Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • سہ ملکی سیریز ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 331 رنز کا ہدف

    سہ ملکی سیریز ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 331 رنز کا ہدف

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا، جس میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو جیت کے لیے 331 رنز کا ہدف دیا۔

    نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ اور رچن رویندرا نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ول ینگ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد 39 کے مجموعے پر ابرار احمد نے رچن رویندرا کو آؤٹ کر کے ٹیم کی مزید مشکلات میں اضافہ کیا۔دونوں ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ داری سے اسکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم 134 کے مجموعی اسکور پر شاہین آفریدی نے کین ولیمسن کو 58 رنز پر آؤٹ کر دیا، اور اس کے بعد ٹوم لیتھن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    ڈیرل مچل اور گلین فلپس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ گلین فلپس نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 106 رنز بنائے اور 72 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، جبکہ ڈیرل مچل نے 81 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے دو اور حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف اپنے ساتویں اوور کے دوران درد کی شکایت کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔

    قبل ازیں ٹاس جیت کر کیوی کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی بیٹنگ ہی کرتے۔ محمد رضوان نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم آج فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کریں گے، اور یہ سیریز چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے بہت اہم ہے۔

    پاکستان ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

  • پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوچکا ہے،وزیراعظم

    پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوچکا ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف نے یوم تعیمر و ترقی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اگر ان کے ہاتھ میں اختیار ہو، تو وہ فوراً 15 فیصد ٹیکس کم کردیں تاکہ عوام پر بوجھ کم ہو سکے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب ان کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام مشکل حالات سے گزر رہا تھا۔ تاہم، حکومتی کوششوں سے پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ممکن ہوا اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا۔ انہوں نے کاروباری برادری کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ترقی کے لیے اپنے مشورے دینا ہوں گے، اور حکومت کاروباری برادری کی مشاورت سے آگے بڑھے گی،حکومت نے سخت فیصلے کیے ہیں اور اب پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوچکا ہے، تاہم اب معاشی نمو کے سفر کو آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دس مہینے ملک کے لیے بہت مشکل تھے لیکن اب ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی بحالی میں تمام شعبوں کا حصہ ہے، اور خاص طور پر تنخواہ دار طبقہ نے قومی خزانے میں 300 ارب روپے کی اہم رقم جمع کرائی۔

    سرمایہ کاروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کسی بھی سرمایہ کار سے زیادتی نہیں ہونے دے گی اور چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ سرمایہ کاروں کی آواز سنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایس او ایز (اسٹرٹیجک اوورسیز انویسٹمنٹ) کو نہیں چلائے گی، بلکہ سرمایہ کار خود انہیں خرید کر چلائیں۔وزیراعظم نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ اگر دہشتگردی کا خاتمہ نہ ہوا تو ملک کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا خواب پورا نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دے رہی ہے۔

    بشریٰ سے ملاقات کروا دیں،ٹی وی اخبار دلوا دیں، عمران خان کا خط

    بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم ،نفرتوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں گے. خالد مسعود سندھو

  • بشریٰ سے ملاقات کروا دیں،ٹی وی اخبار دلوا دیں، عمران خان کا خط

    بشریٰ سے ملاقات کروا دیں،ٹی وی اخبار دلوا دیں، عمران خان کا خط

    بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو دوسرا کھلا خط لکھا ہے

    عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے میں نے ملک و قوم کی بہتری کی خاطر نیک نیتی سے آرمی چیف کے نام کھلا خط لکھا ہے، میں نے جن 6 نکات کی نشاندہی کی ہے ان پر عوامی رائے لی جائے تو 90 فیصد عوام ان کی حمایت کریں گے،پری پول دھاندلی اور الیکشن کے نتائج تبدیل کر کے حکومت قائم کی گئی، عدلیہ پر قبضے کے لیے پارلیمینٹ سے 26 ویں آئینی ترمیم کروائی گئی، ظلم و جبر کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو بند کرنے کے لیے پیکا کا اطلاق کیا گیا، سیاسی عدم استحکام اور “جس کی لاٹھی اس کی بھینس” کی ریت ملکی معیشت کی تباہی ہے، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، بنیادی انسانی حقوق پامال کرتے ہوئے مجھ پر دباؤ بڑھانےکے لیے جیل انتظامیہ نے مجھ پر ہر ظلم کیا، مجھے موت کی چکی میں رکھا گیا ہے، 20 دن تک مکمل لاک اپ میں رکھا گیا جہاں سورج کی روشنی تک نہیں پہنچتی تھی، پانچ روز تک میرے سیل کی بجلی بند رکھی گئی اور میں مکمل اندھیرے میں رہا۔

