Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • مرکزی مسلم لیگ کا ملک گیر انسداد پولیو آگاہی مہم کا آغاز

    مرکزی مسلم لیگ کا ملک گیر انسداد پولیو آگاہی مہم کا آغاز

    مرکزی مسلم لیگ نے انسداد پولیو آگاہی مہم کا آغاز کر دیا.پاکستان بھر میں پولیو سےبچاؤ کی آگاہی مہم چلائی جائے گی.مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمت خلق کے انچارج چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے پشاور سے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا،افتتاحی تقریب میں انسداد پولیو مہم کے ورکرز،مقامی عمائدین نے شرکت کی.انسداد پولیو آگاہی مہم کے تحت سیمینار کے انعقاد کے بعد آگاہی واک بھی کی گئی جس میں‌خواتین پولیو ورکرز بھی شریک ہوئیں.

    انسداد پولیو آگاہی مہم کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم ایک بڑا مشن ہے.پاکستان مرکزی مسلم لیگ انسانیت کی‌ خدمت پر یقین رکھتی ہے. انسداد پولیو کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں. ہماری قوم کو اپاہج، معذو ر ہونے سے بچانے کے لئے پولیوورکرز کا کردار قابل تحسین ہے.دشمن چاہتا ہے کہ پاکستانی قوم کے بچے معذور ہوں لیکن ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے، پولیو کے معاشرے میں خطرناک اثرات ہیں . دنیا کے 160 ممالک میں پولیو وائرس تھا اب صرف دو ممالک میں رہ گیا ہے.مرکزی مسلم لیگ ملک بھر میں انسداد پولیو آگاہی مہم چلائے گی. سیمینارز،انسداد پولیو واک کا انعقاد کیا جائے گا. ہماری مہم کا مقصد لوگوں میں پولیو کے خطرات سے آگاہی پیدا کرنا اور ان کی ذہن سازی کرنا ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے بچا سکیں

    بعد ازاں پشاور صدر میں انسداد پولیو آگاہی مہم کے تحت واک کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی. پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی خواتین کا کہنا تھا کہ حکومت پولیو ورکرز کو سیکورٹی فراہم کرے اور ان کی حفاظت یقینی بنائے.

  • اڈیالہ جیل کے باہر لڑائی، شعیب شاہین، فواد چوہدری لڑ پڑے

    اڈیالہ جیل کے باہر لڑائی، شعیب شاہین، فواد چوہدری لڑ پڑے

    راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے گیٹ پر فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ یہ واقعہ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر پیش آیا، جہاں دونوں رہنما ایک دوسرے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لڑ پڑے۔

    ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو "ٹاؤٹ” کہہ کر تنقید کی، جس پر شعیب شاہین نے جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری سے کہا کہ وہ اپنے کام سے کام رکھیں۔ یہ الفاظ دونوں کے درمیان تلخ کلامی کا سبب بنے، جس کے بعد فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مارا۔ اس دھکے کے نتیجے میں شعیب شاہین زمین پر گر گئے، اور ان کے بازو پر چوٹ آئی۔اس تنازعے کے بعد فواد چوہدری جیل کے اندر داخل ہو گئے، جب کہ شعیب شاہین کو اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے اندر بلالیا۔

  • نوابشاہ اور خیر پور میں زائرین کی بسوں کے حادثات، 16 افراد جاں بحق

    نوابشاہ اور خیر پور میں زائرین کی بسوں کے حادثات، 16 افراد جاں بحق

    نوابشاہ اور خیر پور میں زائرین کی دو بسوں کو پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ دونوں حادثات شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے سفر کرنے والے زائرین کے ساتھ پیش آئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق نوابشاہ کے آمری روڈ پر فتوحل زرداری گاؤں کے قریب ایک وین اور ٹریلر کے درمیان تصادم ہوا۔ اس حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ زائرین شہباز قلندر کے عرس کے لیے سہیون جا رہے تھے۔

    اسی دوران، خیر پور کے علاقے رانی پور میں قومی شاہراہ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک کوچ جو زائرین کو لے کر جا رہی تھی، الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں سے 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ کوچ پنجاب سے سہیون جا رہی تھی۔

    ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر دونوں حادثات کی جگہوں پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے اور ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ دونوں حادثات کے بعد پولیس اور مقامی انتظامیہ نے مزید احتیاطی تدابیر کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے تاکہ اس قسم کے حادثات کو روکا جا سکے۔مقامی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بسوں کی حالت و رفتار کا خاص خیال رکھیں تاکہ ایسے دلخراش حادثات سے بچا جا سکے۔

