Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • گلف الائنس گروپ کاکروڑوں روپے کا فراڈ ،دھمکیاں

    گلف الائنس گروپ کاکروڑوں روپے کا فراڈ ،دھمکیاں

    گلف الائنس گروپ کا زمین کے نام پر دھوکہ، خاتون کو نہ زمین دی، نہ کرایہ، اپنا ہی حق مانگنےپر دھمکیاں دینے لگے، خاتون نے اعلیٰ حکام سے مدد کی اپیل کر دی

    پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون نورین سیال نے اسلام آباد میں مقدمہ درج کروایا ہے، درج مقدمے کے مطابق وہ اسلام آباد کے علاقے 8-F کی رہائشی ہیں، ان کے شوہر کی اپنی وراثتی جائیداد جو کہ فیصل آباد میڈیکل کالج کے قریب واقع تھی، نورین سیال کے مطابق، اس جائیداد کی فروخت کے دوران ایک گروہ نے ان کے شوہر کو دھوکہ دیتے ہوئے اسے جھانسہ دیا۔ ان افراد میں ولی اللہ (ڈائریکٹر گلف بائیٹس، بحریہ انکلیو اسلام آباد)، عرفان عالم (ساکن مشتاق مینشن بلیو ایریا اسلام آباد)، ماجد سلیم اور وحید شامل ہیں، جنہوں نے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے سائلہ کے شوہر سے فیصل آباد میں واقع کروڑوں روپے کی مالیت کی جائیداد اپنے نام کرالی۔ اس کے بدلے میں انہوں نے سائلہ کو پانچ دوکانیں بحریہ انکلیو اسلام آباد میں رجسٹری کروا کر دینے کا وعدہ کیا۔جب ان دوکانوں کی رجسٹری سائلہ کے نام نہیں کروائی گئی تو اس نے تھانہ بنی گالہ میں مقدمہ درج کروایا۔ تاہم، ملزمان نے اس سے وعدہ کیا کہ جب وہ مقدمہ واپس لے لے گی تو اس کے نام دوکانوں کی رجسٹری کروائی جائے گی۔ سائلہ نے مقدمہ واپس لیا لیکن اگلے دن ہی ملزمان نے رجسٹری کرانے سے انکار کردیا اور اسے دھمکیاں دیں کہ وہ جان سے مار ڈالیں گے اگر اس نے ان دوکانوں کا مطالبہ کیا۔

    اس کے بعد، سائلہ نے دوکانوں پر جانے کی کوشش کی تو ملزمان کے ایک ملازم نے اسے دھمکیاں دیں اور کہا کہ وہ اس کا پیچھا کریں گے۔ ملزمان نے نہ صرف سائلہ کو دھوکہ دیا بلکہ اس کی قیمتی جائیداد اور رقم بھی ہتھیائی اور اب تک واجب الادا کرایہ جو کہ ایک کروڑ تیس لاکھ روپے بنتا ہے، بھی نہ دیا گیا۔نورین سیال نے مزید یہ الزام لگایا کہ ملزمان نے ایک تحریری معاہدہ کیا تھا کہ پلاٹ کے بدلے دوکانیں رجسٹری کرائی جائیں گی لیکن انہوں نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ سائلہ نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان اسے اور اس کے خاندان کو اغوا کرنے اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔نورین سیال نے پولیس سے درخواست کی کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ ان کے پاس اس الزام کی حمایت میں تمام ضروری دستاویزات موجود ہیں۔پولیس تھانہ بنی گالہ نے مقدمہ درج کر لیا ہے.

    noreen sial

  • مسلم گرلز لیگ پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں مفت سلائی سینٹر کا افتتاح

    مسلم گرلز لیگ پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں مفت سلائی سینٹر کا افتتاح

