Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • سندھ ہائیکورٹ،خود کش حملے کی سہولت کار ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد

    سندھ ہائیکورٹ،خود کش حملے کی سہولت کار ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد

    سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ایئرپورٹ کے قریب غیرملکیوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کے کیس میں گرفتار ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

    پراسیکیوشن کے مطابق ملزمہ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب غیرملکیوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے، ملزمہ خودکش حملہ آور شاہ فہد کے حب سے کراچی میں داخلے کے وقت گاڑی میں ساتھ بیٹھی تھی،ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، ملزمہ کے کسی کالعدم تنظیم سے تعلق کے بھی شواہد نہیں ہیں،عدالت میں وکیل صفائی نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والی خاتون گل نساء نہیں ہے،پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ کیس میں سہولت کاری کے الزام میں ملزم جاوید بھی گرفتار ہے۔

    واضح رہے کہ 6 اکتوبر کے خود کش حملے میں 2 چینی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

  • اسلام آباد، پیٹرول پمپ پر دن دہاڑے ڈکیتی، 55 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

    اسلام آباد، پیٹرول پمپ پر دن دہاڑے ڈکیتی، 55 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

    وفاقی دارالحکومت کے مصروف ترین علاقے سیکٹر I-8 میں جمعرات کی دوپہر تین مسلح ڈاکوؤں نے ایک پیٹرول پمپ پر 55 لاکھ روپے کی نقدی لوٹ لی۔ پولیس کے مطابق یہ واردات انتہائی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، جب پیٹرول پمپ کے منیجر نے روزانہ کی آمدن کو بینک منتقل کرنے کی تیاری کی تھی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور ان کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ واردات کے دوران ملزمان نے اسلحہ تان کر اسٹیشن منیجر اور دیگر عملے کو یرغمال بنایا، کیش بیگ چھینا اور چند منٹوں میں موقع سے فرار ہوگئے،عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو انتہائی پرسکون انداز میں کارروائی کر رہے تھے، جبکہ موٹر سائیکلوں پر نمبر پلیٹس نصب نہیں تھیں۔ واردات کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں جن میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔ تفتیشی ٹیموں کو فوٹیجز کی بنیاد پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ ایک پیشہ ور گروہ کی کارروائی معلوم ہوتی ہے جو اس سے قبل بھی شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کر چکا ہے،اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر 15 ہیلپ لائن یا قریبی تھانے کو دیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان ،سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کاروائیاں

    خیبر پختونخوا،بلوچستان ،سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کاروائیاں

    خیبر ضلع میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی عمائدین کے درمیان ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں فریقین نے امن و استحکام کے قیام اور اسمگلنگ سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔ جرگہ کے شرکاء نے فیصلہ کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں دیرپا امن اور معاشی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

    خیبر کے علاقے بڑہ اکاخیل میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں تین اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاوید شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شہید اہلکار ڈیوٹی مکمل کر کے کھوجڑی چیک پوسٹ سے گھر واپس جا رہے تھے جب حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے اعظم ورسک کے علاقے کزا پانگا غوندک میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا اہم دہشت گرد حبیب الرحمان مارا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی زخمی ہوئے۔ مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی جاری ہے۔

    پشاور کے علاقے پہاڑی پورہ میں موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے میڈیسن کمپنی کی گاڑی سے 62 لاکھ 40 ہزار روپے چھین لیے۔ پولیس کے مطابق ایک ڈاکو نے موٹر سائیکل گاڑی کے آگے روک دی جبکہ دوسرے نے مینیجر کو اسلحے کے زور پر کیش بیگ چھین لیا۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    بلوچستان کے علاقے زہری میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے شدت پسند تنظیم "فتنہ الہندستان” کے قبضے سے علاقہ واپس لے لیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے اور قومی پرچم لہرا کر ریاستی رٹ بحال کر دی گئی۔ حکام کے مطابق علاقے میں مکمل امن بحال ہو چکا ہے اور مقامی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

    بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔ اہلکار موٹر سائیکلوں پر فوجی قافلے کی سیکیورٹی کے لیے جا رہے تھے۔ دہشت گردوں نے بھاری فائرنگ کے بعد اسلحہ اور سامان چھین کر فرار ہو گئے۔ شدت پسند گروہ "فتنہ الہندستان” نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اس کی تصدیق کسی آزاد ذریعے سے نہیں ہو سکی۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن سرحد پر افغان پناہ گزینوں کی منظم اور باعزت وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 15 لاکھ 14 ہزار 384 افغان شہری اپنے وطن واپس جا چکے ہیں جبکہ روزانہ 3 سے 4 ہزار افراد وطن لوٹ رہے ہیں۔ فرنٹیئر کور بلوچستان اور سول انتظامیہ نے سرحد پر رہائش اور خوراک کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ بغیر پاسپورٹ اور ویزہ کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

    بلوچستان کے علاقے ریکو روگان میں سیکیورٹی فورسز پر مسلح حملہ کیا گیا۔ حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد اہلکاروں سے اسلحہ اور سازوسامان چھین کر فرار ہو گئے۔ کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے ترجمان میجر گواہرام بلوچ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • تین ماہ کے دوران کیاکیا تحفہ ملا،توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک

    تین ماہ کے دوران کیاکیا تحفہ ملا،توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک

    گزشتہ تین ماہ کے دوران بیرون ملک دوروں میں کس کو کیا کیا تحائف ملے ؟ وفاقی حکومت نےتوشہ خانہ کا مزید ریکارڈ پبلک کر دیا۔

    کابینہ ڈویژن نے جولائی تاستمبر 2025کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈجاری کر دیا جس کے مطا بق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو تحائف ملے، وزیر اعظم تعداد کے اعتبار سے تحائف وصول کرنے والوں میں سر فہرست ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر ریلویز حنیف عباسی، وزیر بجلی اویس لغاری، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سیکرٹری سینیٹ، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزاہ فاطمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی کو تحائف ملے،وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک، سیکرٹری داخلہ خرم آ غا اور ڈپٹی چیف آف پروٹوکول بھی فہرست کاحصہ ہیں،مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے تحائف میں قیمتی گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز ، پینٹنگ، پرفیوم، شیلڈز، کارپٹ،ٹی سیٹ کےتحائف وصول کیےگئے۔ رائفل، وال کلاک، باول، پین اور ڈائری سمیت دیگر تحائف بھی شامل ہیں،جولائی تا ستمبر 2025 میں وصول کنندگان نے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے،کابینہ ڈویژن وصول شدہ تحائف کا تخمینہ کروا رہا ہے، اس سے قبل شہباز حکومت2002 سے لیکر جون2025 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ پبلک کرچکی،توشہ خانہ کا 1997 سے لیکر 2001 کا ریکارڈ بھی جاری کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کے مطا بق کابینہ ڈویژن نے اس سہ ماہی میں تحفہ دینے والی شخصیت کے نام کا کالم نکال دیا ہے جو گزشتہ سہ ماہی میں شامل تھا۔

  • شاپنگ مالز اور سپر اسٹورز سے چوری کرنے والاملزم گرفتار

    شاپنگ مالز اور سپر اسٹورز سے چوری کرنے والاملزم گرفتار

    راولپنڈی: پولیس نے شاپنگ مالز اور سپر اسٹورز سے چوری کرنے والےملزم کو گرفتار کرلیا،

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے3 شاپنگ مالز اور سپراسٹورزمیں چوری کی وارداتیں کی تھیں، واردات کیلئے ملزم اسٹورزمیں چھپ جاتا تھا اوراسٹورز بند ہونے کے بعد چوری کرتا تھا،پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم بند اسٹورز کے تالے توڑ کر بھی وارداتیں کرتا تھا تاہم سی سی ٹی وی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد ملزم کو تلاش کرکے گرفتار کرلیا گیاہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے 32 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں اوراس کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • دہلی،سی ایس ایس امیدوار قتل،ہارڈ ڈرائیو سے 15 خواتین کے ساتھ جنسی تعلق کی ویڈیو برآمد