  • چیف جسٹس پاکستان  کااہلیہ کے ہمراہ ایس او ایس ولیج پشاور کا دورہ

    چیف جسٹس پاکستان کااہلیہ کے ہمراہ ایس او ایس ولیج پشاور کا دورہ

    چیف جسٹس پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایس او ایس ولیج پشاور کا دورہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق، چیف جسٹس کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔

    ایس او ایس ولیج پشاور میں اس وقت 121 بچے رہائش پذیر ہیں جو کہ ادارے کی دیکھ بھال میں ہیں۔ یہ ادارہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم اور تربیت فراہم کرتا ہے۔دورے کے دوران، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور ان کی اہلیہ نے بچوں کے ساتھ کھانا کھایا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بچوں سے بات کرتے ہوئے ان کی محنت اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بچوں کو تعلیم میں محنت کرنے کی تلقین کی اور انہیں کامیابی کی راہوں پر گامزن رہنے کی دعا دی۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایس او ایس ولیج کی ڈائریکٹر محترمہ کوکب بتول قریشی کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے ادارے کی جانب سے کی جانے والی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عدلیہ اس ادارے اور یہاں رہائش پذیر بچوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایسے ادارے معاشرتی ذمہ داریوں کا بھرپور احاطہ کرتے ہیں اور انہیں حکومتی سطح پر ہر ممکن حمایت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ یہ ادارے اپنے مشن میں کامیاب رہیں۔

    اس موقع پر بچوں نے چیف جسٹس سے اپنی زندگی کی مشکلات اور مستقبل کے حوالے سے بات کی، جس پر چیف جسٹس نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ تعلیم کے ذریعے وہ اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

  • پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی بڑھتی وجہ افغان طالبان کی مدد قرار

    پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی بڑھتی وجہ افغان طالبان کی مدد قرار

    اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں جمع کرائی گئی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافے کی وجہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو افغان طالبان کی مسلسل مالی اور لاجسٹک مدد ہے۔

    رپورٹ کے مطابق، 2024 میں ٹی ٹی پی نے پاکستان میں 600 سے زائد حملے کیے ہیں، اور افغان طالبان کی جانب سے ہر ماہ ٹی ٹی پی کو 43 ہزار ڈالر کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کی موجودگی اور طاقت بدستور برقرار ہے۔ افغانستان کے صوبوں کنڑ، ننگرہار، خوست اور پکتیکا میں ٹی ٹی پی کے نئے تربیتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جو اس بات کا غماز ہیں کہ یہ تنظیم افغان سرزمین پر اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    اس کے علاوہ، رپورٹ میں بلوچستان لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ کے داعش اور مشرقی ترکستان اسلامی تحریک (ای ٹی آئی ایم) کے ساتھ گٹھ جوڑ کی بھی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس اتحاد کو افغانستان سے بھرپور مدد مل رہی ہے، جس سے پاکستان کے اندر دہشت گردی کے نئے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

    پاکستان کی حکومت نے بار بار افغان طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں، تاہم اس کے باوجود افغان سرحد سے ٹی ٹی پی کے دہشت گرد مسلسل پاکستان میں حملے کر رہے ہیں۔ پاکستان نے افغان حکومت کو ان حملوں میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں، لیکن اس کے باوجود افغان حکومت کی جانب سے اس معاملے میں کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ پاکستان نے اپنے ہمسایہ ملک پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔

  • سندھی شاعر آکاش انصاری کی آگ سے جھلس کر موت

    سندھی شاعر آکاش انصاری کی آگ سے جھلس کر موت

    سندھ کے معروف شاعر اور ادیب ڈاکٹر آکاش انصاری، جو ادب اور شاعری کی دنیا میں ایک اہم مقام رکھتے تھے، ایک دلخراش حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق، ڈاکٹر آکاش انصاری کا انتقال ایک آگ لگنے کے باعث ہوا، جس سے وہ شدید طور پر جھلس گئے۔ذرائع کے مطابق، یہ حادثہ ان کے گھر میں شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں پیش آیا۔ ڈاکٹر آکاش انصاری کی جلدی طبی امداد کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی اور وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے سندھی ادبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

    صوبائی وزیرِ ثقافت اور سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اس واقعے کی تمام تر تفصیلات کا جائزہ لے کر تحقیق کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر آکاش انصاری کا شاعری اور ادب میں ایک بڑا مقام تھا اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    ڈاکٹر آکاش انصاری نے اپنی شاعری اور ادبی کاموں کے ذریعے سندھی ادب کی خدمت کی، اور وہ ایک اہم شاعر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال سے ادب کی دنیا میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جو ہمیشہ محسوس کیا جائے گا۔اس دلخراش سانحے پر نہ صرف سندھی قوم بلکہ پورے پاکستان میں ادبی شخصیات اور مداحوں میں غم کی فضا چھا گئی ہے۔

