Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • جاسوسی کی نئی جنگ،”سیکس وارفیئر” کے ذریعے خفیہ معلومات چوری کرنے کا انکشاف

    جاسوسی کی نئی جنگ،”سیکس وارفیئر” کے ذریعے خفیہ معلومات چوری کرنے کا انکشاف

    کیلیفورنیا کی ٹیکنالوجی کی دنیا، جسے دنیا بھر میں "سیلیکون ویلی” کے نام سے جانا جاتا ہے، اب ایک نئی اور خطرناک جاسوسی کی جنگ کا مرکز بن چکی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، دفاعی نظام اور خلائی منصوبوں سے وابستہ کمپنیوں کے ملازمین کو چینی اور روسی خفیہ ایجنسیاں "محبت” اور "رشتوں” کے ذریعے نشانہ بنا رہی ہیں۔

    ایک امریکی سائنسدان نے بتایا کہ وہ ایک کانفرنس میں ایک خاتون سے ملے ، ذہین، پُرکشش اور ان کے کام میں دلچسپی رکھنے والی، برسوں بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ خاتون دراصل چینی انٹیلیجنس آپریشن کا حصہ تھیں، جن کا مقصد امریکی ٹیکنالوجی سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرنا تھا۔

    یہی جدید دور کی جاسوسی ہے، جہاں محبت، دوستی اور ازدواجی تعلقات کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ امریکی ماہرین اس رجحان کو "سیکس وارفیئر” کا نام دیتے ہیں۔امریکی کمپنیوں کو سیکیورٹی مشاورت فراہم کرنے والے ماہر جیمز ملونن نے انکشاف کیا کہ انہیں حالیہ دنوں میں "خوبصورت چینی خواتین” کے نام سے بڑی تعداد میں لنکڈ اِن پر کنکشن ریکویسٹ موصول ہو رہی ہیں۔ان کے مطابق یہ سرگرمی غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہے، اور ہر ریکویسٹ بظاہر پروفیشنل نظر آتی ہے لیکن پیچھے خفیہ مقاصد ہوتے ہیں،ملونن کے مطابق ورجینیا میں منعقدہ ایک بزنس کانفرنس میں دو چینی خواتین نے داخل ہونے کی کوشش کی، جن کے پاس تقریب کی تمام تفصیلات موجود تھیں۔ہم نے انہیں اندر نہیں آنے دیا، لیکن وہ مکمل طور پر تیار تھیں۔ یہ ہماری ثقافتی اور قانونی حدود کے باعث ایک خطرناک کمزوری ہے،امریکی ماہرین کے مطابق یہ غیر متوازن جنگ ہے،ملونن، جو تیس سال سے انسدادِ جاسوسی کے شعبے سے وابستہ ہیں، کا کہنا ہے کہ چین اور روس کو اس معاملے میں ایک ’غیر متوازن برتری‘ حاصل ہے کیونکہ امریکی قوانین اس نوعیت کی جوابی کارروائیوں کو محدود کرتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق چین اور روس صرف تعلقات نہیں بلکہ کاروباری پلیٹ فارمز، اسٹارٹ اپ مقابلوں، اور اکیڈمک کانفرنسز کو بھی جاسوسی کے ذرائع کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔چینی کمپنیاں امریکہ میں اسٹارٹ اپس سے بزنس پلان اور ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے انویسٹمنٹ کے بہانے معلومات اکٹھی کرتی ہیں۔ایک سابق امریکی انٹیلیجنس افسر نے انکشاف کیا کہ ایک خوبصورت روسی خاتون نے ایک امریکی ایرو اسپیس انجینئر سے شادی کی اور برسوں تک حساس منصوبوں کی معلومات حاصل کرتی رہیں۔یہ سوچنا تکلیف دہ ہے، مگر یہ طریقہ بہت عام ہو چکا ہے

