Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • حکومت کو اپنے خرچے کم کرنا ہوں گے،وزیر خزانہ

    حکومت کو اپنے خرچے کم کرنا ہوں گے،وزیر خزانہ

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اگلے سال کا بجٹ ایف بی آر نہیں ٹیکس پالیسی آفس بنائے گا، ملک کو چلانے کیلئے ریونیو میں اضافہ ضروری ہے، ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے تاجروں سے مشاورت ہورہی ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں تاجروں کے ساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ممالک معاشی نظام میں اصلاحات کررہے ہیں، اگلے سال کا بجٹ ایف بی آر نہیں ٹیکس پالیسی آفس بنائے گا، ہم نے ریونیو اور اخرات دیکھ کر ملک کو چلانا ہے، ملک کو چلانے کیلئے ریونیو میں اضافہ ضروری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تاجر برادری کے ساتھ مل کر بجٹ بنائیں گے، چیئرمین ایف بی آر اس میں سیکریٹیریل سپورٹ فراہم کریں گے، ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے تاجروں سے مشاورت ہورہی ہے، ہمیں ریونیو اور اخراجات کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے 500 ملین یورو بانڈ کی پیمنٹ کی ہے، سیلاب سے کے پی اور پنجاب بری طرح متاثر ہوا، معاشی استحکام کا فائدہ ہوا ہے کہ صوبائی حکومتوں نے اپنا خرچہ خود اٹھایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی بار آٹو سیکٹر کی ایکسپورٹ ہوئی ہے، حکومت کو اپنے خرچے کم کرنا ہوں گے یہ بات واضح ہوگئی ہے، کسانوں کو بغیر ضمانت اور رہن رکھوائے بغیر قرضے دینا ہوں گے۔

  • صدر مملکت کی چینی نائب صدر سے دوحہ میں ملاقات

    صدر مملکت کی چینی نائب صدر سے دوحہ میں ملاقات

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دوحہ میں جاری سماجی ترقی سے متعلق دوسری عالمی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔

    صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔صدر زرداری نے سی پیک کے کامیاب نفاذ میں چین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ منصوبے کا دوسرا مرحلہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔چین کے نائب صدر ہان ژنگ نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے نیک تمنائیں پہنچائیں اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور علاقائی امن کے فروغ میں کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا، جس کے منصوبوں میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، زراعت اور ووکیشنل تربیت جیسے شعبے شامل ہیں،دونوں رہنماؤں نے باہمی اعتماد، احترام اور علاقائی خوشحالی کے وژن پر مبنی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں 60 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف

    محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں 60 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف

    محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں 60 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    نجی ٹی وی کے مطابق انکوائری رپورٹ میں اعلیٰ افسران پر غیر مجاز ادائیگیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر مبشر احمد اور اکاؤنٹنٹ فضل دیان کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک نجی کمپنی کو جعلی انوائسز پر 7 کروڑ 99 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی، دائیگی کے بعد مطلوبہ سامان کی فراہمی کا کوئی ثبوت موجود نہیں، گاڑیوں کی جعلی مرمت کے نام پر 6 کروڑ 12 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔انکوائری رپورٹ کے مطابق بینک منافع کی 10 کروڑ 13 لاکھ روپے رقم خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی، ٹیکس کٹوتی نہ ہونے سے حکومت کو 5 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، 30 کروڑ 68 لاکھ روپے بچت کی رقم جی ایف آر رولز کے برعکس واپس نہ کی گئی۔انکوائری کمیٹی نے ذمہ دار افسران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش کردی۔

  • ضلع خیبر کے پتھریلے علاقہ شاکس میں چھپائی گئی 144 کلوگرام چرس برآمد

    ضلع خیبر کے پتھریلے علاقہ شاکس میں چھپائی گئی 144 کلوگرام چرس برآمد

    اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کی ضلع خیبر میں انسدادِ منشیات کی کامیاب کارروائی کی ہے

    مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر منشیات کی بھاری کھیپ قبضہ میں لے لی گئی ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کے پتھریلے علاقہ شاکس میں چھپائی گئی 144 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی،برآمد شدہ منشیات رات کی تاریکی میں ملک کے بیشتر حصوں میں اسمگل کی جانی تھی، برآمد شدہ منشیات باڑہ کے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش گروہ کی ملکیت ہیں، جس کے تانے بانے تیرہ سے ملتے ہیں،اے این ایف کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار پروپلین بیگز برآمد کیے،پروپلین بیگز میں 120 پیکٹ چرس جبکہ ہر پیکٹ کا وزن تقریباً 1200 گرام ہے ،واقعہ کا مقدمہ قانون کے مطابق درج کر لیا گیا،اے این ایف کی انسداد منشیات کارروائی پاکستان کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کی کاوشوں کا تسلسل ہے

