Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • راوی میں 40 سال پانی نہیں آیا، لوگ دریا کی زمین پر کاشت کرتے، ڈی جی پی ڈی ایم اے

    راوی میں 40 سال پانی نہیں آیا، لوگ دریا کی زمین پر کاشت کرتے، ڈی جی پی ڈی ایم اے

    پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے پانی کی گزر گاہوں کو خالی کرنا پڑے گا ورنہ جو ہو رہا وہی ہوتا رہے گا۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کے مویشیوں کو بھی بچایا جائے، اب تک 3 لاکھ 174 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا جبکہ مویشیوں کے لیے چارے کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے،اب تک سیلاب کے باعث 20 افراد کا انتقال ہو چکا ہے اور سب سے زیادہ اموات گوجرانوالہ میں رپورٹ ہوئیں، حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائےگی۔

    انہوں نے کہا کہ آج بھی فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن، راجن پور اور ڈی جی خان میں بارش کی پیشگوئی ہے، 2 ستمبر تک اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، انتظامیہ الرٹ ہے اور اربن فلڈنگ کی صورت میں پیشگی اقدامات کی ہدایات کر دی ہیں، سیلاب سے لوگوں کی فصلوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، ہم مربوط طریقے سے فصلوں کے نقصانات کے سروے کی طرف جا رہے ہیں، جن لوگوں کا نقصان ہوا ان کا ازالہ کیا جائے گا، موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھے بغیر کوئی بھی ترقیاتی کام کریں گے تو اس میں نقصان اٹھائیں گے، پانی کی گزر گاہوں کو خالی کرنا پڑے گا ورنہ وہی ہوگا جو رہا ہے، وزیراعلیٰ کے واضح احکامات ہیں کہ پانی کی گزر گاہوں کو فوری خالی کرایا جائے، راوی میں 40 سال پانی نہیں آیا، لوگ دریا کی زمین پر کاشت کرتے ہیں، دریائے راوی اور ستلج کی گزرگاہوں پر کاشت فصلیں متاثر ہو چکی ہیں، راوی میں لاہور سے 1988 کے بعد سے سب سے بڑا پانی کا ریلا گزرا ہے۔

  • دریائے راوی، امدادی کاموں کے دوران لائف بوٹ میں سانپ گھس گیا

    دریائے راوی، امدادی کاموں کے دوران لائف بوٹ میں سانپ گھس گیا

    دریائے راوی میں شدید سیلاب کی صورت حال کے پیش نظر جاری امدادی کارروائیوں کے دوران ایک دلچسپ اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جب ریسکیو اہلکاروں کی لائف بوٹ میں اچانک ایک زہریلا سانپ گھس گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، جس میں اہلکار لکڑی کی مدد سے سانپ کو لائف بوٹ سے نکالتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دریائے راوی میں مختلف متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اور بچاؤ کے لیے کام کرنے والے ریسکیو اہلکار نہایت ہمت اور دلیری سے کام کر رہے تھے کہ اچانک ان کی لائف بوٹ میں سانپ داخل ہوگیا۔ اہلکاروں نے جلد از جلد لکڑی کا استعمال کرتے ہوئے اس خطرناک جانور کو لائف بوٹ سے نکالا، جس پر دریا کے کنارے کھڑے افراد نے ان کی بہادری کو داد دی اور شاباشی دی۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی میں سیلاب کا پانی انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکا ہے، جس کی وجہ سے قریبی رہائشی علاقے جیسے فرخ آباد، عزیز کالونی، امین پارک، افغان کالونی، شفیق آباد اور مریدوالا شدید متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور بچاؤ کے کام جاری ہیں۔علاقائی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں دن رات محنت کر رہی ہیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری مدد پہنچائی جا سکے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ جگہوں پر رہیں اور امدادی ٹیموں کے کام میں تعاون کریں تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔دریائے راوی میں اس سیلابی صورتحال نے لوگوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، مگر ریسکیو اہلکاروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت نے عوام کے دل جیت لیے ہیں، خاص طور پر اس واقعے نے امدادی ٹیموں کی جانفشانی کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

  • کراچی،  پولیس نے چار سالہ بچے کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی

    کراچی، پولیس نے چار سالہ بچے کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی

    شہر قائد میں مددگار 15 پولیس نے ایک چار سالہ بچے کے اغواء کی کوشش کو بروقت اطلاع اور فوری کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے۔