    عمران خان نے آرمی چیف کو لکھے گئے خط میں اس شکوے کا اظہار بھی کیا کہ میرا ورزش کرنے والا سامان اور ٹی وی تک لے لیا گیا، مجھے تک اخبار بھی پہنچنے نہیں دیا گیا، جب چاہتے ہیں کتابیں تک روک لیتے ہیں،میرے بیٹوں سے پچھلے 6 ماہ میں صرف 3 مرتبہ میری بات کروائی گئی، بیٹوں سے بات کرنےکے معاملے پر عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا، پچھلے 6 ماہ میں گنتی کے چند افراد کو ہی مجھ سے ملنے دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود میری اہلیہ سے ملاقات نہیں کروائی جاتی، میری اہلیہ کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے،ہمارے 2000 سے زائد ورکرز، سپورٹرز اور لیڈرز کی ضمانت کی درخواستیں عدالتوں میں زیرالتوا ہیں، پیکا جیسے کالے قانون کے ذریعے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر بھی قدغن لگا دی گئی ہے، اس سب کی وجہ سے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی خطرے میں ہے، عوامی مینڈیٹ کی توہین کر کے سیاسی عدم استحکام کی بنیاد رکھی گئی ہے

  • بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم ،نفرتوں  کے خاتمے کیلئے  کردار ادا کریں گے. خالد مسعود سندھو

    بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم ،نفرتوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں گے. خالد مسعود سندھو

    حکومت اور اپوزیشن دونوں کو گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ پر آمادہ کیا جائے گا.مرکزی مسلم لیگ کا اجلاس میں فیصلہ

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم ،نفرتوں کے خاتمے کے لئے مرکزی مسلم لیگ کردار ادا کرتی رہے گی، حکومت و اپوزیشن ذاتی انا کو بالائے طاق رکھتے ہوئے استحکام پاکستان کے لئے کردار ادا کریں. دشمنوں کی سازشیں اتحاد سے ہی ناکام بنائی جا سکتی ہیں.مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کا سفر جاری رکھے گی،عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے ہی جمہوریت مضبوط ہو گی.پیکا ایکٹ کے خلاف صحافیوں کی تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، ترجمان تابش قیوم سمیت ڈویژنل ذمہ داران چودھری سرور، حمید الحسن، شیخ فیاض ،عمران بھٹی و دیگر نے شرکت کی. اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا. اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی تقسیم کے خاتمے کے لئے مرکزی مسلم لیگ اپنا کردار جاری رکھے گی، اجلاس میں طے کیا گیا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ پر آمادہ کیا جائے گا.

    خالد مسعود سندھو نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومت اپنے ایک سالہ حکمرانی کی کامیابی کا جشن منارہی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری،بدامنی نے عوام کو بے حال کر دیا ہے.آزادی اظہار رائے پر پابندیاں،انٹرنیٹ ،سوشل میڈیا کی بندشیں مسائل کا حل نہیں. اسٹاک ایکسچینج کے اوپر جانے سے غریب کا گیس ،بجلی کا بل کم نہیں ہو رہا.حکومت معاشی کامیابی کے دعوے کر رہی ہے، لیکن حقیقت عوامی بیانئے سے ظاہر ہو رہی ہے۔بجلی، گیس کے بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں،بجلی اور گیس کے بل شہریوں کی تنخواہوں سے زیادہ آ رہے ہیں. مہنگائی، بے روزگاری ،بدامنی میں اضافہ ہوا ہے. معیشت مستحکم کرنے کے دعویدار حکمران عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکے،ایسے میں مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کا سفر جاری رکھتے ہوئے عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی. ہم اقتدار میں رہے بغیر ہی خدمت انسانیت کا وہ کام کر رہے ہیں جو حکومتوں کو کرنا چاہئے.مرکزی مسلم لیگ کا ہر کارکن خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور رہے گا.

