Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • صدرمملکت کااقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کی بھارت سے متعلق رپورٹ کاخیرمقدم

    صدرمملکت کااقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کی بھارت سے متعلق رپورٹ کاخیرمقدم

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں رواں سال مئی میں پاکستان کے خلاف بھارت کی فوجی کارروائیوں اور عالمی امن و استحکام پر اثر انداز ہونے والے اس کے مجموعی طرزِ عمل پر سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    صدر نے کہا کہ یہ رپورٹ پاکستان کے اس دیرینہ مؤقف کی توثیق کرتی ہے کہ بین الاقوامی سرحدوں کے پار طاقت کا یکطرفہ استعمال اقوامِ متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی اور پاکستان کی خودمختاری کی سنگین پامالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں شہری ہلاکتوں، آباد علاقوں اور پاکستان کی مذہبی عبادت گاہوں کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق نتائج اور بھارت کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کے شدید خدشات نہایت تشویشناک ہیں۔صدر زرداری نے رپورٹ میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو یکطرفہ طور پر “عارضی طور پر معطل” کرنے کے اعلان، اس کے جارحانہ طرزِ عمل اور بیانات، اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے سنگین شہری نقصانات پر دیے گئے مشاہدات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ اور علاقائی استحکام کا اہم ستون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طے شدہ تنازعات کے حل کے طریقۂ کار کو نظرانداز کرنا اور پانی کے بہاؤ کو متاثر کرنے والی کارروائیاں پاکستان کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں اور اس سے سنگین انسانی حقوق کے نتائج جنم لے سکتے ہیں۔

    صدر نے کہا کہ رپورٹ بھارت کے ایسے طرزِ عمل پر بڑھتی ہوئی بین الاقوامی تشویش کی عکاسی کرتی ہے جو ایک آوارہ ریاست کے طور پر ابھرتا دکھائی دیتا ہے اور قانون و مکالمے کے بجائے جبر، دھمکی اور طاقت و تشدد کو معمول بنانے پر انحصار کرتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت سے منسوب سرحد پار تشدد اور ہدفی قتل کے سنگین الزامات، جو متعدد ممالک میں سامنے آئے ہیں، ایک خطرناک رجحان کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو خطے سے باہر بھی پھیل رہا ہے اور عالمی اصولوں کو کمزور کر رہا ہے۔صدر زرداری نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ رپورٹ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویے کو واضح طور پر اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، “بھارت طویل عرصے سے اپنی اقلیتوں کے حقوق سلب کرتا آ رہا ہے اور اقوامِ متحدہ جیسے بین الاقوامی فورمز پر اپنے وعدوں کو نظرانداز کرتا رہا ہے، تاہم یہ آوارہ رویہ لامحدود مدت تک جاری نہیں رہ سکتا،” اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے طرزِ عمل کو برقرار رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    صدر نے رپورٹ کے اس واضح نتیجے کا حوالہ دیا کہ بین الاقوامی قانون انسدادِ دہشت گردی کے نام پر یکطرفہ فوجی کارروائی کے کسی علیحدہ حق کو تسلیم نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت پاکستان کے فطری حقِ دفاع کی توثیق، رپورٹ میں نشاندہی کی گئی خلاف ورزیوں کی سنگینی کو اجاگر کرتی ہے۔صدر نے اقوامِ متحدہ کے ماہرین کی جانب سے بھارت کے علاقائی طرزِ عمل پر کی گئی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کیا، جس میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اور ایک غیر جائز افغان حکومت کو معاندانہ مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے متعلق خدشات بھی شامل ہیں، اور اس ضمن میں شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کیا۔

    صدر زرداری نے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندوں کی جانب سے قابلِ اعتماد شواہد، شہری نقصانات کے ازالے، معاہداتی ذمہ داریوں کی پاسداری اور جموں و کشمیر سمیت پرامن مکالمے کے عزم کے مطالبے کو بھی خوش آئند قرار دیا۔امن، تحمل اور بین الاقوامی قانون کے احترام سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ، عوام کے حقوق کے دفاع اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی اور قانونی راستے اختیار کرتا رہے گا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا حکم،جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے  تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی کی نگرانی

    وزیراعلیٰ پنجاب کا حکم،جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی کی نگرانی

