Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیراعلیٰ سندھ  سے بینائی سے محروم سی ایس ایس پاس کرنے والے ارل حسین کی ملاقات

    وزیراعلیٰ سندھ سے بینائی سے محروم سی ایس ایس پاس کرنے والے ارل حسین کی ملاقات

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 27 سالہ بینائی سے محروم نوجوان ارل حسین نے ملاقات کی، جس نے 2024ء کی بیچ میں سی ایس ایس امتحان پاس کرکے فارن سروس گروپ حاصل کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ارل حسین کی کامیابی کو صوبے کے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ارل حسین نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو تو کوئی محرومی انسان کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔”

    ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومتِ سندھ خصوصی افراد کے لیے تعلیم، تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ "میں چاہتا ہوں کہ انکلوژو سٹی (Inclusive City) اور دیگر اداروں کے تعاون سے خصوصی بچوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت دی جائے، تاکہ وہ بھی قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔”وزیراعلیٰ سندھ نے ارل حسین کی ہمت، محنت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔ اُنہوں نے کہا، "مجھے پورے صوبے بلکہ پورے ملک سے ایسے لوگوں کا ساتھ چاہئے جو خصوصی افراد کی ترقی، تعلیم اور برابری کے مواقع کے لیے مخلص جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔”

    ارل حسین نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی معاونت اور اہلِ خانہ کے حوصلے نے اُنہیں کامیابی کے اس مقام تک پہنچایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی خدمت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ذرائع کے مطابق ارل حسین کا تعلق سندھ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے، اور وہ بچپن سے ہی بینائی سے محروم ہیں۔ تاہم، اُنہوں نے تعلیم کے میدان میں ہمت نہ ہاری اور اپنی محنت و عزم سے وہ کارنامہ انجام دیا جو کئی مکمل بینائی رکھنے والے افراد بھی نہیں کر پاتے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ملاقات کے اختتام پر ارل حسین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ہدایت دی کہ صوبے میں خصوصی افراد کے لیے مزید تعلیمی مواقع پیدا کرنے کی حکمتِ عملی پر جلد عمل درآمد کیا جائے۔

  • خدمت کی سیاست کے جذبے سے سرشار ہمارا کارکن ہر گھر تک پہنچے،خالد مسعود سندھو

    خدمت کی سیاست کے جذبے سے سرشار ہمارا کارکن ہر گھر تک پہنچے،خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کارکنان تیاریاں شروع کر دیں،خدمت کی سیاست کے جذبے سے سرشار ہمارا کارکن ہر گھر تک پہنچے،جنوبی پنجاب کے اضلاع میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا مرکزی مسلم لیگ اپنی مدد آپ کے تحت ازالہ کر رہی ہے،متاثرین کے گھر بنا کر بحالی پروگرام جاری ہے

    ان خیالات کا اظہار انہوں‌نے مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے اجلاس کی صدارت ہوئے کیا، اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے صدر محمد سرور چوہدری،صدر وسطی پنجاب حمید الحسن سمیت دیگر شریک ہوئے،اجلاس میں پنجاب میں نئے ذمہ داران کی تقرریوں کا بھی فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں رانا عبدالرحمان کو ملتان کا ضلعی سیکرٹری جنرل ،عبدالحنان خالد کو خانیوال کا ضلعی سیکرٹری جنرل ،حافظ محمد منور گجر کو ڈی جی خان کا ضلعی سیکرٹری جنرل،عبدالرحمان سیاف کو تونسہ کا ضلعی سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا،اس موقع پر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ کارکنان پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے متحرک ہوں، گلی کوچے میں بھر پور مہم چلائی جائے،اور مرکزی مسلم لیگ کا پیٍغام خدمت کی سیاست ہر گھر تک پہنچایا جائے،پارٹی رہنما و کارکنان عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں ،ہم پاکستان کی سیاست کو ایک نیا رخ دیں گے جہاں انتشار کی بجائے پیار،نفرت کی جگہ محبت ملے گی،