  • مفتی قوی نے راکھی ساونت کو رلا دیا

    مفتی قوی نے راکھی ساونت کو رلا دیا

    بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے پاکستانی تجربات کے حوالے سے ایک اہم انکشاف کیا ہے۔ ایک پاکستانی میزبان متھیرا کے ساتھ گفتگو کے دوران، راکھی نے کہا کہ پاکستانی مردوں نے انہیں بہت رلایا ہے۔

    راکھی ساونت نے بتایا کہ پاکستانی اداکار اور پولیس افسر ڈوڈی خان نے پہلے انہیں شادی کے لیے پروپوز کیا، لیکن پھر اپنی بات سے پیچھے ہٹ گئے۔ اداکارہ کے مطابق، ڈوڈی خان نے انہیں وعدہ کیا تھا کہ وہ انگوٹھی اور پھول لے کر ان کے پاس آئے گا، لیکن اب وہ کہہ رہا ہے کہ وہ اپنے کسی بھائی سے ان کی شادی کروائے گا۔راکھی نے مزید کہا کہ مفتی قوی نے بھی انہیں شادی کی پیشکش کی تھی، تاہم کوئی بھی شخص اپنی بات پر قائم نہیں رہا۔ ان سب واقعات کی وجہ سے وہ بے حد افسردہ اور رنجیدہ ہو گئی ہیں۔

    راکھی ساونت نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جب ڈوڈی خان نے ان سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی، تو انہوں نے پاکستانی ہونے کے ناطے اس پر بھروسہ کیا تھا کیونکہ وہ ان کا دوست بھی تھا، لیکن اس کے بعد وہ اپنی بات سے مکر گیا اور اس کی حرکت نے انہیں بہت مایوس کیا۔

  • 5 اکتوبر جلاؤ گھیراؤمقدمہ میں سلمان اکرم راجہ قصوروارقرار

    5 اکتوبر جلاؤ گھیراؤمقدمہ میں سلمان اکرم راجہ قصوروارقرار

    لاہور میں 5اکتوبر کو جلاﺅ گھیراﺅ اور تشدد کے مقدمات میں پولیس رپورٹ میں پی ٹی آئی رہنماءسلمان اکرم راجہ سمیت 7ملزمان کو قصور وار قرار دے دیا گیا

    ،انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں 5 اکتوبر کو جلاو گھیراو اور تشدد کے تین مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ، ضمیر جھنڈو اور علی امیتاز وڑائچ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،پولیس نے تھانہ اسلام پورہ کے مقدمے میں رپورٹ پیش کر دی جس میں پولیس نے سلمان اکرم راجہ سمیت 7 ملزمان کو قصوروار قرار دے دیا۔پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی ۔ عدالت نے تھانہ مستی گیٹ اور لاری اڈا کے مقدمات میں تفتیش رپورٹ طلب کر لی،عدالت نے اسلام پورہ کے مقدمے میں آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 12 اپریل تک توسیع کر دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سانحہ 9 مئی اورمسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے دو مقدمات میں عدالت نے یاسمین راشد،اعجاز چوہدری، محمود الرشید،عمر سرفراز چیمہ سمیت 31 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تھی۔

  • انٹرنیشنل سطح پر مودی سرکار کی بے عزتی، امریکہ میں بھارتی وزیراعظم کی جگ ہنسائی

    انٹرنیشنل سطح پر مودی سرکار کی بے عزتی، امریکہ میں بھارتی وزیراعظم کی جگ ہنسائی

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا حالیہ دورہ امریکہ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات اس وقت دنیا بھر میں مذاق کا موضوع بن گیا ہے۔ واشنگٹن میں ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں مودی کی سیاسی نااہلی ایک بار پھر کھل کر سامنے آئی۔

    مودی کے لیے اس پریس کانفرنس میں اپنی بات واضح کرنے کے لیے پرچیوں کا سہارا لینا پڑا۔ مودی کی جانب سے پرچیاں نکال کر پڑھنے کی حرکت پر نہ صرف بھارتی عوام، بلکہ عالمی سطح پر بھی مذاق بنایا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ٹرمپ سے بات کرتے ہوئے مودی بار بار پرچیاں نکال کر انہیں دیکھ دیکھ کر پڑھتے رہے، جس پر وہاں موجود صحافیوں نے بھی سرگوشیوں میں ہنسی کا اظہار کیا۔

