Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • شمالی وزیرستان: پاک فوج کے زیرِ اہتمام کے پی 20  ہارڈ بال کرکٹ لیگ کا شاندار فائنل

    شمالی وزیرستان: پاک فوج کے زیرِ اہتمام کے پی 20 ہارڈ بال کرکٹ لیگ کا شاندار فائنل

    شمالی وزیرستان: پاک فوج کے زیرِ اہتمام کے پی 20 ہارڈ بال کرکٹ لیگ کا شاندار فائنل میچ آج یونس خان اسٹیڈیم، میرانشاہ میں منعقد ہوا۔ فائنل میں باجوڑ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی تھے۔ اس موقع پر سینئر فوجی افسران، ضلعی انتظامیہ، علاقائی مشران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے میچ کا بھرپور لطف اٹھایا اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کو جوش و خروش کے ساتھ سپورٹ کیا۔میچ کے دوران طلباء نے مختلف کرتب کے شاندار مظاہرے پیش کیے، جنہوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ مہمان خصوصی نے ٹیموں اور پرفارم کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کے جذبے، نظم و ضبط اور کھیل کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔عوام نے کھیلوں کے اس شاندار انعقاد پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس طرح کے مقابلے نوجوانوں میں مثبت رجحانات کے فروغ اور علاقائی ہم آہنگی کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس کرکٹ لیگ میں کے پی کی کل 16 ٹیموں نے حصہ لیا اور مقابلے دو ہفتے تک جاری رہے، جس میں شائقین کرکٹ کے لئے دلچسپ اور سنسنی خیز لمحات دیکھنے کو ملے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیرکا دورہ پشاور، قبائلی عمائدین سے ملاقات،دہشت گردی کیخلاف دوٹوک پیغام

    فیلڈ مارشل عاصم منیرکا دورہ پشاور، قبائلی عمائدین سے ملاقات،دہشت گردی کیخلاف دوٹوک پیغام

    چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، نے آج پشاور کا دورہ کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کے ایک جرگے سے تفصیلی ملاقات کی اور بعد ازاں ہیڈکوارٹر 11 کور میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کے لیے جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ لی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی عوام کے عزم، حوصلے اور دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حالیہ پاک افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی غیر مشروط حمایت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ یکجہتی کو سراہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک، بشمول افغانستان، کے ساتھ امن چاہتا ہے، تاہم افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پاکستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کئی سفارتی اور معاشی اقدامات کیے، لیکن بدقسمتی سے افغان طالبان حکومت نے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند ے خلاف کوئی فیصلہ کن کارروائی نہیں کی بلکہ ان کی مختلف طریقوں سے مدد کی۔

    آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاکستان، خصوصاً خیبر پختونخوا، کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

    قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کی کھلی اور حقیقت پر مبنی گفتگو کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پاکستان میں امن و استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی گمراہ کن سوچ کو قبائلی عوام نے ہمیشہ رد کیا ہے اور مستقبل میں بھی اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں پشاور پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔

  • بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی چترال کے وفد کی ملاقات

    بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی چترال کے وفد کی ملاقات

    پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی چترال کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے

    بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی کے سیکریٹری جنرل ہمایوں خان، صوبائی صدر محمد علی شاہ باچہ اور جنرل سیکریٹری شجاع خان موجود تھے، بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی چترال کے وفد کے درمیان چترال کی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی چترال کے وفد نے چترال کے عوام کے مسائل سے بھی آگاہ کیا

    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر سلیم خان نے ملاقات کی، بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی ضلع لوئر چترال کے صدر فضل ربی اور پی پی پی ضلع اپر چترال کے صدر سعید شیر حسین شاہ نے بھی ملاقات کی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اراکین صوبائی کونسل سرفراز شاہ اور نیاز احمد نے ملاقات کی

  • خیبر پختونخوا سیٹ پر سینیٹ انتخابات، پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار کامیاب

    خیبر پختونخوا سیٹ پر سینیٹ انتخابات، پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار کامیاب

    خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی ایک سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خرم ذیشان کامیاب ہوگئے۔

    خیبر پختونخوا اسمبلی میں شبلی فراز کی نا اہلی کے باعث سینیٹ کی خالی نشست کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہوا،غیرحتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق 145 کے ایوان میں137 ارکان نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ تحریک انصاف کےحمایت یافتہ امیدوار خرم ذیشان 91 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تاج محمد آفریدی 45 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، ایوان میں حکومتی ممبران کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن ممبران کی تعداد 53 ہے،ایک ووٹ مسترد ہوا۔ اے این پی کے 4 ممبران نے الیکشن بائیکاٹ کے باعث ووٹ نہیں ڈالے تاہم جے یو آئی کے اکرم خان درانی، پی ٹی آئی پی کی رکن نادیہ شیر ، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی رکن فرزانہ اور آزاد رکن علی ہادی ووٹ ڈالنے بھی غیر حاضر رہے۔

    کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ خیبر پختونخوا کے ارکان عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ جیت تحریک انصاف اور جمہوریت کی کامیابی ہے، خرم ذیشان آئین کی پاسداری اور قانون کی بالادستی کی بات کریں گے،نومنتخب سینیٹر خرم ذیشان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا پہلا ہدف بانی چیئرمین کی رہائی ہے، آج کی جیت دراصل بانی چیئرمین کی جیت ہے۔

  • وزیراعظم  کا ماضی میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے فراڈ پر اظہار برہمی،رپورٹ طلب

    وزیراعظم کا ماضی میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے فراڈ پر اظہار برہمی،رپورٹ طلب

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا

    اجلاس میں وزیراعظم کو واشنگٹن میں منعقدہ سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آر کی شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا،وزیراعظم نے عالمی کانفرنس میں ایف بی آر اصلاحات کی کیس سٹڈی کی پزیرائی پر ایف بی ار کی ٹیم کی تعریف کی، وزیراعظم کو ایف بی آر بالخصوص پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں جاری اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا،بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرال کی موجودہ نافذ العمل اصلاحات میں آڈٹ والٹ، ڈیٹابیس پروٹیکشن وال، سیکیورٹی آپریشن سینٹر، ڈیٹابیس کی مستقل نگرانی اور دیگر متعدد محفوظ ڈیجیٹل اقدامات شامل ہیں، موجودہ ڈیجیٹل نظام میں صلاحیت موجود ہے کہ معلومات میں تبدیلی سے صارف کا آئی پی ایڈریس بھی سسٹم میں درج ہو جائے گا اور ٹیکس فراڈ ممکن نہیں ہو گا،اجلاس میں 2018-2019 میں شروع ہونے والے سیلز ٹیکس فراڈ کے حوالے سے تشکیل کردہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پرال کے متروک نظام کی وجہ سے کیے گئے سیلز ٹیکس فراڈ کے حوالے سے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی

    وزیراعظم نے 2018 سے شروع ہونے والے اس سیلز ٹیکس فراڈ کا نوٹس لیا تھا اور فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرال میں سیلز ٹیکس فراڈ متروک ڈیجیٹل نظام، نظام میں نگرانی کی عدم موجودگی اور پرال کی ڈیٹابیس محفوظ نہ ہونے کی وجہ سے ہوا تھا،نظام کی خامیوں کے تدارک کے لیے متعدد اصلاحات نافذ کردی گئی ہیں جو کہ مجموعی اصلاحات کا حصہ ہیں،

    وزیراعظم نے ماضی میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے فراڈ پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ پرال کے نظام کا بین الاقوامی کنسلٹینسی فرم سے فارنزک آڈٹ کروایا جائے.وزیراعظم نے سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والے اداروں، کمپنیوں اور افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی 3 ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرے،وزیراعظم نے آئندہ تحقیقاتی رپورٹ میں شناخت ہونے والے مجرمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی،اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی ار اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے

  • بھارتی افواج کے مظالم پر ناگالینڈ قیادت کا سخت ردعمل

    بھارتی افواج کے مظالم پر ناگالینڈ قیادت کا سخت ردعمل

    مودی کے زیرِ قبضہ ریاستوں میں علیحدگی پسند تحریکیں متحرک، بھارتی افواج کے مظالم پر ناگالینڈ قیادت کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے

    بھارت میں ناگالینڈ، منی پور، آسام اور دیگر ریاستوں میں آزادی کی تحریکیں شدت اختیار کرنے لگیں ،ناگا لینڈ تحریک کے سربراہ نے بھارتی فوج کے جبر اور ثقافتی قبضے کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ،ریاستِ ناگالینڈ (ناگالِم) کی تحریک کے سربراہ تھونگالینگ میووہ نے بھارتی حکومت اور افواج کو واضح انتباہ جاری کر دیا ، تھونگالینگ میووہ کا کہنا تھا کہ اگر تم(مودی) ہم سے کھیلنا چاہتے ہو، تو جو بھی ہو جائے ہم اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے،ہم کبھی بھارت کے آگے سرِ تسلیم خم نہیں کریں گے،

    بھارت مقبوضہ کشمیر ، منی پور، جونا گڑھ ، ناگالینڈ جیسی کئی ریاستوں پر غیر قانونی طور پر قابض ہے ،مودی کے زیر قبضہ ناگالینڈ جیسی کئی شمال مشرقی ریاستیں دہائیوں سے آزادی کا مطالبہ کر رہی ہیں،بھارت میں علیحدگی پسند تحریکیں ،مودی کی ناانصافی، حق تلفی اور جبری قبضے کے خلاف عوامی ردعمل ہیں،انتہا پسند مودی اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے غیر قانونی طور پر فوجی طاقت اور بے جا پابندیوں کا استعمال کر رہا ہے ،غاصب مودی کشمیر سے لے کر آسام اور ناگا لینڈ تک فوجی طاقت استعمال کر کے ظلم و ستم کی نئی مثالیں قائم کر رہا ہے

  • لاہور کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنانے کے لیے “لنگز آف لاہور” منصوبہ

    لاہور کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنانے کے لیے “لنگز آف لاہور” منصوبہ

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے “لنگز آف لاہور” منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ ماحول دوست منصوبہ لاہور اور اس کے گرد و نواح میں قدرتی فضا کی بحالی میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔

    ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبے کے تحت لاہور کے اردگرد جنگل نما حد بندی قائم کی جائے گی، جس کے لیے تقریباً 48 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ منصوبہ “پی ایچ اے لاہور” کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ لاہور کی جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر جبکہ رقبہ 1,711 ایکڑ پر مشتمل ہو گا۔ “رِنگ فاریسٹیشن” منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں 1,210 ایکڑ اراضی پر 59 کلومیٹر طویل رنگ فاریسٹ تیار کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 31 اور تیسرے مرحلے میں 22 کلومیٹر رقبے پر شجر کاری کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق پہلا مرحلہ ایک سال کے عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا۔

    منصوبے کے تحت جامن، کچنار، امرود اور دیگر پھل دار درختوں کے علاوہ پلکن، ارجن، گلِ نشتر، سکھ چین، جیٹروفہ اور دیگر مقامی اقسام کے درخت لگائے جائیں گے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق “لنگز آف لاہور” منصوبے سے تقریباً دو کروڑ افراد مستفید ہوں گے، جبکہ یہ منصوبہ نہ صرف سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا بلکہ شہری پھیلاؤ کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے مکمل خاتمے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ترجمان نے کے مطابق یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور صحت مند پنجاب کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔

  • خاتون صحافی  ایشل عدنان کا آفتاب اقبال پر جنسی ہراسانی کا الزام

    خاتون صحافی ایشل عدنان کا آفتاب اقبال پر جنسی ہراسانی کا الزام

    ٹی وی میزبان اور صحافی ایشل عدنان نے معروف صحافی اور ٹاک شو میزبان آفتاب اقبال پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
    انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا اور ان کی جانب سے مبینہ طور پر پیش قدمی مسترد کیے جانے پر انہیں ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام سے نکال دیا،ایک حالیہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں ایشل نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں آفتاب اقبال کے شو میں شریک میزبان کے طور پر رکھا گیا تھا اور پروموشنل مواد میں ان کا نام اور تصویر شامل کی جا چکی تھی۔ تاہم ان کے مطابق نئی ذمہ داری شروع ہونے کے صرف تین دن بعد ہی ان کا جوش و خروش بے چینی میں بدل گیا کیونکہ انہیں میزبان کی جانب سے نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا،ایشل کا کہنا تھا کہ انہوں نے آفتاب اقبال کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی عزت کرتی ہوں لیکن آپ کا یہ رویہ آپ جیسے سینئر شخص کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ان کے مطابق آفتاب اقبال نے یہ سن کر غصے کا اظہار کیا اور دھمکی دی کہ وہ انہیں شو سے ہٹا دیں گے اور مستقبل میں ٹی وی پر کسی موقع سے محروم کر دیں گے،ان کا کہنا ہے کہ آفتاب اقبال نے انہیں شریک میزبان کے عہدے سے ہٹا دیا اور مکمل طور پر پروگرام سے نکال دیا گیا اور یہ سب متعدد گواہوں کے سامنے ہوا۔

    ایشل نے مزید بتایا کہ انہوں نے یہ معاملہ ایچ آر ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کیا جس پر چینل کے مالک نے مداخلت کی۔ ان کے مطابق مالک نے تسلیم کیا کہ آفتاب اقبال ایک بااثر شخصیت ہیں مگر انہیں یقین دلایا کہ ان کے سامنے آنے پر انہیں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچے گا۔ایشل نے مزید کہا کہ وہ اب اس واقعے سے آگے بڑھ چکی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ آفتاب اقبال شاید وقت کے ساتھ بدل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وہ چار بیٹیوں اور ایک بیٹے کے والد ہیں مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے اپنی غلطیوں سے سیکھ لیا ہے۔

    پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی خاتون اینکر یا میزبان نے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہوں۔ ماضی میں بھی کئی خواتین صحافی اور شوبز شخصیات طاقت کے ناجائز استعمال کے خلاف آواز اٹھا چکی ہیں۔سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا ہے کہ پاکستان میں میڈیا اداروں میں خواتین کے لیے محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر پالیسیوں کی کتنی ضرورت ہے،ابھی تک افتاب اقبال یا ایکسپریس ٹی وی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

  • اوکاڑہ میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، القاعدہ سے تعلق رکھنے والا مشتبہ دہشت گرد گرفتار

    اوکاڑہ میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، القاعدہ سے تعلق رکھنے والا مشتبہ دہشت گرد گرفتار

    پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ سے وابستہ ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی جس میں سیکیورٹی اہلکاروں نے ہدف کو گھیرے میں لے کر حراست میں لیا۔ آپریشن کے دوران ملزم کے قبضے سے دو کلوگرام سے زائد بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگز اور دیگر خطرناک اشیاء برآمد ہوئیں جو دیسی ساختہ بم (IEDs) تیار کرنے میں استعمال کی جاتی ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق القاعدہ کے ایک فعال نیٹ ورک سے بتایا جا رہا ہے جو ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے منصوبے بنا رہا تھا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق تحقیقات میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ بارودی مواد اور آلات کن ذرائع سے فراہم کیے گئے اور ان کا مقصد کیا تھا۔سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جب کہ تفتیشی ٹیم نے مشتبہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کو ٹریس کرنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔حکام کے مطابق یہ کارروائی صوبے میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر کی جانے والی انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہے۔

  • نورولی محسود کا دست راست ،ٹی ٹی پی کا نائب امیر قاری امجد جہنم واصل

    نورولی محسود کا دست راست ،ٹی ٹی پی کا نائب امیر قاری امجد جہنم واصل

    باجوڑ: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب ایک انتہائی اہم اور خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (TTP/FAK) کے نائب امیر قاری امجد عرف مفتی حضرت / مفتی مزاحم کو ہلاک کر دیا۔

