Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ہاکی کھلاڑیوں کا روزانہ کا الاؤنس صرف 400 روپے،کھلاڑی سیخ پا

    ہاکی کھلاڑیوں کا روزانہ کا الاؤنس صرف 400 روپے،کھلاڑی سیخ پا

    ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا ڈیلی الاؤنس پر شدید احتجاج، 400 روپے پر بات کرنا زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے

    پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے 400 روپے کے ڈیلی الاؤنس کی پیش کش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ یہ رقم نہ تو ان کی محنت کے مطابق ہے اور نہ ہی ان کے روزمرہ کے اخراجات پورے کر سکتی ہے، بلکہ اس سے ان کی بے عزتی ہوتی ہے۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ 400 روپے تو ایک مزدور کی بھی روزانہ کی کمائی سے کم ہے۔ "ہم سے کہا جا رہا ہے کہ ہم 400 روپے کے ڈیلی الاؤنس پر کھیلیں، یہ ہمارے لیے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ ہم محض کھلاڑی نہیں، ملک کے سفیر ہیں، اور ہمیں اس قسم کی توہین برداشت نہیں ہوگی۔” انہوں نے مزید کہا کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو انہیں ہاکی چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

    کھلاڑیوں نے حکومت اور ہاکی فیڈریشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ڈیلی الاؤنس وقت پر نہیں ملتا بلکہ حالات ایسے ہیں کہ ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔ "ہم نے ملک کے لیے بہت کچھ دیا ہے، ہماری محنت اور جان قربان کی ہے، لیکن اتنی معمولی رقم پر بات کر کے ہماری بے قدری کی جا رہی ہے۔”

    دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے کھلاڑیوں کو 400 روپے روزانہ کے حساب سے ڈیلی الاؤنس دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کھلاڑیوں کو تقریباً 100 ڈالر (تقریباً 25,000 روپے) کے برابر ڈیلی الاؤنس دیتی ہے۔ "اگر کھلاڑی 100 ڈالر سے مطمئن نہیں ہیں تو وہ 400 روپے پر کیسے کھیلیں گے؟”رانا مجاہد نے مزید کہا کہ فیڈریشن کھلاڑیوں کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اور حکومت سے بھی مالی معاونت کی توقع ہے تاکہ کھلاڑیوں کو ان کا حق دیا جا سکے۔

  • دریائے جمنا میں پانی 63 سالوں میں تیسری بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    دریائے جمنا میں پانی 63 سالوں میں تیسری بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    ہتھنی کنڈ بیراج سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے جمنا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث نئی دہلی کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور وہاں قائم ریلیف کیمپ بھی سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق دریائے جمنا کی سطح 207 میٹر تک پہنچ چکی ہے، جو 1963 میں منظم ریکارڈ رکھنے کے بعد سے تیسری بلند ترین سطح ہے۔ یہ صورتحال 63 سالوں میں سب سے شدید سمجھی جا رہی ہے۔پانی کی اس بلند سطح کی وجہ سے دریا کے قریب آباد 12 ہزار سے زائد افراد کو اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے تاکہ ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت نے فوری طور پر ریلیف اور ریسکیو آپریشنز شروع کر دیے ہیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

    نئی دہلی میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارشوں نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔ بارش کی شدت کی وجہ سے شہر کے کئی علاقے سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کا سیزن بھارت کی مختلف ریاستوں میں جاری ہے، جس کی وجہ سے بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور بجلی گرنے جیسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ، کئی علاقوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے حکومت اور انتظامیہ کو خصوصی تیاریاں کرنی پڑ رہی ہیں۔

  • وزیراعظم کی بیجنگ سے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ٹیلیفونک کال

    وزیراعظم کی بیجنگ سے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ٹیلیفونک کال

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ سے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ٹیلیفونک کال کی،

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو پاکستان میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور امدادی کاروائیوں پر بریفنگ دی ،چئیرمین این ڈی ایم اے نے روای، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے آگاہ کیا ،وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو دریاؤں میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے پیش نظر ریسکیو و امدادی کاروائیوں کی تیاری قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کر کے حفاظتی اقدامات اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی

    وزیراعظم نےعوام کو راوی، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے عوام کو پیشگی آگاہ کرنے کی ہدایت کی

  • سیلاب،مرکزی مسلم لیگ کا ریلیف آپریشن ،37 ہزار متاثرین ریسکیو

    سیلاب،مرکزی مسلم لیگ کا ریلیف آپریشن ،37 ہزار متاثرین ریسکیو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،کشتیوں کے ذریعے مرکزی مسلم لیگ کے رضاکاروں نے 37 ہزارمتاثرین کو ریسکیو کیا، 8 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد میں پکی پکائی خوراک تقسیم کی جا چکی، متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپوں میں‌6 لاکھ 90 ہزار مریضوں کا علاج معالجہ اور مفت ادویات دی جا چکی ہیں، لاہور کے بعد مرکزی مسلم لیگ نے کنگن پور میں بھی سیلاب متاثرین کیلیے خیمہ بستی قائم کر دی،مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم پاکپتن،ساہوکا ،بوریوالہ کے دورہ کے بعد بہاولنگر پہنچ گئے

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایت پر پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،لاہور،قصور، سیالکوٹ، ننکانہ صاحب، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، بہاولنگر،ملتان، بہاولپور،چنیوٹ،بورے والا سمیت دیگر سیلاب متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کرنے کرنے علاوہ پکی پکائی خوراک بھی متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہے،میڈیکل کیمپوں میں مریضوں کا علاج معالجہ کے ساتھ مفت ادویات دی جا رہی ہیں، لاہور موہلنوال کی خیمہ بستی میں مقیم متاثرین میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے،خیمہ بستی میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد مقیم ہے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمتِ خلق بورےوالا کا ستلج فلڈ ریلیف کیمپ ساہوکا میں جاری ہے، کیمپ میں سیلاب متاثرین کو پکا پکایا کھانا، صاف پانی، ادویات فراہم کی جا رہی ہیں،صدر مرکزی مسلم لیگ پنجاب محمد سرور چوہدری نے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا،رضاکاروں سے ملاقات کی اور خدمت کے جذبے کو سراہا.مسلم یوتھ لیگ پاکستان کے صدر انجنیئر حارث ڈار اور صدر وسطی پنجاب عدیل عامر نے سیلاب متاثرین کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ساہیوال کے سیکرٹری جنرل ارشد نواب نے واٹر بوٹ کے ذریعے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ٹیم کو بریفنگ دی ،مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم قصور، پاکپتن،ساہوکا ،بوریوالہ کے دورہ کے بعد بہاولنگرپہنچ گئے ہیں، تابش قیوم نے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کیں، اور امدادی سرگرمیوں کو مزید منظم و تیز کرنے کی ہدایت کی.سیکرٹری جنرل ،پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع اوکاڑہ انجینئر محمد عمران نے اٹاری منڈی احمد آباد دریائے ستلج کے مقام پر لگائے گئے سیلاب متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا،اوکاڑہ میں فری بوٹ سروس سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے کے ساتھ کھانا بھی پہنچا رہی ہے،کشتی کے ذریعے مرکزی مسلم لیگ اوکاڑہ کے رضاکاروں نے دریائے ستلج اور دریائے روای کے مقام پر150افراد کو ریسکیو کیا ،2500 افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا اور 1800 سے زائد مریضوں کو میڈیکل کیمپ میں طبی معائنے کے بعد ادویات دی گئیں،

    ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کشتی کے ذریعے سیلاب متاثرہ دیہات موضع جلی ترہانہ، بستی سدلوں اور موضع ابو وہنی وال تاندلیانوالہ پہنچے، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ،اس موقع پر شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد کے جنرل سیکرٹری محمد احسن تارڑ بھی ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر نے متاثرین میں کھانا اور راشن بیگز تقسیم کیے ،پاکستان مرکزی مسلم لیگ جنوبی پنجاب کے صدر عمران لیاقت بھٹی نے بستی لنگڑیال اور بستی محمد پور گھوٹہ میں قائم امدادی کیمپ کا دورہ کیا، سیالکوٹ کے علاقے بجوات میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکاروں نے 50 راشن پیک تقسیم کئے، یوسی میانہ پورا میں 600 متاثرین کو کھانا اور صاف پانی دیا گیا، سمبڑیال کے نواحی علاقہ بیلہ میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، پسرور میں بھی سیلاب کی زد میں شامل تین محلوں میں مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے پکا پکایا کھانا تقسیم کیاجا رہا ہے،مسلم ویمن لیگ کی خواتین اراکین بھی سیلاب زدہ علاقوں میں‌امدادی سرگرمیوں میں متحرک ہیںَ،ڈسکہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلم ویمن لیگ کی رہنما مسز امتیاز چیمہ نے متاثرین میں کھانا تقسیم کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ،گورنمنٹ بوائز ہائی سکول پکاگڑھا میں سیلاب سے متاثرہ 450 سے زائد خاندان رہائش پذیر ہیں ریحانہ اختر نے کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین میں کھانا تقسیم کیا،

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کوٹلی لوھاراں سیلاب متاثرین کیمپ کا رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سعید بھلی نے دورہ کیا اورمرکزی مسلم لیگ کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا،شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے تیسری امدادی کھیپ روانہ کر دی گئی، 400 سے زائد خاندانوں کے لیے خصوصی راشن بیگ اور ضروری اشیاء شامل ہیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ سرگودھا کے قائم کردہ ریسکیو کیمپ کا مسلم لیگ ن کے رہنما شاہ نواز رانجھا نے دورہ کیا.اس موقع پر انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ مسلسل پانچ روز سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ متاثرین میں کھانا، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ شعبہ خدمتِ خلق ضلع وہاڑی کی جانب سے فتح پور اور گردونواح کے علاقوں میں سیلاب متاثرین میں پکی پکائی خوراک کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے،شعبہ خدمتِ خلق گوجرانوالہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی ٹیم نے نارووال کے سیلاب زدہ علاقوں کا دور ہ کیا،اس موقع پر عرفان مہیس نے مکمل جاری ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی ،سیکرٹری جنرل پاکستان مرکزی مسلم لیگ مظفرگڑھ سید زاہد ہمدانی نے سنکی بندھ مظفرگڑھ دریائے چناب پر امدادی کیمپ کا دورہ کیا،چیچہ وطنی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار کشتیوں کے ذریعے سیلاب میں پھنسے خاندانوں کو محفوظ مقامات تک پہنچا رہا ہے، اور ساتھ ہی متاثرین کو کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔شعبۂ خدمتِ خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ چیچہ وطنی کی ریسکیو ٹیم کمالیہ کے دیہات میں متاثرہ عوام کی مدد اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور انداز سے مصروفِ عمل ہے،شعبہ خدمت مرکزی مسلم لیگ مظفرگڑھ کی طرف سے دریائے چناب کی شدید طغیانی سے متاثرہ خاندانوں کیلئے وسیع پیمانے پر کھانے کی تقسیم جاری ہے، ضلع ننکانہ کےسیلاب سے متاثرہ علاقوں جگ دا چک،جانی دا ٹھٹہ،قلعہ قمر سنگھ،نمراں دی ڈھاری،نواں پنڈ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رضاکاروں کی جانب سے کھانے کی تقسیم کا عمل جاری ہے، 250 متاثرہ خاندانوں میں خشک راشن تقسیم کیا گیا،خواتین کےلئے کپڑے اور جوتے بھی تقسیم کیے گئے. پاکپتن ،کنگن پور،قصور،ٹوبہ ٹیک سنگ،جھنگ،بہاولپور،نارووال سمیت دیگر سیلاب متاثرہ اضلاع میں بھی مرکزی مسلم لیگ کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں.بونیر میں شعبہ خدمتِ خلق اسلام آباد کی جانب سے امدادی سامان کی تقسیم جاری ہے.
    شعبہ خدمتِ خلق اسلام آباد کی جانب سے سیلاب متاثرہ 150 خاندانوں میں بستر تقسیم کیے گئے،مرکزی مسلم لیگ گجرات کی جانب سے بھی خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں خشک راشن،امدادی سامان تقسیم کیا گیا.