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ ملک معاشی طور پر تب ہی مستحکم ہو سکتا ہے جب صرف نعروں اور دعووں کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ حکومت آئی ایم ایف سے امیدیں لگانے کی بجائے سود کے خاتمے کے لئے فعال کردار ادا کرے۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ حکمران اپنی ترجیحات درست کریں اور غریب عوام کی مشکلات کا تدارک کریں۔

  • بشریٰ سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، عمران خان "رو” پڑے

    بشریٰ سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، عمران خان "رو” پڑے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی ہے۔

    یہ درخواست ان کے وکیل فیصل چودھری کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 28 جنوری کو جیل کی سہولتوں سے متعلق درخواست پر ہدایات جاری کی تھیں، لیکن اڈیالہ جیل انتظامیہ نے ان احکامات کو نظرانداز کیا اور ان پر عمل درآمد نہیں کیا۔عمران خان نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ جیل حکام کی جانب سے انہیں غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کو پامال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جان بوجھ کر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا، جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے.

    واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں،

  • گوشواروں میں حقائق چھپانے کے الزام میں جمشید دستی کو نوٹس جاری

    گوشواروں میں حقائق چھپانے کے الزام میں جمشید دستی کو نوٹس جاری

    الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی، جمشید دستی، کے خلاف گوشواروں میں حقائق چھپانے کے الزام میں نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹس سابق چیئرمین یونین کونسل امیر اکبر سیال کی جانب سے دائر کردہ درخواست کے بعد جاری کیا گیا۔

    امیر اکبر سیال کی درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جمشید دستی نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی کے گوشواروں میں 194 کینال سے زائد اراضی کی تفصیلات چھپائیں۔ درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ جمشید دستی نے اپنے گوشواروں میں اراضی کی صحیح معلومات فراہم نہیں کیں، جو کہ انتخابی عمل میں شفافیت کے خلاف ہے۔درخواست میں امیر اکبر سیال نے استدعا کی کہ جمشید دستی کا بطور رکنِ قومی اسمبلی نوٹیفکیشن معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی شروع کی جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جمشید دستی نے جان بوجھ کر غلط معلومات فراہم کی ہیں تاکہ ان کا انتخابی عمل متاثر ہو۔

    الیکشن کمیشن نے اس درخواست پر غور کرتے ہوئے جمشید دستی کو نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت انہیں 19 فروری 2025 کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ جمشید دستی اس الزام کے بارے میں کیا وضاحت پیش کرتے ہیں اور آیا الیکشن کمیشن ان کے خلاف کوئی کارروائی کرتا ہے یا نہیں۔

    عاطف خان اور صدر مردان یوتھ ونگ میں لڑائی، یوتھ ونگ کا صوابی جلسے کے بائیکاٹ کا اعلان

    180 سیٹوں کا دعویٰ،ٹربیونل میں 20 درخواستیں یہ نہ دے سکے، عطا تارڑ

  • عاطف خان اور صدر مردان یوتھ ونگ میں لڑائی،    یوتھ ونگ کا صوابی جلسے کے بائیکاٹ کا اعلان

    عاطف خان اور صدر مردان یوتھ ونگ میں لڑائی، یوتھ ونگ کا صوابی جلسے کے بائیکاٹ کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مردان یوتھ ونگ میں شدید اختلافات نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جب پی ٹی آئی رہنما عاطف خان اور مردان یوتھ ونگ کے صدر کے درمیان لڑائی سامنے آئی، جس کے بعد پی ٹی آئی مردان یوتھ ونگ نے صوابی میں ہونے والے ایک اہم جلسے کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    عاطف خان، جو کہ پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں،عمران خان کے قریبی ساتھی ہیں، ان میں اور مردان یوتھ ونگ کے صدر کے درمیان لڑائی ہوئی ہے، دونوں کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی۔جس کے بعد مردان یوتھ ونگ نے جلسے کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، جس سے پی ٹی آئی کے اندر مزید انتشار کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

