امریکی عدالت پیش

    پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سے گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیے گئے داعش کے دہشت گرد شریف اللہ کو ورجینیا کی عدالت میں ابتدائی سماعت کے لیے پیش کردیا گیا۔

    محمد شریف اللہ کو ورجینیا کی وفاقی عدالت میں جج ولیم پورٹر کے سامنے 5 مارچ کی دوپہر پیش کیا گیا اور اسے نیلے رنگ کا جیل میں پہننے والا لباس پہنایا گیا تھا۔امریکی حکام کا کہنا تھاکہ شریف اللہ ان 2 ملزمان میں سے ایک ہے جو کابل حملے میں ملوث ہیں،10 منٹ تک جاری ابتدائی سماعت کے موقع پر شریف اللہ کو بتایا گیا کہ الزامات ثابت ہوئے تو اسے عمر قید کا سامنا ہوگا، افغان شہری شریف اللہ نے جج سے بات کیلئے دری زبان کے مترجم کی خدمات لیں، اس موقع پر اٹارنی نے بتایا کہ ملزم کے پاس اثاثے نہیں اس لیے فیڈرل پبلک ڈیفنڈر درکار ہے،شریف اللہ نے کابل حملے کے حملہ آورکے فرار میں مدد اور مارچ 2024 میں ماسکو کے سٹی ہال میں حملے میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    اس سے پہلے امریکی محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ شریف اللہ نے 2 مارچ کو ایف بی آئی ایجنٹس کے سامنے تسلیم کیا ہےکہ وہ سن 2000 میں داعش میں بھرتی ہوا تھا، افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے وقت کی گئی دہشت گردی سے متعلق شریف اللہ نے بتایا کہ اس نے ایک حملہ آور کو کابل ائیرپورٹ کا راستہ دکھایا تھا۔

    26 اگست سن 2021 کو اس حملےمیں 13 امریکی اہلکار اور 170 افغان مارے گئے تھے، شام ساڑھے 5 بجے خود کش حملہ کرنے والے شخص کی شناخت عبدالرحمان ال لوگری کے نام سے کی گئی تھی۔

    شریف اللہ نے بتایا کہ اس نے قانون نافذ کرنے والوں، امریکیوں یا طالبان کی چیک پوائنٹس پر ممکنہ موجودگی کو خود جانچا تھا اور بعد میں داعش کے دیگر دہشت گردوں کو بتایا تھا کہ راستہ صاف ہے اور یہ کہ خود کش بمبار کو پہچانا نہیں جا سکے گا۔شریف اللہ نے کابل ائیرپورٹ پر حملہ کرنے والے خودکش بمبار ال لوگری کی بطور داعش کے رکن کی حیثیت سے شناخت بھی کی ہے جب کہ اس نے داعش کیلئے کئی دیگر حملوں کی خاطر اپنی سرگرمیوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    20 جون سن 2016 کو داعش کے خود کش بمبار نے کابل میں کینیڈین سفارتخانے کے باہر حملہ کیا تھا جس میں سفارتخانے کے 10 سے زائد محافظ اور کئی شہری ہلاک اور اہلکاروں سمیت کئی شہری زخمی ہوئے تھے۔شریف اللہ نے اس حملے کیلئے علاقے کا جائزہ لینے اور دہشت گرد کو وہاں پہنچانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔22 مارچ سن 2024 کو داعش نے ماسکو کے قریب کراکس سٹی ہال پرحملہ کیا تھا جس میں 123 شہری مارے گئے تھے، روسی حکام نےحملے میں ملوث 4 مسلح افراد کو گرفتار کیا تھا۔شریف اللہ نے دوران تفتیش ایف بی آئی کو بتایا ہےکہ اس نے حملہ کرنے والوں سے معلومات کا تبادلہ کیا تھا کہ کس طرح کلاشنکوف طرز کی بندوق اور دیگر اسلحہ چلایا جاتا ہے، شریف اللہ نے تسلیم کیا ہے کہ گرفتار 4 میں سے 2 افراد کو اسی نے ہدایات دی تھیں۔شریف اللہ نے ایف بی آئی ایجنٹس کو بتایا کہ وہ ن 2019 سے افغانستان کی جیل میں تھا،کابل حملے سے 2 ہفتے پہلے رہا ہوا تو اسے داعش نے موٹرسائیکل دی، ٹیلی فون خریدنے کیلئے رقم دی اور خبردار کیا کہ حملوں کے موقع پر داعش کے دیگر افراد سے رابطوں کیلئے صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کیا جائے۔