  • انڈیگو  پرواز میں ہنگامہ، نشے میں دھت وکیل کے نعرے،مقدمہ درج

    انڈیگو پرواز میں ہنگامہ، نشے میں دھت وکیل کے نعرے،مقدمہ درج

    انڈیگو کی دہلی سے کلکتہ جانے والی پرواز 6E 6571 میں پیر کے روز اس وقت افراتفری مچ گئی جب ایک وکیل، جو مبینہ طور پر شراب کے نشے میں تھا، نے زور زور سے مذہبی نعرے لگانے شروع کر دیے اور دوسرے مسافروں سے بھی ’’جئے شری رام‘‘ کے نعرے لگوانے کی کوشش کی۔

    ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرواز تقریباً 30 منٹ تک دہلی ایئرپورٹ پر پارکنگ بے میں کھڑی رہی۔ وکیل، جو سیٹ نمبر 31D پر بیٹھا تھا، اس دوران بار بار ’’ہر ہر مہادیو‘‘ اور ’’جئے شری رام‘‘ کے نعرے لگا رہا تھا۔جب عملے کی ایک خاتون رکن نے اس کے رویے پر سوال کیا تو اس نے مبینہ طور پر نازیبا الفاظ کہے اور بدتمیزی کی۔ اس کے پاس موجود بوتل، جو بظاہر ایک سافٹ ڈرنک کی لگ رہی تھی، دراصل شراب کی بوتل تھی، جس سے وہ مسلسل پی رہا تھا۔

    انڈیگو نے واقعے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا "ہم دہلی سے کلکتہ جانے والی پرواز 6E 6571 پر ایک مسافر کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ اور ہنگامہ خیز رویے سے آگاہ ہیں۔ مسافر نشے کی حالت میں عملے کے ساتھ بدتمیزی کر رہا تھا اور دوسرے مسافروں کو بھی پریشان کر رہا تھا۔”انڈیگو نے مزید کہا کہ اس مسافر کو طے شدہ پروٹوکول کے تحت ’غیر مہذب مسافر‘ قرار دے کر کلکتہ کے نیتا جی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ ساتھ ہی پولیس میں بھی شکایت درج کرائی گئی ہے۔ایئرلائن نے زور دیا کہ وہ ایسے کسی بھی غیر اخلاقی یا بدتمیزی والے رویے کو بالکل برداشت نہیں کرتی اور اپنے مسافروں اور عملے کے لیے محفوظ، باعزت اور شمولیتی ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

    دوسری جانب، مذکورہ وکیل نے انڈیگو عملے کے خلاف جوابی شکایت درج کرائی ہے، جس میں اس نے الزام لگایا کہ اس کے ساتھ زیادتی اور ہراسانی کی گئی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے پاس جو بوتل تھی وہ بیئر کی تھی، اور اس نے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خریداری کی رسید بھی دکھائی۔

  • سابق پلے بوائے  کا امریکن ایئرلائنز پر لباس کی بنیاد پر ہراسانی کا الزام

    سابق پلے بوائے کا امریکن ایئرلائنز پر لباس کی بنیاد پر ہراسانی کا الزام

    امریکہ کی معروف ماڈل، انفلوئنسر اور سابق پلے بوائے پلے میٹ سارا بلیک چیک نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکن ایئرلائنز نے ان کے لباس کی وجہ سے ان کے ساتھ غیر مناسب سلوک کیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں، 34 سالہ سارا نے بتایا کہ انہیں ایک فضائی میزبان نے طیارے میں سوار ہونے سے قبل اپنی قمیص کے بٹن بند کرنے کا کہا، حالانکہ ان کے مطابق ان کا لباس مکمل طور پر مہذب تھا۔سارا چیک نے یکم ستمبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں واقعے کی تفصیلات بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی فلائٹ منسوخ ہوئی، دو مرتبہ ری شیڈول کی گئی، اور بالآخر تاخیر کا شکار رہی۔ اس تمام افراتفری کے دوران وہ اٹلانٹا جانے والی پرواز میں سوار ہو رہی تھیں۔انہوں نے جو لباس پہنا ہوا تھا، اس میں ایک بلیک کراپ ٹاپ (جس سے ان کا پیٹ تھوڑا سا نمایاں تھا)، ایک ڈھیلی پیلی فلینل شرٹ، لیگنگز، ہائی ساکس اور سنیکرز شامل تھے۔

