Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ایک اور ایرانی پرچم بردار بحری جہاز کو روک لیا

    امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ایک اور ایرانی پرچم بردار بحری جہاز کو روک لیا

    امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ایک اور ایرانی پرچم بردار بحری جہاز کو روک لیا۔

    امریکی سینٹرل کمان کے مطابق ایرانی پرچم والے ایک اور بحری جہاز کو روک لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے ایرانی جہاز کو ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر روکا ہے۔مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک تصویر سامنے آئی ہے جس میں ایک امریکی جنگی جہاز کو آبنائے ہرمز کے قریب ایک بحری جہاز کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ جہاز ایرانی پرچم بردار تھا اور اسے امریکی ناکہ بندی کے تحت روکا جا رہا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق جنگ کے آغاز کو آٹھ ہفتے گزر چکے ہیں اور ایران نے اپنی حدود میں تقریباً تمام غیر ملکی جہازوں کی آمدورفت روک رکھی ہے، جبکہ صرف ایرانی جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ایران کا مؤقف ہے کہ جب تک امریکہ اپنی عائد کردہ ناکہ بندی ختم نہیں کرتا، تب تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا کوئی امکان نہیں۔ دوسری جانب ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اس صورتحال سے عالمی توانائی منڈی اور تیل کی قیمتوں پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

  • پیٹرولیم لیوی پھر بڑھا دی گئی، مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ

    پیٹرولیم لیوی پھر بڑھا دی گئی، مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرولیم لیوی کی مجموعی شرح بڑھ کر 107 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول پر لیوی 80 روپے 61 پیسے فی لیٹر تھی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ لیوی میں اضافے کا فیصلہ ریونیو بڑھانے اور مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس اقدام سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ اور صنعتی لاگت بڑھے گی، جس کا براہِ راست اثر عام صارفین پر پڑے گا۔

  • پہلگام فالس فلیگ،بھارتی پروپیگنڈہ پاکستان کی مؤثر ابلاغی حکمت عملی کے باعث زمین بوش

    پہلگام فالس فلیگ،بھارتی پروپیگنڈہ پاکستان کی مؤثر ابلاغی حکمت عملی کے باعث زمین بوش

    پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان کی ابلاغی حکمتِ عملی نے بھارتی سازش اور جھوٹ کو نہ صرف حقائق اور شواہد سے بے نقاب کیا بلکہ مکمل طور پر بےاثر دیا۔

    پاکستان نے نہایت موثر طریقے سے لمحہ بہ لمحہ عوام اور اقوام عالم کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ رکھا۔ پاکستان کی تزویراتی ابلاغی حکمت عملی نے بھارتی ڈس انفارمیشن کیمپین مکمل طورپر غیر مؤثر بنا دیا۔ پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کے پاکستانی مطالبے سے بھارتی موقف اور عزائم کو شدید نقصان پہنچا۔ بین الاقوامی میڈیا نے بھی حقائق پر مبنی پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا

    عالمی ماہرین کے مطابق پاکستان کے بیانیے کی کامیابی کی بنیاد حقائق اور سچائی پر مبنی مؤقف تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ابلاغی حکمتِ عملی ایک جامع کیس اسٹڈی کے طور پر سامنے آئی، جو ہر لحاظ سےقابلِ مطالعہ اور قابلِ تقلید ہے

  • پی ایس ایل 11 فائنل میں شائقین کو شرکت کی ملی اجازت

    پی ایس ایل 11 فائنل میں شائقین کو شرکت کی ملی اجازت

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 فائنل میں شائقین کی شرکت سے متعلق اہم بیان دیا ہے

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے کرکٹ شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم بھی شائقین کو اجازت دینے کے خواہاں تھے، تاہم ملک میں جاری کفایت شعاری مہم اور ایندھن کے کم استعمال کی پالیسی کے باعث اس معاملے پر احتیاط کی جا رہی تھی۔محسن نقوی کے مطابق فرنچائز مالکان کی درخواست پر وزیراعظم نے پی ایس ایل 11 کے فائنل میں شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی خصوصی اجازت دے دی، جس پر انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور شائقین کے لیے اس سہولت کو خوش آئند قرار دیا۔

