Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • کراچی، شہری کو ایک ہی دن میں 5 چالان موصول

    کراچی، شہری کو ایک ہی دن میں 5 چالان موصول

    شہر قائد میں ای چالان کا نظام ایک مرتبہ پھر سوالات کی زد میں آگیا ہے، جب ایک ہی شہری کو محض چند منٹوں کے اندر 5 مختلف ای چالان موصول ہوگئے۔ سسٹم کی اس خرابی نے شہریوں میں شدید غصے اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

    کراچی کے رہائشی حکیم اللہ کو 30 اکتوبر کو ایک ہی دن میں پانچ ای چالان موصول ہوئے۔ شہری کے مطابق، ان میں سے تین چالان ماڑی پور کے مقام پر 12 بج کر 03 منٹ پر کیے گئے، جب کہ چوتھا اور پانچواں چالان حسن اسکوائر کے مقام پر 12 بج کر 13 منٹ پر درج ہوا۔ حیران کن طور پر تمام چالان ایک ہی نوعیت کے تھے ، یعنی سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر جرمانے عائد کیے گئے،حکیم اللہ نے بتایا کہ تمام چالانوں پر تاریخ اور وقت واضح درج ہیں، شہری نے بتایا کہ اسے مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کے چالان موصول ہوئے جس پر وہ حیران و پریشان ہوگیا۔

    اس حوالے سے کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ شہری سے رابطہ کر لیا گیا ہے اور اسے سہولت سینٹر آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ای چالان سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے تاکہ بے گناہ افراد کو غیر ضروری جرمانوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • بلوچستان ،خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری،استنبول میں مذاکرات کا تیسرا دور

    بلوچستان ،خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری،استنبول میں مذاکرات کا تیسرا دور

    پاکستان اور افغان طالبان کے اعلیٰ سطحی وفود اور انٹیلی جنس حکام ترکی کے شہر استنبول پہنچ گئے، جہاں آج امن مذاکرات کے تیسرے دور کا آغاز ہوگا۔ مذاکرات کا مقصد دونوں فریقین کے درمیان مستقل جنگ بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دینا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ادوار میں ہونے والی پیش رفت کو بنیاد بنا کر فریقین پائیدار امن کے قیام کے لیے پرامید ہیں۔ ان مذاکرات کو خطے میں استحکام اور سرحد پار کشیدگی میں کمی کے لیے نہایت اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

    سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق کارروائی پیرمیلہ کے علاقے میں کی گئی، جس میں ہلاک دہشت گرد کی شناخت "بدری” کے نام سے ہوئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے نعش کو تحویل میں لے کر ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا، جہاں شناخت اور دیگر کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

    بنوں کے علاقے ہتھی خیل میں قبائلی عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ جرگے میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ امن بحال رکھنے کے لیے مقامی سطح پر اجتماعی اقدامات کیے جائیں گے۔ چاروں قبیلوں سے 20، 20 افراد پر مشتمل مقامی سیکیورٹی دستے تشکیل دیے گئے جو جرگے کی نگرانی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر گشت اور نگرانی کریں گے۔ عمائدین نے عزم ظاہر کیا کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحد ہو کر کارروائی کی جائے گی تاکہ پائیدار امن قائم رہے۔

    ضلع کرّم میں اہلِ سنت امن کمیٹیوں کے جرگے کا انعقاد کُرم ملیشیا کمانڈنٹ کی زیر صدارت کیا گیا۔ اجلاس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، امن کے فروغ اور مقامی کمیٹیوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے فیصلہ کیا کہ باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اجلاس اور مہمات جاری رکھی جائیں گی۔ امن دشمن عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ علاقے میں دیرپا استحکام ممکن ہو۔

    صوبے بھر میں افغان شہریوں کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اکتوبر کے دوران 67,601 افغان شہری واپس افغانستان روانہ ہوئے، جن میں 2,056 افراد صرف 19 اکتوبر کو بھیجے گئے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک 14 لاکھ 13 ہزار 906 افغان شہری پاکستان سے وطن واپس جا چکے ہیں، جن میں 1 لاکھ 63 ہزار 253 ’’پی او آر‘‘ کارڈ ہولڈر اور 80 ہزار افغان سٹیزن کارڈ ہولڈر شامل ہیں۔وفاقی ہدایات کے مطابق یہ عمل مرحلہ وار اور قانونی دائرے میں انجام دیا جا رہا ہے، جبکہ غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم داخلی سلامتی اور انتظامی نظم برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

    کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) اور پولیس نے کرک کے علاقوں تخت نصرتی اور عنبری کلی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے داعش خراسان کے مقامی کمانڈر حکیم نثار عرف نثار حکیم کو ہلاک کر دیا۔ پانچ گھنٹے طویل مقابلے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہباز الہیٰ نے اس کارروائی کو جنوبی خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا۔

    سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر اضلاع میں 48 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کرفیو 6 نومبر کی صبح 6 بجے سے 8 نومبر کی صبح تک برقرار رہے گا۔ اس دوران تمام بازار، کاروباری مراکز اور عوامی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔ سیکیورٹی فورسز علاقے میں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے تعاون کریں۔

    طورخم بارڈر پانچویں روز بھی افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے کھلا رہا۔ گزشتہ چار دنوں میں 23,910 افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ واپسی کے عمل کے دوران پاکستانی ادارے متاثرہ خاندانوں کو خوراک، پانی، علاج اور عارضی رہائش فراہم کر رہے ہیں۔ تجارتی سرگرمیاں تاحال معطل ہیں جس سے مقامی تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق سرحد کے اوقات بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ رش کم کیا جا سکے۔

    بلوچستان لبریشن فرنٹ (BLF) نے ضلع کچھی کے علاقے کاتھان پولیس اسٹیشن پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق دو درجن سے زائد مسلح افراد نے حملہ کر کے سرکاری دستاویزات اور فرنیچر کو آگ لگا دی، جبکہ ایک ایس ایم جی، ایک جی-3 رائفل، ایک موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل لوٹ کر فرار ہو گئے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

    گوادر کے علاقے پسنی میں نامعلوم مسلح افراد نے مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک روک کر ایک ڈمپر ٹرک کو آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد حملہ آور اسلحہ چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر شاہراہ کو کلیئر کر دیا اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی۔بلوچستان لبریشن فرنٹ (BLF) نے ضلع قلات میں بھاری مشینری کو نقصان پہنچانے اور ایک ڈرائیور کو حراست میں لینے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ڈرائیور کی شناخت آفتاب ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی، جو پنجاب کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دعوے کی تصدیق جاری ہے۔

    یہ تمام واقعات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ملک کے مختلف خطوں میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لیے ریاستی ادارے متحرک ہیں، قبائلی عمائدین اور مقامی برادریاں بھی امن کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں، جس سے ایک پُرامن اور مستحکم پاکستان کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

  • پی آئی اے کی لاہور سے جدہ جانے والی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا ،ہنگامی لینڈنگ

    پی آئی اے کی لاہور سے جدہ جانے والی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا ،ہنگامی لینڈنگ

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے جدہ جانے والی پرواز ایک سنگین واقعے سے بال بال بچ گئی، جب راستے میں طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو حفاظتی بنیادوں پر فوری طور پر کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز PK-859 لاہور سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ دورانِ پرواز اچانک جہاز کے سامنے سے ایک پرندہ ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طیارے کی ونڈ اسکرین کو شدید نقصان پہنچا۔ پائلٹ نے ایوی ایشن کے حفاظتی اصولوں کے مطابق کنٹرول ٹاور کو صورتحال سے آگاہ کیا اور ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، طیارے میں 344 مسافر سوار تھے، تاہم پائلٹ اور عملے کی حاضر دماغی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ طیارہ بحفاظت کراچی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر پارک کر دیا گیا، جہاں انجینئرز نے مرمت کا کام شروع کر دیا ہے،انجینئرنگ ذرائع کے مطابق طیارے کی مرمت اور حفاظتی جانچ میں تقریباً 12 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ پرواز کے مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرنے اور متبادل انتظامات کی پیشکش کی گئی ہے،ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی مکمل فنی جانچ کے بعد ہی اسے دوبارہ پرواز کی اجازت دی جائے گی، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

    واضح رہے کہ ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو رن ویز کے اطراف صفائی، کچرے کے خاتمے اور برڈ کنٹرول کے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