  • کراچی،ڈی آئی جی ٹریفک کی سرکاری گاڑی کا ای چالان ہو گیا

    کراچی،ڈی آئی جی ٹریفک کی سرکاری گاڑی کا ای چالان ہو گیا

    کراچی ٹریفک پولیس کے سربراہ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے زیرِ استعمال سرکاری گاڑی کا بھی ای چالان کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ چالان گارڈن کے قریب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کیا گیا تھا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے خود اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چالان اُس وقت ہوا جب گاڑی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "گاڑی کا 10 ہزار روپے کا چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی پر ہوا ہے، اور میں یقیناً یہ چالان اپنی جیب سے ادا کروں گا۔”پیر محمد شاہ نے مزید بتایا کہ مذکورہ گاڑی سندھ پولیس کے سینٹرل پولیس آفس (CPO) کے پتے پر رجسٹرڈ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چالان کے بعد انہوں نے ڈرائیور کو سخت ہدایت دی ہے کہ آئندہ ہر سفر کے دوران سیٹ بیلٹ لازمی استعمال کرے۔انہوں نے عوام کے لیے بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ٹریفک قوانین سب کے لیے برابر ہیں ،قانون کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے، چاہے وہ عام شہری ہو یا پولیس افسر۔”

    پیر محمد شاہ کے اس اقدام کو شہری حلقوں میں مثبت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ انہوں نے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی تسلیم کی بلکہ خود احتسابی کا مظاہرہ بھی کیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں ای چالان مہم تیز کی گئی ہے تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا رجحان بڑھایا جا سکے۔

  • سب سے بڑےبحری جہاز کی  امریکی خام تیل لے کر حب آمد

    سب سے بڑےبحری جہاز کی امریکی خام تیل لے کر حب آمد

    پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کے بعد پہلی مرتبہ سب سے بڑا بحری جہاز امریکی خام تیل لے کر حب پہنچ گیا۔

    ریفائنری حکام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی خام تیل سے لدے بحری جہاز کی سنرجیکو کے آئل ٹرمینل پر آمد ہوئی ہے جس میں 10 لاکھ بیرل خام تیل موجود ہے،ریفائنری حکام کا کہناہےکہ ایک لاکھ 35 ہزار ٹن کے ساتھ پاکستان آنے والا یہ سب سے بڑا تیل کا جہاز ہے،اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ اگلے ماہ ایک اور امریکی خام تیل بردار جہاز پاکستان آئے گا، یہ بحری جہاز پیگاسس امریکی خام تیل کے ساتھ 14 ستمبر کو ہیوسٹن سے روانہ ہوا ہے.

  • عالمی و مقامی منڈیوں میں سونا پھر مہنگا

    عالمی و مقامی منڈیوں میں سونا پھر مہنگا

    ایک دن میں تاریخی کمی کے بعد عالمی و مقامی منڈیوں میں سونا پھر مہنگا ہوگیا۔

    آل پاکستان صرافہ جیولرزاینڈ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کے دام 3500 روپے بڑھکر 4 لاکھ 19 ہزار 862 روپے ہوگئے، 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 59 ہزار 963 روپے ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ 35 ڈالر اضافے سے فی اونس 3975 ڈالر ہوگئے۔صراف ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 110 روپے بڑھ کر ایک بار پھر 5 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی، نرخ 5034 روپے ہوگئے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 14 ہزار روپے اور عالمی مارکیٹ میں 140 روپے کم ہوئی تھی۔

  • ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنا رہا تھا کہ گرفتار ہوگیا۔افغان خارجی کا انکشاف

    ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنا رہا تھا کہ گرفتار ہوگیا۔افغان خارجی کا انکشاف

