Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • افغانستان ،بھارت سے دہشتگردی پر مبنی مواد پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی

    افغانستان ،بھارت سے دہشتگردی پر مبنی مواد پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی

    وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان اور بھارت سے دہشت گردی پر مبنی مواد پھیلانے والے درجنوں ایکس (X) اکاؤنٹس کی نشاندہی کر لی ہے۔

    وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے بتایا کہ بھارت سے آپریٹ ہونے والے 19 دہشت گرد ایکس اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ افغانستان سے اسی نوعیت کے 28 اکاؤنٹس سرگرم ہیں۔حکومت نے نشاندہی کی کہ کالعدم دہشت گرد تنظیمیں، جن میں ٹی ایف اے کے/ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور بی ایل ایف شامل ہیں، سوشل میڈیا پر نمایاں موجودگی رکھتی ہیں۔ یہ تنظیمیں امریکا اور برطانیہ سمیت بڑی عالمی طاقتوں کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کر رہی ہیں، اس کے باوجود سوشل میڈیا کو بھرتی، پروپیگنڈا اور باہمی رابطہ کاری کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔

    وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے بچوں کے استحصال جیسے مواد کی خودکار شناخت اور حذف کے لیے استعمال ہونے والے الگورتھمز کو سراہا اور زور دیا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز دہشت گرد مواد کی شناخت اور حذف کے لیے بھی ایسے ہی خودکار نظام نافذ کریں۔حکام کے مطابق ایکس (X) کی جانب سے تعاون محدود رہا ہے، جبکہ واٹس ایپ، یوٹیوب، ٹیلی گرام اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز نے دہشت گرد مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس کی نشاندہی میں پاکستان کے ساتھ تعاون شروع کر دیا ہے۔حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بہتر رابطہ اور مقامی حکام کے ساتھ مؤثر تعاون کے لیے پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کریں۔ حکومتی مؤقف کے مطابق سوشل میڈیا پر پابندیاں لگانے کا ارادہ نہیں، تاہم دہشت گرد مواد اور اکاؤنٹس کے خلاف بہتر اور بروقت ردِعمل کے لیے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

    وزیرِ داخلہ نے زور دیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ٹولز تعینات کرنے چاہئیں تاکہ دہشت گرد تنظیموں کی تعریف یا دہشت گرد مواد پھیلانے والے مررڈ (نقل) اکاؤنٹس کو خودکار طور پر شناخت کر کے ہٹایا جا سکے۔

    وزیرِ قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان برازیل کی طرز پر قانونی اقدامات پر غور کر سکتا ہے، جہاں ایکس کو غلط معلومات کے نیٹ ورکس سے منسلک رجسٹریشن ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔وزیرِ قانون بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہاپاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست ہے اور عالمی دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے۔ اس جنگ میں دنیا کو پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا

  • چیف جسٹس کی زیر صدارت اجلاس،وراثتی کیسز 30 دن میں نمٹانے کی ہدایت

    چیف جسٹس کی زیر صدارت اجلاس،وراثتی کیسز 30 دن میں نمٹانے کی ہدایت

    چیف جسٹس پاکستان کی زیرصدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا، مقدمات کے فیصلوں کیلئے مقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔

    جوڈیشل کیشن کمیٹی نے جبری گمشدگیوں کے مقدمات پر مؤثر ادارہ جاتی ردعمل پر اتفاق اور گرفتار ملزم کو 24 گھنٹے میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش نہ کرنے پر نیا میکنزم لانے کا فیصلہ کیا، مقدمات کے فیصلوں کیلئے مقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق 2019ء تک کے تمام وراثتی کیسز 30 دن میں نمٹانے کی ہدایت کی گئی، جیل اصلاحات پر صوبائی حکومتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 4 لاکھ 65 ہزار مقدمات نمٹا کر ریکارڈ قائم کردیا، پشاور ہائیکورٹ میں وراثتی مقدمات اور ڈبل ڈاکٹ نظام کی تعریف کی گئی، سندھ ہائی کورٹ کو ای فائلنگ اقدامات پر سراہا گیا، تمام ضلعی عدالتوں میں ای فائلنگ کے فوری آغاز کی منظوری دی گئی، خواتین اور خاندانی سہولت مراکز کے قیام کی اصولی منظوری بھی دیدی گئی۔

