اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرولیم لیوی کی مجموعی شرح بڑھ کر 107 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول پر لیوی 80 روپے 61 پیسے فی لیٹر تھی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ لیوی میں اضافے کا فیصلہ ریونیو بڑھانے اور مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس اقدام سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ اور صنعتی لاگت بڑھے گی، جس کا براہِ راست اثر عام صارفین پر پڑے گا۔
