Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • نجم سیٹھی سما ٹی وی چھوڑ گئے

    نجم سیٹھی سما ٹی وی چھوڑ گئے

    معروف صحافی، تجزیہ کار اور پروگرام "سیٹھی سے سوال” کے میزبان نجم سیٹھی نے سماء ٹی وی سے استعفیٰ دے دیا ہے

    ایکس پر اپنے بیان میں نجم سیٹھی نے سماء ٹی وی کے چیئرمین علیم خان اور سینئر صحافی ندیم ملک کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ انہیں گزشتہ دو برس تک "سیٹھی سے سوال” جیسے مقبول پروگرام کی میزبانی کا اعزاز ملا، جس دوران انہیں بے پناہ عوامی پذیرائی بھی حاصل ہوئی۔ انہوں نے سماء ٹی وی کی پوری انتظامیہ اور ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر ان کے لیے انتہائی یادگار رہا۔سوشل میڈیا کے ذریعے جاری بیان کے آخر میں نجم سیٹھی نے کہا اب ایک نیا سفر شروع ہو رہا ہے ،نجم سیٹھی نے ناظرین کو بتایا کہ اب انہوں نے دنیا نیوز جوائن کر لیا ہے

  • سگھر،تلہ گنگ کے ایک گاؤں کے 30 شہدا،700 غازی،یادگار تعمیر

    سگھر،تلہ گنگ کے ایک گاؤں کے 30 شہدا،700 غازی،یادگار تعمیر

    شہدائے پاکستان کو سلام پیش کرنے کا منفرد انداز،تلہ گنگ کے گاؤں سگھر میں مقامی افراد کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت یادگارِ شہداء کی تعمیر کر دی گئی

    مقامی افراد کی جانب سے یادگارِ شہداء پر 14 نومبر کو ایک شاندار اور جذبۂ حب الوطنی سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،تقریب میں علاقہ کے معززین کے علاوہ مختلف طبقات سے بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی،شرکاء نے مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔تلہ گنگ کے گاؤں سگھر کو شہداء اور غازیوں کی سرزمین کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔سگھر کے 30 بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا جن میں 25 پاک آرمی اور 5 پاک فضائیہ کے شہداء شامل ہیں ۔اس کے علاوہ گاؤں سگھر کی پہچان اس کے 766 غازی ہیں جو کہ پاک فوج ، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ میں مختلف ادوار میں خدمات پیش کر چکے ہیں -تقریب کے دوران ورثائے شہداء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔یہ تقریب نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کا اعتراف تھا بلکہ سگھر کے باسیوں کی حب الوطنی، اتحاد اور پختہ عزم کا روشن ثبوت بھی ہے۔

    نائیک (ر) غلام محمد کا کہنا تھا کہ میں نے اکہتر کی جنگ لڑی ہے اور میں آج بھی اس ملک کے لیے جان دینے کے لیے تیار ہوں،چیف وارنٹ آفیسر (ر) ملک ملازم حسین کا کہنا تھا کہ ہم نے گاؤں کی عوام کے تعاون سے اپنے گاؤں میں یادگار شہداء تعمیر کی ہے۔ ہمارا گاؤں شہیدوں اور غازیوں کا گاؤں ہے۔ ہمارے 28 شہداء ہیں۔ صوبیدار(ر) اعجاز حسین نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت یادگار شہداء بنائی ہے۔ ہمارے آج بھی 700 کے قریب غازی ہیں جو افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ آج بھی کھڑے ہیں ۔ ہم اپنے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

  • پاکستان اور قطر  کے تعلقات میں اقتصادی و دفاعی تعاون کا نیا باب

    پاکستان اور قطر کے تعلقات میں اقتصادی و دفاعی تعاون کا نیا باب

    ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان اور قطر کے تعلقات میں اقتصادی، دفاعی اور زرعی تعاون کے نئے دور کا آغازہوا ہے

    حال ہی میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ سعود سےاہم ملاقات ہوئی،ملاقات میں دفاعی شعبہ، زراعت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،سربراہان کی جانب سے مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی اور مہارت کے تبادلے کیلئے اقدامات پر زور دیا گیا،قطر کے وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون میں دلچسپی کا اظہارکیا،پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی اور دفاعی تعلقات سے دفاعی صنعت اور برآمدات کو نئی جہت ملے گی،دو طرفہ تعلقات کی بدولت جدید ٹیکنالوجی، زرعی پیداوار اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا،پاکستان کی زرعی ،اقتصادی اور دفاعی ترقی میں ایس ائی ایف سی اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے،