    ورجینیا کے مشرقی ڈسٹرکٹ کیلئے امریکی اٹارنی ایریک سیبرٹ نے کہا کہ شریف اللہ کے خلاف جن الزامات کا اعلان کیا گیا ہے وہ اس بات کا پیغام ہیں کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے سے امریکا کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔تاہم امریکی محکمہ انصاف نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہےکہ جرم ثابت ہونے تک یہ تمام باتیں محض الزامات ہیں، قصور وارٹھہرائے جانے تک تمام افراد کو بے قصور تصور کیا جاتا ہے۔

    داعش سے تعلق کے الزام میں گرفتار شریف اللہ کو اب پیر کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے سی آئی اے کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے کمانڈر کو گرفتار کیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے کابل ائیرپورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ افغان شہری داعش کمانڈر شریف اللہ کو پاک افغان سرحد سے گرفتار کیا۔

  • سابق نیول چیف ایڈمرل (ر) افتخار احمد سروہی چل بسے

    سابق نیول چیف ایڈمرل (ر) افتخار احمد سروہی چل بسے

    سابق نیول چیف اور سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ایڈمرل (ر) افتخار احمد سروہی کا انتقال اسلام آباد میں ہوگیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل (ر) افتخار احمد سروہی کی وفات کی خبر نے پورے ملک میں غم کی لہر دوڑا دی۔

    چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ایڈمرل (ر) افتخار سروہی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی پاک بحریہ کے لیے بے شمار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ایڈمرل (ر) افتخار سروہی کی قیادت اور محنت نے پاک بحریہ کو بہت مضبوط اور بہتر بنایا۔

    افتخار احمد سروہی کا تعلق ایک طویل اور کامیاب عسکری کیریئر سے تھا۔ انہوں نے 1955 میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی اور اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری سے شعبہ دفاع میں اپنا نام پیدا کیا۔ ایڈمرل (ر) افتخار سروہی نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بھرپور حصہ لیا اور اپنے اعلیٰ جنگی حکمت عملی اور قیادت کے ذریعے پاک بحریہ کو اہم کامیابیاں دلائیں۔ایڈمرل (ر) افتخار سروہی 1986 تا 1988 تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے اور اس دوران ان کی قیادت میں پاک بحریہ نے نئے اعزازات اور کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی محنت اور ویژن کے باعث بحریہ نے جدید ٹیکنالوجی اور جدید جنگی حکمت عملیوں میں اہم پیشرفت کی۔بعد ازاں ایڈمرل (ر) افتخار سروہی نے 1988 تا 1991 تک چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور اپنے قومی دفاع کے شعبے میں اہم فیصلہ سازی کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان کے دفاعی امور کو نئی سمت ملی اور فوجی تعاون میں مزید بہتری آئی۔ایڈمرل (ر) افتخار احمد سروہی کی وفات ایک ایسا خلاء چھوڑ گئی ہے جو کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی قربانیاں ملکی دفاع کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی

  • ملالہ یوسفزئی کا شانگلہ کا ایک روزہ دورہ،آبائی گھر آمد

    ملالہ یوسفزئی کا شانگلہ کا ایک روزہ دورہ،آبائی گھر آمد

    پاکستان کی معروف نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی ایک روزہ دورے پر اپنے آبائی علاقے شانگلہ پہنچیں، جہاں انہوں نے اپنے پرانے گھر کا دورہ کیا اور اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ اس دوران ملالہ یوسفزئی کے ساتھ ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی اور والدہ بھی موجود تھیں۔

    ملالہ یوسفزئی کی شانگلہ کے گاؤں شاہ پور آمد پر خاندان کے افراد اور مقامی اسکول کے بچوں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ان کے دورے کا مقصد نہ صرف اپنے گھر والوں سے ملنا تھا بلکہ اپنے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ بھی لینا تھا۔ڈی آئی جی مالاکنڈ ڈویژن شیر اکبر خان کے مطابق، ملالہ یوسفزئی نے اپنے دورے کے دوران "ملالہ یوسفزئی اسکول” کا بھی دورہ کیا، جو یتیم اور غریب بچیوں کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔ ملالہ نے وہاں کی طالبات سے ملاقات کی اور ان کی تعلیم اور مستقبل کے حوالے سے حوصلہ افزائی کی۔ملالہ یوسفزئی نے شاہ پور گرلز ہائی اسکول میں ہونے والی ایک تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر بات کی اور اپنے تجربات شیئر کیے۔

    اس دورے کے بعد، ملالہ یوسفزئی شانگلہ سے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئیں۔ ان کا یہ دورہ ایک بڑی اہمیت کا حامل تھا، کیونکہ اس سے ان کے علاقے میں تعلیم کے فروغ اور غریب بچیوں کی بہتر تعلیم کے لیے ان کی کاوشوں کا تسلسل ملتا ہے۔