    ایک خاص موقع پر پریس کانفرنس کے دوران ایک بھارتی صحافی نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا، جس پر ٹرمپ نے جواب دینے کی بجائے اس صحافی کی بے عزتی کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ "مجھے آپ کی بات سمجھ نہیں آئی”، حالانکہ سوال انگریزی میں اور واضح طور پر کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بھارتی میڈیا میں بھی یہ سوال اٹھایا گیا کہ کیا ٹرمپ کی یہ حرکت مناسب تھی یا نہیں۔

    مودی اور ٹرمپ کی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ بات صاف ظاہر ہوئی کہ ٹرمپ کو نہ تو بھارت سے کوئی خاص دلچسپی ہے، اور نہ ہی مودی کی سیاسی حیثیت سے کوئی غرض ہے۔ یہ سب ایک نمائش کا حصہ تھا، جس کا مقصد دنیا کو دکھانا تھا کہ بھارت اور امریکہ کے تعلقات مستحکم ہیں۔

    بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی اس پریس کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ مودی کی امریکہ کے دورے پر خوش ہونے کی بجائے اس حقیقت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ اس موقع پر بھارت کی عالمی سطح پر بے عزتی ہوئی ہے۔

    پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن گیا ہے، آرمی چیف

    حکومت سندھ کا فزیکل ان فٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

  • پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن گیا ہے، آرمی چیف

    پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن گیا ہے، آرمی چیف

    پنجاب میں زراعت کے شعبے کو ماڈرن بنانے اور کسانوں کو جدید زرعی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایک نیا انقلاب شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کسانوں کو ایک ہی چھت تلے زرعی بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات، اور دیگر ضروری زرعی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، تاکہ ان کی پیداوار میں اضافہ ہو اور وہ بہتر طریقے سے زرعی سرگرمیاں انجام دے سکیں۔

    چولستان میں ‘گرین پاکستان’ منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت کنڈائی اور شاپو کے علاقوں میں جدید زرعی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔ ان منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک، اور پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر زراعت لائیو اینڈ سٹاک سید عاشق حسین کرمانی، وزیر آبپاشی محمد کاظم پیرزادہ نے بھی اس موقع پر شرکت کی۔

    ‘گرین مال اینڈ سروس کمپنی’ کا آغاز کیا گیا ہے، جو کسانوں کو ان کے گھر کے دروازے پر معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات اور دیگر زرعی سامان رعایتی قیمتوں پر فراہم کرے گی۔ اس کمپنی کے ذریعے کسانوں کو زرعی مشینری جیسے ڈرونز وغیرہ بھی رعایتی کرائے پر دستیاب ہوں گی، تاکہ انہیں جدید زرعی طریقے اپنانے میں آسانی ہو۔پنجاب میں 5000 ایکڑ پر مشتمل جدید زرعی فارم کا آغاز کیا گیا ہے، جو کہ جدید زرعی طریقوں اور جدید آبپاشی کے نظام کی ایک مثال ہوگا۔ اس فارم میں پانی کے کم استعمال اور زیادہ پیداوار کے حصول کے جدید طریقے اپنائے جائیں گے۔ مزید برآں، زرعی تحقیق اور سہولت مرکز میں زرعی شعبے سے متعلق تمام اشیاء اور سہولتیں دستیاب ہوں گی، جن میں زمین کی جانچ اور تحقیق سے متعلق لیبارٹری خدمات بھی شامل ہوں گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان منصوبوں کا آغاز پنجاب کے کسانوں کی ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت کی ترقی، کسان کی ترقی اور پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘گرین پاکستان’ منصوبہ جدید زراعت کے فروغ کا ایک انقلاب ہے، جو کہ ملک کی معیشت کے لیے بہت اہم ہے۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن چکا ہے، اور یہاں کے کسانوں کا جدید زراعت میں قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت کی جانے والی کوششوں اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف کی۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہداء کے بچوں اور زخمیوں کے غازیوں کو زمین کی الاٹمنٹ کے خطوط بھی دیے، تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے۔

    یہ منصوبے پنجاب میں زرعی شعبے کے لیے ایک نیا دور شروع کریں گے، جو کہ کسانوں کی خوشحالی اور ملک کی معیشت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ حکومت کی یہ کاوشیں پنجاب کو جدید زراعت کی طرف گامزن کرنے اور ملک کی غذائی سیکیورٹی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

    لاؤس میں دھماکے سے 4 افراد ہلاک، 3 زخمی، چینی باشندے بھی شامل

    ٹیکس سسٹم کو مزید شفاف اور موثر بنایا جائے گا ،وزیراعظم