Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواست،مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع

    شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواست،مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع

    انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کو مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی۔ پراسیکیوشن نے آج بھی مقدمات کا ریکارڈ پیش نہیں کیا،دوران سماعت شاہ محمود قریشی کے وکیل نے کہا کہ پراسیکیوشن ضمانت پر فیصلے کو لٹکانے کی کوشش کر رہی ہے، ان سے پوچھیں ہر بار وعدہ کرتے ہیں ریکارڈ پیش کیوں نہیں کرتے،جس کے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔

  • ہم نے پاکستان کے لوگوں کا مقدمہ ایوان میں پہنچایا،مصطفیٰ کمال

    ہم نے پاکستان کے لوگوں کا مقدمہ ایوان میں پہنچایا،مصطفیٰ کمال

    وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں ایم کیو ایم کی بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیم آئے گی اور اسمبلی میں منظور بھی ہوگی، 27ویں ترمیم کے موقع پر بارگیننگ نہیں کی۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے آئینی ترمیم کا بل اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا، 26ویں آئینی ترمیم کے وقت ہمارے بل کو کمیٹی کو بھیجا تھا،ہ وفاقی حکومت نے ہم سے اپیل کی کہ ابھی اس معاملےکو روک دیں، ایم کیو ایم چاہتی تو زیادہ وزارتیں اور مراعاتیں مانگتی، میں پاکستان اور پاکستانیوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، ایم کیو ایم نےعوامی مسائل کا حل نکالا اور ہر سیاسی جماعت کے پاس گئے، حکومت میں جانے کے لیے ایک نکاتی بلدیاتی آئینی ترمیم بل کو سپورٹ کرنے کی شرط رکھی، مسلم لیگ ن نے ہم سے اس پر معاہدہ کیا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، پیپلز پارٹی27ویں ترمیم میں ہمارے بل کو قبول کرنے کو تیار نہیں تھی، ہم سے وفاقی حکومت نے اپیل کی کہ اس مرتبہ اہم قانون سازی کی ضرورت ہے، وزیراعظم، کابینہ، مسلم لیگ ن اور چوہدری سالک سمیت سب کا شکر گزار ہوں۔ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں، ان سب نے ایم کیو ایم کی آئینی ترمیم کو 27ویں آئینی ترمیم میں شامل کرنے کی حمایت کی، اسٹینڈنگ کمیٹی میں 6 گھنٹے اس پر بحث ہوئی، حکومت نے کہا کہ اس ترمیم میں فوج اور عدلیہ کے حوالے سے ترامیم شامل ہیں، پنجاب نے جو بل پاس کیا ہے وہ من و عن ہمارا بل ہی ہے، یہ ہمارے ہی مؤقف کی 100 فیصد تائید ہے اور مہر ہے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا آئندہ جو آئینی ترمیم آئے گی اس میں یہ بل شامل ہوگا، ہم نے سوچا تھا کہ اگر یہ بل کابینہ میں ڈسکس نہیں ہوا تو ہم استعفیٰ دیں گے، یہ ہمارا نصب العین ہے لوگوں کے حقوق کی بات کرنا ہے،جب لوگ مظاہرے کر رہے تھے ہم نے پاکستان کے لوگوں کا مقدمہ ایوان میں پہنچایا، 70 سالوں سے ہم اپنی فوج کو اپنے لوگوں کے خلاف ہی لڑوا رہے ہیں، یہ پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، وفاق کو بلوچستان کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے، آپ این ایف سی ایوارڈ لیتے ہیں لیکن پی ایف سی کوئی ہے ہی نہیں۔

  • قلعہ بالاحصار پشاور میں 16ویں سالانہ وینٹیج کلاسک کار شو کا دلکش انعقاد

    قلعہ بالاحصار پشاور میں 16ویں سالانہ وینٹیج کلاسک کار شو کا دلکش انعقاد

    قلعہ بالاحصار پشاور میں 16ویں سالانہ وینٹیج کلاسک کار شو کا دلکش انعقاد کیا گیا.