  • گوگل میپ کا دھوکہ،ایک اور جان چلی گئی

    گوگل میپ کا دھوکہ،ایک اور جان چلی گئی

    آج کل جب بھی کوئی شخص کسی مقام پر سفر کرتا ہے، امتحان دینے جاتا ہے، یا کسی تقریب میں شرکت کے لیے نکلتا ہے، وہ راستہ معلوم کرنے کے لیے گوگل میپ کا سہارا لیتا ہے۔ چاہے وہ کار ہو، موٹر سائیکل ہو یا کوئی اور گاڑی، نیویگیشن کا استعمال عام ہو چکا ہے۔ لیکن گزشتہ چند مہینوں میں گوگل میپ کی غلطی کی وجہ سے متعدد جان لیوا حادثات پیش آ چکے ہیں، اور ان حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

    تازہ ترین واقعہ گریٹر نوئیڈا میں پیش آیا، جہاں ایک اسٹیشن ماسٹر گوگل میپ کی غلط رہنمائی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گئے۔ ان کی گاڑی ایک پُل سے 30 فٹ نیچے سیور میں جا گری۔ اس حادثے کی اطلاع فوری طور پر مقامی لوگوں نے پولیس کو دی، اور زخمی اسٹیشن ماسٹر کو اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولنس بلائی گئی، لیکن بدقسمتی سے اسپتال پہنچتے پہنچتے ان کی موت ہو گئی۔

    یہ پہلی بار نہیں ہے کہ گوگل میپ کی غلطی کی وجہ سے کسی کی جان گئی ہو۔ گزشتہ تین سے چار مہینوں میں ایسے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ چند ماہ قبل بریلی میں ایک نصف تعمیر شدہ پُل سے گر کر تین افراد کی موت ہوئی تھی، اور اسی طرح بجنور میں بھی ایک نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا کیونکہ اس نے آنکھیں بند کر کے گوگل میپ پر بھروسہ کیا تھا۔گزشتہ چند ماہ میں اس نوعیت کے حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بھی کافی زیادہ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ حادثے کا شکار ہونے والے اسٹیشن ماسٹر کی شناخت دہلی کے منڈاولی کے رہائشی بھرت بھارتی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ 2 دیگر افراد کے ساتھ ایک شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، اور یہ حادثہ یکم مارچ کو گریٹر نوئیڈا کے سیکٹر پی 4 میں پیش آیا۔

    بھرت بھارتی کے بھائی دلیپ بھارتی نے بتایا کہ "بھرت راستہ بھٹک گئے تھے اور انھوں نے مجھے راستہ پوچھنے کے لیے فون کیا تھا۔ میں نے انھیں صحیح راستہ بتایا تھا، جسے انہوں نے گوگل میپ پر ڈالا، لیکن گریٹر نوئیڈا کے سیکٹر پی 4 کے قریب نیویگیشن نے صحیح طریقے سے کام نہیں کیا۔ گوگل میپ نے گاڑی کے ڈرائیور کو الرٹ نہیں کیا، اور نتیجتاً ان کی گاڑی 30 فٹ گہرے سیور میں جا گری۔”مقامی لوگوں نے بتایا کہ جہاں یہ حادثہ ہوا ہے، اس جگہ پر گوگل میپ کی وجہ سے پہلے بھی کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ اس حادثے کے بعد پولیس نے اس مقام پر بیریکیڈنگ کر دی ہے تاکہ مستقبل میں مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

    یہ واقعہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ گوگل میپ اور دیگر نیویگیشن سروسز پر مکمل بھروسہ کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اور ان کی رہنمائی کے نتیجے میں ہونے والے حادثات پر حکومت اور متعلقہ اداروں کو سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے

  • سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،پشین میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،پشین میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    پشین: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے توبہ کاکڑی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ کارروائی کے دوران چار خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    لیویز حکام کے مطابق، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحے میں راکٹ لانچر، اینٹی ٹینک مائنز، خودکش جیکٹس میں استعمال ہونے والے آلات، مختلف اقسام کا بارود اور دیگر بارودی مواد شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے ایک خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث رہے ہیں۔سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ایک ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا بلکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کی کوششوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اس کامیاب آپریشن پر عوامی حلقوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی بھرپور تعریف کی جارہی ہے۔

    دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جاسکے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔

  • وزیرِ اعظم  سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی   متحدہ عرب امارات کے وفد کی ملاقات

