Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • غزہ میں بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کی امریکی تیاریاں تیز

    غزہ میں بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کی امریکی تیاریاں تیز

    غزہ میں جنگ بندی کے بعد امریکا نے بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کی تیاریاں تیز کردی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مصر، انڈونیشیا، ترکیہ اور آذربائیجان نے فوج بھیجنے پر آمادگی ظاہر کردی، بین الاقوامی فورسز نئی فلسطینی پولیس فورس کی تیاری میں بھی کردار ادا کریں گی، تعیناتی ایک ہفتے کے اندر ہوسکتی ہے۔دوسری جانب حماس نے مزید 2 اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں واپس کردی۔ صیہونی فوج نے فارنزک رپورٹ کے بعد لاشوں کی شناخت کرلی۔علاوہ ازیں اسرائیل سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے باز نہ آیا۔ خان یونس میں بڑے پیمانے پر بمباری شروع کردی۔تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلی فوج میں جبری بھرتیوں کیخلاف سڑکوں پر آگئے۔

  • پارا چنار حملہ کیس،سپریم کورٹ کی ملزم کو وکیل کرنے کی ہدایت

    پارا چنار حملہ کیس،سپریم کورٹ کی ملزم کو وکیل کرنے کی ہدایت

    سپریم کورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی نے پارا چنار حملہ کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں پارا چنار حملہ ہوا وہ راستہ دوسرے ملک سے آتا ہے، اپنا دشمن پہچانیں۔

    پارا چنار قافلے پر حملے کے دوران گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت سپریم کورٹ میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی،دورانِ سماعت سی ٹی ڈی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ واقعے میں 37 افراد جاں بحق ، 88 افراد زخمی ہوئے ہیں، جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ اس واقعہ میں ایک ہی بندے کی شناخت ہوئی ہے کیا ، جو حملہ کرنے پہاڑوں سے آئے تھے، ان میں سے کوئی گرفتار نہیں ہوا،وکیل نے جواب دیا کہ ان میں سے 9 لوگوں کی ضمانت سپریم کورٹ نے خارج کی ہے، جسٹس مسرت ہلالی نے پوچھا کہ اب کیا صورت حال ہے، راستے کھل گئے ہیں ،جس پر وکیل نے بتایا کہ صبح 9 بجے سے دن 2 بجے تک راستے کھلے رہتے ہیں۔

    جسٹس مسرت ہلالی نے سی ٹی ڈی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں پارا چنار حملہ ہوا وہ راستہ دوسرے ملک سے آتا ہے، آپ اپنا دشمن پہچانیں، صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں،بعد ازاں عدالت نے ملزم کو وکیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی

  • لاہورہائیکورٹ، کار بنانے والی نجی کمپنی کے خلاف مسابقتی کمیشن کی انکوائری درست قرار

    لاہورہائیکورٹ، کار بنانے والی نجی کمپنی کے خلاف مسابقتی کمیشن کی انکوائری درست قرار

    لاہور ہائیکورٹ نے کار بنانے والی نجی کمپنی کے خلاف مسابقتی کمیشن کی انکوائری درست قرار دے دی۔

    لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس راحیل کامران نے نجی کمپنی کی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا، مسابقتی کمیشن پاکستان کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ نے عدالت میں دلائل دیئے،عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مسابقتی کمیشن پاکستان کے پاس معلومات طلب کرنے اور انکوائری شروع کرنے کا مکمل اختیار ہے، کار بنانے والی نجی کمپنی نے 2018 سے 2022 تک کمیشن کی کارروائی میں خود حصہ لیا، مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس معلومات کے حصول کے لیے ہیں، حتمی حکم نہیں ، کمپنی کو چاہئے کہ مطلوبہ معلومات فراہم کرے تاکہ انکوائری مکمل ہو سکے، طویل عرصہ تک انکوائری زیر التوا رکھنا انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ مسابقتی کمیشن کا مقصد مارکیٹ میں غیر منصفانہ قیمتوں اور مقابلے کی خلاف ورزیوں کی روک تھام ہے، مارکیٹ کی نگرانی کے لیے معلومات کا حصول کوئی غیر قانونی عمل نہیں،لاہور ہائیکورٹ نے مسابقتی کمیشن پاکستان کو 2018 سے جاری انکوائری چھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