    امریکی انٹیلیجنس اندازوں کے مطابق ہر سال تقریباً 600 ارب ڈالر کا نقصان صرف انٹیلیکچوئل پراپرٹی چوری کے ذریعے ہوتا ہے، جس میں زیادہ تر نقصان چین سے منسلک ہے۔سابق امریکی سیکیورٹی تجزیہ کار جیف اسٹوف نے کہا کہ سیلیکون ویلی اب ایک ’وائلڈ ویسٹ‘ بن چکی ہے، جہاں معاشی اور تکنیکی جاسوسی کا زور ہے،چین کی حکمت عملی یہ ہے کہ وہ امریکی دفاعی اداروں سے منسلک اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کے ذریعے حصہ داری خرید کر حساس معلومات تک رسائی حاصل کرے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں چینی انٹیلیجنس یونٹس مقامی سیاستدانوں، تاجروں اور کمیونٹی لیڈرز کو متاثر کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔سان فرانسسکو کی مشہور سیاسی شخصیت روز پیک کا کیس ایک مثال کے طور پر دیا جاتا ہے، جن پر خفیہ طور پر چینی اثر و رسوخ کو فروغ دینے کے الزامات لگے تھے۔2008 بیجنگ اولمپکس کے دوران چینی انٹیلیجنس نے مبینہ طور پر ہزاروں چینی طلباء کو منظم کیا تاکہ تبتی، ایغور اور فالون گونگ مظاہرین کے احتجاج کو دبایا جا سکے۔روس نے بھی سرد جنگ کے روایتی طریقے بدل کر اب وینچر کیپیٹل کمپنیوں اور ٹیک اسٹارٹ اپس میں داخلہ حاصل کرنا شروع کر دیا ہے۔اگرچہ 2017 میں روسی قونصل خانہ بند ہو گیا تھا، مگر "ہنی ٹریپس” اور ثالثوں کے ذریعے جاسوسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    امریکی ماہرین کے مطابق اوپن کلچر، فری انویسٹمنٹ ماحول اور کم رپورٹنگ کی وجہ سے جاسوسی روکنا مشکل ہو گیا ہے۔ٹیکنالوجی کے مراکز جیسے بولڈر، چیپل ہل، اور آسٹن میں بھی ایسے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

  • وزیرِ اعظم کا ملکی صنعت و زراعت کی ترقی کیلئے روشن معیشت بجلی پیکیج کا تحفہ

    وزیرِ اعظم کا ملکی صنعت و زراعت کی ترقی کیلئے روشن معیشت بجلی پیکیج کا تحفہ

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین و کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں پیکیج کا اعلان کردیا

    پیکیج کے تحت صنعتوں اور کسانوں کو آئندہ تین سالوں (نومبر 2025 سے اکتوبر 2028) میں رعایتی قیمت پر اضافی بجلی فراہم کی جائے گی ،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کو 34 روپے اور زرعی شعبے کو 38 روپے پر ملنے والے یونٹس کی قیمت کو خاطر خواہ کم کرکے اضافی یونٹس فراہم کیے جائیں گے.آئندہ تین برس میں پورا سال صنعتی و زرعی شعبے کو اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کی قیمت پر فراہم کی جائے گی.

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے بہتر پالیسیوں کی بدولت معاشی اشارے بہتر ہوئے، مگر ہم سب کو مل کر ابھی مزید محنت کرنی ہےمعاشی بحران سے معاشی استحکام کا سفر کٹھن ضرور تھا لیکن معاشی ٹیم کی محنت اور آپ سب کے تعاون سے یہ ممکن ہوا۔ جس کی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ہوا، روزگار کے مواقع پیدا ہوئے،گزشتہ برس موسم سرما میں دیے جانے والے پیکج کے تحت صنعتی و زرعی شعبے نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی، ملکی معیشت کی ترقی، روزگار میں اضافے کے لیے صنعت اور زراعت کی ترقی انتہائی ضروری ہے،ملکی صنعتوں، زرعی شعبے کی خطے میں مسابقت بڑھانے اور کاروباری سہولتوں میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

  • دیوالی منانے گھر آئے برہموس میزائل کے سسٹم انجینئر کی مشتبہ حالت میں موت

    دیوالی منانے گھر آئے برہموس میزائل کے سسٹم انجینئر کی مشتبہ حالت میں موت

    بھارتی ریاست اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے عالم باغ کے رہائشی ڈی آر ڈی او کے انجینئر آکاش گپتا کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی ہے

    بھارتی میڈیا کے مطابق آکاش دہلی میں تعینات تھے اور اس وقت وہ برہموس میزائل کے سسٹم انجینئر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وہ دیوالی کی چھٹیاں منانے اپنے اہل خانہ سے ملنے آئے تھے۔ منگل کی رات والی بال کھیلنے کے بعد آکاش کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ اہل خانہ انہیں لوک بندھو اسپتال لے کر گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا،ابتدائی تحقیقات میں اسے ہارٹ اٹیک مانا جا رہا ہے، آکاش کی ناگہانی موت سے ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    آکاش دیپ گپتا مستقل طور سے لکھنؤ کے رہنے والے تھے اور دہلی میں ڈی آر ڈی او کے برہموس میزائل پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔ آکاش گزشتہ 3 سالوں سے دفاعی پروجیکٹ سے وابستہ تھے اور مجموعی طور سے7 سالوں سے برہموس مشن کا حصہ تھے،آکاش کی عمر صرف 30 سال تھی اور ان کی شادی صرف 6 ماہ قبل ہی ہوئی تھی، اہل خانہ نے بتایا کہ آکاش دیپ مکمل طور پر صحت مند رہتے تھے اور انہیں کوئی پرانی بیماری نہیں تھی۔ وہ صرف کھیلنے کے شوقین تھے۔ دوستوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ منگل کو والی بال کھیل کر واپس آئے تھے۔ انہیں صحت سے متعلق کوئی بنیادی پریشانی نہیں تھی۔

  • پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے،فریال تالپور

    پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے،فریال تالپور

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما محترمہ فریال تالپور کی جانب سے پاک چین دوستی امن، ترقی اور مساوات کے خوابوں کی شراکت داری قرار دی گئی ہے

    فریال تالپور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی صرف دو ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلق نہیں، بلکہ امن، ترقی اور برابری کے مشترکہ خوابوں کی شراکت ہے،ہماری یہ دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، جو باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر قائم ہے،خواتین کی ترقی دراصل قومی ترقی کی ضمانت ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی جدوجہد کو نئی جہت دی، آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری شہید بی بی کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے خواتین کی فلاح کے لیے تاریخی اقدامات کیے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، گھریلو تشدد سے تحفظ کے قوانین اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے منصوبے مثال ہیں، سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کو دیے جانے والے گھروں کی ملکیت خواتین کے نام پر رکھی گئی ہے تاکہ انہیں معاشی اور سماجی تحفظ ملے،سندھ حکومت خواتین کے لیے "پنک بس سروس” اور "پنک الیکٹرک اسکوٹیز اسکیم” کے ذریعے انہیں محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کر رہی ہے، آج سندھ کی خواتین مختلف شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں جو پیپلز پارٹی کے وژن کی عکاسی ہے،

    سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو اپنی پالیسیوں کا مرکز رکھا، ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین دے کر مرد و عورت کو برابر کے حقوق دیے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین بینک، لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام اور خواتین پولیس اسٹیشن قائم کیے، صدر آصف علی زرداری نے بی آئی ایس پی کے ذریعے لاکھوں خواتین کو معاشی تحفظ دیا، سندھ حکومت نے 21 لاکھ گھروں کے منصوبے کا آغاز کیا ہے جن کی ملکیت خواتین کے نام پر کی جا رہی ہے،پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے خواتین کے لیے پنک بس سروس اور مفت الیکٹرک اسکوٹیز متعارف کرائیں، جو خطے میں ایک منفرد مثال ہے،

    چینی قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ کا کہنا تھا کہ خواتین انسانی تہذیب کی تشکیل میں بنیادی کردار رکھتی ہیں، چین صنفی مساوات کو قومی پالیسی کا حصہ سمجھتا ہے، چین آئندہ پانچ برسوں میں اقوامِ متحدہ کی تنظیم برائے خواتین کے لیے مالی معاونت بڑھائے گا اور ہزاروں خواتین کو پیشہ ورانہ تربیت کے لیے چین مدعو کرے گا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں جنہوں نے خواتین کی قیادت کا راستہ کھولا،چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خواتین کو تربیت، اسکالرشپس اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، چینی قونصلیٹ کراچی سندھ اور بلوچستان کی خواتین کے ساتھ تعاون مزید بڑھائے گا،

    کراچی میں چین کے قونصلیٹ کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر خصوصی تقریب ہوئی، تقریب میں صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی سردار شاہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی،تقریب سے قبل فریال تالپور، شرجیل انعام میمن اور سردار شاہ کی چینی قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک چین تعلقات، خواتین کے تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