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے گرلز ونگ مسلم گرلز لیگ لاہور کے زیر اہتمام منڈیانوالہ، لاہور میں خواتین کو ہنر سکھانے اور خود کفیل بنانے کے لیے مفت سلائی سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔ اس بامقصد منصوبے کا افتتاح جنرل سیکرٹری مسلم ویمن لیگ پاکستان عفت سعید کی قیادت میں کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عفت سعید نے کہا کہ ہنر مند خواتین ایک مستحکم اور خود مختار معاشرے کی بنیاد رکھتی ہیں، مسلم گرلز لیگ کا مقصد خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط کرنا ہے تاکہ وہ اپنے خاندان اور معاشرے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ مسلم گرلز لیگ لاہور کی نمائندہ خواتین نے تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کو ہنر سکھانے کے اس مشن کو مزید آگے بڑھائیں گی۔ یہ مفت سلائی سینٹر خواتین کو سلائی اور کڑھائی سیکھنے کے مواقع فراہم کرے گا تاکہ وہ اپنے ہاتھ کی محنت سے باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ مسلم گرلز لیگ ہر طبقے اور علاقے کی خواتین کی ترقی و فلاح کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر ایسے خدمت خلق کے کام میں بھرپور طریقے سے آگے بڑھتی رہے گی۔

    دوسری جانب رابطہ علماء و مشائخ پاکستان کے چیئرمین،مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہو گئے۔ علماء و مشائخ کی جانب سے قاری محمد یعقوب شیخ کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔رابطہ علماء و مشائخ پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس مبارک سفر کو خیر و برکت کے ساتھ مکمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کی دعائیں امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ رحمت بنائے۔ قاری محمد یعقوب شیخ کے عمرہ پر روانگی کے موقع پر مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور مشائخ عظام نے ان کے اس نیک سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات پر امتِ مسلمہ، پاکستان اور عالم اسلام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

  • ضمانت کے بعد آفاق احمد ایک اور مقدمے میں گرفتار

    ضمانت کے بعد آفاق احمد ایک اور مقدمے میں گرفتار

    کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ٹرک جلانے کے دو مقدمات میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے انہیں ہر مقدمے کے لئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    گزشتہ دنوں کراچی کے علاقوں لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے دو مقدمات کی سماعت کی گئی۔ سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں دو مقدمات درج ہیں اور وہ ان دونوں مقدمات میں گرفتار ہیں۔سماعت کے بعد عدالت نے آفاق احمد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دونوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

    آفاق احمد کے وکیل نے بتایا کہ ضمانت کی منظوری کے بعد پولیس نے آفاق احمد کو سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔ اس مقدمے میں آفاق احمد پر ڈمپر نذر آتش کرنے کا الزام ہے۔یہ مقدمات اس وقت درج ہوئے تھے جب کراچی میں ٹرک اور ڈمپر کے بڑھتے حادثات کے باعث شہر بھر میں ٹرکوں اور ڈمپرز کو نذر آتش کیا گیا تھا۔ آفاق احمد کو اس حوالے سے بیان دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

  • وینا ملک اور چاہت فتح علی خان کی "ویڈیو” آ گئی

    وینا ملک اور چاہت فتح علی خان کی "ویڈیو” آ گئی

    پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان وینا ملک نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان کے ساتھ ڈانس کرتی نظر آ رہی ہیں۔ وینا ملک کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور صارفین کی مختلف آراء کا مرکز بن چکی ہے۔

    وینا ملک جو کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں، اپنے مداحوں کے ساتھ مختلف ویڈیوز شیئر کر رہی ہیں۔ ان کی نئی پوسٹس میں ایک طرف ان کی سالگرہ کی خوشیوں کے لمحات اور ویلنٹائن ڈے کی تقریبات شامل ہیں، تو دوسری طرف وہ گانا ریکارڈ کروانے کے بارے میں بھی نئی ویڈیوز اپنے فینز کے ساتھ شیئر کر رہی ہیں۔ویڈیو میں وینا ملک نے سیاہ رنگ کی خوبصورت ساڑھی پہنی ہوئی ہے، جس میں وہ انتہائی حسین نظر آ رہی ہیں۔ اس ویڈیو میں ان کے ساتھ ان کے دوست، جن کے بارے میں سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں اور چہ مگوئیاں بھی زیرِ گردش ہیں، نظر آ رہے ہیں۔ ان دوستوں میں ایک اہم شخصیت چاہت فتح علی خان بھی شامل ہیں، جو کہ ایک مزاحیہ گلوکار کے طور پر معروف ہیں۔