    افغان خارجی دہشت گرد سطورے کا اعترافی بیان سوشل میڈیا پر سامنے آگیا۔

    افغان خارجی دہشت گرد سطورے ننگرہار کے علاقے خوگیانہ کا رہائشی ہے جس کا کہنا ہے کہ اس نے گورنمنٹ کالج حضرت خان ننگرہار سے انٹرمیڈیٹ مکمل کیا اور غزنی یونیورسٹی سے فقہ میں بیچلرز مکمل کیا، کابل کے مدرسے عبداللّٰہ ابن زبیر میں درس و تدریس سے بھی منسلک رہا۔ ننگرہار میں ادویات کی ڈیلیوری کے کام میں ملازمت کی،مجھے کابل میں ٹی ٹی پی کمانڈر قاری محمد سے ملوایا گیا، میں نے قاری محمد کے ہاتھ پر بیعت کی، وہ علاج کے لیے پشاور آیا اور علاج کے بعد کمانڈر قاری محمد نے پشاور کے ایک مدرسے میں داخلہ لینے کا حکم دیا، کمانڈر قاری محمد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کا بھی حکم دیا. کابل سے کمانڈر قاری محمد نے ایک عالم دین کو نشانہ بنانے کا حکم دیا، ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنا رہا تھا کہ گرفتار ہوگیا۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر بہت زبردست فائٹر  ہیں،ٹرمپ

    فیلڈ مارشل عاصم منیر بہت زبردست فائٹر ہیں،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ ماشل عاصم منیر کو زبردست فائٹر قرار دیا ہے۔

    جنوبی کوریا میں اپیک سی ای او سمٹ کے ظہرانے میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہت اچھے آدمی ہیں جب کہ فیلڈ مارشل بہت زبردست فائٹر ہیں،امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت آپس میں لڑائی پر اتر آئے تھے اور جنگ میں 7 طیارے مار گرائے گئے، یہ بہت بڑی بات تھی کیونکہ یہ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں،ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ میں اپنے اثرو رسوخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیراعظم مودی کو فون کرکے کہا آپ کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کر سکتے، مودی سے کہا تم پاکستان کے ساتھ جنگ کر رہے ہو، ہم معاہدہ نہیں کریں گے، پاکستان کوبھی فون پرکہا کہ آپ کے ساتھ بھی تجارت نہیں کریں گےکیونکہ تم بھارت سےلڑ رہے ہو،دو دن میں دونوں ممالک نے فون کیا اور کہا کہ ہم سمجھ گئے اور لڑائی بند کر دی، کیا یہ حیرت انگیز نہیں کیا بائیڈن ایسا کرسکتے تھے ، مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ ہم نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچا لیں۔

    ٹرمپ کے مطابق میں نے کہا اگر جنگ نہیں روکی تو پاکستان اور بھارت پر 250 فیصد ٹیکس لگا دوں گا، 250 فیصد ٹیکس کا مطلب ہے کہ تم کبھی کاروبار نہیں کر سکو گے، اس کے بعد صرف 48 گھنٹوں میں کوئی جنگ نہیں رہی،

  • طالبان رجیم لڑنے کی کوشش کرے گی تو دنیا دیکھے گی،وزیر دفاع خواجہ آصف

    طالبان رجیم لڑنے کی کوشش کرے گی تو دنیا دیکھے گی،وزیر دفاع خواجہ آصف

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا ہے کہ طالبان رجیم اپنی قابض حکمرانی کے لئے افغانستان کو ایک اور تنازعے میں دھکیل رہی ہے۔

    استنبول مذاکرات کی ناکامی سے متعلق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہےکہ افغان طالبان رجیم مسلسل برادر ممالک سے مذاکرات کیلئے درخواست کر رہی تھی۔برادر ممالک کی درخواست پر پاکستان نے افغان طالبان رجیم کے ساتھ امن کی خاطر مذاکرات کی پیشکش کو قبول کیا۔بعض افغان حکام کے زہریلے بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ طالبان رجیم میں انتشار اور دھوکہ دہی بتدریج موجود ہے، طالبان رجیم کو ختم کرنے یا انہیں غاروں میں چھپنے پر مجبور کرنے کیلئے پاکستان کو اپنی پوری طاقت استعمال کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں۔اگر ضرورت پڑی تو ہم انہیں تورا بورا جیسے مقامات پر شکست دیکر لوگوں کیلئے مثال بنا سکتے ہیں جو اقوام عالم کیلئے دلچسپ منظر ہوگا۔افسوس ہوتا ہے کہ طالبان رجیم صرف اپنی قابض حکمرانی اور جنگی معیشت کو بچانے کے لیے افغانستان کو ایک اور تنازعہ میں دھکیل رہی ہے۔