  • لوکل گورنمنٹ کے لیے اگر 27ویں ترمیم کرنی پڑتی ہے تو فوراً کریں۔ملک احمد خان

    لوکل گورنمنٹ کے لیے اگر 27ویں ترمیم کرنی پڑتی ہے تو فوراً کریں۔ملک احمد خان

    پنجاب اسمبلی نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے لیے اگر 27 ویں ترمیم کرنی پڑتی ہے تو فوری طور پر کی جائے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے معاملے پر کھل کر بات ہونی چاہیے، پارلیمنٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مدت پانچ سال ہے، جب لوگوں کے پاس جمہوریت کے ثمرات نہیں ہوں گے تب ان کا جمہوریت سے اعتماد اٹھنا شروع ہو جائے گا،پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایک آئینی ترمیم کی جائے جس میں ایک نیا باب ڈالا جائے، لازمی قرار دیا جائے کہ مقررہ مدت میں انتخابات ہوں، کوئی سیاسی جماعت ایسا نہ کر سکے کہ مقامی حکومت کی مدت کم کر دی جائے، کاکس پنجاب اسمبلی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، کاکس لوکل حکومت میں 80 ارکان شامل ہیں، اپوزیشن کے 35 اراکین تھے، 140 اے نامکمل ہے، صوبے مقامی حکومتیں قائم کریں گے، نئی حکومت نے آتے ہی لوکل گورنمنٹ کوختم کر دیا پھر کیا قانون بنانے میں 3 سال کا عرصہ لگا، جہاں میں رہتا ہوں وہاں پرآج تک ڈرنیج اور صفائی کا مسئلہ ہے،لازمی قرار دیا جائے کہ مقررہ مدت میں بلدیاتی انتخابات ہوں، پنجاب اسمبلی آئین میں تبدیلی نہیں کر سکتی، بلدیاتی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالیاتی اختیارات دیے جائیں، لوکل گورنمنٹ کے لیے اگر 27ویں ترمیم کرنی پڑتی ہے تو فوراً کریں۔

    ملک احمد خان کا کہنا تھا میں نے فیض آباد اور مری روڈ کو جلتے ہوئے دیکھا، مجھے تشویش ہوتی تھی کہ پاکستان میں لا قانونیت کیوں ہے، میں نے دیکھا کہ کچھ بلوائیوں نے سڑک پر گڑھے کھودے، پولیس پر سیدھےفائر کیے، امن و امان کا قیام حکومت کی ذمے داری ہے،مولانا فضل الرحمان کو بڑا سیاست دان سمجھتاہوں، مولانا نے جو کہا وہ ان کی رائے ہے، ملک میں 27ویں آئینی ترمیم کی بہت بازگشت ہے، بے اختیار پارلیمنٹ سے بہتر ہے کہ پارلیمنٹ ہو ہی نہیں، مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ ملنا چاہیے، مالی، سیاسی اور انتظامی خود مختاری کے لیے پارلیمان کو جامع تجاویز بھیج دی ہیں، امید ہے کہ اس پنجاب اسمبلی کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔

  • پشاور،دو خواتین سمیت 3 افراد کا تیز دھار آلے کے وار سے قتل

    پشاور،دو خواتین سمیت 3 افراد کا تیز دھار آلے کے وار سے قتل

    پشاور ، تھانہ فقیر آباد چوکی قاضی کلے چوکی کے حدود میں تہرے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    ابتدائی تفصیلات کے مطابق نامعلوم ملزم یا ملزمان نے رات کے وقت تیز دھار آلے کے وار سے تین افراد کو قتل کیا، جن کی شناخت درج ذیل ہے عبدالرحمان ولد دلآور عمر تقریباً 30/31 سال، مسماۃ (ن) زوجہ دلآور عمر تقریباً 60 سال، مسماۃ (س) زوجہ عبدالرحمان عمر تقریباً 26/27 سال،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی فقیر آباد ڈویژن محمد ارشد خان، ڈی ایس پی فقیر آباد سرکل عمر آفریدی، ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد بلال حسین ، تفتیشی افسر کامران مروت بمعہ تفتیشی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کیا گیا۔پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کامختلف پہلوؤں پر جائزہ لیا اور جامع تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ واقعہ کے اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ملوث ملزم یا ملزمان کا سراغ لگا کر جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

