Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر کیلئے 5 سال بعد دو طرفہ پروازیں بحال

    پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر کیلئے 5 سال بعد دو طرفہ پروازیں بحال

    پی آئی اے نے لاہور سے مانچسٹر کے لیے پانچ سال بعد براہِ راست دوطرفہ پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد یکم جولائی سے فضائی آپریشن دوبارہ شروع ہوگا۔

    پی آئی اے حکام کے مطابق مانچسٹر سے لاہور کی پہلی پرواز یکم جولائی کو روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے مانچسٹر کی پہلی پرواز 2 جولائی کو آپریٹ کی جائے گی۔ کورونا وبا اور دیگر انتظامی وجوہات کے باعث یہ روٹ گزشتہ پانچ برس سے معطل تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جانب سے اس روٹ میں غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث 2 جولائی کو لاہور سے مانچسٹر روانہ ہونے والی پہلی پرواز کی تمام 310 نشستیں روانگی سے قبل ہی مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں۔پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ دونوں شہروں کے درمیان سفر مزید آسان اور کم وقت میں ممکن ہو سکے گا۔

  • سندھ حکومت مشکلات کے باوجود وسائل کو عوام کی فلاح پر خرچ کر رہی ہے،شرجیل میمن

    سندھ حکومت مشکلات کے باوجود وسائل کو عوام کی فلاح پر خرچ کر رہی ہے،شرجیل میمن

    سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت وسائل کو عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، روزگار، تعلیم، صحت اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی پر خرچ کر رہی ہے۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر سیاسی مقاصد کے لیے کراچی اور سندھ کا منفی تاثر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ عوام ترقیاتی منصوبوں، بہتر ٹرانسپورٹ، جاری تعمیراتی کاموں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام بخوبی جانتی ہے کہ سندھ حکومت مشکلات کے باوجود وسائل کو عوام کی فلاح پر خرچ کر رہی ہے۔ مالی سال 2026-27 کا بجٹ محض اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ روشن مستقبل، بہتر روزگار اور ایک خوشحال سندھ کی جانب عملی پیش رفت کا بجٹ ہے۔ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا سندھ حکومت کی معاشی حکمتِ عملی کا اہم ستون ہے۔ بجٹ میں نوجوانوں کے روشن مستقبل کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز، ترقیاتی منصوبوں، ٹرانسپورٹ اسکیموں اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز ہمیشہ عام آدمی، محنت کش، مزدور، کسان، نوجوان اور متوسط طبقہ رہا ہے۔کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری اور عزم ہے۔ کراچی کے عوام کی سب سے بڑی ضرورت جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات ہیں، حکومت کو اس کا ادراک ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ 500 جدید الیکٹرک بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں جلد کراچی کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی۔

  • شدید گرمی سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ جاری

    شدید گرمی سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ جاری

    لاہور: پنجاب بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر نے بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی بندش، ٹرپنگ اور تکنیکی خرابیوں کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کے نظام پر غیر معمولی لوڈ بڑھنے کے باعث متعدد ٹرانسفارمر جل گئے ہیں، جبکہ مختلف فیڈرز پر بار بار ٹرپنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث تکنیکی خرابیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے اور دیگر تکنیکی مسائل کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے سبب گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہنا معمول بن گیا ہے۔لاہور کے شالیمار، سلامت پورہ، گڑھی شاہو، بھٹہ چوک، کاہنہ، گجومتہ، داروغہ والا، عامر روڈ، باٹا پور، بھسین، شاہدرہ، امامیہ کالونی، ریلوے کالونی مغلپورہ اور غازی آباد سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی بار بار بندش سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض علاقوں میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث گزشتہ رات سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے، جبکہ متعلقہ عملہ خرابیوں کو دور کرنے میں مصروف ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور خراب ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