    دہلی،سی ایس ایس امیدوار قتل،ہارڈ ڈرائیو سے 15 خواتین کے ساتھ جنسی تعلق کی ویڈیو برآمد

    شمالی دہلی کے علاقے تیمارپور میں 6 اکتوبر کو 32 سالہ سول سروسز کے امیدوار رام کیش مینا کے اندوہناک قتل اور اُس کے بعد لگی آگ کے واقعے نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی تھی۔ اب پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ مقتول کے کمپیوٹر ہارڈ ڈرائیو سے کم از کم 15 خواتین کی نجی ویڈیوز ملی ہیں، جنہیں بظاہر ان کی رضامندی کے بغیر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق یہی “فحش رجحان” بالآخر رام کیش کے قتل کا سبب بنا۔

    پولیس کے مطابق 6 اکتوبر کی رات رام کیش مینا کی جھلسی ہوئی لاش تیمارپور کے ایک فلیٹ سے ملی۔ ابتدا میں واقعے کو گیس سلنڈر دھماکے کا نتیجہ سمجھا گیا، تاہم فرانزک شواہد اور مشتبہ سرگرمیوں نے معاملہ پیچیدہ بنا دیا۔
    تحقیقات سے پتہ چلا کہ مقتول کو اُس کی لائیو اِن پارٹنر امریتا چوہان، اُس کے سابق دوست سمت کشیپ، اور ایک مشترکہ دوست سندیپ کمار نے قتل کیا۔ تینوں نے لاش کو جلا کر حادثے کا تاثر دینے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق امریتا چوہان نے اعتراف کیا کہ اُس نے قتل کی منصوبہ بندی اس لیے کی کیونکہ رام کیش نے اُس کی نجی ویڈیوز بنا کر ہارڈ ڈرائیو میں محفوظ کر رکھی تھیں۔ امریتا نے کئی بار اُنہیں حذف کرنے کا مطالبہ کیا لیکن رام کیش نے انکار کر دیا۔امریتا نے بتایا کہ اسے خوف تھا کہ وہ یہ ویڈیوز انٹرنیٹ پر اپ لوڈ نہ کر دے۔ اسی خوف اور انتقام کے جذبے نے اسے اپنے سابق دوست سمت کشیپ کے ساتھ مل کر یہ سازش تیار کرنے پر مجبور کیا۔

    پولیس کے مطابق 5 اکتوبر کی رات سمت اور سندیپ نے رام کیش کو بیدردی سے مارا پیٹا اور پھر گلا دبا کر قتل کر دیا۔بعد ازاں انہوں نے لاش پر تیل، گھی اور شراب چھڑک کر آگ لگائی۔ سمت نے کچن سے گیس سلنڈر نکال کر مقتول کے سر کے قریب رکھا اور نل کھول دیا تاکہ گیس کمرے میں بھر جائے۔لاش جلانے سے قبل انہوں نے دو لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈرائیو اور دیگر سامان چرا لیا۔ آگ لگانے کے بعد انہوں نے فلیٹ کا دروازہ بند کر کے باہر سے تالا لگایا اور فرار ہو گئے۔ کچھ دیر بعد سلنڈر پھٹ گیا۔

    ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کو گیس لیکج کا حادثہ سمجھا۔ مگر اسپیشل کمشنر رویندرا یادو کے مطابق ’’کہانی میں تضاد نظر آیا۔‘‘جب عمارت کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تو ایک حیران کن منظر سامنے آیا: دو نقاب پوش افراد رات کے وقت عمارت میں داخل ہوئے، کچھ دیر بعد ایک شخص باہر نکلا، اور پھر ایک مرد و عورت کو عمارت سے نکلتے دیکھا گیا۔فوٹیج میں نظر آنے والی عورت کی شناخت امریتا چوہان کے طور پر ہوئی، جو مقتول کے ساتھ رہتی تھی۔واقعے کے بعد امریتا نے اپنا موبائل فون بند کر دیا اور غائب ہو گئی۔ پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور بالآخر 18 اکتوبر کو اُسے گرفتار کر لیا۔پوچھ گچھ کے دوران امریتا نے شریک ملزمان کا نام بتایا۔ سمت کشیپ کو 21 اکتوبر جبکہ سندیپ کمار کو 23 اکتوبر کو حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق امریتا، جو فارنزک کی طالبہ ہے اور کرائم کہانیوں میں دلچسپی رکھتی تھی، نے اپنی تعلیم اور معلومات استعمال کرتے ہوئے جرم چھپانے کی حکمت عملی تیار کی۔