  • نوازشریف نےکہا، اللہ تعالیٰ نے سنا، آج سب چہرےانجام کو پہنچ رہے،جاوید لطیف

    نوازشریف نےکہا، اللہ تعالیٰ نے سنا، آج سب چہرےانجام کو پہنچ رہے،جاوید لطیف

    مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ صرف فیض حمید کو گرفتار کرنے اور سزا دینے سے انصاف نہیں ہوسکتا، پاکستان کی بربادی کرنے والا ایک بڑا گروپ تھا، جب گوجرانوالہ میں نوازشریف نے ان کے نام لیے تو ہمارے اپنے کمزور دل کے لوگ اسٹیج سے چھلانگیں مار کر دوڑ گئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک ویڈیو کلب میں انہوں نے کہا کہ بڑے عرصے سے کہہ رہا تھا کہ فیض حمید کو گرفتار کرنے اسے سزا دینے سے جسٹس نہیں ہوسکتا۔پاکستان کی بربادی کرنے والا ایک بڑا گروپ تھا، میں تو بڑے عرصے سے نام لیتا آیا ہوں۔گوجرانوالہ میں نوازشریف نے نام لیے تھے تو ہمارے اپنے کمزور دل کے لوگ اسیٹج سے چھلانگیں مار کر دوڑ گئے تھے، فیض حمید کو سزا دینا کافی نہیں ہے، فیض حمید کےساتھ مل کر جو اداروں میں کھلواڑ کررہے تھے بغاوت پر اکسا رہےتھے، فیصلے لے رہےتھےکسی کو صادق امین کا سرٹیفکیٹ دلوا رہےتھے، کسی کو بیٹے سےتنخواہ نہ لینے پر دو تہائی اکثریت والی ترقی کرتی حکومت کو ختم کرکےپاکستان کو تباہی کےنہج پر پہنچایا،میں اپنے گھر کی بات نہیں کر رہا، میرے گھر والوں سے جو سلوک جنرل باجوہ اور فیض حمید نے کیا جو تشدد کروایا اسے معاف کرتا ہوں، مگر اس قوم کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے ریاست کو ڈبونے والے اس نہج تک لانے والے جو بھی ہیں ان کو کس طور بھی معاف نہیں کیا جا سکتا، نوازشریف نےگوجرانوالہ میں کہا تھا یہ پانچ لوگ ہیں جنہوں پاکستان کو برباد کردیا، میں ان کے ہاتھوں اپنے لیےکچھ نہیں مانگوں گا سولی چڑھ جاؤں گا مگر پاکستانی قوم کو آزادی دلوا کر جاؤں گا،اس نےکوئی توپ ٹینک نہیں پکڑا جو نوازشریف نےکہا اللہ تعالیٰ نے سنا آج سب چہرےانجام کو پہنچ رہےہیں۔

  • بھارت : اڑیسہ میں پیراملٹری سی آر پی ایف اہلکار کی خودکشی

    بھارت : اڑیسہ میں پیراملٹری سی آر پی ایف اہلکار کی خودکشی

    بھارتی ریاست اڑیسہ میں پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
    خبررساں ادارے کے مطابق خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت گوپی ناتھ شبر کے نام سے ہوئی ہے جوضلع نواپڈا کی سنابیڈا سینکچری میں سی آر پی ایف کی 216ویں بٹالین میں تعینات تھا۔ اس کا تعلق کھریار بلاک کے علاقے گڑھ ہارا سے تھا۔ سی آر پی ایف اہلکار کو ، کیمپ میں مردہ پایا گیا ، اس نے اپنے پیچھے بیوی ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑا ۔ خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے ، تاہم وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    دریں اثناء بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے ساتھین میں پیراملٹری سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نے جس کی شناخت پرکاش کے نام سے ہوئی ہے ، اپنے باپ رامپال کو قتل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ جے پور میں تعینات پرکاش چھٹی پر گھر گیا تھا اور اپنے والد رامپال کے ساتھ جھگڑے کے دوران اس نے غصے میں آ کر اس کے سر پر وار کیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ شور سن کر پڑوسی بلدیو اور کان سنگھ مداخلت کرنے پہنچے لیکن پرکاش نے ان پر بھی حملہ کر دیا جس سے وہ دونوں زخمی ہو گئے۔ کان سنگھ شدید زخمی ہوا اور اسے علاج کے لیے جودھ پور منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمات درج کر لیے اور ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے

  • موسمیاتی تبدیلی کے لئے پاکستان برطانیہ "گرین کمپیکٹ” تاریخی معاہدہ

    موسمیاتی تبدیلی کے لئے پاکستان برطانیہ "گرین کمپیکٹ” تاریخی معاہدہ

    موسمیاتی تبدیلی کے لئے پاکستان برطانیہ "گرین کمپیکٹ” تاریخی معاہدہ طے پا گیا

    دونوں ممالک نے موسمیاتی بحران سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے طویل المدتی شراکت داری پر اتفاق کر لیا،
    🇵🇰 اور 🇬🇧 کے درمیان موسمیاتی تبدیلی کے لیے "گرین کمپیکٹ” پر دستخط کر دیئے گئے،اس معاہدے کا مقصد پاکستان کو موسمیاتی آفات کی تیاری اور گرین انرجی کی جانب منتقلی میں مدد فراہم کرنا ہے۔پاکستان کو موسمیاتی تحفظ اور گرین انرجی کے لیے 35 ملین پاؤنڈ (تقریباً 12 ارب روپے) دینے کا وعدہ کر لیا گیا،یہ خطیر رقم پاکستان کے موسمیاتی منصوبوں اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات میں براہ راست سرمایہ کاری کرے گی۔

    وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ایک اور موسمیاتی آفت پوری جی ڈی پی کو صفر کر سکتی ہے، ملک معاشی بحالی کی کوششوں کے دوران ایک اور بڑے سیلاب یا آفت کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا،ماضی سیلاب میں 4,700 جانیں ضائع ہوئیں اور 4 کروڑ لوگ بے گھر ہوئے، وفاقی وزیر نے پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کی ‘گراؤنڈ ریئیلٹی’ عوام کے سامنے رکھ دی،1.5 کروڑ پاؤنڈ سے "پاکستان کلائمیٹ فنانسنگ” فیسیلٹی قائم ہوگی،یہ فیسیلٹی سستی اور گرین بجلی کی پیداوار کو فروغ دے گی تاکہ کوئلے اور تیل پر انحصار کم کیا جا سکے،2 کروڑ پاؤنڈ مینگرووز کی حفاظت پر خرچ ہوں گے،اس فنڈ سے پاکستان کے ساحلی جنگلات کی بحالی اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا جو ماحولیاتی توازن کے لیے اہم ہیں،مینگرووز ساحلی شہروں کی "پہلی دفاعی لائن” ثابت ہوگی،مینگرووز سمندری طوفانوں اور ساحلی کٹاؤ سے کراچی سمیت دیگر شہروں کو ڈوبنے سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے،معاہدے کے تحت شمسی اور ہوا (Solar/Wind) سے بجلی بنانے کے جدید منصوبے لگیں گے، گرین کمپیکٹ نجی سرمایہ کاری کو راغب کر کے قابل تجدید توانائی (Renewable Energy) کے میدان میں انقلاب لائے گا، گرین کمپیکٹ کا فوکس "یوتھ اور انوویشن” پر ہے نوجوانوں کو ماحول دوست آئیڈیاز اور گرین سٹارٹ اپس کو ترقی دینے کے لیے پلیٹ فارم اور سپورٹ فراہم کی جائے گی

  • لیونل میسی کی 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی بدنظمی کی نذر، منتظم گرفتار

    لیونل میسی کی 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی بدنظمی کی نذر، منتظم گرفتار

    تین روزہ ’گاٹ ٹور‘ کے سلسلے میں بھارت پہنچنے والے ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے کلکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی، تاہم یہ تاریخی تقریب شدید بدنظمی، ناقص انتظامات اور سیکیورٹی خدشات کے باعث تنازع کا شکار ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’گوٹ ٹور‘ کے تحت منعقدہ اس ایونٹ میں شائقین کی بڑی تعداد شریک تھی، مگر اسٹیڈیم میں بدانتظامی نے میسی کے مداحوں کی خوشی کو شدید مایوسی میں بدل دیا۔ اطلاعات کے مطابق لیونل میسی مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر اسٹیڈیم پہنچے اور تقریباً 10 سے 20 منٹ تک وہاں موجود رہے۔ اس دوران وی آئی پیز، سیکیورٹی اہلکاروں اور خصوصی مہمانوں نے اسٹار فٹبالر کو گھیرے رکھا، جس کے باعث اسٹینڈز میں موجود ہزاروں شائقین میسی کی ایک واضح جھلک بھی نہ دیکھ سکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی کو اسٹیڈیم کا مکمل چکر لگانا تھا، تاہم بدنظمی اور بڑھتی کشیدگی کے باعث وہ ایسا نہ کر سکے۔ صورتحال بگڑنے پر منتظمین نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوری طور پر میسی کو اسٹیڈیم سے نکال لیا۔ بعد ازاں سیکیورٹی رسک کے باعث مجسمے کی نقاب کشائی آن لائن کرنی پڑی۔