  • سندھ ہائیکورٹ،موبائل فون گم کرنے پر کوریئئر کمپنی کو جرمانے کا حکم

    سندھ ہائیکورٹ،موبائل فون گم کرنے پر کوریئئر کمپنی کو جرمانے کا حکم

    سندھ ہائیکورٹ نے نجی کورئیر کمپنی کی کنزیومر کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے 6 سال بعد نجی کمپنی کو حکم دیا کہ صارف کو موبائل فون اور جرمانے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا۔

    صارف کا موبائل فون گم کرنے کے معاملے کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی،وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ کنزیومر کورٹ نےکوریئر کمپنی کو صارف کا موبائل فون گم کرنے پر45 ہزار روپے جرمانہ کیا تھا، صارف نے بذریعہ کورئیر کمپنی موبائل فون لاہور بھیجا تھا جو گُم ہو گیا تھا،جسٹس ارشد حسین خان پر مشتمل سنگل بینچ نے صارف محمد شاہد کی اپیل پر 6 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے نجی کورئیر کمپنی کو حکم صارف کو دیا کہ صارف کو موبائل فون اور جرمانے کی رقم ادا کی جائے۔

  • ہم امریکا پر اتنا بھروسہ کیوں کرتے ہیں اور پاکستان پر اتنا عدم اعتمادکیوں،کانگریس رہنما

    ہم امریکا پر اتنا بھروسہ کیوں کرتے ہیں اور پاکستان پر اتنا عدم اعتمادکیوں،کانگریس رہنما

    بھارت میں کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر مانی شنکر ائیر نے فرنٹ لائن میگزین میں شائع اپنے مضمون میں پاک بھارت کشیدگی سے متعلق کہا ہے کہ پاکستان سے روابط توڑنے میں بھارت کا مفاد نہیں ہے۔
    کراچی میں بھارت کے قونصل جنرل کے طور پر ذمہ داریاں نبھانے والے سابق وزیر مانی شنکر ائیر نے فرنٹ لائن میگزین میں شائع اپنے مضمون میں سوال اٹھایا کہ ہم امریکا پر اتنا بھروسہ کیوں کرتے ہیں اور پاکستان پر اتنا عدم اعتمادکیوں. پاکستان سے رابطہ نہ رکھنا بھارت کے مفاد میں نہیں، پاکستان سے مکمل دوری اور داخلی سیاسی فائدے کے لیے پاکستان کے خلاف غصہ بھڑکانا بھارت کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس سے نہ صرف قومی ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے بلکہ بین الاقوامی حمایت بھی کمزور پڑتی ہے.بھارت کو پرانی شکایات اور موجودہ دشمنی کو برقرار رکھنے کے بجائے دوبارہ مکالمے کے دروازے کھولنے چائیں، کیونکہ یہی واحد پائیدار راستہ ہے۔

    انہوں نے واضح الفاظ میں کہا آگے بڑھنے کا واحد درست راستہ پاکستان کے ساتھ غیر منقطع اور غیر قابلِ انقطاع مکالمہ ہے، یعنی بھارت اور پاکستان کے درمیان ایسی بات چیت جو ہر حال میں جاری رہے چاہے حالات خراب ہوں یا اختلافات ہوں، بات چیت بند نہ کی جائے،

    یاد رہےمانی شنکر ائیر بھارتی خارجہ سروس میں 26 سال تک کام کر چکے ہیں، چار بار رکنِ پارلیمنٹ رہے، اور 2004 سے 2009 تک مرکزی کابینہ میں وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں،اپنے مضمون میں انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے پاس اب بھی پاکستان سے دوبارہ بات چیت شروع کرنے کی کئی وجوہات موجود ہیں پرانے زخموں کو بار بار کریدنے سے نہ کوئی فائدہ ہوتا ہے اور نہ یہ عمل ہمیں امن اور خوشگوار ہمسائیگی کے نئے راستے تلاش کرنے دیتا ہے۔ پاکستان سے بات چیت بند رکھنے سے سرحد پار دہشت گردی میں کمی نہیں آئی، بات چیت نہ ہونے سے پاکستان کے عوام اور مختلف طبقوں میں بھارت کے لیے موجود خیرسگالی ضائع ہو جاتی ہے، جب کہ دشمن عناصر کو یہ موقع ملتا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف زہر پھیلائیں،بھارت کی یہ روش کسی کو متاثر نہیں کرتی کہ وہ اپنی شکایات کو بہانہ بنا کر غصے اور برتری کے رویّے میں مبتلا رہے۔ یہ بے معنی فخر کہ بھارت ایک ایسے ملک سے بہتر ہے جس کی آبادی آٹھ گنا کم اور معیشت 10 گنا چھوٹی ہے، دراصل نقصان دہ ہے