    "اگر چھاتی بڑی ہو تو ایتھلیٹک لباس منع ہے؟”سارا نے اپنی پوسٹ میں لکھا "امریکن ایئرلائنز کی ایک فلائٹ اٹینڈنٹ نے مجھے کہا کہ میں اپنی شرٹ کے بٹن بند کروں۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ امریکن ایئرلائنز کا ڈریس کوڈ یہ کہتا ہے کہ اگر آپ کے سینے بڑے ہوں تو آپ ایتھلیٹک لباس نہیں پہن سکتے۔”ساتھ ہی انہوں نے اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی، جس میں وہ وہی لباس پہنے نظر آ رہی ہیں جس پر اعتراض کیا گیا تھا۔

    امریکن ایئرلائنز نے سارا کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے معذرت کی اور کہا "ہم اپنے گاہکوں اور ٹیم ممبرز کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ ہم معذرت خواہ ہیں اگر ہماری سروس دوستانہ یا مستقل مزاجی پر مبنی نہ تھی۔ ہم اس تجربے کو اندرونی طور پر عملے کی قیادت کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں اور اگر آپ چاہیں تو ہمارا ماہر اس معاملے کو مزید دیکھ سکتا ہے۔”

    ایئرلائن کی ویب سائٹ پر موجود ڈریس کوڈ کے مطابق مسافروں سے صرف "مناسب لباس پہننے” کی درخواست کی جاتی ہے، اور "ننگے پاؤں یا نازیبا لباس” کی ممانعت ہے ، تاہم کراپ ٹاپ یا ایتھلیٹک پہننے سے متعلق کوئی واضح پالیسی درج نہیں ہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں جب کسی خاتون مسافر کو لباس کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہو۔2022 میں سابق مس یونیورس اولیویا کلپو نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ٹائٹ شارٹس اور کراپ ٹاپ پہننے پر کور اپ کرنے کو کہا گیا۔اکتوبر 2024 میں دو خواتین نے اسپِرٹ ایئرلائنز پر جنسی امتیاز (سیکسزم) کا الزام عائد کیا جب انہیں کراپ ٹاپ پہننے پر پرواز سے اتار دیا گیا تھا۔سارا چیک کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے۔ متعدد صارفین نے ایئرلائن پر تنقید کی کہ خواتین کو ان کے جسمانی خدوخال کی بنیاد پر شرمندہ کرنے کا یہ عمل ناقابل قبول ہے۔دوسری جانب کچھ صارفین نے ائیرلائنز کی پالیسی کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفر کے دوران "مناسب لباس” پہننا ضروری ہے۔

  • دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ

    دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

    ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق حالیہ سیلاب میں ڈوبنے سے اب تک 43 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب سے صورتحال سنگین ہونے کے باعث 3300 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 33 لاکھ 63 ہزار لوگ متاثر ہوئے جبکہ سیلاب میں پھنس جانے والے 12 لاکھ 92 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 405 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جبکہ 425 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں، مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 385 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں 7 لاکھ 99 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔منگلا ڈیم 83 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے۔ دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 84 فیصد تک بھر چکا ہے، پونگ ڈیم 98 فیصد جبکہ تھین ڈیم 92 فیصد تک بھر چکا ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، کسانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ 101، گوجرانوالہ 59، گجرات 48، نارووال 41، لاہور 14، مری 12، منڈی بہاالدین 4، حافظ آباد 2 اور فیصل آباد 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی،آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