    میسی کی محدود موجودگی اور واضح نظارہ نہ ملنے پر مداح مشتعل ہوگئے۔ اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کی گئی، بوتلیں اور کرسیاں پھینکی گئیں، جس کے بعد حالات قابو میں رکھنے کے لیے اینٹی رائٹ فورس تعینات کرنا پڑی۔ شائقین کا کہنا تھا کہ انہوں نے 5 ہزار سے 25 ہزار بھارتی روپے تک کے مہنگے ٹکٹ خریدے، مگر اس کے باوجود میسی کو ٹھیک طرح دیکھنے سے محروم رہے۔ مداحوں نے شکوہ کیا کہ میسی نے نہ فٹبال کو کک لگائی اور نہ ہی کسی سرگرمی میں حصہ لیا، جس سے ایونٹ کی افادیت پر سوالات اٹھ گئے۔شدید بدنظمی کے بعد تقریب کے مرکزی منتظم کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اس گرفتاری کی تصدیق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جاوید شمیم نے کی۔ حکام کے مطابق واقعے کی ذمہ داری کا تعین کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

    مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اس افسوسناک واقعے پر لیونل میسی اور ان کے مداحوں سے عوامی طور پر معذرت کی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہونے والی بدانتظامی نے انہیں شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق وہ خود بھی تقریب میں شرکت کے لیے اسٹیڈیم جا رہی تھیں۔ممتا بنرجی نے واقعے کو انتظامی ناکامی قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کمیٹی کی سربراہی سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) آشِم کمار رائے کریں گے، جبکہ چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم اینڈ ہل افیئرز) اس کے ارکان ہوں گے۔ کمیٹی واقعے کی ذمہ داریوں کا تعین کرے گی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

  • بی ایل اے کا آواران میں آبادی پر حملہ،چار بچے زخمی

    بی ایل اے کا آواران میں آبادی پر حملہ،چار بچے زخمی

    بلوچستان کے ضلع آواران میں نمازِ جمعہ کے دوران فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گرد تنظیم بی ایل اے نے سویلین آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے مارٹر گولوں اور راکٹس سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار معصوم بچے زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب مقامی آبادی نمازِ جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھی۔ حملے میں عبادت گاہ کے اطراف اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے نہتے شہریوں بالخصوص بچوں کو نقصان پہنچا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بھارتی ایجنڈے کے تحت بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے اور بلوچ نسل کشی کے مذموم عزائم کا تسلسل ہے۔سکیورٹی فورسز نے واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق دہشت گرد عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    نہتے بچوں پر حملہ دہشت گردوں کی سفاکیت، بزدلی اور شکست خوردہ ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے۔ ترجمان کے مطابق فتنہ الہندوستان کا ایجنڈا بلوچستان کے امن و امان کو تباہ کرنا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، تاہم بلوچستان کے باشعور عوام دہشت گردی کے اس مکروہ کھیل کو بخوبی پہچان چکے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان میں امن کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،مقامی عمائدین اور شہریوں نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ ایسے بزدلانہ واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

  • وادی تیراہ میں سہولیات کا فقدان ،سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز ، ناقص گورننس بے نقاب

    وادی تیراہ میں سہولیات کا فقدان ،سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز ، ناقص گورننس بے نقاب

    وادی تیراہ میں سہولیات کا فقدان ،سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز نے ناقص گورننس کو بے نقاب کردیا

    وادی تیراہ میں ابتر صورتحال ، صوبائی حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کی بدترین مثال ہے،آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج عدم استحکام کو فروغ اور منشیات کی اسمگلنگ سے پیسہ وصول کرتےہیں،خیبرپختونخوا کا افغانستان کیساتھ 1224 کلومیٹر کی طویل سرحد موجود ہے، فرنٹیئر کور کے پاس تقریباََ 717 کلومیٹرکی سرحد موجود ہے جس میں برف پوش اور سنگلاخ پہاڑ بھی ہیں ،خیبرپختونخوا کے افغانستان کے ساتھ سرحد میں بلند چوٹیاں اور تنگ گھاٹیاں بھی موجود ہیں ،ایف سی نے دراندازی کرنے والوں کیخلاف کیمرے بھی لگائے ہیں ،سرحد اس وقت مکمل بند(سیل) ہو سکتی ہے جب دونوں اطراف سے سرحد کا احترام کیا جائے،
    پہلی بار افغانستان اور پاکستان میں باڑ لگائی گئی ہے ، اب اس کو بین الاقوامی سرحد کہہ سکتے ہیں ،باڑ لگا کرآزادانہ نقل و حرکت اور دراندازی کیخلاف رکاؤٹ کھڑی کی گئی ہے ، پچھلے سال "باغ میدان” میں ایف سی کے 64 جوان شہید اور 198 زخمی ہوئے ،اتنے شہدا ء اور زخمی یہاں پر کسی اور ادارے کے نہیں ہیں ،دواتوئی میں ایک تنگ راستہ ہے مگر وہاں پر کوئی چیکنگ نہیں کی جا سکتی کیوں کہ ہمارے پاس اختیار نہیں ، آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری آبادی کی نگرانی کیلئے صرف 3پولیس اہلکار موجود ہیں