  • سپریم کورٹ ، گیس لیکج دھماکے میں جھلسنے والا نوجوان دم توڑ گیا

    سپریم کورٹ ، گیس لیکج دھماکے میں جھلسنے والا نوجوان دم توڑ گیا

    اسلام آباد میں گزشتہ روز سپریم کورٹ کی عمارت میں ہونے والے گیس لیکج دھماکے کے ایک زخمی نوجوان نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔19 سالہ اسد منیب ولد تنویر احمد پمز ہسپتال کے برن سینٹر میں ایڈمٹ تھا

    اسپتال ذرائع کے مطابق 19 سالہ نوجوان، جو دھماکے میں بری طرح جھلس گیا تھا، بدھ کی صبح پمز اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔گزشتہ روز ہونے والے اس افسوسناک واقعے میں مجموعی طور پر 12 افراد زخمی ہوئے تھے، جنہیں فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ 40 سالہ عاطف، 45 سالہ ناہید عباسی، 44 سالہ عبدالرحمان پمز میں زیر علاج ،22 سالہ سعد، 35 سالہ طالب حسین، 60 سالہ محمد بشیر پمز میں زیر علاج ،25 سالہ محمد اسامہ، 53 سالہ محمود عالم، 48 سالہ عبداللطیف برن یونٹ میں زیرِ علاج ہیں.

    ذرائع کے مطابق دھماکا سپریم کورٹ کی کورٹ نمبر 6 کے قریب واقع ایک حصے میں گیس کے جمع ہونے کے باعث ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی آواز اس قدر زوردار تھی کہ قریبی عدالتوں میں موجود ججز، وکلاء اور اسٹاف خوف کے باعث اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور عمارت سے باہر نکل آئے۔دھماکے کے بعد ریسکیو 1122، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور متاثرہ حصے کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔

  • 4 شادیوں والے بھی باہر منہ مار رہے ہوتے ہیں ،حمزہ عباسی

    4 شادیوں والے بھی باہر منہ مار رہے ہوتے ہیں ،حمزہ عباسی

    پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ باہر منہ مارنے کی عادت 4 شادیوں کے بعد بھی ختم نہیں ہوتی، مجھے حیرت ہوتی ہے جب کوئی مسلمان یہ کہتا ہے کہ باہر منہ مارنے سے بہتر ہے میں شادی کرلوں۔

    حال ہی میں اداکار نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا،انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے غیر ازدواجی تعلقات پر بات کی اور کہا کہ باہر منہ مارنے کی عادت ختم نہیں ہوتی، 4 شادیوں والے بھی باہر منہ مار رہے ہوتے ہیں کیونکہ شادی اس نیت سے نہیں کی جاتی کہ باہر منہ مارنے سے بہتر ہے شادی کرلوں، شادی ایک عمر بھر کا رشتہ ہوتا ہے، اگر کوئی شخص باہر منہ مارنے کی عادت رکھتا ہے اور اس کا شادی کرنے کا ایک ہی مقصد ہے تو وہ 1 مہینے، 6 مہینے یا سال بعد یہی کرے گا کیونکہ بیوی تو 1 سال بعد پرانی ہو جائے گی، ایسے حضرات جو کہتے ہیں کہ غیر ازدواجی تعلقات سے بہتر ہے شادی کرلوں تو انہیں اپنی اس عادت کو ختم کرنا چاہیے،یہ عادت عموماً مردوں میں ہی ہوتی ہے، مجھے حیرات ہوتی ہے جب کوئی مسلمان یہ کہتا ہے کہ باہر منہ مارنے سے بہتر ہے میں شادی کرلوں، باہر منہ مارنا کبیرہ گناہ میں سے ہے، ایسا کرنے والے کے لیے ابدی جہنم ہے، اسے شادی سے نہ جوڑا جائے بلکہ اگر کسی شخص کی پوری زندگی بھی شادی نہ ہو تو تب بھی اسے باہر منہ مارنے سے باز رہنے کا حکم ہے۔

