Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • آئی سی سی کا بابر اعظم پر جرمانہ

    آئی سی سی کا بابر اعظم پر جرمانہ

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی بیٹر بابراعظم پر جرمانہ عائد کردیا۔

    آئی سی سی کے مطابق بابراعظم نے سری لنکا کے خلاف تیسرے میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی،آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بابراعظم پر لیول ون خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور کرکٹر کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے،بابر اعظم نے آئی سی سی کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کو تسلیم کیا ہے۔

    واضح رہے کہ بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی اسٹیڈیم میں 21 ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد بیٹ اسٹمپس کو مارا تھا۔

  • بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے،بلاول

    بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے،بلاول

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا اسٹینڈرڈ سب کے سامنے ہے اور مودی دنیا سے منہ چھپا رہا ہے۔

    مظفر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب آپ کا نمائندہ آپ کی نمائندگی نہیں کرسکتا تو عوام کو خودجدوجہدکرنا پڑتی ہے، کشمیرکے عوام جب سراپا احتجاج تھے تو فیصل راٹھور اس کوبھی دیکھ رہے تھے، اب مظفرآباد میں آپ کا نمائندہ فیصل راٹھور ہے، فیصل راٹھور نے عوام سےجو وعدے کیے وہ میرےپاس آپ کی امانت ہیں، ہم بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے، پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عمران خان کو اقتدار دیاگیا تھا، میں خود انتخابات میں آپ کے پاس آیا تھا، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان نے مایوس نہیں کیا، جتنا سیاسی شعور کشمیر میں ہے اتنا کہیں نہیں ہے، بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا اسٹینڈرڈ سب کے سامنے ہے، مودی دنیا سے منہ چھپارہا ہے، امریکا اور دیگر ممالک انہیں یاد دلائیں گے کہ 7 جہازگرے تھے، دنیا کا کوئی بھی فورم ہو بھارت وہاں سے بھاگ رہا ہے،بھارت پاکستان اور کشمیر کے بھائی چارے کونقصان پہنچاتاہے، مودی سرکار کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جنگیں بھی ہارےاور اب سازش بھی ہاروگے۔

  • ایس سی او نے خطے میں معاشی خوشحال کی بنیاد رکھی،اسحاق ڈار

    ایس سی او نے خطے میں معاشی خوشحال کی بنیاد رکھی،اسحاق ڈار

    نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پائیدار ترقی کا انحصار امن و استحکام پر ہے اور خطے کی خوشحالی ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے۔

    ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او نے خطے میں معاشی خوشحال کی بنیاد رکھی، ایس سی او رکن ممالک کے درمیان منظم روابط انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی روابط کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارنے اجلاس میں پاکستان کامؤقف پیش کیا، انہوں نے علاقائی روابط، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی اہمیت پر زور دیا۔

  • آسٹریلیا نے طالبان کے خلاف نئی پابندیوں کی تجاویز پیش کر دیں

    آسٹریلیا نے طالبان کے خلاف نئی پابندیوں کی تجاویز پیش کر دیں

    آسٹریلوی حکومت نے سنگین جرائم کے احتساب کے لیے طالبان کے خلاف نئی پابندیوں کی تجاویز پیش کر دیں۔

    سنگین جرائم میں ملوث افغان طالبان پر آسٹریلیا کی پابندیوں کی تجویز پر ہیومن رائٹس واچ نے حمایت کر دی ،آسٹریلوی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر طالبان پر پابندیوں کے قوانین میں ترامیم زیر غور ہیں، نئے قوانین میں ترامیم سے افغانستان کے لیے مخصوص معیار متعارف کرائیں گے، قوانین میں ترامیم کے ذریعے افغانستان پر سفری پابندیاں عائد کی جا سکیں گی۔

    دوسری جانب آسٹریلوی ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترامیم انسانی حقوق کے مجرم طالبان کے احتساب کی جانب اہم قدم ہیں۔ طالبان کی خواتین کے بنیادی حقوق پر قدغنیں جرمِ انسانیت اور صنفی ظلم وستم کی صورت اختیار کر چکی ہیں، یو این انسانی حقوق ماہرین طالبان کے خواتین کے خلاف منظم مظالم کو صنفی تفریق قرار دے چکے ہیں، طالبان حکام نے سول آزادیوں کو محدود کرتے ہوئے صحافیوں و کارکنان کو حراست اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

