Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • نصیرآباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکا، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

    نصیرآباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکا، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

    نصیرآباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک کو دھماکے سے نقصان پہنچنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد ریلوے حکام اور سیکیورٹی ادارے فوری طور پر حرکت میں آ گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا ریلوے ٹریک پر نصب کسی نامعلوم دھماکا خیز مواد کے باعث ہوا، جس سے ٹریک کا تقریباً دو فٹ کا حصہ متاثر ہوا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب پیش آیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت کوئی ٹرین وہاں سے نہیں گزر رہی تھی، جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام ٹرینوں کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ ریلوے ٹریک کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ ریلوے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ جانچ کی جا رہی ہے کہ دھماکا تخریب کاری کا نتیجہ تھا یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل ہونے تک ٹرین سروس معطل رہنے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی کلیئرنس کے ساتھ ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کی جائے گی، جبکہ علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • قومی اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ

    قومی اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے لیے وزارتِ پارلیمانی امور نے باقاعدہ سمری وزیراعظم کو ارسال کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    رپورٹ کے مطابق آئندہ اجلاس میں اہم قانون سازی کے ساتھ ساتھ عوامی اور قومی نوعیت کے متعدد اہم مسائل پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران زیر التوا اور نئے قانون سازی کے ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، جب کہ مختلف وزارتوں کی کارکردگی اور عوام کو درپیش مسائل بھی ایوان میں زیر بحث آئیں گے۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے عمل کا باقاعدہ آغاز بھی متوقع ہے، جس کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ پارلیمانی حلقوں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے پارلیمانی امور میں توازن اور قانون سازی کے عمل میں بہتری آنے کی امید ہے۔

    مزید برآں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس پر ایوان میں تفصیلی بحث کے بعد منظوری یا ترامیم کی جا سکتی ہیں۔ اس بل کو دارالحکومت میں بلدیاتی نظام کے تسلسل اور جمہوری عمل کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ قومی اسمبلی کا یہ اجلاس تقریباً دو ہفتے تک جاری رہے گا، جس کے دوران سوالات، توجہ دلاؤ نوٹس، تحاریک اور قراردادیں بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ حکومتی و اپوزیشن اراکین کی جانب سے مہنگائی، معیشت، امن و امان اور دیگر اہم قومی معاملات پر اظہارِ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔

  • کراچی یونیورسٹی کے سامنے خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزم کو رہا کرنے کا حکم

    کراچی یونیورسٹی کے سامنے خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزم کو رہا کرنے کا حکم

    کراچی یونیورسٹی کے باہر خواتین کے سامنے سامنے غلیظ حرکتیں کرنے والا ملزم ضمانت پر رہا کر دیا گیا

    جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی، یونیورسٹی روڈ پر نازیبا حرکات کرنے والے ملزم محی الدین عدالت میں پیش ہوا،عدالت نے ملزم محی الدین کی ضمانت منظور کرلی ،عدالت نے ملزم کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا،عدالت نے کہا کہ ملزم کے خلاف لگائے گئے دفعات قابل ضمانت ہیں ،

    ملزم محی الدین کی نازیبا حرکات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ،ملزم کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایت اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے نوٹس کے بعد مبینہ ٹاؤن پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کیا اور پھر مقدمہ درج کرلیا گیا تھا،

  • کمانڈر لاہور کور کی نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کے وفد کے ساتھ خصوصی نشست

    کمانڈر لاہور کور کی نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کے وفد کے ساتھ خصوصی نشست

    کمانڈر لاہور کور کی نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کے وفد کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی

    کمانڈر لاہور کور نے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے وفد میں شریک طلبہ کیساتھ خصوصی نشست میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، جس میں قومی و علاقائی سلامتی کے امور زیرِ بحث آئے۔ کمانڈر نے کہا کہ پاک فوج نے بلوچستان کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم سے پاک رکھنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور بلوچستان کے لوگ انتہائی پرامن اور محب وطن ہیں۔ دشمن کے منفی پراپیگنڈے سے اب پوری قوم بخوبی واقف ہو چکی ہے اور دشمن اپنا بیانیہ کھو چکا ہے۔ دنیا یہ جان چکی ہے کہ پاکستان ایک پرامن عالمی قوت ہے جبکہ بھارت دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث ملک ہے۔

    نشست کے اختتام پر طلباء نے معرکہ حق (آپریشن بنیان مرصوص) کی تاریخی فتح پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملک پر فخر کرتے ہیں اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • آئی سی سی نے بنگلہ دیش سے بھارت میں سیکیورٹی خدشات پر وضاحت طلب کر لی

