Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

    عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

    عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

    بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے سزا معطلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی کی درخواست مسترد کرنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف تھا، درخواست قابلِ سماعت مان کر بھی کیس کے نکات نظرانداز کیے گئے، دورانِ قید بینائی کا عارضہ لاحق ہوا، علاج کے لیے جیل سے باہر منتقل کیا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو شدید صحت مسائل کے باوجود رہائی نہ دینا ناانصافی ہے، تنہائی میں قید سے دونوں کو غیرمعمولی ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، سزا معطلی کی درخواست جان بوجھ کر مؤخر کی جاتی رہی، ٹرائل کے دوران ضمانت مل چکی تھی، الزام بے بنیاد قرار دیے گئے تھے۔

    سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی پر فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کے نکات دیکھنا قانونی طور پرممکن ہے، شواہد کا ابتدائی جائزہ لیے بغیر درخواست مسترد کرنا غلط تھا، نیب نے بار بار التواء لےکر اپیل کو طول دیا اور انصاف میں تاخیر پیدا کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری کا طریقۂ کار غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ تھا، غیرقانونی گرفتاری پر اعلیٰ عدالت نے رہائی کا حکم دیا تھا، احتساب کے نام پر سیاسی بنیادوں پر کارروائی کی گئی، نیب قوانین میں ترمیم سے حتمی اپیل آئینی عدالت کو سننے کا اختیار دیا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپیل میں آئینی عدالت جانے کا ذکر موجود نہیں، سزا معطلی کی اپیل سپریم کورٹ میں ہی قابل سماعت ہے، ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دے کر سزا معطل کی جائے، رہائی کا حکم دیاجائے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں خارج کی تھیں۔

  • چونیاں میں 16 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی، تین ملزمان فرار

    چونیاں میں 16 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی، تین ملزمان فرار

    قصور: تحصیل چونیاں کی ظہیر آباد کالونی میں 16 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

    متاثرہ لڑکی نے ندیم نامی بااثر نوجوان پر مبینہ زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد جب لڑکی کی طبیعت خراب ہوئی تو ملزمان اسے ایک نجی اسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کو متاثرہ لڑکی کو نجی اسپتال چھوڑ کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اسپتال انتظامیہ نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کو اطلاع دی، جس کے بعد لڑکی کو مزید طبی معائنے اور علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ طبی و فرانزک شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پاک بحریہ کے شہید افسرکی باہمت اہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطورآفیسر  کمیشن حاصل کرلیا

    پاک بحریہ کے شہید افسرکی باہمت اہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطورآفیسر کمیشن حاصل کرلیا

    کراچی: پاک بحریہ کے شہید افسر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد شہید کی باہمت اہلیہ الویرا حمزہ نے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کر کے عزم، حوصلے اور حب الوطنی کی نئی مثال قائم کر دی۔

    الویرا حمزہ نے پاکستان نیول اکیڈمی سے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے کے بعد پاک بحریہ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں بطور آفیسر شمولیت اختیار کی۔ شاندار کارکردگی پر انہیں کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے الویرا حمزہ نے کہا کہ ان کے شوہر کی شہادت نے ان کے اندر بھی پاکستان نیوی میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنے کا جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان احساسات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، جبکہ پاکستان نیول اکیڈمی میں گزارا گیا وقت ان کی زندگی کا یادگار اور قابلِ فخر دور رہا۔الویرا حمزہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ میں بطور آفیسر خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ پوری لگن کے ساتھ وطن کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گی۔

    دفاعی حلقوں کے مطابق الویرا حمزہ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے عزم اور استقامت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کی خواتین کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے کہ وہ ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں اور قومی خدمت میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

  • آزادجموں وکشمیر میں جنرل انتخابات کی تیاریاں عروج پر،امیدواروں کی ریکارڈ رجسٹریشن

    آزادجموں وکشمیر میں جنرل انتخابات کی تیاریاں عروج پر،امیدواروں کی ریکارڈ رجسٹریشن

    آزادجموں وکشمیر میں جنرل انتخابات کی تیاریاں عروج پر،امیدواروں کی ریکارڈ رجسٹریشن ہوئی ہے.

