Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • تربت ،غیر قانونی اسلحے کی بڑی کھیپ ضبط

    تربت ،غیر قانونی اسلحے کی بڑی کھیپ ضبط

    بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اسمگلنگ کے خلاف بڑی اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحے کی بھاری کھیپ ضبط کر لی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایم-8 شاہراہ پر واقع سمی ناکہ کے قریب کی گئی، جہاں مشتبہ پک اَپ کو روک کر تلاشی لی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے 400 پستول اور 340 میگزین برآمد ہوئے، جو غیر قانونی طور پر اسمگل کیے جا رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف اسلحہ قبضے میں لیا بلکہ مشتبہ شخص کو گاڑی سمیت گرفتار بھی کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت احسن اللہ ولد میر باز خان کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ پشاور کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ مختلف جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر تک پہنچایا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی مستعدی کے باعث یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے تاکہ اسلحہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور ممکنہ روابط کا سراغ لگایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف ایک بڑے اسلحہ اسمگلنگ نیٹ ورک کو نقصان پہنچا ہے بلکہ ممکنہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی امن و امان کے قیام، غیر قانونی اسلحے کی ترسیل کی روک تھام اور شرپسند عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دے کر امن کے قیام میں اداروں کا ساتھ دیں۔

  • طالبان رجیم کا سونے کی کانوں پر قبضہ، افغان اثاثوں کی منظم لوٹ مار بے نقاب

    طالبان رجیم کا سونے کی کانوں پر قبضہ، افغان اثاثوں کی منظم لوٹ مار بے نقاب

    طالبان رجیم کا سونے کی کانوں پر قبضہ، افغان اثاثوں کی منظم لوٹ مار بے نقاب ہو گئی ہے

    افغانستان پر قابض طالبان رجیم کی اپنے غیر قانونی اقتدار کو سہارا دینے کیلئے اپنے ہی شہریوں سے بھتہ خوری، املاک پرقبضے اور قدرتی وسائل کی لوٹ مار دیکھنے کو ملی ہے،عسکریت پسند طالبان رجیم کی شرپسند کارروائیاں پہلے ہی خطے کے ممالک کیلئے درد سر بن چکی ہیں،افغان جریدے ہشت صبح کی خبر کے مطابق افغانستان کے شمال مشرقی صوبوں میں طالبان کی طرف سے سونے کی کانوں پر قبضے کا سلسلہ تیز ہوگیا ، ہشت صبح نے خبر دی ہے کہ طالبان عناصرکسی بھی جگہ سونے کی کان کی اطلاع پر مالکان کو بیدخل کرکے وہاں خود قابض ہوجاتے ہیں،رپورٹ کے مطابق صوبہ تخار میں اس تنازع پرمقامی افراد سڑکوں پر نکل آئے اور انکی طالبان شرپسندوں کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی،افغان جریدے نے بتایا کہ بدخشاں،تخاراور فراہ میں مقامی افراد کو سونا نکالنے کے پرمٹ جاری نہیں کئے جارہے لیکن طالبان سپورٹرز کو مخصوص حصہ کے عوض کانوں پر قبضہ کی اجازت ہے،طالبان القاعدہ گٹھ جوڑ بھی قدرتی ذخائر کی کانوں سے ہر ہفتہ لاکھوں ڈالر کمارہی ہے ،

    رپورٹ کے مطابق طالبان کو سونے کی کانوں سے حاصل آمدن 25ملین ڈالر ماہانہ سے تجاوز کرچکی ہے، یہ آمدن سالانہ بجٹ میں شامل ہونے کی بجائے طالبان کمانڈرزکی جیبوں میں جاتی ہے،تجزیہ نگاروں کے مطابق قدرتی وسائل کی لوٹ مار افغانستان کو مزید غربت اور معاشی بحران میں دھکیل رہی ہے،افغان مبصرین کا کہنا ہے کہ قدرتی وسائل پرقبضہ کی جنگ طاقتوراورشدت پسندحلقوں کے درمیان نیاٹینشن پوائنٹ بن چکی ہے،افغان طالبان رجیم کی بڑھتی کرپشن ، عوام دشمن پالیسیاں اور دہشتگردی کے فروغ میں معاونت ناصرف افغانستان بلکہ خطے بھرکو مزید تشویش میں مبتلا کر رہی ہیں

  • قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں دیوار پھلانگ کر نوجوان پہنچ گیا ،گرفتار

    قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں دیوار پھلانگ کر نوجوان پہنچ گیا ،گرفتار

    اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئے ہیں، جہاں گرلز ہاسٹل میں غیر متعلقہ نوجوان کے داخل ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس کے بعد طالبات میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔نامعلوم نوجوان گزشتہ رات تقریباً 2 بجے سکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے گرلز ہاسٹل میں داخل ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق نوجوان دیوار پھلانگ کر ہاسٹل نمبر 5 کے احاطے میں داخل ہوا، جہاں بعد ازاں اسے ہاسٹل کے واش روم میں دیکھا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی طالبات میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور شور شرابا شروع ہو گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مذکورہ نوجوان خود کو راول ڈیم کا رہائشی ظاہر کرتا ہے اور یہ بھی کہتا دکھائی دیتا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ہاسٹل آیا ہے۔ ویڈیو میں نوجوان کا غیر سنجیدہ رویہ بھی نمایاں ہے، جس نے طالبات کے خدشات میں مزید اضافہ کر دیا۔واقعے کے بعد گرلز ہاسٹل میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی، جبکہ طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ طالبات کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک نوجوان ہاسٹل میں موجود رہا، اس دوران اس نے کیا سرگرمیاں انجام دیں، اس حوالے سے انتظامیہ کو واضح جواب دینا چاہیے۔ طالبات کے مطابق نوجوان کو واش روم میں گانے گاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جو صورتحال کی سنگینی کو مزید بڑھاتا ہے۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ رات گرلز ہاسٹل نمبر 5 میں نوجوان دیوار پھلانگ کر داخل ہوا تھا، تاہم طالبات کے شور مچانے پر لیڈی وارڈن اور سکیورٹی اسٹاف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ لڑکے کو قابو میں لے لیا۔طالبات کا کہنا تھا کہ اس نوجوان کا شناختی کارڈ چیک کیا جانا چاہئے یہ کتنے وقت سے آ رہا ہے تحقیقات کی جانی چاہئے، طالبات کو تحفظ فراہم کیاجائے،

  • کراچی میں دہشتگردی کے خطرناک منصوبے کا انکشاف،ملزمان گرفتار،بارودبرآمد

    کراچی میں دہشتگردی کے خطرناک منصوبے کا انکشاف،ملزمان گرفتار،بارودبرآمد

    کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 2 ٹن سے زائد بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔

    کراچی سینٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں دہشتگردی کے خطرناک منصوبے کا انکشاف ہوا، انتہائی پیچیدہ اور پیشہ ورانہ کامیاب انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، پریمیئر انٹیلی جنس ایجنسی کی اطلاعات پر بروقت اور فیصلہ کن کارروائی میں 2 ہزار کلو گرام سے زائد تباہ کن بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔پولیس افسران نے بتایا کہ کئی دن کی محنت کے بعد ایک دہشتگرد گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم سے تفتیش کی مدد سے گزشتہ رات مزید 2 دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے، گرفتار دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ، حمدان عرف فرید شامل ہیں۔

    افسران کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا کراچی میں سویلین اہداف کو نشانہ بنانے کا پلان تھا، دھماکا خیزمواد افغانستان سے اندرون بلوچستان اور پھر کراچی لایا گیا، ہم کراچی کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے۔

    وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں نے بڑی اور کامیاب کارروائی کی، کامیاب آپریشن میں مجید بریگیڈ کے کارندے پکڑے گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد نیٹ ورک کے تانے بانے بشیر زیب، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سے ملتے ہیں، بھارتی پراکسیز بی ایل اے اور بی ایل ایف افغانستان میں محفوظ ٹھکانے استعمال کرتی ہیں۔

  • کیپٹن عصمد گلفام شہید مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر لاہور میں سپردِ خاک

