Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا، انہوں نے پاسپورٹس درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام کا افتتاح کردیا۔

    وزیر داخلہ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سینٹر فعال کردیا، محسن نقوی کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکیومنٹ نظام کو بھی ڈیجیٹل کردیا گیا۔وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سینٹر، فارنزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پاسپورٹ سسٹم کو عالمی نظام کے مطابق ڈھال دیا گیا، نئے نظام سے پاسپورٹ درخواستوں، ڈیلیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو عالمی معیار کی تیز اور محفوظ خدمات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، پاسپورٹ کے سیکیورٹی فیچرز کو آئی سی اے او اسٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ جدید جرمن مشینوں سے محکمے کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے، آٹومیٹک مشینوں سے پاسپورٹ پرنٹنگ پراسیس سے انسانی مداخلت کو مکمل ختم کردیا گیا ہے۔

  • سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ضمانت منسوخ

    سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ضمانت منسوخ

    اسلام آباد: سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ضمانت منسوخ کر دی گئی۔

    اسپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند نے فراڈ کے مقدمے میں نجف حمید کی ضمانت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت منسوخی کی درخواست منظور کر لی۔ رپورٹ کے مطابق نجف حمید عدالتی کارروائی کے دوران عدالت میں موجود نہیں تھے، جس کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے فریقین کے درمیان صلح کی بنیاد پر نجف حمید کی ضمانت منظور کی تھی، تاہم بعد ازاں ایف آئی اے کی درخواست پر ضمانت منسوخ کرنے کا فیصلہ سنایا گیا۔ مقدمے کی مزید کارروائی آئندہ تاریخ پر متوقع ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ہلاک

    شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ہلاک

    شمالی وزیرستان کے علاقے بکاخیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت غفور عرف اجاز کے نام سے ہوئی ہے، جو ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر تھا اور متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غفور عرف اجاز کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے سیدگئی سے تھا اور وہ سیکیورٹی فورسز کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کا کمانڈر مارا گیا، جبکہ دیگر دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا کمانڈر شمالی وزیرستان اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں سرگرم تھا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز بلا تفریق جاری رہیں گے اور ملک دشمن عناصر کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے علاقے میں امن کے قیام کے لیے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

  • وفاقی آئینی عدالت،سہیل سلطان کیخلاف الیکشن کمیشن کو  کیس سننے سے روک دیا

    وفاقی آئینی عدالت،سہیل سلطان کیخلاف الیکشن کمیشن کو کیس سننے سے روک دیا

    وفاقی آئینی عدالت نے این اے 4سوات سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کیخلاف الیکشن کمیشن کو تاحکم ثانی نااہلی کیس سننے سے روک دیا. عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی .

    این اے 4 سوات سے رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کیخلاف نااہلی ریفرنس کے معاملہ پر وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی.کیس کی سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر سہیل سلطان کی طرف سے وفاقی آئینی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ جب انتخابات ہو جائیں تو آرٹیکل 199 کے تحت رٹ دائر ہوسکتی ہے،اسپیکر کو ریفرنس بھیجنے کا اختیار ہی نہیں تھا،نواز شریف کیس میں بھی سپریم کورٹ یہ اصول طے کر چکی ہے. عدالت اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیا.سہیل سلطان پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ بننے کے بعد دو سال کی پابندی پوری نہ کرنے کا الزام تھا. الزام تھا کہ دو سال کی پابندی پوری کیے بغیر الیکشن میں حصہ لیا گیا. واضح رہے الیکشن کمیشن نے کل منگل کو کیس سماعت کیلئے مقرر رکھا تھا.

  • اورکزئی،کرم،برفباری سے بند راستے پاک فوج نے کھول دیئے

    اورکزئی،کرم،برفباری سے بند راستے پاک فوج نے کھول دیئے

    ضلع اورکزئی میں شدید برفباری کے دوران راستے بند ہونے پر پاک فوج نے ہنگامی بنیادوں پر راستے کھول دیئے

    پاک فوج نے ضلع اورکزئی کے دور افتادہ علاقوں میں شدید برفباری اور ناسازگار حالات میں آپریشن مکمل کیا،حالیہ برف باری کے باعث اورکزئی کےگاؤں کالایہ دربار کو جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند ہو چکے تھے ،راستوں کی بندش سے نقل و حمل کے ساتھ ساتھ وفات پانے والے افراد کی تدفین بھی ناممکن مرحلہ تھا،پاک فوج نے ہنگامی بنیادوں پر بھاری مشینری اور افرادی قوت سے راستوں کو بحال کیا، پاک فوج کی بروقت امدادی کاروائی کے بعد مقامی شہری کی نمازِ جنازہ اور تدفین بروقت اور باوقار طریقے سے انجام پزیر ہو سکی