  • سنگجانی جلسہ کیس ، زین قریشی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

    سنگجانی جلسہ کیس ، زین قریشی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

    اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سنگجانی جلسہ کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے زین قریشی کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے۔اسی کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور زرتاج گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں رہنماؤں کی اشتہاری کارروائی مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔دوسری جانب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی بخاری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ علی بخاری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل بیرونِ شہر مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت نے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کر دی۔

    سنگجانی جلسہ کیس پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کے خلاف درج کیا گیا تھا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے دورانِ احتجاج پولیس اہلکاروں سے مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور عوامی نظم و ضبط میں خلل ڈالنے جیسے اقدامات کیے تھے۔

  • کسی بھی بیرونی جارحیت  کا جواب سخت اور شدید ہوگا،ترجمان پاک فوج

    کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا،ترجمان پاک فوج

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی ایبٹ آباد میں مختلف جامعات کے اساتذہ اورطلبا سے نشست کے دوران خصوصی گفتگو ہوئی ہے

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ خصوصی نشست میں اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حالیہ پاک افغان کشیدگی ، ملکی سیکیورٹی صورتحال، معرکہ حق سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا،ڈی جی آئی ایس پی آر نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کیخلاف موثر اقدامات کئے ہیں،پاک فوج دفاع وطن کیلئے پرعزم ہے کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا،

    اساتذہ اور طلبا کی جانب سے شہداء اور غازیان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا،وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر اکرام اللہ خان کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت کا صحیح استعارہ پاک فوج ہے، پاک فوج ہمیشہ محاذِ اول پر ہوتی ہے اور ہم اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کے ذہنوں کو گمراہ کرنے کے لیے دشمن عناصر کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں،ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو درست اور مصدقہ معلومات فراہم کریں، طلبا کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں جہاں افواجِ پاکستان جیسے ادارے نوجوانوں کو حوصلہ اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں،آج ہمیں سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط افواہوں کے بارے میں درست معلومات حاصل ہوئیں،ڈی جی آئی ایس پی آر کے جوابات نے ہمارے ذہنوں سے ملکی اور صوبائی حالات سمیت افواج پاکستان کے حوالے سے ابہام دور کئے،

  • بیرون ممالک سکھوں کو نشانہ بنانے کیلئے  "را” کے مجرمانہ نیٹ ورکس کا  ایک اور وار

    بیرون ممالک سکھوں کو نشانہ بنانے کیلئے "را” کے مجرمانہ نیٹ ورکس کا ایک اور وار

    بیرون ممالک سکھوں کو نشانہ بنانے کیلئے "را” کے مجرمانہ نیٹ ورکس کا ایک اور وارسامنے آ گیا

    سفاک مودی بھارت سمیت دنیا بھر میں ریاستی سرپرستی میں سکھوں کے قتل عام میں مصروف ہے،بین الاقوامی کمپنی "کینم انٹرنیشنل” کے صدر اور سکھ رہنما درشن سنگھ سہسی کو کینیڈا میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا،فوٹیج اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق سکھ رہنما کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ” را” کے ملوث ہونے کا ہوشربا انکشاف سامنے آیا،ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس حملہ میں وینکوور میں بھارتی قونصل خانے کے عملہ کے ملوث ہونے کی بھی اطلاعات ہیں،تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی "را” ،علیحدگی پسند سکھوں کو قتل کرنے کے لیے باقاعدہ ایک بین الاقوامی نیٹ ورک چلا رہی ہے،