    تحقیقات کے دوران پولیس نے امریتا کے قبضے سے وہ ہارڈ ڈرائیو برآمد کر لی جس پر رام کیش نے ویڈیوز محفوظ کی تھیں۔اس میں کم از کم 15 دیگر خواتین کی نجی ویڈیوز بھی پائی گئیں۔ اسپیشل کمشنر رویندرا یادو نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں مزید شکایات موصول نہیں ہوئیں، تاہم ویڈیوز کا وجود ثابت ہو چکا ہے۔‘‘ نجی نوعیت کی ویڈیوز ریکارڈ کرنا اور بغیر اجازت محفوظ یا شیئر کرنا قانونی جرم ہے جس پر بھارتی نیایہ سنہیتا اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت سخت سزا دی جا سکتی ہے۔بھارتی نیایہ سنہیتا کی دفعہ 77 کے تحت وائرزم ایک سنگین جرم ہے۔ اگر کوئی شخص کسی عورت کی اجازت کے بغیر اس کی نجی ویڈیوز بناتا یا شیئر کرتا ہے تو اسے پہلی بار ایک سال قید کی سزا ہو سکتی ہے، اور بار بار جرم کرنے پر سزا تین سے سات سال تک بڑھ سکتی ہے۔

  • الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےخلاف نااہلی کی درخواست دائر

    الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےخلاف نااہلی کی درخواست دائر

    الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےخلاف نااہلی کی درخواست دائر کر دی گئی،

    درخواست ایڈووکیٹ سبغت اللہ شاہ کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں وزیراعلیٰ پر آئی ایل ایف امیدواروں کی حمایت اورجانبداری کا الزام عائد کیا گیا ہے،درخواست میں وزیراعلیٰ کی فوری نااہلی اور عہدےسے برطرفی کی استدعا کی گئی ہے.درخواست میں کہا کہ وزیراعلیٰ نے آئین اور حلف کی خلاف ورزی کی،وزیراعلی خیبر پختوانخواہ سہیل آفریدی نے بار الیکشنز میں انصاف لائرز فورم کے وکلاء کی حمایت کی،آئی ایل ایف کے امیداروں کی حمایت وزیراعلی کی بدنیتی ظاہر کرتی ہے،سہیل آفریدی نے آرٹیکل،2اے،4،5،6،9اور25کی کھلم خلاف ورزی کی،سہیل آفریدی کا اقدام ممبر اسمبلی اور بطور وزیراعلی نااہلی کے زمرے میں آتا ہے،وزیراعلی سہیل آفریدی کو فلفور آئی ایم ایف کی حمایت اور ملاقاتوں سے روکا جائے،وزیراعلی سہیل آفریدی کو نااہل کیا جائے،

  • علی امین گنڈا پور   کی طرف سے ٹی وی اینکر آفتاب اقبال   کو لیگل نوٹس جاری

    علی امین گنڈا پور کی طرف سے ٹی وی اینکر آفتاب اقبال کو لیگل نوٹس جاری

    سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی طرف سے معروف ٹی وی اینکر آفتاب اقبال کو لیگل نوٹس جاری کر دیا گیا

    جھوٹ اور مذہبی منافرت کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے پر یوٹیوبر آفتاب اقبال کو قانونی نوٹس بھجوایا گیا جس میں کہا گیا کہ آفتاب اقبال نے اپنی ویڈیو میں بےبنیاد اور گمراہ کن الزامات لگائے، جن میں انہوں نے "ابرہام اکارڈ” جیسے مذہبی اور حساس معاملے کو سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ منسلک کرنے کی کوشش کی۔ اس عمل کو عوامی سطح پر مذہبی جذبات بھڑکانے اور نفرت انگیزی کے مترادف قرار دیا گیا۔ نوٹس کے مطابق، اس پروپیگنڈے سے نہ صرف سابق وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی سیاسی اور سماجی ساکھ کو نقصان پہنچا بلکہ عوامی جذبات مجروح ہوئے۔ آفتاب اقبال کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے الزامات واپس لیں، عوامی طور پر معافی مانگیں، اور آئندہ اس نوعیت کے بیانات سے گریز کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پاکستان کے نوجوان ڈیجیٹل عہد کا سامنا کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں،بلاول