  • گوجرخان، پانی کا بحران ختم کرنے کے لیے نئے ٹیوب ویل کی تنصیب کا کام جاری

    گوجرخان، پانی کا بحران ختم کرنے کے لیے نئے ٹیوب ویل کی تنصیب کا کام جاری

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت بلدیہ گوجرخان میں اوپن ڈور پالیسی نافذ، جائز کام بغیر سفارش کرنے کی ہدایات
    مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کا آغاز تاجر اور شہری کچرا نالوں میں پھینکنے کے بجائے کوڑے دان استعمال کریں، غلام قمر وڑائچ
    گوجرخان (قمرشہزاد)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب اور عوامی خدمت کے ویژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ اور چیف آفیسر بلدیہ غلام قمر وڑائچ نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے کمر کس لی ہے۔ شہر میں بلاتفریق عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے بلدیہ گوجرخان میں ‘اوپن ڈور پالیسی’ نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ہر شہری کا جائز کام کسی بھی سفارش کے بغیر ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سی او بلدیہ غلام قمر وڑائچ نے بتایا کہ شہر میں پینے کے پانی کے بحران پر قابو پانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں معروف سماجی شخصیت خالد شیشے والے کے تعاون سے وارڈ نمبر 19 میں ٹیوب ویل کے لیے جگہ حاصل کر لی گئی ہے، جہاں نئے ٹیوب ویل کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہر بھر میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے خراب اور لیک ہونے والے واٹر والز کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پانی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ شہر میں پانی کے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اب تک سینکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع کیے جا چکے ہیں، جبکہ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔سی او بلدیہ نے مزید بتایا کہ تاجر برادری کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کر کے ان کے کاروباری مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ مون سون کے آئندہ سیزن کے پیش نظر شہر کے تجارتی مراکز سمیت تمام چھوٹے بڑے نالوں کی مرحلہ وار صفائی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ بارشوں کے دوران ندی نالوں میں طغیانی یا گلیوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ نہ رہے۔غلام قمر وڑائچ نے شہریوں اور تاجر برادری کے نام ایک اہم پیغام میں اپیل کی کہ وہ شاپر بیگز اور دیگر کچرا نالوں یا کھلی جگہوں پر پھینکنے سے مکمل گریز کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ دکاندار اپنی دکانوں کے اندر کوڑے دان کا استعمال یقینی بنائیں اور سارا کچرا ‘ستھرا پنجاب’ کے صفائی ورکرز کے حوالے کریں یا مخصوص ڈمپنگ پوائنٹس پر ڈالیں، تاکہ گوجرخان کو ایک خوبصورت اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔

  • جو ہمارے پانی پر ہاتھ ڈالے گا اس کا ہاتھ کاٹ دیں گے،مصدق ملک

    جو ہمارے پانی پر ہاتھ ڈالے گا اس کا ہاتھ کاٹ دیں گے،مصدق ملک

    وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دو ماہ کے دوران سندھ طاس معاہدے کے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا گیا، پاکستان نے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کیا ہے، مودی پاکستان میں آبی دہشت گردی کرنا چاہتا ہے، پاکستان کی 20 سے 25 فیصد معیشت زراعت سے منسلک ہے، پاکستان میں بڑے طبقے کا ذریعہ معاش زراعت ہے جو پانی سے وابستہ ہے۔

    عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان واضح کرچکا ہے کہ وہ اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا، ساری دنیا میں بغیر معاہدے کے پانی بہہ رہا ہے کل دنیا کے سامنے مقدمہ رکھیں گے، جو ہمارے پانی پر ہاتھ ڈالے گا اس کا ہاتھ کاٹ دیں گے۔مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بین الاقوامی مقدمہ بن چکا ہے جواب کسی کے پاس نہیں، باطل کے سامنے ہم سے کوئی جھکنے والا نہیں ہے، بھارت ابھی تک ہمارا پانی نہیں روک سکا نہ روکنے دیں گے، سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے دنیا پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرچکی ہے، بہتے پانی سے بجلی بنانے کا ایک طریقۂ کار ہے، اندھا دھند پانی نہیں روک سکتے۔رہنماء مسلم لیگ ن نے کہا کہ بھارت کے پاس پانی روکنے کی گنجائش نہیں تھی ایک دو دن بعد چھوڑ دیا گیا، کل ہونیوالی کانفرنس انصاف اور حقوق سے متعلق ہے۔