    بھارتی خفیہ ایجنسی” را‘‘ کی اس گھناؤنی سازش نے کینیڈا کی قومی سلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کردیا ہے،
    تحققاتی رپورٹ کے مطابق؛ درشن سنگھ سہسی کا قتل بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کی بیرونِ ملک سفارتی سرپرستی کے ساتھ کام کرنے کا واضح ثبوت ہے ، درشن سنگھ سہسی کے قتل پر علیحدگی پسند تنظیم سکھ فار جسٹس نےکینیڈا میں ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا،سکھ فار جسٹس کا مؤقف ہے کہ "را” بھارتی قونصل خانوں کے ساتھ ملی بھگت سے کام کر رہی ہے،انتہا پسند مودی سکھوں کے خلاف ریاستی سر پرستی میں دہشت گردی کو بطور پالیسی استعمال کر رہا ہے،سفاک مودی کی ریاستی سرپرستی میں عالمی سطح پردہشت گردی کے مذموم عزائم دنیا بھر میں عیاں ہو چکے ہیں

  • افغان طالبان رجیم میں خواتین تعلیم  کے بنیادی حق سے محروم

    افغان طالبان رجیم میں خواتین تعلیم کے بنیادی حق سے محروم

    افغان طالبان رجیم میں خواتین تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہیں

    افغان طالبان رجیم نے ملک میں تعلیمی نظام کو تباہ کرکےخواتین کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیل دیا، افغانستان میں اسکولوں کی بندش کو 1500دن گزر جانے کے بعد طالبات ذہنی اذیت کا شکار ہیں،افغان جریدے آمو کی رپورٹ کے مطابق؛2021 میں افغان طالبان کے افغانستان میں قبضہ کے بعد 2.2 ملین سے زیادہ طالبات تعلیم کے زیور سے محروم ہیں ، تعلیمی پابندی جاری رہیں تو 2030 تک تقریباً 40 لاکھ افغان طالبات ثانوی اور اعلیٰ تعلیمی سرگرمیوں سےمحروم ہو سکتی ہیں،افغان طالبہ کا کہنا ہے کہ سوچا تھا کہ چند ہفتوں میں اسکول دوبارہ کھل جائیں گے مگر وہ دن کبھی نہیں آیا،ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی بندش سےخواتین کاحق چھیناجا رہاہے ،

    افغانستان کے 34 صوبوں میں تعلیم سےمحروم ہونے والی طالبات کی ایسی ہی کہانیاں سنائی دیتی ہیں ، طالبان رجیم افغانستان میں سنگین جرائم اور انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہے،اقوام عالم کو طالبان رجیم کے غیر انسانی رویہ کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے

  • میٹا کے ساتھ شراکت داری، پاکستان میں ڈیجیٹل اور اے آئی شعبہ میں اہم پیش رفت

    میٹا کے ساتھ شراکت داری، پاکستان میں ڈیجیٹل اور اے آئی شعبہ میں اہم پیش رفت

    میٹا کے ساتھ شراکت داری، پاکستان میں ڈیجیٹل اور اے آئی شعبہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے

    ایس آئی ایف سی،ا نفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی اور جدت کے لیے کوشاں ہت،پاکستان کے وفاقی وزیرِ تجارت کی میٹا کے وفد سے اہم ملاقات،ڈیجیٹل ٹریڈ، ای کامرس اور اے آئی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،وفاقی وزیرِ تجارت کےمطابق،پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت جنوبی ایشیا میں تیزی سے ترقی میں کوشاں ہے،پاکستان میں مجموعی طور پر ہرسال 75,000 سے زائد نوجوان آئی ٹی گریجویٹس بنتےہیں، پاکستان کی آئی ٹی اوراس سے منسلک برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،گزشتہ سال کی نسبت آئی ٹی سےمنسلک برآمدات 18 فیصد اضافہ کے بعد 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی سے منسلک برآمدات میں 21 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، اس اضافہ سےآئی ٹی سے منسلک برامدات 1.06 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں،

    نیشنل ای کامرس پالیسی 2.0کے تحت ای کامرس مارکیٹ 2030 تک 20 ارب ڈالرکا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے،میٹا کی جانب سے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی اور اے آئی کے شعبہ جات میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا،فریقین نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے طویل المدتی شراکت داری پر بھی اتفاق کیا،ایس آئی ایف سی،پاکستان میں اے آئی،ڈیجیٹل ترقی اور تخلیقی صلاحیتوں کےفروغ کے لیے سرگرم عمل ہے