  • عمران خان بالکل ٹھیک ہیں، سوشل میڈیا پر فیک خبریں، علیمہ خان

    عمران خان بالکل ٹھیک ہیں، سوشل میڈیا پر فیک خبریں، علیمہ خان

    بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

    لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ کل عمران خان سےملاقات ہونی تھی مگر نہیں کرائی گئی تاہم بیرسٹر گوہرکی ملاقات ہوئی ہے، عمران خان کا چیک اپ ان کےاپنے ڈاکٹرزکی موجودگی میں ہوناچاہیے، چیک اپ کےلیے ان لوگوں کے ارادوں پرہمیں یقین نہیں، عظمیٰ خان نے عمران خان کی صحت کےلیے پوچھا کیونکہ وہ خود ڈاکٹر ہیں،عمران خان بالکل ٹھیک ہیں، سوشل میڈیا پرفیک خبریں پھیلائی جارہی ہیں، عمران خان کوتھوڑا سا بھی کچھ ہوگا توسب سے پہلےان کی فیملی کھڑی ہوگی، ان کی صحت کولےکرسنسنی پھیلائی جا رہی ہےجوکہ سچ نہیں ہے۔

  • آئندہ مغرب کے بعد جلسےجلوسوں کی اجازت نہیں دی جائےگی،حمزہ شفقات

    آئندہ مغرب کے بعد جلسےجلوسوں کی اجازت نہیں دی جائےگی،حمزہ شفقات

    ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ سریاب واقعہ کنٹرول سے باہر تھا اور اس کی روک تھام ممکن نہیں تھی جب کہ کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے سے قبل منتظمین کو 3 دفعہ جلسہ ختم کرنے کا کہا تھا لیکن اسے سنجیدہ نہیں لیا گیا۔

    کوئٹہ میں پولیس حکام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے کہا کہ خودکش حملہ آور کی عمر 30 سال سے کم تھی تاہم حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی،جلسے کے لیے سکیورٹی دی گئی تھی، واقعہ جلسہ گاہ کے اندر ہوتا تو نقصان بہت زیادہ ہوتا، دھماکےکےذمہ داروں کا تعین کرنا ہماری ذمہ داری ہے، باربار گزارش کررہےہیں کہ 6 ستمبر کو اپنی موومنٹ کنٹرول رکھیں.خودکش حملہ جلسہ گاہ سے 500 کلو میٹر دور ہوا، جلسے کا وقت 3 بجے تھا لیکن واقعہ رات 9 بجے پیش آیا، واقعہ جلسہ ختم ہونےکے 45منٹ بعد پیش آیا، جلسےکےمنتظمین کو 3 بار کہاگیاتھا کہ جلسہ ختم کریں، سکیورٹی صورتحال سے متعلق سیاسی جماعت کو آگاہ کیا تھا، انتظامیہ کی سکیورٹی تھریٹ کو سنجیدہ لیناچاہیے، منتظمین اس کو سنجیدہ لیتے تو یہ واقعہ نہ ہوتا۔

    ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سریاب واقعہ کنٹرول سے باہر تھا، اس کی روک تھام ممکن نہیں تھی، بی این پی کے جلسے پر 120 پولیس اہلکار تعینات تھے، 12 ربیع الاول کے موقع پر بھی سکیورٹی تھریٹ الرٹ ہے، آئندہ مغرب کی نماز کے بعد جلسےجلوسوں کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

  • وزیراعظم کاچین کے شہر بیجنگ میں آنژن ہسپتال کا دورہ

    وزیراعظم کاچین کے شہر بیجنگ میں آنژن ہسپتال کا دورہ

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے شہر بیجنگ میں آنژن ہسپتال (Anzhen Hospital) کا دورہ کیا ہے

    وزیراعظم نے دورے میں ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا،وزیراعظم نے ہسپتال میں مؤثر نظام، جدید ٹیکنالوجی اور بہترین خدمات کی فراہمی پر ہسپتال کی انتظامیہ کی تعریف کی،وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کو اسلام آباد میں زیر تعمیر منصوبوں اور وزارت صحت کو اسلام آباد میں زیر تعمیر جناح میڈیکل کمپلیکس اور دیگر ہسپتالوں میں آنژن ہسپتال کی طرز پر سادہ، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستان میں زیر تعمیر ہسپتالوں میں چین کی طرز پر معیاری سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے،

    دورے میں وزیراعظم کو آنژن ہسپتال میں موجود سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،وزیراعظم کو دورے میں ہسپتال میں دستیاب صحت کی سہولیات اور ہسپتال کے مؤثر انتظام کے لیے موجود روبوٹس اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات کا معائنہ کرایا گیا،دورے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اعلیٰ افسران شریک تھے