    پنجاب میں گورننس کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے کے تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کو یقینی بنایا ہے۔ "پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ” کے قیام کے بعد، پنجاب کے ہر شہر، ہر گلی اور ہر محلے میں حکومتی افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی اور حاضری کو لائیو مانیٹر کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود اپنے ڈیش بورڈ کے ذریعے صوبے کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیں گی، جس سے پنجاب بھر میں کھلے مین ہول، تجاوزات، آوارہ کتوں، مہنگائی، وال چاکنگ، ابلتے نالے، قبرستانوں کی حالت، اور ریڑھی بازاروں کی نگرانی کی جائے گی،پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ میں 22 اہم پرفارمنس انڈیکٹرز (KPIS) شامل ہیں جن کی بنیاد پر سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مسلسل جانچا جائے گا۔ اس یونٹ کے ذریعے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہر ہسپتال، تعلیمی ادارے، اور سرکاری دفاتر کی کارکردگی اور حاضری کو ورچوئل ٹور کے ذریعے مانیٹر کریں گی،یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب میں ایسی سسٹم کو متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت لانے کے ساتھ ساتھ اداروں کی کارکردگی کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ اس سے آٹا، روٹی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی، اور آوارہ کتوں سے بچوں کے تحفظ کے لیے مخصوص مہم کی بھی براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔

  • پاکستان میں توانائی کے شعبے میں تاریخی بحالی،جامشورو پلانٹ دوبارہ فعال

    پاکستان میں توانائی کے شعبے میں تاریخی بحالی،جامشورو پلانٹ دوبارہ فعال

    پاکستان میں توانائی کے شعبے میں ایک عظیم تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے

    پانچ سال سے بند قومی اثاثہ دوبارہ فعال ہو گیا،جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ (جے جے وی ایل) کے پلانٹ کی بحالی سے تقریباً 200 بلین ڈالر کی سالانہ بچت ہو سکےگی، سالانہ ٹیکس کی مد کے ذریعے ہر سال تقریباً 3 بلین روپے کی آمدنی کا امکان ہے ،ایس آئی ایف سی کے خوش آئینداقدامات سے طویل عرصے سے جاری تعطل کو دور کیا گیا جس کی بدولت سوئی سدرن گیس کمپنی کو 2 بلین ڈالر کی آمدن متوقع ہے،سالانہ ٹیکس کی مد کے ذریعے ہر سال تقریباً 3 بلین روپے کی آمدنی کا امکان ہے،اس پلانٹ کی دوبارہ فعالی کے بعد 5000 کے قریب بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگارکے مواقع پیدا ہوں سکیں گے

    ایس آئی ایف سی کے اس مثالی اقدام سے جہاں ریگولیٹری ماحول سازگار ہوا ہے، وہاں توانائی کے شعبہ جات میں بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے،مقامی پروڈکشن میں اضافے کے باعث 750,000 سے زائد گھرانوں کی توانائی کی ضروریات پوری ہو سکیں گی،توانائی کے شعبے سے منسلک، ایسوسی ایٹڈ گروپ کے چئیرمین اقبال احمد، ایس آئی ایف سی کے تعاون کے شکر گزارہیں،چیئرمین اقبال احمد کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث 250 ملین ڈالر آمدن کی صلاحیت کو بحال کیا گیا ہے ،

    توانائی میں خود کفالت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت مستحکم اورملکی ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے دورمیں داخل ہو رہی ہے ،ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ایک اور برسوں پرانا بند قومی اثاثہ دوبارہ فعال ہو گیا، جو معاشی بحالی کی واضح مثال ہے

  • افغانستان میں دہشت گرد گروہ بے لگام ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤقف کی تائید

    افغانستان میں دہشت گرد گروہ بے لگام ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤقف کی تائید

    افغان طالبان رجیم میں سرگرم دہشت گرد تنظیمیں عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ، اقوام متحدہ نے آگاہ کر دیا

    اقوام متحدہ کی ہوشربا رپورٹ میں افغان طالبان رجیم کی مکمل ناکامی ،لاقانونیت اور افراتفری بھی بے نقاب ہو گئی،افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق طالبان کا یہ دعوے کہ افغانستان میں کوئی دہشت گرد گروہ موجود نہیں، "قابلِ اعتبار نہیں” ہیں ،مختلف ممالک مسلسل اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہ بدستور سرگرم ہیں، افغانستان میں داعش ، ٹی ٹی پی ، القاعدہ، جماعت انصاراللہ سمیت دیگر دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں ، ٹی ٹی پی نے افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف متعدد حملے کیے ہیں، سلامتی کونسل کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان رہنما ہیبت اللہ کے احکامات افغانستان بھر میں نافذ نہیں ہو رہے،افغان طالبان میں دہشت گرد گروہ اتنے بااختیار ہیں کہ آزادانہ کارروائیاں کرتے ہیں ، افغان طالبان غیر پشتون شہریوں کیساتھ پشتونوں کے مقابلے میں زیادہ سخت رویہ اختیار کرتے ہیں، افغانستان میں حکومت جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے چلائی جا رہی ہے ،

    رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سرحدی گزرگاہوں کی بندش کے باعث افغانستان کو روزانہ تقریباً 10 لاکھ ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے، افغانستان میں اگر بنیادی مسائل کو حل نہ کیا گیا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں،افغان طالبان کا مقصد اقتدار میں رہنا ہے اور عوامی حمایت ان کی ترجیح نہیں ہے ،افغان طالبان عالمی سطح پر تسلیم کے خواہاں ہیں، مگر عالمی تحفظات کا کوئی مؤثر جواب نہیں دے سکے، افغان طالبان دور میں خواتین اور اقلیتیں شدید متاثر ہوئے ہیں،

    افغان طالبان رجیم میں افغانستان دہشت گردوں کی انتہا پسندی اور خونریز کارروائیوں کی افزائش گاہ بن چکا ہے،پاکستان عالمی برادری کوافغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سنگینی اور عالمی خطرات سے بارہا آگاہ کر چکا ہے

  • بھارتی مداخلت کےخلاف بنگلہ دیشی عوام کا شدید احتجاج

    بھارتی مداخلت کےخلاف بنگلہ دیشی عوام کا شدید احتجاج

    بنگلادیشی سیاسی کارکن عثمان ہادی، جو ڈھاکہ میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے، چل بسے

    عثمان ہادی کو بھارت کے فون نمبرز سے قتل کی دھمکیاں دی گئیں تھی ،بنگلادیشی وزارتِ خارجہ نے بھارت سے عثمان ہادی پر قاتلانہ حملہ میں ملوث افراد کو حوالہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا،عثمان ہادی موت کی خبر آتے ہی دارالحکومت ڈھاکا احتجاج کی لپیٹ میں آ گیا،شدید احتجاج کے دوران مظاہرین نے غدار وطن شیخ مجیب الر حمٰن کا گھر نذرِ آتش کر دیا ،بھارت کی مداخلت اور مودی کی سفاک پالیسیوں نے بنگلہ دیش کو آگ و خون میں دھکیل دیا،بھارت کی ہمسایہ ممالک میں مداخلت اور قاتلوں کی پشت پناہی نے خطہ کو تصادم کے دہانے پر پہنچا دیا ،شیخ حسینہ واجد کی بھارتی سرپرستی سفاک مودی کے لئے وبال جان بن گئی

    بھارتی اثر و رسوخ کےخلاف ڈھاکا میں بھارت کی سفارتی تنصیبات کے سامنے جاری احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو گیا،بھارتی جریدہ دکن ہیرلڈ کے مطابق بنگلہ دیشی عوام کے شدید احتجاج کے باعث بھارتی سفارت خانہ میں ویزا سینٹر تاحال بند ہے،مودی سرکار کو کھلا چیلنج، بنگلہ دیش نے بھارتی دباؤ اور بالادستی کی تمام سازشوں کو سختی سے مسترد کر دیا،بنگلہ دیشی رہنما راشد پردھان نے بنگالی سرزمین پر بھارتی بالادستی ختم کرنے کیلئے بھارت کو دو ٹوک للکاردی،بنگلہ دیشی رہنما نےواضح اعلان کیا کہ اس بار ہم رک گئے ہیں مگر آئندہ بھارتی سفارتخانے میں داخل ہوں گے،بنگلہ دیش کی جانب سے قاتلوں کی سرپرستی کرنے والے مودی کو دوٹوک پیغام، اب مزید مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی ،بنگلہ دیشی عوام نے بنگلہ دیش پر عدم استحکام مسلط کرنے کی صورت میں مزاحمت سرحد پار پھیلنے کی وارننگ بھی دے دی،بھارتی مداخلت کے خلاف احتجاج کر کے بنگالی عوام نے علاقائی خودمختاری پر ہرگز سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا

  • وزیراعظم  شہباز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات

    وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات

    آسٹریلیا کے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر ٹم کین نے آج وزیراعظم سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    وزیراعظم نے ہائی کمشنر کو ان کی تقرری پر مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم نے 14 دسمبر 2025 کو بونڈائی بیچ، سڈنی میں دہشت گردوں کی فائرنگ میں معصوم جانوں کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی بلاشبہ مذمت کرتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس کی ہر شکل اور صورت میں مذمت کی جانی چاہیے جب کہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کارروائی کی ضرورت ہے۔

