Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • معروف پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہراکی وفات،وزیراعظم کا اظہار افسوس

    معروف پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہراکی وفات،وزیراعظم کا اظہار افسوس

    معروف پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئی ہیں۔

    پاکستانی ڈرامہ نگار، ٹی وی ڈرامہ سیریل کے مصنف اور شاعر اصغر ندیم سید نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔اصغر ندیم سید نے عارفہ سیدہ کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال لاہور میں ہوا، اِن کی کی نمازِ جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا،عارفہ سیدہ زہرا نے ایم اے اردو گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا تھا، انہوں نے ایسٹ ویسٹ سینٹر، یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی،عارفہ سیدہ 1986ء تا 2009ء تک گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ لاہور کی پرنسپل رہیں۔ وہ 7 زبانوں پر عبور رکھتی تھیں،عارفہ سیدہ تعلیمی، انتظامی، سماجی اور ثقافتی کمیٹیوں کی رُکن بھی رہیں۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی ارود زبان کے فروغ و ترویج، تدریس اور تحقیق کے میدان میں خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے،وزیرِ اعظم نے مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی ہے۔الحمرا کے چیئرمین رضی احمد نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے اردو زبان کو تہذیب اور تحقیق کا موضوع بنایا،رضی احمد نے کہا کہ نامور ادیبہ و دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا زبان وادب کا درخشندہ ستارہ تھیں، عارفہ سیدہ نے چالیس سال سے زائد عرصہ تدریسی خدمات انجام دیں۔

  • 27 ویں‌ترمیم،منظوری سے قبل ہی فیصل واوڈا مٹھائی لے آئے

    27 ویں‌ترمیم،منظوری سے قبل ہی فیصل واوڈا مٹھائی لے آئے

    27 ویں ترمیم کی منظوری سے قبل ہی سینیٹر فیصل واوڈا مٹھائی کی ٹوکری لے کر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔

    27 ویں ترمیم کی ممکنہ منظوری کے موقع پر فیصل واوڈا کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کو مٹھائی کھلائی گئی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ میں ایڈوانس مٹھائی کھانے آیا ہوں، نوکری کے ساتھ نخرا نہیں چلے گا،ڈیفنس لائن کو مزید ہم نے مضبوط کرنا ہے، جتنی چیزیں ہو رہی ہیں وہ ہٹ کے نہیں ہو رہیں، جو چیز اس صدر کے لیے ہوگی وہ آگے کے لیے بھی ہوگی، آپ 27 ویں ترمیم کی مٹھائی کھائیں اور 28 ویں کی تیاری کریں۔

  • ترمیم کے حوالے سے ہمارے پاس ووٹ پورے ہیں۔خواجہ‌آصف

    ترمیم کے حوالے سے ہمارے پاس ووٹ پورے ہیں۔خواجہ‌آصف

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے حکومت کے پاس ووٹ پورے ہیں۔

    پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا ووٹ ڈالنے کے لیےکسی بھی رکن کا پارلیمان میں حاضر ہونا ضروری ہے، ترمیم کے حوالے سے ہمارے پاس ووٹ پورے ہیں،وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ان شاءاللہ آج ہی سینیٹ سے 27ویں ترمیم منظور ہو جائے گی۔

    حکومت نے بحث کے بعد 27ویں ترمیم کے مسودے کو حتمی شکل دے دی۔ اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ کچھ تبدیلیاں تھیں وہ کرلیں۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پارلیمنٹ لابی میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 27 ویں ترمیم کا مسودہ پرنٹنگ کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں، پختونخوا کے نام پر بعد میں بات ہوگی، ایمل ولی ہمارے بھائی ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون و انصاف نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تمام 49 شقوں کی منظوری دیدی تھی جس کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ آج سینیٹ اجلاس میں آئینی ترمیم پیش کی جائے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم پیش کریں گے۔

  • پاکستان کو دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا،وزیراعظم

    پاکستان کو دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو کیش لیس کرنے کیلئے جاری اقدامات کا ملکی معیشت کی پائیدار ترقی میں کلیدی کردار ہو گا، مکمل طور پر کیش لیس معیشت اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے کیلئے دیہی علاقوں میں آگاہی بڑھائی جائے.

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس معیشت کے جاری اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا.وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے گامزن ہے، پاکستان کو دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا.روز اول سے پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کیلئے اقدامات کو ترجیح دی جسکے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں.رمضان المبارک میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مستحقین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بھیجی گئیں.کیش لیس معیشت کے ذریعے گورننس کی بہتری اور کرپشن میں خاطر خواہ کمی آئے گی. کیش لیس معیشت کے وضح کردہ اہداف کا معینہ مدت میں حصول یقینی بنایا جائے. موجودہ پیش رفت اطمینان بخش ہے جسکے لئے وزارت خزانہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور متعلقہ تمام ادارے لائق تحسین ہیں.

    اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین نادرا لیفٹینینٹ جنرل محمد منیر افسر، چیرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. اجلاس کو وزیرِ اعظم کے کیش لیس معیشت کے ویژن کے تحت حکومتی اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی اور گیس کے بلز پر راست QR کوڈز کے ذریعے انکی ادائیگی کو کیش لیس کیا جارہا ہے جس کی بدولت اربوں روپے کے بلوں کی ادائیگی اب ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ممکن ہوئی ہے. وزیر اعظم کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ والٹس رواں ماہ کے اختتام تک مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے اور مستحقین کو رقوم کی آئندہ قسط اسی کے ذریعے بھیجی جائے گی. مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سرکاری سروسز کے حصول کیلئے قائم موبائل ایپلی کیشن کو راست کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے اور ادائیگیاں اسکی کے ذریعے کی جارہی ہیں. اسلام آباد میں نئے کاروبار کھولنے کیلئے لائسنس کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے اور موجودہ تمام دکانوں پر راست QR کوڈز کے ذریعے ادائیگیوں کی سہولت فراہم کردی گئی ہے. مزید یہ کہ ملک میں ڈیجیٹل بینکس کے قیام کیلئے لائسنس جاری کئے جارہے ہیں.

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اقدامات سے اب تک ملک کی 68 فیصد آبادی کی فنانشل انکلوژن کرلی گئی ہے جبکہ آئندہ برس اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا. وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مالی شمولیت کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے. اجلاس کو آئندہ برس کے اہداف کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی. وزیرِ اعظم نے کیش لیس معیشت کے حوالے سے اقدامات کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وضح کردہ اہداف کو معینہ مدت میں پورا کرنے کی ہدایت کی.

  • بہت مشکل سوال ہے تو ہم وفاقی آئینی عدالت  بھجوا  دیتے ہیں،جسٹس منصور کے ریمارکس

    بہت مشکل سوال ہے تو ہم وفاقی آئینی عدالت بھجوا دیتے ہیں،جسٹس منصور کے ریمارکس

    سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت سے متعلق جسٹس منصور علی شاہ کے دلچسپ ریمارکس سامنے آئے ہیں

    محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب سے منسلک ڈاکٹر اعظم علی کی ترقی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میرے موکل کو نظرانداز کرکے جونیئر افسران کو ترقی دی گئی، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہمیں دستاویزات سے دیکھا دیں جونیئرز کو ترقی دی گئی اور آپکے موکل کو نظرانداز کیا گیا، اگر کوئی بہت مشکل سوال ہے تو ہم وفاقی آئینی عدالت بھجوا دیتے ہیں،ہم تو ویسے بھی بیچارے ایسے ہی ہیں یہاں، ریمارکس پر کمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے، عدالت نے درخواست مسترد کردی

  • 27 ویں آئینی ترمیم،سینیٹ کا اجلاس جاری

    27 ویں آئینی ترمیم،سینیٹ کا اجلاس جاری

    اسلام آباد: 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے معاملے پر سینیٹ کا اجلاس جاری ہے۔

    پریزائیڈنگ افسر منظور کاکڑ کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے جس میں سینیٹرز اظہار خیال کررہے ہیں۔

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ کیا سینیٹ میں نمبر پورے ہیں؟اس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ انشاء اللہ ہیں۔ اسحاق ڈار سے سوال کیا گیا کہ کیا سینیٹر جان بلیدی صاحب مان گئے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا جب ووٹنگ ہوگی تو پتا چل جائے گا۔

    دوسری جانب حکومتی اور اتحادی اراکین کے درمیان بند کمرے کا اجلاس سینیٹر اعظم نظیر تارڑ کے چیمبر میں جاری ہے،اجلاس میں ججوں کے ٹرانسفر، کیسوں کے ٹرانسفر اور آرٹیکل 243 پر مشاورت کی جا رہی ہے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اعظم نظیر، شیری رحمن اور نوید قمر شامل ہیں،سینیٹر انوشے رحمن ایوان بالا میں نمبر گیم پورے کرنے کے لیے متحرک ہیں،ذرائع کے مطابق سینیٹر انوشہ رحمن بار بار سینیٹ ہال اور میٹنگ والے بند کمرے کے چکر لگا رہی ہیں،ریاض الحق نے بھی اجلاس میں شرکت کی

    خیال رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی پارلیمانی کمیٹی سے منظوری کے بعد آج سینیٹ میں اس کی منظوری کا امکان ہے۔

  • سردار تنویر الیاس کے وارنٹ جاری

    سردار تنویر الیاس کے وارنٹ جاری

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق وزیرِاعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ان کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق، جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت سردار تنویر الیاس کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی اور حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ذرائع کے مطابق، سردار تنویر الیاس کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں ان پر ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے غیر قانونی استعمال اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 نومبر 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ملزم کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