    آئی سی سی نے بنگلہ دیش سے بھارت میں سیکیورٹی خدشات پر وضاحت طلب کر لی

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کی مکمل تفصیلات مانگ لی ہیں۔

    ذرائع بی سی بی کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ رات ایک باضابطہ ای میل موصول ہوئی، جس میں بنگلہ دیشی ٹیم کو بھارت میں درپیش ممکنہ سیکیورٹی خطرات کی نوعیت، شدت اور پس منظر سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے خاص طور پر یہ جاننا چاہا ہے کہ بنگلہ دیش کو کن حالات اور وجوہات کی بنیاد پر سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اور آیا یہ خدشات کھلاڑیوں، آفیشلز یا ٹیم انتظامیہ کے لیے براہِ راست خطرے کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔ بی سی بی حکام کے مطابق بورڈ آج آئی سی سی کو بھارت میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلی اور تحریری جواب ارسال کرے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر داخلی مشاورت مکمل کر لی ہے اور جواب میں حالیہ واقعات، موصول ہونے والی دھمکیوں اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کو شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بی سی بی اس بات پر زور دے گا کہ کھلاڑیوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے قبل مکمل سیکیورٹی یقین دہانی ناگزیر ہے۔

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں بھارتی انتہاء پسند گروہوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے نکال دیا گیا تھا، جس پر بنگلہ دیش میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ اسی تناظر میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد آئی سی سی کو میزبان ملک کی سیکیورٹی ذمہ داریوں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا، جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے دیے جانے والے جواب کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

  • یونیورسٹی میں خودکشی کی کوشش کرنے والی طالبہ کا علاج جاری

    یونیورسٹی میں خودکشی کی کوشش کرنے والی طالبہ کا علاج جاری

    لاہور کی نجی یونیورسٹی میں خودکشی کی کوشش کرنے والی طالبہ کا علاج جاری ہے، پولیس نے واقعے سے قبل بات کرنیوالے لڑکے کو حراست میں لے لیا۔

    لاہور کی نجی یونیورسٹی میں خودکشی کی کوشش کرنیوالی طالبہ کے علاج کیلئے میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا، ڈاکٹروں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 7 کردی گئی۔سربراہ جنرل اسپتال پروفیسر فاروق افضل کا کہنا ہے کہ پروفیسر آف میڈیسن بھی میڈیکل بورڈ میں شامل ہیں، سانس اور گائنی کے ڈاکٹرز کو بھی بورڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، طالبہ کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب پولیس تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس نے خودکشی کی کوشش سے قبل لڑکی سے بات کرنیوالے لڑکے کا پتہ لگالیا، جسے حراست میں لیا جاچکا ہے۔پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ معاملہ پسند کی شادی کا معلوم ہوتا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

  • بھارت جنگ بندی کیلئے کیسے امریکا کے پاؤں پڑا، حقائق سامنے آگئے

    بھارت جنگ بندی کیلئے کیسے امریکا کے پاؤں پڑا، حقائق سامنے آگئے

    بھارت جنگ بندی کیلئے کیسے امریکا کے پاؤں پڑا، حقائق سامنے آگئے۔ امریکی محکمہ انصاف کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 10 مئی کو جنگ بندی والے دن بھارتی سفارتخانہ اہم امریکی شخصیات سے رابطے میں تھا۔

    امریکی محکمہ انصاف میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق 10 مئی کو جس دن بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ہوئی، بھارتی سفارتخانہ ٹرمپ انتظامیہ کی اہم شخصیات سے رابطے میں تھا۔وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز اور دیگر حکام سے لابنگ فرم کی مدد سے رابطہ کیا گیا، بھارت نے جس لابنگ فرم کو ہائر کیا اس کے سربراہ کی صدر ٹرمپ کے ساتھ تصویر بھی سامنے آگئی۔دستاویزات منظرعام پر آنے سے دہلی کے سفارتی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بھارتی اخبار دی ہندو کی ایڈیٹر سوہاسنی حیدر کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس سے رابطوں اور امریکی حکام سے ملاقاتوں کیلئے بھارت لابنگ فرم پر انحصار کرتا ہے۔امریکی لابنگ فرم نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی ملاقات بھی انہوں نے کروائی، لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے والوں میں بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری بھی شامل ہیں۔

  • سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں فضائی کارروائیاں، علیحدگی پسند فورسز نشانہ

    سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں فضائی کارروائیاں، علیحدگی پسند فورسز نشانہ

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمن میں محدود پیمانے پر فضائی کارروائیاں کرنے اور ان میں علیحدگی پسند فورسز کو نشانہ بنانے کی تصدیق کر دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ کارروائیاں یمن کے جنوبی صوبے الضالع میں کی گئیں، جہاں علیحدگی پسند عناصر کی جانب سے فوجی نقل و حرکت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد یمن میں ممکنہ بڑے تصادم کو روکنا اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنا تھا۔ اتحاد کے مطابق فضائی حملے علی الصبح تقریباً صبح 4 بجے کیے گئے، تاکہ کسی بھی قسم کی زمینی جھڑپ یا خانہ جنگی کے پھیلاؤ کو بروقت روکا جا سکے۔اتحاد نے مزید انکشاف کیا ہے کہ سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کے سربراہ عیدروس الزبیدی طے شدہ پروگرام کے مطابق ریاض روانہ نہیں ہوئے بلکہ نامعلوم مقام پر فرار ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق عیدروس الزبیدی کو منگل کی شب عدن سے ریاض روانہ ہونا تھا، جہاں انہیں یمنی حکومت اور جنوبی علیحدگی پسندوں کے درمیان متوقع مذاکرات میں شرکت کرنا تھی۔

    سعودی اتحاد کے مطابق قانونی یمنی حکومت اور اتحاد کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ عیدروس الزبیدی نے ایک بڑی فوجی طاقت کو متحرک کر لیا ہے۔ ان اطلاعات کے مطابق الزبیدی نے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے لیس ایک بڑی فورس صوبہ الضالع میں جمع کر لی تھی، جس سے کشیدگی میں شدید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ انہی خطرات کے پیش نظر پیشگی فضائی کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا تاکہ حالات کو قابو میں رکھا جا سکے۔ تاہم، کارروائیوں سے قبل ہی عیدروس الزبیدی ریاض جانے والی پرواز پر سوار نہیں ہوئے اور کسی نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہو گئے۔

    دوسری جانب یمن کے ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ ایک سخت بیان میں عیدروس الزبیدی پر غداری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الزبیدی کو غداری کے الزامات کے تحت نائب صدر، صدارتی لیڈرشپ کونسل کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ایوانِ صدر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عیدروس الزبیدی کو ان اقدامات اور مبینہ جرائم پر اٹارنی جنرل کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔ یمنی حکام کے مطابق ریاستی خودمختاری کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی فوجی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت یمن کے پہلے سے پیچیدہ سیاسی اور عسکری منظرنامے میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کے اثرات مستقبل کی سیاسی مذاکراتی کوششوں پر بھی پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • تلہ گنگ،بس کھائی میں جا گری،5 مسافر جاں بحق،27 زخمی

    تلہ گنگ،بس کھائی میں جا گری،5 مسافر جاں بحق،27 زخمی

    چکوال میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 5 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ 27 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ چکوال کے علاقے تلہ گنگ میں پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری ایک بس کھائی میں جا گری،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بدقسمت بس اسلام آباد سے کراچی جا رہی تھی اور حادثہ جی ٹی روڈ پر ڈھوک پٹھان کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی جس کے نتیجے میں وہ گہری کھائی میں جا گری،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 27 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 7 خواتین بھی شامل ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے بڑے طبی مراکز منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

  • عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جیل میں 45 منٹ کی ملاقات

    عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جیل میں 45 منٹ کی ملاقات

    اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پابندِ سلاسل سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی۔

    جیل ذرائع کے مطابق یہ ملاقات منگل کے روز طے شدہ شیڈول کے تحت عمل میں آئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی تقریباً 45 منٹ تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے، جس دوران دونوں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور باہمی گفتگو کی۔ ملاقات جیل قوانین اور سکیورٹی ضوابط کے مطابق کرائی گئی۔
    جیل حکام کے مطابق یہ ملاقات کوئی پہلی نہیں، اس سے قبل بھی گزشتہ منگل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کروائی گئی تھی۔ تاہم اس دوران جیل انتظامیہ نے واضح کیا کہ بیرونِ جیل سے کسی بھی عزیز، رشتہ دار، پارٹی رہنما یا وکیل کو عمران خان یا بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ملاقات کا دورانیہ مکمل ہونے پر بشریٰ بی بی کو واپس جیل کے مقررہ حصے میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ عمران خان اپنی بیرک میں واپس چلے گئے۔