    مددگار 15 کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ایک شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ کچھ افراد بچے کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اطلاع ملتے ہی مددگار 15 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور اطلاع دہندہ کی نشاندہی پر مشتبہ افراد کا تعاقب شروع کیا۔ پولیس کی تیز رفتاری اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ملزمان مجبور ہو کر بچے کو گاڑی میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بچے کو فوری طور پر اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ وہ محفوظ رہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے مشتبہ گاڑی کو علاقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کی جا سکیں۔

    مددگار 15 پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا غیر معمولی واقعہ کی صورت میں فوراً اطلاع دیں تاکہ ایسے سنگین واقعات کو بروقت روکا جا سکے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ،عافیہ کیس کا بینچ تبدیل

    اسلام آباد ہائیکورٹ،عافیہ کیس کا بینچ تبدیل

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے دوسرے بینچ کو منتقل کردیا گیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عدالت عالیہ کے 9 ججز سنگل بینچز میں فرائض سرانجام دیں گے جب کہ 5 ڈویژن بینچز بھی آئندہ ہفتے دستیاب ہوں گے،روسٹر کے مطابق جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان سنگل بینچز کا حصہ نہیں ہوں گے، اس وجہ سے ان کے سنگل کیسز دوسرے ججز کو منتقل کر دیے گئے ہیں، تاہم دونوں ججز کو ٹیکس سے متعلق مقدمات کے لیے ڈویژن بینچ میں شامل کیا گیا ہے،اسی طرح اہم مقدمات کی منتقلی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس بھی شامل ہے، جو جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت سے جسٹس انعام امین منہاس کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے حال ہی میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو توہینِ عدالت کے نوٹسز جاری کیے تھے اور یکم ستمبر تک جواب طلب کیا تھا تاہم اب بینچ تبدیل کر دیا گیا ہے،نئے روسٹر کے تحت آئندہ ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 سنگل اور 5 ڈویژن بینچ مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔

  • دریا  کنارے کسی غریب کا ہوٹل نہیں،طاقتور شخصیات کے ریزورٹ ہیں،مصدق ملک

    دریا کنارے کسی غریب کا ہوٹل نہیں،طاقتور شخصیات کے ریزورٹ ہیں،مصدق ملک

    وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک کا کہنا ہے ملک میں ایلیٹ کلچرنگ ہے، دریا کنارے طاقتور شخصیات کے ریزورٹ ہیں جہیں بچانے کے لیے پوری پوری بستیاں اجاڑ دی گئیں۔

    جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا ڈیمز اور کینالز کے معاملے پر صوبوں کے درمیان شک کی فضا ہے، ہر صوبے کو دوسرے صوبے پر شک ہے کہ وہ میرا پانی روک لے گا، بلوچستان کو شک ہے، سندھ کو پانی ملتا ہے اور سندھ انہیں پانی نہیں دیتا، ڈیمز اور کینالز کے معاملے پر بات کی جائے تو اتفاق رائے نہیں ہوتا، صوبوں کے درمیان شک کی فضا ختم کرنے کا حل ٹیلی میٹری ہے جس پر کام شروع ہو چکا ہے، ایک آدھ سال میں ٹیلی میٹری کا کام مکمل ہونے کی توقع ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا دریا کے اندر لوگوں نے کھیتی باڑی کی ہوئی ہے، ملک میں ایلیٹ کلچرنگ ہے، دریا کے کنارے کسی غریب کا ہوٹل نہیں، ہر طاقتور آدمی کا ریزورٹ ہے، 10 لوگوں کے ریزورٹس کو بچانے کے لیے پوری پوری بستیاں اجاڑ دی گئیں، سیلاب سے سرگودھا متاثر ہونا شروع ہو گیا ہے، جب پنجند پر تمام دریا جب اکٹھے ہوں گے تو توقع ہے کہ ریلا 10 لاکھ کیوسک تک ہو گا،پیشگی اطلاعات پر لوگوں اور مویشیوں کو نکالا جاتا ہے، ایک گاؤں میں 30 لوگ کہہ رہے تھے کہ ہم نہیں جائیں گے، منت کرکے انہیں نکالا، آج وہاں پانی موجود ہے،تحصیل اور ڈسٹرکٹ لیول پر اگر پانی کے ذخائر نہیں ہوں گے تو آپ کیا کریں گے؟ ہمیں ہر جگہ پر پانی کے نیچرل ریزرو بنانا پڑیں گے۔