  • بچے میری ریڈ لائن، سب ہی پیارے،حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب

    بچے میری ریڈ لائن، سب ہی پیارے،حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام و بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد صرف جرم نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف بغاوت ہے۔بچے ان کی ریڈ لائن ہیں، سب ہی پیارے ہیں اور سب کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد سماج کے ناسور ہیں اور پنجاب سے انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ پنجاب میں بچوں کو تحفظ دینے کے لیے پاکستان کا پہلا ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی قائم کیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مستحکم گورننس کو ملا کر بچوں اور شہریوں کی حفاظت کا جدید نظام تشکیل دیا گیا ہے، پنجاب کا ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی ہزاروں بچھڑے ہوئے بچوں اور بزرگوں کو ان کی فیملیز سے ملا چکا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب میں کسی بچے کے لاپتہ ہونے کی صورت میں فوری طور پر ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی سے رابطہ کیا جائے۔

  • دہلی دھماکے کے بعد سخت کریک ڈاؤن سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

    دہلی دھماکے کے بعد سخت کریک ڈاؤن سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعے کے قریب ہونے والے دھماکے کے بعد غیر قانونی طور پر زیرِقبضہ جموں کشمیر میں سیکیورٹی کے نام پر شروع کئے گئے بڑے پیمانے پر چھاپوں ، تلاشی کی کارروائیوں اور سخت پابندیوں کی وجہ سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس ، پیراملٹری اہلکاروں اور تحقیقاتی اداروں نے بازاروں ، بس اڈوں ، ہسپتالوں ، ریلوے اسٹیشنوں اور شاہراہوں پر تلاشی کی کارروائیاں تیز کردی ہیں ۔ شہری اور دیہی علاقوں میں مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں ، جس کی وجہ سے پورا مقبوضہ علاقہ ایک فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کر رہا ہے ۔وادی کشمیر میں حالات ابتر ہیں۔ شمالی سے جنوبی کشمیر تک ، بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے نئی چوکیاں قائم کر دی ہیں، جہاں تلاشی کے لیے گاڑیوں کو روکا جا رہا ہے جبکہ گھروں پر بھی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سخت پابندیوں اور محاصرے کے ماحول کی وجہ سے ان کے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ لوگوں میں شدید خو ف و ہراس پھیل گیاہے ۔مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جموں ریلوے سٹیشن پر مسافروں کو چوبیس گھنٹے ذلت آمیز تلاشی کی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سکیننگ ڈیوائسز اور دیگر آلات سے لیس بھارتی فورسز کی ٹیمیں مسافروں بشمول بزرگوں ، خواتین اور طلباء کو بار بار چیکنگ اور شناخت کی تصدیق کرنے پر مجبور کر رہی ہیں۔ کٹھوعہ ، سانبہ ، ادھمپور اور جموں خطہ کے دیگر علاقوں میں بھی کشمیریوں کو اسی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے ۔

    انسانی حقوق کے ماہرین کے مطابق بھارتی فورسز لال قلعہ دھماکے کو اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں کشمیر میں ایک "غیر معمولی کریک ڈائون” کا جواز فراہم کرنے کے لئے استعمال کر رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سخت پابندیاں ، چھاپے ، تلاشی کی کارروائیاں اور کشمیریوں کو ہراساں کرنا اور مقبوضہ کشمیرکی پوری آبادی کو سزا دینے کے مترادف اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے ۔کشمیریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی قابض حکام نے مسلسل نگرانی ، چھاپوں اور دھمکیوں کے ذریعے ان کی زندگی کو جہنم بنا دیا ہے۔

  • ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی لیڈیز بیچ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ

    ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی لیڈیز بیچ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ

    کوئٹہ،فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کے 68ویں لیڈیز بیچ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 89 لیڈیز سولجرز نے تربیت مکمل کی۔ ان تمام لیڈیز کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے، ان مقامی بلوچ لیڈیز کی شمولیت، ایف سی بلوچستان نارتھ میں مقامی خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی اور اعتماد کا مظہر ہے۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر 12 کور لیفٹینینٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے – آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عاطف مجتبٰی نے ان کا استقبال کیا ،مہمانِ خصوصی نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والی تمام لیڈیز سولجرز اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دی اور اپنے خطاب میں کہا، "تمام لیڈیز سولجرز کو فخر ہونا چاہیے کہ وہ ایف سی بلوچستان (نارتھ) جیسے باوقار ادارے کا حصہ بن رہی ہیں، جو اپنی شاندار روایات، قربانی اور بہادری کے لیے جانا جاتا ہے۔”تمام لیڈیز سولجرز بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں اور خواتین کے لیے ایک عظیم مثال ہیں ،پاسنگ آؤٹ پریڈ میں قبائلی عمائدین، مقامی شخصیات، معزز مہمانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بھرپور شرکت نے ایف سی اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کو مزید تقویت دی۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لیڈیز سولجرز میں خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

  • سلامتی کونسل،غزہ پر  ٹرمپ منصوبے کی حمایت میں قرار داد منظور،پاکستان کی حمایت

    سلامتی کونسل،غزہ پر ٹرمپ منصوبے کی حمایت میں قرار داد منظور،پاکستان کی حمایت

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ ہم نے خون ریزی کے خاتمے کیلئے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہییں، ہمارے پیش کردہ کچھ نکات قرار داد میں شامل نہیں، بورڈ آف پیس اور بین الاقوامی امن فورس کے مینڈیٹ کی وضاحت ہونی چاہئے۔بنیادی مقصد غزہ میں معصوم فلسطینوں کے قتل عام کی روک تھام ہے، غزہ سے اسرائیلی فورسز کا مکمل انخلاء چاہتے ہیں۔1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام ہمارا مقصد ہے، فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس ہونا چاہیے۔

    امریکی صدر نے سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق قرارداد پر دنیا کو مبارکباد دی ہے۔سوشل میڈیا پیغام میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ اقوام متحدہ نے بورڈ آف پیس کی توثیق کی جس کا سربراہ میں خود ہوں گا، بورڈ آف پیس میں دنیا بھر کے طاقتور اور قابل احترام رہنماء شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں بورڈ کے ممبران سمیت مزید اعلانات کیے جائیں گے۔صدر ٹرمپ نے قرارداد کی حمایت پر پاکستان سمیت دیگر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے کی حمایت میں قرار داد منظور کرلی گئی۔ امریکی قرارداد میں بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی، عبوری حکومت کیلئے بورڈ آف پیس، غزہ کو اسلحہ سے پاک کرنے، امداد کی ترسیل اور تعمیر نو کے نکات شامل ہیں۔قرارداد کے حق میں 14 ووٹ آئے، روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔امریکی مندوب نے قرارداد کو خون خرابے کے خاتمے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور اسرائیلی سیکیورٹی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔پاکستان سمیت عرب ممالک نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔

  • وزیراعظم کا آزاد کشمیر کے نومتخب وزیراعظم سے رابطہ،مبارکباد دی

    وزیراعظم کا آزاد کشمیر کے نومتخب وزیراعظم سے رابطہ،مبارکباد دی

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کا آزاد جموں و کشمیر کے نو منتحب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو منتخب ہونے پردلی مبارکباد دی،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل راٹھور کے لئے وزرات عظمیٰ کے دوران نیک خواہشات کا اظہارکیا اور کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود، معاشی ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیےآزاد جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی

  • ایک ماہ قبل شادی،لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد

    ایک ماہ قبل شادی،لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد

    کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے ایک لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ زینب زوجہ زین عمر کی پھندا لگی لاش ڈیفنس فیز 5 بدر کمرشل کے فلیٹ سے ملی ہے، ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی لگ رہا تھا تاہم مزید تفتیش کے دوران خودکشی کا معاملہ مشکوک لگ رہا ہے، لاش کا پوسٹ مارٹم ہونے کےبعد صورتحال واضح ہوگی، لڑکی کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور اس کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی، شادی کے بعد لڑکی اپنے شوہر کی خالہ کے گھر رہائش پذیر تھی جبکہ واقعے کے وقت شوہر گھر پر موجود نہیں تھا،متوفی خاتون کا شوہر سکیورٹی ادارے کا ملازم ہے، معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