    مردان یوتھ ونگ کی جانب سے اس ضمن میں اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قائد محترم عمران خان نے ہمیشہ پی ٹی آئی یوتھ ونگ کی خدمات کو شاندار انداز میں سراہا ہے اور یوتھ ونگ کو ہمیشہ اپنے ٹائیگرز اور صف اول کا سپاہی سمجھا ہے۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت بھی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ حقیقی آزادی کے اس سفر میں اپنی جماعت اور پاکستانی قوم کا ہر اول دستہ بن کر دن رات پوری دلجمعی سے کام کر رہی ہے۔ قائد محترم عمران خان کے ٹائیگر زنے ایک طرف سوشل میڈیا کے محاز پر خان کے حقیقی آزادی کے بیانیہ کو عام کیا تو دوسری جانب میدان عمل میں بھی نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے سینکڑوں کارکنان حقیقی آزادی کی اس جنگ میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں ایسی صور تحال میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان کی جانب سے مردان یوتھ ونگ کی قیادت سے بد کلامی کرنا اور یوتھ ونگ کے کارکنان سے لڑائی جھگڑا کرنا انتہائی قابل مذمت اور قابل افسوس امر ہے۔تحریک انصاف یوتھ ونگ مردان ریجن کی قیادت باہمی مشاورت سے عاطف خان کی جانب سے کی جانے والی اس بد کلامی اور افسوسناک حرکت کے باعث آٹھ فروری 2025 صوابی جلسہ کے بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے اور صدر خیبر پختو نخواہ جناب جنید اکبر سے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔ تحریک انصاف یوتھ ونگ مردان ریجن کی جانب سے تمام سیاسی سر گرمیوں کا بائیکاٹ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عاطف خان اپنے اس اقدام پر معافی نہیں مانگیں گے۔

    پی ٹی آئی نے آج 8 فروری کو صوابی میں انتخابی دھاندلی کے خلاف جلسے کا اعلان کر رکھا ہے

  • پولیس کے مبینہ تشدد سے شہری جاں بحق،وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

    پولیس کے مبینہ تشدد سے شہری جاں بحق،وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

    کراچی کے پریڈی تھانے میں پولیس کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں ایک شہری کی موت واقع ہوگئی، جس پر وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے فوری طور پر واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    ، پولیس کے مطابق 7 فروری کو وقاص نامی شہری کو پولیس کانسٹیبل کی بائیک سے ٹکرانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے وقاص کو تھانے میں لے جا کر رات بھر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے بائیک ٹکرانے اور اشیاء کے گم ہونے کی ایف آئی آر درج کی تھی، اور اس کے ساتھ ہی 3 دیگر افراد کو بھی لاک اپ کر دیا گیا تھا، جنہیں رات بھر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔

    صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی جنوبی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کا فرض ہے اور پولیس کسٹڈی میں ہلاکت کی تحقیقات کی جائیں تاکہ اس واقعے کی حقیقت سامنے آ سکے۔

    ایس ایچ او پریڈی تھانے کا کہنا ہے کہ پولیس کسٹڈی میں وقاص کی ہلاکت کی وجوہات کا پتا پوسٹ مارٹم کے بعد چل سکے گا۔ ایس ایس پی مہروز علی نے بتایا کہ وقاص کو پولیس اہلکار کے ساتھ ہاتھا پائی کرنے کے بعد تھانے لایا گیا تھا اور تفتیشی ٹیم کو اس کا کیس سونپنے کے بعد اس کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وقاص کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کا پوسٹ مارٹم مجسٹریٹ کی موجودگی میں کیا جائے گا۔

    ایس ایس پی مہروز علی نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ پولیس کسٹڈی میں ہلاکت کے اس واقعے کا سچ سامنے آ سکے۔

