Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر دھماکے، شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت

    بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر دھماکے، شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت

    بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈے جفیر پر زور دار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں،

    ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق جفیر میں واقع امریکی فوجی تنصیب پر متعدد دھماکے سنے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ دھماکے اتنے شدید تھے کہ آواز دور دور تک سنی گئی،ادھر سوشل میڈیا پر جاری ایک علیحدہ بیان میں وزارت داخلہ بحرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر قریبی محفوظ مقامات کا رخ کریں۔ حکام کے مطابق سائرن بجائے گئے ہیں جو ممکنہ حملوں کی وارننگ دے رہے ہیں۔تاحال دھماکوں کی نوعیت، جانی یا مالی نقصان اور حملے کے ذمہ داران کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی

  • وزیراعظم کی سروسز چیفس سے ٹیلیفونک گفتگو، عید کی مبارکباد

    وزیراعظم کی سروسز چیفس سے ٹیلیفونک گفتگو، عید کی مبارکباد

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عید کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں مبارکباد پیش کی۔

    وزیراعظم نے چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گفتگو کی، جبکہ ظہیر احمد بابر اور نوید اشرف سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سروسز چیفس کو عید کی دلی مبارکباد دی اور ملکی سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں۔

  • ایران کا اسرائیلی F16 کو نشانہ بنانے کا دعوی

    ایران کا اسرائیلی F16 کو نشانہ بنانے کا دعوی

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے وسطی ایران میں ایک اسرائیلی ایف-16 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنایا ہے

    مختصر بیان میں کہا گیا کہ ایرو اسپیس فورس کے جدید دفاعی نظام نے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 45 منٹ پر کارروائی کرتے ہوئے “اسرائیلی رجیم” کے تیسرے ایف-16 طیارے کو نشانہ بنایا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائی جاری فوجی آپریشنز کے دوران انجام دی گئی۔تاہم اسرائیلی فوجی ذرائع نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ایک طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا سامنا ضرور کرنا پڑا، مگر وہ محفوظ رہا، اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس نے اپنا مشن مکمل کیا۔

    ادھر اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایرانی فضائی دفاعی نظام کو خاصا نقصان پہنچایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق مارچ کے اوائل میں تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر حملوں میں آئی آر جی سی کی قدس فورس کے 16 طیارے تباہ کیے گئے، جبکہ اصفہان اور اہواز کے کئی فوجی فضائی اڈوں کے رن ویز بھی متاثر ہوئے۔

  • لندن میں مظاہرین کا ایران جنگ کے خاتمے کا مطالبہ

    لندن میں مظاہرین کا ایران جنگ کے خاتمے کا مطالبہ

    برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سینکڑوں مظاہرین نے راسل اسکوائر کے علاقے میں جمع ہو کر ایران کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

    احتجاج امن پسند تنظیم کی جانب سے منظم کیا گیا، جس میں شرکت کرنے والوں نے مختلف نعروں اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر “ایران پر حملے بند کرو”،“ٹرمپ کی جنگیں بند کرو”،“اسٹارمر سے کہو: اسرائیل کو اسلحہ نہ دو” “جوہری منافقت ختم کرو”جیسے جملے درج تھے،مظاہرین نعرے بازی بھی کر رہے تھے،خواتین کی بڑی تعداد بھی مظاہرے میں شریک تھی،یہ مظاہرین امریکی اور برطانوی پالیسیوں کے خلاف بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے تھے، جن کا کہنا تھا کہ مغربی طاقتیں ایران کے خلاف جارحیت کو بڑھاوا دے رہی ہیں۔

  • امریکہ اور اسرائیل خلیج میں مسافر جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،تہران

    امریکہ اور اسرائیل خلیج میں مسافر جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،تہران

    ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے خلیج فارس میں غیر فوجی اور مسافر جہازوں پر حملے شروع کر دیے ہیں۔

    ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا،”امریکی،صہیونی دشمن، مسلسل شکستوں اور جمہوری اسلامی ایران کی مسلح افواج کے طاقتور حملوں کا مقابلہ نہ کر پانے کی وجہ سے، خلیج فارس میں نجی جہازوں اور مسافر ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔””ہم انتباہ دیتے ہیں کہ اگر یہ بزدلانہ جارحیت دہرائی گئی تو سخت اور جوابی کارروائی کی جائے گی۔”

    جمعرات کے روز، امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں نے ایرانی بندرگاہ کو نشانہ بنایا، کمپنی نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔تاہم، ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ حملے میں کم از کم 16 تجارتی جہاز تباہ ہو گئے۔