  • کوٹ لکھپت،نجی اسکول ٹیچر کے ساتھ اجتماعی زیادتی، دو ملزمان گرفتار

    کوٹ لکھپت،نجی اسکول ٹیچر کے ساتھ اجتماعی زیادتی، دو ملزمان گرفتار

    لاہور: کوٹ لکھپت کے علاقے میں ایک نجی اسکول کی ٹیچر کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسکول کا سیکیورٹی گارڈ محسن اور اس کا دوست اسد شامل ہیں۔ متاثرہ خاتون کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم محسن نے اسکول میں چھٹی کے بعد متاثرہ ٹیچر کو ورغلا کر اپنے دوست اسد کے گھر لے گیا، جہاں دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر خاتون کو زبردستی نشہ آور مشروب پلایا، تشدد کا نشانہ بنایا اور اجتماعی زیادتی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا ہے، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی شفاف اور میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جائے گی تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دلائی جا سکے۔

  • سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کا فیصلہ معطل کردیا

    سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کا فیصلہ معطل کردیا

    سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کا فیصلہ معطل کردیا۔

    چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس سعید اکرم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل بینچ قائم کردیا گیا، جودو جولائی کو سماعت کرے گا۔آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔سپریم کورٹ نے 23 جون کو ہائیکورٹ سے دیا گیا فیصلہ معطل کیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اپیل پر چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے فل بینچ تشکیل دے دیا۔ بدھ کو ہونے والی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا 23 جون کا فیصلہ فی الحال معطل کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ کیس کی مزید سماعت 2 جولائی 2026 کو ہوگی۔دوران سماعت
    الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے درخواست سے زیادہ ریلیف دے دیا تھا، جو قانون کے مطابق نہیں ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کے وکلاء نے ہائی کورٹ کے فیصلے کا مکمل دفاع کیا اور کہا کہ عبوری رجسٹریشن کا معاملہ جماعتی حقوق سے جڑا ہے۔سپریم کورٹ نے دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے عبوری ریلیف کی صورت میں ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔

  • پنڈی کہوٹہ روڈ پر اسلام آباد پولیس نے اپوزیشن قیادت کو کشمیر جانے سے روک دیا

    پنڈی کہوٹہ روڈ پر اسلام آباد پولیس نے اپوزیشن قیادت کو کشمیر جانے سے روک دیا

    پنڈی کہوٹہ روڈ پر اسلام آباد پولیس نے اپوزیشن قیادت کو کشمیر جانے سے روک دیا

    اپوزیشن قیادت اور پولیس کے درمیان روکے جانے پر گفتگو ہوئی ہے، پولیس نے شاہد خاقان عباسی کو کہا کہ ہم نے ناکہ لگا رکھا ہے آپ آگے نہیں جا سکتے .جس پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم آزادکشمیر میں جا کر بات کرنا چاہتے ہیں کہ احتجاج کیوں ہو رہا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و سینٹ کو روک کر کوئی مثبت پیغام نہیں دیا جا رہا ۔ محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم بات چیت کے ارادے سے کشمیر جا رہے ہیں ہماری سوچ مثبت ہے۔ اگر مطالبات جائز ہوئے تو سنیں گے ورنہ انہیں مثبت مشورہ ہی دینگے ۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھاکہ پاکستان کی مرکزی قیادت کو کشمیر جانے سے روک کر منفی تاثر گیا ہے۔پولیس کہتی ہے اوپر سے حکم آیا ہے افسوس کہ ہم کشمیر بھی نہیں جا سکتے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر گاڑی نہیں جانے دیتے تو ہم پیدل کشمیر چلے جاتے ہیں۔ پاکستان کی مرکزی قیادت کو کشمیر جانے سے روکنے پر بھارت سب سے زیادہ خوش ہوگا۔