  • 180 سیٹوں کا دعویٰ،ٹربیونل میں 20 درخواستیں یہ نہ دے سکے، عطا تارڑ

    180 سیٹوں کا دعویٰ،ٹربیونل میں 20 درخواستیں یہ نہ دے سکے، عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کو انتخابات میں مسترد کر دیا ہے۔ اب پی ٹی آئی جھوٹ اور مظلومیت کا ڈرامہ رچا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی قیادت پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے 180 سیٹوں کا دعویٰ کیا تھا، وہ الیکشن ٹریبونل میں 20 درخواستیں بھی نہ دے سکے۔ یہ بات پی ٹی آئی کی سیاسی ناکامی کا واضح ثبوت ہے اور یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ ان کے دعوے جھوٹے ہیں۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات کے بعد پھیلائی جانے والی منفی سیاست اور جھوٹ کی حقیقت سامنے آ چکی ہے، اور عوام نے ان کی جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا ہے۔

    عطا تارڑ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کوشاں ہے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے 8 فروری کو انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کا جھوٹا نعرہ لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب نتائج آنا شروع ہوئے تو ایک جھوٹا بیانیہ پھیلانا شروع کر دیا گیا تھا۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو اسمبلی کو جعلی قرار دیتے تھے، وہی اسی اسمبلی میں مذاکرات کے لیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ عدالتوں میں بھی گئے لیکن ایک سال میں کسی حلقے میں دھاندلی ثابت نہ کر سکے۔ن لیگ کے رہنما نے اپنے حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے عوام کے دل اپنی کارکردگی سے جیتے ہیں۔ ایک سال پہلے کے حالات اور آج کے حالات میں واضح فرق ہے۔ آج مہنگائی کم ہو چکی ہے اور اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ سے اوپر جا چکا ہے،طلال چوہدری نے کہا کہ ہم یوم تعمیر اور ترقی منا رہے ہیں جبکہ مخالفین یوم احتجاج اور فساد منا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی میں ہم سے مقابلہ کیا جائے اور خیبر پختونخوا میں 13 سال کی کارکردگی سامنے لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین ہمیشہ گالیاں دیتے ہیں، اور جب گالیاں نہیں چلتی تو یہ فساد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی پشاور کے لوگ پنجاب میں علاج کرانے آتے ہیں، اور یہ سوال اٹھایا کہ کیا ان لوگوں نے کوئی نئی یونیورسٹی بنائی ہے؟طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب آج ہم سے مطمئن ہے، اور مغرب نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی شروع ہو رہی ہے اور ہم اس تعمیر و ترقی کو جاری رکھیں گے

  • اوورلوڈنگ، اوور اسپیڈنگ  کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔شرجیل میمن

    اوورلوڈنگ، اوور اسپیڈنگ کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔شرجیل میمن

    کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف روڈ سیفٹی کمیٹی نے کارروائی شروع کردی ہے۔

    کمیٹی نے سڑکوں پر اوورلوڈنگ، اوور اسپیڈنگ اور غیر معیاری کمرشل گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے، جس کے دوران 33 گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ کریک ڈاؤن کے دوران 20 گاڑیوں کو چالان کیا گیا جبکہ 4 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔ ان خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 1 ہزار 400 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کمیٹی صوبے بھر میں اچانک چیکنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ بن سکتی ہیں اور حکومت سندھ ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے سخت کارروائی کر رہی ہے۔”

    شرجیل انعام میمن نے کہا کہ "اوورلوڈنگ، اوور اسپیڈنگ یا ان فٹ گاڑیوں کو سڑکوں پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام کمرشل گاڑیاں حفاظتی قوانین کی پاسداری کریں، جو قوانین کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔” سندھ کے وزیر نے مزید کہا کہ "ٹریفک کو منظم کرنے، حادثات کی روک تھام اور روڈ سیفٹی قوانین کے سخت نفاذ کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔”

    یہ کریک ڈاؤن اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکومت سندھ سڑکوں پر ٹریفک کی اصلاحات کے لئے پُرعزم ہے اور عوام کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