  • ایرانی وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

    ایرانی وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

    سرکاری ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد کےبعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سےملاقات ہوئی جس میں وزیر داخلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایرانی وفد کی آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وفد کا استقبال کیا۔

    نجی ٹی وی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل یعنی اتوار کو منعقد ہو سکتا ہے جبکہ پاکستان، اسلام آباد کے دورے پر آئے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی مشاورت کے نتائج سے واشنگٹن کو آگاہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایک اہم سفارتی پیش رفت میں ایران کے وزیرِ خارجہ پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور سے متعلق توقعات بڑھ گئی ہیں۔ یہ دورہ پہلے مرحلے کے مذاکرات کے بعد ہونے والی پسِ پردہ بات چیت کے تناظر میں ہو رہا ہے۔

    پہلے دور میں دونوں فریقین کے درمیان مزید رابطوں کی بنیاد رکھی، گئی تھی۔ اس صورتحال سے واقف حکام کے مطابق، اسلام آباد میں ایرانی وزیرِ خارجہ کی ملاقاتوں میں حالیہ پیش رفت اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھنے کے امکانات پر توجہ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اگر اسلام آباد میں مشاورت کے مثبت اشارے سامنے آئے تو پاکستان ممکنہ طور پر اس کے نتائج سے باضابطہ طور پر امریکا کو آگاہ کرے گا۔ نتیجتاً، دوسرے دور کے مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جو ابتدائی طور پر اتوار تک متوقع ہیں۔

    دریں اثنا، وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکی وفد کے ارکان ہفتہ کی صبح (امریکی وقت کے مطابق) یعنی پاکستان کے وقت کے مطابق ہفتہ کی رات پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق جب یہ پیشرفت عملی شکل اختیار کرے گی تو مذاکرات کے وقت اور ایجنڈے کے حوالے سے مزید وضاحت سامنے آنے کی توقع ہے۔ اس پیش رفت کو عالمی سطح پر قریب سے دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے اثرات پوری دنیا کیلئے اہمیت کے حامل ہو سکتے ہیں۔

  • گوجرخان، الٹی میٹم سے پہلے ہی 300 سے زائد کھوکھے رضاکارانہ طور پر مسمار

    گوجرخان، الٹی میٹم سے پہلے ہی 300 سے زائد کھوکھے رضاکارانہ طور پر مسمار

    ترقی کی راہ میں غریب کی بڑی قربانی مزاحمت کے بجائے خود ہی روزگار اجاڑ دیا، انتظامیہ اور NHA کی مشینری دیکھتی رہ گئی
    ہوشربا مہنگائی میں سینکڑوں خاندان بے روزگار عوامی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے متاثرہ دکانداروں کے لیے متبادل جگہ کا مطالبہ
    گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان میں جی ٹی روڈ پر انڈر پاسز کی تعمیر کے سلسلے میں ایک ایسی بے مثال صورتحال دیکھنے میں آئی جس نے روایت توڑ دی۔ انتظامیہ کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی کھوکھا بازار کے تاجروں نے قانون کی پاسداری اور شہر کی ترقی کے لیے اپنے ہاتھوں سے اپنے روزگار کو مسمار کر کے سب کو حیران کر دیا۔