    ونگ کمانڈر کرنل وقاص نے بتایا کہ وادی تیراہ میں 60 کلومیٹر تک ضلعی انتظامیہ ، پولیس یا اسپتال موجود نہیں ہے،وادی تیراہ کے علاقے میں کوئی سرکاری اسکول نہیں اور نہ اساتذہ ہیں ،جب بچے اسکول نہیں جائیں گے ، پڑھیں گے نہیں تو ان میں شعور کیسے آئے گا،اگر بچے نہیں پڑھیں تو وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی طرف جاتے ہیں ، ایف سی کے زیر اہتمام 16اسکول ہیں جن میں ایف سی نے خود اساتذہ کو بھرتی کیا ہے، وادی تیراہ میں کوئی اسپتال نہیں ، لوگ کسی ایک انجکشن کیلئے بھی ایف سی کے پاس آتے ہیں فرنٹیئر کور مقامی افراد کیلئے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی کرتی ہے ،وادی تیرہ میں منشیات فروشی کا مسئلہ بہت بڑا ہے جن میں فتنہ الخوارج ملوث ہے ، فتنہ الخوارج منشیات اور بھتہ سے اکٹھی کی گئی رقم سیکیورٹی فورسز اور عوام کیخلاف استعمال کرتےہیں،

    وادی تیراہ میں بدانتظامی اور مقامی حکومت کی نااہلی کا فائدہ شدت پسند اور جرائم پیشہ گروہ اٹھا رہے ہیں

  • کوئٹہ میں  کارروائی ، بڑی تعداد میں اسمگل شدہ سگریٹس، چھالیہ اور چائے برآمد

    کوئٹہ میں کارروائی ، بڑی تعداد میں اسمگل شدہ سگریٹس، چھالیہ اور چائے برآمد

    انسدادِ اسمگلنگ آپریشن،فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان اور کوئٹہ کسٹمز کی مشترکہ بڑی کارروائی،کوئٹہ میں کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسمگل شدہ سگریٹس، چھالیہ اور چائے برآمد کر لی گئی

    انسداد اسمگلنگ کی بڑی کارروائی میں 10ٹرک ضبط کر کے کسٹمز وئیر ہاؤس منتقل کر دئیے گئے،انسداد اسمگلنگ کی کامیاب مشترکہ کارروائیوں میں ضبط شدہ اشیاء کی مالیت تقریبا ً70کروڑ روپے ہے ،پچھلے3ہفتوں میں انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں میں اربوں روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے ،پچھلے 3ہفتوں میں ضبط شدہ اشیا میں 70سے زائد لگژری گاڑیاں، سگریٹس، چائے، کپڑا، چھالیہ اور منشیات شامل ہیں،وفاقی حکومت اورعسکری قیادت کی ہدایت پر اسمگلنگ کے ناسور کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے

    کلیکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے کہا کہ ؛ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ اسمگلنگ کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے، دُشمن عناصر کو مُلکی معیشت اور قومی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اسمگلنگ کے ناسور کے مکمل خاتمہ تک فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان اور کوئٹہ کسٹمز کی کارروائی جاری رہیں گی

  • وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی وزیر مملکت  کی ملاقات

    وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی وزیر مملکت کی ملاقات

    وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی و افریقہ محترمہ بیرونس جینی چیپ مین نے وزیراعظم ہاؤس ، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ بیرونس چیپ مین اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

    وزیراعظم اور بیرونس چیپ مین نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول ترقیاتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی مشغولیت اور وسیع تر علاقائی امور پر تبادلہء خیال کیا۔ دونوں اطراف نے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مشترکہ تاریخ، مضبوط ادارہ جاتی روابط اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے برطانوی پاکستانی تارکین وطن کے متحرک کردار پر بھی روشنی ڈالی، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کے طور پر کام کر رہا ہے۔

    وزیراعظم نے اس دورے کو دو طرفہ مذاکرات کو آگے بڑھانے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