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائی،12 سے زائد دہشتگردہلاک،متعدد زخمی و گرفتار

    خیبر پختونخوا،بلوچستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائی،12 سے زائد دہشتگردہلاک،متعدد زخمی و گرفتار

    قلات ٹول پلازہ کے قریب سیکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک جبکہ دو کو شدید زخمی کردیا۔ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب فورسز نے پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ کا جواب دیا۔موقع سے تین موٹر سائیکلیں، سب مشین گن کا میگزین، 500 گرام بارودی مواد اور راشن برآمد ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد مسافروں کو لوٹنے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ضلع کیچ کے علاقوں رہی ناگور اور سمی کلاغ میں فوجی چوکیوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں چوکیوں پر بھاری اسلحہ استعمال ہوا، تاہم ہلاکتوں اور نقصان کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    پنجگور میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے ’’فتنۂ ہندوستان‘‘ نامی گروہ کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آپریشن خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد کیا گیا جس کے دوران دہشت گردوں نے مزاحمت کی، تاہم فورسز نے انہیں کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    میری خیل اڈہ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے اہم مطلوب دہشت گرد رہنما ابوزر تشکیل کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔حکام کے مطابق کارروائی مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات پر کی گئی تھی، اور اس سے علاقے میں موجود شدت پسند نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

    تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے معصوم آباد کے قریب پل کے نیچے بارودی مواد نصب کرکے اہم پل تباہ کر دیا۔ دھماکے کے باعث پل کو شدید نقصان پہنچا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
    سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کیے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد کا جائزہ لیا۔ علاقے کے عوام نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

    مقامی پولیس اور عوام کے مشترکہ آپریشن میں متعدد دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ تین کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق سات دہشت گردوں کی لاشیں سیکیورٹی اداروں کے قبضے میں ہیں۔یہ کارروائی علاقے میں دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے کی گئی تھی۔ سیکیورٹی فورسز اور مقامی رضاکار مزید علاقوں کی صفائی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    شورکی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے اپنے قافلے پر ہونے والے حملے کو پسپا کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد ستار حسین کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق حملہ کالعدم زینبیون گروپ کے دہشت گردوں نے کیا تھا۔ علاقہ بدستور سیکیورٹی کے محاصرے میں ہے اور مزید ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔

    سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرد ہلاک کر دیے، جن میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر آریا بھی شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمانڈر آریا دو ماہ قبل بنوں کینٹ سے 100 سے زائد مویشیوں کی چوری میں بھی ملوث تھا۔ اس کی ہلاکت سے علاقے میں دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کوئی بھی دہشت گرد فرار نہ ہو سکے۔

  • اسلام آباد دھماکہ،گرفتار سہولت کار اور ہینڈلر کے تحقیقات کے دوران انکشافات

    اسلام آباد دھماکہ،گرفتار سہولت کار اور ہینڈلر کے تحقیقات کے دوران انکشافات

    اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش حملہ آور کے گرفتار سہولت کار اور ہینڈلر نے تحقیقات میں اہم انکشافات کیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آورنے جوڈیشل کمپلیکس سے پہلے فیض آباد ناکے کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی، خودکش حملہ آور فیض آباد ناکے پر حملے کے لیے پہنچ چکا تھا، ھماکا کرنے کی کوشش کے دوران خودکش حملہ آور بارودی مواد کی پن نہ نکال سکا، ملزم کو دھماکا کرنے میں ناکامی ہوئی، پن نہ نکلنے پر ملزم واپس راولپنڈی چلاگیا، ملزم نے چند دن بعد جوڈیشل کمپلیکس پر خودکش حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے۔

    خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان کے علاقے ننگر ہار سے تھا اور گرفتار سہولت کار اور ہینڈلرز بھی افغانستان میں فتنۃ الخواج کے رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں تھے اور افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر مسلسل ہدایات دے رہے تھے،انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کمانڈر سعید الرحمان عرف ”داد اللہ“ نے ٹیلی گرام ایپ کے ذریعے رابطہ کر کے اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے کی ہدایت کی، داد اللہ نے ساجد اللہ عرف ”شینا“ کو خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کی تصاویر بھیجیں تا کہ وہ اسے پاکستان میں وصول کرے، خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کا تعلق شینواری قبیلے سے تھا اور وہ ننگرہار، افغانستان کا رہائشی تھا۔

  • بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا ملکی دفاعی صنعت پر عدم اعتماد

    بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا ملکی دفاعی صنعت پر عدم اعتماد

    بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے وقت پر معاہدے پورے نہ کرنے پر اپنے ملک کی دفاعی صنعت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدم اعتماد ظاہر کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ایک تقریب سے خطاب میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا کہ آپ معاہدہ کرکے وقت پر ڈیلیور نہ کریں، یہ ہماری صنعتی صلاحیت کا نقصان ہے، آپ کو مقامی صلاحیت کے بارے میں سچ بولنا ہوگا کیونکہ اس کا تعلق قومی سلامتی سے ہے، ہم آپ کی منافع کمانے والی کاوشوں میں کچھ قومیت اورحب الوطنی کی توقع رکھتے ہیں، دفاعی اصلاحات یکطرفہ عمل نہیں، صنعت کو صلاحیت کے بارے میں سچ بولنا ہوگا، بہت سی کمپنیاں کہتی ہیں کہ ان کی مصنوعات 70 فیصد مقامی ہیں مگر یہ حقیقت نہیں ہے، اور اگر قیمت کی بات کی جائے تو بین الاقوامی معیار کے اعتبار سے ان کی قیمت بھی زیادہ ہوتی ہے

  • غیر قانونی شناختی دستاویزات حاصل کرنے والے 5 افغان شہری گرفتار

    غیر قانونی شناختی دستاویزات حاصل کرنے والے 5 افغان شہری گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی شناختی دستاویزات حاصل کرنے والے 5 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اسمگلنگ سرکل نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی شناختی دستاویزات حاصل کرنے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا،ترجمان کے مطابق گرفتار کیے گئے افغان شہری غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے، افغان شہریوں کو دبگڑی میں واقع نجی ہوٹل سے گرفتار کیاگیا، گرفتار ملزمان میں علی خان، اجمل، قاسم، احمد اور حمزہ شامل ہیں، گرفتار ملزمان سے افغان دستاویزات اور پاکستانی شناختی کارڈ برآمد کیا گا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان غیرقانونی راستے سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے، ملزمان نے جعلسازی سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی حاصل کیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا کہ پاکستانی دستاویزات پر انہوں نے سعودی عرب کا ورک ویزا حاصل کرنا تھا،ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

  • وزیراعظم سے اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کی ملاقات

    وزیراعظم سے اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کی ملاقات

    وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج شام وزیراعظم ہاؤس میں اردن کے شاہ عبداللہ (دوئم) ابن الحسین کا استقبال کیا۔

    دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے دوران بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے, علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوئم ابن الحسین کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور اردن کے درمیان پائیدار دوستی کے ثبوت کے طور پر اجاگر کیا۔

    عزت مآب شاہ عبداللہ دوئم نے غزہ تنازعہ کے ساتھ ساتھ جنگ کے بعد غزہ میں استحکام اور انسانی ہمدردی کی کوششوں میں اردن کے کردار کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی، امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔فلسطین کے معاملے پر دونوں رہنماؤں نے جنگ کے بعد غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف بشمول غزہ سے فلسطینیوں کی کسی بھی نقل مکانی کے حوالے سے کسی بھی سمجھوتے سے گریز کو تسلیم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے شرم الشیخ میں دستخط ہوئے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے آٹھ عرب اسلامی ممالک، جو امریکہ کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ بندی پر کام کر رہے ہیں ،کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    وزیراعظم نے اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کو پاکستان کے پڑوس بالخصوص افغانستان اور بھارت میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔ محترم شاہ عبداللہ دوئم نے اپنے دورہء پاکستان کے دوران گرمجوشی سے مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں رہنماؤں نے شرکت کی۔ میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

  • مبشر لقمان کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین، لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

    مبشر لقمان کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین، لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

    سینئر صحافی و اینکر پرسن،سی ای او باغی ٹی وی مبشر لقمان کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

    ایوارڈ کی یہ پروقار تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں صحافی برادری، کاروباری شخصیات، دانشوروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ایوارڈ سی ای او ایونٹس میڈیا سید نسیم نقوی اور صدر ویلنیس کلب آف پاکستان ڈاکٹر اظہار خان نے مبشر لقمان کو پیش کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ان کی قومی سطح پر خدمات، تحقیقاتی صحافت اور بے باک اندازِ گفتگو کو خراجِ تحسین پیش کیا۔نسیم نقوی اور ڈاکٹر اظہار خان نے اپنی گفتگو میں مبشر لقمان کی صحافتی خدمات پر انہیں سراہا،تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اینکر پرسن ٹی وی ٹوڈے عابد نصیر نے سرانجام دیئے.