    پاکستان کے نوجوان ڈیجیٹل عہد کا سامنا کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں،بلاول

    پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے میٹا پلیٹ فارم ان کارپوریشن کے وسطی و جنوبی ایشیا کے پبلک پالیسی ڈائریکٹر صارم عزیز کی ملاقات ہوئی ہے

    بلاول بھٹو زرداری سے میٹا پلیٹ فارم ان کارپوریشن کے وفد نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو میٹا کے وفد نے میٹا اے آئی سے متعلق بریفنگ دی، بلاول بھٹو زرداری کو میٹا کے وفد نے انسٹاگرام Teen اکاؤنٹس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی،بتایا گیا کہ بچوں کے لئے انسٹاگرام اکاؤنٹس میں نہ صرف پیغام بھیجنے کے حوالے سے پابندیاں ہوں گی بلکہ نامناسب الفاظ خود فلٹر ہوجائیں گے،بچوں کے لئے انسٹاگرام اکاؤنٹس میں وقت کی پابندی ہوگی اور ایک گھنٹے بعد ایپ بند ہونے کا پیغام آجائے گا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور میٹا کے وفد کے درمیان اے آئی سے متعلق قانون سازی کے حوالے سے بھی تجاویز سامنے آئیں

    بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان نسل اے آئی کی بدولت آنے والی تبدیلیوں کو ذمہ داری سے قبول کررہی ہے، پاکستان کے نوجوان ڈیجیٹل عہد کا سامنا کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں، بچوں کے لئے انسٹاگرام اکاؤنٹس فیچرز کا سامنے آنا تربیت سے متعلق فکرمند والدین کے لئے ایک خوشی کی خبر ہے

  • بھارتی شہری کا دوران پرواز کم عمر لڑکوں پر حملہ

    بھارتی شہری کا دوران پرواز کم عمر لڑکوں پر حملہ

    امریکا سے جرمنی جانے والی پرواز میں ایک بھارتی شہری نے دوران پرواز دو کم عمر لڑکوں کو کانٹے سے زخمی کر دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق بھارتی شہری نے عملے کے ایک رکن کو اور ایک خاتون مسافر کو تھپڑ مارنے کی بھی کوشش کی جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر بوسٹن میں اتارنا پڑا،امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز شکاگو سے روانہ ہونے والی پرواز میں پیش آیا۔،پرواز میں کھانا دیے جانے کے بعدایک 17 سالہ لڑکا سو رہا تھا کہ اچانک اس کی آنکھ کھلی اور اس نے دیکھا کہ ملزم پرنیت کمار اس کے اوپر جھکا ہوا ہے، اس دوران ملزم نے لڑکےکے بائیں کندھے پر دھات کے کانٹے سے وار کیا،اس کے بعد ملزم نے ساتھ والی سیٹ پر موجود ایک دوسرے 17 سالہ لڑکے کے سر کے پچھلے حصے پر کانٹے سے وار کیا جس سے اس کے سر پر کٹ لگ گیا،عملے نے ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی تو اس نے اپنی انگلیوں سے بندوق کا اشارہ بنا کر منہ میں رکھنے کی اداکاری کی جیسے خود کو گولی مار رہا ہو، اسی دوران اس نے اپنے بائیں جانب بیٹھی ایک خاتون مسافر کو تھپڑ مارا اور ایک فلائٹ اٹینڈنٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

    امریکی پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق 28 سالہ بھارتی شہری پر خطرناک ہتھیار سے جسمانی نقصان پہنچانے کے ارادے سے حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے،الزام ثابت ہونے پر ملزم کو 10 سال قید اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