    ویڈیو میں اداکارہ وینا ملک اور چاہت فتح علی خان کے ساتھ دیگر دوست بھی موجود ہیں اور سب ایک ساتھ محفل میں ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔ تاہم، اس ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں مداحوں کی مختلف آراء آ رہی ہیں۔ بہت سے صارفین وینا ملک کے اس طرز عمل پر حیران ہیں اور بعض نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کچھ صارفین کا خیال ہے کہ وینا ملک پاکستان کی معروف اداکارہ ہونے کے باوجود اس طرح کے انداز میں خود کو نمایاں کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور انہیں اس عمل میں پاکستان کی راکھی ساونت بننے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چاہت فتح علی خان وینا ملک کو نازیبا طور پر چھونے کی بھی کوشش کرتے ہیں جس پر وینا ملک تھوڑا پیچھے ہٹ جاتی ہیں تا ہم انہوں نے کسی کو محسوس نہیں ہونے دیا.چاہت فتح علی خان نے اس سے قبل متھیرا کو بھی نازیبا طریقے سے چھوا تھا جس پر چاہت پر شدید تنقید کی گئی تھی

  • سلسلہ عظیمیہ کے مرشد، خواجہ شمس الدین عظیمی وفات پا گئے

    سلسلہ عظیمیہ کے مرشد، خواجہ شمس الدین عظیمی وفات پا گئے

    کراچی: سلسلہ عظیمیہ کے مرشد، خواجہ شمس الدین عظیمی، 98 برس کی عمر میں وفات پا گئے

    مراقبہ ہال کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں خواجہ شمس الدین عظیمی کی وفات کی تصدیق کی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق خواجہ شمس الدین عظیمی 17 اکتوبر 1927 کو ہندوستان کے شہر سہارنپور میں پیدا ہوئے تھے۔خاندانی ذرائع کے مطابق خواجہ شمس الدین عظیمی گزشتہ کچھ دنوں سے فالج اور ہارٹ اٹیک کے باعث زیر علاج تھے اور 10 روز تک مختلف اسپتالوں میں علاج کراتے رہے۔ ان کی طبیعت میں بہتری نہ آنے پر وہ انتقال کر گئے۔

    انتظامیہ سلسلہ عظیمی کی جانب سے بتایا گیا کہ خواجہ شمس الدین عظیمی کی نماز جنازہ اور تدفین کے بارے میں اعلان آج رات تک کیا جائے گا۔ سلسلہ عظیمیہ کے پیروکار اور متبعین ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • مرکزی مسلم لیگ ماہ رمضان میں ملک بھر میں سحر و افطار دسترخوان لگائے گی.سیف اللہ خالد

    مرکزی مسلم لیگ ماہ رمضان میں ملک بھر میں سحر و افطار دسترخوان لگائے گی.سیف اللہ خالد

    مرکزی مسلم لیگ کے قائدین نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام،معاشی استحکام کیلئے بیرونی مداخلت ختم کرنا ضروری ہے۔ حکمران ملکی سلامتی و استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں.مرکزی مسلم لیگ ماہ رمضان میں ملک بھر میں سحر و افطار دسترخوان لگائے گی. مرکزی مسلم لیگ کے منشور خدمت کی سیاست کا عملی نمونہ ماہ رمضان میں قوم دیکھے گی.

    ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد،نائب صدر حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالرؤف نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا. سیف اللہ خالد کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں کے سبب پاکستان مشکلات سے دوچار ہے۔ایک طرف مہنگائی، دوسری طرف بدامنی، دہشت گردی ہے. تمام مسائل کا حل
    قوم کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد کرنے میں ہے.مرکزی مسلم لیگ عوام کی بلا امتیاز خدمت کر رہی ہے.رمضان کا مہینہ کامیابیوں و کامرانیوں کا ہے. ماہ رمضان میں ملک بھر میں سحر و افطار دسترخوان لگائے جائیں گے. رمضان کے مہینے میں عوامی خدمت کے ذریعے قوم کو ایک نئی امید اور حوصلہ دیا جائے گا۔ کارکنان خدمت کمیٹیوں کو متحرک کریں اور سحری افطاری کا بندوبست کریں تاکہ کوئی بھی اس ماہ مبارک میں بھوکا نہ رہے.ماہ رمضان نہ صرف عبادت بلکہ یہ خدمت اور انسانیت کی مدد کا بھی ایک سنہری موقع ہے۔

    حافظ طلحہ سعید نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ اگر ہم وطن عزیز کی نظریاتی اساس کو مضبوط کریں گے تو پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو گا .ریاست مدینہ میں عدل کا نظام قائم تھا۔سب کو حقوق دیئے گئے تھے۔اب حکمرانوں کو اللہ نے موقع دیا ہے تو وہ ریاست مدینہ والا نظام پاکستان میں نافذ کریں پاکستان نہ صرف امن کا گہوارہ بنے گا بلکہ معاشی طور پر بھی مستحکم ہو گا.

    مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ عبدالرؤف کا کہنا تھا کہ دین اسلام اجتماعیت کا درس دیتا ہے۔ذاتی زندگی کی فکر کرنے والے ذاتیات تک محدود رہتے ہیں۔ہمیں دوسروں کے لیے قربانی کا جذبہ اپنے دلوں میں پیدا کرنا ہوگا۔ماہ رمضان میں مرکزی مسلم لیگ عوام کی بھر پور خدمت کرے گی. مرکزی مسلم لیگ کا مقصد ہمیشہ عوام کی خدمت کرنا اور ان کی مشکلات کا حل تلاش کرنا ہے تاکہ ملک میں ایک مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔

  • قومی محاذ پر کامیابیوں سے پی ٹی آئی کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ خواجہ آصف

    قومی محاذ پر کامیابیوں سے پی ٹی آئی کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ملک کی استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور ملکی مفادات کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ پریشانی اور بیزاری اس بات کا غماز ہے کہ وہ قومی محاذ پر ہونے والی کامیابیوں سے خوفزدہ ہے۔

    وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت اب اپنے زخم چاٹ رہی ہے، اور تحریک انصاف نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفاد پر ترجیح دی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی یہ خواہش تھی کہ فوج ان کی جماعت کا ذیلی ادارہ بن جائے، جو کہ ایک انتہائی ناپسندیدہ سوچ تھی۔

    خواجہ محمد آصف نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت نے سیاسی انتقام کا بہادری سے مقابلہ کیا، لیکن کبھی بھی ملکی وقار کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی ادارے اور ملکی قیادت ملک کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کام کر رہے ہیں، اور دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

    خواجہ آصف کے ان بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کے منفی پروپیگنڈے اور اس کے غیر ذمے دارانہ رویے کے خلاف ایک مضبوط موقف اپنائے ہوئے ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ہر قیمت پر ملکی وقار، سلامتی اور استحکام کے لئے کام کر رہی ہے۔

  • پی ٹی آئی کے سینیٹرز کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے استعفے کا مطالبہ

    پی ٹی آئی کے سینیٹرز کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے استعفے کا مطالبہ

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز نے اپنے ارکان کی معطلی کے معاملے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی رولنگ کو مسترد کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں اور اپوزیشن سینیٹرز سے معافی مانگیں۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ تین اپوزیشن سینیٹرز نے ایوان میں نامناسب الفاظ استعمال کیے جس سے ایوان کا تقدس پامال ہوا۔ ان کا طرزِ عمل ایوان کے قواعد کے مطابق نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی معطلی اور انخلا کا اختیار ان کے پاس ہے، تاہم انہوں نے اس معاملے کو اپوزیشن لیڈر اور قائد ایوان پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

    پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر ایک موڈریٹر کے بجائے فریق بن گئے ہیں۔ جب تحریک پر گنتی کا نتیجہ حکومت کے خلاف آیا، تو ڈپٹی چیئرمین نے گنتی کے نتائج روک دیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی چیئرمین گنتی کے نتائج کا اعلان کریں اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔اسی دوران وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ جب اپنی تقریر کے لیے آئے تو اپوزیشن ارکان کی نعرے بازی جاری رہی، جس سے ایوان کا ماحول مزید کشیدہ ہوگیا۔

    پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین کی رولنگ کا مقصد ایوان کے وقار کو نقصان پہنچانا ہے، اور اس پر سخت اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

  • پیپلز پارٹی ملازمین کی آواز بن گئی،پر امن احتجاج سرکاری ملازمین کا حق ہے،شیری رحمان

    پیپلز پارٹی ملازمین کی آواز بن گئی،پر امن احتجاج سرکاری ملازمین کا حق ہے،شیری رحمان