  • دبئی میں برطانوی ٹک ٹاکر پر بوائے فرینڈ کے قتل کا الزام

    دبئی میں برطانوی ٹک ٹاکر پر بوائے فرینڈ کے قتل کا الزام

    دبئی میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ٹک ٹاک انفلوئنسر بروک جارج کو اپنے بوائے فرینڈ کے مبینہ قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اگر ان پر عائد قتل کا الزام عدالت میں ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں متحدہ عرب امارات کے قانون کے تحت سزائے موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بروک جارج کا مؤقف ہے کہ انہوں نے یہ اقدام ایک پرتشدد گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی جان بچانے کے لیے دفاعِ نفس میں کیا۔انسانی حقوق کی ایک تنظیم کے مطابق بروک جارج کو 22 جون کو گرفتار کیا گیا۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ مقتول بوائے فرینڈ نے بروک پر تشدد کیا، انہیں مکا مارا، ان کا پاسپورٹ اپنی تحویل میں رکھا اور اپارٹمنٹ میں ان پر حملہ کیا۔تنظیم کی چیف ایگزیکٹو رادھا اسٹرلنگ کے مطابق بروک جارج کو اپنی جان کا شدید خطرہ محسوس ہوا، جس پر انہوں نے قریب پڑا باورچی خانے کا چاقو اٹھا کر اپنا دفاع کیا۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے حکام نے بروک جارج کے خلاف پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ حکام کے مطابق مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور عدالت میں جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں سخت ترین قانونی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بروک جارج کی والدہ تھریزا جارج نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد جب ان کی بیٹی سے بات ہوئی تو وہ شدید خوفزدہ تھی اور اس کی ایک آنکھ سوجی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی بیٹی صرف اپنی جان بچانے کی کوشش کر رہی تھی۔

    انسانی حقوق کی تنظیم نے مزید خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بروک جارج کو ممکنہ طور پر استحصال کی غرض سے متحدہ عرب امارات بلایا گیا تھا۔ تنظیم کے مطابق انہیں یک طرفہ ٹکٹ پر دبئی لایا گیا، ان کے سفری دستاویزات ضبط کر لیے گئے اور ان کے بوائے فرینڈ کے رویے میں اچانک تبدیلی آ گئی تھی۔تنظیم نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ بروک جارج کو برطانوی سفارت خانے تک رسائی نہیں دی گئی، ان سے وکیل کی موجودگی کے بغیر بیانات لیے گئے اور مرد اہلکاروں کے ذریعے ان کی تلاشی لی گئی۔ تاہم ان الزامات پر اماراتی حکام کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • پیرا فورس میں "اوئے سامان اٹھاؤ، نکلو” کا مغرور کلچر بالکل نہیں چلے گا،مریم نواز

    پیرا فورس میں "اوئے سامان اٹھاؤ، نکلو” کا مغرور کلچر بالکل نہیں چلے گا،مریم نواز

    وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سول سکریٹریٹ میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا

    اجلاس میں پیرا کی کارکردگی، ڈیجیٹلائزیشن،قانونی فریم ورک اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،پیرا فورس کی کارروائیوں کو مانیٹر کرنے کے لیے ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی قراردے دی گئی،وزیر اعلی مریم نواز شریف نےعوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے "Ask PERA” پورٹل کو مزید فعال کرنے کا حکم دے دیا، وزیر اعلی مریم نواز شریف نےڈی جی پیرا کو براہِ راست پبلک انٹرایکشن اور عوامی رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پیرا کا عدالتی محاذ پر 99 فیصد کنویکشن ریٹ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے-عوام پر رعب جھاڑنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکاروں کی پیرا میں کوئی جگہ نہیں-بد سے بدنام بہت برا ہوتا ہے،پیرا کی گڈ ول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا- پیرا کا ہر ایکشن عوام دوست ہونا چاہیے- کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پیرا ریکوزیشن رولز کے مطابق کارروائی یقینی بنائے-