    دوسری جانب ایران میں رہائشی مکان پر امریکی و اسرائیلی حملے سے ماں باپ بچے سمیت شہید ہوگئے،ایران کے شہر رامسر میں امریکا اسرائیل نے رہائشی مکان پر حملہ کیا، جس میں میاں بیوی اور ان کا بچہ شہید ہوگیا،ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا دشمن کی بے بسی کی انتہا کو ظاہر کرتا ہے، ایسے بزدلانہ حملے ایرانی شہریوں کی ہمت میں کمی نہیں بلکہ قومی اتحاد میں اضافہ کریں گے

  • ہمیں ہرحال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے،عطا تارڑ

    ہمیں ہرحال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے،عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔

    وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، علی پرویز ملک کا کہنا تھاکہ خطے میں اس وقت کشیدگی کا سامنا ہے، وزیراعظم نے اپنی پوری ٹیم کو اکٹھا کرکے کفایت شعاری کی، وزیراعظم کی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کی گئیں، کفایت شعاری کے باعث اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے آگے بند باندھاگیا، وزیراعظم نے عید کی خوشیوں کومد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھا، حکومت اور عوام دونوں کو توانائی کی بچت میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا،عوام کو بھی مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے مضبوط نظام قائم کریں گے، حکومت کمزور طبقے کا مضبوط سہارا بننا چاہتی ہے، ہم سب کو مل کر ملک کو اس بحران سے نکالنا ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ عالمی منڈی کے حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیاجاتا ہے، ہمیں ہرحال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے،اس ہفتے جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں، وزیراعظم کو تجویز دی گئی کہ پٹرول 77 روپے اور ڈیزل 176 روپے بڑھائے جائیں، مگر وفاقی حکومت نے 69 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی تاکہ عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے، اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 اور ڈیزل کی قیمت میں 250روپے اضافہ روکاگیا، آنے والےدنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا،وزیر اعظم صاحب نے وقت سے پہلے کمیٹی تشکیل دی اور روزانہ جائزہ اجلاس کرتے رہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں تیل کے ذخائر مناسب مقدار میں موجود رہے۔پاکستان میں دستیاب تیل کی قیمت عالمی منڈی کے مطابق طے کی جاتی ہے۔ بھرپور کوشش کی گئی کہ پہلے 55 روپے کے اضافے کے بعد عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے۔

  • اسکاٹ لینڈ کے جوہری بحری اڈے میں داخلے کی کوشش ایرانی شہری سمیت دو گرفتار

    اسکاٹ لینڈ کے جوہری بحری اڈے میں داخلے کی کوشش ایرانی شہری سمیت دو گرفتار

    اسکاٹ لینڈ میں واقع برطانیہ کے اہم جوہری بحری اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر ایک ایرانی مرد اور ایک رومانیہ کی خاتون کو گرفتار کر کے ان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی شام تقریباً 5 بجے پیش آیا، جب دو افراد نے مذکورہ حساس فوجی تنصیب میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں 34 سالہ ایرانی مرد اور 31 سالہ رومانیہ کی خاتون شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ یہ بحری اڈہ، جسے فاسلین کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، برطانیہ کے جوہری آبدوز بیڑے کا مرکزی مرکز ہے اور اسے انتہائی حساس دفاعی تنصیبات میں شمار کیا جاتا ہے۔حکام نے واقعے کی نوعیت اور ممکنہ مقاصد جاننے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

  • سپر مائیکروکا شریک بانی اربوں ڈالر کی جی پی یوز چین اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار

    سپر مائیکروکا شریک بانی اربوں ڈالر کی جی پی یوز چین اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار

    امریکی ٹیک کمپنی سپر مائیکروکے شریک بانی Yih-Shyan “Wally” Liaw کو امریکی حکام نے مبینہ طور پر 2.5 ارب ڈالر مالیت کے جدید سرورز اور جی پی یوز چین اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 71 سالہ لیاؤ اور ان کے دو ساتھیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ منصوبے کے تحت کمپنی کے اے آئی سرورز چین منتقل کیے، جو امریکی برآمدی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔اس کیس میں دیگر ملزمان میں Ruei-Tsang “Steven” Chang شامل ہیں جو تاحال مفرور ہیں، جبکہ تیسرے ملزم Ting-Wei “Willy” Sun کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔استغاثہ کے مطابق 2024 اور 2025 کے دوران ایک پیچیدہ نیٹ ورک کے ذریعے سرورز چین پہنچائے گئے۔ اس میں ایک جنوب مشرقی ایشیائی کمپنی کو بطور "خریدار” استعمال کیا گیا۔سرورز امریکہ میں تیار کیے جاتے،پھر تائیوان بھیجے جاتے،وہاں سے مذکورہ کمپنی کے نام پر شپمنٹ کی جاتی بعد ازاں پیکجنگ تبدیل کر کے اصل منزل یعنی چین بھیج دیا جاتا