    پاکستان میں لیجنڈ بننے کے لیے اکثر مرنا پڑتا ہے،مبشر لقمان
    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبشر لقمان نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں یہاں کئی اہم شخصیات سے ملا ہوں، راشد صاحب، غلام محی الدین صاحب، یہ ہمارے زندہ لیجنڈز ہیں۔ ہمارے ہاں لیجنڈ بننے کے لیے اکثر مرنا پڑتا ہے۔ دکھ اس بات کا ہے کہ ایسے لوگوں کو 14 اگست کے موقع پرتمغہ امتیاز ملنا چاہئے، جو بدقسمتی سے نہیں ملتے۔ اس کا مطلب ہے کہ حکومت میں لسٹیں بنانے والے لوگ اندھے، گونگے اور بہرے ہیں۔

    مبشر لقمان نے کہا کہ پاکستان اس وقت جمود کا شکار ہے اور معاشی سرگرمیوں کو مضبوط بنائے بغیر مثبت تبدیلی ممکن نہیں۔اچھی خبر اُس وقت آئے گی جب کاروباری افراد کو آزادی سے کام کرنے کا موقع ملے گا، جب ایکسپورٹ بڑھے گی، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے آگے آئیں گے۔ ملک تب آگے بڑھے گا جب نوجوانوں اور بزنس کمیونٹی کو سپورٹ ملے گی

    پاکستانی قوم نے متحد ہو کر مودی کو سرنڈر کروایا،مبشر لقمان
    مبشر لقمان نے افواج پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے چھ سے دس مئی کے دوران پاکستانی عوام کے مثالی کردار کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا ان دنوں نوجوانوں نے ڈرونز کا پیچھا کیا، ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ ایک ویڈیو بھی ایسی نہیں آئی جس میں فوج حرکت کرتی دکھائی دے۔ اس کے برعکس بھارتی میڈیا نے جھوٹی خبریں چلائیں، لیکن پاکستانیوں نے ایک قوم بن کر میمز کے ذریعے دنیا کو سچ دکھایا۔ ہم اس لیے جیتے کیونکہ قوم متحد تھی اور سب نے فیصلہ کیا تھا کہ مودی کو سرنڈر کروانا ہے اور کروایا۔ ہم ملک کو آگے لے کر جا سکتے ہیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ میرٹ، کاروباری آسانیوں اور نوجوانوں کی سرپرستی سے ہو کر گزرتا ہے۔اگر آج فیصلہ کر لیں کہ ہم بزنس مین کا ہاتھ بٹائیں گے، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور میرٹ پر فیصلے ہوں گے، تو ملک خودبخود ترقی کرے گا۔ عدلیہ اور میڈیا ٹھیک ہو جائیں تو پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے

    مبشر لقمان نے ماحولیاتی بحران، پانی کی قلت اور شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاموسمیاتی تبدیلی ایک بڑا بحران ہے۔ ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہر سڑک، انٹرچینج یا ہسپتال کا نام نواز شریف رکھنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ناموں سے باہر نکل کر ملک کے لیے سوچنا ہوگا۔ہر شہری پانی کا کم استعمال کرے اور شجر کاری مہم میں حصہ لے.

  • پاکستان آرمی، ایئرفورس، نیوی ترمیمی بلز 2025،صدر نے منظوری دے دی

    پاکستان آرمی، ایئرفورس، نیوی ترمیمی بلز 2025،صدر نے منظوری دے دی

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان آرمی، ایئرفورس اور نیوی ترمیمی بلز 2025ء کی منظوری دے دی۔

    قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوی کے بعد صدرِ مملکت نے پاکستان آرمی ترمیمی بل 2025ء، پاکستان ایئر فورس ترمیمی بِل 2025ء اور پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025ء کی منظوری دے دی ہے،منظوری کے بعد یہ تینوں بِل آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حصہ بن گئے ہیں،آرمی ایکٹ کی منظوری کے بعد آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی او) بھی ہوں گے، اِن کے عہدے کی مدت پانچ برس ہوگی۔