    ایف سی خیبر پختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام پشاور کے تاریخی قلعہ بالاحصار میں کلاسک گاڑیوں کا شاندار میلہ بھرپور اندازمیں سجایا گیا،16ویں وینٹیج کلاسک کار شو میں گاڑیوں کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ریلی میں پرانی نایاب گاڑیاں اپنی اصل شان کے ساتھ حاضرین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں،شرکاء نے خوشی کا اظہار کیا کہ ایسی مثبت سرگرمیوں سے ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے،شرکاء کا کہنا تھا کہ اس قِسم کی تقریبات پشاور کی ثقافتی خوبصورتی اور تاریخی ورثہ کو اجاگر کرتی ہیں،شرکاء نے اس کامیاب اور پرکشش تقریب کے انعقاد پر پاک فوج کا خصوصی شکریہ ادا کیا

  • کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی سرکاری اور حکومتی حکام کی مبینہ مداخلت پر نئے انکشافات

    کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی سرکاری اور حکومتی حکام کی مبینہ مداخلت پر نئے انکشافات

    کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی سرکاری اور حکومتی حکام کی مبینہ مداخلت پر نئے انکشافات سامنے آ گئے.

    انٹرسیپٹڈ کمیونی کیشنز میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آ گئے،ماہرین کا کہنا ہے بھارت کی ریاستی دہشت گردی اب بین الاقوامی سرحدوں کو پار کر چکی ہے، بھارت میں انتہا پسند ہندوتوا سوچ نے ریاستی اداروں کو زہریلا کر دیا ہے،مودی۔امت شاہ قیادت کے دور میں بھارت ایک غیر ذمہ دار اور جارح ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے،بھارتی حکومت بیرون ملک مخالف آوازوں کو خاموش کرانے کیلئے خفیہ کارروائیوں میں ملوث پائی گئی

    کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل اور امریکہ میں ناکام حملے کا الزام بھارتی ایجنسیوں پر عائدکیا گیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سفارت کاری نہیں، یہ سرحد پار دہشت گردی ہے۔ بھارت اب اپنے ناقدین اور اقلیتوں کو بیرون ملک بھی نشانہ بنا رہا ہے،عالمی برادری کو بھارت کے بڑھتے ہوئے ریاستی تشدد پر فوری نوٹس لینا چاہیے،

    پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی تصدیق، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے،پہلگام سے لے کر دہلی ، کینیڈا سے لے کر امریکہ تک کہانی ایک کردار مختلف ہے،بھارت بین الاقوامی دہشت گردی کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔

  • بہار انتخابات،حکومتی اتحاد نے 14ہزار کروڑ روپے کا غلط استعمال کرتے ہوئے الیکشن جیتا ،اپوزیشن

    بہار انتخابات،حکومتی اتحاد نے 14ہزار کروڑ روپے کا غلط استعمال کرتے ہوئے الیکشن جیتا ،اپوزیشن

    بھارتی اپوزیشن جماعت نے الزام عائد کیا ہے کہ بہار انتخابات میں حکومتی اتحاد نے 14ہزار کروڑ روپے کا غلط استعمال کرتے ہوئے الیکشن جیتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جَن سوراج پارٹی نے بہار اسمبلی انتخابات کے بعد الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی حکومت نے عالمی بینک سے حاصل کردہ 14 ہزار کروڑ روپے کے قرض کو اور مجموعی طور پر 40 ہزار کروڑ روپے عوامی مراعات اور ووٹ خریدنے کے لیے استعمال کیے،پارٹی کے قومی صدر ادے سنگھ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے انتخابات کے اعلان کے بعد مکھیا منتری مہیلا روزگار یوجنا (وزیراعلیٰ روزگار پروگرام برائے خواتین) کے تحت ہر خاتون کو 10 ہزار روپے منتقل کیے اور یہ رقم انتخابات سے ایک دن قبل تک جاری رہی۔

    یاد رہے کہ بھارتی ریاست بہار کے ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں حکمران اتحاد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوا ہے۔نتائج کے مطابق حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جے ڈی یو کے اتحاد این ڈی اے نے 243 میں سے 203 سیٹیں جیت لیں جب کہ ایم جی بی کو 34 اور دیگر جماعتوں کو 6 نشستیں ملیں۔

  • وفاقی آئینی عدالت کے مزید 2ججز نے حلف اٹھا لیا

    وفاقی آئینی عدالت کے مزید 2ججز نے حلف اٹھا لیا

    وفاقی آئینی عدالت کے مزید 2 ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    وفاقی آئینی عدالت کےججز کی تقریب حلف برداری اسلام آباد ہائیکورٹ کے کانفرنس روم میں ہوئی جہاں وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے دو نوں ججز سے حلف لیا،جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے وفاقی آئینی عدالت کے جج کا حلف اٹھایا،خیال رہےکہ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس کے کے آغا بھی وفاقی آئینی عدالت کے جج کے طور پر حلف اٹھا چکے ہیں اور اب چیف جسٹس امین الدین خان سمیت وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