    دوسری جانب شدید برفباری سے متاثررہ ضلع کرم میں بھی پاک فوج نے بروقت ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے،پاک فوج نے بھاری مشینری سے 8 کلومیٹر تاؤڈو اوبو روڈ کو بھی بحال کردیا،شدید برف باری کے باعث مناتو سدا روڈ مکمل طور پر بند ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں،پاک فوج نے بروقت آپریشن کرتے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا،مقامی عمائدین اور عوام نے پاک فوج کے اس ہمدردانہ اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا،پاک فوج ہر مشکل گھڑی میں عوام کیلئے ہمہ وقت موجود ہے

  • بھارتی یوم جمہوریہ پریوم سیاہ کشمیری عوام کی مزاحمت کا استعارہ بن گیا

    بھارتی یوم جمہوریہ پریوم سیاہ کشمیری عوام کی مزاحمت کا استعارہ بن گیا

    26جنوری بھارت میں بطور یوم جمہوریہ لیکن مقبوضہ کشمیر میں یہی دن یوم سیاہ کے طور پرمنایا جاتا ہے

    کشمیریوں کے نزدیک یہ تاریخ اس غیرقانونی آئینی نفاذ کی یاد دہانی ہے جو 26 جنوری 1950 کو ان پر مسلط کیا گیا،یواین کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا تھا لیکن بھارتی آئین کا جبری اطلاق اسکی نفی تھا،اسی تناظر میں ہر سال 26 جنوری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پُرامن احتجاج دیکھنے میں آتا ہے،یہ خاموشی کسی خوف یا کمزوری کا اظہار نہیں بلکہ طاقت کے زور پر نافذ حکمرانی کو جمہوریت ماننے سے انکار ہے،مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ پرگرفتاریاں اور سخت سکیورٹی سے واضح ہے کہ ریاست عوامی تائید سے محروم ہے،یہ صورتحال 5 اگست 2019 کو اس وقت مزید واضح ہو گئی جب بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35اے کو ختم کر کے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سلب کر لی،اس فیصلے کے بعد لاک ڈاؤن، مواصلاتی بلیک آؤٹ، نظر بندیاں اور گرفتاریاں ثبوت بنیں کہ یہ اقدامات عوامی رضامندی کے بغیر نافذ کئے جا رہے ہیں،اسکےبرعکس پاکستان نے مسلسل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر پر حقِ خودارادیت کی حمایت کی

    پاکستانی آئین بھی توثیق کرتا ہے کہ کشمیریوں کو یواین چارٹرکے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے،یہ دن دنیا کیلئے ایک سنجیدہ یاد دہانی ہے کہ کشمیریوں کیلئے حق خود ارادیت کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہو سکتا

  • طالبان رجیم میں  بنیادی انسانی حقوق کی بدترین  پامالی،  زندگی خوف میں محصور

    طالبان رجیم میں بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالی، زندگی خوف میں محصور

    طالبان کی عوام دشمن پالیسیوں اور انسانی حقوق کی پامالی نے افغانستان کو شدید انسانی المیے کی طرف دھکیل دیا

    شرپسند افغان ٹولے نے ناجائز تسلط برقراررکھنے کیلئےجابرانہ ہتھکنڈوں کواپنا وطیرہ بنا لیا،افغان جریدہ ہشت صبح کے مطابق طالبان رجیم کے بڑھتے تشدد اور دباؤ پر عوام خوف اور تشویش میں مبتلا ہوچکے ہیں،ٹیکسی گاڑیوں میں خواتین کو لے جانے پر پابندی ، ڈرائیورطالبان کے خوف سے اکثر انکار کر دیتے ہیں ، افغان طالبان رجیم میں سرکاری ملازمین کو مختلف حیلے بہانوں سے بلا جواز گرفتار کیا جا رہا ہے ، طالبان کی وزارت نے گریجویشن تقریب میں میڈیکل طلبہ کو تضحیک کا نشانہ بھی بنایا تھا، افغان طالبان نے ‘علاقائی پاسپورٹ’ فارم کے ذریعے عوام سے بار بار معلومات جمع کر کے نفسیاتی دباؤ اور مسلسل نگرانی قائم رکھی ہے

    ماہرین کا کہنا ہے خواتین کی نقل و حرکت پر پابندی، ملازمین کی بلاجواز گرفتاری اور مسلسل نگرانی نے افغان عوام کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے،افغان طالبان کی عوام دشمن پالیسیاں، نفسیاتی دباؤ اور مسلسل نگرانی نے ایک پوری نسل کو خوف، اضطراب اور انسانی المیے کی طرف دھکیل دیا،

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 1 لاکھ 90 ہزار 600 کی سطح عبور کر گیا

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 1 لاکھ 90 ہزار 600 کی سطح عبور کر گیا

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان پیر کو بھی برقرار رہا، جہاں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث ابتدائی لمحات میں ہی 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1434 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ٹریڈنگ کے دوران بڑھتے ہوئے 1800 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس نمایاں تیزی کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس ایک لاکھ 90 ہزار 600 پوائنٹس کی اہم نفسیاتی سطح عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