    حمزہ علی عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ نے مرد کو بے شک 4 شادیوں کی اجازت دی ہے لیکن چند مخصوص حالات میں، اس کے ساتھ ہی اس نے یہ بھی کہا کہ ہوسکے تو ایک شادی ہی کرنا کیونکہ تم 1 سے زائد کے ساتھ انصاف نہیں کر پاؤ گے، باہر منہ مارنے کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے، اس گناہ سے تمام مسلمانوں کو ہر حالت میں باز رہنا چاہیے۔

  • باباگرونانک نے محبت، ہمدردی، انسانیت اور بردباری کا درس دیا ،وزیراعلیٰ پنجاب

    باباگرونانک نے محبت، ہمدردی، انسانیت اور بردباری کا درس دیا ،وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بابا گرو نانک صاحب انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار تھے اور انہوں نے ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کا پیغام دیا،مریم نواز شریف نے کہا کہ پُر امن معاشرے، رواداری اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں۔ پنجاب کے ہر شہری کیلئے مساوی سہولتوں اور حقوق کے علمبردار ہیں، چاہے تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب کو مل جل کر پاک سرزمین کو امن و آشتی اور رواداری کی مثال بنانا ہے،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ باباگرونانک نے محبت، ہمدردی، انسانیت اور بردباری کا درس دیا اور یاد دلایا کہ گزشتہ سال کرتارپور میں بیساکھی میلے میں شرکت ایک یادگار لمحہ تھی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکھ برادری کو بابا گرو نانک جنم دن کی تقریبات میں بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

  • بلوچستان ،خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز متحرک

    بلوچستان ،خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز متحرک

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ویسٹرن بائی پاس علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سیکیورٹی فورسز اور پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اور فرانزک ٹیموں نے شواہد جمع کر لیے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مانہ فیڈر پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کا ایک سربراہ دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔مارا گیا دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ حملوں اور تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ حکام نے واضح کیا ہے کہ ریاست مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    بلوچستان کے ضلع آواران کے جھاؤ علاقے میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر راکٹ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کیپٹن ارطیز سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جھاؤ اور ملحقہ علاقوں میں کشیدگی کی فضا برقرار ہے۔

    قلات میں یکم نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک کیے جو "فتنہ الہندستان” نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ، بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے بارشونکی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے (LEAs) کی گاڑی کو مبینہ طور پر بارودی سرنگ (IED) سے نشانہ بنایا گیا۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ایک دہشت گرد تنظیم نے ذمہ داری قبول کی ہے، تاہم سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔ جانی نقصان یا نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

    ضلع کچھی کے علاقے ختان میں مسلح افراد نے لیویز پولیس اسٹیشن پر حملہ کر کے قبضہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے اہلکاروں کو یرغمال بنایا، اسلحہ لوٹا اور سرکاری ریکارڈ کو آگ لگا دی،واقعے کی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے جانی خیل علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے افغان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔مارے جانے والوں میں ایک دہشت گرد کی شناخت انس ولد عبدالرحمان ساکن قندھار کے طور پر ہوئی جو سرحد پار حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا تھا۔کارروائی کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔

    ضلع سوات کے تحصیل کبل کے کنجو علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے امن کمیٹی کے سابق رکن مفتاح الدین کنجو کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ چارسدہ میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالسلام ک و بھی قتل کیا گیا ہے،سیکیورٹی حکام کو شبہ ہے کہ حملے کے پیچھے "فتنہ الخوارج” گروہ ملوث ہے جو حالیہ دنوں میں امن کارکنوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

    خیبر پختونخوا اسمبلی کی سیکیورٹی کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں پولیس کے وسائل ناکافی ہیں۔آئی جی پی کے مطابق ایک لاکھ 30 ہزار اہلکاروں میں سے 30 فیصد وی آئی پی سیکیورٹی پر تعینات ہیں، جب کہ باقی اہلکار میدانی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔گاڑیوں، دفاتر، اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے لیے بجٹ کی کمی کا سامنا ہے۔پولیس حکام نے انتباہ کیا کہ اگر "ایکشن اِن ایڈ آف سول پاور آرڈیننس” ختم کیا گیا تو دہشت گردی سے نمٹنے میں مشکلات بڑھ جائیں گی۔

    شمالی وزیرستان کے ذوہہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی میں حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گرد عبدالحمید عرف محمد کو ہلاک کر دیا۔مارا گیا دہشت گرد کئی حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ علاقے میں سرچ آپریشن مکمل کر کے صورتحال کو قابو میں لے لیا گیا۔