  • پی سی بی کا  بائیو مکینک لیب کی عمارت کی تزئین و آرائش کا فیصلہ

    پی سی بی کا بائیو مکینک لیب کی عمارت کی تزئین و آرائش کا فیصلہ

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے بائیو مکینک لیب کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منتقلی کے لیے عمارت کی تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا ہے۔

    چند برس قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیب کے لیے بلڈنگ بنائی گئی تھی، بلڈنگ کا کام کئی وجوہات کی بنیاد پر روک دیا گیا تھا،بائیو مکینک لیب کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے مقامی یونیوسٹی میں تبدیل کر دیا تھا، پی سی بی کی بائیو مکینک لیب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے منظور شدہ بھی ہے،ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد لیب کو این سی اے میں واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت بائیو مکینک لیب کے لیے التوا کا شکار بلڈنگ کی تزئین و آرائش کی جائے گی،پاکستان کرکٹ بورڈ نے بائیو مکینک لیب کی تزئین و آرائش کے لیے پیشکشیں طلب کی ہیں

  • خورشید شاہ اور خاندان کے دیگر افراد کیخلاف کیس ایف آئی اے کے حوالے

    خورشید شاہ اور خاندان کے دیگر افراد کیخلاف کیس ایف آئی اے کے حوالے

    سکھر کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق پیپلزپارٹی رہنماء خورشید شاہ اور خاندان کے دیگر افراد کیخلاف کیس ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

    پیپلزپارٹی رہنماء خورشید شاہ اور خاندان کے دیگر افراد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کا محفوظ فیصلہ سکھر کی احتساب عدالت نے سنا دیا، کیس کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔نیب پراسیکیوٹر کی استدعا کے تحت عدالت کی جانب سے کیس ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا، عدالت میں خورشید شاہ کے بیٹے سید زیرخ شاہ اور ایڈوکیٹ محفوظ اعوان پیش ہوئے، احتساب عدالت کے جج غلام یاسین کولاچی نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

  • معرکہ حق میں شکست خوردہ بھارت کو ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا

    معرکہ حق میں شکست خوردہ بھارت کو ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا

    معرکہ حق میں شکست خوردہ بھارت کو ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے

    آپریشن سندور میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست مودی کیلئے بھیانک خواب بن گئی ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر معرکہ حق میں سات کے بجائے آٹھ طیارے مار گرائے جانے کا انکشاف کیا،میامی میں امریکہ میں امریکن بزنس فورم سے خطاب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران بنیادی طور پر آٹھ طیارے گرائے گئے ،سات طیارے مار گرائے جبکہ آٹھویں طیارے کو بری طرح نقصان ہوا،

    امریکی صدر ٹرمپ پاک بھارت جنگ بندی میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کا دعویٰ بھی کر چکے ہیں ،امریکی صدر ٹرمپ متعدد بار پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی تعریف کر چکے ہیں ،پاکستان کی کامیاب حکومتی سفارتکاری اور عسکری ڈپلومیسی نے پاکستان کی عالمی شناخت مستحکم کر دی

  • بلوچستان، پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ ملی

    بلوچستان، پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ ملی

    بلوچستان حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسے کی اجازت مسترد کردی، سیکیورٹی خدشات کے باعث الرٹ جاری
    بلوچستان حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
    سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی خدشات اور صوبے میں بڑھتے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے 7 نومبر کو کوئٹہ میں بڑے سیاسی جلسے کا اعلان کر رکھا تھا، تاہم حکومتِ بلوچستان نے سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر اجازت دینے سے انکار کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے، لہٰذا کسی سیاسی یا عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسے، ریلی یا احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے یا امن و امان کی صورتحال سے بچا جا سکے۔سیکیورٹی اداروں نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے، خاص طور پر کوئٹہ، مستونگ، خضدار اور تربت سمیت حساس اضلاع میں گشت اور نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز برازیل روانہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز برازیل روانہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز برازیل روانہ ہو گئیں