    جبکہ دوسری جانب عوامی سماجی حلقوں نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپریشن میں بلاتفریق کارروائی کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے، اسے برقرار رہنا چاہیے۔ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ غریب کا کھوکھا تو گرا دیا جائے لیکن بااثر پلازہ مالکان کو رعایت دے دی جائے۔عوام پرامید ہیں کہ جن بڑی عمارتوں اور پلازوں کی نشاندہی ہو چکی ہے، ان کے خلاف بھی اسی آہنی ہاتھ سے کارروائی ہوگی تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق، انڈر پاس پروجیکٹ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے وکلاء چیمبرز، خدمت مرکز، بلدیہ آفس، ایس ڈی پی او آفس، تھانہ اور چرچ کی بیرونی دیواروں سمیت متعدد سرکاری و نجی املاک کو پہلے ہی مسمار کیا جا چکا تھا۔ تاہم، کھوکھا بازار کے تاجروں کو 23 اپریل تک کی مہلت دی گئی تھی۔ گزشتہ رات گئے تک دکانداروں نے کسی بھی بدمزگی یا مزاحمت سے بچنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت 300 سے زائد کھوکھے خالی کر کے مسمار کر دیے۔ 24 اپریل جب مقامی و ضلعی انتظامیہ اور این ایچ اے کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچیں تو 99 فیصد جگہ پہلے ہی صاف ہو چکی تھی۔ عموماً ایسے آپریشنز میں تصادم اور گرفتاریوں کا خدشہ رہتا ہے، لیکن گوجرخان کے متوسط اور محنت کش طبقے نے پُرامن طریقے سے جگہ خالی کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے جہاں اس اقدام کو سراہا، وہیں سینکڑوں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر شدید تشویش اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس ہوشربا مہنگائی میں ان دیہاڑی دار طبقوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔

  • گوجر خان،  نالے کی صفائی کے نام پر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی

    گوجر خان، نالے کی صفائی کے نام پر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی

    فوٹو سیشن اور سب اچھا کی جعلی رپورٹس کا ڈراپ سین نالہ گہرائی کے بجائے اوپر سے صاف، عوامی غیظ و غضب
    حکام بالا خوابِ خرگوش میں مست ٹھیکیدار کی چاندی برسات میں شہر ڈوبنے کا خطرہ علاقہ مکینوں کا احتجاجی وارننگ
    گوجرخان (قمر شہزاد) گوجرخان شہر ڈھوک شاہ زمان کے مرکزی نالے کی صفائی کے نام پر سرکاری فنڈز کی بندر بانٹ اور ٹھیکیدار کی مبینہ غفلت نے ذمہ داران کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ عوامی خزانے سے جاری ہونے والے خون پسینے کی کمائی کے فنڈز نالے کی صفائی پر لگنے کے بجائے مبینہ طور پر ٹھیکیدار کی جیبوں میں منتقل ہونے لگے۔ صفائی کے نام پر صرف آئی واش اور فوٹو سیشن تک محدود کارروائی نے شہریوں کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کے مرکزی نالے کی گہرائی سے صفائی کرنے کے بجائے ٹھیکیدار نے صرف اوپری سطح سے کچرا ہٹا کر سب اچھا ہے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے۔ منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو نے ٹھیکیدار کے دعووں کی دھجیاں اڑا دیں، جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ نالے کی تہہ میں گندگی کے ڈھیر جوں کے توں موجود ہیں۔علاقہ مکینوں نے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نالے کی مکمل اور گہرائی تک صفائی نہ کی گئی تو آنے والے برسات کے موسم میں نالہ بپھر جائے گا، جس سے پانی گھروں میں داخل ہو کر قیمتی سامان کی بربادی کا سبب بنے گا۔ شہریوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نالے کی صفائی نہیں بلکہ قومی خزانے کی صفائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور اے سی گوجرخان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس میگا کرپشن اور ناقص کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے اور کسی فرض شناس افسر کی نگرانی میں ازسرِ نو صفائی کا کام شروع کرایا جائے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ اگر لوٹ مار کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔

  • سرسبز پاکستان ،محفوظ پاکستان،شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کی تین روزہ شجرکاری مہم کا آغاز

    سرسبز پاکستان ،محفوظ پاکستان،شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کی تین روزہ شجرکاری مہم کا آغاز

    شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے "سرسبز پاکستان۔محفوظ پاکستان” کے سلوگن کے تحت تین روزہ شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا،بہاولپور،ملتان،ٹوبہ سمیت دیگر شہروں‌میں شجرکاری،لاہور میں آج ہفتہ کو پودے لگائے جائیں گے، چیئرمین خدمت خلق شفیق الرحمان وڑائچ نے بہاولپور میں پودے لگائے، تین روزہ شجرکاری مہم کے دوران ملک بھر میں ماحول دوست پودے لگانے کے ساتھ ساتھ عوام میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھرپورآگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے.

    مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمت خلق کی جانب سے بہاولپور، ملتان، ٹوبہ، جہلم، ڈی آئی خان سمیت دیگر شہروں میں پودے لگائے گئے،دوسرے روز ہفتہ کو لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ، گوجرانوالہ سیالکوٹ، گجرات، وزیر آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مردان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شجرکاری ہو گی،سر سبز پاکستان – محفوظ پاکستان،شجرکاری مہم کے سلسلہ میں چیئرمین خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور کے سامنے پودے لگائے،اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ بہاولپور کے سیکرٹری جنرل رانا سیف اللہ و دیگر بھی موجود تھے،ملتان میں بھی شفیق الرحمان وڑائچ نے پودے لگائے، اس موقع پر ڈپٹی سپریڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ملتان جمشید ،ایڈیشنل ڈپٹی سپرینڈنٹ جیل ملتان میاں محمد علی ،مرکزی مسلم لیگ ملتان کے سیکرٹری جنرل رانا عبدالرحمان بھی موجود تھے ،شفیق الرحمان وڑائچ کاکہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیاں ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں جس سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، اس مقصد کیلئے شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ نے ملک بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ پاکستان کو سرسبز اور محفوظ بنایا جا سکے،شفیق الرحمان وڑائچ کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان ملک بھر میں شجرکاری مہم میں حصہ لے رہے ہیں،سوشل میڈیا پر بھی اس ضمن میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے،

  • کوٹ لکھپت جیل میں قید اعجاز چوہدری کی طبیعت ناساز، پی آئی سی منتقل

    کوٹ لکھپت جیل میں قید اعجاز چوہدری کی طبیعت ناساز، پی آئی سی منتقل

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    اعجاز چوہدری کے وکیل رانا مدثر عمر نے تصدیق کی ہے کہ طبیعت بگڑنے پر جیل انتظامیہ نے انہیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا، جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔وکیل کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی صحت کی صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

    یاد رہے کہ اعجاز چوہدری کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق متعدد مقدمات میں عدالت کی جانب سے 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

  • ممبئی،سابق خواتین ساتھیوں کو فحش پیغامات بھیجنے پر نوجوان گرفتار

    ممبئی،سابق خواتین ساتھیوں کو فحش پیغامات بھیجنے پر نوجوان گرفتار

    ممبئی میں ایک 25 سالہ شخص کو اپنی سابق خواتین ساتھیوں کو فحش پیغامات بھیجنے اور ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم ارشد صدیقی کے خلاف کارروائی ایک 19 سالہ لڑکی کی شکایت پر کی گئی، جو اس کی متاثرہ ساتھیوں میں شامل ہے،شکایت کے مطابق متاثرہ لڑکی ممبئی کے علاقے مہالکشمی میں ایک کمپنی میں ٹیلی کالر کے طور پر کام کرتی تھی، جہاں اس کی ملاقات ملزم سے ہوئی۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی خاص بات چیت نہیں تھی، تاہم ملزم نے آفس کے واٹس ایپ گروپ سے اس کا نمبر حاصل کر لیا۔متاثرہ کے مطابق، نمبر حاصل کرنے کے بعد ملزم نے اسے فحش ویڈیوز اور تصاویر بھیجنا شروع کر دیں اور فون کالز کے ذریعے بھی ہراساں کیا۔ اس نے نازیبا جملے بھی کہے اور دعویٰ کیا کہ اسے ہندو لڑکیاں پسند ہیں۔

    پولیس تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم نے کمپنی کا ڈیٹا غلط استعمال کرتے ہوئے دیگر خواتین کے نمبر حاصل کیے اور انہیں بھی نامناسب مواد بھیجا۔ متاثرہ لڑکی کے والد کے مطابق، ملزم نے کم از کم چار خواتین کو نشانہ بنایا، جن میں زیادہ تر ہندو خواتین شامل تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں تین مزید متاثرہ خواتین سامنے آئی ہیں، جنہوں نے اپنے بیانات ریکارڈ کرانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سابق میئر کشوری پیڈنیکر نے کہا کہ ملزم بار بار اپنا نمبر تبدیل کر کے خواتین کو ہراساں کرتا رہا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ اس کے اہل خانہ نے بھی قانون کے مطابق کارروائی کی حمایت کی ہے۔