  • لاہور میں فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال برقرار، دنیا بھر میں پہلے نمبر پر

    لاہور میں فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال برقرار، دنیا بھر میں پہلے نمبر پر

    صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج بھی فضائی آلودگی خطرناک حدوں کو عبور کر گئی، شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا۔

    ماحولیاتی نگرانی کرنے والی بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) آج 484 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے ’’انتہائی مضر‘‘ قرار دیا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق، دنیا کے دوسرے آلودہ ترین شہر کے طور پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا نام سامنے آیا، جہاں آج اے کیو آئی 289 ریکارڈ کیا گیا، جو لاہور کے مقابلے میں خاصا کم ہے مگر پھر بھی خطرناک سطح پر شمار ہوتا ہے۔

    ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ چکی ہے،واہگہ کااے کیو آئی 814 شہر کا سب سے زیادہ آلودہ علاقہ ہے ،ماہرین ماحولیات کے مطابق 300 سے اوپر اے کیو آئی ’’خطرناک‘‘ تصور کیا جاتا ہے، جبکہ 500 سے اوپر انسانی صحت پر فوری اور شدید اثرات مرتب کرتا ہے۔ لاہور کے متعدد علاقوں میں یہ حد 600 سے بھی زیادہ ہے جو شہریوں کے لیے انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

    لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر بڑے شہر بھی شدید فضائی آلودگی کا شکار ہیں۔گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں فضائی معیار مسلسل بگڑ رہا ہے اور یہ شہر بھی آلودہ ترین علاقوں کی فہرست میں شامل ہیں۔صحت و ماحولیات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس سطح کی آلودگی سانس کی بیماریوں، آنکھوں میں جلن، کھانسی، دمہ، دل کے امراض اور کمزور قوتِ مدافعت جیسے مسائل کو بڑھا سکتی ہے۔ شہریوں کو ماسک پہننے، غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے گریز اور گھروں میں ایئر پیوریفائر کے استعمال جیسے احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • پنجاب میں دفعہ 144 ،مزید ایک ہفتے کی توسیع

    پنجاب میں دفعہ 144 ،مزید ایک ہفتے کی توسیع

    پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کردی گئی۔

    محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ میں ہفتہ 22 نومبر تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں احتجاج، جلسےجلوس، ریلیوں، دھرنوں اور اجتماع جیسی تمام سرگرمیوں کی ممانعت ہوگئی جب کہ دفعہ 144 کے تحت 4 یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونےکی ممانعت ہوگی،ترجمان کا کہنا ہےکہ پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر بھی مکمل پابندی ہوگی جب کہ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا، پنجاب حکومت نے دہشتگردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظراحکامات جاری کیے،ترجمان کا کہنا تھا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا جب کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسران و اہلکار اور عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہیں، سکیورٹی خطرات کے پیش نظر جلوس اوردھرنا دہشتگردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہوسکتاہے، شرپسند عناصرعوامی احتجاج کا فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیاں کرسکتے ہیں۔

  • خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف سیکیورٹی کارروائیاں جاری

    خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف سیکیورٹی کارروائیاں جاری

    خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی کارروائیاں جاری ہیں ،دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے

    ٹیمرگرہ کے مصروف علاقے میں پیر کی صبح ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے کم عمر لڑکی دعا رحمان کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا اور فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گنجان آبادی میں پیش آیا، جس کے فوراً بعد ملزم موقع سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ڈی پی او تیمور خان کی ہدایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ خصوصی پولیس ٹیمیں علاقے میں سرچ اور ٹریکنگ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اردگرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر کے مشتبہ راستوں کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔

    خیبر ضلع کے مرخلہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر ابو زر کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ہلاک دہشت گردوں میں افغان شہری احسان بدری، صوبیب لزاری (افغانستان، ننگرہار)، اور عمر سنگری (خیبر) شامل ہیں، جبکہ ایک کی شناخت جاری ہے۔ فورسز نے علاقے میں مزید انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    میری خیل میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر ابو زر تشکیل کو ہلاک کردیا۔ سرچ و کلیئرنس آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے جن کی لاشیں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ علاقے میں مزید مشتبہ عناصر کی تلاش جاری ہے۔