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30اجلاس میں شریک ہوں گی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوپ 30اجلاس پنجاب کے فلیگ شپ پراجیکٹس پر بریفنگ دیں گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ستھرا پنجاب، ای موبلٹی کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کریں گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کلائمیٹ ریزیلینٹ ریجنل لیڈرشپ پر گفتگو کریں گی،کوپ30کے شرکاء کو پنجاب میں وائلڈ لائف ریفارم کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بیلم میں کوپ 30 کانفرنس کے دوران اہم اور نمایاں شخصیات اور رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زشریف کی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر سے ملاقات بھی طے ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زشریف ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر سے بھی ملاقات کریں گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ورلڈ بینک کلائمیٹ چینج کے گلوبل ڈائریکٹر سے ملاقات کریں گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گلوبل گرین انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات ہوگی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے عہدیداروں سے بھی ملیں گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورہ برازیل ماحولیات کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے

  • طالبان رجیم میں آزادیِ صحافت دم توڑ گئی،  صحافی شدید خوف کا شکار

    طالبان رجیم میں آزادیِ صحافت دم توڑ گئی، صحافی شدید خوف کا شکار

    طالبان کے دورِاقتدار میں افغانستان میں صحافت زوال پذیرہو گئی ہے

    افغانستان میں آزادی صحافت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، طالبان دور حکومت میں تشدد کا دور شدت اختیار کر گیا،آمو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق "افغانستان میں سنسرشپ، گرفتاریوں اور دباؤ نے آزادیِ صحافت کو شدید نقصان پہنچایا ہے”پریس فریڈم انڈیکس میں افغانستان کی درجہ بندی مزید خراب، میڈیا پر پابندیاں سخت ترین ہو چکی ہیں، افغانستان میڈیا سپورٹ آرگنائزیشن کے مطابق؛”2021 کے بعد سے صحافیوں پر تشدد کے 539 واقعات سامنے آ چکے ہیں””واقعات میں صحافیوں پر تشدد، گرفتاریاں اور زبردستی نشر شدہ اعترافی ویڈیوز شامل ہیں،”متعدد صحافی بےبنیادالزامات کی وجہ سےاب بھی طالبان کی قید میں ہیں”،

    بین الاقوامی ایڈووکیسی گروپ "رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز ” افغانستان میں آزادیِ صحافت کی بگڑتی صورتحال پرایک تشویشناک رپورٹ پیش کرچکا ہے،2024 میں افغانستان 180 ممالک میں سے 178ویں نمبر کے نچلے ترین درجہ پر آگیا، 2024 میں 12 میڈیا ادارے بند، خواتین صحافیوں کی 80 فیصد نوکریاں ختم کر دی گئیں اقوام متحدہ معاون مشن برائے افغانستان (UNAMA) کے مطابق "طالبان نے ٹی وی پر کسی بھی جاندار کی تصویر دکھانے پر پابندی لگا کر صحافت کو شدید متاثر کر دیا ہے”اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی صحافیوں کیخلاف جرائم کے خاتمہ کے عالمی دن پر انتباہ جاری کیا ہے ،

    افغانستان میں صحافیوں پر حملوں سے خوف کا ماحول پیدا ہو چکا ہے، سچ بولنا جرم اور خاموشی مجبوری بن چکی ہے،عالمی برادری کو افغانستان میں آزادیِ اظہار وصحافت کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے

  • متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندیاں ختم کر دیں

    متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندیاں ختم کر دیں

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر عائد ویزہ پابندیاں باضابطہ طور پر ختم کرتے ہوئے ویزہ پراسیسنگ اور منظوری کا معمول بحال کر دیا ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، اب پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ، ورک اور فیملی ویزوں کی درخواستیں متحدہ عرب امارات کے مجاز سرکاری چینلز کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔یہ فیصلہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سفری، سیاحتی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو وزارتِ خارجہ اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی مؤثر کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

    واضح رہے کہ یو اے ای ہر سال لاکھوں پاکستانیوں کو مختلف اقسام کے ویزے جاری کرتا ہے، اور دبئی، ابوظہبی اور شارجہ پاکستانی ورکرز اور کاروباری برادری کے لیے بڑی توجہ کے مراکز ہیں۔ نئی ویزہ پالیسی کے اعلان کے بعد ٹریول ایجنٹس اور ویزہ کنسلٹنٹس نے بھی اسے ایک بڑی معاشی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ویزہ درخواستیں اب فوری طور پر آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہیں اور پہلے سے منظور شدہ پاکستانی درخواست دہندگان کے معاملات پر بھی کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