    خواجہ محمد آصف نے کہا کہ طالبان اپنی کمزوری اور جنگی دعوؤں کی حقیقت کو جانتے ہوئے طبل جنگ بجا کر بظاہر افغان عوام میں اپنی بگڑتی ہوئی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔اگر افغان طالبان پھر بھی دوبارہ افغانستان اور اس کے معصوم عوام کو تباہ کرنے پر بضد ہیں تو پھر جو بھی ہونا ہے وہ ہو،جہاں تکGRAVE YARD OF EMPIRES کے بیانیے کا تعلق ہے، پاکستان خود کو ہرگز EMPIRE نہیں کہتا۔حقیقت یہ ہے کہ افغانستان طالبان کی وجہ سے اپنے ہی لوگوں کے لیے ایک قبرستان سے کم نہیں۔تاریخی اعتبار سے افغانستان سلطنتوں کا قبرستان تو نہیں رہا البتہ ہمیشہ بڑی طاقتوں کے کھیل کا میدان ضرور رہا ہے۔طالبان کے وہ جنگجو جو خطے میں بدامنی پھیلانے میں اپنا ذاتی فائدہ دیکھ رہے ہیں سمجھ لیں کہ انہوں نے شایدپاکستانی عزم اور حوصلے کو غلط انداز میں لیا ہے، اگر طالبان رجیم لڑنے کی کوشش کرے گی تو دنیا دیکھے گی کہ ان کی دھمکیاں صرف دکھاوا تھیں۔پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی دہشت گردانہ یا خودکش حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا جواب سخت اور کڑوا ہوگا۔طالبان رجیم کو چاہیے کہ اپنے انجام کا حساب ضرور رکھیں، کیونکہ پاکستان کے عزم اور صلاحیتوں کو آزمانا ان کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوگا۔

  • سپریم کورٹ، شبلی فراز کی نااہلی،سینیٹ الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد

    سپریم کورٹ، شبلی فراز کی نااہلی،سینیٹ الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد

    سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے شبلی فراز کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی نشست پر الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔

    جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے شبلی فراز کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی نشست پر الیکشن رکوانے سے متعلق درخواست پر سماعت کی،سماعت میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول معطل کیا جائے جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا جب آپ نےامیدوار نامزد کردیا تو پھرحکم امتناع کیوں مانگ رہےہیں، بعد ازاں عدالت نے الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کردی۔

    سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا، پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ملتوی ہوئی تھی، آج سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو ڈائریکشن جاری کی گئی کہ دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کریں،ہم نے سینیٹ الیکشن رکوانے کیلئے درخواست بھی دی تھی مگر مجھے افسوس ہے کل سینیٹ کا الیکشن ہو رہا ہے، عدالت نے کہا ہم مزید پیچیدگیوں میں نہیں جانا چاہتے، امید ہے ہائیکورٹ میں کیس چلے گا تو ہمیں ریلیف ملے گا، الیکشن کمیشن کےپاس اختیار نہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے ریفرنس کے بغیرکسی کو نااہل کرے۔

    واضح رہے شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کل ہونا ہے جس کیلئے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔

  • مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری

    مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

    سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف تھانہ بھارہ کہو میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کا کیس درج ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس پر سماعت کی اور مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔علی امین گنڈا پور مسلسل عدالت پیش نہیں ہو رہے ،عدالت کی جانب سے وارنٹ جاری ہوتے ہیں تا ہم تعمیل نہیں ہوتی، عہدے سے استعفیٰ کے بعد علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا میں آبائی علاقے ڈی آئی خان میں مقیم ہیں