    قاری امجد تنظیمی لحاظ سے نائب امیر اور نمبر 2 حیثیت رکھتا تھا اور مفتی نور ولی محسود کے براہِ راست ماتحت تھا۔ وہ پاکستان کے شمالی اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا مرکزی منصوبہ ساز اور عملی رہنما سمجھا جاتا تھا۔ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب باجوڑ کے علاقے میں ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔دہشت گردوں کے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت ٹریک کیا گیا اور نشاندہی کے بعد فورسز نے انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے قاری امجد سمیت اس کے تین ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔

    یہ کارروائی پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی آپریشنز میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔

    قاری امجد کون تھا؟
    قاری امجد، جسے مفتی حضرت یا مفتی مزاحم کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کی شورٰی کا مرکزی رکن اور نائب امیر تھا۔امریکہ نے اسے 2022 میں “خصوصی عالمی دہشت گرد” (Specially Designated Global Terrorist) قرار دیا تھا، کیونکہ وہ پاکستان کے اندر کئی دہشت گرد حملوں کا منصوبہ ساز اور نگران تھا۔وہ دھماکہ خیز مواد، ڈرون (کواڈ کاپٹر) ٹیموں اور خودکش بمباروں کی تربیت براہِ راست دیکھتا تھا۔ قاری امجد نے دہشت گردی کے نئے ہتھکنڈے متعارف کرائے، جن میں ڈرون کے ذریعے سرحدی چوکیوں پر بم گرانا شامل تھا۔

    دہشت گردانہ سرگرمیاں
    خیبر پختونخوا اور سابقہ فاٹا میں متعدد خودکش دھماکوں اور آئی ای ڈی حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔لڑکیوں کے اسکولوں کی تباہی اس کے نظریاتی شدت پسندی کی علامت بن گئی تھی۔سرحدی علاقوں میں ڈرون کے ذریعے بم حملے کرنے والی ٹیموں کی قیادت کرتا تھا۔پاکستانی سیکیورٹی قافلوں اور چوکیوں پر گھات لگا کر حملوں کی منصوبہ بندی کرتا تھا۔نئی بھرتی شدہ دہشت گردوں کو دراندازی، بارودی سرنگوں کے استعمال اور گھات لگا کر حملے کرنے کی تربیت دیتا تھا۔

    ذرائع کے مطابق، قاری امجد دو ہفتے قبل مفتی نور ولی محسود کے براہِ راست احکامات پر باجوڑ پہنچا تھا، جہاں اس کی سرگرمیوں پر پاکستانی انٹیلی جنس ادارے مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔ بالآخر اسے ایک ٹارگٹڈ آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا۔

    قاری امجد کی ہلاکت کو سیکیورٹی ماہرین ایک فیصلہ کن کامیابی قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس کی ہلاکت سے TTP کی کمانڈ اینڈ کنٹرول چین کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ باجوڑ، سوات اور شمالی وزیرستان کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری کا نظام متاثر ہوا ہے۔ پاکستان کے خفیہ اداروں کے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اور پیشگی کارروائیوں کے سلسلے میں یہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔ یہ واقعہ پاکستان کی “زیرو ٹالرینس” پالیسی کی واضح عکاسی کرتا ہے، جو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت سے جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق “پاکستان کی سرزمین کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دی جائے گی۔ قومی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ بننے والے تمام عناصر کا انجام ایک ہی ہے ، مکمل خاتمہ۔”

    قاری امجد کی ہلاکت نہ صرف TTP کی اعلیٰ قیادت کے لیے بڑا دھچکا ہے بلکہ یہ پاکستان کے انٹیلی جنس نیٹ ورک کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا بھی واضح ثبوت ہے۔ماہرین کے مطابق، اس کارروائی کے بعد TTP کے اندر اختلافات اور قیادت کے بحران میں اضافہ متوقع ہے۔