  • مودی جعلی  ڈگری اسکینڈل، بی جے پی آر ایس ایس کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل گئی

    مودی جعلی ڈگری اسکینڈل، بی جے پی آر ایس ایس کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل گئی

    مودی جعلی ڈگری اسکینڈل نے بی جے پی آر ایس ایس کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھول دی

    شفاف بھارت کے دعوے کھوکھلے نکلے، مودی سرکار اپنی ڈگری کا سچ عوام کو نہ دکھا سکے،غریب ڈگری نہ دکھائے تو جیل، مودی ڈگری چھپائیں تو قانون اندھا ، نیےبھارت میں انصاف دفن ہوچکا،ڈگری اسکینڈل پر پردہ ڈالنے کی نئی کوشش، دہلی ہائی کورٹ نے عوام کا حقِ جانکاری چھین لیا،دی وائر کی رپورٹ کے مطابق "دہلی ہائی کورٹ نے مودی کی بیچلر ڈگری کی معلومات فراہم کرنے کا سینٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) کا حکم کالعدم قرار دے دیا”دہلی ہائی کورٹ نے مودی کی ڈگری کو ذاتی معلومات قرار دے کر تفصیلات ظاہر کرنے کی اجازت سے روک دیا ، محض عوامی عہدہ رکھنے سے کسی کی ذاتی معلومات عوامی نہیں ہوجاتیں، دہلی ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ تعلیمی ریکارڈ افشا نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ اعتماد اور رازداری کے زمرے میں آتا ہے ،دی وائر کے مطابق فیصلہ 175 صفحات پر مشتمل، عدالت نے ڈگری کی تفصیلات مکمل طور پر ذاتی قرار دے دیں، ہائی کورٹ نے چھ ماہ بعد فیصلہ سنایا، 27 فروری کی سماعت کے بعد رائے محفوظ تھی، شہریت کے ثبوت کے لیے شہریوں پر دباؤ کے درمیان مودی کی ڈگریوں کا تنازعہ دوبارہ شدت اختیار کر چکا ہے،

    دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر کانگریس جنرل سکریٹری جیرام رامیش نے بیان دیتے ہوئے کہا "مودی کی تعلیمی ڈگری پوشیدہ رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے، دیگر تمام افراد کی ڈگریاں عوامی ہیں، لیکن وزیراعظم کی تفصیلات کیوں پوشیدہ رکھی جا رہی ہیں”رائٹ ٹو انفارمیشن اور شفافیت کی کارکن انجلّی بھاردواج نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہائی کورٹ کا فیصلہ بہت مایوس کن ہے کیونکہ جمہوریت میں لوگوں کو معلومات کا حق حاصل ہے سپریم کورٹ کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو اپنے تعلیمی، مالی اور مجرمانہ ریکارڈ افیڈاویٹ پر ظاہر کرنا لازمی ہے، امید ہے کہ وزیراعظم خود دہلی یونیورسٹی سے اپنا رول نمبر اور 1978 کے گریجویٹس کے مارکس جاری کروائیں گے،

    مودی راج میں جمہوریت کا جنازہ نکل چکا، عدالت صرف طاقتور کی ڈھال، غریب بےیار و مددگار رہ گئے

  • پاکستان کا  آرمی راکٹ فورس کمانڈ  کے قیام کا اعلان،بھارت کیلئے دفاعی چیلنج

    پاکستان کا آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے قیام کا اعلان،بھارت کیلئے دفاعی چیلنج

    پاکستان نے یومِ آزادی کے موقع پر ایک تاریخی اور انقلابی دفاعی قدم اٹھاتے ہوئے آرمی راکٹ فورس کمانڈ (ARFC) کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے 14 اگست کو قوم سے خطاب میں اس نئی فورس کے قیام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانے اور دشمن کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، آرمی راکٹ فورس پاکستان کو اپنی دفاعی حکمتِ عملی "کویڈ پرو کو پلس” کے تحت مؤثر انداز میں عملدرآمد کی مکمل صلاحیت فراہم کرے گی۔ یہ فورس نہ صرف بھارت کی بڑھتی عسکری سرگرمیوں اور میزائل دوڑ کا جواب ہے، بلکہ پاکستان کی روایتی جنگی صلاحیتوں میں کئی گنا اضافہ کرے گی۔حال ہی میں ہونے والے معرکۂ حق میں پاکستان نے "فتح-1” اور "فتح-2” راکٹ سسٹمز کے ذریعے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا۔ ان حملوں میں بھارت کی متعدد دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کارروائی نے بھارتی افواج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا اور یہ واضح کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق، آرمی راکٹ فورس کمانڈ محض ایک عارضی یا علامتی اقدام نہیں بلکہ پاکستان کی طویل المدتی دفاعی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔ اس کے ذریعے پاکستان کو دشمن کے خلاف کسی بھی محاذ پر گہرے، تیز اور درست حملے کرنے کی طاقت حاصل ہو گی۔