    حکام کے مطابق اس پورے عمل کے دوران جعلی دستاویزات اور جھوٹی معلومات فراہم کی گئیں تاکہ کمپنی کے کمپلائنس سسٹم کو دھوکہ دیا جا سکے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ گوداموں میں ہزاروں جعلی (ڈمی) سرورز رکھے گئے تاکہ معائنہ کرنے والی ٹیموں کو دھوکہ دیا جا سکے۔کیمرہ فوٹیج میں مبینہ طور پر ملزمان کو ہیئر ڈرائر کی مدد سے سیریل نمبر اسٹیکرز تبدیل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

    حکام کے مطابق ان سرورز میں موجود جدید Nvidia جی پی یوز اس اسمگلنگ کا اصل مقصد تھے، جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے انتہائی اہم سمجھے جاتے ہیں۔سپر مائیکرو نے وضاحت کی ہے کہ کمپنی خود اس مقدمے میں فریق نہیں ہے۔لیاؤ کو عہدے سے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا،چانگ کو بھی چھٹی پر بھیج دیا گیا،سن کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا،کمپنی نے کہا ہے کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور برآمدی قوانین کی مکمل پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔

    اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سپر مائیکرو کے شیئرز میں آفٹر آورز ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 12 فیصد تک کمی دیکھی گئی، جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش پھیل گئی ہے۔حکام کے مطابق یہ پورا نیٹ ورک اربوں ڈالر منافع کمانے کے لیے قائم کیا گیا تھا، جبکہ مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • امریکی فوجی جدید بمبار طیارہ برطانیہ کے فوجی اڈے پر پہنچ گیا

    امریکی فوجی جدید بمبار طیارہ برطانیہ کے فوجی اڈے پر پہنچ گیا

    برطانیہ میں واقع فوجی اڈے پر امریکی فضائیہ کا ایک جدید بمبار طیارہ اتار دیا گیا ہے،

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فضائیہ کا بی-1 بی (B-1B) بمبار طیارہ B-1B Lancer برطانیہ کے علاقے گلوسٹرشائر میں قائم RAF Fairford پر لینڈ کر گیا۔ جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملہ طیارے کی دیکھ بھال اور اسلحہ کی منتقلی میں مصروف ہے۔یہ فوجی اڈہ امریکہ کو مشرق وسطیٰ میں اپنی "دفاعی کارروائیوں” کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ خطے میں اپنی عسکری موجودگی کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اطلاعات ہیں کہ بحرِ ہند میں واقع مشترکہ امریکی و برطانوی فوجی اڈہ ڈیاگو گارشیا ایرانی بیلسٹک میزائلوں کا نشانہ بنا۔دفاعی ماہرین کے مطابق امریکی بمبار طیارے کی برطانیہ آمد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ امریکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی حکمت عملی کو فعال کر رہا ہے۔

  • بغداد میں ڈرون حملے سے ایک افسر ہلاک،امریکہ کا عراق سے بڑا انخلا آپریشن شروع

    بغداد میں ڈرون حملے سے ایک افسر ہلاک،امریکہ کا عراق سے بڑا انخلا آپریشن شروع

    امریکہ نے 2011 کے بعد عراق سے اپنا سب سے بڑا انخلا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے تحت تقریباً 200 امریکی فوجیوں کو دارالحکومت بغداد سے جرمنی کے جنوبی شہر ڈرمسٹڈ میں قائم فوجی اڈے منتقل کیا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ انخلا سکیورٹی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کیا جا رہا ہے،بغداداور دیگر علاقوں میں امریکیوں پر پے در پے حملوں کے بعد ممکنہ طور پر امریکی انخلا شروع ہوا ہے،

    دوسری جانب عراق کے دارالحکومت بغداد میں انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر کے قریب ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے۔ عراقی نیشنل انٹیلی جنس سروس کے مطابق حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون نامعلوم “ گروہوں” کی جانب سے داغا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا ان گروہوں کا تعلق ایران سے ہے یا نہیں۔بیان کے مطابق حملہ حساس سیکیورٹی تنصیبات کے قریب ہوا، جس کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    دوسری جانب نیٹو نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ اس نے عراق میں اپنے مشاورتی مشن سے تمام فوجیوں کو واپس بلا لیا ہے۔ اس کے علاوہ پولینڈ، اسپین اور کروشیا سمیت کئی ممالک بھی حالیہ دنوں میں اسی نوعیت کے انخلا کا اعلان کر چکے ہیں۔