    وزیرِ اعظم سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی متحدہ عرب امارات کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی متحدہ عرب امارات اور الیریا گروپ کے 8 رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل فری زون اتھارٹی (IFZA) اور سرمایہ کاری بورڈ پاکستان کے مابین پاکستان کے موجودہ اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) کا تبادلہ کیا گیا۔ اس معاہدے کے تحت IFZA پاکستان کے مختلف اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرے گی، جس سے ملک میں صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ملاقات میں IFZA کے چیئرمین مارٹن گریگرز پیڈرسن (Martin Gregers Pederson) اور الیریا گروپ کے مینجنگ پارٹنر مانا علی محمد حماد الشمسی سمیت دونوں اداروں کے دیگر عہدیداران شریک تھے۔ اس کے علاوہ، پاکستان کی جانب سے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفد کا پاکستان آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اس قسم کے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہو سکتی ہے۔

  • ٹرمپ انتظامیہ کا یرغمالیوں کی رہائی کے لئے حماس سے براہ راست رابطہ

    ٹرمپ انتظامیہ کا یرغمالیوں کی رہائی کے لئے حماس سے براہ راست رابطہ

    امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق، امریکی حکومت نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے براہ راست رابطہ کیا ہے تاکہ غزہ میں موجود امریکی یرغمالیوں کی رہائی کو ممکن بنایا جا سکے۔ یہ انکشاف ایگزیوس نے ان ذرائع کے حوالے سے کیا ہے جو ان مذاکرات سے متعلق معلومات رکھتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق، امریکی حکومت اور حماس کے درمیان ہونے والی بات چیت یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے ایک وسیع تر معاہدے کے حوالے سے تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ مذاکرات امریکی صدر کے خصوصی ایلچی ایڈم بوہلر کی قیادت میں گزشتہ ہفتوں کے دوران قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے۔یہ رابطہ غیرمعمولی نوعیت کا ہے کیونکہ امریکا نے اس سے قبل کبھی بھی حماس سے براہ راست بات چیت نہیں کی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکا نے 1997 میں حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ تاہم، ٹرمپ انتظامیہ نے اس معاملے پر اسرائیل سے مشاورت کی تھی، لیکن مذاکرات کی تفصیلات اسرائیل کو دیگر ذرائع سے معلوم ہوئیں۔امریکی میڈیا کے مطابق، ان مذاکرات میں بنیادی طور پر ان امریکی شہریوں کی رہائی پر بات چیت ہوئی جو حماس کے قبضے میں ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ، تمام یرغمالیوں کی رہائی اور طویل المدتی جنگ بندی کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، تاہم کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہو سکا۔ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ پالیسی موجودہ صدر جو بائیڈن کی پالیسی سے بالکل مختلف تھی۔ ٹرمپ نے ماضی میں کئی بار حماس کے خلاف سخت اقدامات کی دھمکیاں دی تھیں اور یہاں تک کہ غزہ کو امریکی کنٹرول میں لینے کی تجویز بھی دے چکے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق، حماس کے قبضے میں اب بھی 59 یرغمالی موجود ہیں، جن میں سے 35 کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 22 کے زندہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یرغمالیوں میں 5 امریکی شہری بھی شامل ہیں۔دوسری جانب، غزہ میں جنگ بندی کا 42 روزہ پہلا مرحلہ گزشتہ ہفتے ختم ہو چکا ہے اور دونوں فریقین اس میں توسیع پر متفق نہیں ہو سکے۔ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں داخل ہونے والی تمام انسانی امداد روک دی ہے، جس سے وہاں قحط کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

  • عمران خان کی رہائی کے لئے پس پردہ پی ٹی آئی کی بات چیت جاری

    عمران خان کی رہائی کے لئے پس پردہ پی ٹی آئی کی بات چیت جاری

    تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے اسٹیبلشمنٹ سے پس پردہ رابطے قائم کر رکھے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے نجی ٹی وی جیونیوز کو بتایا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے خفیہ مذاکرات جاری ہیں۔ پارٹی قیادت اس بات پر متفق ہے کہ عمران خان کی رہائی اسٹیبلشمنٹ کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں۔ تاہم، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور اس حوالے سے پرامید ہیں اور مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق، براہ راست ملاقاتیں نہیں ہو رہیں، لیکن پی ٹی آئی کی قیادت اسٹیبلشمنٹ سے گفت و شنید میں مصروف ہے۔ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں، تو عمران خان کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہر سطح پر عمران خان کی رہائی کے لیے کام کر رہی ہے اور انہیں اس ضمن میں مثبت پیش رفت کی امید ہے۔