    آزاد جموں وکشمیر میں جنرل الیکشنز 2026کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت دیکھنے کو مل رہی ہے،سال 2021 کے مقابلے میں اس بار کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے رجحان میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈبنا ہے،چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر کا کہنا ہے کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر 500 سے زائد ووٹرز ہیں وہاں2 پولنگ بوتھ قائم کرینگے،سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر کا کہنا ہے کہ تمام حلقوں میں 23 جون تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری رہا، بشمول مہاجرین و راولاکوٹ ڈویژن کے حلقوں میں بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، راولاکوٹ سمیت پورے آزاد جموں و کشمیر سے 518 کاغذاتِ نامزدگی موصول ہو چکے ہیں،مہاجرین کی مخصوص نشستوں کیلئیے ابتک 114 کاغذاتِ نامزدگی جمع ہو چکے ہیں،پونچھ ڈویژن کے 7 حلقوں سے مجموعی طور پر 130 کاغذاتِ نامزدگی جمع ہو چکے ہیں،امیدواروں کی ریکارڈ رجسٹریشن سیاسی و جمہوری عمل پر کشمیری عوام کے پختہ اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے

  • سابق وزیر   چوہدری اظہر صادق ن لیگ  آزاد کشمیر میں شامل

    سابق وزیر چوہدری اظہر صادق ن لیگ آزاد کشمیر میں شامل

    سابق وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی۔

    چوہدری اظہر صادق کی شمولیت کی مرکزی تقریب کشمیر کونسل اسلام آباد میں منعقد ہوئی،وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام تقریب کے مہمان خصوصی تھے،چوہدری اظہر صادق کے ہمراہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے چوہدری اظہر صادق کو پارٹی مفلر پہنا کر مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شامل کیا،امیر مقام کا کہنا تھا کہ چوہدری اظہر صادق کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کی آمد سے جماعت مزید مضبوط ہوگی،مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت اور کارکن مل کر انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے، چوہدری اظہر صادق کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، امیر مقام اور پارٹی قیادت کا اعتماد کرنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ آج اپنے تمام ساتھیوں اور پوری ٹیم کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔ آزاد کشمیر میں موجود پارٹی کی سینئر قیادت کے احترام اور عزت میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ہماری پوری ٹیم مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ریاست اور حلقہ ڈڈیال کی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

  • سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ،غلط معلومات پرچیف آپریشنز  ایف بی آر کو نکال دیا گیا

    سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ،غلط معلومات پرچیف آپریشنز ایف بی آر کو نکال دیا گیا

    سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی صدارت میں اجلاس ہوا

    ٹیکس چوری کے حوالے سے غلط معلومات دینے پر چیرمین کمیٹی چیف آپریشنز ایف بی آر پر برس پڑے،چیرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ گیٹ آوٹ فرام کمیٹی، غلط معلومات دینے پر چیف آپریشنز ایف بی آر کو اجلاس سے نکال دیا گیا،چیرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ایسے گندے افسران کو عہدوں پر بٹھایا گیا جو غلط معلومات دے رہے ہیں، اس کے وزیر کو لکھیں کے اس کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے، 3 سے 4 افسران ہیں جنہوں نے پورے ملک کا بیڑا غرق کیا ہوا ہے،

  • سرگودھا زیادتی کیس، 7 سالہ بچی واقعے کے روز دو مرتبہ دکان پر آئی تھی،ڈی پی او

    سرگودھا زیادتی کیس، 7 سالہ بچی واقعے کے روز دو مرتبہ دکان پر آئی تھی،ڈی پی او

    سرگودھا: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا محمد صہیب نے کہا ہے کہ کریانہ اسٹور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 7 سالہ بچی واقعے کے روز دو مرتبہ دکان پر آئی تھی۔ پہلی بار وہ صبح سویرے دکان پر آئی اور واپس چلی گئی، جبکہ بعد ازاں دوبارہ آنے پر افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    متاثرہ خاندان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او نے بتایا کہ والدین کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو دکان کی تیسری منزل پر واقع ایک بند کمرے کے باہر خون کے دھبے موجود تھے۔ پولیس نے دکان پر موجود دیگر افراد کو طلب کیا اور مرکزی ملزم سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد اس نے بچی کی لاش کی نشاندہی کی۔انہوں نے بتایا کہ جس کمرے سے لاش برآمد ہوئی، اس کی چابی بھی مرکزی ملزم کے قبضے میں تھی۔ مزید یہ کہ قتل کے بعد ملزم کھانا لینے کا بہانہ بنا کر دکان سے نکل گیا تھا۔