    کیپٹن عصمد گلفام شہید مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر لاہور میں سپردِ خاک

    کیپٹن عصمد گلفام شہید مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر لاہور میں سپردِ خاک کر دیئے گئے

    برزل ٹاپ پر ریسکیو آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن عصمد گلفام شہید کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی گئی،جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لاہور، آئی جی پنجاب پولیس، سینئر عسکری و سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی ،کیپٹن عصمد گلفام اُن افسروں میں شامل تھے جو وردی کو صرف نوکری نہیں بلکہ امانت اور ذمہ داری سمجھتے تھے،3 جنوری کی صبح دو بجے، شدید سردی اور جان لیوا موسم کے باوجود، کیپٹن عصمد گلفام اپنے ساتھیوں کے ہمراہ برف میں پھنسی سنو وہیکل کو ریسکیو کرنے میں مصروف تھے ،اچانک برفانی سلائیڈ کےباعث کیپٹن عصمد گلفام اور ان کے دو ساتھی شہید ہو گئے

    کیپٹن عصمد گلفام نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر یہ پیغام دیا کہ اس قوم کے محافظ ہر محاذ پر دفاعِ وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،شہید کیپٹن عصمد گلفام کی قربانی کو پوری قوم سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے

  • بھارت کو ایک اور دھچکا،بنگلہ دیش  نے آئی پی ایل کی ٹیلی کاسٹ پر پابندی لگا دی

    بھارت کو ایک اور دھچکا،بنگلہ دیش نے آئی پی ایل کی ٹیلی کاسٹ پر پابندی لگا دی

    بنگلادیش نے اپنی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کے اعلان کے اگلے ہی روز آئی پی ایل کی ٹیلی کاسٹ پر پابندی عائد کردی۔

    بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستقیض الرحمان کو ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد آئی پی ایل ٹیم کے کے آر سے ریلیز کر دیا گیا، اس معاملے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلاتے ہوئے اپنی حکومت کو تجویز پیش کی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم کو نہ بھیجا جائے،بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی درخواست پر مشیر کھیل بنگلادیش نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، ہماری ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی،بعد ازاں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے آئی سی سی کو باقاعدہ درخواست بھی دی گئی کہ ہمارے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کیے جائیں۔

    اب تازہ ترین پیشرفت میں بنگلادیش کی حکومت نے انڈین پریمیئر لیگ کی اپنے ملک میں ٹیلی کاسٹ پر پابندی لگا دی ہے،حکومت بنگلادیش کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی لیگ پر پابندی غیرمعینہ مدت کے لیے لگائی گئی ہے،

  • چین پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7ویں دور کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    چین پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7ویں دور کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    چین پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7ویں دور کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بیجنگ کا دورہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7ویں دور کی مشترکہ صدارت کی، فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جن میں اسٹریٹجک و سیاسی تعاون، دفاع، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی روابط شامل ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق فریقین میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی، فریقین کا اسٹریٹجک روابط مزید مضبوط بنانے، باہمی اعتماد کے فروغ پر اتفاق ہوا، مشترکہ مفادات کے تحفظ، سماجی و اقتصادی ترقی، امن و خوشحالی کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 2026ء میں سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے آغاز کا اعلان کردیا گیا، مقصد پاک چین دوستی کو مزید مستحکم اور تعاون کے نئے شعبوں کو فروغ دینا ہے، چین پاکستان آہنی دوست، دور کے اسٹریٹجک کو آپریٹو پارٹنرز ہیں،اعلامیے کے مطابق پاک چین مضبوط تعلقات علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے انتہائی اہم، دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے روابط کو تعلقات کی نمایاں خصوصیت قرار دیا۔

  • کسان کارڈ پنجاب کی زراعت کی سمت یکسر بدل چکا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