  • لاہور میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون ورکر زخمی

    لاہور میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون ورکر زخمی

    لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک فیملی نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک خاتون پولیو ورکر شدید زخمی ہوگئی جن کے سر پر اینٹ لگنے سے گہرا زخم آیا۔

    انسدادِ پولیو ٹیم معمول کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پہنچی تھی۔ اس دوران ایک گھر کے افراد نے بچوں کو ویکسین پلوانے سے انکار کردیا۔ جب پولیو ٹیم کی خاتون ورکر نے والدین کو ویکسین کی اہمیت سمجھانے کی کوشش کی تو گھر میں موجود خاتون اور اس کی دو بیٹیوں نے غصے میں آکر ٹیم پر حملہ کردیا،عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران اینٹ پھینکی گئی جو خاتون پولیو ورکر کے سر پر لگی، نتیجتاً وہ موقع پر زخمی ہوگئیں۔ واقعے میں ٹیم کی اسکوٹی کو بھی نقصان پہنچا۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی ورکر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس ترجمان کے مطابق انسدادِ پولیو ٹیم کے انچارج کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں نامزد مرکزی خاتون اور اس کے دو بیٹے تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • مودی کی انتخابی دھاندلیاں اور بے ضابطگیاں عروج پر

    مودی کی انتخابی دھاندلیاں اور بے ضابطگیاں عروج پر

    بھارت میں اقتدار پر قابض رہنے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیراعظم نریندر مودی کی انتخابی دھاندلیاں اور بے ضابطگیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ مودی سرکار نے اپنی آمریت مسلط رکھنے کے لیے انتخابی شفافیت کے تمام اصولوں کو پامال کر دیا۔

    بہار میں انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کے دوران مقامی ووٹرز نے بی جے پی کی دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کا پردہ چاک کیا۔ ووٹرز کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشن پہنچنے سے پہلے ہی ان کے ناموں سے ووٹ ڈالے جا چکے تھے۔کانگریس پارٹی کے مطابق مودی حکومت نے بہار میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے لیے ووٹروں کو پیسے اور لالچ کے ذریعے خریدا، یہاں تک کہ ہر ووٹر سے 15 لاکھ روپے کے عوض ووٹ خریدنے کی اطلاعات سامنے آئیں،بھارتی جریدے ’نیشنل ہیرلڈ‘ کے مطابق بہار انتخابات کے دوران مختلف مقامات پر تشدد کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، حتیٰ کہ عوامی ردِعمل کے دوران نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے نائب وزیراعلیٰ پر بھی حملہ کیا گیا۔این ڈی ٹی وی کے مطابق، ٹیکاری میں امیدوار انیل کمار پر انتخابی مہم کے دوران حملہ کیا گیا جبکہ سیوان میں عوام نے بی جے پی امیدوار دیویش کانت سنگھ کے خلاف “ووٹ چور” کے نعرے لگائے۔

    مقامی رپورٹس کے مطابق، بی جے پی کے غنڈوں نے ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کو دھمکیاں دیں، جب کہ بہار کی ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر جعل سازی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق، مودی سرکار کی ایماء پر لاکھوں جعلی ووٹرز کے ذریعے انتخابی نتائج پہلے ہی طے کر لیے گئے ہیں، جس سے بھارت کے جمہوری نظام کی ساکھ مزید متنازع ہو گئی ہے۔

  • آزاد جموں و کشمیر میں جدید آئی ٹی دور کا آغاز،آئی ٹی لیبز کا افتتاح

    آزاد جموں و کشمیر میں جدید آئی ٹی دور کا آغاز،آئی ٹی لیبز کا افتتاح

    مظفرآباد: ایس سی او وژن 2025 کے تحت آزاد جموں و کشمیر میں جدید آئی ٹی دور کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ یونیورسٹی آف کوٹلی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، تحصیل سہنسہ میں فری لانسنگ حب اور کوٹلی جیل میں نوعمر قیدیوں کے لیے آئی ٹی لیب کا افتتاح کر دیا گیا۔

    کوٹلی میں قائم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک پہلے ہی سینکڑوں نوجوانوں کو تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کر چکا ہے۔ ایس سی او کے ان اقدامات کا بنیادی مقصد آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ تک رسائی دینا ہے،سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹلی کے مطابق، آئی ٹی لیب کا قیام نوعمر قیدیوں کی بحالی، تربیت اور مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کے لیے ایک عملی قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا بنیادی ہدف نوجوانوں کو باقاعدہ آئی ٹی تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد بہتر مستقبل کی طرف قدم بڑھا سکیں،ایس سی او وژن 2025 کے تحت کوٹلی جیل میں قائم آئی ٹی لیب اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہے، جو اصلاحی نظام میں ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کو اجاگر کرتی ہے۔ایس سی او کے قابلِ تحسین اقدامات نہ صرف خطے میں بے روزگاری میں کمی کا باعث بن رہے ہیں بلکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے انہیں ملکی اور عالمی ڈیجیٹل معیشت کا فعال حصہ بنا رہے ہیں۔