    ڈی پی او کے مطابق کیس کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش جاری ہے اور اب تک تقریباً 80 مشکوک افراد کے ڈی این اے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے لاہور کی لیبارٹری بھجوائے جا چکے ہیں۔ حتمی فرانزک رپورٹ آئندہ دو ہفتوں میں موصول ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقدمے میں مرکزی ملزم کے علاوہ مزید چار افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ کریانہ اسٹور دو پارٹنرز کی شراکت سے چلایا جا رہا تھا، جس کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس موقع پر مقتولہ کے والد نے کہا کہ پولیس نے میرٹ پر تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے اور وہ اب تک کی تفتیش سے مطمئن ہیں۔

    واضح رہے کہ سرگودھا میں 7 سالہ بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ مرکزی ملزم بعد ازاں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کا اسلام آباد پولیس کے اہلکار پر وحشیانہ تشدد

    کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کا اسلام آباد پولیس کے اہلکار پر وحشیانہ تشدد

    کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نےحساس معلومات لینے کی آڑ میں اسلام آباد پولیس کے اہلکار پر وحشیانہ تشدد کیا ہے

    راولاکوٹ کی جنڈالہ چیک پوسٹ کے قریب اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل ہمایوں خورشید پر کالعدم کمیٹی کے مسلح شرپسندوں نے قاتلانہ حملہ کردیا۔زخمی کانسٹیبل ہمایوں خورشید کا کہنا ہے کہ؛ چھٹی سے واپس آ رہا تھا کہ کالعدم کمیٹی کےناکہ لگاۓ 50 سے زائد شرپسندوں نے روک کرشدید تشدد کا نشانہ بناڈالا،شرپسندوں نے وردی پہنا کرریاستی اداروں اور افسران کے خلاف تقریر کرانے کی کوشش کی، کانسٹیبل ہمایوں خورشید اس وقت سی ایم ایچ راولا کوٹ میں شدید زخمی حالات میں زیرعلاج ہے۔

  • پاکستان نیول اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، وزیراعظم نے نمایاں کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے

    پاکستان نیول اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، وزیراعظم نے نمایاں کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے

    پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 125ویں مڈشپ مین اور 33ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مڈشپ مین اور آفیسر کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وزیراعظم نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی،تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی،اس سال پاس آؤٹ ہونے والے افسران میں پاکستان کے علاوہ برادر اور دوست ممالک بحرین، عراق اور جبوتی کے مڈشپ مین بھی شامل تھے، جو پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ تربیت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہیں،تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کورسز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس اور مڈشپ مین میں مختلف اعزازات تقسیم کیے۔

    مڈشپ مین عمر مختار کو بہترین مجموعی کارکردگی پر اعزازی شمشیر (Sword of Honour) سے نوازا گیا، جبکہ مڈشپ مین ہادی عباس خان نے اکیڈمی ڈرک کا اعزاز اپنے نام کیا،اسی طرح آفیسر کیڈٹ الویرہ حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل جبکہ آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل سے نوازا گیا،تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے نو منتخب افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ملکی بحری دفاع میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا

  • درجہ حرارت بڑھ گیا، بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری

    درجہ حرارت بڑھ گیا، بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری

    پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ) کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔جاری کردہ الرٹ کے مطابق اپر اور لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھیں۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریسکیو اداروں، بھاری مشینری اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔اتھارٹی نے عوام، خصوصاً بالائی علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو بھی محتاط رہنے، موسم اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