    اسلام آباد: نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں کل ریڈزون میں ہونے والے سرکاری ملازمین کے پرامن احتجاج کے دوران پیش آنے والے تشدد کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے پرامن احتجاج کو بلاوجہ پر تشدد بنا دیا۔

    شیری رحمان نے اس موقع پر بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے گورنمنٹ ملازمین کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا، جو کہ بالکل غیر مناسب اور ناقابل قبول عمل ہے۔ انہوں نے سینیٹ ہاؤس سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور اس تشویشناک صورتحال پر حکومت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ "پر امن احتجاج سرکاری ملازمین کا حق ہے” اور تشدد کے بجائے حکومتی اہلکاروں کو مظاہرین سے بات چیت اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اس لیے حکومت کو فوری طور پر اقدام کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔

    شیری رحمان نے کہا کہ "مظاہرین کے ساتھ بات کی جائے، ان کے مسائل اور مطالبات کو سنا جائے تاکہ کسی بھی مزید اشتعال انگیزی سے بچا جا سکے۔” ان کا کہنا تھا کہ ایک پر امن احتجاج کو تشدد کا نشانہ بنانا عوامی اعتماد کو مجروح کرتا ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچے۔انہوں نے سینیٹ میں اس معاملے کو اُٹھایا اور اس پر فوری کارروائی کی اپیل کی تاکہ عوامی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے اور حکومت کی جانب سے عدلیہ اور قانون کے تحت تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔

  • بھارت کو شکست دینے کی کوشش کریں گے۔ حارث رؤف

    بھارت کو شکست دینے کی کوشش کریں گے۔ حارث رؤف

    پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں انہیں کسی قسم کا دباؤ محسوس نہیں ہو رہا ہے۔ حارث رؤف نے کہا کہ وہ اس میچ کو صرف ایک کرکٹ میچ کے طور پر ہی دیکھ رہے ہیں اور اس پر زیادہ دباؤ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

    حارث رؤف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو اس دفعہ بھی ایک عام کرکٹ میچ کی طرح کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کو پہلے بھی دو میچوں میں شکست دی ہے اور اس بار بھی وہ بھارت کو شکست دینے کی کوشش کریں گے۔ حارث نے دبئی کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کھیلنے کا ارادہ ظاہر کیا۔پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ اب گزر چکا ہے اور اب ان کا فوکس بھارت کے خلاف آنے والے میچ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہے کہ گزشتہ میچز میں جو غلطیاں کی گئیں، انہیں دہرا کر آگے نہ بڑھیں، تاکہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی جا سکے اور سیمی فائنل میں پہنچا جا سکے۔

    حارث رؤف کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی 100 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اپنی فٹنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 10 اوورز مکمل کیے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ انجری کسی بھی وقت ہو سکتی ہے، کیونکہ کھیل کے دوران کوئی بھی کھلاڑی چلتے ہوئے بھی زخمی ہو سکتا ہے، اور کچھ چیزیں انسان کے اختیار میں نہیں ہوتیں، اس لیے ان کے بارے میں زیادہ نہ سوچنا بہتر ہے۔پاکستانی فاسٹ بولر نے فخر زمان اور صائم ایوب کے ٹیم میں نہ ہونے پر کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کی کمی سے ٹیم کا کمبینیشن متاثر ہوا ہے، تاہم ان کا ماننا ہے کہ کچھ اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو بہترین پرفارمنس دیں گے۔

    جب حارث رؤف سے پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے دبئی میں ٹکٹس کی آسمان کو چھوتی ڈیمانڈ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں اور انہیں یہ نہیں معلوم کہ ٹکٹس پاس کیا ہوتے ہیں۔حارث رؤف کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرے گی اور کسی قسم کے دباؤ کے بغیر اس میچ کو ایک معمولی کرکٹ میچ سمجھ کر کھیلے گی۔ ان کا یقین ہے کہ ٹیم کی پرفارمنس بہت بہتر ہو گی اور وہ اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے سخت قواعد و ضوابط
    دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے دوران سخت قواعد و ضوابط جاری کیے گئے ہیں تاکہ اس میگا ایونٹ کا کامیاب انعقاد ہو سکے۔ ان ضوابط میں شائقین کی سیکیورٹی اور کھیل کے دوران نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