    کسان کارڈ پنجاب کی زراعت کی سمت یکسر بدل چکا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کسان کی ترقی پاکستان کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور صوبے میں متعارف کرایا گیا کسان کارڈ پنجاب کی زراعت کی سمت یکسر بدل چکا ہے، جس کے نتیجے میں کھیتوں میں اعتماد، سرمایہ کاری اور جدید زرعی رجحانات کی فصل بو دی گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی زرخیز سرزمین رواں سال گندم کی بہترین اور ریکارڈ پیداوار کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 100 ارب روپے کے آسان قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جن میں سے کسان عملی طور پر 65 ارب روپے سے زائد رقم استعمال کر چکے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ اسکیم کسانوں میں مقبول ہو رہی ہے اور عملی فوائد فراہم کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صرف دسمبر کے مہینے میں 13 لاکھ 56 ہزار میٹرک ٹن یوریا کھاد کی ریکارڈ فروخت ہوئی، جو زرعی سرگرمیوں میں تیزی اور کسانوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پنجاب کے کسان کے ہاتھ میں سرمایہ بھی ہے، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی بھی حاصل ہے اور کسان کارڈ کے ذریعے شفاف طریقے سے استعمال کے لیے مالی وسائل بھی میسر ہیں۔

    مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے زرعی شعبے کو مضبوط بنیادوں پر استوار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا، کیونکہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ حکومت کا مقصد کسان کو بااختیار بنانا، اس کی پیداواری لاگت کم کرنا اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ پاکستان غذائی خود کفالت کی منزل حاصل کر سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کسان کارڈ محض ایک مالی سہولت نہیں بلکہ یہ پنجاب میں زرعی انقلاب کی جانب ایک عملی قدم ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے دنوں میں گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں واضح طور پر نظر آئیں گے۔

  • وینزویلا  بحران ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    وینزویلا بحران ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    وینزویلا میں اچانک پیدا ہونے والے شدید سیاسی بحران اور امریکی فوجی کارروائی کے بعد عالمی توانائی منڈی میں بے یقینی کی فضا قائم ہو گئی ہے، جس کے اثرات تیل کی قیمتوں پر بھی واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 60.37 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 0.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 56.92 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں یہ کمی وینزویلا میں تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال، فوجی کارروائی اور خطے میں ممکنہ عدم استحکام کے خدشات کے باعث سامنے آئی ہے، جس نے عالمی سرمایہ کاروں کو محتاط رویہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ حالیہ پیش رفت کے دوران امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف اہم مقامات پر حملے کیے، جس کے بعد صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکا منتقل کر دیا گیا، ان واقعات نے نہ صرف وینزویلا بلکہ عالمی سطح پر سیاسی اور معاشی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فوجی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیا گیا، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کاراکس میں کم از کم سات دھماکے ہوئے ہیں۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وینزویلا میں یہ غیر معمولی صورتحال آئندہ دنوں میں عالمی تیل منڈی، لاطینی امریکا کی سیاست اور بین الاقوامی تعلقات پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کی نظریں اب خطے میں مزید پیش رفت پر مرکوز ہیں۔

  • یونیورسٹی آف لاہور میں افسوسناک واقعہ،طالبہ نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی

    یونیورسٹی آف لاہور میں افسوسناک واقعہ،طالبہ نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی

    یونیورسٹی آف لاہور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈی فارمیسی کی 21 سالہ طالبہ فاطمہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

    واقعے کے فوراً بعد طالبہ کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے اور علاج جاری ہے۔ذرائع کے مطابق واقعہ یونیورسٹی کیمپس میں اچانک پیش آیا، جس سے طلبہ و طالبات اور عملے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ابتدائی تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے واقعے کی نوعیت جانچنے کے لیے طالبات، اساتذہ اور دیگر عملے کے بیانات قلم بند کرنا شروع کر دیے ہیں۔

    پولیس اور انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے یا تشدد کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبہ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر یہ انتہائی قدم اٹھایا، تاہم حتمی نتیجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

    رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی میں اس سے قبل بھی ڈی فارمیسی کے ایک طالب علم کی جانب سے خودکشی کی کوشش کا واقعہ پیش آ چکا ہے، جس کے باعث موجودہ واقعے نے تعلیمی ادارے میں طلبہ کی ذہنی صحت اور معاونت کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