    پاکستان-آسٹریلیا تعلقات کے مثبت رخ کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اور زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں آسٹریلوی دلچسپی کا بھی خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے ریکوڈک کو پاکستان میں اس شعبے کی بے پناہ صلاحیت کی ایک روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے آسٹریلیا میں متحرک پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کو بھی سراہا جس نے دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کام کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کرکٹ کے لیے دونوں اقوام کے مشترکہ جذبے سمیت پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مضبوط روابط اور ثقافتی رشتوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے آسٹریلوی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ ٹم کین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کرنے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید  جہاز میں مبینہ سگریٹ نوشی پر آف لوڈ

    پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید جہاز میں مبینہ سگریٹ نوشی پر آف لوڈ

    پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید غیر ملکی دورے سے وطن واپسی کے دوران ایک ناخوشگوار صورتحال کا شکار ہو گئے، جہاں انہیں مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر آف لوڈ کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد ٹیم کی واپسی، سکیورٹی کارروائی اور انجم سعید کے مؤقف پر مختلف دعوے سامنے آئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم ارجنٹینا کے دورے کے بعد وطن واپس آ رہی تھی اور دورانِ واپسی طیارہ ٹرانزٹ کے لیے ایک غیر ملکی ائیرپورٹ پر رُکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واپسی کے سفر کے دوران طیارہ برازیل میں ٹرانزٹ کے لیے اترا، جہاں طیارے کے رُکنے کے بعد منیجر انجم سعید نے مبینہ طور پر سگریٹ نوشی کی۔
    ذرائع کے مطابق جہاز کے عملے نے طیارے میں سگریٹ نوشی کی شکایت درج کروائی، جس کے بعد سکیورٹی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انجم سعید کو طیارے سے آف لوڈ کر دیا۔ اس موقع پر ٹیم کے ایک کھلاڑی کو بھی ان کے ساتھ روک لیا گیا، جبکہ باقی تمام کھلاڑی اور آفیشلز وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر پورے قومی اسکواڈ نے سکیورٹی اہلکاروں سے بھرپور منت سماجت کی اور انجم سعید کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی عملے نے بین الاقوامی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کسی قسم کی رعایت دینے سے انکار کر دیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق جہاز میں سگریٹ نوشی سے متعلق قوانین انتہائی سخت ہیں اور اس قسم کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے انجم سعید کو اپنی تحویل میں بھی لیا اور ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ معاملے کو حل کرنے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم بالآخر معاملہ جرمانے کی ادائیگی پر نمٹا دیا گیا۔

    دوسری جانب انجم سعید نے جہاز میں سگریٹ نوشی کے الزام کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور وہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی میں ملوث نہیں تھے۔ انجم سعید کے مطابق وہ ایک کھلاڑی کے ہمراہ واپسی پر دبئی میں کام کے سلسلے میں رُک گئے تھے، جسے غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ہاکی اسکواڈ دو روز قبل بحفاظت وطن واپس پہنچ چکا تھا، جبکہ منیجر انجم سعید اور ایک کھلاڑی گزشتہ شب پاکستان پہنچے۔ اس معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ممکنہ طور پر رپورٹ طلب کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔اسحاق ڈار

    اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔اسحاق ڈار

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ بھارت کے جارحانہ آبی اقدامات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

    اسلام آباد میں سفارتکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا بھارت نے اپریل 2025 میں سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کیا، بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائے چناب میں پانی چھوڑا، اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے بھارت کے اقدامات پر تشویش ظاہر کی، پاکستان نے یہ معاملہ بارہا سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا،بھارتی اقدام عالمی قانون اور ویانا کنونشن کے آرٹیکل 26 کی خلاف ورزی ہیں، بھارت سندھ طاس معاہدے کو منظم انداز میں کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کا حالیہ اقدام پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی واضح مثال ہے، بھارتی اقدامات سے پاکستان کی غذائی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے، بھارتی آبی اقدامات انسانی بحران کو جنم دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سندھ طاس معاہدہ جنوبی ایشیا میں امن استحکام کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان واضح کرچکا ہے کہ پانی روکنا یا اس کا رخ موڑنا جنگی اقدام تصور ہوگا، ہم اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

    اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا اہم ذریعہ ہے، بھارت نے ہائیڈروجیکل ڈیٹا اور مشترکہ نگرانی کا عمل روک رکھا ہے، بھارت کی جانب سے تنازعات کے حل سے فرار عالمی قوانین کی نفی ہے، بھارتی وزیر داخلہ نے معاہدے بحال نہ کرنے اور پانی کا رخ موڑنے کا اعلان کیا، اقوام متحدہ کے خصوصی طریقہ کار نے بھارت کے اقدامات پر تشویش ظاہر کی ہے۔

  • جعلی ڈگری،صدر مملکت نے طارق جہانگیری کوجج کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کر دیا

    جعلی ڈگری،صدر مملکت نے طارق جہانگیری کوجج کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کر دیا

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈگری کیس میں نااہل قرار پانے والے اسلام آبادہائیکورٹ کے طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی۔

    صدر مملکت نے وزیرِاعظم کے مشورے پر طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دی،صدر پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلےکی روشنی میں طارق محمود جہانگیری کی تقرری کو غیرقانونی قرار دیےجانے کے بعد ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنےفیصلے میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کو تقرری کے وقت درست ایل ایل بی ڈگری کا اہل نہ ہونے پر عہدہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈگری کیس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیا تھا،

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری،19 سے زائد ہلاک

    خیبر پختونخوا،بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری،19 سے زائد ہلاک

    خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری ہیں

    پولیس ذرائع کے مطابق رات گئے کیچ ضلع کے علاقے کراخ کیلی چِٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی اور چاقوؤں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کامریڈ عبدالرزاق چِٹہ جاں بحق ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور میں حالیہ حملے کا ماسٹر مائنڈ، سمیداللہ ایران کے علاقے شمسر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ حکام کے مطابق سمیداللہ، جو پہلے پروم پہاڑوں میں کیمپ کمانڈر تھا، ایران منتقل ہو چکا تھا مگر سرحد پار سے حملوں کی منصوبہ بندی اور کمانڈرز کو آپریشنل ہدایات دیتا رہا۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ اس کا کزن پنجگور بینک ڈکیتی میں ملوث تھا، جس سے عسکری نیٹ ورک کے متعدد پرتشدد واقعات سے روابط ظاہر ہوتے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیداللہ کی ہلاکت سے پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی میں اس کا کردار ختم ہو گیا ہے۔

    سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے پٹک اور شیرینزہ علاقوں میں کارروائی کی، جس کے دوران کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) سے وابستہ دو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ تین مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ ہلاک شدگان کی شناخت جاوید ولد موسیٰ اور عبدالقادر ولد محمد ابراہیم کے نام سے ہوئی۔ ذرائع کے مطابق جاوید گزشتہ چھ ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز پر کم از کم 11 حملوں میں ملوث تھا جبکہ عبدالقادر 21 جولائی 2025 کو آئی ای ڈی نصب کرنے کے واقعے سے منسلک تھا۔ کارروائی کے دوران تین مبینہ سہولت کار بھی گرفتار کیے گئے جن کے نام زاہد، حکمت اللہ اور حسنین بتائے گئے۔ بعد ازاں علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔

    سدہ، کرم میں قبائلی عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر کوہاٹ نے کی۔ مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔ جرگے میں کوہاٹ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد پر توجہ دی گئی۔ قبائلی عمائدین نے حکومتی کوششوں کو سراہا اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق پختون گڑھی کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ویلج کونسل کے چیئرمین محمد رحمان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اسپن وام کے گاؤں شادی خیل میں کارروائی کے دوران 14 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ خفیہ معلومات پر مبنی اس آپریشن میں فضائی نگرانی اور زمینی کارروائی شامل تھی اور کسی شہری جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کے مطابق اس کارروائی سے عسکری نیٹ ورکس متاثر ہوئے اور کمانڈ اسٹرکچر کمزور ہوا۔

    حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے آکا خیل عالم خیل علاقے میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں دو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔ زخمی عسکریت پسند کو علاج کے لیے قریبی مرکز منتقل کیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا۔

    حکام کے مطابق دہشت گردوں نے ٹانک میں ایس ایم اے پولیس اسٹیشن پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اضافی کلرک احسان اور اسسٹنٹ کلرک آصف شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

    پاکستان آرمی اور قبائلی عمائدین کے درمیان ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں سیکیورٹی صورتحال اور دیرپا امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبائلی عمائدین نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جی او سی میران شاہ میجر جنرل عادل افتخار نے قبائلی عمائدین کے کردار کو سراہا۔

    دہشت گردوں نے صفی تحصیل میں قادر خان شہید پولیس چوکی پر حملہ کیا تاہم پولیس کے بروقت جواب کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اضافی پولیس نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