  • پی ٹی آئی رہنما 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    پی ٹی آئی رہنما 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    تحریک انصاف کے گرفتار ضلعی صدر شہباز بھٹی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں ان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصلہ سنایا، شہباز بھٹی کو تھانہ سٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا،شہباز بھٹی کی 26 نومبر کے 4 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی، پولیس نے چاروں مقدمات میں شہباز بھٹی کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا تھا،تاہم عدالت نے 8 روز کا ریمانڈ دیا، دوران سماعت وکلا صفائی نے گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر کیسوں سے ڈسچارج کی استدعا کی اور مؤقف اپنایا کہ شہباز بھٹی کی ایک سال بعد گرفتاری سیاسی انتقامی کارروائی ہے، سرکاری پراسیکیوٹر نے جسمانی ریمانڈ کی حمایت کی اور کہا کہ تفتیش ہوگی تو پتہ چلے گا بے گناہ ہے یا ملزم، شہباز بھٹی کو تھانہ سٹی صادق آباد نیوٹاؤن اور وارث خان درج مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں راجہ شہباز احمد بھٹی کی گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی جس کے مطابق وہ راولپنڈی کے مقدمہ میں گرفتار ہیں، راجہ شہباز بھٹی کے خلاف تھانہ شالیمار میں کوئی مقدمہ درج نہیں اور نہ گرفتاری ہے، رپورٹ کے مطابق راجہ شہباز بھٹی کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کررکھاہے، راجہ شہباز بھٹی کے خلاف تھانہ سٹی راولپنڈی میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، عدالت نےوفاقی پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش ہوجانے پر بازیابی درخواست نمٹادی۔

  • کراچی، ٹارگٹ کلنگس میں ملوث کالعدم "زینبیون بریگیڈ” کے 2 کارندے گرفتار

    کراچی، ٹارگٹ کلنگس میں ملوث کالعدم "زینبیون بریگیڈ” کے 2 کارندے گرفتار

    کراچی ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے، ٹارگٹ کلرز کا گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی نے 32 انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیے ہیں۔ٹارگٹ کلرز کے گروہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ ان وارداتوں میں ملوث ہے، تنظیم کے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان میں اسرار گلگتی اور معصوم رضا شامل ہیں، جن کے قبضے سے دو پستول اور دو دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ملزمان نے حال ہی میں قاری انس کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ملزمان نے رواں سال مئی میں شیرپاؤ کالونی میں قاری عبد الرحمن کو قتل کیا۔ملزمان نے اپنے غیر ملکی روابط کا بھی انکشاف کیا ہے۔تنظیم کا سربراہ پڑوسی ملک میں مقیم ہے، اور گرفتار ملزمان کا نیٹ ورک وہیں سے آپریٹ ہو رہا ہے۔ملزمان کے قبضے سے ایک فہرست بھی ملی ہے، جس میں نام درج ہیں جنہیں وہ ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔معصوم رضا عرف عمران موٹا کا نام ریڈ بک میں شامل ہے۔ملزمان کے خلاف دہشتگردی کی مالی معاونت (ٹیرر فنانسنگ) کے مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے کیسز پر کام ہورہا ہے،،جو گروپ ملوث ہیں ان کی نشاندہی ہوچکی ہے،ان کی تفتیش میں یہ بات واضح ہوئی ہے کہ دہشتگردوں کے دو چار سیل متحرک ہوئے ہیں ہمیں انفارمیشن مل گئی ہیں مزید ان ملزموں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا، ملزموں نے انس کشمیری کو ٹریپ کرکے قتل کیا،قتل سے پہلے مقتول کے اکاؤنٹ میں 60 ہزار روپے کی رقم منتقل بھی کی گئی تھی،سلیپرز سیل نے ڈمپ ویپن کررکھے ہیں،کارروائیاں کرکے دہشتگرد ہتھیار چھپادیتے ہیں،ہمیں کچھ ہتھیاروں سے متعلق بھی معلومات مل گئی ہیں

  • پنڈی ٹیسٹ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی،سیریز برابر

    پنڈی ٹیسٹ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی،سیریز برابر

    راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم ناقص بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقا کو صرف 68 رنز کا ہدف دے سکی جسے افریقی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

    پنڈی ٹیسٹ میں آج کھیل کے چوتھے دن کے آغاز سے ہی قومی ٹیم مشکلات میں گھری رہی اور پہلے سیشن میں ہی ایک کے بعد ایک وکٹ گرنا شروع ہوگئی،آج کھیل کے آغاز میں سب سے پہلے پاکستان کے بابراعظم 50 رنز پر کر آوٹ ہوئے جس کے بعد تھوڑی ہی دیر میں دیگر بیٹرز بھی پویلین لوٹ گئے اور محمد رضوان 18 رنز بنا سکے،اس کے بعد سلمان علی آغا نے 28 اور ساجد خان نے 13 رنز بنائے جب کہ نعمان علی اور شاہین آفریدی صفر رنز پر آؤٹ ہوئے، آصف آفریدی صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے سیمن ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کیشو مہراج نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ اپنے نام کی،دوسری اننگز میں جنوبی افریقا نے 68 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا،جنوبی افریقا کی جانب سے دوسرے اننگز میں ایڈم مرکرم 42 رنز جب کہ ٹرسٹن اسٹبز صفر رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ریان ریکلٹن 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہےپاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 333 بنائے تھے جس کے جواب میں مہمان ٹیم نے 404 رنز بنائے تھے۔