    لوئر کرم کے شورکی علاقے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا، تاہم فورسز کی بروقت جوابی کارروائی سے حملہ پسپا ہوگیا۔ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد ستار حسین کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    میر علی میں خوشاخیل پل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے طاقتور جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور بھاری نفری کو کمک کے طور پر روانہ کر دیا گیا ہے۔

    چراں کالام کے راماران علاقے میں مقامی ونگ کمانڈر کی زیرصدارت اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں 35 سے 40 معززین نے شرکت کی۔ ونگ کمانڈر نے علاقے میں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے مقامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ عمائدین نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ علاقے میں کسی بھی مشکوک شخص یا فراری کو پناہ نہیں دی جائے گی۔

    کیچ کے بولیدہ کے مناّز علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد عباس ولد بہار اور مہران ولد حاجی اکبر کو 15 نومبر کو حراست میں لے لیا۔ دونوں کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔پنجگور میں مختلف مقامات پر آئی بی اوز کے دوران دو افراد حاجی منیر احمد اور مجید ولد قدیر احمد کو حراست میں لے لیا گیا۔ حاجی منیر احمد مبینہ طور پر حوالہ/ہنڈی چینلز سے منسلک بتایا جاتا ہے۔ دونوں کو مزید چھان بین کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بلوچ لبریشن آرمی فریکشن کے مبینہ ترجمان میجر غرم بلوچ نے کُوچی پولیس اسٹیشن پر حملے اور اسلحہ چھیننے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ مقامی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں نے مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کر دیے ہیں۔

    قلات ٹول پلازہ کے قریب کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا۔ کارروائی کے دوران 3 موٹر سائیکلیں، اس ایم جی میگزین، 500 گرام بارودی مواد اور راشن برآمد کیا گیا۔ دہشت گرد شہریوں کو لوٹنے کے لیے ناکہ لگانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    خضدار کے بولان علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں محمد اشرف ولد حمزہ میراجی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول اسما جٹک کے ماموں تھے۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

    کچھی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایس ایس پی کے قافلے پر اس وقت فائرنگ کر دی جب وہ حاجی شہر تھانے کے دورے کے بعد واپس جا رہے تھے۔ 20 سے 25 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چار خطرناک دہشت گرد مارے گئے جن کا تعلق بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورکس سے بتایا جاتا ہے۔ حساس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ گروہ مقامی آبادی میں خوف پھیلانے میں ملوث تھا۔ علاقے میں مزید سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

  • اردن کے شاہ عبداللہ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سلیوشنز کا دورہ

    اردن کے شاہ عبداللہ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سلیوشنز کا دورہ

    اردن کے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین، ہاشمیہ مملکت اردن کے بادشاہ اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر، اپنے دو روزہ دورۂ پاکستان کے دوران گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز پہنچے۔ ان کے ہمراہ شاہی شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ دوم اور اردن کے اعلیٰ عسکری و سول حکام پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔

    گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز پہنچنے پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اور دیگر سینیئر حکام نے شاہ عبداللہ دوم کا استقبال کیا۔دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم کو گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کی ساخت، صلاحیتوں اور جدید دفاعی مصنوعات پر مفصل بریفنگ دی گئی، جس میں پاکستان کی دفاعی صنعت میں خود انحصاری، تکنیکی جدت، اور پاکستان،اردن دفاعی تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا گیا۔

    بعد ازاں شاہ عبداللہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف بھی موجود تھے، جبکہ آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت وجار مصطفائیف بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔شاہ عبداللہ دوم اور دیگر مہمانوں نے پاک فوج اور پاک فضائیہ کی مشترکہ فائر اینڈ منووَر ایکسرسائز دیکھی، جس میں روایتی اور فضائی فائر پاور، ہم آہنگ زمینی چالیں، اسپیکٹرم وارفیئر، اور مختلف مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ملٹی پرپز ڈرونز کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔شاہ عبداللہ دوم نے شریک دستوں اور فضائی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، تربیت کے اعلیٰ معیار اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، شاہ عبداللہ دوم اور عوامِ اردن کے لیے گہری محبت اور احترام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہی دورہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی، باہمی اعتماد اور خطے میں امن و ترقی کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور اردن کے مضبوط دفاعی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کے امن کے مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہے۔

    اس سے قبل شاہ عبداللہ دوم نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو "آرڈر آف دی ملٹری میرٹ فرسٹ ڈگری” سے نوازا، جو پاکستان اور اردن کے درمیان عسکری تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