    مودی سرکار کے بڑھتے ہوئے جنگی جنون اور عسکری جنونیت کے پیش نظر پاکستان کا یہ فیصلہ بروقت اور فیصلہ کن ثابت ہوا ہے۔ نئی راکٹ فورس نہ صرف بھارت کے لیے ایک مستقل دفاعی چیلنج ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بھی قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • پولینڈ میں ایئر شو کے دوران ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ

    پولینڈ میں ایئر شو کے دوران ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ

    پولینڈ کے وسطی شہر راڈوم میں ایک ایف-16 لڑاکا طیارہ ایئر شو کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ یہ حادثہ جمعرات کو پیش آیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔

    موقع پر موجود افراد نے بتایا کہ طیارہ ایروبیٹک مشقوں کے دوران بیرل رول کر رہا تھا کہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھا اور زمین پر جا گرا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ رن وے پر آگ کی لپیٹ میں آ کر کئی میٹر تک پھسلتا رہا، اور پھٹ گیا۔پولینڈ حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ حادثہ 31 ویں ٹیکٹیکل ایئر بیس کے قریب شہر پوزنان کے علاقے میں ہوا۔ ترجمان نے کہا، "یہ ہمارے ایئر فورس کے لیے ایک بڑا نقصان ہے اور ہم اس پر گہرے دکھ میں ہیں۔”خوش قسمتی سے، اس حادثے میں کسی بھی عام شہری کو نقصان نہیں پہنچا، تاہم پائلٹ کی ہلاکت نے فوج اور ملک بھر میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔

    حادثے کے فوری بعد پولینڈ کی مسلح افواج نے ایئر شو کو منسوخ کر دیا ہے جب کہ حادثے کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔ حکام نے مزید تفصیلات جاری کرنے سے گریز کیا ہے، لیکن تحقیقات جاری ہیں۔

  • پنجاب،سیلاب متاثرہ علاقوں میں‌تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند کرنے پر غور

    پنجاب،سیلاب متاثرہ علاقوں میں‌تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند کرنے پر غور

    پنجاب حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند رکھنے پر غورکررہی ہے۔

    چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے کا اجلاس ہوا جس میں ریلیف کمشنر پنجاب اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا شریک ہوئے جب کہ صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی،اجلاس میں کلینک آن وہیلز کو سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں فوری روانہ کرنے کے احکامات دیے گئے جب کہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے پرغور بھی کیا گیا، پی ڈی ایم اے اجلاس میں ننکانہ، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دریائی بیلٹ کے علاقوں کو فوری خالی کرانے کی ہدایات کی گئی جب کہ جھنگ اور چنیوٹ کو بچانے کے لیے رواز پل پر شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں چیف سیکرٹری نےسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ ولیج قائم کرنے، تمام اضلاع کے میڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

  • پاک فوج کا سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی میں ریسکیو آپریشن جاری

    پاک فوج کا سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی میں ریسکیو آپریشن جاری

    پاک فوج کا سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے

    پنجاب کے سیلابی علاقوں میں پاک فوج کے دستے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں،پاک فوج کے جوان متاثرین سیلاب کو ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں،پاک فوج کے دستوں نے گجرانوالہ اور ہیڈ خانکی میں بھی متاترین سیلاب کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا،سیالکوٹ اور نارووال میں بھی سیلاب میں گھرے افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے،ریسکیو کئے جانے والے افراد میں بزرگ شہری، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں،پاک فوج نے سول انتظامیہ کیساتھ مل کر ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کئے ہیں،ریلیف کیمپس میں پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرین کی ضروری طبی امداد کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں

    متاثرین سیلاب کی جانب سے پاک فوج کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو سراہا جا رہا ہے،مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے