Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پنجاب کا ہر ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب

    پنجاب کا ہر ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب

    پنجاب بھر کے شہروں اور دیہات کی ترقی کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے 224 گاؤں تیزی سے مثال بننے کی راہ پر گامزن ہیں، جبکہ پہلے فیز میں پنجاب کے 469 دیہات میں واٹر سپلائی، ڈرینج، چلڈرن پارک، فٹ پاتھ اور اسٹریٹ لائٹس کے ذریعے ہر گلی کو خوبصورت، روشن اور محفوظ بنایا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، مثالی گاؤں، پی ایچ اے، صاف پانی اور دیہی سڑکوں کے منصوبوں پر تین گھنٹے تک پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سخت احکامات جاری کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کا ہر ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہوگا، اس مقصد کے لیے لائیو ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا اور وہ خود روزانہ کڑی نگرانی کریں گی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے سیوریج لائنیں سڑکوں کے بجائے گرین بیلٹ میں بچھائی جائیں گی جبکہ مین ہول کناروں پر ہوں گے تاکہ سڑکیں محفوظ رہیں۔ مضبوط اور صاف پنجاب کے لیے 100 سال کی ضمانت کے ساتھ HOPE سیوریج پائپ نصب کیے جائیں گے،لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا فیز 30 اپریل تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سات شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اپریل میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ مزید 11 اضلاع میں نئے پی ایچ اے قائم ہو چکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 21 ہو جائے گی، جبکہ پورے صوبے میں پی ایچ اے کے قیام کے لیے قابلِ عمل پلان طلب کر لیا گیا ہے۔

    بے گھر افراد کے لیے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کی دوسری قسط فوری جاری کرنے، جبکہ ’اپنی زمین، اپنا گھر‘ کے الاٹیز کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کے تحت 155 ارب روپے کے 1 لاکھ 21 ہزار 477 قرضے جاری ہو چکے ہیں، 65 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں اور روزانہ 700 مکانات تعمیر ہو رہے ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گلیوں اور سڑکوں میں کھدائی کر کے کھلا چھوڑنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیوریج اور تعمیر و مرمت کے کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 52 شہروں میں 204 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر و مرمت اور بحالی کے منصوبے 22 فروری تک شروع ہوں گے،اجلاس میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، واٹر فلٹریشن اور واٹر بوٹلنگ پلانٹس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے خراب پانی والے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر فلٹریشن پلانٹس لگانے اور 30 جون تک تعمیر و بحالی مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا۔ ڈی جی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولپور کے علاقوں میں عوام کو گھر کی دہلیز پر بوتل واٹر فراہم کیا جائے گا۔

  • تین دہائیاں گزرنے کے باوجود سانحہ سوپور کے متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر

    تین دہائیاں گزرنے کے باوجود سانحہ سوپور کے متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر

    بھارتی ریاستی تشدد کی المناک داستان سانحۂ سوپور، مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر درج ہے

    6 جنوری 1993 وہ سیاہ دن ہے جب سوپور میں نہتے کشمیری شہریوں کو سفاک بھارت نے منظم ریاستی کارروائی کا نشانہ بنایا ،سوپور میں ہونے والی فائرنگ کسی اچانک واقعہ کا نتیجہ نہیں بلکہ بھارتی درندوں کی منظم منصوبہ بند سازش تھی،سانحۂ سوپور کے متاثرین کے مطابق بھارتی فوجیوں نے شہداء کو گھسیٹ کر تین مختلف مقامات پر منتقل کیا اور پھر کراس فائرنگ میں مرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا،متاثرین سانحہ سوپور کا کہنا ہے کہ ہمارا مال بھارتی فوج نے اپنے ٹرکوں میں بھرا اور لوٹ کر موقع سے فرار ہو گئی، متاثرین سانحۂ سوپور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے تیل سے بھرے ٹینکر سے تیل نکال کر ہمارے گھروں پر چھڑکا اور جان بوجھ کر آگ لگا دی ،بارڈر سیکیورٹی فورس کی اندھا دھند فائرنگ نے ایک مسافر بس سمیت کئی مقامات پر بے گناہ جانیں لے لیں،بھارتی سفاکیت کے باعث سوپور کے بازار، گلیاں اور رہائشی علاقے چند گھنٹوں میں خوف، آگ اور موت کی علامت بن گئے

    آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے قوانین نے بھارتی فورسز کو انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کی کھلی اجازت دے رکھی تھی،سانحۂ سوپور نے یہ حقیقت عیاں کر دی کہ مقبوضہ کشمیر میں عسکری موجودگی کشمیری عوام کے تحفظ کیلئے نہیں تھی،متاثرین سانحۂ سوپور نےسرکاری اعداد و شمار کے مطابق 6 جنوری 1993 کو 60 سے زائد افراد کو گولیوں سے مارنے اور زندہ جلانے کا بھی انکشاف کیا،انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعہ کو قتلِ عام قرار دیا، مگر انصاف کا کوئی راستہ نہ کھل سکا،انتہا پسند بھارت کی ریاستی سرپرستی اور عدالتی خاموشی نے ہمیشہ سوپور کے ذمہ داروں کو مکمل استثنا فراہم کیا،تین دہائیاں گزرنے کے باوجود سانحہ سوپور کے متاثرین آج بھی انصاف اور عالمی توجہ کے منتظر ہیں،آج بھی عالمی برادری بھارت کےظلم و جبر پر خاموش ہے لیکن پاکستان مسلسل اپنے کشمیری بھائیوں پر ہونے والے مظالم پر آواز اٹھاتا رہے گا

  • پاک فوج کی بروقت مدد کے باوجود باجوڑ کا جار پل صوبائی حکومت کی توجہ سے محروم

    پاک فوج کی بروقت مدد کے باوجود باجوڑ کا جار پل صوبائی حکومت کی توجہ سے محروم

    پاک فوج کی بروقت مدد کے باوجود باجوڑ کا جار پل صوبائی حکومت کی توجہ سے محروم ہے

    اگست 2025ء میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث باجوڑ کی سب سے بڑی سڑک اور جارپل بھی تباہ ہو گئے تھے،عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پاک فوج کے انجینئرزنے فوری طور پر عارضی پل تعمیر کیا تھا،اسی عارضی پل کے ذریعے عوام کی آمدو رفت جاری رہی،پاک فوج کی فوری اور بروقت مدد اور صوبائی حکومت کی نااہلی کے بارے میں عوام کا کہنا ہے کہ ہم پاک فوج کے مشکور ہیں کیونکہ اس پل کے تباہ ہونے سے ہم بہت تکلیف میں تھے،پاک فوج نے ہماری مشکلات کو دیکھتے ہوئے عارضی طور پر پل قائم کیا، اس عارضی پل کے بعد صوبے کی جانب سے اس پر کوئی کام نہیں کیا گیا ، میں پاک فوج کا مشکور ہوں جس نے سیلاب کے فوراً بعد یہ عارضی پل بنایا،حکومت سے مطالبہ ہے کہ جو فنڈز مہیا کئے گئے ہیں اس پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے،کچھ روز قبل ہمارے ایم پی اے بڑے دعوے کر رہے تھے کہ اس کی منظوری ہو چکی ہے ،صوبائی حکومت کہتی ہے کہ کام آج کل شروع کردینگے لیکن کوئی نہیں آیا اور پل خراب پڑا ہے،صوبائی حکومت کی جانب سے ابھی تک رابطہ پل پر کوئی کام نہیں ہوا اور نہ ہی کسی صوبائی وزیر کو اس کا خیال آیا ہے، نہ ہی اب تک مشینیں آئی ہیں اور نہ ہی کام شروع ہوسکا ہے، پاک فوج نے فوری طور پر لوہے کا پل بنایا، اللہ اسکا بھلا کرے.

  • ایران میں بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

    ایران میں بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

    تہران: ایرانی چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے ملک میں بدامنی، انتشار اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کا واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کے ساتھ اب کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

    خبر رساں ادارے میزان کے مطابق چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے عدالتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور تمام صوبوں کے پراسیکیوٹرز کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شرپسند عناصر، تخریب کاروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنائیں۔چیف جسٹس نے ملک میں حالیہ پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر ایران میں عدم استحکام پیدا کرنے اور عوامی امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پرامن احتجاج کو آئینی حق تسلیم کرتا ہے، تاہم احتجاج کے نام پر تشدد، تخریب کاری اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    غلام حسین محسنی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والے شہریوں اور منظم تخریب کار گروہوں کے درمیان واضح فرق کیا جانا چاہیے، کیونکہ کچھ عناصر عوامی مطالبات کی آڑ میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے عدالتی اداروں پر زور دیا کہ وہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔ایرانی چیف جسٹس نے مزید کہا کہ جو عناصر عوامی سلامتی، قومی مفادات اور ریاستی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، انہیں قانون کے مطابق فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور عدلیہ اس حوالے سے کسی دباؤ یا مصلحت کا شکار نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ ایران میں مہنگائی، معاشی دباؤ اور کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ کے خلاف گزشتہ 9 روز سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران مختلف شہروں میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔انسانی حقوق پر نظر رکھنے والے خبر رساں ادارے ایچ آر اے این اے کی رپورٹ کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے، جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 50 سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔

  • ریڑھی والوں کو بھی جینے کا حق دیا جائے،شیخ رشید

    ریڑھی والوں کو بھی جینے کا حق دیا جائے،شیخ رشید

    سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ حکومت گاڑی والوں کو صرف سہولت نہ دے، ریڑھی والوں کو بھی جینے کا حق دیا جائے۔

    راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی جہاں شیخ رشید اپنے وکلا کے ہمراہ پہنچے،عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریڑھی والوں اور چھابڑی والوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، پیرا والے اور دوسرے لوگ ان کا سارا سامان الٹ دیتے ہیں، یہ ان کی گھر کی روزی روٹی ہے، میں اپیل ہی کرسکتا ہوں ریڑھی والوں اور چھابڑی والوں پر رحم کیا جائے، حکومت گاڑی والوں کو صرف سہولت نہ دے، ریڑھی والوں کو بھی جینے کا حق دیا جائے، کوشش کریں اس ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ ہو۔

  • صوابی،ٹیکس آفس کی بڑی کارروائی، لاکھوں کلو غیر قانونی تمباکو برآمد

    صوابی،ٹیکس آفس کی بڑی کارروائی، لاکھوں کلو غیر قانونی تمباکو برآمد

    ٹیکس آفس پشاور نے ضلع صوابی کے علاقے انبار میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں کلوگرام غیر قانونی طور پر ذخیرہ شدہ تمباکو برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران ایک جی ایل ٹی (Green Leaf Threshing) یونٹ مکمل طور پر فعال حالت میں پایا گیا، جہاں بھاری مقدار میں تمباکو موجود تھا جسے تحویل میں لے لیا گیا۔

    ایف بی آر ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 5 لاکھ 14 ہزار 596 کلوگرام ہینڈ اسٹیمڈ لیمینا، 35 ہزار 280 کلوگرام تمباکو اسٹیم اور 74 ہزار 800 کلوگرام گرین لیف برآمد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ تمباکو کی مقدار غیر معمولی طور پر زیادہ ہے جو بڑے پیمانے پر غیر قانونی تمباکو مینوفیکچرنگ اور ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرتی ہے۔حکام کے مطابق برآمد ہونے والا تمباکو ایک نجی ٹوبیکو کمپنی کے نام پر موجود تھا، جبکہ یونٹ کے مالک کی شناخت ربنواز کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ یونٹ میں تمباکو کی پروسیسنگ اور ذخیرہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی کھلی خلاف ورزی کے تحت کی جا رہی تھی۔

    ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر گودام اور تمام مشینری کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق اس غیر قانونی سرگرمی کے ذریعے اربوں روپے کی ٹیکس چوری کی جا رہی تھی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تمباکو مینوفیکچرنگ، ذخیرہ اندوزی اور ٹیکس چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خصوصی عدالت سے حاصل کردہ سرچ وارنٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جبکہ کیس میں مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام نے عندیہ دیا ہے کہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد اور اداروں کے خلاف بھی جلد کارروائیاں متوقع ہیں۔

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان،دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز متحرک،چھ سے زائد دہشتگرد جہنم واصل

    خیبر پختونخوا،بلوچستان،دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز متحرک،چھ سے زائد دہشتگرد جہنم واصل

    خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کاروائیاں جاری ہیں

    سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک آڈیو ریکارڈنگ کا نوٹس لیا ہے جو کالعدم عسکریت پسند رہنما حافظ گل بہادر سے منسوب کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق اس آڈیو کی صداقت کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس نوعیت کا پروپیگنڈا مواد کالعدم تنظیمیں عوام کو گمراہ کرنے اور اپنے حامیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے معمول کے طور پر جاری کرتی رہتی ہیں۔

    حکام نے آڈیو میں کیے گئے دعوؤں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم عسکری تنظیمیں اپنی قیادت، آپریشنل طاقت اور علاقائی اثر و رسوخ سے متعلق اکثر جھوٹے اور مبالغہ آمیز دعوے پھیلاتی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے زور دیا کہ وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں ریاست کی عمل داری مکمل طور پر قائم ہے، جہاں مسلسل انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز سے دہشت گرد نیٹ ورکس کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاک فوج مل کر دہشت گردی کے خاتمے، باقی ماندہ ٹھکانوں کے خاتمے اور کسی بھی ممکنہ دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایسی آڈیو پیغامات کی تشہیر ایک منظم گمراہ کن مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی سلامتی کی کوششوں کو کمزور کرنا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کالعدم تنظیموں کے پروپیگنڈا مواد کو شیئر نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات پر اعتماد کریں۔ آڈیو کی اصل اور اس کی ترسیل کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے دہشت گردی کے ہر شکل میں خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    سی ٹی ڈی سندھ نے رئیس گوٹھ سے ایک خودکش بمبار کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کی مجید بریگیڈ سے ہے۔ سیکیورٹی فورسز مزید روابط سامنے لانے اور آئندہ دہشت گرد کارروائیوں کی روک تھام کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    قِلعہ جنگی، اعظم ورسک علاقہ، جنوبی وزیرستان، خیبر پختونخوا
    مقامی کمانڈنگ افسر نے قلعہ جنگی کے عمائدین سے ملاقات کی جس میں عوامی سہولیات اور سیکیورٹی سمیت علاقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کمانڈنگ افسر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کا مقصد مقامی آبادی کو سہولیات فراہم کرنا اور علاقے کی مجموعی ترقی میں معاونت کرنا ہے۔ عمائدین نے سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بچوں کو موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بنیادی ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    پنالہ، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر پختونخوا
    پنالہ کے علاقے میں پرانے پنالہ پولیس اسٹیشن کے قریب شرپسند عناصر کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ شہید اہلکار کی میت کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    پشاور میں کباڑ چنتے ہوئے دستی بم پھٹنے سے تین کم عمر بچے زخمی ہو گئے۔ زخمی بچوں کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکہ خیز مواد کیسے پھٹا۔

    حیات آباد پولیس نے ایک منظم گینگ کو گرفتار کیا ہے جو افغان شہریوں اور خواتین سے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار میں ملوث تھا اور خود کو حساس اداروں کا اہلکار ظاہر کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران تین ملزمان گرفتار کیے گئے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 16 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے، 500 امریکی ڈالر، 1,300 درہم اور 28 ہزار افغانی کرنسی برآمد کی۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے جرائم کا اعتراف کیا۔ پولیس مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

    سرائے درگہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنۃ الخوارج کے ایک سینئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت محمد عرف معاویہ بدری کے نام سے ہوئی، جو افغان صوبہ پکتیکا کا رہائشی تھا اور خودکش بمباروں کی بھرتی و تربیت سے وابستہ تھا۔ سیکیورٹی فورسز علاقے میں مزید کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    وسطی کرم میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی مگر فورسز نے بروقت کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ باقی فرار ہو گئے۔ واقعے میں کوئی اہلکار یا شہری شہید یا زخمی نہیں ہوا۔ بعد ازاں علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔

    تیرہ وادی میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر کے حجرے کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں صرف املاک کو نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    بنوں میں میر یان پولیس اسٹیشن کو کوآڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق دو دھماکہ خیز آلات تھانے کے باہر گرے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ تیسرا دھماکہ خیز آلہ ایک قریبی شہری مکان پر گرا اور پھٹ گیا۔ تاہم اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    خیبر کے راجگل سیکٹر میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی کے بعد سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد افغانستان کے ضلع ننگرہار کے علاقے ڈبیلا، اسپین غر سے داخل ہوئے۔ آپریشن کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    لکی مروت میں دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کے گھروں کو نشانہ بنایا اور دیواریں و دروازے توڑ دیے۔ دونوں اہلکار اس وقت شہر میں موجود تھے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    ہرنائی کے علاقے زندہ پیر، 22 میل کے قریب سے پانچ نامعلوم لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ لیویز کے مطابق اطلاع ملنے پر فورسز نے موقع پر پہنچ کر لاشیں تحویل میں لے لیں اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پنجگور کے علاقے چٹکان میں مرکزی مسجد کے قریب موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ سیکیورٹی اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال قابو میں ہے۔

  • وزیراعظم کا  خالدہ ضیا کی تعزیت کے لیے بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ

    وزیراعظم کا خالدہ ضیا کی تعزیت کے لیے بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لیے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔

    وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے تعزیت کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں پیغام ریکارڈ کیا اور مرحومہ کی روح کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک صاحب بصیرت رہنما اور ایک نامور سیاسی شخصیت قرار دیا جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کردی۔ بیگم ضیاء کو پاکستان اور اسکے عوام کی مخلص دوست و خیر خواہ کے طور پر یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایک لازوال اور متاثر کن میراث چھوڑی ہے۔

    پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کے اہل خانہ، ان کی پارٹی کے کارکنان اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے.

  • کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے منتظر ہیں،خالد مسعود سندھو

    کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے منتظر ہیں،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ کشمیری آٹھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے منتظر ہیں، 5 جنوری 1949 کویو این کمیشن برائے بھارت وپاکستان نے قرارداد منظورکی جس پر آج تک عمل نہ ہو سکا، کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا حق دیا جائے جو ان کا بنیادی حق ہے، مرکزی مسلم لیگ اہل کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے

    خالد مسعود سندھوکا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے، کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بنیادی انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن انہیں قابض بھارت کی جانب سے مسلسل ریاستی جبر، ظلم وتشدد کا سامنا ہے،حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں آواز بلند کرے، کشمیری پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتے ہیں اور سبز ہلالی پرچم لہراتے ہیں،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی شدید خطرہ ہیں ، مرکزی مسلم لیگ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی

  • نولکھا چرچ میں کرسمس،سال نو کی تقریب،ڈی آئی جی آپریشن لاہور کی شرکت

    نولکھا چرچ میں کرسمس،سال نو کی تقریب،ڈی آئی جی آپریشن لاہور کی شرکت

    لاہور میں کرسمس اور نئے سال کی مناسبت سے ایک پُروقار اور خوشگوار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسیحی برادری کے ممتاز مذہبی رہنما ڈاکٹر مجیدابیل، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران، جاوید خان ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او نولکھا سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب کے آغاز پر ریورنڈڈاکٹر مجید ابیل نے کرسمس اور نئے سال کی روح پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن محبت، امن، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا باہمی احترام ہی ایک مضبوط اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے مسیحی برادری کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ تمام شہری بلاخوف و خطر اپنی خوشیاں منا سکیں۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کا باہمی تعاون امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

    تقریب کے دوران کیک کاٹا گیا، خصوصی دعائیں کی گئیں اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