  • سبق یاد نہ کرنے پر استاد کا طالب علم پر بہیمانہ تشدد

    سبق یاد نہ کرنے پر استاد کا طالب علم پر بہیمانہ تشدد

    راولپنڈی کی تحصیل کلر سیداں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نجی اسکول کے استاد نے پانچویں جماعت کے طالب علم کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے نے علاقے میں والدین اور تعلیمی حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

    جیو نیوز کے مطابق واقعہ کلر سیداں کے ایک نجی اسکول میں پیش آیا، جہاں استاد نے مبینہ طور پر اس وقت طالب علم کو زد و کوب کیا جب وہ سبق یاد کرنے میں ناکام رہا۔ تشدد کے نتیجے میں بچے کے جسم پر واضح نیل اور زخموں کے نشانات دیکھے گئے۔متاثرہ طالب علم نے بتایا کہ اسے صرف اس بات پر مارا گیا کہ وہ سبق یاد نہیں کر سکا۔ بچے کے والدین نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو اس قدر مارا گیا کہ وہ خوفزدہ اور ذہنی طور پر صدمے میں ہے۔

    متاثرہ بچے کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیں اور تشدد میں ملوث استاد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی اور بچے کے ساتھ ایسا ظلم نہ ہو۔ دوسری جانب اسکول انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کرنے والے استاد کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق متعلقہ استاد کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا اختیار بچے کے والدین کے پاس ہے، اور وہ اگر چاہیں تو پولیس میں مقدمہ درج کر سکتے ہیں۔

    علاقہ مکینوں اور والدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سکولوں میں چائلڈ پروٹیکشن قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

  • شہری کو برہنہ کر کے تشدد، 5 ملزمان گرفتار

    شہری کو برہنہ کر کے تشدد، 5 ملزمان گرفتار

    راولپنڈی میں شہری کو برہنہ کر کے تشدد کرنے میں ملوث 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا

    پولیس حکام کے مطابق واقعے کے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے، فوٹیج میں نظر آنے والے ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے، تمام کو گرفتار کر لیا جائے گا، گوالمنڈی کے علاقے میں شہری کو رسیوں سے باندھ کر تشدد کرنے ویڈیو سامنے آئی تھی۔ 8 سے 10 افراد نے شہری کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا، جن میں بعض افراد مسلح تھے۔ویڈیو میں تشدد کرنے والے ملزمان کے ہاتھوں میں آتشی اسلحہ بھی دیکھا گیا تھا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو پہلے گرفتار کر لیا تھا،فوٹیج میں لہولہان شہری ملزموں کی منتیں کرتا رہا لیکن غنڈہ گرد عناصر نے اُس پر کوئی رحم نہیں کیا۔

    دوسری جانب سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ویڈیو سامنے آنے پر پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، ویڈیو میں مسلح نظر آنے والا مرکزی ملزم گرفتار کیا جا چکا ہے،کسی بھی شہری پر تشدد قطعاً برداشت نہیں، ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا،مسلح شخص کا نام ملک جنید ظہیر معلوم ہوا، سرعام شاہراہ پر تشدد کے وقوعہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

  • عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش

    عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش

    وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) باضابطہ طور پر درخواست دے تو سابق وزیراعظم عمران خان کو بنی گالہ منتقل کیا جا سکتا ہے۔

    نجی ٹی وی پر سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی درخواست دے تو ہم عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کر دیتے ہیں، پھر وہ روز صبح شام ان سے ملاقاتیں کریں، باتیں کریں یا لڈو کھیلیں، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا

    وفاقی وزیر کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب تحریک انصاف کے رہنما بارہا عمران خان کی جیل میں قید کی سختیوں، ملاقاتوں پر پابندی اور صحت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اُنہیں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اُنہیں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔ علاوہ ازیں، اُن پر 9 مئی 2023 کے پرتشدد مظاہروں سے متعلق مختلف مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں جن میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت دفعات شامل ہیں۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق طارق فضل چوہدری کا یہ بیان ایک سیاسی طنز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد پی ٹی آئی کے ان دعوؤں کو ہدف بنانا ہے جن میں عمران خان کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی شکایات کی جا رہی ہیں۔ تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل میں وہ تمام سہولیات حاصل ہیں جو قانون کے تحت کسی بھی قیدی کو دی جا سکتی ہیں۔