    چند روز قبل، بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات بھی کی تھی۔ آرمی چیف نے اپنے دورہ پشاور کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں صوبے میں امن و امان اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق، اس ملاقات میں سکیورٹی امور پر گفتگو ہوئی تھی۔عمران خان کی رہائی کے لیے علی امین گنڈاپور اپنے سیاسی تعلقات استعمال کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں سرگرم عمل ہیں۔ تاہم، اسٹیبلشمنٹ کا مؤقف یہ ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے مسائل خود حل کرنے چاہئیں۔ اس صورتحال میں پی ٹی آئی کی قیادت کی کوششیں کیا رنگ لائیں گی، یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

  • چیمپئنز ٹرافی ،جنوبی افریقا کو سیمی فائنل میں شکست،نیوزی لینڈ فائنل کھیلے گی

    چیمپئنز ٹرافی ،جنوبی افریقا کو سیمی فائنل میں شکست،نیوزی لینڈ فائنل کھیلے گی

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کی ٹیم خود پر سے ‘چوکرز’ کا ٹیگ ہٹانے میں ناکام رہی اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 50 رنز سے شکست کھا گئی۔ یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے۔ راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے شاندار سنچریاں اسکور کیں اور دوسری وکٹ کے لیے 164 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔راچن رویندرا نے 108 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے، جبکہ کین ولیمسن نے 102 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ ڈیرل مچل نے 49 اور گلین فلپس نے بھی 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    363 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بناسکی۔ ڈیوڈ ملر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 67 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ملر کے علاوہ وین ڈر ڈوسین نے 69 اور کپتان ٹیمبا باؤما نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہینرچ کلاسن 3 اور ایڈن مارکرم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3، گلین فلپس نے 2 اور میٹ ہنری نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    واضح رہے کہ بھارت نے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ بروز اتوار کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا

  • بلال بن ثاقب وزیرِ خزانہ کا چیف ایڈوائزر برائے پاکستان کرپٹو کونسل مقرر

    بلال بن ثاقب وزیرِ خزانہ کا چیف ایڈوائزر برائے پاکستان کرپٹو کونسل مقرر

    پاکستان کرپٹو کونسل کیلئے بلال بن ثاقب ایم بی ای کو وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا

    پاکستان کی حکومت نے بلال بن ثاقب ایم بی ای کو پاکستان کرپٹو کونسل کے لیے وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس عہدے پر بلال بن ثاقب کی تعیناتی ایک اہم قدم ہے جس کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔

    بلال بن ثاقب کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کی راہ ہموار کرنا اور ایک محفوظ و شفاف مالیاتی نظام کی بنیاد رکھنا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اس تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں بلال بن ثاقب کو اپنے جدید خیالات اور مہارت سے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی توقعات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    بلال بن ثاقب کا شمار عالمی سطح پر معروف ویب تھری انویسٹر، اسٹریٹجک ایڈوائزر اور بلاک چین اسپیس کے کلا لیڈر کے طور پر کیا جاتا ہے۔ اس کا اعتراف معروف جریدے فوربس نے بھی کیا تھا، جس میں بلال بن ثاقب کی بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کی دنیا میں بے شمار خدمات کا ذکر کیا گیا۔

    بلال بن ثاقب کی شاندار خدمات کا اعتراف نہ صرف عالمی سطح پر کیا گیا ہے بلکہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس، آنجہانی ملکہ برطانیہ اور مئیر لندن صادق خان بھی ان کی خدمات کے معترف ہیں۔ ان کی ملک میں مثبت تبدیلی لانے کی کوششوں کو سراہا گیا ہے، اور اس پر انہیں وزیراعظم برطانیہ کی جانب سے 163rd "پوائنٹس آف لائٹس” سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کووڈ وبا کے دوران نیشنل ہیلتھ سروس کے تحت ہزاروں مفت کھانے تقسیم کرنے پر بلال بن ثاقب کو ایم بی ای (Member of the British Empire) کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا۔

    اب بلال بن ثاقب وزارت خزانہ کو کارکردگی میں بہتری لانے، فیصلہ سازی کے عمل کو مستحکم کرنے اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کے حوالے سے مشورے فراہم کریں گے۔

    اس حوالے سے بلال بن ثاقب نے اپنی گفتگو میں کہا کہ "درست حکمت عملی اور ریگولیٹری فریم ورک کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے پاکستان میں بے شمار مواقع ہیں، اور یہ نوجوان ہی ہیں جو ڈیجیٹل مستقبل کے محرک بنیں گے۔”بلال بن ثاقب کی تعیناتی پاکستان میں ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نیا باب کھولنے کی غمازی کرتی ہے، اور ان کی قیادت میں ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی امید کی جا رہی ہے۔