    مارکیٹ ماہرین کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں حالیہ تیزی کی بڑی وجوہات میں معاشی اشاریوں میں بہتری، شرحِ سود اور مہنگائی سے متعلق مثبت توقعات، اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے حوصلہ افزا اشارے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ کے شعبوں میں خریداری کے رجحان نے بھی انڈیکس کو اوپر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ معاشی استحکام اور پالیسی تسلسل برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہنے کا امکان ہے، تاہم سرمایہ کاروں کو محتاط حکمتِ عملی اپنانے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

  • لاہور پریس کلب ،انتخابات کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    لاہور پریس کلب ،انتخابات کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    لاہور پریس کلب کے سالانہ انتخابات 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، انتخابات میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے حقِ رائے دہی استعمال کیا، جبکہ پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پُرامن رہا۔

    انتخابی نتائج کے مطابق ارشد انصاری مسلسل 14ویں مرتبہ لاہور پریس کلب کے صدر منتخب ہو گئے۔ انہوں نے جرنلسٹ پینل کی جانب سے انتخاب لڑتے ہوئے 1283 ووٹ حاصل کیے، جبکہ گرینڈ الائنس کے امیدوار اعظم چوہدری کو 711 ووٹ ملے۔ اس طرح صدر کے عہدے پر ارشد انصاری کو 572 ووٹوں کی واضح برتری حاصل رہی۔جنرل سیکرٹری کے عہدے پر جرنلسٹ پینل کے افضال طالب کامیاب قرار پائے، جنہوں نے 1059 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مدمقابل گرینڈ الائنس کے عبدالمجید ساجد کو 814 ووٹ ملے، جبکہ آزاد امیدوار اعجاز مرزا صرف 103 ووٹ حاصل کر سکے۔ افضال طالب کو اس نشست پر 245 ووٹوں کی لیڈ حاصل ہوئی۔

    سینئر نائب صدر کے عہدے پر بھی جرنلسٹ پینل نے کامیابی سمیٹی۔ سلمان قریشی نے 1125 ووٹ حاصل کیے، جبکہ گرینڈ الائنس کی امیدوار صائمہ نواز کو 839 ووٹ ملے۔ اس طرح سلمان قریشی نے 286 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔نائب صدر (خاتون نشست) پر گرینڈ الائنس کی ناصرہ عتیق کامیاب رہیں، جنہوں نے 1045 ووٹ حاصل کیے۔ جرنلسٹ پینل کے مدثر تتلہ کو 882 ووٹ ملے، یوں ناصرہ عتیق نے 163 ووٹوں کی لیڈ سے فتح حاصل کی۔

    دوسری نائب صدر کی نشست پر مقابلہ انتہائی سخت رہا، جہاں جرنلسٹ پینل کی مدیحہ الماس نے 986 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ گرینڈ الائنس کی ثمینہ پاشا کو 956 ووٹ ملے۔ اس نشست پر مدیحہ الماس نے محض 30 ووٹوں کی معمولی برتری سے کامیابی حاصل کی۔خزانچی کے عہدے پر جرنلسٹ پینل کے سالک نواز منتخب ہوئے، جنہوں نے 1035 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مدِمقابل گرینڈ الائنس کے حسنین چوہدری کو 926 ووٹ ملے۔ سالک نواز نے 112 ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی۔جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر بھی جرنلسٹ پینل کو برتری حاصل رہی۔ عمران شیخ نے 1002 ووٹ حاصل کیے، جبکہ گرینڈ الائنس کے رانا اکرام کو 959 ووٹ ملے۔ عمران شیخ کو 63 ووٹوں کی سبقت حاصل ہوئی۔

  • ایف بی آر کے سینئر افسر پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا مقدمہ

    ایف بی آر کے سینئر افسر پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا مقدمہ

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ایک سینئر افسر کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کے تحت فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کی جانب سے تیار کردہ چارج شیٹ میں افسر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ایک ڈرائیور اور ایک پراپرٹی ڈیلر کو سرکاری ایف بی آر وفد کا حصہ بنا کر فرانس کے ویزے دلوائے۔تحقیقات کے مطابق مذکورہ افسر نے ویزوں کے حصول کے بدلے 53 لاکھ روپے وصول کیے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ افسر نے اپنی سرکاری حیثیت اور اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے جعلی طریقے سے وفد کی فہرست میں غیر متعلقہ افراد کے نام شامل کروائے، جس کے نتیجے میں انہیں فرانس کے ویزے جاری ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب دونوں افراد فرانس روانگی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں امیگریشن حکام نے مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر انہیں آف لوڈ کر دیا۔ بعد ازاں دونوں کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو ویزا فراڈ کا انکشاف ہوا۔ایف آئی اے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف بی آر افسر کے خلاف باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں ملوث دیگر افراد اور ممکنہ سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